اتوار, ستمبر 29, 2024
ہوم بلاگ صفحہ 26727

سیلاب سے رواں مالی سال کے معاشی اہداف پر نظر ثانی کا امکان

0

اسلام آباد: ملک میں سیلاب سے بڑے پیمانے پر ہونے والی تباہ کاریوں کے باعث رواں مالی سال کیلئے مقرر کردہ معاشی اہداف پر نظرثانی کا امکان ہے۔

وزارتِ خزانہ کے زرائع کے مطابق سیلاب نے زرعی شعبے کو بُری طرح متاثر کیا ہے، اس سے زرعی شعبے کی خراب کارکردگی کے باعث پیداوار میں کمی اور صنعتی وکاروباری سرگرمیاں بھی متاثر ہونے کاخدشہ ہے۔

ذرائع کے مطابق نقصانات کےحتمی تخمینے کے بعد فیصلہ کیا جائے گا کہ مقررہ معاشی اہداف پر نظرثانی کرنا ہے یا نہیں۔

وزارت خزانہ کے ذرائع نے بتایا کہ ملکی مجموعی پیداوار، مالیاتی خسارہ اور ٹیکس ریونیو سمیت دیگر معاشی اہداف میں کمی کرنا پڑے گی کیونکہ سیلاب سے قبل سیاسی عدم استحکام کے باعث ملکی معیشت کو ایک ہزار ارب روپے کے لگ بھگ نقصان پہنچ چکا ہے اور اب سیلاب سے نقصانات میں مزید اضافہ متوقع ہے۔

فلڈ کمیشن رپورٹ پرکتناعمل ہوا، پنجاب حکومت سے جواب طلب

0

لاہور: لاہورہائی کورٹ نے پنجاب حکومت اور فلڈ ریلیف کمیشن سے دو ہفتے میں جواب طلب کرلیا ہے کہ فلڈ کمیشن رپورٹ پر کتنا عمل درآمد کیا گیا ہے۔

لاہور ہائیکورٹ میں فلڈ کمیشن رپورٹ پر عمل درآمد نہ ہونے کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی، درخواست گزار صفدر پیرزادہ نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ دو ہزار دس میں ہائی کورٹ نے سیلاب سے بڑے پیمانے پرتباہی کی تحقیقات کی، ٹربیونل نے نقصانات سے بچنے کے لیے سفارشات مرتب کیں، جس پر آج تک عمل نہیں ہوا۔

 درخواست گزار نے استدعا کہ رپورٹ پر عمل درآمد اور حفاظتی اقدامات نہ کرنے پر ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا حکم دیا جائے، عدالت نے دلائل سننے کے بعد پنجاب حکومت اور فلڈ ریلیف کمیشن سے دو ہفتوں میں جواب طلب کرلیا ہے۔

سعید اجمل پرپابندی: قومی ٹیم مشکلات کا شکار

0

لاہور: پاکستانی آف اسپنر سعید اجمل پرغیر قانونی بولنگ ایکشن کے سبب پابندی کے بعد قومی ٹیم کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا ہے۔ آسٹریلیا کے خلاف سیریز سے باہر ہونے کے بعد پی سی بی نے سعیداجمل کے متبادل کی تلاش شروع کردی ہے۔

دنیا کا نمبر ون بولر پاکستان کے پاس ہے ، سعید اجمل پاکستان کرکٹ ٹیم کی ریڑھ کی ہڈی سمجھے جاتے ہیں۔ وہ تن تنہا ہی ٹیم کو کئی میچز میں کامیابی دلاچکے ہیں لیکن آئی سی سی نے غیر قانونی بولنگ ایکشن کے سبب مایہ ناز آف اسپنر پرکرکٹ کے دروازے بند کردیئے ہیں۔

ورلڈ کپ سے قبل پاکستان کو آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم سیریز متحدہ عرب امارات میں کھیلنی ہے۔ آئی سی سی کے فیصلے کے بعد سعید اجمل قومی ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے۔ ان کی عدم موجودگی کا ٹیم کو جتنا نقصان ہوگا حریف ٹیم کو اتنا ہی فائدہ ہوگا۔

ورلڈ کپ میں بھی ان کی شرکت بولنگ ایکشن درست کرنے اور آئی سی سی سے کلئیرنس کے بعد ہی ہوگی۔ تاہم بورڈ نے اجمل کے متبادل کے تلاش کی کوششیں تیز کردی ہیں۔

