ہفتہ, نومبر 16, 2024
ہوم بلاگ صفحہ 26707

ایس جی ایس، کوٹیکنا، زرداری کی درخواستِ بریت مسترد

0

اسلام آباد: پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف زرداری کے خلاف ایس جی ایس اور کو ٹیکنا ریفرنسز میں بریت کی درخواست مسترد ہوگئی ہے،اسلام آباد کی احتسا ب عدالت نے آٹھ جنوری کو گواہ طلب کرلئے ہیں۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت میں سابق صدر آصف علی زرداری کے خلاف ایس جی ایس اور کو ٹیکنا ریفرنسز کیس کی سماعت ہوئی، سماعت کے دوران احتساب عدالت نےآصف علی زرداری کیخلاف ایس جی ایس اور کو ٹیکنا ریفرنسز میں بریت کی درخواست مسترد کردی ہے۔

عدالت نے آٹھ جنوری کو گواہ طلب کر لئے ہیں۔

اس سے قبل سماعت میں احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے آصف زرداری کی بریت کی درخواست پر فیصلہ سنایا تھا، عدالت نے ناکافی شواہد پر سابق صدر کو اے آر وائی گولڈ اور ارسس ٹریکٹر ریفرنس میں بری کر دیا۔

واضح رہے عدالت اس سے پہلے پولو گراؤنڈ ریفرنس میں بھی آصف زرداری کو بے گناہ قرار دے چکی ہے۔

انسان کی پہچان اب دل کی دھڑکنوں سے ہوگی

0

کینیڈا: فنگر پرنٹس سے پہچان کا طریقہ اب غیر محفوظ ہوگیا ہے، کینیڈین ماہرین نے جانچ کے طریقے کو محفوظ بنانے کیلئے منفرد آلہ تیار کر لیا ہے۔

فنگر پرنٹس سے پہچان کا طریقہ پرانا ہوا، اب دل کی دھڑکنوں سے انسان کی پہچان ہوگی، کینیڈین ماہرین نے ’دی نیمی‘ نامی آلہ تیار کیا ہے ، جو ہاتھ کی کلائی پر پہنا جائے گا، یہ آلہ دل کی دھڑکنوں کی پیمائش کرے گا اور مطلوبہ شخص کی تصدیق کردے گا۔

ماہرین کے مطابق اس آلے کی مدد سے لوگوں کو اپنے کریڈٹ کارڈ سے رقم نکلوانے کے لیے پن کوڈ کی بھی ضرورت نہیں ہوگی اور کلائی میں موجود بینڈ کے ذریعے باآسانی اپنی شناخت کرائی جاسکتی ہے۔

میانوا لی جیل : پھانسی کا قیدی دل کا دورہ پڑنے سے ہلاک

0

میانوا لی: موت کے خوف سے پھانسی کا ایک اور قیدی چل بسا، سینٹرل جیل میانوا لی میں پھانسی کا مجرم تختہ دار پر چڑھنے سے پہلے ہی لقمہ اجل بن گیا۔

میانوالی سینٹرل جیل میں سزائے موت کا مجرم دل کا دورہ پڑنے سے ہلاک ہوگیا۔ مذکورہ قیدی لیاقت کی تختہ دار پر چڑھنے سے پہلے ہی موت کے خوف نے جان لے لی۔

پچپن سالہ لیاقت بھکر کا رہائشی تھا۔ چند روز میں پھانسی کے مجرم کی سزا سے پہلے ہی موت کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔ اس سے پہلے سکھر جیل میں دس سال سے قتل کے جرم میں قید نظام دین پھانسی ملنے سے پہلے ہی موت کے خوف سے چل بسا تھا۔

فلم دی ہوبٹ تھری کی باکس آفس پر دھوم ، 56 ملین ڈالر کا بزنس

0

امریکہ: ہالی وڈ فلم ہابٹ تھری نے امریکا اور کینیڈین باکس آفس پر کامیابی کے جھنڈے گاڑ کر تمام فلموں کو پیچھے چھوڑ دیا۔

