بدھ, مارچ 12, 2025
ہوم بلاگ صفحہ 19979

ثنا میر آئی سی سی ویمنز کمیٹی کی رکن منتخب، چیئرمین پی سی بی کی مبارک باد

0

اسلام آباد: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین نے ثنا میر کو انٹرنیشنل ویمنز کمیٹی میں شمولیت پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ثنا میر وسیع تجربے سے کرکٹ کے فروغ میں اہم کردار ادا کریں گی۔

پی سی بی کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی کھلاڑی ثنا میر کو انٹرنیشنل ویمنز کمیٹی میں شامل کرلیا گیا جس پر کرکٹ بورڈ چیئرمین اور حکام نے انہیں مبارک باد پیش کی۔

چیئرمین احسان مانی کا کہنا تھا کہ ثنا میر وسیع تجربےسےکرکٹ کےفروغ میں اہم کرداراداکریں گی۔

ثنا میر کا کہنا تھا کہ کرکٹ کےاعلیٰ ترین فورم پر نمائندگی کرنا میرےلیےاعزازکی بات ہے، کھیل کےفروغ  کے لیے کھلاڑیوں کا انتخاب آئی سی سی کاقابل ستائش عمل ہے۔

ثنا میر کے علاوہ کمیٹی میں تین اور خواتین کرکٹر کو شامل کیا گیا جن میں سے انگلینڈ کی سابق کھلاڑی کلئیر کارنر کو چیئرپرسن جبکہ آسٹریلیا کی لیساٹالیکر  اور بھارتی کھلاڑی مٹھالی راج کو بطور رکن شامل کیا گیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے مینیجنگ ڈائریکٹر وسیم خان کو بھی آئی سی سی نے کمیٹی کا رکن منتخب کیا،  وہ مستقل اراکین کی فہرست میں سےایک ہیں۔

کمیٹی کا پہلا اجلاس گزشتہ روز آئی سی سی کی سالانہ کانفرنس کےدوران منعقد ہوا۔

کرکٹر شرجیل خان کی سزا دس اگست کو ختم ہوگی، ری ہیب پروگرام مکمل کرنا ہوگا

0

لاہور : دو ڈاٹ بالز کھیلنے کی ڈیل کے الزام میں سزا یافتہ کرکٹر شرجیل خان کی سزا دس اگست کو ختم ہورہی ہے، جس کے بعد انہیں ری ہیب پروگرام مکمل کرنا ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل اسپاٹ فکسنگ کیس میں سزا پانے والے قومی کرکٹ ٹیم کے اوپنر شرجیل خان کو دی جانے والی سزا دس اگست کو اپنے اختتام کو پہنچے گی۔

قوانین کے مطابق سزا کی مدت مکمل ہونے کے بعد شرجیل خان کو ری ہیب پروگرام مکمل کرنا ہوگا جس کے لیے کرکٹر کی طرف سے تاحال کوئی رابطہ نہیں کیا گیا ہے،۔

ترجمان پی سی بی کا کہنا ہے کہ ری ہیب پروگرام کی تکمیل کے بعد ہی شرجیل خان کو ٹیم میں کھیلنے کی اجازت سی جاسکے گی۔ اس حوالے سے کرکٹر کے وکیل کا کہنا ہے کہ شرجیل خان کو ری ہیب پروگرام کیلیے جلد پی سی بی سے رابطہ کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ کرکٹر شرجیل خان پر پی ایس ایل ٹو میں فکسنگ کا یہ الزام تھا کہ انہوں نے میچ میں رقم کے عوض دو ڈاٹ بالز کھیلیں۔ شرجیل خان پر پاکستان کرکٹ بورڈ کوڈ کی پانچ شقوں کی خلاف ورزی کا الزام تھا جس کے بعد ان پر پانچ سال کی پابندی عائد کی گئی۔

مزید پڑھیں : شرجیل خان کو دو ڈاٹ بالز کھیلنے کی ڈیل پر سزا دی گئی، تفصیلی فیصلہ

ڈیل یہ طے ہوئی تھی کہ پہلے میچ میں پہلے اوور کے بعد دو لگاتار ڈاٹ بالز کھیلنی ہیں، شرجیل نے اٹھک بیٹھک کے ذریعہ بکی کو اشارہ دیا کہ ڈیل آن ہے۔ پھر دو ڈاٹ بالز کھیلنے سے قبل اٹھک بیٹھک لگا کر بکی کو پیغام دیا۔

