ہفتہ, جون 29, 2024
ہوم بلاگ صفحہ 27046

پنجاب ہاوٗس میں خواجہ آصف کے بیٹے کی شادی، سرکاری خرچے پر

0

کراچی میں سندھ اسمبلی کے بعد ایک اور شاہانہ شادی ہال منظر عام پر آگیا۔۔ پنجاب ہاؤس کو دلہن کی طرح سجا دیا گیا۔۔ وزیر دفاع خواجہ آصف کے فرزند کی شادی جو ٹھہری۔۔ جہاں سرکاری وسائل کا بے دریغ استعمال کیا گیا۔

سرکاری مشینری اور املاک کو ذاتی جاگیر کی طرح استعمال کرنا تو کوئی پاکستانی حکمرانوں سے سیکھے 
ابھی کراچی میں سندھ اسمبلی کی شادیوں کے ترانے تھمے نہ تھے کہ پنجاب ہاؤس میں شادی کے شادیانے بج اٹھےاور اس مرتبہ شاہانہ سرکاری عمارت کو سجایا گیا وزیر دفاع خواجہ آصف کے بیٹے کیلئے ،، جو اس شادی کی اس تقریب کے ہیرو بنے۔

پنجاب ہاؤس کو روشنیوں میں نہلا دیا گیا،، برقی قمقموں کی سجاوٹ بھی دیدنی رہی پولیس اور رینجرز کی سیکیورٹی بھی انتہائی سخت، لیکن سب کا سب سرکاری خرچے پر۔ 
وزیر دفاع خواجہ آصف کے فرزند کی شادی کی اس تقریب کیلئے سرکاری وسائل کا بے دریغ استعمال کیا گیا۔۔ اور تو اور سرکاری پروٹوکول تک وزیر موصوف، ان کے اہل خانہ اور مہمانانِ خصوصی کیلئے مختص کردیا گیا۔۔ 
وطن عزیز کے غریب عوام پوچھتے ہیں غربت اور مہنگائی لوگوں کی جانیں لے رہی ہے۔۔ بجلی گیس کی لوڈ شیڈنگ نے معیشت کا بھٹہ بٹھا رکھا ہے۔۔
قوم کے بچے بچے کا بال قرض میں جکڑا ہے ایسے میں ایک وزیر کے بیٹے کی سرکاری عمارت میں شادی اور اس کیلئے سرکاری وسائل کا کھلا استعمال قوم سے مذاق نہیں۔

لاہور: تحریک انصاف کی مہنگائی کےخلاف ریلی کے انتظامات مکمل

0

پاکستان تحریک انصاف نے مہنگائی کے خلاف لاہور میں احتجاجی ریلی کے انتظامات مکمل کرلیے ہیں۔

ریلی کا آغاز دوپہر بارہ ناصر باغ سے ہوگا جو کہ مال روڈ سے گزرتی ہوئی پنجاب اسمبلی کے سامنے چیئرنگ کراس تک جائے گی۔ ریلی کی قیادت تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان خود کریں گے جو ریلی کے ساتھ ناصر باغ سے چلتے  ہوئے چیئرنگ کراس آکر کارکنوں سے خطاب کریں گے۔

تحریک انصاف کے رہنماؤں کے مطابق انہوں نے ضلعی حکومت کو احتجاجی ریلی کی پیشگی اطلاع دے دی گئی تھی تاہم پنجاب حکومت کی ایما پر ریلی کو روکنے کی کوششیں کی جارہی ہیں دوسری جانب تحریک انصاف آج ہی اسلام آباد میں ڈی چوک پر بھی احتجاجی مظاہرہ کرے گی۔

غداری کیس: مشرف کے وکلاء کا اقوام متحدہ سے رجوع کا فیصلہ

0

سابق صدر پرویز مشرف نے آرٹیکل سکس کے لئے بنائی گئی خصوصی عدالت کے اختیارات کوہائیکورٹ میں چیلنج کردیا۔

