جمعہ, اپریل 11, 2025
ہوم بلاگ صفحہ 19939

افغان شہر قندوز میں سیکورٹی فورسز پر خودکش حملہ ،10افراد ہلاک، متعدد زخمی

0
خود کش دھماکہ

کابل : افغانستان کے شہر قندوز میں خود کش دھماکہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں دس افراد ہلاک جبکہ متعدد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں، حملے میں قندوز پولیس چیف بھی زخمی ہوئے۔

تفصیلات کے مطابق افغانستان کے شہر قندوز میں خود کش دھماکے میں سیکورٹی فورسزکو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی جس کے نتیجے میں10 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔

غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں حملے میں قندوز پولیس چیف بھی زخمی ہوئے،افغان حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے افراد میں قندوز پولیس چیف کے ترجمان بھی شامل ہیں۔

سیکورٹی حکام کے مطابق دھماکہ حساس علاقے کے قریب ہوا، حملے کے ساتھ ہی شہر کی بجلی معطل ہو گئی اور شہری گھروں میں محصور ہو گئے جب کہ ٹیلی فونز اور رابطے کے دیگر ذرائع بھی معطل ہوگئے۔

دھماکے کے بعد لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا، افغان سیکورٹی فورسز نے دھماکے کے بعد علاقے کی ناکہ بندی کرکے تحقیقات شروع کردی۔

خبر رساں ادارے کے ذرائع کے مطابق افغان وزارت داخلہ کا دعویٰ ہے کہ طالبان شہری علاقوں میں پناہ گزین ہیں اس کے علاوہ کچھ شدت پسند ایک سرکاری اسپتال میں بھی موجود ہیں جس کی وجہ سے ان کے خلاف فضائی کارروائی ممکن نہیں۔

مزید پڑھیں: کابل میں شادی کی تقریب میں دھماکہ، 63 افراد جاں بحق

واضح رہے کہ افغانستان کے دارالحکومت کابل میں گزشتہ ہفتے خودکش بمبار نے شادی کی تقریب میں خود کو دھماکہ خیز مواد سے اڑا دیا جس کے نتیجے میں 63 افراد جان کی بازی ہار گئے تھے۔

کابل پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دہشت گرد حملے میں ہزارہ کمیونٹی کے افراد نشانہ بنے۔عینی شاہدین کے مطابق خودکش دھماکہ اس وقت ہوا جب شادی کی تقریب جاری تھی اور شادی ہال مہمانوں سے بھرا ہوا تھا۔

واضح رہے کہ افغانستان میں حالات بہت کشیدہ رہے ہیں حالانکہ طالبان اور امریکہ امن معاہدے کے اعلان کے قریب پہنچ رہے ہیں طالبان اور امریکی نمائندے قطر کے دارالحکومت دوحہ میں امن مذاکرات کررہے ہیں اور فریقین نے پیشرفت کی اطلاع بھی دی ہے۔

کراچی کا کچرا صاف کرنے کا ٹاسک میرے چیئرمین نے دیا: وزیر بلدیات

0

کراچی: وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ کراچی کا کچرا صاف کرنے کا ٹاسک مجھے میرے چیئرمین نے دیا، سندھ میں ہماری حکومت ہے اس لیے کراچی میں کچرا صاف کرنے کی 100 فی صد ذمہ داری ہماری ہے۔

تفصیلات کے مطابق اے آر وائی نیوز کی خصوصی نشریات ’کراچی سب کا ۔۔ کراچی کا کوئی نہیں‘ میں بات کرتے ہوئے ناصر حسین شاہ نے کہا کہ کراچی میں روزانہ 15 سے 16 ہزار ٹن کچرا اکھٹا ہو رہا ہے۔

ایسا نظام بنانا ہے جس سے کراچی سے ہمیشہ کے لیے کچرا ختم ہو جائے، بلاول بھٹو نے مجھے ٹاسک دیا ہے، اسے پورا کر کے دکھاؤں گا۔

انھوں نے کہا کہ سالڈ ویسٹ منیجمنٹ سندھ حکومت کے ماتحت آتی ہے، یہ کام کر رہا ہے، تاہم اسے مزید بہتر کیا جا رہا ہے، کراچی سب کا ہے، سب کو ایک ہونا ہوگا، کراچی میں جو کوتاہیاں، کمیاں رہ گئی ہیں اسے ٹھیک کریں گے۔

