بدھ, جنوری 15, 2025
ہوم بلاگ صفحہ 19944

گیس کمپنیوں کی حالت بہتر بنانے کے لیے قیمت میں اضافہ ناگزیر تھا: عمر ایوب

0

اسلام آباد: وفاقی وزیر عمر ایوب کا کہنا ہے کہ گیس کمپنیوں کی حالت بہتر بنانے کے لیے قیمت میں اضافہ ناگزیر تھا، 2 سال تک قیمت نہ بڑھنے سے سوئی ناردرن 141.8 ارب اور سوئی سدرن 38.6 ارب واپس نہیں لے سکی۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر عمر ایوب کی زیر صدارت پیٹرولیم ڈویژن میں اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کے دوران وزیر پیٹرولیم کا کہنا تھا کہ گیس بحران موجودہ حکومت کو تحفے میں ملا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ گیس کمپنیوں کی حالت بہتر بنانے کے لیے قیمت میں اضافہ ناگزیر تھا، سابق حکومت کو گیس کی قیمت بڑھانی چاہیئے تھی۔ اوگرا گیس کمپنیوں کے متوقع اخراجات پر گیس کی قیمت کا تعین کرتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سنہ 2015 سے سفارش کے باوجود قیمت میں اضافہ نہیں کیا گیا، 2 سال تک قیمت نہ بڑھنے سے سوئی ناردرن 141.8 ارب اور سوئی سدرن 38.6 ارب واپس نہیں لے سکی۔

خیال رہے کہ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری گزشتہ روز ہی حکومت کو ارسال کی ہے۔

اوگرا نے پیٹرول یکم مئی سے 14 روپے 37 پیسے فی لیٹر مہنگا کرنے کی سفارش کی ہے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں فی لیٹر 4 روپے 89 پیسے اضافے کی سفارش کی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق مذکورہ سمری میں مٹی کا تیل فی لیٹر 7 روپے 46 پیسے مہنگا اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت 6 روپے 40 پیسے فی لیٹر بڑھانے کی سفارش کی گئی ہے۔

ایگزون موبل کا ایل این جی سیکٹر میں دلچسپی کا اظہار

0
ایل این جی

اسلام آباد : ایگزون موبل نے ایل این جی سیکٹر میں بھی سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کردیا، عمر ایو ب کا کہنا ہے موجودہ حکومت بین الاقوامی سرمایہ کاری کو ہر طرح کا تعاون فراہم کرے گی۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر پٹرولیم عمر ایوب کی ایگزون موبل کے ایک وفد سے ملاقات ہوئی ، ایلکس والکوو چیئرمین ایل این جی ڈویلپمنٹ ایگزون موبل وفد کی سربراہی کر رہے تھے۔

اس کے علاوہ ارتضیٰ سید ،پریزیڈنٹ ایگزون موبل نے عمرایوب وفاقی وزیر پٹرولیم اور ندیم بابر معاون خصوصی پٹرولیم کو آف شور ڈرلنگ سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ای این آئی کی قیادت میں ایگزون موبل نے جنوری میں کام شروع کیا۔

معاون خصوصی پٹرولیم ندیم بابر نے کہا کہ سمندر میں کیکڑا ون سے توانائی وسائل کے روشن امکانات ہیں، پاکستان میں آزادانہ اور محفوظ سرمایہ کاری کی مکمل معاونت کریں گے۔

اس کے علاوہ عمر ایوب کا کہنا تھا ایکسپلوریشن کے بعد اس جگہ پر روزگار کے بہت اچھے مواقع میسر ہوں گے۔

ارتضی سید نے کہا کہ ایگزون موبل، آف شور ایکسپلوریشن بلاکس اور ایل این جی میں بھی دلچسپی رکھتا ہے،ایگزون موبل نے آف شور ڈریلنگ کےلئے ماحول دوست پالیسی بنانے کی بھی ترغیب دی جس کو معاون خصوصی نے سراہا۔