ہالی ووڈ کی فلمی دنیا پر چھوٹے چھوٹے بونوں کا راج برقرار ہے، جادوئی بونوں کے گرد گھومتی فلم نے چھپن ملین ڈالرز کما کر باکس آفس پر اپنی اجاداری قائم کر لی ہے، خطرناک پہاڑی علاقے میں خزانے کی تلاش میں نکلتے چھوٹے سے قد کے بونے دیوہیکل آگ برساتے ڈریگن سے مقابلہ کرتے ہیں۔

لندن میوزئم پر مبنی سنسنی سے بھرپور فلم نائٹ ایٹ دی میوزئم باکس آفس پر دوسرے نمبر پر رہی، جس نے سترہ ملین ڈالر کما کر شائقین کے دل جیت لئے۔

ہالی ووڈ باکس آفس پر ول اسمتھ کی پروڈیوس کردہ میوزیکل فلم عینی تیسرے نمبر پر رہی، جس نے سولہ ملین ڈالرز کا بزنس کیا۔

سانحہ پشاور: اسکول کا دورہ، عمران خان کو شہدا کی ماوں نے گھیر لیا

0

پشاور: عمران خان نے سانحہ پشاور کے بعد آرمی پبلک اسکول کا دورہ کیا ہے۔ عمراں خان کو اسکول میں داخل ہوتے ہی شہدا کی ماوں نے گھیرے میں لے لیا۔

سانحہ پشاور کے بعد عمران خان وزیراعلی خیبر پختونخواہ کے ہمراہ آرمی پبلک اسکول کے دورے پر آج پشاور پہنچے، جہاں انہوں نے سانحہ پشاور کے متاثرہ اسکول کے مختلف حصوں کا دورہ کیا۔

عمران خان اسکول پہنچے تو نویں جماعت محمد علی شہید کی والدہ کی فریادوں نے ماحول کو سوگوار کردیا۔ عمران خان اور ان کے عملے کو سخت چیکنگ کے بعد اسکول میں جانے کی اجازت دی گئی۔

اسکو ل میں صرف عمران خان اور پرویز خٹک کی گاڑیوں کو اندر جانے دیا گیا، جبکہ صوبائی وزیر علی امین گنڈاپور کو تلاشی کے بعد اندر جانے کی اجازت دی گئی۔

چیئرمین تحریک انصاف بعد میں آرمی پبلک اسکول کی شہید پرنسپل طاہرہ قاضی کے گھر گئے۔ عمران خان نے طاہرہ قاضی کے شوہر بریگیڈئیر ریٹائرڈ ظفر اللہ قاضی سے تعزیت کی۔ عمران خان نے شہید پرنسپل کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی۔ عمران خان شہید طالب علم ثاقب کے گھر بھی گئے جہاں انہوں نے ثاقب کے والدین سے تعزیت اور فاتحہ خوانی کی۔

سزائے موت پرعمل درآمد کا فیصلہ احسن اقدام ہے،صدیق الفاروق

0

لاہور: متروکہ وقف املاک بورڈ کے دفتر میں سانحہ پشاور کے شہداء کیلئے دعائیہ تقریب منعقد کی گئی، جس میں مسلمان، مسیحی، سکھ اور ہندو رہنماؤں نے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے قوم سے اتحاد کی اپیل کی ہے۔

لاہور میں متروکہ وقف املاک بورڈ کے چیئرمین صدیق الفاروق کی میزبانی میں دعائیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا، جس سے مسیحی رہنماء پادری شاہد معراج ، ڈاکٹر مجیدایبل، ہندو رہنما ڈاکٹر منوہر چاند، سکھ رہنما سردار شام سنگھ،علامہ مظہر حسین مشہدی ،سہیل رضا اور دیگر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم کو دہشت گردی کیخلاف متحد ہونا ہو گا۔

