اتوار, ستمبر 29, 2024
ہوم بلاگ صفحہ 26737

تمام ریاستی ادارے آئین کے تابع ہیں، چیف جسٹس

0

اسلام آباد: چیف جسٹس ناصرالملک کا کہنا ہے کہ ریاستی اداروں کی جانب سے لگائی جانے والی پابندیوں کا عدالت خود جائزہ لے سکتی ہے۔

نئےعدالتی سال کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس ناصرالملک نے کہا ہے کہ تمام ریاستی ادارے آئین کے تابع ہیں، کسی بھی صورتحال میں آئین حقوق کو حتمی تصور نہیں کیا جاسکتا، ججز کا کام آئین کی تشریح ہی نہیں بلکہ آئین کیخلاف ہونے والی سازشوں کو ناکام بنانا بھی فرض ہے۔

چیف جسٹس نے کہا ہے کہ کوئی معاشرہ آئین سے بالاتر ہوکر نہیں چل سکتا ہے۔

گوجرانوالہ:سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پاک فوج کا ریلیف آپریشن جاری

0

گوجرانوالہ:  گوجرانوالہ ڈویژن کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پاک آرمی کا ریلیف آپریشن آج چوتھے روز بھی جاری ہے اور پاک آرمی کی ٹیموں نے 11 ہزار 283 افراد کو کشتیوں کے ذریعے جبکہ 771 افراد کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے محفوظ مقامات پر منتقل کردیا ہے۔

کورکمانڈر گوجرانوالہ لیفٹیننٹ جنرل سلیم نواز نے ہیڈ قادر آباد کے سیلابی پانی میں گھرے علاقوں جلالپور، بھٹیاں اور پنڈی بھٹیاں کا فضائی دورہ کیا۔ ان علاقوں میں آج پاک آرمی کے 4 ہیلی کاپٹر ریسکیو آپریشن کررہے ہیں جبکہ 300 کشتیوں کو بھی استعمال کیا جارہا ہے۔

جن علاقوں میں پانی نہیں اتر سکا، وہاں گوجرانوالہ کور ہیڈ کوارٹر سے اضافی نفری بھجوائی جارہی ہے تاکہ لوگوں کے جان و مال کو محفوظ بنایا جاسکے۔

کورکمانڈر گوجرانوالہ لیفٹیننٹ جنرل سلیم نواز نے کہا ہے کہ مصیبت کی اس گھڑی میں پاک فوج اپنی قوم کے شانہ بشانہ ہے، سیلاب میں پھنسے ہوئے لوگوں کی جانوں کو بچانے اور انہیں محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کیلئے تمام کوششیں کی جائیں، یاد رہے کہ گوجرانوالہ ڈویژن میں آرمی کے 54 ریلیف کیمپ اور 73 ہیلتھ کیمپ کام کررہے ہیں۔

چیف سیکرٹری پنجاب نوید اکرم چیمہ نے تمام سرکاری محکموں کے ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کر تے ہوئے تمام محکموں خصوصاً صحت، آبپاشی، مواصلات و تعمیرات کو ریلیف کاموں کیلئے جامع اور مربوط کوششیں کرنے کی ہدایت کی ہیں اور ساتھ ہی گریڈ انیس کے افسر کو چوبیس گھنٹے ایمرجنسی ڈیوٹی پر تعینات کیا جائے گا۔

حویلی لکھا میں پاکپتن کینال کے تیس فٹ چوڑے شگاف کو پُر کرنے کیلئے محکمہ انہار نے کارروائیاں تیز کردیں ہیں، دو روز قبل فصلیں بچانے کیلئے نہر کے بند کو توڑ دیا گیا تھا، ساہیوال میں سیلابی علاقے میں ضلعی انتظامیہ نے ریلیف کیمپ قائم کردیا ہے۔

کندھکوٹ اور کشمور کے کچے کے علاقے میں محکمہ آبپاشی کے ملازمین کو چوبیس گھنٹے میں متاثرہ بندوں کا کام مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہیں۔

ڈی جی رینجرز پنجاب میجر جنرل طاہر جاوید نے سیالکوٹ کے سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کیا اورمتاثرین میں اشیائے خوردونوش اور ادویات کی فراہم کی گئیں۔

