اتوار, اکتوبر 6, 2024
ہوم بلاگ صفحہ 27039

رائےونڈ روڈ:10گھنٹے بعد فورسز نے کمپاؤنڈ کا کنٹرول سنبھال لیا

0

لاہور: رائے ونڈ میں سیکیورٹی اہلکاروں نے دس گھنٹے بعد دہشتگردوں کے کمپاؤنڈ کا کنٹرول سنبھال لیا، مقابلے میں ایلیٹ فورس کا ایک اہلکار شہید تین زخمی ہوگئے۔

،وزیراعظم نواز شریف کی جاتی امرا رہائشگاہ سے 3 کلومیٹر فاصلے پر ارائیاں پنڈ میں دہشتگردوں اور سکیورٹی اداروں کے درمیان مقابلہ 10 گھنٹوں تک جاری رہا
قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دہشتگردوں کی اطلاع پر ارائیاں پنڈ میں بدھ اور جمعرات کی درمیانی رات سرچ آپریشن کا آغاز کیا، رات دو بجے کے قریب ایک مکان پر چھاپے کے دوران مکینوں نے فائرنگ شروع کر دی، جس پر پولیس نے مزید نفری طلب کرلی،اور فوری طور پر اہلکاروں نے کمپاؤنڈ کو گھیرے میں لے لیا۔

رات 2 سے شروع ہونے والی فائرنگ کا سلسلہ وقفے وقفے سے دس گھنٹے جاری رہا، دہشتگردوں کی جانب سے بھی جدید خود کار اسلحہ استعمال کیا گیا جبکہ پولیس نے دہشتگردوں کی پناہ گاہ پر راکٹ برسائے ۔

آپریشن کے دوران دہشتگردوں کی فائرنگ سے ایک اہلکار شہید جبکہ تین زخمی ہوئے ہیں، جنہیں جناح ہسپتال لاہور منتقل کر دیا گیا ہے۔

 پولیس کے مطابق دہشت گردو ں نے مکان عبدالستارنامی شخص سے کرائے پر حاصل کیا تھا، مالک مکان کو پولیس نے حراست میں لے لیا، صوبائی وزیر شجاع خانزادہ کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کی حتمی تعداد کے بارے میں کچھ نہیں کہا جاسکتا، حکمت عملی کے تحت احتیاط سے کام لے رہے ہیں، دہشت گردوں کو زندہ پکڑنا اولین ترجیح ہے۔

خانزادہ شجاع خانزادہ نے بتایا کہ دہشت گردوں کے پاس کافی تعداد میں اسلحہ موجود ہے، پولیس نے حفاظتی حکمت عملی کے تحت آس پاس کے مکانات خالی کرالئے ہیں، مقابلے میں زخمی ہونے والے تین اہلکاروں کو جناح اسپتال لایا گیا، دواہلکار دہشت گردوں کی گولیاں لگنے سے اور ایک سیڑھیوں سے گر کرزخمی ہوا۔

ٹور ڈی فرانس سائیکلنگ: گیارہواں مرحلہ فرانسیسی رائڈر ٹونی کے نام

0

فرانس : ٹور ڈی فرانس سائیکل ریس کا گیارہواں مرحلہ میزبان رائدر ٹونی گیلوپن نے جیت لیا۔۔ اٹلی کے وینسینزو نیبالی کو یلو جرسی حاصل ہے۔

ٹور ڈی فرانس سائیکل ریس کا ایک دن کے ریسٹ کے بعد دوبارہ آغاز ہوا، گیارہویں مرحلے میں سائیکلسٹ کو ایک سو ستاسی کلو میٹر کا فاصلہ طے کرنا تھا، رائڈرز کو طویل راستے میں مشکلات کا سامنا رہا، کچھ رائڈرز حادثے کے سبب ریس مکمل نہ کرسکے۔

فرانس کے ٹونی گیلوپن نے برق رفتاری کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقررہ فاصلہ چار گھنٹے پچیس منٹ اور پینتالیس سیکنڈز میں طے کیا، یہ ٹور ڈی فرانس میں ان کی پہلی کامیابی ہے، اٹلی کے ونسینزو نیبالی کو ریس میں مجموعی برتری حاصل ہے،ا اٹالین رائڈر چھیالیس گھنٹے انسٹھ منٹ اور تئیس سیکنڈز کے ساتھ لیڈ کررہے ہیں۔

