18.7 C
Dublin
اتوار, مئی 12, 2024
ہوم بلاگ صفحہ 26442

لاہورہائیکورٹ:سی این جی بندش کیخلاف درخواست مسترد

0

لاہور ہائی کورٹ نے سی این جی اسٹیشنز پر گیس کی بندش کیخلاف درخواست مسترد کردی، عدالت نے قرار دیا کہ گیس کے استعمال پر پہلا حق گھریلو صارفین کا ہے۔

لاہور ہائیکورٹ نے سی این جی اسٹیشنز پر گیس کی بندش کیخلاف درخواست مسترد کرتے ہوئے حکومتی پالیسی کو درست قرار دے دیا، درخواست گزار نے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست جمع کرائی تھی کہ گیس کی بندش سے سی این جی اسٹیشنز کا کاروبار تباہ ہوکر رہ گیا ہے۔

مالکان کو خسارے کا سامنا جبکہ ہزاروں ملازمین بے روزگار ہوگئے ہیں جس پر عدالت نے یہ کہتے ہوئے درخواست مسترد کردی کہ گیس کے استعمال پر پہلا حق گھریلو صارفین کا ہے، گیس فراہمی پر حکومتی پالیسی ٹھیک ہے۔

 

سہ ملکی ویمنز ون ڈےکرکٹ سیریز کل سے دوحہ میں شروع ہوگی

0

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے کل سے دوحہ میں سہ ملکی ون ڈے کرکٹ سیریز کا آغاز ہورہا ہے۔ پاکستان ویمنز ٹیم اپنا پہلا میچ آئرلینڈ کیخلاف کھیلے گی۔

دوحہ میں ہونے والی سہ ملکی ون ڈے کرکٹ سیریز میں پاکستان ویمنز ٹیم کیساتھ آئرلینڈ اور جنوبی افریقہ کی ٹیم شرکت کررہی ہیں۔

ٹرائی نیشن ون ڈے سیریز دس جنوری سے سترہ جنوری تک کھیلی جائے گی ۔تینوں ٹیموں کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز انیس جنوری سے چوبیس جنوری تک دوحہ میں ہی کھیلی جائیگی۔

پاکستان ویمنز ٹیم کے مطابق ورلڈ ویمنز ٹی ٹوئنٹی کیلئے یہ ایونٹ فائدہ مند رہے گی۔

 

کراچی: پر تشدد واقعات کا سلسلہ تھم نہ سکا

0

کراچی میں پر تشدد واقعات کا سلسلہ تھم نہ سکا، پاک کالونی اور سٹی اسٹیشن سے دو افراد کی تشدد زدہ لاشیں برآمد ہوئیں، اورنگی ٹاؤن نمبر چار سے نوزائیدہ بچے کی لاش بھی ملی۔

کراچی میں ٹارگٹڈ آپریشن کے باوجود دہشتگرد آزاد پھر رہے ہیں، پر تشدد کارروائیوں میں آج سٹی ریلوے اسٹیشن کے قریب سے ایک شخص کی لاش ملی، جسے تشدد کے بعد قتل کیا گیا۔

تھانہ پاک کالونی کے علاقے بسم اللہ ہوٹل کے قریب ایک شخص کی لاش برآمد کی گئی، گلستان جوہر بلاک سترہ سے لڑکی کی پھندا لگی لاش ملی، پولیس ابتدائی تفتیش میں اسے خود کشی قرار دے رہی ہے۔

اورنگی ٹاؤن نمبر چار میں بھی نوزائیدہ بچے کی لاش ملی ہے، ادھر لانڈھی میں اے این پی کے مقامی عہدیدار کے گھر پر نامعلوم افراد دستی بم پھینک کر فرار ہوگئے۔

دستی بم حملے میں ایک شخص زخمی بھی ہوا، رینجرز نے لانڈھی میں کارروائی کے دوران دو ملزمان کو حراست میں لے کر ان کے قبضے سے اسلحہ بر آمد کرلیا۔