اس وینچر میں ایگزون موبل ،ای این آئی کے علاوہ او جی ڈی سی ایل اور پی پی ایل بھی شامل ہیں جو کہ خاموش شراکت دار ہیں،ایگزون موبل نے 5660 میٹر گہرائی کا ہدف بنایا ہے۔13 جنوری 2019 سے اس جوائنٹ وینچر نے کیکرا ون میں ڈرلنگ شروع کی.تقریبا 4810 میٹر کی تک کھدائی مکمل ہوچکی ہے۔

ڈریلنگ اس مرحلے میں داخل ہوگئی ہے جہاں تیل /گیس کی موجودگی کے امکانات کا تعین ہو جائےگا۔

پاکستان میں ایگزون موبل کی سرمایہ کاری سے ایکسپلوریشن اور پروڈکشن سیکٹر کو اچھا سگنل جائےگا۔پٹرولیم ڈویژن، پاکستان آف شور (ایکسپلوریشن اور پروڈکشن) رولز 2019 اور ماڈل پروڈکشن شیئرنگ ایگریمنٹ 2019 پر بھی ڈرافٹ تیار کر رہا ہے جس کی توثیق کیبنٹ کرے گی۔

آیل اور گیس سیکٹر میں بین الاقوامی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے بیرون ملک سے منگوائے جانے والے آلات پر لاگو ٹیکسوں اور ڈیوٹی پر رعایت بھی دی ہے۔

آئی ایم ایف اور حکومت کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دن

0
IMF

اسلام آباد: پاکستان اور انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کے درمیان مذاکرات اور اہم ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے۔ مذاکرات کے دوسرے روز آئی ایم ایف وفد کو پاور سیکٹر کے ساتھ سوشل سیفٹی نیٹ پر بریفنگ دی گئی۔ وزارت خزانہ کے حکام بھی وفد کو بریفنگ دیں گے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان اور آئی ایم ایف کے حکام کے درمیان تکنیکی سطح کے مذاکرات دوسرے روز بھی جاری ہیں۔ آئی ایم ایف مشن کی سربراہی ارنستو ریگو کر رہے ہیں۔

پہلے مرحلے میں تکنیکی سطح کے مذکرات کی قیادت حکومت پاکستان کی جانب سے سیکریٹری وزارت خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کر رہے ہیں۔

تکینکی مذاکرات میں آئی ایم ایف سے محصولات، ایکسچینج ریٹ، شرح سود، بجلی اور گیس کی قیمتوں پر بات چیت ہوگی۔ دوسرے روز آئی ایم ایف کو پاور سیکٹر کے ساتھ سوشل سیفٹی نیٹ پر بریفنگ دی گئی۔

دوسرے روز حکومت کی جانب سے سرکلر ڈیٹ کم کرنے، بجلی و گیس کے نرخ بڑھانے کے لیے حکمت عملی کا بھی بتایا جائے گا۔ وزارت خزانہ کے حکام بھی فنڈ کو بریفنگ دیں گے۔

پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان مذاکرات 10 مئی تک جاری رہیں گے۔

گزشتہ روز آئی ایم ایف وفد کی ایف بی آر حکام سے ملاقات ہوئی تھی جس میں آئی ایم ایف نے نئے مالی سال سے بھرپور ٹیکس اصلاحات پر زور دیا اور کہا کہ آئی ایم ایف کم از کم چھ سو ارب روپے کے نئے ٹیکسوں کا نفاذ چاہتا ہے۔

گزشتہ روز آئی ایم ایف وفد نے وزارت توانائی حکام سے بھی مذاکرات کیے۔ آئی ایم ایف وفد نے بجلی اور گیس کے نرخوں میں بھی اضافہ تجویز کیا ہے جبکہ نقصان میں چلنے والے قومی اداروں کی تنظیم نو اور نجکاری بھی آئی ایم ایف کے مطالبات میں شامل ہے۔

الیکشن کمیشن کے پاس فورتھ شیڈول میں شامل ممبراسمبلی کونااہل کرنےکااختیارنہیں، عدالتی فیصلہ

