ہفتہ, مئی 11, 2024
ہوم بلاگ صفحہ 26443

آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن کا ہفتے سے سی این جی اسٹیشنزبند کرنے کا فیصلہ

0

آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن نے سی این جی کی بندش کے خلاف ہڑتال کااعلان کرتے ہوئے ہفتے سے غیرمعینہ مدت تک کے لیئے سی این جی اسٹیشنزبند کرنے کافیصلہ کیاہے، کراچی ٹرانسپورٹ اتحادنے بھی ہڑتال کی حمایت کرتے ہوئے ہفتے سے گاڑیاں کھڑی کرنے کااعلان کیاہے۔

ایسوسی ایشن کے چیئرمین شبیرسلیمان جی کاکہناہے کہ سوئی سدرن گیس کمپنی کی جانب سے گھریلوصارفین کوگیس کی بلاتعطل فراہمی کے لیئے مسلسل دوروزتک اڑتالیس گھنٹے کے لیئے سی این جی اسٹیشنزبندکرنے کاعمل قابل مذمت ہے۔

انہوں نے کہاکہ ہفتے میں تین روز متبادل دنوں میں 24،24گھنٹوں کے لیئے سی این جی اسٹیشن بندکیئے جائیں لیکن اڑتالیس گھنٹوں کے لیئے مسلسل اسٹیشنزبندرکھنے سے صارفین اور اسٹیشنزمالکان کوشدیدنقصان پہنچ رہاہے ۔دوسری جانب ایس ایس جی سی کے اقدامات کے خلاف ٹرانسپورٹ تنظیمیں بھی ہفتے سے غیرمعینہ مدت تک سڑکوں پر ٹرانسپورٹ نہیں لائینگے۔

یوٹیوب پر اسلام مخالف مواد کا مستقل حل چاہتے ہیں ، انوشہ رحمان

0

وزیر مملکت برائے آئی ٹی انوشہ رحمان کا کہنا ہے کہ یوٹیوب پر اسلام مخالف مواد کا مستقل حل چاہتے ہیں، نمائندہ گوگل مائیک اورگل کاکہنا ہے متنازعہ مواد روکنے کے لئے یوٹیوب کا لوکل ڈومین کا ہونا ضروری ہے۔

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں گوگل کے نمائندے مائیک اورگل نے بریفنگ دیتے ہوئے اسلام مخالف فلمز پر وارننگ ٹیپ ظاہر کرنے کی یقین دہانی کرادی ، مائیک اورگل کا کہنا تھا کہ پی ٹی اے اسلام مخالف مواد کے یو آر ایل کی نشاندہی کرے، کسی بھی لنک کو بلاک کرنے کے لیے پاکستان میں یوٹیوب کی لوکل ڈومین کا ہونا ضروری ہے ۔

سیکرٹری آئی ٹی نے کمیٹی کو بتایا کہ لوکل ڈومین کے لیے قانون سازی کی جارہی ہے بل رواں ماہ کے آخر میں پارلیمنٹ میں پیش کر دیا جائے گا ، اجلاس سے خطاب کرتےہوئے وزیر مملکت برائے آئی ٹی انوشہ رحمان نے کہا فلٹرز کے ذریعے ایچ ٹی ٹی پی ایس ڈومین پر ظاہر ہونے والی فلمز کو بلاک نہیں کیا جا سکتا ، اسلام مخالف مواد روکنے کے لئے مستقل حل چاہتے ہیں۔

پاک امریکا اسٹرٹیجک مذاکرات جلد واشنگٹن میں ہوں گے، دفتر خارجہ

0

دفتر خارجہ کی ترجمان تسنیم اسلم نے کہا ہے کہ پاک امریکا اسٹرٹیجک مذاکرات جلد واشنگٹن میں ہوں گے، طالبان سے مذاکرات میں سعودی عرب کوئی کردار ادا نہیں کررہا ہے، پرویز مشرف کیس میں کسی بھی بیرونی دباؤ کا علم نہیں۔

اسلام آباد میں ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے دفتر خارجہ کی ترجمان تسنیم اسلم نے کہا پاک امریکا اسٹرٹیجک مذاکرات جلد واشنگٹن میں ہوں گے ، مذاکرات کی تاریخیں طے کی جارہی ہیں ۔