صوبائی تنظیموں کے بعد پی ٹی آئی کے مرکزی تنظیمی ڈھانچے کا اعلان کردیا گیا

0

اسلام آباد: صوبائی تنظیموں کے بعد پی ٹی آئی اے کے مرکزی تنظیمی ڈھانچے کا بھی اعلان کردیا گیا جس کی منظوری چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے دے دی۔

تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے مرکزی تنظیمی ڈھانچے کا اعلان کردیا گیا ہے جس کے مطابق عامر محمود کیانی پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکریٹری جنرل مقرر کردئیے گئے۔

مرکزی سیکریٹری اطلاعات کی ذمہ داریاں احمد جواد کو سونپ دی گئی ہیں، ارشد داد سینئر نائب صدر کے فرائض سر انجام دیں گے۔

رپورٹ کے مطابق عمر سرفراز چیمہ اور زاہد حسین کاظمی کو نائب صدر مقرر کیا گیا ہے، ڈاکٹر ابو الحسن انصاری مرکزی سیکریٹری جنرل تعینات ہوئے ہیں۔

مزید پڑھیں: عمران خان نے پی ٹی آئی کے تنظیمی ڈھانچے میں تنظیم نو کی منظوری دے دی

صوبائی ڈپٹی سیکریٹری جنرل عمر فاروق مائر، نیک محمد خان اور خادم حسین وردک کو مقرر کیا گیا ہے، چوہدری اقبال آزاد کشمیر، حشمت اللہ گلگت بلتستان میں ڈپٹی سیکریٹری جرنل تعینات کیے گئے ہیں۔

جوائنٹ سیکریٹریز نیلوفر بختیار، اعجاز رفیع بٹ اور کرنل امان اللہ کو مقرر کیا گیا ہے، ہمایوں جوگیزئی، شریف جوگیزئی اور خواجہ فاروق کو بھی جوائنٹ سیکریٹریز مقرر کیا گیا ہے۔

تحریک انصاف کے چیف آرگنائزر سیف اللہ نیازی نے تقرری کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔

واضح رہے کہ 31 دسمبر 2018 میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے تنظیمی ڈھانچے میں بنیادی تبدیلی کا فیصلہ کرتے ہوئے پارٹی میں تنظیم نو کی منظوری دی تھی۔

سال 2019 : عمران خان دنیا کی پسندیدہ شخصیات میں شامل

0

لندن: برطانوی ادارے نے 2019 کی پسندیدہ شخصیات کی فہرست جاری کردی جس کے مطابق وزیراعظم پاکستان اور پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان کا نام تین درجے ترقی کے بعد فہرست میں شامل ہے۔

تفصیلات کے مطابق برطانوی ویب سائٹ یوگو کی جانب سے 2019 کی پسندیدہ شخصیات کی فہرست جاری کی گئی جس میں وزیر اعظم عمران خان سمیت نوبل انعام یافتہ پاکستانی طالبہ ملالہ یوسفزئی کا نام بھی شامل ہے۔

فہرست کے مطابق ملالہ یوسف زئی ایک درجہ ترقی کے بعد 6 نمبر پر پہنچ گئیں، بھارتی وزیر اعظم بھی اُن ہی کے ہم پلہ ہیں۔ نوبل انعام یافتہ طالبہ کو 3.9 پوائنٹس دیے گئے۔ْ

گزشتہ برس شائع ہونے والی فہرست میں وزیراعظم عمران خان کا نام 20ویں نمبر پر تھا البتہ اب اُن کی تین درجہ ترقی ہوئی اور وہ 1.9 پوائنٹس کے ساتھ 17ویں نمبر پر آگئے۔

مشعل اوباما دنیا میں سب سے زیادہ پسند کیے جانے والی خاتون اسی طرح  بل گیٹس مردوں میں پہلے نمبر پر رہے۔ گزشتہ برس انجلینا جولی کا پہلا نمبر تھا البتہ رواں سال اُن کی دو درجہ تنزلی ہوئی۔

