پیر, جون 23, 2025
ہوم بلاگ صفحہ 2275

صوابی جلسے میں امریکی جھنڈا لہرانے کا واقعہ ، پی ٹی آئی کا ردعمل آگیا

0
صوابی جلسے امریکی جھنڈا

پشاور : صوابی جلسے میں امریکی جھنڈا لہرانے کے واقعے پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا ردعمل آگیا۔

تفصیلات کے مطابق مشیراطلاعات کے پی بیرسٹرسیف نے جلسے میں امریکی جھنڈا لہرانے کا الزام حکومت پرعائد کردیا۔

صوبائی مشیر اطلاعات نے کہا کہ صوابی جلسےمیں امریکی جھنڈا لہرانا جعلی حکومت کا سوچا سمجھا منصوبہ ہے، امریکی جھنڈا جعلی حکومت کے کارندوں نے سازش کے تحت لہرایا۔

ان کا کہنا تھا کہ جعلی حکومت اس قسم کے اوچھے ہتھکنڈوں کی ماہر ہے، ایسی حرکتوں سے جعلی حکومت بانی پی ٹی آئی کو عوام کے دلوں سے نہیں نکال سکتی۔

صوبائی مشیر نے بتایا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے جلسےمیں امریکی جھنڈا لہرانے کے واقعے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے تحقیقات کی ہدایت کردی۔

انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی جلسے میں امریکی جھنڈا لہرانے کومسترد کرتےہیں، جھنڈا لہرانے والے کیخلاف کارروائی کی جائے گی۔

کراچی ایئرپورٹ حملے میں ملوث نیٹ ورک کا پتا لگا لیا، وزیر داخلہ سندھ

0

کراچی: وزیر داخلہ سندھ ضیا لنجار نے کہا ہے کہ کراچی ایئرپورٹ خودکش حملے میں ملوث نیٹ ورک کا پتا لگا لیا گیا ہے، بشیر نامی شخص ان کا ہیڈ ہے جو بیرون ملک سے کالعم بی ایل اے کی سرگرمیاں دیکھ رہا ہے۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر داخلہ ضیا لنجار نے کہا گل رحمان کالعدم بی ایل اے کا سینٹر پوائنٹ ہے، اس حملے کے لیے گاڑی میں بارود بلوچستان میں نصب کیا گیا تھا، گاڑی حب سے کراچی آئی تو گل نسا نامی خاتون ساتھ تھی۔

وزیر داخلہ سندھ نے بتایا کہ جاوید نامی سہولت کار نے ریکی کی تھی، اس نے آخری ویڈیو بنا کر ہوٹل کے قریب سے بھیجی، وہ رات 9 بجے ایئرپورٹ پیدل گیا تھا، جاوید نے ایئرپورٹ سے کال کر کے چینیوں کے نکلنے کا بتایا، وزیر داخلہ کے مطابق جاوید کی شناخت سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے کی گئی۔

انھوں نے کہا حملے میں استعمال ہونے والی گاڑی بینکنگ چینل کے ذریعے کراچی سے خریدی گئی تھی، فنگر پرنٹ سے خودکش حملہ آور کی شناخت فہد کے نام سے ہو گئی ہے، رکشے والا فرحان نامی شخص بھی گاڑی کے ساتھ تھا۔

گل رحمان نامی کردار بی ایل کو ہیڈ کررہا ہے، جب کہ شیر زیب بیرون ملک مقیم ہے، ایک کردار وشنے نام کا بھی سامنے آیا ہے جو اب تک تو ایک فرضی نام معلوم ہوتا ہے۔ وزیر داخلہ کے مطابق سی ٹی ڈی اور دیگر ادارے دانش نامی سہولت کار کے تعاقب میں ہیں، جب کہ گل نسا، جاوید، شریف اور فرحان نامی ملزمان گرفتار ہیں۔