وسیم اختر کا مؤقف:  قانون کے تحت کچرا صاف کرنا سندھ حکومت کا کام ہے، کراچی کو تقسیم کردیا گیا

وزیر بلدیات کا پروگرام میں کہنا تھا کہ وہ موجودہ کارکردگی سے 100 فی صد مطمئن نہیں ہیں، سالڈ ویسٹ منیجمنٹ کی کارگردگی 100 فی صد نہیں رہی، تمام یوسیز کے چیئرمین کو آن بورڈ لے کر ہی کچھ کریں گے، بہت جلد کراچی کے حوالے سے بہتری آئے گی۔

ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ عاشورہ کے بعد کراچی کے کچرے پر مکمل حل کی طرف جائیں گے، عاشورہ کے بعد تمام اسٹیک ہولڈرز کو آن بورڈ لیں گے۔

مصطفیٰ کمال کا مؤقف:  میرے پاس بھی وہی اختیارات تھے، جو آج وسیم اختر کے پاس ہیں

انھوں نے کراچی میں صفائی کے سلسلے میں وفاقی وزیر علی زیدی کے اقدامات کی تعریف کی، اور کہا کہ ان کے اقدامات سے بہتری آئی ہے۔

ناصر شاہ نے کا کہ وہ وزیر بلدیات رہیں گے تو کراچی کا مسئلہ حل ہو جائے گا، انھوں نے یہ بھی بتایا کہ سندھ حکومت نے شہری حکومت کو 55 کروڑ روپے دیے ہیں۔

سکھ بھائی جتنا آج پاکستان کے قریب آئے ماضی میں مثال نہیں ملتی، سردار عثمان بزدار

0

لاہور : وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پاکستان میں سکھوں سمیت تمام اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی ہے، سکھ بھائی جتنا آج پاکستان کے قریب آئے ماضی میں مثال نہیں ملتی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور گورنر ہاؤس میں بین الاقوامی سکھ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا، عثمان بزدار نے کہا ہے کہ حکومت نے ننکانہ صاحب میں بابا گرو نانک یونیورسٹی کاسنگ بنیاد رکھ دیا ہے۔

ننکانہ صاحب کی سڑکوں کی تعمیر کیلئے 15کروڑ روپے فراہم کیے گئے ہیں، سڑکوں کی تعمیر سے سکھ یاتریوں کو بہترین سہولتیں میسر ہوں گی۔

عثمان بزدار کا مزید کہنا تھا کہ سکھ بھائی جتنا آج پاکستان کے قریب آئے ماضی میں مثال نہیں ملتی، مسئلہ کشمیر پر دنیا بھر کے سکھ پاکستان کی حمایت کررہے ہیں، پاکستان امن پسند ملک ہے، پوری دنیا کو امن کا پیغام دیتے ہیں، پاکستان میں سکھوں سمیت تمام اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی ہے۔

مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال سے متعلق ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اور کشمیر کبھی جدا نہیں ہوسکتے، مودی سرکار کو سمجھ لینا چاہیے کہ مسلمانوں کی نسل کشی کے ایجنڈے کے تباہ کن نتائج سامنے آئیں گے۔

وزیر اعظم عمران خان کی اپیل پر پاکستان کے ہر شہر میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم و ستم کیخلاف پرزور انداز میں آواز بلند کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ پرعزم پاکستانی قوم نے نہتے کشمیری عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرکے واضح پیغام دیاہے، میں یوم یکجہتی کشمیر پر عوامی اجتماعات میں پنجاب کے عوام کی بھرپور شرکت پر ان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔

احساس پروگرام : عمران خان ملک سے غربت کے خاتمے کیلئے سنجیدہ ہیں، عمران اسماعیل

0
عمران اسماعیل

کراچی : گورنرسندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ احساس پروگرام ریاست مدینہ کی جانب پہلا قدم ہے، وزیر اعظم عمران خان کو فکر لاحق رہتی ہے کہ ملک سے غربت کا خاتمہ ہو۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی خواہش تھی کہ احساس پروگرام سندھ سے شروع ہو۔

یہ پروگرام مکمل طور پر شفاف بنایا گیا ہے، بلاتفریق سب کو احساس پروگرام میں شامل کیا جائے گا، صحت کارڈ پر ساڑھے7لاکھ روپے تک کی امداد مل سکے گی۔

