اتوار, نومبر 17, 2024
ہوم بلاگ صفحہ 26734

گاجرکا استعمال بینائی تیز کرنے کے ساتھ کینسر میں بھی مفید

0

گاجر کا استعمال بینائی تیز کرنے کے ساتھ کینسر کی روک تھام میں بھی مفید ثابت ہوتا ہے۔

طبی ماہرین کے مطابق گاجر میٕں وٹامن اے  بھرپور تعداد میں پایا جاتا ہے، جو بینائی تیز کرنے میں مددگار ثابت ہوتا ہےجبکہ ایک تحقیق سے ثابت ہوا ہے کے گاجر کا روزانہ استعمال بڑی آنت کے کینسر، پھیپھڑوں اورچھاتی کے کینسر جیسی خطرناک بیماریوں کے خدشے کو کم کرتا ہے۔

گاجر میں موجود اجزاء کینسر سے لڑنے میں بہت اہم کردار ادا کرتے ہیں ۔

عمران خان نے مذاکرات اور مظاہرے مؤخر کرنے کا اعلان کردیا

0

اسلام آباد: تحریک انصاف کے سربراہ عمران خٓان نے کہا ہے کہ پشاور اسکول سانحہ کی جتنی بھی  مذمت کیا جائے کم ہے، وہ بنی گالا میں پشاور روانگی سے قبل میڈیا گفتگو کررہے تھے۔

انہوں نے اس موقع پر اعلان کیا کہ حکومتی نمائندوں سے جوڈیشل کمیشن سے متعلق مذاکرات کو باہمی مشاورت سے ملتوی کر دیا گیا ہے، اور 18 دسمبر کو ہونے والا ملک گیر  احتجاج بھی ملتوی کردیا گیا  ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ لواحقین کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں، یہ اتنا بڑاظلم ہے کہ کوئی بھی اتنا نہیں گر سکتا کہ بچوں کو اپنے ناپاک عزائم کیلئے استعمال کرے۔

وزیراعلیٰ کے پی کے کی پشاور حملہ میں 104افراد کے شہید ہونے کی تصدیق

0

پشاور :وزیراعلیٰ کے پی کے پرویز خٹک نے پشاور دہشتگردی میں ایک سو چار افراد کے شہید ہونے کی تصدیق کر دی ہے، جس میں چوراسی بچے شامل ہیں، وزیراعلیٰ کے مطابق دہشتگردوں نے ایف سی کی وردی پہن رکھی ہے۔

پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ کچھ دیرپہلے تک چار سے پانچ دہشتگرد موجود تھے، دہشت گرد پرنسپل کے کمرے کے پاس موجود ہیں ،جن کے خلاف آپریشن جاری ہے، دہشت گرد ایف سی کی یونیفارم میں آئے تھے۔

وزیراعلیٰ کے پی کے پرویز خٹک نے کہا کہ ایک خودکش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا ہے جبکہ دو سے تین دہشت گرد مارے گئے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے عمارت کو گھیرے میں لے رکھا ہے اور آپریشن جاری ہے۔

ایدھی،چھیپا ٹرسٹ ڈکیتی میں ملوّث چھ ملزمان گرفتار

0

کراچی : ساؤتھ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ایدھی فاؤنڈیشن اور چھیپا ویلفیئر ٹرسٹ میں ڈکیتی میں ملوث چھ ملزمان کو گرفتارکرلیا گرفتار ملزمان کے قبضے سے ایدھی فاؤنڈیشن سے لوٹی گئی ڈھائی کروڑ مالیت کی رقم، پرائزبانڈ اور زیورات برآمد ۔

تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی ساوتھ عبدالخالق شیخ نے اپنے دفتر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ پولیس نے ایدھی فاونڈیشن ڈکیتی میں ملوث مرکزی ملزم جمشید خان کو کوہاٹ سے گرفتار کرلیا ہے جس کے قبضے سے لاکھوں روپے مالیت کے لوٹے گئے پرائز بانڈز بھی برآمدہوئے ہیں،

ڈی آئی جی ساؤتھ کا کہنا تھا کہ ملزم جمشید خان کی نشاندہی پر دیگر ملزمان عمران اللہ خان ، محمد سلیم اورڈکیتی کا ماسٹر مائنڈ محمد علی کو گرفتار کرلیا ہے

دوران تفتیش ملزم محمد علی کے دو ساتھیوں کو بھی گرفتار کرلیا گیا جو کہ چھیپا ویلفیئر ٹرسٹ میں ہونیوالی ڈکیتی کی سی سی ٹی وی فوٹیج پر بھی دیکھے گئے تھے۔