ضیا لنجار نے کہا کہ دہشت گرد نوجوانوں کا ذہن خراب کر رہے ہیں، اس میں کراچی اور بلوچستان کی یونیورسٹیاں ملوث ہیں، یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز اور دیگر ایسے لوگوں کو ظاہر کریں۔

سپریم کورٹ میں ٹیکس کیس کی سماعت کے دوران ایک بار پھر آئینی بینچوں کا تذکرہ چھڑگیا

0
سپریم کورٹ آئینی بینچ

اسلام آباد : سپریم کورٹ میں ٹیکس سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران ایک بار پھر آئینی بینچ کا تذکرہ چھڑ گیا۔

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں ٹیکس سےمتعلق کیس کی سماعت ہوئی ، جسٹس منصور علی شاہ کی سربراہی میں 3رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔

ٹیکس سےمتعلق کیس کی سماعت کےدوران آئینی بینچ کا تذکرہ آیا، جسٹس عائشہ ملک نے کہا کہ یہ کیس آئینی بینچ سنے گا ہم ریگولر بینچ سن رہےہیں۔

جسٹس منصور علی شاہ نے ریمارکس دیئے اس وقت آئینی بینچ نہیں تو یہ جو غیر آئینی بینچ بیٹھا ہےاس کا کیا کرنا ہے، جب تک آئینی بینچ نہیں بیٹھے گا کیا ہم غیر آئینی ہیں؟ مطلب جب تک آئینی بینچ نہیں بیٹھتا آئینی مقدمات نہیں سنے جائیں گے۔

جسٹس منصور کا کہنا تھا کہ ہم اس کیس کو سن بھی لیں تو کوئی ہمیں پوچھ نہیں سکتا، اب بار بار یہ سوال سامنے آرہا ہے کیس ریگولر بینچ سنے گا یا آئینی بینچ۔

سپریم کورٹ کے جج نے سوال کیا اگر ہم کیس کا فیصلہ کر بھی کر دیتے ہیں تو کیا ہوگا؟ چلیں ہم خود فیصلہ کر دیتے ہیں توہمیں کون روکنے والا ہے؟ نظر ثانی بھی ہمارے پاس آئےگی تو ہم کہہ دیں گےہمارا دائرہ اختیار ہے، آئینی مقدمات ریگولر بینچ نہیں سن سکتا وکلا کی طرف سے بھی معاونت نہیں آرہی۔

جسٹس عقیل عباسی نے ریمارکس میں کہا کہ ابھی ہم یہ کیس سن سکتے ہیں یا نہیں، جسٹس منصور علی شاہ کا کہنا تھا کہ تھوڑا وقت دیں تو دیکھتے ہیں کیا ہوتاہے۔

جسٹس عائشہ ملک نے کہا کہ آرٹیکل 2 اے کے مطابق پریکٹس اینڈ پروسیجر کمیٹی فیصلہ کرے گی ،ابھی وقت لگے گا، پریکٹس اینڈ پروسیجر کمیٹی فیصلہ کرے گی کہ یہ کیس آئینی بینچ سنے گا یا ریگولر۔

جسٹس منصورعلی شاہ نے مسکراتے ہوئے ریمارکس دیئے ہم آپ کی گزارش پرکوئی نقطہ نظر نہیں دے سکتے اسے ملتوی کر دیتے ہیں، ہم صرف گپ شپ لگا رہے ہیں۔

بعد ازاں سپریم کورٹ نے کیس کی سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی۔

عوام کے لیے نئی مشکل : گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتوں میں ایک بار پھر بڑا اضافہ

0
کوکنگ آئل

لاہور : گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ ہوا، جس کے بعد قمیتیں 550 سے تجاوز کرگئیں۔

تفصیلات کے مطابق گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتوں میں ایک بار پھر 30 روپے فی کلو اضافہ ہوا، جس کے بعد کوکنگ آئل کی قیمت 530 روپے سے بڑھ کر 560 روپے اور گھی کی قیمت 520 سےبڑھ کر 550 روپے فی کلو ہوگئی۔

