اتوار, ستمبر 29, 2024
ہوم بلاگ صفحہ 26518

نیلوفر‘‘ کا سندھ اور بلوچستان کے ساحل سے ٹکرانے کا خدشہ”

0

کراچی : طوفان نیلوفر سندھ اوربلوچستان کے ساحل سے ٹکرانے کی اطلاع پر تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں، پاک بحریہ کے جوائنٹ میری ٹائم انفارمیشن کوآرڈیشن سینٹر نے ریڈ الرٹ جاری کردیا ہے۔

بحیرہ عرب کے وسط میں ابھرنے والے طوفان ’’نیلوفر‘‘کا سندھ  اور بلوچستان کے ساحل سے ٹکرانے کا خدشہ ہے، پاک بحریہ کے جوائنٹ میری ٹائم انفارمیشن کوآرڈیشن سینٹر کی جانب سے ریڈ الرٹ جاری کردیا ہے۔

کراچی، ٹھٹھہ اور بدین سمیت سندھ اور بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں تیزبارشیں ہوں گی۔

گزشتہ شب طوفان کراچی سے جنوب مغرب میں بارہ سو پچاس کلو میٹر گوادر سے جنوب میں گیارہ سو پچھتر اور عمان کے ساحلی شہر سلالہ سے آٹھ سو اسی کلومیٹر دور تھا۔

آئندہ اڑتالیس گھنٹے میں امکان ہے کہ طوفان شمال مشرق کی جانب بڑھے گا، جس کے بعد رخ تبدیل ہونے پر یہ جمعہ کے روز سندھ اور بلوچستان کے ساحلی علاقے اور بھارت میں گجرات کی ساحلی پٹی سےٹکرائے گا، جسکے نتیجے میں کراچی ،ٹھٹھہ، بدین سمیت سندھ اور بلوچستان کے ساحلی علاقے سمیت عمان کے ساحلی علاقوں میں بھی تیزہواؤں کے ساتھ شدید بارش کا امکان ہے۔

دبئی ٹیسٹ:ذوالفقاربابرکے گھر میں جشن کا سماں

0

اوکاڑہ: دبئی میں پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین ٹیسٹ میچ میں لیفٹ آرم اسپنرذوالفقار بابر کی شاندار کارکردگی پر اہلخانہ اورمحلہ داروں نے جشن منایا۔

میچ کے دوران ذوالفقار بابر کے والدین، بیوی اور بچے تسبیح کرتے رہے۔ پاکستان میں کرکٹ کا جادو سر چڑھ کربولتا ہے۔ اورذوالفقاربابرکھیل رہا ہو تو اوکاڑہ کی عوام کی دلچسپی اور جوش میں بے حد اضافہ ہو جاتا ہے۔

پاک آسٹریلیا ٹیسٹ میچ کے دوران ذوالفقار بابر کے گھر کے باہر جشن منعقد ہوا اوران کے والد پاکستان اور بیٹے کی کامیابی پر مٹھائی تقسیم کرتے رہے۔

والد ہی نہیں ذوالفقار بابرکا بیٹا بھی خوشی سے جھومتا رہا۔ اس سے قبل میچ کے دوران ذوالفقاربابراورٹیم کی کامیابی کے لئے ان کے گھر میں قران پاک کی تلاوت اور درود پاک کا ورد سارے دن جاری رہا۔ اور ٹیم کی کامیابی پر ان کی والدہ اور بیوی نے بھی اللہ کا شکر ادا کیا۔

جاسوسی کا خوف ،بھارتی فضائیہ کا چینی موبائل فون استعمال نہ کرنیکا مشورہ

0

نئی دہلی: بھارتی فضائیہ نے اپنے اہلکاروں کو چینی موبائل فون کے استعمال نہ کرنے کا مشورہ دیا ہے، بھارتی ایئرفورس نے یہ ہدایات انٹیلی جنس یونٹ کی رپورٹ پر جاری کی، جس میں کہا گیا کہ چینی موبائل استعمال کرنے والے صارفین کا تما م ڈیٹا بیجنگ منتقل کیا جا رہاہے۔