طالبان سےمذاکرات پرتسنیم اسلم نےکہا طالبان سے مذاکرات میں سعودی عرب کوئی کردار ادا نہیں کررہا ہے، دفترخارجہ نے پاک فوج پر بھارتی میڈیا کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئےکہا کہ لائن آف کنٹرول پرکسی بھارتی فوجی کاسرقلم نہیں کیاگیا۔

بھارتی وزیراعظم کو دورہ پاکستان کی دعوت دی تھی، جب بھی آئیں خوش آمدید کہیں گے۔ بنگلہ دیش کی صورتحال کاجائزہ لے رہے ہیں ۔ تسنیم اسلم نے مزید کہا پرویز مشرف کیس میں کسی بھی بیرونی  دباؤ کا علم نہیں ۔
   

اے آر وائی نیوز کے خلاف جیو گروپ کی درخواستیں مسترد

0

اسلام آباد ہائیکورٹ نے اے آر وائ نیوز اور مبشر لقمان کے خلاف جیو گروپ کی جانب سے دائر دو نئی درخواستیں مسترد کر دیں ۔

حق اور سچ کی آواز کو ایک اور فتح نصیب ہوئی ہے اور اسلام آباد ہائیکورٹ نے اے آر وائی نیوز اور سینئر پروگرام اینکر مبشر لقمان کے خلاف جیو گروپ کی طرف سے دائر کی گئی دو درخواستیں مسترد کر دی ہیں۔

نئی درخواستوں میں اے آر وائی نیوز اور مبشر لقمان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی استدعا کی گئی تھی، اے آروائی نیوز اور مبشرلقمان کی جانب سے عدالت میں بیرسٹر گوہر پیش ہوئے۔

تحریک طالباان پاکستان نےچوہدری اسلم پرحملےکی ذمہ داری قبول کرلی

0

تحریک طالبان پاکستان نے ایس پی سی آئی ڈی کراچی چوہدری اسلم پر حملے کی ذمہ داری قبول کر لی۔ طالبان کے ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ ساتھیوں کے قتل کا انتقام ہے۔

تحریک طالبان پاکستان کے ترجمان احسان اللہ احسان نے کہا ہے کہ کراچی میں ایس پی سی آئی ڈی چوہدری اسلم پر ہونے والا حملہ ان کے ساتھیوں کے قتل کی انتقامی کارروائی ہے۔ احسان اللہ احسان نے مزید کہا ہے کہ ان کے جو ساتھی قید خانوں میں بند ہیں اور ان پر تشدد ہورہا ہے اسکا بدلہ بھی اسی طرح سے لیا جائے گا اور سی آئی ڈی افسران اور اہلکاروں پر حملے جاری رکھے جائینگے ۔
   

چوہدری اسلم کی شہادت: وزیراعظم سمیت سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں کی مذمت

0

وزیراعظم نواز شریف، شہبازشریف، بلاول بھٹو زرداری، الطاف حسین، عمران خان اورڈاکٹر طاہرالقادری  سمیت سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں نے کراچی دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

وزیراعظم نوازشریف نے کراچی بم دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ چوہدری اسلم دلیر پولیس افسر تھے ان کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی،دہشتگردوں کی بزدلانہ کارروائیوں سےقوم کاعزم متاثر نہیں ہوگا، وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے بھی کراچی عیسی نگری دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے پولیس افسر اور دیگر اہلکاروں کی ہلاکت پر اظہار افسوس کا اظہار کیا، سابق صدر آصف زرداری نے بھی چوہدری اسلم پرحملے کی شدید مذمت کی۔

پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ کالعدم تحریک طالبان نے میرے ایس پی پر حملہ کیا،چوہدری اسلم نے بہادروں کی طرح جان دی،چوہدری اسلم کو پہلے بھی دھمکیاں ملیں اور حملے ہوئے۔

صوبائی وزیراطلاعات شرجیل میمن کا کہناتھا کہ سندھ پولیس دلیر افسر سے محروم ہوگئی، ہم سب کو چوہدری اسلم کو سلیوٹ کرنا چاہئے، چوہدری اسلم کا نام بہادر افسروں میں لکھا جائے گا،ایس پی چوہدری اسلم کی بہادری کی قدر کرنی چاہئے،ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین نے چوہدری اسلم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے دلی اظہار افسوس کیا۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ واقعے میں ملوث دہشت گردوں کو فوری گرفتار کیا جائے۔

