نیویارک: انٹرنیٹ کے ذریعے آلات کو ایک دوسرے سے منسلک کرنے کا رجحان بڑھتا جارہا ہے، اکثر لوگوں کے ٹیلی وژن، کمپیوٹر اور موبائل فونز ایک دوسرے سے منسلک ہوتے ہیں، نیویگیشن سسٹم بھی اب سمارٹ فونز میں موجود ہیں، اب آفس میں موجود رہتے ہوئے گھر کے ہیٹنگ سسٹم کو کھول بھی سکتے ہیں اور بند بھی کرسکتے ہیں۔
بوخم یونیورسٹی میں کمپیوٹر کے شعبے کے ماہر کرسٹوف پار کا کہنا ہے کہ جیسے ہی کسی آلے کا انٹرنیٹ سے رابطہ ہوتا ہے تو اسے ہیک کیا جاسکتا ہے، ڈیجیٹل آلات کو ایک دوسرے سے منسلک کرنے کے رجحان میں اضافے کی وجہ سے مستقبل میں سمارٹ ہومز ہوا کریں گے۔
ان گھروں میں موبائل فون یا ٹیبلٹ کے ذریعے واشنگ مشین، ٹیلی وژن، لائٹ اور چولہے کو کنٹرول کیا جائے گا اور اگر یہ آلات سائبر حملے کا نشانہ بننے لگیں تو ہیکر ایسے وقت میں چولہا کھول سکتا ہے، جب گھر میں کوئی بھی نہ ہو۔
کرسٹوف پار کا کہنا ہے کہ اس صورتحال میں گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے، اس کی بہترین مثال گیرج کے دروازے کی ہے، یہ دروازے انتہائی غیر محفوظ ہوتے ہیں اور اس نظام کو بہت آسانی سے ہیک کیا جاسکتا ہے، لیکن گیرج کے دروازے کے ذریعے چوریاں نہ ہونے کے برابر ہوتی ہے۔