اتوار, اکتوبر 6, 2024
ہوم بلاگ صفحہ 27037

وزیراعلٰی شہباز شریف کی سماج دشمن عناصر پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت

0

لاہور:  وزیراعلٰی شہباز شریف نے سماج دشمن عناصر پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک فوج ملک کی بقا کی جنگ لڑ رہی ہے، وزیراعلی پنجاب نے سیکورٹی انتظامات سے متعلق قانون نافذ کرنےوالےاداروں کی کارکردگی پر اطمینان ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کے عوام کی جان ومال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

لاہور میں وزیراعلیٰ شہبازشریف کی زیرصدارت امن و امان کا جائزہ لینے سے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، اجلاس میں صوبے کی مجموعی صورتحال اور سیکیورٹی اقدامات کا جائزہ بھی لیا گیا۔ وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف کو رائیاں پنڈ واقعے کی رپورٹ پیش کردی گئی، اجلاس میں پنڈ رائیاں میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے دوران شہید ہونے والے سکیورٹی ادارے کے اہلکار صابر حسین کی جرآت اور بہادری کو خراج عقیدت پیش کیا گیا اور شہید کے ایصال ثواب کیلئے دعا بھی کی گئی۔

وزیراعلٰی پنجاب نے کہا کہ شہید صابر حسین پوری قوم کا ہیرو ہے، ملک و قوم کے محفوظ اور پرامن مستقبل کیلئے اپنی جانیں قربان کرنے والوں کو سلام پیش کرتے ہیں، شہباز شریف نے شہید اہلکار کے ورثاء کیلے ایک کروڑ روپے اور زخمی اہلکاروں کیلئے دس دس لاکھ روپے امداد کا اعلان کیا۔

وزیراعلی پنجاب نے صوبے میں سیکورٹی انتظامات کے بارے میں قانون نافذ کرنے والےاداروں کی کارکردگی پر اطمینان ظاہر کیا، ان کا کہنا تھا کہ صوبے کے عوام کی جان ومال کاتحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔۔ شمالی وزیر ستان آپریشن کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیر اعلی پنجاب نے زخمی ہونے والوں کی جلدصحتیابی کےلئےدعا بھی کی۔

وزیراعلیٰ نے صوبہ بھر میں سکیورٹی انتظامات کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ یوم شہادت حضرت علی کرم اللہ وجہہ کے موقع پر جلوسوں کی کڑی نگرانی کی جائے اور طے شدہ سکیورٹی پلان پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے، پنجاب کے داخلی اور خارجی راستوں پر سخت چیکنگ کے ساتھ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی سے مانیٹرنگ کو یقینی بنایا جائے۔ اجلاس کے دوران سیکرٹری داخلہ نے امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے بریفنگ بھی دی۔

جسٹس فیصل عرب نے سندھ ہائی کورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس کا حلف اٹھالیا

0

کراچی : جسٹس فیصل عرب نے سندھ ہائی کورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس کا حلف اٹھالیا۔

چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس مقبول باقر کے بیرون ملک جانے کے باعث جسٹس فیصل عرب نے قائم مقام چیف جسٹس کا حلف اٹھایا ہے، سندھ ہائِی کورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس سے سینئر ترین جج جسٹس سجاد علی شاہ نے حلف لیا۔

حلف برداری کی تقریب میں سندھ بار کونسل، سندھ ہائی کورٹ بار ایسو سی ایشن اور کراچی بار ایسوسی ایشن کے نمائندوں ، سینئر ججز اور وکلاء کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

سرگودہا :حساس ادارے کی گاڑی کو حادثہ، 5اہلکار جاں بحق

0

سرگودہا: حساس ادارے کی گاڑی اورٹرک کے تصادم کے نتیجہ میں پانچ اہلکار جاں بحق ہوگئے، پولیس نے ٹرک قبضے میں لیکر نامعلوم افراد کیخلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔

