اتوار, نومبر 17, 2024
ہوم بلاگ صفحہ 26735

پشاور اسکول حملہ،وزیرِاعظم سمیت سیاسی و مذہبی رہنماؤں کی مذمت

0

اسلام آباد: وزیرِاعظم نواز شریف نے پشاور میں اسکول کے بچوں پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید مزمت کی ۔

وزیراعظم نے وزیرِداخلہ چوہدری نثار کو ٹیلی فون کیا اور گورنر کے پی کے سے رابطے کرنے اور صوبائی حکومت سے ہر ممکن تعاون کرنے کی ہدایت کی، وزیراعلیٰ کے پی کے پرویز خٹک نے سیکیورٹی فورسز کو بچوں کو بحفاظت بازیاب کرنے کی ہدایت کی ۔

وزیراعلٰی شہباز شریف نے اسکول پر دہشتگردوں کے حملے کی مذمت کی، پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان اور طاہر القادری نے کہا کہ معصوم بچوں پر دہشتگرد حملہ بدترین سفاکیت ہے۔

مسلم لیگ ق کے چودھری شجاعت اور پرویز الٰہی نے کہا کہ معصوم طلبہ کو دہشتگردی کا نشانہ بنانا نہایت افسوسناک ہے، امیر جماعتِ اسلامی سراج الحق کا کہنا ہے کہ حملہ مستقبل کے معماروں کو نقصان پہنچانا ہے ۔

ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے کہا کہ دہشتگردوں کا حملہ ریاستی رٹ کو چیلنج کرنے کے مترادف ہے، اے این پی کے سربراہ اسفندیار ولی خان نے بھی آرمی پبلک اسکول پر حملے کی مذمت کی، سربراہ سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ دہشتگرد ملک اور تعلیم کے دشمن ہیں۔

اہلسنت و الجماعت کے پی کے کے صدر عطاء محمد دیشانی ، وحدت المسلمین ، متحدہ علماء کونسل کے راجا ناصر عباس اور طاہر محمود اشرفی نے حملہ اسکول پر نہیں تعلیم اور انسانیت پر قرار دیا ۔

تحفظ عزاداری کونسل رحیم جعفری اور آئی ایس او کے مرکزی صدر تہور عباس حیدری نے بھی اسکول پر حملے کی مزمت کی۔

کراچی: فائرنگ کے واقعات، پولیس اہلکار سمیت 3افراد جاں بحق

0

کراچی: فائرنگ کے مختلف واقعات میں پولیس اہلکار سمیت تین افراد جاں بحق اور آٹھ افراد زخمی ہوگئے، رینجرز سے بھی شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائیوں کے دوران بائیس ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔

کراچی میں فائرنگ اور پرتشدد واقعات کا سلسلہ تھم نہ سکا، پولیس حکام کے مطابق اورنگی ٹاون کے علاقے فرید کالونی میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے پولیس اہلکار راشد اقبال کو قتل کردیا، مقتول اہلکار شعبہ انویسٹگیشن میں کام کررہا تھا، نیوکراچی پانچ نمبر میں بھی فائرنگ سے شہزاد نامی شخص جان سے گیا۔

فرنٹئیر کالونی میں رینجرز نے کالعدم تنظیم کے نو ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے، ملزمان ٹارگٹ کلنگ اور کریکر حملوں سمیت دیگر سنگین وارداتوں میں ملوث ہیں، چنیسر گوٹھ میں رینجرز سے کارروائی کے دوران پانچ ملزمان کو گرفتار کرلیا، ملزمان کو تعلق منیشات فروش اشوک گروہ سے ہے۔

رنچھوڑ لائن اور سرجانی میں رینجرز نے کارروائی کے دوران پانچ ملزمان کو گرفتار کرلیا، گرفتار ملزمان میں سیاسی جماعت سے تعلق رکھنے والا ٹارگٹ کلر بھی شامل ہے، ملزمان کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔

خواجہ اجمیر نگری پولیس نے کارروائی کے دوران دو ٹارگٹ کلرز کو گرفتار کرلیا ہے، رینجرز نے بھی لیاقت آباد میں کارروائی کے دوران ٹارگٹ کلر سمیت تین ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔

سقوطِ ڈھاکہ ماضی کے حکمرانوں کی غلطیوں کا نتیجہ ہے، الطاف حسین

0

لندن :ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کا کہنا ہے کہ سقوطِ مشرقی پاکستان ماضی کے نااہل حکمرانوں کی سنگین غلطیوں کا شاخسانہ تھا۔