ادھر پاک بھارت سرحد کے قریب فلڈ ریلیف اور میڈیکل کیمپ قائم کئے جارہے ہیں، چیف ریلیف کمشنر پنجاب ندیم اشرف کے مطابق سیلاب زدہ علاقوں میں متاثرین کیلئے 126ریلیف کیمپ قائم کر دیئے گئے ہیں،  ریلیف کیمپوں میں متاثرین کو پکا ہوا کھانا فراہم کیا جا رہا ہے۔ 18اضلاع کے متاثرین میں 23700خیمے، 4636منرل واٹر کی بوتلیں اور 36500فوڈ ہیمپرز فراہم کر دیئے ہیں۔

چینی صدر کے دورے کی منسوخی پرموڈیز کا اظہار تشویش

0

اسلام آباد:بین الاقوامی ریٹنگ ایجنسی موڈیز نے کہا ہے کہ چینی صدر کا دورہ منسوخ ہونے سے پاکستانی معیشت پر منفی اثرات مرتب ہونگے۔ موڈیز کے مطابق چینی صدر زی جن پنگ کا دورہ منسوخ ہونے سے چین کی جانب سے ملنے والی امداد اور معاشی معاہدے متاثر ہونگے۔

موڈیز کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سیاسی عدم استحکام کے باعث پاکستان میں جاری معاشی اصلاحات پر سوالیہ نشان کھڑا ہو گیا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سیاسی عدم استحکام کے باعث پاکستان میں جاری آئی ایم ایف پروگرام متاثر ہو سکتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق اگرحکومت کو آئی ایم ایف کی جانب سے مزید قرض کی مزید اقساط نہیں ملیں تو حکومت مالی مشکلات کا شکار ہوسکتی ہے۔

کوٹلی:سیلاب سے کئی مکانات ملبے کا ڈھیر،رابطہ سڑکیں تباہ

0

کوٹلی: آزاد کشمیر میں بارش اور سیلاب کے سبب مکان ملبے کا ڈھیر اور رابطہ سڑکیں تباہ ہوگئیں جبکہ تحصیل چڑہوئی کراس کے قریب ایک پورا کا پورا گاؤں تباہ ہوگیا۔

کوٹلی آزاد کشمیر کی خوبصورت وادی ،سبزہ،  پہاڑ بارش اور سیلاب میں ایسے گھرے کہ خوشی کے ماحول میں سوز اور فضا میں سوگواری سی چھا گئی۔

سیلابی ریلے رابطہ سڑکوں کو چیرتے ہوئے ایسے آگے بڑھے کہ سڑکیں تباہ ہوگئیں اور آمد ورفت کے لئے رابطہ کا سلسلہ ٹوٹ گیا، نکیال ، سرساوہ، پنجیڑہ ، کھوئیرٹہ ارو گرد و نواح کے علاقوں میں تباہی کا یہ عالم ہے کہ سینکڑوں مکانات گر کر ملبے کا ڈھیر بن گئے، بڑی تعداد میں مال مویشی سیلاب کی نذر ہوگئے۔۔

مسلسل بارش سے نظام زندگی بُری طرح متاثر ہوکر رہ گیا ہے، تحصیل چڑہوئی کراس کے قریب ایک پورا کا پورا گاؤں لینڈ سلائڈنگ سے تباہ ہوگیا، اسکولوں ، کالجوں اور دفاتر میں حاضری کم اور لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں، کاروباری سرگرمیاں معطل ہیں اور مواصلاتی اور بجلی کا نظام بارش کے سبب بری طرح متاثر ہے۔

پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج فروغِ تعلیم کاعالمی دن منایا جارہا ہے

0

پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج  فروغِ تعلیم کا دن منایا جارہا ہے، اس موقع پر ملک کے مختلف شہروں میں ریلیاں، سمینارز اورمختلف تقریبات کا انعقاد کیا جارہا ہے۔

پاکستان سمیت دنیا بھر میں فروغِ تعلیم کیلئے خواندگی کا عالمی دن منایا جارہا ہے، اقوام متحدہ کی تنظیم یونیسکو کے مطابق ہر سال آٹھ ستمبر کو دنیا بھر میں خواندگی کی شرح بڑھانے کیلئے یہ دن منایا جاتا ہے ۔