گرفتار ملزمان کے قبضے سے ایک کروڑ سات لاکھ ستائس ہزار کے پرائز بانڈز ،تیرہ لاکھ پندرہ ہزار روپے نقدی ،چوبیس طلائی چوڑیاں،چار انگوٹھیاں،ایک لاکٹ اور ایک کان کا جھمکا برآمد ہوا ہے۔

ڈی آئی جی ساؤتھ کا کہنا تھا کہ ڈکیتی کے پانچ کروڑ روپے میں سے ڈھائی کروڑ روپے برآمد کرلئے ہیں مزید برآمدگی کیلئے ملزمان سے تحقیقات جاری ہے۔

آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی نے ایدھی فاؤنڈیشن میں ڈکیتی میں ملوث ملزمان کی گرفتاری پر پولیس پارٹی کو دس لاکھ روپے انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔

کوٹ رادھا کشن کیس، عدالت کا موقع پر موجود پولیس اہلکاروں کیخلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم

0

اسلام آباد: کوٹ رادھا کشن میں میاں اور بیوی کو زندہ جلانے کے خوفناک حادثے کے کیس کی آج سپریم کورٹ میں سماعت ہوئی ہے۔ عدالت نے موقع پر موجود پولیس اہلکاروں کیخلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

سپریم کورٹ آف پاکستان میں آج سانحہ کوٹ رادھا کشن کیس کی سماعت ہوئی۔ جس میں عدالت نے ڈی پی او اور آر پی او کی رپورٹ پر عدم اطمنان کا اظہار کرتے ہوئے کہنا تھا رپورٹ میں حقائق مکمل پر طور پر بیان نہیں کیے گئے ہیں۔

چیف جسٹس ناصر الملک نے اس موقع پر کہا کہ موقع پر موجود غفلت کے مرتکب پولیس اہلکاروں کیخلاف کوئی کاروائی نہیں ہوئی ہے۔ انھوں نے کہا کہ پولیس والوں کیخلاف کاروائی کی جائے اور مقدمہ درج بھی کیا جائے۔

چیف جسٹس کا کہنا تھا موقع پر موجود پولیس اہلکار ہوائی فائرکرتے توہجوم منتشر ہوسکتا تھا تو پولیس اہلکاروں ہوائی فائرنگ کیوں نہیں کی؟ عدالت عظمٰی نے سوال کیا کہ کیا انکے پاس ہتھیار نہیں تھا؟

عدالت نے لوگوں کو اشتعال دلانے والے مولویوں نور الحسن اور ارشد بلوچ کو فوری طور پر گرفتار اور آئندہ سماعت تک پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ چیف جسٹس کا کہنا تھا پولیس کی غفلت سے دو انسان زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے جو افسوس ناک ہے ۔

کسی کی آئندہ سماعت پندرہ جنوری تک ملتوی کردی گئی ہے۔

پشاوراسکول حملہ، لیڈی ریڈنگ اسپتال میں افراتفری کا عالم

0

پشاور: اسکول پر حملے کے بعد لیڈی ریڈنگ اسپتال میں افراتفری کا عالم دیکھا گیا، ڈاکٹرز زخمیوں کی زندگی بچانے کی جدوجہد کر رہے ہیں،اسپتال عملے نے شہریوں سے خون کےعطیات کی اپیل کی ہے۔  پشاور فائرنگ کی خبر سنتے ہی والدین دیوانہ وار اسکول پہنچ گئے۔

پشاور کے اسکول میں دہشتگردوں کے حملے نے آن کی آن درجنوں معصوم طلبہ کو خون میں نہلادیا، واقعے کے بعد شہر میں ایمبولینسیں دوڑتی نظر آئیں، زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لئے لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کیا گیا، ہر طرف افراتفری کے مناظر اور بس چیخ و پکار تھی، بچوں کو تیار کرکے اسکول بھیجنے والے والدین اپنے جگر گوشوں کی تلاش میں اسپتال پہنچے۔

غم سے نڈھال باپ نے فوج کو مدد کیلئے پکار لیا ہے۔ انکا کہنا تھا کہ ماں باپ کی بیس بیس سال کی کمائی، بیس منٹ میں لٹ گئی ہے
پشاور کے نجی اسکول میں سید طاہرعلی کے پڑھنے والے دو بھتیجوں میں ایک کی لاش مل گئی، انکا کہنا تھا کہ میں اس جنازے کا کیا کروں گا، ماں باپ کی بیس بیس سال کی کمائی، بیس منٹ میں لٹ گئی ہے۔