بھارتی اخبارکے مطابق بھارتی فضائیہ نے اپنے اہلکاروں اور ان کے خاندانوں کو چینی ساختہ موبائل فون’ ’زیاﺅمی ریڈمی ون ایس‘ ‘استعمال کرنے سے منع کردیا ہے، حکومت کی جانب سے یہ خدشہ ظاہر کیا گیا کہ اس موبائل فون سے چین میں موجود اس کے سرورز پر ڈیٹا منتقل کیا جارہا ہے اور اسکا استعمال سیکیورٹی رسک ہے۔

بھارتی فضائیہ کو جاری کی گئی ایک ایڈوئزری میں کہا گیا کہ ایک معروف سیکورٹی سلوشن کمپنی ایف سیکور نے اس موبائل پر مختلف تجربات کیے جس میں یہ بات سامنے آئی کہ یہ موبائل فون اپنے صارف کا نام ،فون نمبر،آئی ایم ای آئی ،ایڈریس بک سے فون نمبرز، اور ٹیکسٹ میسج بیجنگ  بھیج رہا ہے،بھارتی فضائیہ نے یہ احکامات چند ہفتے قبل جاری کیے۔

یہ رپورٹ انڈین کمپیوٹر ایمرجنسی رسپانس ٹیم کی طرف سے فراہم معلومات کی بنیاد پر انٹیلی جنس یونٹ نے تیار کی، بھارتی خبر رساں ادارے نے چینی کمپنی سے اس بارے رابطہ کیا لیکن فوری کوئی جواب نہیں ملا تاہم کمپنی نے دو دن بعد عمومی بیان جاری کیا کہ کمپنی تمام اوقات میں محفوظ طریقے سے اپنے صارفین کے ڈیٹا کو ذخیرہ کرنے کےلئے کمر بستہ ہے۔

کمپنی کا موقف ہے کہ غیر چینی صارفین جو بیجنگ سرورز سے دور ہیں، ان میں سے کچھ کا ڈیٹا صرف کارکردگی اور رازداری تحفظات کےلئے منتقل کر رہی ہے۔

دبئی ٹیسٹ:شاہینوں نے نئے ریکارڈ قائم کرلئے

0

دبئی: پاکستانی شاہینوں کی عمدہ کارکردگی کی بدولت دبئی ٹیسٹ ناقابل فراموش بن گیا۔ دبئی کے میدان میں پاکستان نے کئی ریکارڈز قائم کئے۔

دبئی میں پاکستان نے بتادیاکہ نام نہیں کام سے بات بنتی ہے۔ دو سو اکیس رنز سے کامیابی گرین شرٹس کی آسٹریلیا کے خلاف سب سے بڑی جیت ہے۔

دبئی کے ہی میدان میں پاکستان نے سولہ سال بعد کینگروز کے خلاف ایک اننگز میں چار سو رنز کا مجموعہ بھی تشکیل دیا۔یونس خان نے سلیکٹرز کو کرارا جواب دیا۔

وہ ایک میچ میں دو سینچریاں بنانے والے ساتویں پاکستانی بیٹسمین بن گئے، ساتھ ہی یونس نے انضمام کی پچیس سینچریوں کا ریکارڈ بھی توڑ ڈالا۔

وکٹ کیپر سرفراز احمد نے بھی بہتی گنگا میں ہاتھ دھویا اور اسی گیندوں پر سنچری اسکور کی۔ سرفراز تیز سنچری بنانے والے وہ دنیا کے دوسرے وکٹ کیپر بیٹسمین بنے۔

لیگ اسپنر یاسر شاہ اور ذوالفقار بابر نے بھی سات سات وکٹیں حاصل کرکے پاکستان کی جیت میں اہم کردار ادا کیا

سعودی عرب : ٹریفک حادثہ، 2 پاکستانی جاں بحق

0

جدہ: سعودی عرب کے شہر دمام میں ہونے والے ٹریفک حادثہ کے دوران 2 پاکستانی نوجوان جاں بحق ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق حافظ آباد کا رہائشی محمد رضوان اکرم اپنے دوست کے ساتھ گاڑی پر جارہا تھا کہ پیچھے سے آنے والی گاڑی نے ٹکر ماردی، جس کے نتیجے میں دونوں ہلاک ہوگئے۔