0

اسلام آباد : اسلام آباد ہائی کورٹ نے فورتھ شیڈول میں شامل ممبراسمبلی کی نااہلی پر فیصلہ سناتے ہوئے کہا الیکشن کمیشن کے پاس فورتھ شیڈول میں شامل ممبراسمبلی کونااہل کرنے کا اختیار نہیں۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ نے ”فورتھ شیڈول میں شامل ممبراسمبلی کی نااہلی ہوسکتی ہے یانہیں “کے حوالے سے اپنا فیصلہ سنا دیا ہے، جسٹس عامرفاروق نے خیبرپختونخواہ سے ایم پی اے کی درخواست پرمختصرفیصلہ سنادیا۔

فیصلے میں کہا گیا کہ الیکشن کمیشن کے پاس فورتھ شیڈول میں شامل ممبراسمبلی کو نااہل کرنے کا اختیار نہیں۔

پی کے 89 بنوں سے پی ٹی آئی ایم پی اے شاہ محمد نے درخواست دائرکی تھی، ایم پی اے شاہ محمد خان کی جانب سے ڈاکٹربابر اعوان نے کیس کی پیروی کی، ایم پی اے شاہ محمد اور ممبر ضلع کونسل بنوں کو فورتھ شیڈول میں نام کی وجہ سے نااہل کیا گیا تھا۔

یاد رہے 21 ستمبر2017کو الیکشن کمیشن نے ایم پی اے، ممبر ضلع کونسل کی نااہلی کا حکم سنایا تھا، خیبر پختونخواہ سے پی ٹی آئی ایم پی اے شاہ محمد خان اور ممبر ضلع کونسل بنوں گل باز خان نااہل ہوئے تھے۔

واضح رہے فروری 2019 میں وفاقی وزارتِ داخلہ نے فورتھ شیڈول میں شامل افراد پر مزید پابندیاں عائد کرتے ہوئے مشکوک افراد پر پاسپورٹ آفس کے دروازے بند اور بینک اکاؤنٹس منجمد کردیے تھے۔

فورتھ شیڈول کیا ہے؟

فورتھ شیڈول انسداد دہشت گردی قانون کے تحت ترتیب دی جانے والی وہ فہرست ہے جس میں ان شخصیات کے نام شامل کیے جاتے ہیں جن کے متعلق دہشت گردانہ یا فرقہ وارانہ سرگرمیوں میں ملوث ہونے کا شبہ ہو یا پھر ایسے خدشات ہوں کہ ان کا تعلق کالعدم جماعتوں یا مشکوک افراد کے ساتھ ہو۔

فورتھ شیڈول میں شامل افراد کسی بھی قسم کی مذہبی یا سیاسی سرگرمیوں میں حصہ نہیں لے سکتے ہیں، فہرست میں نام صوبائی حکومت کی سفارش پر شامل کیا جاتا ہے۔

ایڈز میں مبتلاڈاکٹر کا انتقام، اپنامتاثرہ انجکشن لگاکر 45 افرادکو ایڈز میں مبتلا کردیا

0

لاڑکانہ : ایڈز میں مبتلاظالم ڈاکٹر نے اپنا اپنامتاثرہ انجکشن لگاکر25بچوں سمیت45 افرادکو ایڈز میں مبتلا کردیا، سندھ ہیلتھ کمیشن نے ڈاکٹر کے خلاف مقدمہ درج کرادیا اور ڈاکٹر کے ذہنی معائنے کے لیے میڈیکل بورڈ بنانے کی ہدایت کردی ہے۔

تفصیلات کے مطابق لاڑکانہ میں ایڈز پھیلنے کی وجہ سے متعلق ہولناک انکشافات نےکھلبلی مچادی، ایڈز میں مبتلاظالم ڈاکٹر بچوں سمیت معاشرے سے انتقام لینے لگا اور اپنامتاثرہ انجکشن لگا کر 25 بچوں سمیت45 افراد کو ایڈز میں مبتلاکردیا۔

کمشنرلاڑکانہ نعمان صدیقی نے انکشاف کیاکہ تحقیقات سے پتہ چلاکہ تمام کیسز ایک ایسی کلینک کے نکلے، جس کا ڈاکٹر خود ایڈز کے آخری اسٹیج میں مبتلاہے۔