کراچی برانڈڈ گھی درجہ سوئم 500 روپے فی کلو میں فروخت ہورہا ہے، مارکیٹ ڈیلرز نے کہا کہ کراچی برانڈڈ گھی کی قیمت 1ماہ میں120 روپے بڑھ چکی ہے، گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتیں مزید بھی بڑھ سکتی ہیں۔

یاد رہے گذشتہ ماہ کے آخر میں ملک بھر میں گھی اور تیل کی قیمتوں میں فی کلو 40 سے 50 روپے کا بڑا اضافہ ہواتھا۔

چیئرمین بناسپتی مینوفیکچررز عمر ریحان نے بتایا تھا کہ بین الاقوامی مارکیٹ میں پام آئل کی قیمت میں 300 ڈالر فی ٹن اضافہ ہوا، عالمی مارکیٹ میں گزشتہ 2 ماہ میں پام آئل 900 سےبڑھ کر1200 ڈالرفی ٹن پہنچ گیا۔

عمر ریحان کا کہنا تھا کہ پام آئل کی قیمتوں اضافے کے بعد ملک بھر میں قیمتوں میں اضافہ جاری ہے جبکہ حکومت تیل اورگھی پر 100 روپے فی کلو ٹیکس وصول کر رہی ہے۔

چیئرمین بناسپتی مینوفیکچررز نے کہا تھا کہ وزیر خزانہ سےملاقات میں گھی اور تیل پر ٹیکس میں کمی کی اپیل کی تھی، پاکستان سالانہ 32لاکھ ٹن پام آئل امپورٹ کرتا ہےملک بھر کی طلب 45لاکھ ٹن ہے۔

ہانیہ عامر شادی کب کر رہی ہیں؟ اداکارہ نے بتادیا

0

پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ ہانیہ عامر نے شادی سے متعلق اپنے چاہنے والوں کو اپنے ارادے سے آگاہ کیا۔

معروف اداکارہ ہانیہ عامر ان دنوں کینیڈا میں موجود ہیں، ٹورنٹو میں اپنے چاہنے والوں سے ملاقات کے لئے ایک تقریب میں شریک ہوئیں۔

مداحوں نے اس تقریب کے دوران اداکارہ سے ان کے کیریئر اور نجی زندگی کے بارے میں سوالات پوچھے۔

اپنی شادی سے متعلق پوچھے گئے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے اداکارہ کا کہنا تھا کہ میرا فی الحال شادی کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔

اداکارہ کا مزید کہنا تھا کہ میں ایک سادہ سی لڑکی ہوں اور جب بھی میری شادی ہوگی تو میں سب کو بتا کر کروں گی کسی سے کچھ نہیں چھپاؤں گی۔

اُنہوں نے کہا کہ جب آپ کسی کو اپنے دل کی گہرائی سے پیار کرتے ہیں تو کوئی بھی پابندی آپ کو روک نہیں سکتی، اداکارہ نے ایک اور سوال پر کہا کہ سرحدیں لوگوں کو الگ نہیں کر سکتیں۔

انہوں نے بتایا کہ اپنے چاہنے والوں سے ملاقات کے لئے دیگر ممالک جاتی رہتی ہوں، اس سے مجھے خوشی ملتی ہے۔

دوسری جانب برطانوی نژاد پاکستانی صحافی اور ہانیہ کی ڈیبیو فلم ’جانان‘ کی پروڈیوسر ریحام خان کا کہنا ہے کہ انہیں ہانیہ پر فخر ہے کہ وہ بالی ووڈ میں کام کریں گی۔

ایک حالیہ پوڈ کاسٹ انٹرویو کے دوران ریحام خان نے کہا کہ مجھے ہانیہ پر بہت فخر ہے اور یہ مجھے بہت جذباتی کرتا ہے، میری فلم جانان میں وہ واحد اداکار تھی جسے میں نے کاسٹ کیا اور وہ میری پہلی پسند تھی۔