کراچی: پولیس دہشت گردوں کے نشانے پر

0

کراچی پولیس کئی سالوں سے دہشت گردوں اورجرائم پیشہ افراد کے نشانے پر ہے، حالیہ ٹارگٹڈ آپریشن کے بعد ان حملوں میں شدت آگئی، ایڈیشنل آئی جی کا کہنا ہے کہ ایک سال میں پونے دو سو افسران اور اہلکار شہید ہوئے۔

کراچی پولیس چیف شاہد حیات کا کہنا ہے کہ پولیس دہشت گردوں کا تعاقب کر رہی ہے اور جواب میں وہ ان پر حملے کر رہے ہیں، اعداد وشمار کے مطابق چار سال کے دوران لگ بھگ تین سو افسران و اہلکار نشانہ بنے۔

انکا کہنا ہے کہ دہشت گردی اور جرائم کے قلع قمع پر کمر بستہ پولیس کے گزشتہ سال پانچ ستمبر سے اکیس دسمبر تک چھ سو ایک مقابلے ہوئے، جن میں چوراسی ملزمان مارے گئے۔

  انسانی حقوق کمیشن کی رپورٹ کے مطابق گذشتہ سال ایک سو انسٹھ مبینہ ملزمان پولیس مقابلے میں ہلاک کیے گئے، ان میں سے اٹھائیس کا تعلق کالعدم تنظیموں سے تھا۔

گذشتہ سال نومبرمیں شہید ایس پی چوہدری اسلم نے مبینہ مقابلے میں لشکر جھنگوی کراچی کے امیرگل حسن سمیت چھ شدت پسندوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔

دوسری جانب چوہدری اسلم پر حملے کی ذمے داری کالعدم طالبان نے قبول کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ وہ ان کے پچاس سے زائد کارکنوں کے ماورائے عدالت قتل میں ملوث تھے۔
       

اٹارنی جنرل منیر اے ملک اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے

0

اٹارنی جنرل منیر اے ملک اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے، منیر اے ملک نے اپنا استعفی وزیراعظم نواز شریف کو ارسال کر دیا۔

سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سابق صدر اور موجودہ اٹارنی جنرل اے منیر ملک نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا، تجزیہ کار منیر اے ملک کے اٹارنی جنرل بننے پر محو حیرت تھے، ان کے مستعفی ہونے پر نہیں جب کہ منیر اے ملک نے مستعفی ہونے کا سبب گھریلو مصروفیا ت بتایا۔

چالیس برسوں سے وکالت سے منسلک منیر اے ملک عہدہ سنبھالنے سے پہلے بخوبی واقف تھے کہ اٹارنی جنرل کا عہدہ کتنے وقت کا متقاضی ہوتا ہے ؟ منیر اے ملک جن کی قیادت میں وکلا تحریک کا آغاز ہوا تھا۔

اس طرح عہدے سے مستعفی ہونا کئی سوالات کو جنم دیتا ہے، ان رازوں سے پردہ منیر ملک خود کب اٹھاتے ہیں یا کوئی اور اس فریضے کو انجام دے گا، فی الوقت تو منیر اے ملک مستعفی ہوچکے ہیں۔
       

پاکستانی بولرز نے وکٹیں حاصل کرنیکی پوری کوشش کی،محمد اکرم

0

پاکستان کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچ محمد اکرم کا کہنا ہے کہ کھیل کے دوسرے روز پاکستانی بولرز نے جلد وکٹیں حاصل کرنے کی بھرپور کوشش کی تھی۔ پاکستان کے بولنگ کوچ محمد اکرم کا کہنا ہے کہ سری لنکن بیٹسمین مہیلا جے وردھنے کو جلد آؤٹ کرنے کی بھرپور کوشش کی مگر بولرز کو کامیابی حاصل نہیں ہوسکی۔

دبئی کی وکٹ پہلے روز کے برعکس خاصی مختلف دکھائی دے رہی ہے۔ انکا کہنا تھا کہ سعید اجمل کی کارکردگی کو برا نہیں کہہ سکتے۔ مہیلا جے وردھنے کا کہنا تھا کہ انکی سنچری سے سری لنکا کی پوزیشن میچ میں بہتر ہوگئی ہے۔ میچ سے پہلے درد ختم کرنے والی ادویات اور انجکشن کا استعمال کیا۔ دبئی ٹیسٹ میں سنچری بہترین اننگز میں شامل ہے