طاہرعلی نے شکوہ کیا کہ حکمرانوں کی طرح ہمارے بچوں کو سیکیورٹی کیوں نہیں ملتی۔

  اسپتال میں جا بجا رقت آمیز مناظر ہیں، جان سے ہاتھ دھو بیٹھنے والوں کے لواحقین شدت غم سے نڈھال تھے۔

خیرپور: پولیس مقابلہ، بدنام زمانہ ڈاکو فوجی لاشاری ہلاک

0

خیرپور : پولیس اور ڈاکوئوں میں مقابلے کےدوران ایک ڈاکو ہلاک ہوگیا، ڈاکو پر 5 لاکھ روپے انعام مقررتھا جبکہ اس کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔

تفصیلات کے مطابق خیرپور کے ببرلو تھانہ کی حدود خیرپور پیرگوٹھ لنک روڈ پر پولیس اور ڈاکوؤں مقابلے کے دوران بدنام زمانہ ڈاکو فوجی لاشاری ہلاک ہوگیا۔

جبکہ ڈاکو کے دیگرساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، ایڈیشنل ایس پی مسعود بنگش کا کہنا تھا کہ ہلاک ڈاکو پر سندھ حکومت کی جانب سے زندہ یا مردہ گرفتاری پر 5 لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا گیا تھا۔

ڈاکوکے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے پولیس کے مطابق ہلاک ڈاکو پر قتل، اغوا برائے تاوان،ڈکیتی سمیت 20 سے زائد سنگین مقدمات مختلف تھانوں میں درج ہیں۔

پشاور اسکول حملہ،وزیرِاعظم سمیت سیاسی و مذہبی رہنماؤں کی مذمت

0

اسلام آباد: وزیرِاعظم نواز شریف نے پشاور میں اسکول کے بچوں پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید مزمت کی ۔

وزیراعظم نے وزیرِداخلہ چوہدری نثار کو ٹیلی فون کیا اور گورنر کے پی کے سے رابطے کرنے اور صوبائی حکومت سے ہر ممکن تعاون کرنے کی ہدایت کی، وزیراعلیٰ کے پی کے پرویز خٹک نے سیکیورٹی فورسز کو بچوں کو بحفاظت بازیاب کرنے کی ہدایت کی ۔

وزیراعلٰی شہباز شریف نے اسکول پر دہشتگردوں کے حملے کی مذمت کی، پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان اور طاہر القادری نے کہا کہ معصوم بچوں پر دہشتگرد حملہ بدترین سفاکیت ہے۔

مسلم لیگ ق کے چودھری شجاعت اور پرویز الٰہی نے کہا کہ معصوم طلبہ کو دہشتگردی کا نشانہ بنانا نہایت افسوسناک ہے، امیر جماعتِ اسلامی سراج الحق کا کہنا ہے کہ حملہ مستقبل کے معماروں کو نقصان پہنچانا ہے ۔

ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے کہا کہ دہشتگردوں کا حملہ ریاستی رٹ کو چیلنج کرنے کے مترادف ہے، اے این پی کے سربراہ اسفندیار ولی خان نے بھی آرمی پبلک اسکول پر حملے کی مذمت کی، سربراہ سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ دہشتگرد ملک اور تعلیم کے دشمن ہیں۔

اہلسنت و الجماعت کے پی کے کے صدر عطاء محمد دیشانی ، وحدت المسلمین ، متحدہ علماء کونسل کے راجا ناصر عباس اور طاہر محمود اشرفی نے حملہ اسکول پر نہیں تعلیم اور انسانیت پر قرار دیا ۔

تحفظ عزاداری کونسل رحیم جعفری اور آئی ایس او کے مرکزی صدر تہور عباس حیدری نے بھی اسکول پر حملے کی مزمت کی۔

کراچی: فائرنگ کے واقعات، پولیس اہلکار سمیت 3افراد جاں بحق

0

کراچی: فائرنگ کے مختلف واقعات میں پولیس اہلکار سمیت تین افراد جاں بحق اور آٹھ افراد زخمی ہوگئے، رینجرز سے بھی شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائیوں کے دوران بائیس ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔

کراچی میں فائرنگ اور پرتشدد واقعات کا سلسلہ تھم نہ سکا، پولیس حکام کے مطابق اورنگی ٹاون کے علاقے فرید کالونی میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے پولیس اہلکار راشد اقبال کو قتل کردیا، مقتول اہلکار شعبہ انویسٹگیشن میں کام کررہا تھا، نیوکراچی پانچ نمبر میں بھی فائرنگ سے شہزاد نامی شخص جان سے گیا۔

