ہوم بلاگ صفحہ 26411

کشکول توڑنے کیلئے ایک قوم بننا پڑے گا,چودھری محمد سرور

0

گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے کہا ہے کہ کالا باغ ڈیم سمیت کئی قومی معاملات سیاست کا شکار ہیں، کشکول توڑنے کیلئے ایک قوم بننا پڑے گا۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ بلدیاتی انتخابات ہونے چاہئیں، یہی بنیادی جمہوریت ہے، بدقسمتی سے کچھ قومی معاملات سیاست کا شکار ہوگئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایران نے گیس پائپ لائن کو اپنے ملک میں مکمل کرلیا ہے لیکن پاکستان میں یہ منصوبہ الجھا ہوا ہے، کشکول توڑنے اور آئی ایم ایف کے چنگل سے نکلنے کے لیے پہلے ہمیں ایک قوم بننا پڑے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ جب تک سیلاب، زلزلے اور صاف پانی کے منصوبوں کے فنڈز ہڑپ کئے جاتے رہیں گے ۔

کوئی ہم پر اعتماد نہیں کریگا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ مغرب کا پاکستان میں اقلیتی حقوق سے متعلق نظریہ غلط فہمی کا شکار ہے، کرسمس کی تقریب گورنر ہاؤس میں ہوئی، آئندہ ہولی کی تقریب بھی ادھر ہی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ گورنر ہاؤس اور محکمہ تعلیم کے درمیان کوئی اختلافات نہیں، وزیر اعلی پنجاب سے میری مکمل ہم ہنگی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ یونیورسٹیوں کے نئے کیمپس بننے میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے مخالف نہیں ہیں۔

لاہور:واپڈا ملازمین کا مہنگائی، بیروزگاری،نجکاری کیخلاف مظاہرہ

0

لاہور میں واپڈا ملازمین نے مہنگائی، بیروزگاری، بجلی گیس کی بندش اور بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ واپڈا پیغام یونین کی کال پر ہونےوالے احتجاجی مظاہرے کے بعد لاہور پریس کلب کے سامنے دھرنا بھی دیا گیا۔

شرکاءنے بینرز اور پلے کارڈ زاٹھا رکھے تھے جن پر مہنگائی کیخلاف نعرے درج تھے۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل پیغام یونین احسان احمد چوہدری کا کہنا تھا کہ اس سے پہلے بھی کئی قومی اداروں کی نجکاری کی گئی ،جس سے ہزاروں ملازمین بیروزگار ہوئے۔

مہنگائی کا یہ عالم ہے کہ بنیادی اشیاءبھی عوام کی پہنچ سے دور ہو گئی ہیں۔ اُنہوں نے مطالبہ کیا کہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری کے بجائے اِن کی اصلاح کی جائے تاکہ مزید ملازمین کوبیروز گار ہونے سے بچایا جا سکے۔

 

سعودی عرب کے وزیر خارجہ منگل کو پاکستان کا دورہ کرینگے

0

سعودی عرب کے وزیر خارجہ سعود الفیصل منگل کو پاکستان کا دورہ کرینگے، دورے میں پاکستان اور سعودی عرب کے دوطرفہ تعلقات، تجارتی تعاون، دہشت گردی کے خلاف جنگ سمیت اہم امور پر بات چیت شامل ہوگی۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق سعودی وزیر خارجہ اہم دورے پر منگل کو پاکستان آئیں گے، دورے کے دوران دونوں ملکوں کے اسٹریٹجک مفادات،علاقائی مسائل اور عالمی معاملات پر تبادلہ خیال ہوگا۔

سعودی عرب کی کسی اعلیٰ سطح کی شخصیت کا یہ دورہ طویل وقفے کے بعد ہو رہا ہے، وفد میں کئی اہم سعودی عہدیدار بھی شامل ہوں گے، سعودی وفد شاہ عبداللہ کا اہم پیغام بھی پاکستانی قیادت کو پہنچائے گا۔
   

قائد الطاف حسین کا پرویزمشرف کی علالت پر تشویش کا اظہار

0

 متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے سابق صدرپرویزمشرف کی علالت پر تشویش کااظہار کیا ہے۔

ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے ایک بیان میں سابق صدر پرویزمشرف کی علالت پر تشویش کا اظہارکرتے ہوئے ان کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کی، الطاف حسین نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ سابق صدر پرویز مشرف کی صحت یابی کے لئے دعا کریں۔
   

آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس

0

آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی سربراہی میں کور کمانڈر کانفرنس ہوئی، کانفرنس میں فوج کے پیشہ وارانہ امور اور ملک کی سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی غور کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کی زیر صدارت جنرل ہیڈ کوارٹر راولپنڈی میں منعقد ہونے والی کور کمانڈرز کانفرنس میں جنوبی اور شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف جاری کاروائیوں کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس مین فوج کے پیشہ وارانہ امور اور ملک کی مجموعی سیکیورٹی کی صورتحال پر تفصیلی غور کیا گیا، آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈر کانفرنس معمول کے مطابق ہر ماہ ہوتی ہے۔
  