رضوان اکرم کی سات ماہ قبل شادی ہوئی تھی، متوفی لیگی ایم پی اے ملک فیاض احمد اعوان کا قریبی رشتہ دار تھا۔

اے ٹی پی ٹورنامنٹ:راجر فیڈرر نے ٹائٹل جیت لیا

0

بیسل: سابق عالمی نمبر ایک سوئٹزرلینڈ کے راجر فیڈرر نے بیسل اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کا ٹائٹل جیت لیا۔ ویلنسیا اوپن کا ٹائٹل برطانیہ کے اینڈی مرے کے نام رہا۔

تفصیلات کے مطابق سوئٹزرلینڈ کے شہر بیسل میں کھیلے گئے اے ٹی پی ٹورنامنٹ کے فائنل میں ٹاپ سیڈ راجر فیڈرر نے بیلجئیم کے ڈیوڈ گوفن کو اسٹریٹ سیٹس میں شکست دیکر چھٹی مرتبہ بیسل اوپن ٹینس کا ٹائٹل اپنے نام کیا۔

کھیل کے آغاز سے ہی فیڈرر نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف کھلاڑی کو دباؤ میں لے لیا۔ فیڈرر نے پہلا سیٹ چھ دو جیت کر ٹائٹل کی جانب پیش قدمی کی،

دوسرے سیٹ میں بھی ڈیوڈ گوفن فیڈرر کے تیز شاٹس کے سامنے زیادہ مزاحمت نہ کرسکے۔ فیڈرر نے دوسرا سیٹ بھی چھ سے اپنے نام کرلیا۔

ادھر ویلنسیا میں برطانیہ کے اینڈی مرے کامیاب رہے۔ مرے نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد اسپین کے ٹومی روبریڈو کو تین چھ، سات چھ اور سات چھ سے زیرکیا۔

سلمان خان رومینٹک سین کرتے ہوئے پریشانی کا شکار

0

ممبئی: بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان اداکارہ سونم کپور کیساتھ رومانوی سین کرنے میں قدرے پریشانی کا شکار ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سورج برجاتیا کی فلم “پریم رتن دھن پایو” میں رومانٹک سین کرتے ہوئے سلمان پرسکون نہیں رہ پاتے، صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان خان نے کہاکہ سونم عمر میں مجھ سے بہت چھوٹی ہیں ، ان کے والد سے میری پرانی دوستی ہے۔

انکا کہنا تھا کہ سونم جب بہت چھوٹی تھیں تب سے میں نے ان کو دیکھا ہوا ہے، اس لیے مجھے بڑی مشکلیں پیش آ رہی ہیں۔

عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت کم ہوگئی

0

اسلام آباد: عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کے باعث مقامی سطح پربھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں خاطر خواہ کمی کا امکان پیدا ہوگیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کے باعث مقامی منڈیوں میں بھی پیٹرولیم مصنوعات میں خاطر خواہ کمی کا امکان پیدا ہو گیا ہے۔ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی سے جہاں بیرونی ادائیگیوں کے بوجھ میں کمی آئے گی وہیں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی سے صارفین بھی سکھ کا سانس لیں گے۔

گزشتہ ایک ماہ کے دوران عالمی منڈیوں میں خام تیل کی قیمت گیارہ فیصد کمی کے بعد اوسط پچاسی ڈالر فی بیرل کے قریب رہی ہے۔ حکومتِ پاکستان کی جانب سے عالمی منڈی میں ہو نے والی اس کمی کو صارفین تک منتقل کئے جانے امید بڑھتی جارہی ہے۔

اعداوشمار کے مطابق سب سے زیادہ کمی ہائی اوکٹین کی قیمت میں پانچ روپے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل اور مٹی کے تیل کی قیمت میں تین روپے تک کی کمی متوقع ہے۔ معاشی ماہرین کے مطابق روپے کی قدر میں گراوٹ کے باعث خام تیل کی قیمتوں میں کمی کے یہ اثرات زائل ہونے کا خدشہ ہے۔