سابق صدر پرویز مشرف نے پیٹیشن ڈاکٹر خالد رانجھا کے ذریعے اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر کی ہے،درخواست میں خصوصی عدالت، سیکرٹری دفاع،اور سیکرٹری داخلہ کو فریق بنایا گیا ہے اور درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ تین نومبردو ہزار سات کی ایمرجنسی پرویز مشرف کا انفرادی اقدام نہیں تھا،ایمرجسنی متعلقہ افراد کی مشاورت سے لگائی گئی تھی اس لئے معاونین کے بغیر صرف پرویز مشرف کا ٹرائل نہیں کیا جاسکتا، درخواست میں کہا گیا ہے کہ حکومت کی جانب سے صرف پرویز مشرف کے خلاف آرٹیکل سکس کی کارروائی بدنیتی پر مبنی ہے،ایسا اقدام بنیادی حقوق اور انصاف کے تقاضوں کے منافی ہوگا۔

سابق صدر پرویز مشرف کے حامیوں نے مشرف کیخلاف غداری کے مقدمے میں مبینہ بے ضابطگیوں کو سامنے لانے کیلئے اقوام متحدہ اور دیگر عالمی اداروں سے رابطہ کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے لندن میں سابق صدر پرویز مشرف کے وکلا نے اس حوالے سے پریس کانفرنس بھی کی۔ 

ملاوٹ والا خون بک رہا تھا سرِ عام

0

اے آروائی نیوز کے پروگرام’’سرعام‘‘نے مریضوں کولگائے جانے والے خون میں پانی کی ملاوٹ کاانکشاف کیا ہے، سرعام کے چشم کشا انکشاف کے بعد بلڈبینکس کی رجسٹریشن اورلائسنس منسوخی کیلئے کارروائی شروع کر دی گئی پروگرام سرعام آج شام سات بج کرپانچ منٹ پرنشر ہوگا۔

اے آروائی نیوز کا پروگرام سر عام ۔معاشرے کی برائیاں بے نقاب کرنا جس کا خاصہ ہے سرعام کی ٹیم نے کی منفرد نوعیت کی تحقیق جس نے لاکھوں لوگوں کو بے موت مرنے سے بچا لیا۔

اشیائے خوردونوش میں ملاوٹ تو عام سی بات ہے لیکن یہ بات شاید کسی کے وہم گمان میں بھی نہیں ہوگی کہ اسپتالوں میں مریضوں کو لگائے جانے والے خون میں بھی ملاوٹ ہوسکتی ہے سرعام کی ٹیم کی آنکھیں اس وقت کھلی کی کھلی رہ گئیں جب ان پر خون میں نمک ملے پانی کی ملاوٹ کاا نکشاف ہوا۔ 

 سرعام کی ٹیم نے بہت سے بلڈبینکس سے خون کے نمونے لیے اور انتظامیہ کی نگرانی میں ٹیسٹ کرائے توخون کاخون اورپانی کاپانی الگ ہوگیا سر عام کی ٹیم انسانی زندگیوں سے کھیلنے والےسفید خون کے حامل مکروہ چہرے بے نقاب کر دئے۔

اس چشم کشا انکشاف کے بعد ایسے بلڈبینکس کے خلاف چھاپوں کاآغاز کردیاگیا ڈی سی ساؤتھ اور سینٹرل نے عباسی، سول اور جناح اسپتال کے اطراف قائم بلڈ بینکس کوسربمہرکردیا۔

واقعے کاعلم ہونے پربلڈ ٹرانفیوژن اتھارٹی سندھ حرکت میں آئی اور ایسے بلڈ بینکس کی رجسٹریشن اورلائسنس کی منسوخی کیلئے کارروائی شروع کردی۔۔

ایم کیو ایم کل بلدیاتی قانون کے خلاف احتجاج کرے گی

0

ایم کیو ایم نے ترمیمی بل کے خلاف احتجاجی تحریک چلانے کا اعلان کر دیا۔۔۔متحدہ رہنما کہتے ہیں کہ احتجاجی تحریک کے ساتھ انتخابات میں جاہیں گے،مئیر اسی کا ہوگا جسکے پاس عوام کا مینڈیٹ ہوگا۔

 متحدہ نے حلقہ بندیوں اور ترمیمی بل کو متنازعہ قرار دیتے ہوئے احتجاجی تحریک چلانےکا اعلان کر دیا پہلے مرحلے میں کراچی ،حیدر آباد اور سکھر میں جسکے بعد احتجاجی دائرے کو وسیع جبکہ عدلیہ میں بھی قانون کو چیلنج کیا گیا ہے۔

