پیر, جولائی 1, 2024
ہوم بلاگ صفحہ 27045

کراچی: فائرنگ اور پُرتشدد واقعات،مسلم لیگی رہنماسمیت 4افراد جاں بحق

0

کراچی میں فائرنگ اور پُرتشدد واقعات میں مسلم لیگی رہنما سمیت چار افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ امن کی بحالی کے لئے پولیس اور رینجرز کی تابڑ توڑ کاروائیاں جاری ہیں، ٹارگٹڈآپریشن میں درجنوں ملزم گرفتار کر لئے گئے۔

کراچی شہر میں جہاں سیکیورٹی اہلکاروں کی ٹارگٹڈ کاروائیاں جاری ہیں، وہیں جرائم پیشہ افراد بھی آزاد دکھائی رہے ہیں، کورنگی کھڈی اسٹاپ کے قریب نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے مسلم لیگ نون کے مقامی رہنما عبدالحمید کو قتل کردیا۔ 

ورثا کے مطابق مقتول گھر سے بلدیاتی انتخابات کا فارم جمع کرانے کیلئے نکلے تھے، لانڈھی منزل پمپ سے ایک شخص کی لاش ملی، کورنگی نمبر ڈھائی میں فائرنگ سے ایک شخص جان سے گیا، لیاری میرا ناکہ میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوا۔

لیاری کلا کوٹ، بلدیہ، گلشن معمار، نارتھ ناظم آباد اور رضویہ میں فائرنگ سے ایک ایک شخص زخمی ہوا، تھانہ بوٹ بیسن کی حدود میں بھی ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوا۔

دوسری جانب کراچی میں پولیس اور رینجرز نے قیام امن اور جرائم کے خاتمے کے لئے کمر کس لی، تھانہ گارڈن کی حدود میں پولیس نے جرائم پیشہ افراد کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے بھتہ خوری، منشیات فروشی، ڈکیتیوں میں ملوث متعدد ملزمان گرفتار کئے۔

نیوکراچی صنعتی ایریا میں پولیس کاروائی میں قتل، اقدام قتل اور ڈکیتیوں میں ملوث چھ ملزمان پکڑے گئے، لیاری سنگولین اور ملیر بکراپیڑی سے گینگ وار میں ملوث دو ملزمان گرفتار کئے گئے، لیاقت آباد میں رینجرز کی کارروائی میں پانچ مشتبہ افراد گرفتار ہوئے، کورنگی ڈھائی نمبر میں رینجرز کی کاروائی کے دوران ایک سیاسی جماعت کے دفتر کی تلاشی بھی لی گئی۔

سرینگر:فرضی جھڑپیں،2افسروں سمیت6فوجیوں کیخلاف مقدمے کا فیصلہ

0

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے فرضی جھڑپ میں ملوث دو افسروں سمیت چھ فوجی اہلکاروں کے خلاف فوجی عدالت میں مقدمہ چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

جموں کشمیر میں تعینات بھارتی فوج کی شمالی کمان کے ترجمان کرنل کالیا کے مطابق فوج نے ایک کرنل سمیت چھ فوجی اہلکاروں کے خلاف مقدمہ چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔

یہ فیصلہ تین سال قبل کشمیر میں ہونے والی ایک فرضی جھڑپ کی فوجی سطح پر تحقیقات مکمل ہونے کے بعد کیا گیا ہے، انسانی حقوق کے اداروں کا کہنا ہے کہ چوبیس سالہ شورش کے دوران دس ہزار افراد لاپتہ ہوئے ہیں۔

کشمیر میں چھ ہزار سے زائد گمنام قبروں کا بھی انکشاف ہوا ہے، ان اداروں کا دعویٰ ہے کہ فوج فرضی جھڑپوں میں نوجوانوں کو ہلاک کرکے ان ہی قبروں میں دفن کرتی تھی۔
    

   