گال ٹیسٹ: سری لنکا کے خلاف جنوبی افریقہ کی بیٹنگ جاری

0

گال : گال ٹیسٹ میں سری لنکا کے خلاف جنوبی افریقہ کی پہلی اننگز میں بیٹنگ جاری ہے۔

گال میں جاری ٹیسٹ کے دوسرے روز جنوبی افریقہ نے پہلی نامکمل اننگز دو سو ارسٹھ رنز پانچ کھلاڑی آؤٹ پر دوبارہ شروع کی تو بتیس رنز کے اضافے کے بعد ڈیل اسٹائن اپنی وکٹ گنوا بیٹھے۔

اسٹائن نے تین رنزبنائے، کوانٹن ڈٰ کوک نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے نصف سینچری اسکور کی، وہ اکیاون رنز بنا کر پریرا کا شکار بنے، جنوبی افریقہ کے ٹیل اینڈرز اسکور میں اضافہ کررہے ہیں ، پہلی اننگز میں مہمان ٹیم کی بیٹنگ جاری ہے۔

بگ تھری کے 2ممالک انگلینڈ اور بھارت کے درمیان اختلافات

0

ممبئی : بگ تھری کے دو ممالک بھارت اور انگلینڈ کے درمیان اختلافات کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے، جیمز اینڈرسن کو لیول تھری کی سزا سے بچانے انگلینڈ ٹیم منیجمنٹ میدان میں کود پڑی ہے۔

دنیائے کرکٹ پر حکمرانی کا تاج سجائے والی بھارت ،انگلینڈ اور آسٹریلیا یعنی بگ تھری جو حالیہ سیریز کے پہلے ٹیسٹ کے بعد ہی بگ تھری کے دو بڑے ممالک بھارت اور انگلینڈ کے درمیان لفظوں کی سرد جنگ شروع ہوگئی ہے۔

گذشتہ روز بھارتی ٹیم کی منیجمنٹ نے انگلش فاسٹ بولر جیمز اینڈرسن پر الزام لگایا تھا کہ اینڈرسن نے پہلے ٹیسٹ کے دوسرے روز جڈیجا کو نہ صرف دھکا دیا بلکہ نازیبا الفاظ بھی کہے، جس پر آئی سی سی نے کاروائی کرتے ہوئے اینڈرسن کے خلاف لیول تھری کا الزام عائد کیا تھا۔ اینٹ کا جواب پتھر سے دیتے ہوئے انگلینڈ نے بھی جڈیجا کو لیول ٹو کا قصوار ٹہرا دیا ہے۔

انگلش ٹیم منیجمنٹ کی اینڈرسن کو بچانے کیلئے سر توڑ کوششیں بھی جاری ہیں، انگلینڈ منیجمنٹ نے بھارتی آل راؤنڈر جڈیجا پر لیول ٹو کا چارج عائد کرنے کی درخواست کی، آئی سی سی نے الزمات کی چھان بین کیلئے جوڈیشل کمیشن تشکیل دے دیا ہے۔

کراچی:سیکیورٹی کی عدم فراہمی، پولیو مہم تاخیر کا شکار

0

کراچی:  ضلع ویسٹ کی پانچ یونین کونسلز میں پولیو مہم، سیکیورٹی کی عدم فراہمی کے باعث تاخیر کا شکار ہوگئی ۔

پولیو ٹیموں کو سیکیورٹی کی عدم فراہمی کراچی کے ضلع ویسٹ کی پانچ  یونین کونسلز میں تاخیر کی وجہ بن گئی، شہر کے ہائی رسک زون گڈاپ ، گلشن معمار، پیر آباد ، مومن آباد میں انسداد پولیو مہم آج  سے شروع ہونا تھی۔

مناسب سیکیورٹی نہ ملنے پر پولیو حکام  نے آج  ہونے والی مہم کو موخر کردیا ہے، پولیو رضا کار ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سیکیورٹی کے منتظر ہیں، جس کے بعد پولیو مہم شروع کی جائے گی، مہم کا مقصد ممکنہ طور پر ہائی رسک زون میں تیزی سے پھیلتے پولیو وائرس کو کنٹرول  کرنا ہے۔