الطاف حسین کا کہناتھا کہ کراچی جیسے شہر میں دہشت گردوں کی آزادانہ کارروائیاں لحمہ فکریہ ہیں ،چئیرمین تحریک انصاف عمران خان نے دھماکے کی مذمت کی اور مطالبہ کیا کہ صوبائی حکومت واقعہ کی تحقیقات اور ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچائے، گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد کا کہناتھا کہ چوہدری اسلم پر حملہ دہشت گردانہ اور بزدلانہ کارروائی ہے۔

چوہدری اسلم نے اپنے عزم،حوصلے اور بہادری سے سندھ پولیس کا نام روشن کیا۔ پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے بم دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ حکومت دہشتگردی کی روک تھام میں مکمل طور پر ناکام دکھائی دیتی ہے، قومی شعور سے ہی دہشتگردی کے فتنے کا سر کچلا جاسکتا ہے۔

مجلس وحدت المسلمین کے علامہ راجہ ناصر عباس کا کہناہے کہ کراچی حسن سکوائر دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہیں،دہشت گردوں کے ہاتھوں سیکیورٹی ادارے محفوظ ہیں نہ عوام، ظالمان مائنڈ سیٹ اسلام اور پاکستان کا سب سے بڑا دشمن ہے، حکمران ہوش کے ناخن لیں اور دہشت گردوں کیخلاف فوری اور بھر پور کارروائی کا اعلان کریں۔

سنی ا تحاد کونسل نے بھی واقعے کی مذمت کی ،حامدرضا کا کہناہے کہ چوہدری اسلم کی شہادت افسوس ناک ہے ، دلیر اور جرات مند انسان تھے ۔شہادت قومی سانحہ ہے ، سوگوار خاندان سے اظہار یکجہتی کرتے ہیں ۔
   

بیت المال کی جانب سے سانحہ مری کےزخمیوں میں امدادی چیک تقسیم

0

پاکستان بیت المال کی جانب سے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز میں زیر علاج مری حادثے کے زخمیوں میں امدادی رقوم کے چیک تقسیم کئے گئے ۔تیس ہزار روپے مالیت کے امدادی چیک ایم ڈی بیت المال بیرسٹر عابد وحید شیخ نے زخمیوں کے لواحقین کے حوالے کئے جبکہ حادثے میں زخمی ہونے والے چار افراد نے امدادی رقوم کے چیک لینے سے معذرت کر لی۔

۔ابتدائی طور پر بارہ زخمیوں میں امدادی رقوم کے چیک تقسیم کئے گئے ۔میڈیا سے گفتگو میں ایم ڈی بیت المال کا کہنا تھا کہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے بھی رابطہ کیا جائے گا اور بیت المال کی جانب سے انہیں ہر ممکن امداد فراہم کی جائیں گی ۔

گذشتہ روز مری کے قریب سالگراں کے مقام پر دو بسوں کے گہری کھائی میں گرنے کے نتیجے میں بارہ افراد جاں بحق جبکہ پینتیس زخمی ہو گئے تھے ۔

حادثے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد کو پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز منتقل کیا گیا تھا ۔ جن میں سے بارہ مریضوں کو ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد ہسپتال سے روانہ کر دیا گیا۔

 

کراچی میں دھماکہ چوہدری اسلم شہید، متعدد زخمی

0

کراچی میں عیسیٰ نگری کے قریب ہونے والے بم دھماکے میں ایس پی سی آئی ڈی چوہدری اسلم کی گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی، گاڑی بم پروف تو کیا مکمل طور پر بلٹ پروف بھی نہیں تھی، تحقیقات شروع کردی گئیں۔

کراچی میں دہشت گردوں اور کالعدم تنظیموں کے خلاف برسرپیکار دلیر پولیس افسر چوہدری اسلم کے اپنے حفاظتی انتظامات کا بھانڈا بم دھماکے سے پھوٹ گیا، دھماکے سے گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی، جس کے بعد تحقیقاتی ادارے اس بات کی تحقیق کررہے ہیں کہ گاڑی بلٹ پروف تھی یا نہیں، گاڑی کی حالت دیکھ کر لگتا ہے کہ گاڑی بم پروف تو کیا مکمل طور پر بلٹ پروف بھی نہیں تھی۔