پاکستان میں اس دن کے حوالے سے ریلیوں ،سمینارز اور تقاریب کا انعقاد کیا جارہا ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں اس وقت شرح خواندگی ساٹھ فیصد ہے، مردوں میں یہ شرح انہتر جبکہ خواتین میں پینتالیس فیصد ہے، دوسری جانب شہروں میں خواندگی کی شرح چوہتر فیصد جبکہ دیہاتوں میں اڑتالیس فیصد ہے۔

ایک ماہ کے دوران ڈالر5روپے مہنگا ہوگیا

0

اسلام آباد: ملک میں جاری سیاسی ہلچل نے روپے کو شدید جھٹکا لگا دیا۔ ایک ماہ میں ڈالر پانچ روپے مہنگا ہوگیا۔روپے کی بے قدری میں سیاسی بے چینی اور زر مبادلہ کے ذخائر میں کمی دونوں کا ہاتھ ہے۔

ڈالر کی قیمت جولائی میں اٹھانوے روپے تک تھی۔ جو اگست کے آخر تک ایک سو تین روپے سے بھی زیادہ ہو گئی۔ مارکیٹ ذرائع کے مطابق زرمبادلہ میں کمی کے ساتھ ساتھ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے زرمبادلہ کی ترسیل اور برآمدات کے حجم میں بھی کچھ کمی ہوئی۔

جس کے منفی اثرات روپے کی قدر میں کمی کی صورت سامنے آئے ۔

سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں فوج کی امدادی کارروائیاں جاری

0

پنجاب: سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بڑے پیمانے پر فوج کی امدادی کارروائیاں جاری ہیں، آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج نے گوجرانوالہ ڈویژن میں چوّن ریلیف اورتہتر ہیلتھ کیمپ قائم کیے ہیں۔

پنجاب میں سیلابی ریلوں نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا رکھی ہے، سیکڑوں دیہات پانی کی نذر ہوئے تو ہزاروں افراد بے گھر ایسے میں ہر دم تیار پاک فوج کے جوان اپنے عزیز ہم وطنوں کی مدد کو پہنچے اور امدادی کارروائیاں شروع کردیں ۔

متاثرہ علاقوں میں پاک فوج کا ریلیف آپریشن جاری ہے، ملتان ڈیرہ غازی خان، ساہیوال، تریموں ہیڈ ورکس میں پاک فوج کے جوان سیلاب میں پھنسے لوگوں کو نکالنے میں مصروف ہیں ۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج نے گوجرانوالہ ڈویژن میں چوّن ریلیف اور تہتر ہیلتھ کیمپ قائم کیے ہیں، کیمپوں میں متاثرین کو کھانے پینے کی اشیاء اور طبی امداد دی جارہی ہے۔

بجوات اور چپراڑ سے پانچ سو افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا ہے، ریلیف آپریشن میں اب تک مجموعی طور پر ساڑھے چھ ہزار افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کیا جا چُکا ہے، امدادی سرگرمیوں میں تین سو کشتیاں اور آرمی کے سولہ ہیلی کاپٹرز بھی حصہ لے رہے ہیں۔

سی آئی اے نے القاعدہ ارکان پربد ترین تشدد کیا،رپورٹ

0

واشنگٹن: امریکی تحقیقاتی ادارے سی آئی اے کی جانب سے القاعدہ کے گرفتار ارکان پر بدترین تشدد کا انکشاف ہوا ہے، امریکی سینٹ کی رپورٹ کے مطابق نائن الیون کے مبینہ ماسٹر مائنڈ خالد شیخ کو دوران تفتیش بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

برطانوی اخبار نے سی آئی اے کے بارے میں امریکی سینٹ کی رپورٹ کے حوالے سے بتایا کہ سی آئی اے نے تفتیش کے دوران حدود سے تجاوز کرتے ہوئے گرفتارافراد پراتنا زیادہ تشدد کیا کہ وہ مرنے کے قریب پہنچ گئے۔