صوبہ سندھ سے متعلق بڑا فیصلہ کر لیا گیا

0

سندھ سے متعلق بڑا فیصلہ کر لیا گیا ہے اور وفاق کے بعد اب اس صوبے میں بھی غیر ضروری اسامیاں ختم کی جا رہی ہیں۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق وفاق کے بعد سندھ میں بھی غیر ضروری اسامیاں ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے اور چیف سیکریٹری سندھ نے اس حوالے سے متعلقہ حکام کو مراسلے ارسال کر دیے ہیں۔

چیف سیکریٹری سندھ نے ایڈیشنل چیف سیکریٹریز، سیکریٹریز، ممبر بورڈ آف ریونیو، رجسٹرار سندھ ہائی کورٹ، کمشنرز کو خطوط لکھ کر اس حوالے سے ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔

چیف سیکریٹری نے اپنے خط میں لکھا ہے کہ سندھ کابینہ نے 14 ستمبر کو غیر ضروری اسامیاں ختم کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ اب اس پر عملدرآمد کا وقت آ گیا ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ تمام محکمے غیر ضروری اسامیاں ختم کریں اور جو پوسٹیں عرصہ دراز سے خالی پڑی ہیں، انہیں فوری طور پر ختم کیا جائے۔

چیف سیکریٹری نے کہا کہ مختلف اسباب کے باعث یہ اسامیاں اپنی اصل اہمیت کھو چکی ہیں اور غیر ضروری اسامیوں کے باعث سرکاری خزانے کو بوجھ اٹھانا پڑ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مالی مشکلات کے باعث فوری غیر ضروری پوسٹوں کو ختم کیا جائے۔ ان اسامیوں کے خاتمے سے گورننس بہتر اور مالی مشکلات کم ہونگی۔

چیف سیکریٹری کی جانب سے مراسلے کے ساتھ 11 نکاتی پرو فارما بھیجا گیا ہے، جس میں اسامیوں کی تفصیلات طلب کی گئی ہیں۔

کیا ’کپل شرما شو‘ میں سدھو کی واپسی ہوگئی؟

0

بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق بہترین بلے باز اور ’کپل شرما شو‘ کے سابق جج نوجوت سنگھ سدھو پانچ سال کے طویل عرصے بعد کپل سے دوبارہ مل گئے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ’دی گریٹ انڈین کپل شو‘ کے نئے پرومو میں اس بات کا انکشاف ہوا ہے کہ نوجوت سنگھ سدھو آئندہ قسط میں موجود ہوں گے۔ پرومو میں دکھایا گیا ہے کہ نوجوت جج کی کرسی پر بیٹھے ہیں جبکہ ارچنا پورن سنگھ حیران و پریشان دکھائی دے رہی ہیں۔

پرومو میں، کپل شرما نے یہ ظاہر کیا کہ ارچنا پورن سنگھ نے ایسا میک اوور کرایا ہے جس سے وہ سدھو جیسے لگ رہی ہیں۔

نوجوت نے کپل کی اس وضاحت پر واضح کیا کہ حقیقت میں وہ خود ہی ہیں، اس پر ارچنا نے اسٹیج پر آ کر کپل سے کہا کہ وہ اس معاملے میں مداخلت کریں اور سردار صاحب سے کہیں کہ وہ کرسی سے اٹھ جائیں۔ وہ میری جگہ پر بیٹھ گئے ہیں۔

بطور مہمان آئے ہربھجن سنگھ نے اس موقع پر نوجوت کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی کرسی پر بیٹھ جائے، لیکن سدھو کی جگہ نہیں لے سکتا۔

بھارتی ٹیم کے سابق کرکٹ اسٹار ہربھجن سنگھ بھی اپنی اہلیہ گیتا بسرا کے ساتھ شو میں نظر آئیں گے، سنیل گروور بھی سدھو کے روپ میں دوبارہ نظر آئیں گے۔