فرنٹئیر کالونی میں رینجرز نے کالعدم تنظیم کے نو ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے، ملزمان ٹارگٹ کلنگ اور کریکر حملوں سمیت دیگر سنگین وارداتوں میں ملوث ہیں، چنیسر گوٹھ میں رینجرز سے کارروائی کے دوران پانچ ملزمان کو گرفتار کرلیا، ملزمان کو تعلق منیشات فروش اشوک گروہ سے ہے۔

رنچھوڑ لائن اور سرجانی میں رینجرز نے کارروائی کے دوران پانچ ملزمان کو گرفتار کرلیا، گرفتار ملزمان میں سیاسی جماعت سے تعلق رکھنے والا ٹارگٹ کلر بھی شامل ہے، ملزمان کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔

خواجہ اجمیر نگری پولیس نے کارروائی کے دوران دو ٹارگٹ کلرز کو گرفتار کرلیا ہے، رینجرز نے بھی لیاقت آباد میں کارروائی کے دوران ٹارگٹ کلر سمیت تین ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔

سقوطِ ڈھاکہ ماضی کے حکمرانوں کی غلطیوں کا نتیجہ ہے، الطاف حسین

0

لندن :ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کا کہنا ہے کہ سقوطِ مشرقی پاکستان ماضی کے نااہل حکمرانوں کی سنگین غلطیوں کا شاخسانہ تھا۔

متحدہ قومی موومنٹ کے قائدالطاف حسین نے کہا ہے کہ سقوط ڈھاکہ ماضی کے نااہل حکمرانوں کی سنگین غلطیوں کا شاخسانہ تھا اور یوم سقوط ڈھاکہ کو ملک بھر میں ”یوم ندامت “ کے طور پر منانا چاہئے، 16، دسمبر1971ء یومِ سقوطِ ڈھاکہ کے موقع پر انہوں نے کہا کہ سابقہ مشرقی پاکستان میں بنگالی عوام کے ساتھ مسلسل کی جانے والی ناانصافیوں اور زیادتیوں کے سبب ملک دولخت ہوا، تاریخ کا سیاہ ترین باب ہے، جسے کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔

انہوں نے کہا کہ اگر مغربی پاکستان کے حکمران سابقہ مشرقی پاکستان کی جماعت عوامی لیگ کے جائز مینڈیٹ کو تسلیم کرلیتے اور انہیں ان کے حقوق دے دیتے تو سقوط ڈھاکہ نہ ہوتا اور ملک دولخت ہونے سے بچ جاتا لیکن سابقہ حکمرانوں کی روش نے بنگالی عوام کو ان کے حقوق دینے کے بجائے ملک توڑنا گوارا کرلیا، جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔

انہوں نے کہا کہ آج بھی ملک میں مختلف قومیتوں کے عوام کو ان کے جائز حقوق سے محروم رکھا جارہا ہے اور نئے انتظامی یونٹس کے عوامی مطالبات پر کوئی توجہ نہیں دی جارہی جبکہ آہستہ آہستہ معاملات اس نہج کی طرف جاتے دکھائی دے رہے ہیں جو کسی بھی سانحہ کو جنم دینے کا سبب بن سکتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ملک کے موجودہ ارباب اختیار و اقتدار کو ماضی کی غلطیوں سے سبق حاصل کرنا چاہئے اور ملک کی مختلف قومیتوں کے حقوق فی الفور دیکر ملک میں قومی یکجہتی اور اتحاد کو مضبوط و مستحکم بنایا جائے، انہوں نے کہا کہ برسوں گزر جانے کے باوجود آج بھی بنگلہ دیش کے ریڈ کراس کیمپوں میں پاکستانی کسمپرسی کی زندگی گزار رہے ہیں جن کا کوئی پرسان حال نہیں ہے جبکہ پاکستان سے محبت کی پاداش میں آج ان کی نسلیں تک غلاموں سے بد تر زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش کے ریڈ کراس کیمپوں میں مقیم محب وطن پاکستانی 1971ء سے پاکستان کے حکمرانوں کی توجہ اور مدد کے طالب ہیں لیکن ارباب اختیار و اقتدار کی محب وطن پاکستانیوں کی واپسی کیلئے کسی قسم کے انتظامات نہ کرنا کھلی بے حسی ہے، الطاف حسین نے16، دسمبر 1971یوم سقوط ڈھاکہ کے تمام شہداء کو زبردست خراج عقیدت بھی پیش کیا۔