ڈی سی لاڑکانہ نعمان صدیق کے مطابق ڈاکٹر نے انتقامی طور پر اپنا انجکشن آنے والے مریضوں کو لگایا، کلینک کا ڈاکٹر کا ذہنی توازن بھی ٹھیک محسوس نہیں ہو رہا، ڈاکٹر کے ذہنی معائنے کیلئے میڈیکل بورڈ بنانے کی ہدایت کردی گئی ہے۔

ڈپٹی کمشنراورمحکمہ صحت نے رتوڈیرو میں بچوں سمیت45سے زائد افراد میں ایچ آئی وی کی تصدیق کردی ہے ، ڈاکٹر کے خلاف ایف آئی آردرج کرکے پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا ہے اور کلینک کوسیل کردیاگیا ہے۔

رتوڈیرومیں ایچ آئی وی وائرس پھیلنےپرانتظامیہ اورمحکمہ صحت نےنوٹس لیا، ڈپٹی کمشنرنعمان صدیق کا کہنا ہے کہ متاثرمریضوں کا علاج حکومت کرائےگی، علاج کیلئے رتوڈیرو میں نیاسینٹر کل سے کام شروع کردے گا۔

ڈاکٹرکوحراست میں لیاگیا ہے اور مزیدتحقیقات جاری ہیں، ڈپٹی کمشنرلاڑکانہ


ڈپٹی کمشنرلاڑکانہ نعمان صدیقی نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو میں بتایا علاقے سے بچوں کے ایڈز کے مریضوں کی بڑی تعدادآرہی تھی، تحقیقات کی گئیں توایک ہی ڈاکٹر کا بار بار نام آرہا تھا، ایک ٹیم بناکر ڈاکٹر کیخلاف تحقیقات کی گئیں، تحقیقات میں ڈاکٹر کو ملوث پایاگیا اور کارروائی کی گئی، ڈاکٹر کو حراست میں لیاگیا ہے اور مزیدتحقیقات جاری ہیں، متاثرہ بچوں کےعلاج کیلئے اقدامات کیے جارہے ہیں۔

گرفتار ڈاکٹرسندھ ہیلتھ کیئرکمیشن سے بھی رجسٹرڈنہیں، ڈائریکٹرہیلتھ کیئرکمیشن ڈاکٹرایاز


ڈائریکٹرہیلتھ کیئرکمیشن ڈاکٹرایاز کا کہنا تھا گرفتار ڈاکٹر سندھ ہیلتھ کیئرکمیشن سے بھی رجسٹرڈ نہیں، ڈاکٹر کوالیفائیڈ ہیں لیکن لائسنس ری نیو نہیں کرایا، گرفتار ڈاکٹر کیخلاف کارروائی کی درخواست کرتے ہیں۔

مزید پڑھیں : لاڑکانہ کے 13 بچوں میں ایچ آئی وی ایڈز کا انکشاف

یاد رہے چند روز قبل صوبہ سندھ کے شہر لاڑکانہ میں 13 بچوں میں ایچ آئی وی ایڈز کا انکشاف ہوا تھا ، بچوں کی عمریں 4 ماہ سے 8 سال تک کے درمیان تھیں۔

لاڑکانہ کے علاقے رتو ڈیرو سے گزشتہ ایک ماہ میں 16 بچوں کے سیمپل تشخیص کے لیے بھیجے گئے، بچے مسلسل بخار کی حالت میں تھے اور ان کا بخار نہیں اتر رہا تھا جس کے بعد ان بچوں کے خون کے نمونے لیے گئے تھے۔

معروف ہالی وڈ اداکارنے 17 برس چھوٹی اداکارہ سے شادی کرلی

0
ہالی وڈ

لندن:افریقی نژاد برطانوی ہالی وڈ اداکار ادریس اکونا ایلبا نے خود سے 17 برس کم عمر اداکارہ اور سابق حسینہ 29 سالہ سیبرینا ڈھورے سے شادی کرلی۔خیال رہے کہ 46 سالہ ادریس ایلبا کی یہ تیسری شادی ہے، اس سے قبل ان کی پہلی دونوں شادیاں طلاق پر ختم ہوئی تھیں۔