حساس ادارے کے اہلکار گزشتہ روز رائیونڈ میں دہشتگردوں کیساتھ مقابلے میں شہید اہلکار صابرحسین کے نمازجنازہ میں شرکت کے بعد واپس آرہے تھے کہ تھانہ ساہیوال کےعلاقہ پٹھان کوٹ کے قریب تیز رفتار ٹرک اور حساس ادارے کی گاڑی میں تصادم ہوگیا، جس کے نتیجےمیں دس افراد زخمی ہوگئے ۔

زخمیوں کو طبی امداد کے لئے سی ایم ایچ منتقل کیا گیا،جہاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے پانچ افراد دم توڑ گئے، حادثے کے بعد ڈرائیور موقع سے فرارہوگیا، پولیس نے ٹرک کو تحویل میں لینے کے بعد نامعلوم افراد کےخلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ۔

اسلام آباد:مال بردار ٹرالر گاڑیوں پر الٹ گیا،ایک شخص جاں بحق 3زخمی

0

اسلام آباد: مال بردار ٹرالر گاڑیوں پر الٹ گیا، جس کے نتیجے میں دو گاڑیاں تباہ اور ایک شخص جاں بحق جبکہ تین زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق تھانہ سبزی منڈی آئی نائن کے قریب مال بردار ٹرالر اچانک دو گاڑیوں پر الٹ گیا، جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ خاتون سمیت تین افراد زخمی ہوگئے ۔

حادثے کے فوری بعد امدادی ٹیمیں جائے وقوع پر پہنچ گئیں اور ٹرالر تلے دبی گاڑیوں کو کاٹ کر زخمیوں کو باہر نکال کر پمز اسپتال منتقل کردیا۔

اسپتال ترجمان کے مطابق زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے، زخمیوں میں شازیہ نامی خاتون ، ان کے شوہر عبدالغفار شامل ہیں جبکہ تیسرے زخمی ٹیکسی ڈرائیور کو طبی امداد دے کر رخصت کردیا گیا، جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت نہیں ہوسکی ہے۔

کراچی:پولیس اور رینجرز کی کاروائی، کامرہ ائیر بیس پرحملے کا ماسٹرمائنڈ ہلاک

0

کراچی: پولیس اور رینجرز کی مشترکہ کارروائی میں کامرہ ائیر بیس پر حملے کا ماسٹر مائنڈ ہلاک ہوگیا، لیاری کے علاقے مچھر کالونی میں رینجرز کی کارروائی میں بھتہ خوری کا ملزم مارا گیا۔

کراچی میں دہشتگردوں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیاں جاری ہیں، موچکو تھانے کی حدود میں دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر پولیس اور رینجرز نے چھاپہ مارا تو ملزم نے پولیس پر فائرنگ شروع کردی۔

جوابی فائرنگ میں دہشتگرد بلال خان مارا گیا، ہلاک دہشتگرد کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے ، ہلاک دہشتگرد کے قبضے سے کلاشنکوف اور دستی بم برآمد کئے گئے ہیں۔

ترجمان رینجرز کے مطابق ملزم کامرہ ائیربیس پر حملے کا ماسٹر مائنڈ تھا اور خود کش حملہ آوروں کو تیار کرنا بھی ہلاک ملزم کی ذمہ داری تھی، لیاری مچھر کالونی میں رینجرز کی چھاپہ مار کارروائی کے دوران لیاری گینگ وار کا ملزم نو روز چانڈیو مارا گیا، ملزم بھتہ خوری اور ڈکیتی کی تیس سے زائد وارداتوں میں ملوث تھا، ملزم کے قبضے سے اسلحہ برآمد بھی ہوا ۔

الطاف حسین کی جمرود میں سکیورٹی فورسز پر حملے کی مذمت

0

لندن:  متحدہ قومی مومنٹ کے قائد الطاف حسین نے جمرود میں سکیورٹی فورسز پر حملے کے شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