گورنر سندھ کا مزید کہنا تھا کہ احساس پروگرام ریاست مدینہ کی جانب پہلا قدم ہے، وزیراعظم کو فکر لاحق رہتی ہے کہ ملک سے غربت کا خاتمہ جلد ہو، احساس پروگرام شروع کرنے پروزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہیں، صحت احساس پروگرام کے حوالے سے سندھ حکومت کو بھی اعتمادمیں لیا گیا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں عمران اسماعیل نے کہا کہ کراچی میں جلد5بڑے منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا جائے گا، شہر قائد میں کوئی ایک اتھارٹی نہیں یہ کئی حصوں میں بٹا ہوا ہے، کراچی میں سب سے پہلے ایک اتھارٹی بنانی ہوگی۔

مسائل کے حل کیلئے شہری اور سندھ حکومت کو مل کر بیٹھنا ہوگا، کراچی کے مسائل کے حل کیلئے تمام اسٹیک ہولڈرزکو مل کر کام کرنا ہوگا، دنیا بھرمیں بلدیاتی نمائندے بااختیار ہوتے ہیں، سیاسی اختلافات اپنی جگہ لیکن کراچی کیلئےسب کو کام کرنا ہوگا۔

کراچی میں ضلعی حکومت کے لوگ خود کچرا پھینک رہے ہیں: وفاقی وزیر علی زیدی

0

اسلام آباد: وفاقی وزیر بحری امور علی زیدی نے کہا ہے کہ کسی مہم کے ذریعے کراچی کا کچرا صاف نہیں ہو سکتا.

ان خیالات کا اظہار  انھوں نے  اے آر  وائی نیوز کی خصوصی ٹرانسمیشن ’’کراچی سب کا، کراچی کسی کا نہیں‘‘ میں‌ اینکر  وسیم بادامی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا.

ان کا کہنا تھا کہ نالے صاف کرنے کا یہ مقصد تھا کہ عوام کے گھروں میں پانی نہ جائے، نالوں کی صفائی کے لئے ایف ڈبلیو او کو ذمہ داری دی، کراچی کے نالوں میں کچراکون ڈال رہا ہے، اس کے ثبوت میرے پاس ہیں، میئر کراچی کے ماتحت لوگ ان سےجھوٹ بول رہے ہیں۔

نالے صاف کرنے میں ساڑھے 6 کروڑ روپے لگے، البتہ ناصرشاہ کہتے کہ ہیں میں نے وسیم اختر کو 50 کروڑ روپے دیے، سٹی حکومت کےڈسٹرکٹ سینٹرل کے اپنے لوگ کچرا ڈال رہے ہیں، حالاں کہ ہم نےکچراصاف کردیا تھا، مگر وہاں دوبارہ کچرا پھینکا گیا. ڈسٹرکٹ سینٹرل میں بحریہ ٹاؤن کی ٹیموں کے ساتھ میں نے صفائی کی تھی.

مزید پڑھیں: میرے پاس بھی وہی اختیارات تھے، جو آج وسیم اختر کے پاس ہیں: مصطفیٰ کمال

علی زیدی نے کہا کہ کراچی 11 گاربیج ٹرانسفراسٹیشن نہیں ہیں، صرف 5 گاربیج ٹرانسفراسٹیشن ہیں،11 کا دعویٰ غلط ہے، اگر گاربیج ٹرانسفراسٹیشن نکل آئے، تومیں مستعفی ہوجاؤں گا.

انھوں نے کہا کہ ناصرشاہ وزیربلدیات رہیں گے تو کراچی کا مسئلہ حل ہوجائے گا، سیاسی اختلافات اپنی جگہ، لیکن ناصرشاہ کام کر رہے ہیں، میں صرف سندھ حکومت کی مدد کو آیا ہوں، میں نے کراچی صفائی مہم کے لئے 10 کروڑ  روپے اکٹھا کیا، ایف ڈبلیو او کو ذمے داری دی تھی، ان کا بل 6 کروڑ روپے سے اوپر بنا ہے۔

ایک اور کامیابی، امریکی کانگریس کی سب کمیٹی میں 25 سال بعد مسئلہ کشمیر سنا جائے گا