متحدہ قومی موومنٹ کے قائدالطاف حسین نے کہا ہے کہ سقوط ڈھاکہ ماضی کے نااہل حکمرانوں کی سنگین غلطیوں کا شاخسانہ تھا اور یوم سقوط ڈھاکہ کو ملک بھر میں ”یوم ندامت “ کے طور پر منانا چاہئے، 16، دسمبر1971ء یومِ سقوطِ ڈھاکہ کے موقع پر انہوں نے کہا کہ سابقہ مشرقی پاکستان میں بنگالی عوام کے ساتھ مسلسل کی جانے والی ناانصافیوں اور زیادتیوں کے سبب ملک دولخت ہوا، تاریخ کا سیاہ ترین باب ہے، جسے کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔

انہوں نے کہا کہ اگر مغربی پاکستان کے حکمران سابقہ مشرقی پاکستان کی جماعت عوامی لیگ کے جائز مینڈیٹ کو تسلیم کرلیتے اور انہیں ان کے حقوق دے دیتے تو سقوط ڈھاکہ نہ ہوتا اور ملک دولخت ہونے سے بچ جاتا لیکن سابقہ حکمرانوں کی روش نے بنگالی عوام کو ان کے حقوق دینے کے بجائے ملک توڑنا گوارا کرلیا، جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔

انہوں نے کہا کہ آج بھی ملک میں مختلف قومیتوں کے عوام کو ان کے جائز حقوق سے محروم رکھا جارہا ہے اور نئے انتظامی یونٹس کے عوامی مطالبات پر کوئی توجہ نہیں دی جارہی جبکہ آہستہ آہستہ معاملات اس نہج کی طرف جاتے دکھائی دے رہے ہیں جو کسی بھی سانحہ کو جنم دینے کا سبب بن سکتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ملک کے موجودہ ارباب اختیار و اقتدار کو ماضی کی غلطیوں سے سبق حاصل کرنا چاہئے اور ملک کی مختلف قومیتوں کے حقوق فی الفور دیکر ملک میں قومی یکجہتی اور اتحاد کو مضبوط و مستحکم بنایا جائے، انہوں نے کہا کہ برسوں گزر جانے کے باوجود آج بھی بنگلہ دیش کے ریڈ کراس کیمپوں میں پاکستانی کسمپرسی کی زندگی گزار رہے ہیں جن کا کوئی پرسان حال نہیں ہے جبکہ پاکستان سے محبت کی پاداش میں آج ان کی نسلیں تک غلاموں سے بد تر زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش کے ریڈ کراس کیمپوں میں مقیم محب وطن پاکستانی 1971ء سے پاکستان کے حکمرانوں کی توجہ اور مدد کے طالب ہیں لیکن ارباب اختیار و اقتدار کی محب وطن پاکستانیوں کی واپسی کیلئے کسی قسم کے انتظامات نہ کرنا کھلی بے حسی ہے، الطاف حسین نے16، دسمبر 1971یوم سقوط ڈھاکہ کے تمام شہداء کو زبردست خراج عقیدت بھی پیش کیا۔

 

کراچی: شارع فیصل پر عمارت میں لگنے والی آگ پر قابو پالیا گیا

0

کراچی: کراچی میں شارع فیصل پرعمارت میں لگنے والی آگ پر کئی گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد قابو پالیا گیا آتش زدگی کے نتیجے میں آفس کا فرنیچر، مشینری اور اہم دستاویزات جل کر خاکستر ہوگئے ہیں۔

فائر برگیڈ حکام کے مطابق شارع فیصل پر بلوچ کالونی کے قریب تجارتی عمارت کی چھٹی اور ساتویں منزل پر آگ بھڑک اٹھی آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے دونوں فلورز کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ حکام کے مطابق فائر بریگیڈ کی چار گاڑیوں اور ایک اسنارکل نے چار گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد آگ پر مکمل طور پر قابو پالیا ہے۔

فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ آتشزدگی کے نتیجے میں آفس میں موجود چند افراد عمارت کی چھت پر چڑھ گئے تھے جنھیں اسنارکل کی مدد سے باحفاظت نیچے اتار لیا گیا ہے۔