ادریس ایلبا کے والدین کا تعلق افریقی ملک گھانا سے تھا جو بعد ازاں برطانیہ منتقل ہوئے، جہاں ادریس ایلبا کی پیدائش ہوئی۔ادریس ایلبا نے پہلی شادی 1999 میں ہانی کم نامی خاتون سے کی جو 2003 میں طلاق پر ختم ہوئی اور انہیں ان سے ایک بیٹی بھی ہوئی۔

پہلی شادی کی ناکامی کے بعد ادریس ایلبا نے دوسری شادی سونیا نکولے ہیملن سے 2006 میں کی جو محض 4 ماہ تک جاری رہی ۔پہلی دونوں شادیوں کی ناکامی کے بعد ادریس ایلبا نے برطانوی میک اپ آرٹسٹ نیانا گارتھ سے تعلقات استوار کرلیے اور انہیں ان سے 2014 میں ایک بیٹا بھی ہوا، تاہم بعد ازاں دونوں الگ ہوگئے۔

ادریس ایلبا نے تیسری شادی افریقی نڑاد کینیڈین نڑاد ماڈل و سابق حسینہ 29 سالہ سیبرینا ڈھورے سے مراکش میں شادی کی ہے ، شادی کو سادگی سے انجام دیا گیا اور انتہائی محدود مہمانوں کو شرکت کی دعوت دی گئی تھی۔

فیشن میگزین ’ووگ‘ کے مطابق ادریس ایلبا اور سیبرینا ڈھورے نے مراکش میں خاموشی سے شادی کی اور دونوں نے معاہدے کے تحت شادی کی تصاویر کے حقوق فیشن میگزین کو دیئے۔

جاپان کے بادشاہ 30 برس حکمرانی کے بعد آج تخت سے دست بردار ہو رہے ہیں

0

ٹوکیو : جاپان پر تیس برس تک حکمرانی کرنے کے بعد بادشاہ اکی ہیتو آج تخت سے دست بردار ہو رہے ہیں، اب ان کے بیٹے تخت و تاج سنبھالیں گے۔

تفصیلات کے مطابق جاپان کے بادشاہ اکی ہیتو آج تیس برس بعد تخت سے دست بردار ہو رہے ہیں، ان کی دست برادری کی تقریب کو دیکھنے کیلئے ہزاروں افراد ٹوکیو پہنچے ہیں۔

پچاسی برس کے بادشاہ بڑھتی عمر اور گرتی صحت کے باعث اپنا منصب چھوڑ رہے ہیں ۔ دو سو سال کے دوران اکی ہیتو پہلے بادشاہ ہیں جو اپنا تخت خود سے چھوڑ رہے ہیں، انھوں نے تخت دستبرداری کے لیے  قانونی طورپرباقاعدہ اجازت لی ہے۔

جاپانی بادشاہ اکی ہیتو کی دست بردار کے بعد ان کے بیٹے ناروہیتو کل سے تخت و تاج سنبھالیں گے۔

یاد رہے 2016 میں بادشاہ نے اپنے ایک خطاب میں کہا کہ انھیں یہ خوف ہے کہ ان کی عمر انھیں ان کے فرض منصبی کو نبھانے میں مشکلات پیدا کرے گی اور انھوں نے قوی عندیہ دیا کہ وہ دست بردار ہونا چاہتے ہیں۔

ناروہیتو جاپان کے 126 ویں بادشاہ ہوں گے اور وہ باضابطہ طور پر نئے ‘ریوا’ عہد میں ملک کی سربراہی کریں گے،  جس کے بعد  رواں ‘ہیسیئي’ عہد کا خاتمہ ہو جائے گا جو   1989 میں  اکیہیتو کے تخت نشین ہونے کے ساتھ شروع ہوا تھا۔