ہالی وڈ: تھری ڈی انیمیٹڈ فلم بگ ہیرو سکس کا نیا ٹریلر ریلیز

0

ہالی وڈ :  بگ ہیرو ایک بار پھر سنیما گھروں میں دھوم مچانےکیلئے آرہا ہے،  ہالی وڈ کی تھری ڈی انیمٹڈ فلم بگ ہیرو سکس کا نیا ٹریلر ریلیز کردیا گیا ہے۔

بگ ہیرو جرائم کا خاتمہ کرے گا اور اپنی طاقت اور ہمت سے ہردشمن کا سامنا کرے گا، ہالی وڈ کی تھری ڈی اینیمیٹڈ سپر ہیرو فلم”بگ ہیرو سکس کے نئے ٹریلر نے دھوم مچادی ۔

ہدایتکار ڈون ہِل اور کرس ولیمز کی اس فلم کی کہانی فکشنل کامک بک سپر ہیروز پر مبنی ہے، جسمیں نوجوان کرائم کے خاتمے کیلئے دیو ہیکل ربوٹ تیار کرتا ہے، جو طاقت اور ہوشیاری سے ہر مشکل کا سامنا کرتا ہے، روئے کونلی کی پروڈیوس کردہ اس فلم میں مختلف اینیمیٹڈ کرداروں کیلئے ہالی ووڈ کے کئی صفِ اول کے اداکاروں کی آوازیں ریکارڈ کرائی گئی ہے ۔

کامیڈی اور ایڈونچر سے بھرپور اینیمیٹڈ فلم سات نومبر کو سینما گھروں میں ریلیز کی جائیگی۔

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کی نوازشریف سے ملاقات

0

اسلام آباد:  وزیراعظم نوازشریف سے اعلی حکام کی ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے، گزشتہ روز آرمی چیف اور وزیر داخلہ سے ملاقات کے بعد چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی بھی ملاقات کے لئے وزیراعظم ہاؤس پہنچ گئے۔

وزیراعظم نوازشریف کی اعلی عسکری اور سول حکام سے ملاقاتوں کا سلسلہ دوسرے روز بھی جاری ہے، وزیراعظم ہاؤس میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود نے نوازشریف سے ملاقات میں قومی سلامتی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا، دونوں رہنماؤں کے درمیان آپریشن ضرب عضب سے متعلق بھی بات چیت ہوئی۔

ذرائع کے مطابق یوم آزادی پر ہونے والی خصوصی پریڈ سے متعلق بھی معاملات کا جائزہ لیا گیا۔

گزشتہ روز وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں وزیرداخلہ چوہدری نثار اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے بھی نوازشریف سے ملاقات کی تھی  آرمی چیف سے ملاقات میں فیصلہ ہوا کہ آ رمی چیف چودہ اگست کو پارلیمنٹ کے سامنے ہونے والی پریڈ میں وزیراعظم کے ہمراہ شرکت کریں گے، تقریب میں مسلح افواج کے سربراہان اور غیرملکی سفارتکار بھی شریک ہوں گے۔

لاہور: میرشکیل کی طلبی کے سمن معطل کرنے کی استدعا مسترد

0

لاہور: لاہور ہائی کورٹ نے جیو جنگ کے مالک میر شکیل کی طلبی کے سمن معطل کرنے کی استدعا مسترد کردی ہے۔

لاہور ہائی کورٹ جسٹس اعجازالاحسن نے کیس کی سماعت کی، جیو جنگ کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ سیشن کورٹ نے اے آر وائی نیوز کے سینئر اینکر پرسن مبشر لقمان کی جانب سے فوجداری استغاثے میں سمن جاری کیے جبکہ میر شکیل کے وکلاء کو سمن سے پہلے دلائل کی اجازت نہیں ملی۔

عدالت نے قرار دیا کہ عدالتی نظائر موجود ہیں کہ سمن ہونے تک ملزم کو صفائی دینے کا حق نہیں، عدالت جب دیکھے کہ جرم بنتا ہےتب ہی طلب کرتی ہے، میر شکیل کو بطور ملزم بلایا گیا ہے، وہ سیشن عدالت میں دفاع کرتے ہوئے خود کو بے گناہ ثابت کریں۔

جیو کے وکلاء نے دلائل دیئے کہ میر شکیل بیرون ملک ہونے کی وجہ سے پیش نہیں ہوسکتے، جس پر جسٹس اعجاز نے کہا کہ عدالت تمام پہلووں کا جائزہ لینے کے بعد ہی سمن جاری کرتی ہے، آپ نے صرف خدشات کی بنیاد پر ہائی کورٹ سے رجوع کیا۔