 
   

ابو ظہبی ٹیسٹ:پاکستانی ٹیم پہلی اننگز میں تین سو تراسی رنز بناکرآؤٹ

0

ابو ظہبی ٹیسٹ میں پاکستانی ٹیم پہلی اننگز میں تین سو تراسی رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ یونس خان اور مصباح الحق کی سینچریوں کی بدولت قومی ٹیم نے پہلی اننگز میں سری لنکا پر ایک سو اناسی رنز کی برتری حاصل کرلی۔ ابوظہبی ٹیسٹ کے دوسرے روز سری لنکن بولرز نےبھرپور کم بیک کیا۔

پاکستان کے آخری چھ کھلاڑی اسکور میں صرف چھپن رنز کا اضافہ کرسکے۔ تین سو ستائیس رنز چارکھلاڑی آؤٹ پر پاکستان نے پہلی اننگز کا آغاز کیا تو اسد شفیق زیادہ دیر تک حریف بولرز کے سامنے مزاحمت نہ کرسکے اور تیرہ رنزبناکر پویلین لوٹ گئے۔

عدنان اکمل بھی ٹیم کے لئے کچھ نہ کرسکے اور چھ رنزبناکر اپنی وکٹ دے بیٹھے۔ سعید اجمل اور راحت علی نے بھی ہتھیار ڈال دیئے. پاکستانی کپتان مصباح الحق ایک سو پینتیس رنز کی شاندار اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔

سری لنکا کی پہلی اننگز کے اسکور دو سو چار رنز کے جواب میں پاکستانی ٹیم تین سو تراسی رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ یونس خان اور مصباح کی ذمہ دارانہ بیٹنگ کی بدولت قومی ٹیم نے سری لنکا کے خلاف ایک سو نواسی رنز کی برتری بھی حاصل کرلی ہے۔

 

تین روز تک سردی کی شدت برقرار رہنے کی پیش گوئی

0

ملک بھر سرد موسم اپنے جوبن پر ہے, پہاڑی علاقوں میں برف باری سے بالائی علاقوں کی رابطہ سڑکیں بند ہیں، محکمہ موسمیات نے تین روز تک سردی کی شدت برقرار رہنے کی پیش گوئی کردی۔

ملک بھر میں سردی نئے نئے ریکارڈ بنارہی ہیں، کئی شہروں میں ٹھنڈ نے دہائیوں کے پرانے ریکارڈ توڑ دیئے، گلگت بلتستان کے بلند و بالا پہاڑوں پر برف ہی برف کے نظارے ہیں تو سندھ اور بلوچستان کے ساحلی علاقے یخ بستہ ہواؤں کی لیپٹ میں ہیں، بالائی علاقے سوات اور ایبٹ آباد میں برفباری کے باعث رابطہ سڑکیں بند ہیں۔

کوئٹہ شہر میں قلفی جما دینے والی سردی میں پانی بھی لائنوں میں جم گیا، محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے تین روز تک سردی کی شدت میں کمی کا امکان نہیں، پنجاب کے میدانی علاقوں میں دھند چھائے رہنے کا امکان ہے، سب سے کم درجہ حرارت استور میں منفی تیرہ سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

شہروں کے درجہ حرارت بھی کچھ اسطرح رہے، اسلام آباد منفی تین، لاہور ایک، کراچی نو، پشاور صفر اور کوئٹہ میں منفی نو ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
   

بلدیاتی انتخابات:سندھ اورپنجاب میں تیاریاں سست روی کا شکار

0

سندھ اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کےلئےتیاریاں غیریقینی صورتحال کے سبب سست روی کا شکار ہوگئیں۔

سندھ میں بلدیاتی انتخابات میں صرف سولہ دن باقی رہ گئے ہیں، ہائی کورٹ کے حکم کے بعد تیاریاں سست روی کا شکار ہوگئیں، نامزدگی فارم جمع ہونے کے بعد کراچی مین کاغذات کی جانچ کا کام مکمل طورپر شروع نہ ہوسکا۔

ذرائع کے مطابق ریٹرننگ افسران کو تاحال متعقلہ دستاویزات موصول نہیں ہوئیں، جس کے ذریعے کاغذات کی جانچ کی جاتی ہے، ضلع سینٹرل میں کاغذات کی جانچ کا کام ایک دن تاخیرکے بعد شروع ہوگیا۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری شیڈول کے مطابق سندھ میں اسکروٹنی کا عمل پانچ جنوری تک مکمل کرنا ہے، جس کے بعد منظور یا مسترد کاغذات کے خلاف دائر اپیلوں پر فیصلے سنائے جائیں گئی۔

تیرہ جنوری کو حتمی فہرست جاری کرنے کے بعد اٹھارہ جنوری کو بلدیاتی دنگل سجے گا، پنجاب میں بھی بلدیاتی انتخابات کا انعقاد کھٹائی میں پڑتا نظر آرہا ہے۔