ناروہیتو نے  آکسفورڈ  سے  تعلیم حاصل کی اور  28 سال کی عمر میں ولی عہد بنائے گئے، انھوں نے1993 مینر شہزادی ولی عہد مساکو اووادا  سے شادی کی ، جن سے ان کی ایک بیٹی   شہزادی آئیکو  ہے۔

نیب نے میگا کرپشن کے بڑے مقدمات کو حتمی شکل دے دی

0

کراچی: قومی ادارہ احتساب (نیب) نے اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی، قومی ایئر لائن پی آئی اے کرپشن اور سابق وفاقی وزیر کامران مائیکل کے کیسز سمیت میگا کرپشن کے بڑے مقدمات کو حتمی شکل دے دی۔

تفصیلات کے مطابق قومی ادارہ احتساب (نیب) نے میگا کرپشن کے بڑے مقدمات کو حتمی شکل دے دی جن میں اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی، قومی ایئر لائن پی آئی اے کرپشن اور سابق وفاقی وزیر کامران مائیکل کے کیسز شامل ہیں۔

مذکورہ کیسز کے ریفرنسز چیئرمین نیب کی منظوری کے بعد دائر کیے جائیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آغا سراج درانی نے رشتے داروں اور ملازمین کے نام پر 1.6 ارب کے اثاثے بنائے، کامران مائیکل نے 11 کروڑ کی خرد برد کی اور کے پی ٹی ہاؤسنگ سوسائٹی میں بے نامی افراد کے نام پر پلاٹنگ کی۔

اسی طرح پی آئی اے کے 2 بڑے کرپشن کیسز بھی فائنل کرلیے گئے ہیں، ایک کیس انتظامیہ کی جانب سے اے ٹی آر طیارے کو غیر قانونی طور پر گراؤنڈ کرنے کا ہے۔ طیارہ گراؤنڈ ہونے سے پی آئی اے کو کروڑوں کا نقصان پہنچا جبکہ طیارے کو مرمت کے ذریعے قابل استعمال بنایا جا سکتا تھا۔

دوسرا کیس پی آئی اے کی جانب سے پرائیوٹ لاجسٹک کمپنی سے غیر قانونی معاہدے کا ہے، معاہدے کی وجہ سے پی آئی اے کو کروڑوں کا نقصان پہنچا۔

ایک اور کیس حنید ایسوسی ایٹس اور رومی ہاؤسنگ پراجیکٹ کا ہے جس میں عوام سے فراڈ کیا گیا، پروجیکٹس میں 104 الاٹیز کو 60 کروڑ کا نقصان پہنچایا گیا۔ کمپنی 1979 سے اب تک الاٹیز کو قبضہ دینے میں ناکام رہی۔

نیب نے ایم ایس حنید ایسوسی ایٹس کے خلاف انکوائری مکمل کرلی ہے۔

عرب اتحاد نے یمنی پارلیمنٹ پرحوثیوں کا فضائی حملہ ناکام بنا دیا

0
حوثی ملیشیا

ریاض: یمن میں آئینی حکومت کے حامی عرب اتحاد نے یمن میں متحارب حوثی ملیشیا کی طرف سے یمنی پارلیمنٹ پر حملہ ناکام بنا دیا۔ عرب اتحادی حوثیوں کی میزائل حملہ کرنے کی صلاحیت ختم کرنے کے لیے کوشاں ہیں

عرب ٹی وی کے مطابق یمن میں آئینی حکومت کے حامی عرب اتحاد کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے بتایا کہ حوثی ملیشیا کی طرف سے حوثی ملیشیا کی طرف سے بغیر پائلٹ ڈرون طیاروں کی مدد سے یمنی پارلیمنٹ کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی مگر اسے کسی بھی حملے سے قبل بری طرح ناکام بنا دیا۔

ریاض میں ایک پریس کانفرنس کے دوران عرب اتحادی فوج کے ترجمان کا کہناتھا کہ صنعاء میں حوثیوں کے طیاروں کو مسلسل نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ حوثیوں نے صنعاء میں ایک آئل بردار ٹینکر خالی کرنے کی کوشش کی جس پر بمباری کرکے اسے تباہ کردیا گیا۔