بارک اوباما دوسرے جبکہ جیکی چن تیسرے، شی جنگ پنگ چوتھے، علی بابا کمپنی کے سربراہ جیک ماہ پانچویں، نریندر مودی چھٹے، کرسٹیانو رونالڈو ساتویں، دلائی لاما  آٹھویں، لیونل میسی نویں، روسی صدر دسویں نمبر پر رہے۔

حیران کن طور پر رواں برس کی فہرست میں شاہ رخ خان کا نام شامل ہوا اور انہوں نے سلمان خان کو بھی پیچھے چھوڑ دیا، کنگ خان 2.2 پوائنٹس کے ساتھ سولہویں اور سلمان خان 18ویں نمبر پر رہے، اسی طرح رجب طیب اردوغان کی پوزیشن مستحکم رہی اور وہ 19ویں نمبر پر رہے۔

سب سے زیادہ پسند کی جانے والی خواتین میں مشعل اوباما پہلے،  اوپرا ونفری  دوسرے، انجلینا جولی تیسرے، ملکہ برطانیہ چوتھے،ایما واٹسن پانچویں، ملالہ یوسفزئی چھٹے، پنگ لیوان ساتویں، ہیلری کلنٹن آٹھویں، ٹو یویو نویں اور ٹیلر سوفٹ دسویں نمبر پر رہیں۔

سال 2018 کی پسندیدہ شخصیات کی فہرست میں سابق امریکی صدر بارک اوباما کی اہلیہ مشعل اوباما دوسرے نمبر پرتھیں جبکہ ڈونلڈ ٹرمپ 17 ویں نمبر پر تھے۔

خیال رہے برطانوی ویب سائٹ  نے پسندیدہ شخصیات سے متعلق فہرست میں مجموعی طور پر 20 خواتین اور 20 مرد حضرات شامل کیا ہے  اور اس کے نتائج کے لیے 35 ممالک کے 37 ہزار افراد سے آن لائن انٹرویو کیا گیا۔

ن لیگ سیاسی منافقت کا شکار ہے، اس کا بیانیہ پنکچر ہوچکا، فردوس عاشق اعوان

0

اسلام آباد : معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) سیاسی منافقت کا شکار ہے، اس کا بیانیہ پنکچر ہوچکا ہے، مریم صفدر نے الٹے سیدھے انٹرویوز نہ دیے ہوتے تو ابو جیل، بھائی مفرور نہ ہوتے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں پریس کانفرفنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ ن لیگ والوں کو بوکھلاہٹ میں کچھ سمجھ نہیں آرہا کیا کہیں اور کیا نہ کہیں،مسلم لیگ (ن) سیاسی منافقت کا شکار ہے، ایک طرف کہتے ہیں کہ وزیراعظم کی حیثیت کیا ہے؟ دوسری طرف واویلا کررہے ہیں سب کچھ عمران خان کرارہے ہیں۔

تضادات سے بھر پور دعوؤں والی جماعت کابیانیہ پنکچر ہو چکا ہے۔ انہوں نے مریم نواز پر تنقید کرتے کہا کہ بیگم صفدر صاحبہ اوران کی جماعت کی تاریخ سمجھوتوں سے عبارت ہے، وہ سمجھوتے چاہے ذاتی ہوں یا سیاسی، تاریخی سمجھوتوں کا شکارخاندان کس منہ سے اصولوں کی بات کرتا ہے۔

مسلم لیگ ن عوام کی نہیں خواص کی جماعت رہی ہے، مزاحمت اوراصول پسندی آپ کے خمیر میں ہی نہیں،آپ حکومت میں ہوں تو لوگوں کے گلے پکڑتے ہیں، آپ اقتدار سے باہر ہوں تو پاؤں پڑجاتے ہیں، جمہوریت کی پیٹھ پرچھرا گھونپا گیا جب آپ کے بڑوں نے پیسے لئے، آپ کے بڑوں نے یونس حبیب سے پیسے لے کرآئی جے آئی بنائی۔