 ایم کیو ایم کے قائد نے کہا ہے کہ پاک افواج جس بہادری سے شمالی وزیر ستان میں شدت پسندوں کو ناکام بنا رہی ہے، اس پر پوری قوم اور ایم کیوایم افواج پاکستان کے ساتھ ہے۔

الطاف حسین نے جمرود میں دہشت گردوں کے حملے میں شہید ہونیوالے تمام سیکورٹی ا ہلکاروں کے سوگوار اہل خانہ سے دلی تعزیت وہمدردی اظہار کر تے ہوئے انہیں صبر کی تلقین کی، انہوں نے شہید ہونے والے اہلکاروں کی مغفرت کے لئے دعا کی۔

پرویز راٹھورکا معطلی کیخلاف سپریم کورٹ جانے کا فیصلہ

0

اسلام آباد: قائم مقام چیئرمین پیمرا پرویز راٹھور نے اپنی معطلی کے خلاف سپریم کورٹ جانےکا فیصلہ کرلیا، انھوں نےاسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر نظرثانی درخواست واپس لے لی ہیں۔

قائم مقام چیئر مین پیمرا پرویز راٹھور اور کمال الدین ٹیپو نے اپنی معطلی کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائرنظر ثانی کی درخواست واپس لے لی، جس پر عدالت نے درخواست خارج کردی۔

وکیل صفائی نے بیان میں کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کےحکم کیخلاف سپریم کورٹ جانا چاہتے ہیں، اسلام آباد ہائی کورٹ نے پرویز راٹھور اور کمال الدی ٹیپو کی تقرری کا نوٹی فکیشن معطل کردیا تھا۔

تفصیلی فیصلے میں عدالت نے کہا کہ قائم قام چیئر مین کو کام سے روکنے کا حکم دیا گیا لیکن فریقین نے عدالتی حکم کی خلاف ورزی کی اور توہین عدالت کے مرتکب ہوئے۔

غزہ : زمینی کارروائی میں مزید 20فلسطینی

0

غزہ: اسرائیلی فوج کا سفاکانہ آپریشن جاری ہے، زمینی کارروائی میں مزید بیس فلسطینی شہید ہوگئے، جس کے بعد گیارہ روز میں شہدا کی تعداد دو سو باون ہوگئی۔

نہتے فلسطینیوں پر فضا سے آگ وخون برسانےکے بعد اب اسرائیل نے بڑے پیمانے پر زمینی کارروائی شروع کردی،  رات بھر اسرائیلی ٹینک بارود اگلتے رہے، آج صبح ایک حملے میں پانچ فلسطینی شہید کردیئے گئے۔

اسرائیلی حکام نے زمینی آپریشن کے دوران اپنےایک فوجی کے مارے جانے کا دعوی کیا ہے، رفاہ میں فالج کے مریضوں کا اسپتال اور پانچ ماہ کی بچی بھی وحشیانہ بمباری سے نہ بچ سکے، اسرائیلی وزیراعظم نتن یاہو نے ایک بار پھر حملے مزید تیز کرنے کی دھمکی دی ہے۔

حماس نے زمینی کارروائی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کو جارحیت کی خمیازہ بھگتنا پڑے گا، گیارہ روز میں غزہ پر دو ہزار سے زائد حملے کئے جاچکے جبکہ ہزاروں افراد گھر بار چھوڑ کر امدادی کیمپوں میں منتقل ہونے پر مجبور ہوگئے ہیں۔

گذشتہ روز پانچ گھنٹے کی جنگ بندی کی مہلت ختم  ہونے سے قبل ہی اسرائیل نے حملوں کا سلسلہ دوبارہ شروع کر دیا تھا۔