کرنل المالکی نے خبردارکیا کہ حوثیوں کی طرف سے بحرالاحمر میں تیل بردار ٹینکر خالی کرنے کی اجازت نہ دینے پر تیل خفیہ طورپر دوسرے مقامات پرسپلائی کیاجا رہا ہے۔ایک سوال کے جواب میں المالکی نے کہا کہ حوثیوں کی جانب سے صعدہ گورنری کے 100 خاندان زبردستی نکال دیے تھے جنہیں واپس کردیا گیا ہے۔

اس موقع پر اتحادی فوج کے ترجمان نے ارحب شہرمیں حوثیوں کے ہاتھوں شہریوں کے مکانات دھماکوں سے اڑائے جانے کی ایک ویڈیو بھی دکھائی۔ان کہنا تھا کہ عرب اتحادی فوج اور یمن کی آئینی فوج مل کر حوثی ملیشیا کی میزائلوں کے حصول کی صلاحیت کو ختم کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔

عرب اتحادی فوج فضائی حملوں میں حوثیوں کے میزائلوں اور بھاری ہتھیاروں کے ذخیروں کو نشانہ بنا رہی ہے جس کے نتیجے میں ایرانی حمایت یافتہ گروپ کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

وزیر اعظم عمران خان 2 مئی کو مہمند ڈیم کا سنگ بنیاد رکھیں گے

0

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان 2مئی کو مہمندڈیم کا سنگ بنیاد رکھیں گے، تقریب میں شرکت کے لئے دعوت نامے ارسال کردیئے گئے ہیں، سابق چیف جسٹس ثاقب نثار بھی تقریب سے خطاب کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے مہمند ڈیم کی تعمیر شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے ، ڈیم کا سنگ بنیاد 2مئی کو رکھا جائے گا، جس کے لئے دعوت نامے ارسال کردیئے گئے ہیں۔

وزیر اعظم عمران خان اس تاریخ ساز منصوبے کا سنگ بنیاد رکھیں گے اور سابق چیف جسٹس ثاقب نثار بھی تقریب سے خطاب کریں گے جبکہ وفاقی وزرا ، چیئرمین واپڈا ، چیف منسٹر کے پی شریک ہوں گے۔

یاد رہے چند روز قبل وفاقی وزیرآبی وسائل فیصل واوڈا نے کہا تھا مہمندڈیم کاٹھیکہ ایوارڈ ہوگیا، جلدسنگ بنیادرکھا جائے گا، جسٹس(ر)ثاقب نثارکومہمندڈیم سنگ بنیادپربلائیں گے ، سابق چیف جسٹس ثاقب نثارکاڈیم کےلیےبہت اچھاکرداررہا۔

مزید پڑھیں : وزیراعظم جلد مہمندڈیم کی تعمیر کا باقاعدہ افتتاح کریں گے،فیصل واوڈا

واضح رہے کہ مہمند ڈیم ضلع مہمند میں دریائے سوات پر منڈا ہیڈ ورکس سے 5 کلومیٹر اپ سٹریم تعمیر کیا جا رہا ہے،700 فٹ بلنڈ ڈیم میں 1.293 ملین ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ کیا جا سکے گا،مہمند ڈیم کی تعمیر نومبر 2024 میں مکمل ہو گی۔

خیال رہے 6 جولائی 2018 کو کالا باغ ڈیم کی تعمیر سے متعلق ہونے والی سماعت میں چیف جسٹس آف پاکستان نے پانی کی قلت کو دور کرنے کے لیے فوری طور پر دیامیر بھاشا اور مہمند ڈیموں کی تعمیر کے احکامات اور فنڈز قائم کرنے کا حکم بھی جاری کیا تھا۔

جس کے بعد دیامیر بھاشا اور مہمند ڈیموں کی تعمیر کے لیے کھولے جانے والے فنڈز میں پاکستانیوں کی جانب سے عطیات دینے کا سلسلہ زور و شور سے جاری ہے اور اب تک ڈیم فنڈ میں 10 ارب سے زائد رقم جمع ہوچکی ہے۔