0

واشنگٹن: مسئلہ کشمیر پر پاکستانی مؤقف کی عالمی سطح پر ایک اور فتح سامنے آ گئی ہے، امریکی کانگریس کی سب کمیٹی میں 25 سال بعد مسئلہ کشمیر سنا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم پاکستان کی کشمیر پر کام یاب سفارت کاری کے ثمرات سامنے آنے لگے ہیں، مقبوضہ کشمیر پر پاکستانی مؤقف کی عالمی سطح پر شنوائی ہونے لگی ہے۔

اس سلسلے میں بریڈ شرمن کی سربراہی میں امریکی کانگریس کی کمیٹی جلد مسئلہ کشمیر پر بحث کرے گی۔

کانگریس مین شرمن نے کہا ہے کہ امریکی ایوان کی سب کمیٹی جلد مسئلہ کشمیر پر بحث کرے گی، اجلاس میں وادیٔ کشمیر کی صورت حال پر غور کیا جائے گا۔

بریڈ شرمن کا کہنا تھا کہ یہ کمیٹی جائزہ لے گی کہ کشمیر میں متعدد لوگ کیوں گرفتار ہیں، انٹرنیٹ اور ٹیلی فون سمیت ذرایع مواصلات کی بندش پر بھی غور ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں:  پاکستان کی ایک اور سفارتی کامیابی، مسئلہ کشمیر یورپین پارلیمنٹ میں زیربحث آئے گا

کمیٹی کے ایجنڈے کے مطابق کشمیر میں انسانی حقوق کی صورت حال پر بھی غور کیا جائے گا، اس بات پر بھی غور ہوگا کہ کیا وادی میں کشمیری محفوظ ہیں، کیا کشمیر میں غذا، دوا اور علاج کی سہولت دی جا رہی ہے۔

خیال رہے کہ پاکستانی مؤقف کی امریکا میں پذیرائی میں وفاقی وزیر علی زیدی کی کاوشیں بھی شامل ہیں، ذرایع کا کہنا ہے کہ اجلاس بلانے کے سلسلے میں وفاقی وزیر علی زیدی نے بھی اہم کردار ادا کیا۔

واضح رہے کہ یورپین پارلیمنٹ میں بھی نئے پارلیمانی سال کے پہلے اجلاس کے ایجنڈے میں مسئلہ کشمیر کو شامل کیا گیا ہے، خارجہ امور کی کمیٹی کا یہ اجلاس 2 ستمبر کو منعقد ہوگا، اجلاس میں ارکان پارلیمنٹ کو مقبوضہ کشمیر کی صورت حال سے آگاہ کیا جائے گا۔

پی آئی اے میں احتساب : گھوسٹ اور جعلی ڈگریوں کے حامل 1100 سے زائد ملازمین برطرف

0

کراچی : پی آئی اے انتظامیہ نے گھوسٹ اور جعلی ڈگریوں کے حامل 1100 سے زائد ملازمین کو برطرف کردیا، زیادہ تر ملازمین کی تعداد فلائٹ سروسز اور دیگر محکموں سے ہے۔

تفصیلات کے مطابق پی آئی اے میں احتساب کا عمل جاری ہے، اس سلسلے میں ایک سال کے دوران1100سے زائد ملازمین کو نوکری سے فارغ کردیا گیا۔ ذرائع کے مطابق جعلی ڈگریوں کے حامل700ملازمین کو فارغ کیا گیا۔

اس حوالے سے ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ جعلی ڈگریوں کے حامل ملازمین کی ڈگریوں کی جانچ کے عمل کے بعد انہیں فارغ کیا گیا،400سے زائد گھو سٹ ملازمین بھی شامل ہیں جو مختلف شعبوں سے فارغ کئے گئے۔

ان میں سے زیادہ تر ملازمین کی تعداد فلائٹ سروسز اور دیگر محکموں سے ہے، بعض ملازمین جو عرصہ دراز سے غیر حاضر تھے انہیں بھی فارغ کیا گیا ہے، ملازمین کو قانونی اور ضابطے کی کاروائی کے بعد ملازمتوں سے فارغ کیا گیا۔

ترجمان پی آئی اے کا مزید کہنا ہے کہ فلائٹ سروسز سے تعلق رکھنے والی بیشتر فضائی میزبان ایک سال کے دوران جو بیرون ملک سلپ ہوگئی تھیں انہیں بھی ضابطے کی کاروائی کے بعد فارغ کیا گیا ہے۔