دہشت گردوں کا کسی مذہب سے کوئی تعلق نہیں، یہ انسانیت کے دشمن ہیں۔صدیق الفاروق کا کہنا تھا کہ اسلام میں جنگ کے دوران سبز درخت کو بھی کاٹنے کی اجازت نہیں۔ وزیراعظم کی جانب سے کل جماعتی کانفرنس میں آپریشن ضرب عضب کی حمایت اور دہشت گردوں کی سزائے موت پر عمل درآمد کے فیصلے احسن اقدام ہیں۔

طالبان کی حامی سیاسی جماعتیں بھی اب فوج اور حکومت کے ساتھ ہیں،میڈیا حکومت اور مسلح افواج میں تفریق کے بجائے قوم کو اتحاد کا پیغام دے۔ تقریب میں سانحہ پشاور کے شہداء کیلئے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کرنے کے بعد دعائے مغفرت بھی کی گئی۔

سندھ ہائیکورٹ نے کالعدم جماعت کے 2دہشت گردوں کی پھانسی روک دی

0

کراچی : سندھ ہائیکورٹ کے دو رکنی بینچ نے کالعدم جماعت کے دو قیدیوں کی سزائے موت پر عمل درآمد عارضی طور پر روک دیا ہے۔

جسٹس احمد علی شیخ پر مشتمل دو رکنی بینچ نے کالعدم لشکری جھنگوی کے دو کارکنوں کی سزائے موت روکتے ہوئے حکم دیا ہے کہ قیدیوں کو پھانسی دیے جانے کے متعلق قانون پر عملدرآمد کیا جائے۔۔۔ اور عدالت سے دوبارہ بلیک وارنٹ حاصل کر کے سات دن مکمل ہونے کے بعد قیدیوں کو تختہ دار پر لٹکایا جائے۔

عدالت نے ریمارکس دیے قیدیوں کی سکھر جیل سے سینٹرل جیل کراچی منتقل کرنے کی درخواست پر حکومت سندھ ابہام میں نظر آئی، آئی جی سندھ کی جانب سے تحفظات جبکہ ہوم ڈپارٹمنٹ نے آمادگی ظاہر کی، جسٹس احمد علی شیخ نے ریمارکس دیئے کہ حکومت کا طرز عمل توہین عدالت کے مترادف ہے۔

کالعدم جماعت کے محمداعظم اور عطا اللہ کے ورثاء نے انسدادِ دہشت گردی کی خصوصی عدالت سے جاری کردہ بلیک وارنٹس کومشترکہ طور پردائر درخواست میں چیلنج کیا تھا، سزائے موت پانے والے عطا اللہ اور محمد اعظم کے ڈیتھ وارنٹ جاری ہوچکے ہیں۔

سندھ ہائیکورٹ میں سماعت کے دوران درخواست گزار کا کہنا تھا کہ محمد اعظم اور عطا اللہ کی درخواستیں سپریم کورٹ میں زیرِ سماعت ہیں، جس پر عدالت نے حکم دیا کہ درخواست سپریم کورٹ میں زیرِ سماعت ہے، حکم امتناعی بھی وہی سے لیا جائے، قیدیوں کو بلیک وارنٹ کے سات دن پورے کرنے کے بعد کراچی میں سزا دی جائے۔

جس کے لئے نئے ڈیتھ وارنٹ انسدادِ دہشت گردی عدالت سے حاصل کئے جائیں، سکھر سینٹرل جیل میں پھانسی کے سزا یافتہ قیدی عطااللہ اور محمد اعظم کی اُن کے ورثاء سےملاقات بھی کرائی گئی، دونوں دہشتگردوں کو کل پھانسی دی جانی تھی۔

ایک اور درخواست مؤقف اپنایا گیا تھا کہ سندھ ہائیکورٹ ملزمان کو کراچی جیل میں سزا دینے کا حکم جاری کر چکی ہے، اس لئے سکھر جیل میں پھانسی نہیں دی جاسکتی۔