رپورٹ کے مطابق بدترین تشدد کا سامنا کرنے والوں میں نائن الیون کے مبینہ ماسٹرمائند خالد شیخ محمد، القاعدہ کے رہنما اسامہ بن لادن کے قریبی ساتھی ابو زبیدہ اور امریکی جہاز یو ایس ایس کول پرحملہ کرنے والے عبدالرحیم النصیری شامل ہیں، معلومات کے حصول کے لئے سی آئی اے نے خالد شیخ کو ایک سوتراسی مرتبہ جبکہ ابوزبیدہ کو تراسی بار پانی کے ٹینک میں ڈبکیاں دیں۔

سی آئی اے کے تشدد کے بارے میں رپورٹ تیار کرنے والے سینٹر کا کہنا ہے کہ سی آئی اے کی جانب سے تشدد کی تفیصلات لرزہ خیز ہیں، تین ہزار چھ سوصفحات پرمشتمل رپورٹ جلد جاری کی جائے گی۔

ڈیرہ اسماعیل خان:ضمنی الیکشن، حلقہ پی کے68 میں پولنگ کا عمل جاری

0

ڈیرہ اسماعیل خان: خیبرپختونخوا کی صوبائی نشست پی کے اڑسٹھ میں پولنگ کاعمل جاری ہے، سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کرتے ہوئے حلقہ کوچار سیکٹرز میں تقسیم کیا گیا ہے۔

ڈیرہ غازی خان کی صوبائی پی کے اڑسٹھ پہاڑ پور میں ضمنی انتخاب کے لئے پولنگ آج ہورہی ہے، پی کے68 کا حلقہ 9یونین کونسلز پر مشتمل ہے، ضمنی الیکشن میں تحریکِ انصاف کے امیدوار احتشام جاوید، آزاد امیدوار مرید کاظم اور آزاد امیدوار مجتبیٰ الحسن سمیت دیگرامیدوار مد مقابل ہیں۔

ایک سوآٹھ پولنگ اسٹیشنز میں اکتیس کو حساس ترین، ستائیس کو حساس جبکہ50 پولنگ اسٹیشن کو نارمل قرار دیا گیا ہے، ایک لاکھ تیئس ہزارنو سو اکیانوے ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کرینگے، امن و امان کیلئے پولیس لائن میں کنٹرول روم بنایا گیا ہے، یہ نشست آزاد امیدوار جاوید اکبر خان کی جعلی ڈگری کیس میں نااہلی کے باعث خالی ہوئی تھی۔

آج ہونیوالے ضمنی الیکشن کے لئے انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں، فوجی دستوں کیساتھ 770 پولیس اہلکاراپنے فرائض سرانجام دے رہے ہیں، 108پولنگ اسٹیشنز قائم کئے گئے ہیں، جس میں 24مردانہ، 22زنانہ اور 62مشترکہ پولنگ اسٹیشن شامل ہیں۔

 انیس سو اٹھانویں مردم شماری کے تحت حلقہ کی کل آبادی 267397 نفوس پر مشتمل ہے، جن میں رجسٹرڈ ووٹوں کی تعداد127617 ہے۔ خواتین ووٹرز کی تعداد58614 اور مرد ووٹرز کی تعداد69300 ہے، ایک لاکھ27ہزار991ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کرینگے۔

اسلام آباد: پولیس مقابلہ،2حملہ آور زخمی

0

اسلام آباد: سبزی منڈی کے قریب مشکوک افراد نے پولیس پر فائرنگ کردی، پولیس کی جوابی فائرنگ میں دو حملہ آور زخمی ہوگئے۔

پولیس ترجمان کے مطابق سبزی منڈی کے قریب پولیس موبائل گشت پر تھی کہ تین افراد نے پولیس پر فائرنگ کردی، پولیس کی جوابی فائرنگ کے نتیجے میں دو حملہ آور زخمی ہوگئے جبکہ ایک فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

زخمی حملہ آوروں کو حراست میں لے لیا گیا ہے، جن کی شناخت عمر اور نائیک ملئی کے نام سے کی گئی ہے، پولیس ترجمان کے مطابق حملہ آوروں کا تعلق پشاور اور کوہاٹ سے ہے۔