گاڑی کے اگلے دروازے بلٹ پروف تھے جو اس ٹوٹے ہوئے شیشے سے ظاہر ہوتے ہیں جبکہ پوری گاڑی اس حملے میں تباہ ہوئی، یہ سوال بھی اٹھتا ہے کہ اتنے اہم مشن پر مامور افسر کے حفاظتی انتظامات اتنے غیر اہم کیوں سمجھے گئے؟ گاڑی مکمل طور پر بم اور بلٹ پروف کیوں نہیں تھی ؟ تحقیقاتی اداروں کو اس پہلو کو ہی مدنظر رکھنا ہوگا۔

ون ڈے سیریز: آخری میچ میں ویسٹ انڈیز نے نیوزی لینڈ کو 203 رنز سے شکست دے دی

0

ویسٹ انڈیز نے ون ڈے سیریز کے آخری اور فیصلہ کن میچ میں نیوزی لینڈ کو دو سو تین رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے دی ہے۔ سیریز دو دو سے برابر رہی۔

ہملٹن میں کھیلے گئے ون ڈے سیریز کے آخری اور فیصلہ کن مقابلہ میں نیوزی لینڈ ٹیم کے کپتان  نے ٹاس  جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، بدقسمتی سے یہ فیصلہ میزبان ٹیم کیلئے اچھا ثابت نہ ہوسکا، ویسٹ انڈین ٹیم کے بیٹسمینوں نے فیصلہ کن معرکے میں جم کر کیوی بولرز کو دھویا۔

چار وکٹوں کے نقصان پر کیریبین ٹیم نے تین سو تریسٹھ رنز بنائے۔کرک ایڈورڈز نے ایک سو تئیس،کپتان ڈوین براؤو نے ایک سو چھ اور کیران پاؤل نے تہتر رنز کی شاندار اننگز کھیلی، مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں ناقص کارکردگی دکھاتے ہوئے نیوزی لینڈر جلد ہی ہمت ہار گئے۔ کیوی سائیڈ ایک سو ساٹھ رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

ویسٹ انڈیز دو سو تین رنز سے کامیاب رہی، نیکیتا ملر نے چار،جیسن ہولڈر اورآندرے رسل نے دو ، دو وکٹیں حاصل کیں، ویسٹ انڈیز کے کپتان ڈوین براؤو پلیئر آف دی میچ قرار پائے، ون ڈے سیریز دو دو سے برابر رہی ۔

کراچی:فائرنگ اور پرتشدد واقعات،2افرادجاں بحق، 2زخمی

0

کراچی میں فائرنگ اور پرتشدد واقعات کے دوران صبح سے اب تک دو افراد جاں بحق اور دو زخمی ہوگئے۔

دوسری جانب سی آئی ڈی پولیس نے نادرن بائی پاس کے قریب کاروائی کرتے ہوئے کالعدم تحریک طالبان کے تین دہشتگردوں کو ہلاک کردیا، رینجرز نے شہر کے مختلف علاقوں میں کاروائیاں کرتے ہوئے تیس سے زائد ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

پولیس حکام کے مطابق عباس ٹاون کے قریب فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا، نصرت بھٹو کالونی میں فائرنگ سے ایک شخص دم توڑ گیا، بلدیہ اتحاد ٹاون اور اورنگی ٹاون کے علاقوں میں دوران ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ سے دو افراد زخمی ہوگئے۔

دوسری جانب رینجرز نے شہر کے ایک درجن سے زائد علاقوں میں کاروائی کرتے ہوئے ستائیس ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے ایس ایم جی رائفل سمیت مختلف اقسام کے چھوٹے بڑے ہتھیار برآمد کرلئے، صالح محمد گوٹھ میں بھی رینجرز نے خفیہ اطلاع پر چھاپہ مار کرگینگ وار میں ملوث گروہ سے تعلق رکھنے والے چھ افراد کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔

ذرائع کے مطابق ملزمان قتل اقدام قتل سمیت سنگین جرائم کی وارداتوں میں ملوث ہیں، تمام ملزمان کو مزید تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا، مچھر کالونی میں نالا اسٹاپ پر پولیس مقابلہ میں ایک ڈاکو مارا گیا جبکہ تین فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، شیرشاہ سے مسافر بسوں میں لوٹ مار کرنے والے دو ملزمان کو بھی گرفتار کرلیا گیا۔