مشی خان لائیو شو کے دوران گر پڑیں، ویڈیو وائرل

واضح رہے کہ سدھو نے 2019 میں ”دی کپل شرما شو” سے کنارہ کشی اختیار کرلی تھی، ان کی رخصتی کی وجہ پلوامہ حملے کے بعد ان کے تبصرے پر ہونے والی تنقید تھی۔

ٹرمپ اقتدار میں آتے ہی کون سے اہم فیصلے کریں گے؟

0

ڈونلڈ ٹرمپ دوسری بار امریکا کے صدر منتخب ہو گئے ہیں اور وہ آئندہ سال 20 جنوری کو اس منصب پر فائز ہو جائیں گے۔

گزشتہ منگل کو ڈونلڈ ٹرمپ بھاری اکثریت سے دوسری بار امریکی صدر منتخب ہوئے اور منتخب ہونے کے بعد انہوں نے سب کو باور کرایا کہ وہ اقتدار سنبھالنے کے ’’پہلے روز کے علاوہ‘‘ ہرگز کبھی ڈکٹیٹر نہیں ہوں گے۔ پہلے روز وائٹ ہاؤس میں ان کے سامنے کرنے کے لیے بہت کچھ ہوگا۔

غیر ملکی میڈیا العربیہ کے مطابق ٹرمپ کی فہرست میں تارکین وطن کی اجتماعی بے دخلی، تعلیم کے حوالے سے بائیڈن انتظامیہ کی پالیسیوں کو ختم کرنا، وفاقی حکومت کے ڈھانچے کی از سر نو تشکیل شامل ہے۔

ٹرمپ کے ابتدائی ایجنڈے میں  ممکنہ طور پر ان ہزاروں وفاقی ملازمین کو برطرف کیا جا سکتا ہے جن کے بارے میں خیال ہے کہ وہ خفیہ طور پر ٹرمپ کے خلاف کام کر رہے ہیں اور ان افراد کی معافی شامل ہے جن کو 6 جنوری 2021 کو کیپیٹول کی عمارت میں ہنگامہ آرائی کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔

ٹرمپ صدر منتخب ہونے کے بعد پہلے ہی واضح کر چکے ہیں کہ وہ منصب سنبھالنے کے بعد "دو سیکنڈ کے اندر” اپنے خلاف دو وفاقی مقدمات کی تحقیقات کرنے والے اسیپشل پراسکیوٹر جیک اسمتھ کو برطرف کر دیں گے۔

جب کہ وہ پہلے ہی ان دونوں مقدمات کو ختم کرنے کے طریقہ کار کا جائزہ لے رہیں کیوں کہ وزارت انصاف کی پالیسی کے مطابق موجودہ صدور کے خلاف عدالتی کارروائی نہیں ہو سکتی۔

دوسری جانب امریکا کے موجودہ صدر جو بائیڈن اور نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی وائٹ ہاؤس میں ملاقات ہوگی۔ اس حوالے سے قومی سلامتی کے مشیر جیک سولیون کا کہنا ہے کہ اس ملاقات کے دوران میں امریکا کی مقامی اور بیرونی پالیسیوں کی اولین ترجیحات زیر بحث آئیں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ بائیڈن کا پہلا پیغام اقتدار کی پر امن منتقلی کی ضمانت ہے۔ اسی طرح وہ ٹرمپ کے ساتھ یورپ، ایشیا اور مشرق وسطیٰ کی تازہ ترین صورت حال پر تبادلہ خیال کریں گے۔