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ پنجاب میں نئی حلقہ بندیوں کے ساتھ بلدیاتی انتخابات کے شیڈول پر عمل در آمد ممکن نہیں ہے، الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت کی جانب سے انتخابات کے التواء کی درخواست دی گئی تو حلقہ بندیوں کے لئے درکار وقت کا جائزہ لیا جائے گا۔
   

غداری کیس:مشرف کے پیش نہ ہونے پر فیصلہ محفوظ

0

غداری کیس میں خصوصی عدالت نے مشرف کی عدم پیشی سے متعلق فیصلہ چار بجے تک محفوظ کرلیا، پراسیکیوٹر اکرم شیخ نے کہا کہ مشرف کو دل کی تکلیف کا بہانہ کیا گیا ہے، ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کئے جائیں۔

غداری کیس میں پرویز مشرف پر فرد جرم عائد کرنے کیلئے تیسری سماعت ہوئی، سابق صدر آج بھی پیش نہیں ہوئے، فرد جرم عائد ہوتے وقت ملزم کا عدالت میں حاضر ہونا لازمی ہوتا ہے۔

مشرف کے وکیل شریف الدین پیرزدہ نے سماعت پیر تک ملتوی کرنے کی استدعا کی، عدالت نے مشرف کے پیش نہ ہونے پر ریمارکس دئیے کہ آج مشرف پیش نہیں ہوئے تو پھر قانون کے مطابق کاروائی ہوگی۔

عدالت کا بیشتر وقت پراسیکویٹر اور مشرف کے وکلا کے درمیان تلخ کلامی میں گزرا، عدالت نے گیارہ بجے یہ ہدایت دیتے ہوئے سماعت آدھے گھنٹے کے لئے ملتوی کی کہ پرویز مشرف کو آج لازمی پیش کیا جائے۔

مشرف کا قافلہ گھر سے پونے گیارہ بجے کے بعد نکلا تو قیاس کیا جارہا تھا کہ وہ عدالت جارہے ہیں لیکن قافلہ آرمی اسپتال راولپنڈی چلا گیا، اس دوران سماعت کا وقت دوبارہ شروع ہوگیا، عدالت نے پوچھا کہ پرویز مشرف کہاں ہیں۔

ڈی آئی جی سیکیورٹی جان محمد نے عدالت کو بتایا کہ مشرف کو عدالت لایا جارہا تھا کہ ان کی راستے میں طبیعت خراب ہوگئی، انہیں عسکری ادارہ برائے امراض قلب منتقل کیا گیا ہے ، آج ان کی پیشی ممکن نہیں۔

اس موقع پر پراسیکیوٹراکرم شیخ نے کہا کہ دل کی تکلیف کا بہانہ کیا گیا ہے، پرویزمشرف کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کئے جائیں، تاہم عدالت نے عدم پیشی پر چار بجے تک فیصلہ محفوظ کرتے ہوئے سماعت پیرتک ملتوی کردی۔
   

کے پی کے حکومت نے ایوب میڈ یکل کالج میں غیرقانونی ترقیوں کا نوٹس لے لیا

0

خیبر پختو نخواہ حکومت نے صوبہ کے دوسرے بڑے ایوب میڈ یکل کالج ایبٹ آباد میں ہونے والی مالی بے ضا بطگیوں، اورضا بطہ سے ہٹ کر ہونے والی غیرقانونی ترقیوں کا نوٹس لے لیا، حکومت نے صوبائی ہیلتھ سروسز اکیڈمی اور انٹی کرپشن کو پندرہ روز کے اندر تحقیقات مکمل کر کے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیدیا

آج سے تحقیقات کا باقاعدہ آغاز ہو گیا۔ ایوب میڈ یکل کالج میں گزشتہ کہیں سالوں سے پرو فیسرزکو غیر قانو نی طور پر گریڈ اٹھارہ سے بیس میں ترقی دی گئی جبکہ وہ اس کی اہلیت ہی نہیں رکھتے تھےاور ان پرو فیسرز کی جانب سے بیسک سائنس الاؤنس بھی و صول کیا جا تا رہا جس کی مالیت کروڑوں روپے بنتی ہے.

خیبر پختو نخواہ ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے دو رکنی کمیٹی ڈاکٹر زمان آفریدی اور ڈاکٹر محمود عالم کی جانب سے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے، جبکہ انٹی کرپشن نے بھی اپنی تحقیقات شروع کردی ہیں

ایوب میڈیکل کالج کے سابق پرنسپل پر وفیسر ڈاکٹرعبدالرشید، وائس پرنسپل ڈینٹل ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر عبدالواحد،پروفیسرڈاکٹرارم عباس، پروفیسرڈاکٹرمعراج اللہ، پر وفیسر ڈاکٹردلاور خان، پرو فیسرڈاکٹرشمشیرعلی خان و دیگر کیخلاف مالی بے ضا بطگیوں اور غیر قانونی پروموشنز کا الزام ہے-

جس سے سرکاری خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچا ہے اور تاحال ان تمام افراد نے حاصل کردہ غیر قانونی الاؤنس سرکاری خزانے میں جمع نہیں کروایا۔