علی ظفر کا فلموں کی ہدایتکاری کرنے کا اعلان

0

ممبئی:  دنیا میں بہت سے ایسے لوگ ہیں، جو مختلف شعبوں میں بیک وقت قدم رکھنا چاہتے ہیں لیکن ضروری نہیں کہ وہ ہر شعبے میں کامیاب بھی ہوں لیکن علی ظفر وہ واحد شخصیت ہیں جہوں نے جس شعبے میں قدم رکھا کامیاب رہے۔

علی ظفر ایک کامیاب گلوکار ہونے کیساتھ ساتھ، بہترین اداکار اور مصور بھی ہیں۔

اب اس بات کی خبر ملی ہے کہ علی ظفر ہدایتکاری کے شعبے میں بھی اپنی قسمت آزمانا چاہتے ہیں، اداکار نے اعلان کر دیا ہے کہ وہ جلد فلم کی ہدایتکاری بھی کریں گے علی ان دنوں فلم کی کہانی لکھنے میں مصروف ہیں اب یہ محبت کی داستان کب سینما گھروں کی زینت بنے گی یہ تو وقت ہی بتائے گا۔

ایبولا وائرس مزید ممالک میں پھیلنے کا خطرہ

0

جنیوا: عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ مغربی افریقہ میں ایبولا کے کیسز کی تعداد 10141 ہو چکی ہیں، جن میں سے 4922 انتقال کر چکے ہیں، یہ وائرس افریقہ کے دیگر ممالک میں پھیلنے کا خطرہ پیدا ہو چکا ہے۔

عالمی میڈیا کے مطابق ماہرین کے خیال میں اس وائرس سے متاثرہ افراد کی اصل تعداد اس سے کہیں زیادہ ہے، ایبولا کے مہلک وائرس نے مغربی افریقہ کے ملکوں گنی، لائبیریا اور سیرا لیون کو سب سے زیادہ متاثر کیا ہے، اگرچہ یہ بیماری بڑی حد تک مغربی افریقی ممالک تک محدود ہے تاہم ایبولا کے تصدیق شدہ انفرادی کیسز ریاست ہائے ، امریکا، اسپین اور مالی میں بھی سامنے آئے ہیں۔

مالی میں وائرس ایک دو سالہ لڑکی کے ذریعے پہنچا تھا، جو جمعے کے روز انتقال کر گئی چونکہ اس لڑکی کو ملک کے ایک حصے سے دوسرے حصے تک لے جایا گیا، اس لیے خطرہ ہے کہ وائرس اس لڑکی سے کئی اور لوگوں تک بھی پہنچا ہوگا یہ لڑکی مجموعی طور پر 43 افراد کیساتھ رابطے میں آئی، جن میں دَس ہیلتھ ورکرز بھی شامل تھے اب ان تمام افراد کو نگرانی میں رکھا جا رہا ہے اور دیکھا جا رہا ہے کہ کہیں ان میں اس مرض کی علامات مثلاً بخار وغیرہ تو نظر نہیں آ رہا۔

  خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ وائرس آئیوری کوسٹ کو بھی اپنی لپیٹ میں لے سکتا ہے، جو کہ دنیا بھر میں کوکو کی پیداوار کے اعتبار سے پہلے نمبر پر ہے۔

ڈبلیو ایچ او کے مطابق آئیوری کوسٹ سمیت پندرہ مغربی افریقی ممالک کو ایبولا سے شدید خطرات لاحق ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ مغربی افریقہ کے متاثرہ ممالک میں بتدریج خوشحالی دیکھنے میں آ رہی تھی تاہم ایبولا نے وہاں کی اقتصادی نمو کو بری طرح سے دھچکا پہنچایا ہے۔

عالمی ادارہ صحت نے کہا ہے کہ ایبولا وائرس سے بچاؤ کے لیے ویکسین کی تیاری کا کام تیزی سے جاری ہے اور توقع کی جا رہی ہے کہ اگلے سال کے وسط تک ایبولا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین تیار کر لی جائے گی۔

امریکی خبر رساں ادارے کے مطابق ایبولا کے حوالے سے دو ویکسینز انسانوں پر تجربات کے لیے تیار ہیں، جبکہ ایبولا کے حوالے سے دیگر پانچ تجرباتی ویکسینز پر بھی کام جاری ہے جو اگلے سال تک تیار ہو جائیں گی۔-