 

راولپنڈی:نجی ٹی وی کا این ایل ای فائرنگ سے جاں بحق

0

راولپنڈی میں ڈاکوؤں نے مزاحمت پر نجی ٹی وی کے ٹیکنیکل اسٹاف کے اہلکار کو فائرنگ کرکے قتل کردیا جبکہ دیگر وارداتوں میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے تین شہری زخمی بھی ہوگئے۔

راولپنڈی میں ڈکیتی اور رہزنی کی وارداتوں میں اضافہ ہوگیا ہے، ڈاکوؤں نے مزاحمت پر نجی ٹی وی کے کارکن کو فائرنگ کرکے قتل کردیا جبکہ دیگر پرتشدد وارداتوں میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے تین شہری زخمی بھی ہوئے ہیں۔

وارداتیں تھانہ بنی، تھانہ نیوٹاؤن اور تھانہ صادق آباد کے علاقوں میں ہوئیں، صحافتی تنظیموں نے نجی ٹی وی کے کارکن کی ڈکیتی کے دوران فائرنگ سے ہلاکت پر شدید مذمت کرتے ہوئے قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔

ڈکیتی کی بڑھتی ہوئی وارداتوں پر تاجروں نے شٹر ڈاؤن ہڑتال کی دھمکی دی، دوسری جانب پولیس نے شہرکے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران پچپن سے زائد مشتبہ افراد کو تفتیش کے لئے حراست میں لے لیا۔
       

لندن:ہالی وڈ کی فلم دی وولف آف وال اسٹریٹ کا شاندار پریمیئر

0

لندن میں ہالی وڈ کے آسکر ایوارڈ یافتہ اداکار لینارڈو ڈی کیپریو کی فلم دی وولف آف وال اسٹریٹ کا شاندار پریمیئر ہوا، جس میں اپنے پسندیدہ اداکاروں کی ایک جھلک دیکھنے کیلئے مداحوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

فلم کو ہالی وڈ کے اعلی فلمساز مارٹن اسکورسز نے بنایا ہے، فلم کا مرکزی موضوع انیس سو نوے کی دہائی میں ہونے والی اصل اور بڑا سیکورٹیز ایکس چینج میں ہونے والی بد عنوانیوں سے پردہ اٹھایا۔

اس فلم میں ڈی کیپریو کا کردار لانگ آئی لینڈ کے جارڈن بلفورٹ کے ایک اسٹاک بروکر کا ہے، جس کو سیکورٹیز فراڈ اسکینڈل میں انتظامیہ کے ساتھ تعاون نہ کرنے پر بیس ماہ قید کی سزا کاٹنی پڑتی ہے۔

فلم کی دیگر کاسٹ میں جوہنا ہل، جین ڈو جارڈن اور واب رینر شامل ہیں، حقیقی کہانی پر مبی فلم برطانیہ میں سترہ جنوری کو ریلیز کی جائیگی۔

چوہدری اسلم شہید کی نمازجنازہ آج نمازعصر کے بعد ادا کی جائیگی

0

ایس پی سی آئی ڈی چوہدری اسلم شہید کی نماز جنازہ آج بعد نمازِ عصر پولیس ہیڈ کوارٹر حسن اسکوائر میں ادا کی جائے گی، چوہدری اسلم کی میت کو تھانوی مسجد میں غسل دینے کے بعد گھر پہنچا دیا گیا۔

چودھری اسلم کی نماز جنازہ کے موقع پر سیکورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے ہیں، جس میں اعلیٰ پولیس افسران سمیت سیاسی رہنماؤں کی شرکت بھی متوقع ہے۔ 

کراچی کے علاقے گلشن اقبال کے قریب لیاری ایکسپریس وے پر شام ساڑھے چار بجے چوہدری اسلم کے قافلے پر حملہ کیا گیا، جس میں ایس پی سی آئی ڈی چوہدری اسلم اور دو پولیس اہلکار فرحان اور کامران شہید ہوئے،