ایک سوال کے جواب میں فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ سرور پیلس میں سرورکرنے والوں کے منہ سے جمہوریت کی بات مضحکہ خیز ہے، پرنس مقرّن کا لہرایا ہوا معاہدہ عوام کے ذہنوں میں تازہ ہے، آپ نے اپنے دور اقتدار میں ہر قدم پر سمجھوتے کئے، چاہے مشاہد اللہ خان کا استفعی ہو یا پرویز رشید کا۔

بیگم صفدراعوان صاحبہ آپ اپنی بےگناہی کے ثبوت عدالت میں پیش کریں، کسی کو بلیک میل کرنے کی کو شش نہ کریں، آپ نے ہمیشہ صرف حسب منشا عدالتوں اور ان کے فیصلوں کا احترام کیا، آپ نے الٹے سیدھےانٹرویوز نہ دیے ہوتے تو ابوجیل، بھائی مفرور نہ ہوتے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے عوام عام انتخابات میں کرپشن کیخلاف نکلے، عوام نے عمران خان کو لٹیروں سے حساب لینے کا مینڈیٹ دیا جبکہ جمہوریت کو لہو لہان کرنے کا سہرا ہمیشہ آپ کے سر رہا، ورثے میں ملی حیثیت عوامی رنگ اور طاقت سے محروم ہوتی ہے۔

بیگم صفدر صاحبہ، آپ کے نزدیک وہ آواز آزاد جو آپ کےمفاد میں ہو، ایک اخبار کا ایک صفحے پر چھپنا قارئین کے ذہن میں ابھی تک تازہ ہے، دراصل پہلی بار انہونیاں ہو رہی ہیں قانون کا یکساں اطلاق شروع ہو چکا ہے، لوٹے ہوئے مال کی واپسی کا خواب حقیقت بن رہا ہے، لوٹا ہوا مال اب واپس کرنا پڑ رہا ہے یہی تکلیف انہیں کھارہی ہے۔

قومی ٹیم کے منیجر نے ورلڈ کپ کی رپورٹ پی سی بی کو پیش کردی

0

لاہور: قومی ٹیم کے منیجر طلعت علی نے گرین شرٹس کے دورہ انگلینڈ اور ورلڈ کپ کی رپورٹ پی سی بی کو بھجوادی۔

تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے منیجر طلعت علی نے دورہ انگلینڈ اور ورلڈ کپ 2019 کی علیحدہ علیحدہ رپورٹس بورڈ کو بھجوادیں جس میں کہا گیا ہے کہ ورلڈ کپ اور دورہ انگلینڈ کے درمیان ٹیم کا ڈسلپن مثالی رہا۔

ذرائع کے مطابق ٹیم منیجر طلعت نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ آن دی فیلڈ، آف دی فیلڈ کھلاڑیوں نے بہترین روئیے کا مظاہرہ کیا کسی قسم کا کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ٹیم میں کسی قسم کی کوئی گروپنگ یا اختلاف نہیں تھا، ورلڈ کپ میں مشکل وقت میں ٹیم نے بہترین کم بیک کیا، بدقسمتی سے سیمی فائنل میں پہنچنے میں ناکام رہے۔

مزید پڑھیں: قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کھلاڑیوں پر برس پڑے

واضح رہے کہ ورلڈ کپ میں بھارت کے ہاتھوں شکست پر کپتان سرفراز احمد کے حوالے سے خبریں موصول ہوئی تھیں جس میں سرفراز کا کہنا تھا کہ کوئی سمجھتا ہے میں گھر چلا جاؤں گا تو یہ اس کی بھول ہے، اکیلا نہیں جاؤں گا پھر اور لوگ بھی جائیں گے۔

یاد رہے کہ ورلڈ کپ بھارت سے شکست کے بعد قومی ٹیم نے کم بیک کرتے ہوئے چار مسلسل میچز میں کامیابی حاصل کی تھی اور جنوبی افریقہ، نیوزی لینڈ، افغانستان، بنگلہ دیش کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے پوائنٹس 11، 11 تھے لیکن نیوزی لینڈ نے بہتر رین ریٹ کی وجہ سے ورلڈ کپ کے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا تھا۔

نیب کے حکم پرشہباز شریف فیملی کے150 بینک اکاؤنٹس منجمد

0

لاہور: قومی احتساب بیورو (نیب) کے حکم پرشہباز شریف فیملی کے 150 بینک اکاؤنٹس منجمد کر دیے گئے.