صدر اوباما نے ملائیشین طیارے حادثے کو عظیم سانحہ قرار دے دیا

0

یوکرائن : مبینہ طور پر میزائل حملے سے ملائشین طیارہ یوکرائن میں گرنے سےدو سو پچانوے افراد ہلاک ہوگئے، صدر اوباما نے حادثے کو خوفناک سانحہ قرار دے دیا۔

ملائیشین طیارہ بوئنگ ٹرپل سیون ایمسٹرڈیم سے کوالالمپور جارہا تھا کہ یوکرائن کی فضائی حدود میں اس پر مبینہ طور پر میزائل حملہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں جہاز گر کر تباہ ہوا، ملائیشین طیارے ایم ایچ سیونٹین پر عملے کے پندرہ ارکان سمیت دو سو پچانوے مسافر سوار تھے، جن میں ایک سو چون ہالینڈ، ستائیس آسٹریلین، تئیس ملائشین، گیارہ انڈونیشی، چار برطانوی، جرمن اور بیلجیم کے مسافر شامل تھے۔

یوکرائنی وزارت داخلہ نے تمام افراد کی ہلاکت کی تصدیق کردی ہے، یوکرائن کا کہنا ہے کہ جس علاقے میں جہاز گرکرتباہ ہوا، وہ علاقہ روسی سرحد کے قریب ہے، جہاں روسی نواز علیحدگی پسند یوکرائن کے خلاف مزاحمت کررہے ہیں جبکہ شدت پسندوں کی جانب سے امدادی کاروائیوں میں بھی مزاحمت کا سامنا ہے۔

یوکرائن نے دعویٰ کیا ہے کہ جہاز پر میزائل حملہ روس نے کیا ہے، تاہم روسی صدرولادیمیر پیوٹن نے الزام کو مسترد کرتے ہوئے واقعے کا ذمہ دار یوکرائن حکومت کو ٹھہرایا ہے، علیحدگی پسندوں نے بھی طیارے کو نشانہ بنانےکی تردید کی ہے، امریکی صدر براک اوباما نے ملائیشا کے وزیر اعظم اور یوکرائن کے صدر سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے اور صدر اوباما نے واقعے کو خوفناک سانحہ قرار دیا ہے۔

متعدد ایئرلائنز کا یوکرائن کی فضائی حدود استعمال نہ کرنے کا اعلان

0

یوکرائن : ملائشیا کا طیارہ یوکرائن میں گرنے سے دو سو پچانوے افراد ہلاک ہوگئے، طیارے کے مسافروں کی فہرست جاری کر دی گئی ہے۔ متعدد ایئرلائنز نے یوکرائن کی فضائی حدود استعمال نہ کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

ملائیشیا کا ایک اور طیارہ گر کرتباہ ہوگیا، بوئنگ ٹرپل سیون ایئربس ایمسٹرڈیم سے کوالالمپور جارہی تھی کہ یوکرائن کی فضائی حدود میں اس پر مبینہ طور پر میزائل حملہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں جہاز گر کر تباہ ہوا، ملائیشین طیارے ایم ایچ سیونٹین پر عملے کے پندرہ ارکان سمیت دوسو پچانوے مسافر سوار تھے۔

یوکرائنی وزارت داخلہ نے تمام افراد کی ہلاکت کی تصدیق کردی ہے،  یوکرائن کا کہنا ہے کہ جس علاقے میں جہاز گرکرتباہ ہوا وہ علاقہ روسی سرحد کے قریب ہے، جہاں روسی نواز علیحدگی پسند یوکرائن کے خلاف مزاحمت کررہے ہیں، یوکرائن نے دعویٰ کیا ہے کہ جہاز پرمیزائل حملہ روس نے کیا ہے تاہم روس نے اس الزام کو مسترد کردیا ہے ۔

ملائشین وزیراعظم نے حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے تحقیقات کا حکم دے دیا ہے، واقعے کے بعد روس ،فرانس، ترکی سمیت مختلف ممالک نے یوکرائن کی فضائی حدود استعمال نہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