اتوار, اکتوبر 6, 2024
ہوم بلاگ صفحہ 27037

سیالکوٹ:چارواہ سیکٹرمیں بھارتی فوج کی فائرنگ، 2جوان زخمی

0

سیالکوٹ: چارواہ سیکٹر میں بھارتی فوج کی جانب سے بلااشتعال فائرنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں پاک فوج کے دو جوان زخمی ہوگئے۔

بھارتی جنگی جنون ایک بار پھر سر اٹھانے لگا، سیالکوٹ کے چارواہ سیکٹر میں بھارتی فوج کی جانب سے رینجرز کی چیک پوسٹ پربلا اشتعال فائرنگ کی گئی، عسکری ذرائع کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کے دو اہلکار زخمی ہوگئے۔

پاک فوج نے بھارتی فائرنگ کا منہ توڑ جواب دے کر بھارتی بندقوں کو خاموش کرادیا، انڈین فورسز کی جانب سے سیالکوٹ کے چارواہ سیکٹر میں بدھ کی صبح بھی بلااشتعال فائرنگ کی گئی تھی۔

پاکستان اور ہندوستان کے درمیان سن دو ہزار تین میں لائن آف کنٹرول پر سیز فائر کا معاہدہ ہوچکا ہے، معاہدے کے مطابق دونوں ممالک کی افواج لائن آف کنٹرول پر سیزفائر کا احترام کریں گی تاہم معاہدہ تو برقرار ہے لیکن بھارت کی جانب سے اکثر سیز فائر کی خلاف ورزی کی جاتی رہی ہے۔

کابل ائیرپورٹ پرحملہ،4 دہشت گردہلاک، طالبان نے ذمہ داری قبول کرلی

0

کابل : راکٹوں اورخود کار ہتھیاروں سے لیس مسلح افراد نے افغان دارالحکومت کابل کےائیرپورٹ پرحملہ کرنے کی کوشش کی، سیکورٹی فورسز کی جوابی کاروائی میں چار حملہ آوروں ہلاک ہوگئے۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق دہشت گردوں نے افغانستان کے دارالحکومت کابل کے ائیرپورٹ کو نشانہ بنانے کی کوشش کی، دہشت گردوں نے ائیرپورٹ کی قریبی عمارت میں چھپ کر فائرنگ کی اور راکٹ استعمال کیے۔

سیکورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان جھڑپ کے بعد سیکورٹی فورسز نے چاروں حملہ آوروں کو ہلاک کردیا، طالبان نے حملے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔

افغان حکام کا کہنا ہے کہ مکمل تلاشی کے بعد علاقے کو کلئیر کرالیا گیا ہے، افغانستان میں دہشت گرد کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے، ایک روز قبل مشرقی صوبے پکتیک کے بازار میں ہونے والے کار بم دھماکے میں نواسی افراد ہلاک اورمتعد زخمی ہوگئے تھے۔

سبی : کار اور ٹرک میں تصادم3، افراد جاں بحق

0

سبی :  سبی کے قریب ڈھاڈر میں ٹرک اور کار میں تصادم کے نتیجے میں خاتون سمیت تین افراد جاں بحق دو زخمی ہوگئے۔

لیویز ذرائع کے مطابق گزشتہ شب کار صحبت پور سے کوئٹہ جارہی تھی کہ سامنے سے آنے والے ٹرک سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں کار میں سوار خاتون شیراز بی بی ،حاجی احمد اور محمد رفیق جاں بحق ہوگئے جبکہ دو افرادزخمی ہوگئے، جنہیں فوری طور پر سبی سول اسپتال منتقل کرکے طبی امداد فراہم کی گئی۔

لیویزحکام نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے ٹرک ڈرائیور کو گرفتار کرلیا ہے۔

اسلام آباد،خیبر پختونخوا اور زیریں سندھ میں مون سون بارشوں کی پیش گوئی

0

اسلام آباد:  آج اسلام آباد،پنجاب ، خیبر پختونخوا، زیریں سندھ اور کشمیر اور بالائی علاقوں میں مزید مون سون بارشوں کی پیش گوئی ہے۔

کراچی سمیت سندھ کے بیشتر علاقوں میں بادل چھائے ہوئے ہیں جبکہ پنجاب کے شہر فیصل آباد، ساہیوال، پیر محل، احمد پورسیال سمیت بیشتر شہروں میں تیز آندھی کیساتھ بارش ہوئی، جس سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔

خیبرپختونخوا، بالائی پنجاب، زیریں سندھ، کشمیر اور گلگت میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود ہے اور چند مقامات پر بارش کا سلسلہ وقفہ وقفہ سے جاری ہے، آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کشمیر، اسلام آباد، پنجاب، خیبرپختونخوا اور گلگت میں کہیں کہیں جبکہ زیریں سندھ کراچی، حیدرآباد اور میرپورخاص میں چند مقامات پر تیز ہوائوں اور گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے۔

گزشتہ روز سب سے زیادہ بارش سیالکوٹ میں ایک سو ایک ملی میٹر ریکارڈ کی گئی جبکہ سب سے زیادہ درجہ حرارت سبی میں چھیالیس ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔

پین کلر ادویات سے صحت پر منفی اثرات ہوسکتے ہیں

0

نئی تحقیق سے پتا چلتا ہے پین کلر ادویات سے صحت پر منفی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔

ڈچ محقیقین کا کہنا ہے کہ جو لوگ درد اور سوزش میں آرام پہنچانے والی گولیاں عام پین کلرز لیتے ہیں، ان میں دل کی ایک بیماری اٹیریل فیبریلیشن یا اختلاج قلب کے خطرے کا امکان چھتر فیصد زیادہ ہوتا ہے۔

طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ ایسے افراد جو تیس دنوں میں پین کلرز کا لگاتار استعمال کرتے ہیں اور اچانک دوا کا استعمال روک دیتے ہیں، وہ چوراسی فیصد زیادہ اس خطرے کا سامنا کرسکتے ہیں۔

بیلجئم:یورپی خارجہ پالیسی پر سربراہ اجلاس کی تیاریاں

0

برسلز: یورپی ممالک کے سربراہان یورپی خارجہ پالیسی پر اجلاس میں شرکت کے لیے برسلز پہنچ گئے۔

بیلجئیم کے شہر برسلز میں یورپی ممالک کے سربراہان اجلاس میں شرکت کے لیے پہنچے، اجلاس میں یوکرائن کے تنازعے پر روس پر مزید معاشی پابندیاں عائد کرنے، یورپی خارجہ امور پالیسی کے سربراہ اور یورپی کمیشن کے دیگر اہم عہدوں پر تعیناتی سمیت دیگرامور پر غور کیا جائے گا۔

یورپی کمیشن کے سربراہ کے لیے لیکسمبرگ کے سابق وزیر اعظم جین کلاؤڈ کا نام تجویز کیا گیا ہے۔

ایئرپورٹ حملے میں 20طیاروں کو نقصان پہنچا، لیبیائی حکام

0

تریپولی : لیبیا کے حکام نے تصدیق کی ہے کہ شدت پسندوں کی ائیر پورٹ پر شیلنگ سے بیس طیاروں کو نقصان پہنچا۔

تریپولی میں حکام نے ائیرپورٹ پر شدت پسندوں کے حملے میں ہونے والے نقصان کے بارے میں میڈیا کو آگاہ کیا، حکام کے مطابق تیرہ طیاروں کو مکمل جبکہ سات کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔

دوسری جانب ائیر پورٹ پر شدت پسندوں کے متعدد حملوں کے باعث ائیر ٹریفک کنٹرول عملے کی جانب سے اپنی حفاظت کے پیش نظر ائیر پورٹ کو بند کرتے ہوئے ہڑتال کی دھمکی دی گئی ہے۔

مغرب کوشام میں دہشتگردی کی بھاری قیمت چکانا ہوگی،شامی صدر

0

دمشق:  شام کے صدر بشار الاسد نےمغربی ممالک کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شام میں باغیوں کوامداد فراہم کرنے کی بھاری قیمت چکانا ہوگی۔

شام کے شہر دمشق میں تقریب حلف برداری سے قبل خطاب کرتے ہوئے صدر بشار الاسد کا کہنا تھا کہ شام کو خانہ جنگی کی طرف دھکیلنے اور باغیوں کو امداد فراہم کرنے پر مغرب اور ان کے عرب اتحادیوں کو بھی نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔

صدر بشار الاسد کا کہنا تھا کہ سرکاری فورسز باغیوں کو شکست دینے میں کامیاب ہوں گی، شام میں جاری تین سالہ خانہ جنگی میں ڈیڑھ لاکھ سے زائد افراد ہلاک جبکہ لاکھوں بے گھر ہوچکے ہیں۔

بھارت:کرکٹ کلب میں دھوتی میں آنےوالے جج کا داخلہ بند

0

تامل ناڈو : بھارت میں روایتی لباس پہن کر آنے والے جج کو کرکٹ کلب میں داخل ہونے سے منع کرنے پر سیاستدانوں نے سخت رد عمل ظاہر کیا ہے۔
بھارتی ریاست تامل ناڈو میں کرکٹ کلب انتظامیہ نے ہائی کورٹ جج کو روایتی لباس پہننے کے باعث کلب میں داخل ہونے سے روک دیا, واقعے کے بعد تامل ناڈو کے وزیراعلی نے کلب کی اس حرکت پر شدید رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کلب بند کرنے کی دھمکی دے دی۔

بھارتی سیاستدان وینکھے نیڈو اور ششی تھرور سمیت دیگر رہنماوں نے واقعے کی مذمت کی ہے، ہائی کورٹ جج کو کلب میں مدعو کیا گیا تھا تاہم وہ روایتی دھوتی پہن کر آئے جس پر انہیں کلب میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی گئی۔

بھارت:سبزیوں کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف مظاہرہ

0

بھارت: کئی ریاستوں میں سبزیوں کی قیمت میں اضافے کے خلاف لوگ سڑکوں پر نکل آئے۔

بھارت میں سبزیوں کی قیمت میں مسلسل اضافے کے خلاف بھوپال، مدھیہ پردیش، ناگپور سمیت کئی ریاستوں میں مظاہرہ کیا گیا، مظاہرین نے رواں سال منتخب ہونے والی حکومت بھارتیہ جنتا پارٹی کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ حکمران جماعت نےانتخابات کے دوران جھوٹے دعوے کیے اور اقتدار میں آتے ہی مہنگائی میں دگنا اضافہ کردیا، حکام کا کہنا ہے کہ غیر متوقع بارشوں کے باعث فصلوں کو نقصان پہنچا ہے، جس کے نتیجے میں اشیاء کی قلت ہے اور قیمتوں میں اضافے کا سامنا ہے۔