تفصیلات کے مطابق نیب نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے ان کے 16 بینکوں میں موجود 150 اکاؤنٹس منجمد کردیے.

نیب کے اس اقدام کے بعد شہباز شریف فیملی منجمد اکاؤنٹس کے ذریعے کوئی لین دین نہیں کرسکے گی. حالیہ کارروائی میں حمزہ شہباز، رابعہ عمران، عائشہ ہارون کے اکاؤنٹس منجمد کئے گئے ہیں۔

نیب نے عمران یوسف،مقصود اینڈ کمپنی، نثاراحمد، مہر انسا حمزہ، نصرت شہباز شریف، شہبازشریف اور سلیمان شہبازشریف کے اکاؤنٹس منجمد کیے ہیں. مجموعی طور پر اکاؤنٹس 16 مختلف بینکوں میں موجود تھے.

مزید پڑھیں: شہباز شریف نے احتساب کو انتقام قرار دے دیا، حکومت پر کڑی تنقید

خیال رہے کہ سابق وزیر اعلیٰ پنجاب نے گزشتہ روز حکومت اور نیب پر کڑی تنقید کرتے ہوئے احتساب کے عمل کو انتقام قرار دیا تھا.

خصوصی پریس کانفرنس میں شہباز شریف نے کہا  تھاکہ حکومت اور نیب نے نون لیگ کی قیادت پروار کیا، احتساب کے نام پر بدترین انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے. شاہد خاقان عباسی کا قصور نوازشریف کا ساتھی ہونا ہے، انھیں گرفتاری کے آرڈر کے بجائے واٹس ایپ میسج دکھایا گیا.

قومی اسمبلی میں کفایت شعاری کے اقدامات قابل تعریف ہیں: وزیر اعظم

0

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی میں کفایت شعاری کے اقدامات قابل تعریف ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے اسپیکر قومی اسمبلی، اسد قیصر سے ملاقات کے موقع پر کیا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ معاشی چیلنجزپر اداروں اور انفرادی سطح پر تعاون ضروری ہے۔

اس ملاقات میں پارلیمانی امور، ملکی سیاست اور درپیش چیلنجز پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا.

اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی، اسد قیصر نے کہا کہ معاشی صورتحال کے پیش نظر کفایت شعاری اختیار کر رہے ہیں۔

وزیر اعظم کی قومی اسمبلی میں کفایت شعاری کےاقدامات کی تعریف کرتے ہوئے اس عمل کو جاری رکھنے کی تجویز دی.

اسپیکر سندھ اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار قومی اسمبلی کا بجٹ سب سے کم رکھا گیا ہے.

مزید پڑھیں: ملک کی ترقی کے لئے چین کی طرح 450 وزراکو جیلوں میں ڈالنا ہوگا: وزیر اعظم

اسد قیصر نے وزیر اعظم کو29 جولائی کو ایشیا ریجن کانفرنس سے بھی آگاہ کیا، انھوں نے کہا کہ کانفرنس جنوبی ایشیا کو ترقی کی راہ پرگامزن کرنے میں معاون ثابت ہوگی.

اسپیکر اسد قیصر نے کہا کہ اسلام آبادمیں کانفرنس پارلیمانوں کوقریب لانےمیں سنگ میل ثابت ہوگی.

خیال رہے کہ آج وزیر اعظم عمران خان نے میانوالی کا دورہ کیا، جہاں انھوں نے نمل یونیورسٹی اسپتال اور میانوالی ایکسپریس کا افتتاح کیا.

اشیاء کے بجائے آمدن پر ٹیکسز جمع کرکے دکھائیں گے، شبر زیدی

0
شبر زیدی

اسلام آباد: چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی نے کہا ہے کہ اشیاء کے بجائے آمدن پر ٹیکسز جمع کرکے دکھائیں گے، امیروں سے ٹیکس لینے پر سب متفق ہیں۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شناختی کارڈ اس سے مانگا ہے جو 50 ہزار سے زائد کی شاپنگ کرتا ہے، پاکستان میں فقیر کے پاس بھی شناختی کارڈ ہے، وزیراعظم بھی شناختی کارڈ کی شرط پر عمل چاہتے ہیں۔