کراچی کے نوجوان طلبہ کے لیے خوشخبری

0

کراچی: شہر قائد میں پاکستان انسٹیٹیوٹ آف فیشن اینڈ ڈیزائن (پی آئی ایف ڈی) کے کیمپس کا آغاز ہونے جا رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین ایم کیو ایم پاکستان اور وفاقی وزیر تعلیم و سائنس اینڈ ٹیکنالوجی خالد مقبول صدیقی کی کوششوں سے لاہور میں قائم تعلیمی ادارے پی آئی ایف ڈی کے کیمپس کا کراچی میں آغاز ہو رہا ہے، جو کراچی کے نوجوان طلبہ کے لیے ایک خوشخبری ہے، کراچی چیپٹر کا افتتاح خالد مقبول صدیقی آج کریں گے۔

خالد مقبول صدیقی نے اس حوالے سے کہا کہ اس چیپٹر کے آغاز سے کراچی کے طلبہ کو ایک اعلیٰ تعلیمی ادارے میں تعلیم حاصل کرنے کے مواقع حاصل ہو سکیں گے، حکومت کی کوشش ہے کہ اس ادارے کو پاکستان کے تمام علاقوں سے جوڑا جائے۔

انھوں نے کہا دنیا میں سو بڑی کمپنیاں ڈگری کی شرط ختم کر کے فنی مہارت کو ترجیح دے رہی ہیں، لہٰذا ہمیں بھی اپنے بچوں کو فنی تعلیم کی جانب راغب کرنا چاہیے۔

خالد مقبول کا کہنا تھا کہ پی آئی ایف ڈی طلبہ کی نمایاں کامیابیوں اور فیشن انڈسٹری میں مستقبل کے لیڈروں کی پرورش میں اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔

پیرس اولمپکس کی وجہ سے فرانس میں کون نقصان میں رہا؟

0

رواں سال فرانس کے دارالحکومت میں کامیابی سے منعقد ہونے والے پیرس اولمپکس نے جہاں شہرت سمیٹی وہیں ایک ادارے کو نقصان بھی ہوا۔

کھیلوں کے عالمی مقابلے جس ملک میں بھی منعقد ہوں۔ وہاں تفریحی سرگرمیاں بڑھنے کے ساتھ دنیا بھر سے کھیلوں کے شائقین کی آمد کے باعث تجارتی سرگرمیاں بڑھتی اور ملکی معیشت کو نقصان ہوتا ہے لیکن فرانس میں اس کے بالکل الٹ ہوا ہے۔

پیرس میں رواں سال جولائی میں اولمپکس کا انعقاد کامیابی سے ہوا لیکن کھیلوں کے اس سب سے بڑے میلے کی وجہ سے فرانس کی فضائی کمپنی ایئر فرانس کو مالی نقصان ہوا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق ایئر فرانس کے ایل ایم نے تیسری سہ ماہی رپورٹ جاری کی جس میں کمپنی کے خالص منافع میں تیزی سے کمی نوٹ کی گئی، جس کی وجہ اولمپک کھیلوں کے دوران مسافروں کا پیرس سفر سے گریز بتایا گیا ہے۔

سہ ماہی رپورٹ میں فرانکو ڈچ گروپ نے 824 ملین یورو (887 ملین ڈالر) کا بعد از ٹیکس منافع ظاہر کیا ہے جو کہ گزشتہ سال کے اسی تین ماہ کی مدت کے دوران ہونے والے نفع کے مقابلے میں 13 فیصد کم ہے۔

ایئر فرانس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اولمپک کھیلوں کی وجہ سے پیرس جانے والے بین الاقوامی سیاحوں کی تعداد کم ہوئی اور اسی وجہ سے 160 ملین یورو کا نقصان اٹھانا پڑا۔

واضح رہے کہ ایئر فرانس پیرس 2024 اولمپک اور پیرا اولمپک گیمز کا ایک آفیشل پارٹنر بھی تھا اور اس نے اس موقع پر اپنے جدید ترین طویل فاصلے کے طیارے کا نام ‘پیرس’ رکھا تھا، جو جدید دور کے 33 ویں اولمپیاڈ کا میزبان شہر تھا۔