ای ڈی او میونسپل مسعود عالم کے مطابق آگ لگنے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی تاہم اس حوالے سے تحقیقات جاری ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ آتش زدگی کے نتیجے میں چھٹے اور ساتویں فلور کے آفس کا سامان جل کر خاکستر ہوگیا۔

واضح رہے کہ شہر کی بیشتر تجارتی عمارتوں میں فائرسسٹم نہ ہونے کی وجہ سے آتشزدگی کے واقعات میں قابو پانے میں مسائل کا سامنا ہے جبکہ ایمرجنسی اخراج نہ ہونے کے باعث کئی لوگوں کی جانیں بھی جاچکی ہیں۔

قومی ہاکی ٹیم کا وطن پہنچنے پروالہانہ استقبال

0

لاہور: چیمپیئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ میں سلور میڈل جیتنے کے بعد پاکستان ہاکی ٹیم براستہ واہگہ بارڈر وطن واپس پہنچ گئی ہے۔ وطن واپسی پر کھلاڑیوں کا والہانہ استقبال کیا گیا۔

پاکستان ہاکی ٹیم کے کھلاڑی بھارتی ریاست اڑیسہ میں چیمپیئنز ٹرافی میں رنر اپ رہنے کے بعد جب براستہ واہگہ بارڈر وطن واپس پہنچے تو انکا والہانہ استقبال کیا گیا۔

پی ایچ ایف کے سربراہ اختر رسول،سیکٹریٹری رانا مجاہد سمیت اولمپیئنز اور عوام نے رنر اپ ٹیم کے کھلاڑیوں پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں گئیں ۔

پاکستان ہاکی ٹیم میگا ایونٹ کے فائنل میں جرمنی کیخلاف سلور میڈل کی حقدار ٹہری لیکن روایتی حریف بھارت کو اُسی کی سر زمین پر شکست دیکر کھلاڑیوں نے عوام کا دل ضرور جیت لیا ہے۔

سڈنی: کیفے کا محاصرہ ختم، حملہ آور سمیت 3افراد ہلاک

0

سڈنی :آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں پولیس نے کیفے میں کمانڈو آپریشن کے بعد یرغمالیوں کو رہا کرالیا ہے، آپریشن میں حملہ آور سمیت تین افراد مارے گئے۔

آسٹریلیا کا شہر سڈنی گزشتہ روز ساری دنیا کی توجہ کا مرکز بنا رہا، پیر کی صبح ہارون مونس نامی مسلح شخص نے سڈنی شہر کے مصروف کاروباری علاقے مارٹن پلیس کے لنٹ کیفے میں موجود متعدد افراد کو یرغمال بنا لیا تھا۔

واقعہ کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں رکھا، تاہم وقفے وقفے سے یرغمالی مسلح افراد کے چنگل سے نکلنے میں کامیاب ہوتے رہے، پولیس کے مطابق کیفے پر آپریشن اس وقت شروع کیا گیا، جب حملہ آور نے فائرنگ شروع کی۔

فائرنگ کے تبادلے میں حملہ آور سمیت تین افراد ہلاک ہوئے، حملہ آور آسٹریلیا میں ایک پناہ گزین تھا، جس کیخلاف کئی مقدمات درج تھے، آسٹریلوی وزیرِاعظم ٹونی ایبٹ نے خدشہ ظاہر کیا تھا کہ اس حملے کے سیاسی بھی محرکات ہو سکتے ہیں ۔

پاکستان بمقابلہ سری لنکا،قومی وومن کرکٹ ٹیم کا اعلان

0

لاہور : پاکستان کرکٹ بورڈ نے متحدہ عرب امارات میں سری لنکا کیخلاف ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلئے پاکستان ویمنز ٹیم کے سولہ رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے۔

پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم یو اے ای میں سری لنکا کیخلاف تین میچوں کی ون ڈے سیریز اور اتنی ہی تعداد میں ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گی۔

یہ سیریز سات جنوری سے اٹھارہ جنوری دوہزار پندرہ تک کھیلی جائیگی۔ ثنا میر کو کپتان برقرار رکھا گیا ہے۔ سیریز کی تیاری کیلئے قومی ٹیم کا تربیتی کیمپ پچیس دسمبر سے کراچی میں شروع ہوگا۔۔