شبر زیدی کے مطابق پاکستان کو حوالہ ہنڈی نے نقصان پہنچایا ہے، افغان ٹرانزٹ پر مناسب چیک اینڈ بیلنس نہ ہونے سے نقصان ہوا، بجٹ میں ٹیکس کا پورا نظام بدل رہے ہیں، ایک دن میں مختلف شعبوں کے 15 وفود سے مل رہا ہوں، ٹیکس فری کے عادی شناختی کارڈ کی شرط پر اعتراض کررہے ہیں۔

مزید پڑھیں: ہروہ شخص جو500 گز کے گھر کا مالک ہے، ریٹرن فائل کرنا ہوگا، شبر زیدی

انہوں نے کہا کہ معیشت کو دستاویزی بنانے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے، ہر کوئی شناختی کارڈ کو این ٹی این قرار دینے کے حق میں ہے، شناختی کارڈ کی چھوٹی سی شرط عائد کی پورا پاکستان مخالف ہوگیا، یہ مائنڈ سیٹ عام دمی کا نہیں ہے ٹیکس فری ماحول میں رہنے والوں کا ہے۔

چیئرمین ایف بی آر نے کہا کہ پاکستان میں کچھ بڑی کمپنیاں ہر سال 25 فیصد منافع کماتی ہیں، پاکستان میں صنعتوں کو ختم کرکے تجارت کو فروغ دیا گیا، پاکستان جوتے بھی درآمد کرتا ہے کیونکہ صنعت بند ہے، المیا ہے کہ اصل آمدنی پر ٹیکس نہیں لگایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ شناختی کارڈ کی شرط کے خلاف ہڑتال اور مزاحمت کی جارہی ہے، امیر کہتے ہیں ہم زکوٰۃ دیتے ہیں، یہ کافی نہیں، ویلتھ ٹیکس دینا ہوگا، پاکستانیوں کو اب ٹیکس کا کلچر اپنانا ہوگا۔

کرپٹ عناصر کو میانوالی جیل میں ڈالیں، سارا پیسہ واپس کردیں گے، شیخ رشید

0

میانوالی: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ کرپٹ عناصر کو ایک ماہ کے لیے میانوالی جیج بھیج دیں یہ سارا پیسہ واپس کردیں گے۔

تفصیلات کے مطاسبق وزیر ریلوے شیخ رشید نے میانوالی ایکسپریس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چوروں کو جیلوں میں فائیو اسٹار ہوٹل جیسی سہولتیں مل رہی ہیں، ان کو ایک ماہ کے لے میانوالی جیل بھیج دیں لوٹا پیسہ بھی واپس کردیں گے۔

وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا کہ میں نے 7 سال بغیر کوئی جرم کیے جیل میں گزارے تھے۔

انہوں نے کہا کہ عوام کا وزیراعظم عام طیارے میں امریکا کے دورے پر جارہا ہے، وزیراعظم عمران خان آئی ایم ایف کے قرضے ری شیڈول کرالیں گے۔

شیخ رشید نے کہا کہ 2800 ریلوے پھاٹک میں سے 1500 پر ملازمین تعینات نہیں ہیں، ماڑی ایکسپریس 90 سے بند تھی اب دوبارہ چلائی جارہی ہے۔

مزید پڑھیں: جوزیادہ چیخ رہاہےاس کی اگلی باری ہے، شیخ رشید

وزیر ریلوے نے کہا کہ ہم نے اپنے وسائل میں رہتے ہوئے 36 ٹرینیں چلائی ہیں، 10 ماہ میں ریلوے پر سفر کرنے والے مسافروں کی تعداد میں 70 لاکھ اضافہ ہوا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ جو زیادہ چیخ رہا ہے اس کی اگلی باری ہے، شاہد خاقان کی گرفتاری کے بعد ایل این جی کیس میں ابھی بہت سی گرفتاریاں ہوں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ میرے پاس جتنی دستاویزات ہیں عدالت میں جمع کراچکا ہوں، 90 دن میں بڑے بڑے کیسز کے فیصلے ہوجائیں گے، شاہد خاقان کی گرفتاری میرے لیے کوئی نئی خبر نہیں تھی۔