مذکورہ ملازمین کو اظہار وجوہ کے نوٹس اور شوکاز نوٹس بھی جاری کئے گئے جس کا تسلی بخش جواب نہ دینے پر انہیں ملازمتوں سے فارغ کیا گیا ہے۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق زیادہ تر کیسز2018کے تھے جو عدم توجہ کا شکار تھے، موجودہ انتظامیہ نے احتساب کے عمل کو تیز کرتے ہوئے ضابطے کی کارروائی مکمل کرنے کے بعد فارغ کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں وزارت خزانہ کے ایڈوئزر حفیظ شیخ سے ملاقات کے دوران پی آئی اے کے سی ای او نے ملازمتوں سے متعلق بریفنگ بھی دی تھی۔

قانون کے تحت کچرا صاف کرنا سندھ حکومت کا کام ہے، کراچی کو تقسیم کردیا گیا، وسیم اختر

0

کراچی : میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ سندھ گورنمنٹ کے بنائے گئے ایکٹ کے تحت کچرا صاف کرنا سندھ حکومت کی سالڈ ویسٹ منیجمنٹ کا کام ہے، میرا نہیں، کراچی کو چھ اضلاع میں تقسیم کردیا گیا توخاکروب بھی تقسیم ہوئے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے آر وائی نیوز کی خصوصی نشریات ۔۔ کراچی سب کا ۔۔ کراچی کا کوئی نہیں ۔۔ میں بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں انتظامیہ کو جس طرح تقسیم کیا گیا ایسے مسائل حل نہیں ہوسکتے، نالوں کی صفائی کئی سالوں سے چلی آرہی ہے، کے ایم سی کو سپریم کورٹ کے کہنے پر50کروڑ روپے دیئے گئے۔

کراچی کا60فیصد کچرا نالوں میں جاتا ہے، نالوں کو صاف کرنا پیسوں کا ضیاع ہے کیونکہ جب تک کچرے اور سیوریج کا ڈسپوزل نہیں ہوگا نالوں کی صفائی کا کوئی فائدہ نہیں، آج نالے صاف کرلوگے، کل پھر یہی مسئلہ ہوگا۔

وسیم اختر کا مزید کہنا تھا کہ شہر کا کچرا صاف کرنا میرا نہیں سندھ حکومت کا کام ہے کیونکہ سندھ گورنمنٹ کے بنائے گئے ایکٹ کے تحت کچرا اٹھانا سالڈ ویسٹ منیجمنٹ کا کام ہے یہ ادارہ میرے ماتحت نہیں، مجھے نہیں پتہ کہ سندھ حکومت میں اہلیت نہیں ہے یا وہ کام نہیں کرتی۔

ایک سوال کے جواب میں میئر کراچی نے کہا کہ مصطفیٰ کمال نے میری پیشکش کو سیاست کی نذر کردیا، ایک شخص ایک ہی رات میں بےنقاب ہوگیا تھا، رات کو کام کے بجائے میرے خلاف ہی ریلیاں اور نعرے لگوائے گئے۔

میئرکراچی وسیم اختر کا کہنا تھا کہ کراچی کے ایشوز کے حوالے سے وفاقی حکومت سے مطمئن نہیں ہوں، اس کو نظرانداز کیا جاتا ہے، وفاقی حکومت کی جانب سے کیا گیا وعدہ ابھی تک پورا نہیں کیا گیا، کراچی پورے ملک کو چلاتا ہے،آپ کو اس کیلئے پیسے دینا ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ اب بہت ہوگیا، کراچی میں بے شمار بیماریاں پھیل رہی ہیں، جن کے پاس کراچی کا مینڈیٹ ہے وہ سب ایک ساتھ بیٹھیں، وزیر اعظم اور گورنر سندھ کی نیت پر کوئی شک نہیں ہے، وزیراعظم عمران خان کو کراچی کے ایشو پر بیٹھنے کی درخواست کی ہے۔

میرے پاس بھی وہی اختیارات تھے، جو آج وسیم اختر کے پاس ہیں: مصطفیٰ کمال

0

کراچی: سابق میئر کراچی مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ہے کہ میرے پاس بھی وہی اختیارات تھے، جو آج وسیم اختر کے پاس ہیں.

ان خیالات کا اظہار انھوں نے  اے آر وائی نیوز کی خصوصی ٹرانسمیشن ’’کراچی سب کا، کراچی کسی کا نہیں‘‘ میں‌ اینکر  وسیم بادامی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا.