سیکیورٹی خدشات: لاہور میں انسداد پولیو مہم مؤخر

0

لاہور : آج سے شروع ہونے والی انسداد پولیو مہم مؤخر کردی گئی، تفصیلات کے مطابق لاہور میں محکمہ صحت نے آج سے نو اضلاع میں شروع ہونے والی انسداد پولیو مہم سخت  حفاظتی انتظامات نہ ہونے کے باعث مؤخر کردی۔

پولیو مہم انتیس دسمبر سے شروع کی جائے گی۔لاہور کے لاکھوں پچوں کا مستقل ایک بار پھر داؤ پر لگا دیا گیا۔ ڈی جی ہیلتھ زاہد پرویز کا کہنا ہے کہ انسداد پولیو مہم کے ورکرز کو سیکورٹی سہولت میسر نہیں تھی جس کی وجہ سے مہم کو موخر کیا گیا ہے۔ اب پولیو مہم انتیس دسمبر سے شروع کی جائے گی۔

انسدادِ دہشت گردی ایکشن پلان کمیٹی کا اجلاس کل پھر طلب

0

اسلام آباد: انسداد دہشت گردی ایکشن پلان کمیٹی کا اجلاس کل پھرطلب کرلیا گیا ہے، اجلاس میں انسدادِ دہشت گردی کے لیے ورکنگ گروپ کی مزید سفارشات پیش کی جائے گی۔

سانحۂ پشاور کے بعد آل پارٹیز کانفرنس میں دہشتگردی کے خاتمے کیلئے قومی ایکشن پلان کمیٹی بنانے کی منظوری دیدی گئی تھی، قومی ایکشن پلان کمیٹی کا پہلا اجلاس گزشتہ روز وفاقی وزیرِداخلہ چوہدری نثار کی صدارت میں تیرہ گھنٹے جاری رہا۔

اجلاس میں قانون کرایہ داری، گواہوں کے تحفظ، فوری عدالتوں کے قیام ، انٹیلی جنس شیئرنگ، قومی یکجہتی سمیت دیگر امور پر غور کیا گیا، ورکنگ گروپ نے نیکٹا کو مزید مضبوط اور فعال کرنے ،انٹیلی جنس نظام کو مربوط اور فعال بنانے کی سفارش کی ہے۔

ذرائع کے مطابق دہشت گردی میں ملوث مدارس کو وفاق المدارس انتظامیہ کے ساتھ مل کر تنہا کرنے کی بھی سفارش کی گئی ہے، کمیٹی کا اجلاس کل دوبارہ طلب کیا گیا ہے، جس میں ورکنگ گروپ کیلئے مزید سفارشات پیش کی جائیں گی۔

خیبر پختونخوا: تین روزہ انسدادِ پولیو مہم کا آغاز

0

خیبر پختونخوا: تین روزہ انسدادِ پولیو مہم کا آغاز ہوگیا ہے ، پولیو رضا کار اٹھائیس لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائیں گے۔

کے پی کے میں نئے عٰزم اور حوصلے کیساتھ تین روزہ پولیو مہم کا آغاز ہوگیا ہے، سانحہ پشاور کے بعد صوبے میں پولیو مہم معطل کردی گئی تھی۔

کے پی کے بائیس اضلاع میں تین روزہ انسدادِ پولیو مہم کے دوران اٹھائیس لاکھ پچہترہزار بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔

محکمۂ صحت کے مطابق مہم کیلئے آٹھ ہزار موبائل ٹیمیں ،سات سو بارہ علاقائی ٹیمیں اور اٹھارہ سو چھتیس علاقائی نگران تعینات کئے گئے ہیں۔

محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ مقررہ ہدف حاصل کرنے کیلئے بھرپور کوشیش کریں گے، پولیو سے بچاؤ کی مُہم کے دوران رضاکاروں کی سیکورٹی کو یقینی بنانے کیلئے سخت اقدامات کئے جارہے ہیں۔