آفتاب شیرپاؤ کا غازی عبدالرشید قتل کیس میں بیان ریکارڈ

0

غازی عبدالرشید قتل کیس میں بیان ریکارڈ کراتے ہوئے سابق وزیرداخلہ آفتاب شیرپاوُ نے کہا ہے کہ آپریشن کی منظوری انہوں نے نہیں دی تھی، جبکہ سابق وزیرمذہبی امور اعجازالحق کا کہنا ہے کہ ان کو آپریشن کا کچھ پتہ نہیں تھا۔
 

سابق وزیرداخلہ آفتاب شیرپاؤ نے غازی عبدالرشید قتل کیس میں بیان ریکارڈ کرا دیا ہے، آفتاب شیرپاو نے کہا ہے کہ انہوں نے لال مسجد میں آپریشن کی منظوری نہیں دی تھی اور یہ آپریشن ان کی غیرموجودگی میں شروع ہوا، پرویزمشرف اورشوکت عزیز لال مسجد آپریشن کے ذمہ دار ہیں۔

اس کیس میں بیان ریکارڈ کراتے ہوئے سابق وزیرمذہبی امور اعجازالحق نے کہا ہے کہ وہ لال مسجد آپریشن کے وقت مولانا عبدالرشید غازی سے مذاکرات کرنے والی ٹیم کا حصہ تھے، ٹیم تحریری شرائط لے کر لال مسجد گئی تھی، مولانا صاحب کو شرائط پسند نہیں آئیں، جس دن ہم مذاکرات کرکے آئے اس رات ہی آپریشن شروع ہوگیا تھا اور ان کو آپریشن کے حوالے سے کچھ نہیں پتہ تھا۔
    

   

لاہور:4سالہ بچی سے زیادتی کرنے والا مرکزی ملزم گرفتار

0

لاہور میں چار سالہ بچی سے زیادتی کرنے والے مرکزی ملزم کو پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔

لاہور کے علاقہ نواب ٹاؤن میں چند روز قبل چار سالہ بچی کو دو سگوں بھائیوں سمیت تین افراد نے زیادتی کا نشانہ بنایا تھا، پولیس نے کیس کے دو ملزمان سگے بھائیوں کو پہلے ہی گرفتار کر لیا تھا لیکن مرکزی ملزم نادر جٹ فرار ہو گیا تھا، جسے پولیس نے آج گرفتار کرلیا ہے۔

وزیراعلی پنجاب شہبازشریف کے نوٹس لینے کے بعد ملزمان کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دی گئی تھیں۔
   

کراچی : نمائش چورنگی دھماکے میں موبائل فون استعمال کیا گیا

0

شہدائے کربلا کے چہلم پر کراچی کی نمائش چورنگی کے قریب ہونے والے بم دھماکے میں موبائل فون استعمال کیا گیا تھا۔

نمائش چورنگی دھماکے کی فرانزک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس دھماکے میں موبائل فون استعمال کیا گیا، رپورٹ کے مطابق دہشتگردوں نے موبائل فون میں الارم سیٹ کردیا تھا اور اسے دھماکہ خیزمواد میں لگایا گیا تھا۔

فرانزک رپورٹ کے مطابق دہشت گرد بارودی مواد چھپانے میں کامیاب رہے تھے، جو سیکورٹی اداروں کی ناکامی کے برابر ہے، نمائش چورنگی دھماکے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔
   

کرسمس کی خوشیاں نئےانداز میں، چینیوں کی تکیوں کی لڑائی

0

دنیا میں کرسمس کی خوشیاں تو سبھی مناتے ہیں مگر چینی باشندوں نے تو حد کردی اور کرسمس پر تکیوں سے اٹکھیلیاں کی۔

کرسمس پرتکیے اٹھائے چینی شہری یہاں صرف موسیقی کا لطف اٹھانے ہی جمع نہیں ہوئے بلکہ دل کی بھڑاس نکالنے کیلئے بھی اکٹھے ہوئے ہیں، تکیوں سے ایک دوسرے کی درگت بنانے والے ان لوگوں میں شہری رضاکار اور یونیورسٹی کے طلبا کی ایک کثیر تعداد شریک ہے۔