پی سی بی کے مطابق پاکستان ویمنز ٹیم کی یواے ای سیریز آئی سی سی ون ڈے چیمپیئن شپ اور ویمنز ورلڈ کپ دوہزار اٹھارہ کے کوالیفائنگ راؤنڈ کیلئے فائدہ مند ثابت ہوگی

ہالی ووڈ فلم نائٹ ایٹ دی میوزیم کا رنگارنگ پریمیئر

0

لندن:  میوزیم میں ہونے والی ہل چل پر مبنی فلم ” نائٹ ایٹ دی میوزیم ” سنیما گھروں میں تہلکہ مچانے کیلئے تیار ہیں، تشہیر کیلئے فلم کی کاسٹ لندن پہنچ گئی ہیں۔

سسپنس سے بھرپور فلم ’’نائٹ ایٹ دی میوزیم نے ریلیز سے قبل ہی دھوم مچادی ہے،  اس فلم کی تشہیری مہم لندن میں ہوئی، جہاں ستاروں کی چمک دھمک نے تقریب کو چار چاند لگا دیئے ۔

فلم کی کہانی لندن کے ایک میوزیم میں غلطی سے بند ہوجانے والے شخص کے گرد گھومتی ہے، جہاں اس شخص کے ساتھ عجیب اور پر اسرار واقعات پیش آتے ہیں، دلچسپ مناظر سے بھرپور فلم انیس دسمبر کو سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی ۔

اوگرا کوگیس کی قیمت میں اضافے کی ہدایات جاری

0
ppl agreement

اسلام آباد: وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے گیس کی قیمتوں میں اضافہ نہ کرنے کے حکم کے باوجود اوگرا کوگیس کی قیمت میں اضافہ کی ہدایات جاری کر دی گئیں ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وزارت خزانہ ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیراعظم کی جانب سے گیس کی قیمتوں میں اضافہ نہ کرنے کے حکم کے باوجوداقتصادی رابطہ کمیٹی نے اوگرا کو گیس پرائسنگ فارمولے میں تبدیلی کیلئے ہدایات جاری کر دی ہیں۔

پرائسنگ فارمولے میں تبدیلی سے گیس کی قیمتوں میں خاطر خواہ اضافہ متوقع ہے۔ نئی ہدایات کے تحت سسٹم سے چوری اور ضائع ہونے والی گیس کی تمام تر وصولی صارفین کو منتقل کردی جائے گی ۔

اس طر ح آئندہ تین مالی سال میں صارفین سے ستر ارب روپے تک وصول کئے جائیں گے ۔اس ضمن میں اوگرا کو جلد از جلد اسٹڈی مکمل کر کے اقدامات کرنے کے احکامات جاری کر دئیے گئے ہیں۔

این اے122: لاہورہائیکورٹ نے ایازصادق کی اپیل مسترد کردی

0

لاہور: ہائیکورٹ نے این اے ایک سو بائیس پر ٹریبونل فیصلے کے خلاف قومی اسپیکر اسمبلی ایاز صادق کی درخواست مسترد کردی، تھیلے کھول کر ووٹوں کی جانچ پڑتال آج سے شروع ہوگی۔

کیس کی سماعت لاہور ہائیکورٹ کے جج جسٹس اعجاز الحسن نے کی سردار ایازصادق کے وکیل نے دلائل دیئے کہ عمران خان کی الیکشن ٹریبونل میں دائر درخواست جعلی اوتھ کمشنر سے تصدیق شدہ تھی، جسکے خلاف مقدمہ بھی درج ہوچکا ہے۔

وکیل کا کہنا تھا کہ الیکشن ٹریبونل سے اس حوالے سے ان کے اعتراضات نہیں سنے، عمران خان کی شہادتیں مکمل ہونے کے بعد ٹریبونل نے فیصلہ سنا دیا جبکہ سپریم کورٹ کے واضح احکامات موجود ہیں، اعتراضات کا فیصلہ کیے بغیر کیس کی سماعت نہیں کی جاسکتی۔

عدالت نے سردار ایاز صادق کی جانب سے الیکشن ٹریبونل کے این اے ایک سو بائیس سے متعلق فیصلے اور ٹریبونل کے جج کاظم ملک کے خلاف توہین عدالت کی درخواستیں ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کردیں۔

ایاز صادق کے وکیل نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ہائیکورٹ کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرینگے، ایاز صادق کی اپیل مسترد ہونے کے بعد این اے ایک سوبائیس پر ووٹوں کی جانچ پڑتال آج سے شروع ہوگی۔