پی سی بی نے دو سے تین اسپنرز کو قومی کرکٹ اکیڈمی میں طلب کرلیا ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ اجمل کی عدم موجودگی میں قومی ٹیم آئندہ ماہ آسٹریلیا کی مضبوط بیٹنگ لائن کو کس حد تک قابو میں کرنے میں کامیاب رہتی ہے۔

امریکا کی متاثرینِ سیلاب کیلئے امداد کی پیشکش

0

واشنگٹن: امریکا نے کہا ہے کہ پاکستان نے متاثرینِ سیلاب کیلئے مدد کی درخواست کی تو بھرپور امداد کریں گے۔

امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان میری ہاف نے میڈیا بریفنگ میں کہا ہے کہ پاکستان نے سیلاب سے ہونے والی تباہی کے بعد انفرااسٹرکچر اور متاثرین کی بحالی کے لئے مدد نہیں مانگی۔

انکا کہنا ہے کہ اگر پاکستان نے مدد کی درخواست کی تو امریکا متاثرین کے لئے تمام وسائل فراہم کرے گا۔

انہوں نے کہا ہے کہ کشمیرمیں سیلاب میں گھیرے افراد کو مدد فراہم کرنے کے لئے پاکستان اور بھارت کی جانب سے ایک دوسرے کو جو پیش کش کی گئی وہ خوش آئند ہے۔

دونوں ملک براہ راست رابطوں سے باہمی مسائل حل کرسکتے ہیں، امریکا پاکستان اور بھارت کے تعلقات کی بحالی کے لئے تمام اقدامات کی حمایت کرے گا۔

ویسٹ انڈیز نےپہلے ٹیسٹ میں بنگلہ دیش کو دس وکٹوں سے ہرا دیا

0

کنگسٹن :ویسٹ انڈیز نے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں بنگلہ دیش کو دس وکٹوں سے شکست دے دی۔ کنگسٹن میں کھیلے گئے ٹیسٹ کے آخری روز بنگلہ دیش نے دوسری نامکمل اننگز دو سو چھپن رنز پانچ کھلاڑی آؤٹ پر دوبارہ شروع کی تو ویسٹ انڈین فاسٹ بولر کیمر روچ نے بلے بازوں کی ایک نہ چلنے دی۔

کپتان مشفیق الرحیم ہی حریف بولرز کے سامنے کچھ مزاحمت کرسکے۔ مشفیق الرحیم کی سنچری نے بنگلہ دیش کو اننگز کی شکست سے تو بچالیا لیکن شکست سے نہ بچا سکے۔ مہمان ٹیم دوسری اننگز میں تین سو چودہ رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

مشفیق الرحیم ایک سو سولہ رنز پر بناکر ٹاپ اسکورررہے۔ ویسٹ انڈیز نے تیرہ رنز کا مطلوبہ ہدف بغیر کسی نقصان کے حاصل کرتے ہوئے دو میچز کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی۔

ہیڈ پنجند پرہنگامی حالت،400جوان اور 30کشتیاں روانہ

0

جھنگ : سیلاب نے جھنگ کا رخ کرلیا ہے، ہیڈ تریموں پر پانی کا بہاؤ پانچ لاکھ کیوسک سے بڑھ گیا ہے،  ہیڈ پنجند پر ہنگامی حالت نافذ کردی گئی ہے اور فوج کے چارسو جوان اور تیس کشتیاں روانہ کر دی گئیں ہیں۔

سیلابی ریلا جنوبی پنجاب میں تباہی مچاتا آگے بڑھ رہا ہے، احمد پور سیال کے قریب دریائے چناب میں ہیڈ تریموں کے مقام پر انتہائی اونچے درچے کا سیلاب ہے جہاں پانی کا بہاؤ پانچ لاکھ نو ہزار چارسو کیوسک ہے  جبکہ ہیڈ پنجند پر ہنگامی حالت نافذ کر کے فوج کے چار سو جوان اور تیس کشتیاں روانہ کر دی گئی ہیں۔

جھنگ کے علاقے موضع وجھلانا کے قریب بند میں شگاف پڑنے سے سیلابی ریلا بکھر روڈ پر آگیا ہے، سیلابی پانی بھوانہ شہر میں داخل ہونے سے چنیوٹ اور بھوانہ کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔

دریائے جہلم سے ملحقہ پیالہ بند میں تریموں کے مقام پر شگاف پڑ گیا ہے اور لوگوں کو علاقہ خالی کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے، جلال پور بھٹیاں میں ایک لاکھ ایکڑ اراضی زیرآب آگئی جبکہ حافظ آباد کے دو سو دیہات سیلاب میں گھرے ہوئے ہیں۔

  دریائے چناب نے کوٹ مومن کے بیالیس دیہات کو پانی پانی کر دیا ہے۔

کوئٹہ میں پولیو کا پہلا کیس سامنے آگیا

0

کوئٹہ:  پولیو کا پہلا کیس سامنے آگیا ہے، مشرقی بائی پاس کے رہائشی بارہ ماہ کے بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے۔

ایکسپنڈیٹ پروگرام ایمونائزیشن کے ڈپٹی پروگرام ڈائریکٹر کے مطابق مشرقی بائی پاس کے علاقہ بھوسہ منڈی کے رہائشی عبدالنبی کے بارہ سالہ بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے، یہ کوئٹہ میں سامنے آنے والا پولیو کے پہلا کیس ہے۔

جس کے سامنے آنے کے بعد بلوچستان میں رواں سال پولیو کے سامنے آنے والے کیسز کی تعداد دو ہوگئی ہے۔

اس سے قبل بلوچستان کے ضلع قلعہ عبداللہ میں ایک بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔

آپریشن ضرب عضب،جیٹ طیاروں سے کارروائی، 35 دہشت گرد ہلاک

0

شمالی ورزستان : پاک فوج کا آپریشن ضربِ عضب کامیابی سے جاری ہے، شدت پسندوں کے کیخلاف جاری آپریشن ضربِ عضب میں پاک فوج سے مقابلے کے دوران پنتیس دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے ترجمان کے مطابق پاک فضائیہ کے جیٹ طیاروں کی مدد سے شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں شدت پسندوں کیخلاف کامیاب کاروائی کی گئی اور اُن کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔

جس کے نتیجے میں پینتس شدت پسند مارے گئے اور اُن کے تین ٹھکانے مکمل طور پر تباہ کر دیئے گئے جبکہ بھاری مقدار میں گولا بارود کو بھی تباہ کردیا گیا ہے۔

گزشتہ روز آپریشن ضربِ عضب کے دوران دتہ خیل میں فورسز نے کارروائی کے دوران چھ شدت پسندوں کو ہلاک کردیا تھا،دہشتگردوں سے مقابلے میں ایک جوان شہید ہوا جبکہ جھڑپ کے دوران ایک سویلین بھی شہید ہوا۔

پاک فوج نے دہشتگردوں سے کئی علاقوں کو کلیئر کرالیا ہے، پاک فوج کی کامیاب کارروائیوں کے بعد اب بچ جانے والے دہشتگرد فرار کا راستہ تلاش کر رہے ہیں۔

اس سے قبل بھی پاک فوج نے شمالی وزیرستان کے علاقے بویا میں دس دہشتگردوں کو ہلاک کیا تھا جبکہ گن شپ ہیلی کاپٹروں نے شیلنگ کر کے دہشتگردوں کا اسلحہ ڈپو بھی تباہ کردیا تھا۔

ویزہ نہیں ملا،پاکستانی تاجرعالیشان نمائش میں شرکت سے محروم

0

اسلام آباد: ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے تحت بھارت کے شہر نئی دہلی میں گیارہ ستمبر سے شروع ہونے والی نمائش عالیشان پاکستان میں متعدد خواتین سمیت سینکڑوں تاجرنمائندے ٹی ڈی اے پی کی نا اہلی کی جہ سے بھارتی ویزے حاصل کرنے سے محروم ہو گئے۔

ٹی ڈی اے پی کے ذرائع کے مطابق144کمپنیوں کی خواتین سمیت 600 تاجروں کے جمع کرائے گئے پاسپورٹ ٹی ڈی اے پی کی نااہلی کی وجہ سے بھارتی ہائی کمیشن کو تاخیر سے بھیجے گے ۔جن کے ابھی تک ویزے جاری نہیں کئے گئے جبکہ ان تاجروں کا نمائش میں پیش کیا جانے والا سامان بھارت پہنچ چکا ہے جس سے ان تاجروں کو کروڑوں روپے نقصان کا امکان ہے۔