پی ایس پی کے سربراہ نے کہا کہ سٹی گورنمنٹ کو اختیارات دینے کے لئے میں نے 18 دن دھرنا دیا، ریلی بھی نکالی، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ سندھ حکومت کے اختیارمیں آتا ہے.

ایم کیوایم کے پاس 6 میں سے 4 ڈسٹرکٹ ہیں، میئر صاحب کہتے ہیں کہ اختیار لے لیا، یہ غلط بیانی ہے، سالڈ ویسٹ بورڈ نے ملیر  اور کورنگی کے اختیارات لیے  ہیں، نالوں کا 100 فی صد اختیار ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کے پاس ہے.

انھوں نے کہا کہ پہلی بار سنا کہ صوبائی حکومت نے 50 کروڑ روپے صفائی کے لئے دیے، نالوں کے سسٹم میں صوبائی حکومت کی کوئی مداخلت نہیں، یہ چاہیں تو  سال بھر نالوں کی صفائی کر سکتے ہیں.

مزید پڑھیں: نالوں کی صفائی، میئر کراچی کا اظہار مایوسی، وزیر اعلیٰ سے تعاون کی درخواست

میئرکراچی سے ملازمین کی لسٹ لے لی جائیں، ایم کیوایم کے ڈسٹرکٹ میں ملازمین کی تنخواہیں دیکھ لیں، آج سے 9 سال پہلے اس ہی شہرکو بھرپورطریقے سے چلا رہا تھا، جو اختیارات میرے پاس تھے، وہ ہی ان کے پاس بھی ہیں، میرے زمانے میں بھی کچرا اٹھانا میری نہیں، ٹاؤن کی ذمہ داری تھی.

کراچی کی مکھیوں پرامریکی اخبارمیں خبرچھپی ہے، جو افسوس کا مقام ہے، میئرکراچی اگرغلط بات کریں گے، تو کیا میں تنقید نہ کروں، میں کسی سے نہیں لڑ نہیں رہا، صرف مسائل کے حل کی بات کررہا ہوں، کراچی کےمسائل پرسیاست نہیں کررہا ہوں.

پی ایس پی کے سربراہ نے کہا کہ میری کسی سے دشمنی نہیں، کراچی کے لئے میں گاربیج ڈائریکٹر بننے پر بھی تیار ہوگیا، حالاں کہ ایک جماعت کا سربراہ ہوں، اب اس کے بعد میری نیت پرکیا شک کیا جا سکتا ہے.

امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ نے کشمیر میں مظالم پر ایک اور رپورٹ شایع کر دی

0

واشنگٹن: امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جانب سے مظالم پر ایک اور رپورٹ شایع کر دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق واشنگٹن پوسٹ نے لکھا ہے کہ 5 اگست کے بعد 3 ہزار کے قریب افراد گرفتار کیے جا چکے ہیں، جن میں 13 سال کے بچے بھی شامل ہیں۔

امریکی اخبار نے اپنی رپورٹ میں بچوں کی گرفتاریوں سے متعلق لکھا کہ 13 سال کے فرحان کے 3 دوستوں کو بھی گرفتار کیا گیا۔

رپورٹ میں یہ بھی لکھا گیا ہے کہ کشمیر میں بھارتی فوج نے 5 چھوٹے بچوں کو بھی گرفتار کر رکھا ہے، دوسری طرف کشمیر کی انتظامیہ یہ بتانے کو تیار نہیں کہ کتنے بچوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:  مقبوضہ کشمیر سے متعلق امریکی اخبار کی درد ناک رپورٹ

اخبار کا کہنا ہے کہ بچوں کی گرفتاری پر سوال پر بھارتی وزارت داخلہ نے کوئی جواب نہیں دیا، جب کہ مودی کے دعوے کے بر عکس مقبوضہ کشمیر ایک ماہ سے مکمل بلیک آؤٹ کا شکار ہے۔

اخبار کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں سیاسی قیادت کو گرفتار کر لیا گیا ہے، بھارتی اقدامات سے مقبوضہ وادی میں خوف اور غصے کی فضا ہے، یو این انسانی حقوق کے نمایندوں نے صورت حال کو پریشان کن قرار دیا۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ حراست میں لیے گئے کشمیریوں کو بھارت کی مختلف جیلوں میں قید رکھا گیا ہے۔