شنگھائی میں ہرسال منعقد ہونے والی تکیہ لڑائی کا یہ ساتواں سال ہے، جہاں اپنی روزمرہ کی زندگی کی مشکلات اور پریشانیوں سےنجات کے لیے خوشیوں اور مسرت کے چند لمحات حاصل کرنے کے لیے یہاں جمع ہوتے ہیں اور پورے سال کا غصہ اتارنے کیلئے ایک دوسرے پر تکیوں سے وار کرتے ہیں۔
    

   

میرانشاہ: شمالی وزیرستان کے قاضی خیل پر ڈورن حملہ،4افرادجاں بحق

0

شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ کے قریب ڈرون حملے میں چار افراد جاں بحق ہوگئے۔

بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب میرانشاہ کے قاضی خیل نامی گاؤں پر امریکی ڈورن طیارے نے چار میزائل فائر کیے، حملے کے نتیجے میں چار افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ امریکی ڈورن حملے کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس پایا جاتا ہے۔

لندن:پی آئی اے کی پرواز758فنی خرابی،24گھنٹے تاخیر کا شکار

0

لندن کے ہیتھرو ائیرپورٹ پر پی آئی اے کی پرواز پی کے سات سو اٹھاون فنی خرابی کے باعث چوبس گھنٹے بعد بھی لاہور کیلئے روانہ نہ ہوسکی۔

ذرائع کے مطابق کرسمس تعطیلات کے باعث پی آئی اے کے انجنئیرز غائب ہیں، جسکی وجہ سے پرواز میں موجود خرابی تاحال دور نہیں کی جاسکی، تاخیر سے تین سو زائد مسافر مشکلات کا شکار ہیں۔

مسافروں کا کہنا ہے کہ انہیں دو مرتبہ جلد روانگی کی یقین دہانی کے باوجود تاحال اس پر عملدرآمد نہیں ہوسکا، سہولیات کی عدم فراہمی پر مسافروں نے شدید احتجاج بھی کیا۔

پرواز لیٹ ہونے پر برطانوی سول ایوی ایشن نے پی آئی اے پر لاکھوں پاؤنڈز کا جرمانہ عائد کر دیا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ فلائٹ کی روانگی میں مزید ایک دن کی تاخیر ہوسکتی ہے۔

سپریم کورٹ:آئی جی ایف سی پر آج فرد جرم عائد کئے جانے کا امکان

0

سپریم کورٹ میں بلوچستان بدامنی کیس کی سماعت میں آئی جی ایف سی پر آج توہین عدالت کرنے پر فرد جرم عائد کئے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق عدالت کے حکم پر آئی جی ایف سی کی عدم پیشی کی صورت ان کے خلاف توہین عدالت کے تحت فرد جرم عائد کیا جاسکتا ہے، یاد رہے کہ گزشتہ سماعت میں عدالت نے آئی جی ایف سی کو ہدایت کی تھی کہ وہ پیش ہو کرلاپتہ افراد کو ڈھونڈنے کے حوالے سے پیش رفت پر رپورٹ کریں کہ کتنے لوگ اب تک لاپتہ ہیں اور کتنوں کو ڈھونڈ نکالا گیا ہے۔
   

بلدیاتی انتخابات:سندھ میں آج سے کاغذات نامزدگی وصول کئے جائینگے

0

چھ سالہ جمہوری دور میں سندھ میں پہلے بلدیاتی انتخابات کیلئے امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی آج سے وصول کئے جائیں گے۔

مختلف نشستوں کے لئے حکمران جماعت پیپلزپارٹی، متحدہ قومی موومنٹ اور دیگر جماعتوں کے ارکان کی جانب سے کاغذات وصول کئے جاچکے ہیں، کاغذات جمع کرانے کا سلسلہ 29دسمبر تک جاری رہے گا۔

جانچ پڑتال اور اعتراضات کے بعد 13 جنوری کو امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کی جائے گی، یاد رہے کہ صوبائی حکومت کی جانب سے بلدیاتی انتخابات کی تاریخ میں تبدیلی کرانے کی درخواست کے باوجود انتخابات الیکشن کمیشن کی مقررکردہ تاریخ پر ہی کرائے جارہے ہیں۔