متاثرہ تاجروں کے ویزوں کے بارے میں بھارتی ہائی کمیشن سے رابطہ کرنے کے لیے کوئی افسر موجود نہیں ہے اورحیرت انگیز بات یہ ہے کہ ٹی ڈی اے پی کے15 افسران بھی نئی دہلی پہنچ چکے ہیں ۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹی ڈی اے پی کے چیئرمن اور سیکریٹری اپنی بھر پور توجہ بھارت کے ساتھ تجارتی رابطے بڑھانے کے بجائے نمائش میں میوزک کنسرٹس اور فیشن شوز پر دے رہے ۔ہیں۔نئی دہلی میں عالیشان پاکستان نمائش کا آغاز گیارہ ستمبر سےہو رہا ہے۔

واضح رہے کہ بھارت کے لئے اگلی پرواز گیارہ ستمبر کے بعد روانہ ہوگی ۔ ویزوں کے حوالے سے ٹی ڈی اے پی حکام کا کہنا ہے ہے کہ اسلام آباد میں سیاسی کشیدگی کے باعث ویزے کے اجراء میں رکاوٹیں پیدا ہوئی ہیں۔لیکن ٹی ڈی اے پی کے افسران اپنے ویزے جاری کروا کر بھارت کی سیر کا لطف اٹھا رہے ہیں۔

سیلاب ہیررانجھا کے شہر جھنگ کی دہلیزپر پہنچ گیا

0

جھنگ : بھارت سے آنے والا سیلاب جھنگ کی دہلیز پر پہنچ گیا  ہے، جسے بچانے کیلئے اٹھارہ ہزاری بند توڑنے کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں ہیں ، منہ زور لہروں نے آج بھی کئی بستیاں صفحہ ہستی سے مٹادیں۔

سپر فلڈ اب پنجاب بھر میں تباہی مچانے کے درپے ہے، ہیر رانجھا کا شہر جھنگ سیلابی ریلوں کی تند و تیز موجوں کا مقابلہ کرنے سے قاصر ہے، سیلابی ریلے میں تین افراد بہہ گئے، جس میں سے دو کی لاشیں مل گئیں ہیں، جھنگ چنیوٹ روڈ غرقِ آب ہونے سے زمینی رابطہ کٹ چکا ہے، پکے والا کے قریب ریلوے ٹریک سیلابی پانی میں بہہ گیا، جھنگ سے پنڈی ریلوے سروس معطل ہوگئی ہے۔

چنیوٹ کے قریب سیلابی پانی بوآنہ شہر میں داخل ہوگیا ،چنیوٹ اور بوآنہ کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا ہے، دریائے جہلم سے ملحقہ پیالہ بند میں تریموں کے مقام پر شگاف پڑگیا، ضلع جھنگ کے قصبوں اٹھارہ ہزاری ، ھنانا، جمال والا، جبوآنہ، کوٹ مراد، علی کھٹانہ، جوسہ اور گڑھ مہاراجہ میں شدید سیلاب کا خطرہ ہے، لوگوں کو علاقہ خالی کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔

جلال پور بھٹیاں میں ایک لاکھ ایکڑ اراضی کا رقبہ زیرِآب آ گیا ہے، حافظ آباد کے دو سو چالیس میں سے دو سو دیہات غرقِ آب ہوگئے، رات گئے دریائے چناب میں ساڑھے چھ لاکھ کیوسک سیلابی ریلہ ضلع جھنگ کی حدود میں داخل ہوا اور تباہی مچ گئی، دریائے چناب کا ساڑھے چھ لاکھ کیوسک کا سیلابی ریلہ ان ہیڈ تریموں سے گزرے گا، پنڈی بھٹیاں میں سیلاب کے ماروں نے موٹروے کے اسپل ویز کھول دیئے۔

پانی شہر میں داخل ہوگیا، دریائے چناب کے سیلابی ریلے میں کوٹ مومن کے بیالس دیہات زیرِ آب آگئے، ستر ہزار ایکڑ سے زائد رقبے پر کھڑی فصلیں تباہ ہوگئیں ہیں، پانچ ہزار مویشی تند و تیز موجوں کی نذر ہوگئے ہیں، کوٹ مومن کے لوگوں نے چھتوں اور درکٹوں پر پناہ لے رکھی ہے۔

ساہیوال میں دریائے راوی میں کٹاؤ پڑ گیا، موضع داد بلوچ میں اکیس مکان زمین بوس ہوگئے جبکہ بہاولنگر کے نواحی علاقے زیرِ آب آچکے ہیں۔