دھماکا اتنا شدید تھا کہ قریبی علاقے لرز اٹھے، دھماکے سے ان کے قافلے میں شامل پولیس کی تین موبائلیں اور ان کی بلٹ پروف گاڑی تباہ ہوگئی، دھماکے کی جگہ پرپانچ فٹ گہرا گڑھا اور سڑک میں دراڑیں پڑ گئیں۔

سڑک کو تقسیم کرنے والے کنکریٹ بلاک جڑ سے اکھڑ گئے اور چوہدری اسلم کی گاڑی پندرہ سے بیس میٹر دور جاگری، حملے میں زخمی بارہ اہلکار زیر علاج ہیں۔

پوسٹ مارٹم کرنے والے پولیس سرجن ڈاکٹر جلیل قادرکے مطابق چوہدری اسلم کو مردہ حالت میں اسپتال لایا گیا، حملے میں چوہدری اسلم کا سر،سینہ اور ٹانگیں بری طرح متاثر ہوئیں۔

مشرف کیس میں فوجداری قوانین کے اطلاق سے متعلق فیصلہ سنا دیا

0

خصوصی عدالت نے مشرف کیس میں فوجداری قوانین کے اطلاق سے متعلق فیصلہ سنا دیا ، پرویز مشرف کی جانب سے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کردی ، پرویز مشرف سولہ جنوری کو آرٹیکل چھ کے تحت مقدمے میں سولہ جنوری کو سماعت پر حاضر نہ ہوئے تو ان کے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کا اختیار ہوگا۔

پرویز مشرف کے خلاف مقدمے کی سماعت کرنے والی خصوصی عدالت نے ضابطہ فوجداری کے اطلاق پر فیصلہ سات جنوری کو محفوظ کیا تھا، ضابطہ فوجداری کے اطلاق سے متعلق فیصلہ جسٹس فیصل عرب نے سنایا۔

عدالت کے فیصلے پر پرویز مشرف کی جانب سے استشنیٰ ختم کئے جانے کے خلاف خصوصی عدالت میں اپیل دائر کردی گئی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ پہلے ہماری زیر التوا درخواستوں کا فیصلہ سنایا جائے اس کے بعد استشنیٰ کے حوالے سے فیصلہ کیا جائے۔

اس سے قبل عدالت میں دلائل دیتے ہوئے پراسیکیوٹر اکرم شیخ نے کہا کہ پرویز مشرف کی نئی درخواست کو نظر انداز کردیا جائے، اس پر سماعت نہ کی جائے، جس پر وکیل صفائی انور منصور کا کہنا تھا کہ عدالت میں جب ایک درخواست ہوجائے تو سماعت لازمی ہوتی ہے نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔

تاہم درخواست کو مسترد یا منظور کرنا عدالت کا کام ہے، جو بھی درخواست عدالت میں دائر ہوتی ہے، اسکی سماعت کی جانی چاہئے، تین رکنی بنچ کے سربراہ جسٹس فیصل عرب نے انور منصور سے کہا کہ یہ پاکستان کی تاریخ کا پہلا کیس ہے اسے دس روز میں نہیں نمٹایا جا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ وکلا کو ملنے والی دھمکیوں کے معاملے کا بھی جائزہ لے رہے ہیں، آپ ہمیں وکلا کی سیکورٹی کے حوالے سے تجاویز دیں، ان کی روشنی میں حکم جاری کیا جائے گا، جسٹس فیصل عرب نے کہا کہ ہم نے نوٹ کیا ہے کہ بعض اخبارات میں مس رپورٹنگ ہورہی ہے،عدالت کسی کے میڈیا ٹرائل کی اجازت نہیں دے گی۔

اکرم شیخ نے تجویز دی کہ دونوں جانب سے وکلا ٹی وی پر نہ آئیں، خصوصی عدالت میں پرویز مشرف کیس کی سماعت سولہ جنوری تک ملتوی کردی گئی ۔