جیوکے وکلا نے سمن معطل کرنے کی استدعا کی، جسےعدالت نے مسترد کر دیا اور جیو کے وکیل کو کیس کی تیاری کے لیے مہلت دیتے ہوئے سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی۔

اسرائیل کا غزہ میں5گھنٹے جنگ بندی کا اعلان،حماس بھی راضی

0

غزہ:  دو سو بیس فلسطینیوں کو شہید کرنے کے بعد اسرائیل پانچ گھنٹے کی جنگ بندی پرآمادہ ہوگیا  ہے،جنگ بندی کی درخواست اقوام متحدہ نے کی تھی جبکہ حماس نے بھی جنگ بندی قبول کرنےکا اعلان کیا ہے۔

نو روز تک نہتے اور بے گناہ فلسطینیوں پر بموں کی بارش برسانے کے بعد اقوام متحدہ کی درخواست پر بالآخر اسرائیل پانچ گھنٹے کی جنگ بندی پر آمادہ ہوگیا، جنگ بندی مقامی وقت کے مطابق آج صبح دس بجے سے تین بجے تک نافذ ہوگی، جنگ بندی کی مہلت شہریوں کو غذا اور دیگر ضروری اشیاء ذخیرہ کرنے کے لیے دی گئی ہے، حماس نے بھی جنگ بندی پر رضامندی ظاہرکی ہے۔

آٹھ جولائی کو آپریشن پروٹیکٹو ایج کے نام سے شروع کئے اسرائیل کے وحشیانہ حملوں میں اب تک دو سو سے زائد فلسطینی شہید اور چودہ سو سے زیادہ زخمی ہوچکے ہیں، شہید اور زخمی ہونے والوں میں عورتوں اور بچوں کی بڑی تعداد بھی شامل ہے۔

اسرائیل کی سفاکیت کا ایک اور واقعہ غزہ کے ساحل پر پیش آیا، جہاں ساحل  پر کھیلتے معصوم بچوں کو بمباری کا نشانہ بنایا گیا، نو،دس اورگیارہ سال کے چار بچے اسرائیل بربریت کی بھینٹ چڑھ گئے،اسرائیلی فضائی حملوں میں غزہ میں بارہ سو سے زائد مقامات پر بمباری کی گئی۔

امریکا غزہ کی صورتحال پر دوہرا معیار قائم کیے ہوئے ہے، امریکا کا کہنا ہے کہ اسرائیل کو اپنے دفاع اور بمباری کا حق حاصل ہے تودوسری جانب جنگ بندی کے لیے کوششوں میں مصروف ہے۔

 

گورنرسندھ کی ہدایت، پارکنگ مافیا کیخلاف کاروائی، 40افراد گرفتار

0

کراچی : اے آروائی نیوز کی خبر پر گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے شاپنگ سینٹر کے اطراف پارکنگ فیس کے نام پر سرگرم مافیا کے خلاف کاروائی کی ہدایات جاری کردیں، رینجرز نے غیر قانونی پارکنگ فیس کی وصولی میں ملوث چالیس افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔

تین روز قبل  اے آروائی نیوز نے غیر قانونی پارکنگ مافیا کی نشاندہی کی تھی کہ کس طرح پارکنگ مافیا شہر کی مختلف مارکیٹوں سے پارکنگ فیس کے نام پر بھتے کی صورت میں فی موٹر سائیکل بیس روپے اور گاڑی کے پچاس روپے وصول کر رہی ہے جبکہ کے ایم سی کی جانب سے موٹر سائیکل کی پارکنگ فیس پانچ روپے اور گاڑی کی فیس بیس روپے مقرر ہے۔

اے آروائی نیوز پر خبر نشر ہونے کے بعد گورنر سندھ  ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کمشنر کراچی اور رینجرز اور پولیس حکام کو پارکنگ مافیا کے خلاف فوری اقدامات کی ہدایات جاری کردیں۔

دوسری جانب رینجرز نے رات گئے شہر کی مختلف مارکیٹوں کے اطراف غیر قانونی پارکنگ میں ملوث چالیس افراد کو حراست میں لے لیا، رینجرز ترجمان کے مطابق حراست میں لئے گئے افراد پارکنگ کے نام پر شہریوں سے پیسے وصول کر رہے تھے۔