 اتوار کو سندھ اسمبلی اور ہائیکورٹ کے سامنے بل کےخلاف متحدہ عوامی طاقت کا مظاہرہ کرے گی احتجاج میں اپوزیشن جماعتوں کو بھی دعوت دے دی گئی۔

 متحدہ کے رہنما کہتے ہیں کہ بلدیاتی قانون فرسودہ اور ناکارہ قانون ہے، حکومت میں شامل ہونے کی باتیں کرنے والے سیاسی اسٹروک کھیل رہے ہیں، فیصل سبزواری کہتے ہیں کہ جیالا مئیر دیکھنے والے یاد رکھیں کہ ماضی میں متحدہ نے جب بائیکاٹ کیاتھا تب بھی پیپلز پارٹی کراچی سے نہیں جیت سکی تھی۔

ایم کیو ایم اراکین اسمبلی اور رابطہ کمیٹی نے اتوار کو ہونے والے احتجاجی مظاہرے کے انتظامات کا بھی جائزہ لیا، متحدہ کا کہنا ہے کہ متنازعہ قانون بنا کر سندھ کے حقوق کے دعوی داروں کو سندھ کی تقسیم نظر نہیں آتی ۔

مری بس حادثہ: ایک بچہ جاں بحق، سینتیس زخمی

0

مری کے علاقے تریٹ سیداں میں مسافر بس کھائی میں گر گئی  حادثے کے نتیجےمیں ایک بچہ جاں بحق ہو گیا ، خواتین اور بچوں سمیت سینتیس زخمیوں کو پمز اسپتال منتقل کر دیا گیا ، پانچ زخمیوں کی حالت نازک ہے۔

مری میں تریٹ سیداں کے قریب آڑو کس کے مقام پر مسافر بس کھائی میں جا گری حادثہ بس کے بریک فیل ہونے کے باعث پیش آیا جسکی اطلاع ملتے ہی امدادی کارکنوں نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو اسلام آباد کے پمز اسپتال روانہ کر دیا۔ 

حادثے کا شکار ہونے والی بس میں اڑتیس مسافر سوار تھے جن کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے جو لاہور سے مری کی سیر کیلئے آئے تھے، پمز اسپتال کی ترجمان ڈاکٹر عائشہ عیسانی نے میڈیا کو بتایا کہ پانچ زخمیوں کی حالت نازک ہے۔

ڈی سی او راولپنڈی ساجد ظفر نے میڈیا کو بتایا کہ حادثے کی تحقیقات کیلئے کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے حادثے کی وجہ ڈرائیور کی لاپروائی بھی ہو سکتی ہے۔

 وزیراعظم نوازشریف نے کمشنر راولپنڈی کو ذاتی طور پر امدادی سرگرمیوں کی نگرانی اور زخمیوں کو فوری امداد فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے حادثے کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔

پاک بھارت تعلقات میں وقت کے ساتھ بہتری آئے گی،حمزہ شہباز

0

رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ پاک بھارت تعلقات میں وقت کے ساتھ بہتری آئے گی، کھیلوں سے دونوں ممالک کو قریب آنے کا موقع ملے گا۔

لاہور میں پنجاب یوتھ فیسٹیول کے لوگو کی تقریب رونمائی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ کھیلوں کو فروغ دینے سے معیشت مستحکم ہو گی،

اس بار 100 ریکارڈز قائم کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اسپورٹس فیسٹیول کا مقصد کوئی تمغہ لینا نہیں بلکہ کچھ نیا کر کے دکھانا ہے۔

چہلم امام حسین:فیصل آباد میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات،فوج طلب

0

 

فیصل آباد میں پولیس انتظامیہ نے چہلم حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ کے سلسلے میں سکیورٹی پلان جاری کر دیا ۔ فوج کی خدمات بھی حاصل کر لی گئیں ۔ پولیس حکام کے مطابق چہلم کے حوالے سے فیصل آباد ڈویژن کے چاروں اضلاع میں 85 جلوس اور 144 مجالس منعقد ہوں گی.

جن میں سے ضلع فیصل آباد میں چھ جلوس اور 13 مجالس ، جھنگ میں 29 جلوس اور 48 مجالس ، ٹوبہ ٹیک سنگھ میں 35 جلوس اور 68 مجالس اور ضلع چنیوٹ میں 15 جلوس اور 12 مجالس شامل ہیں ۔

اس موقع پر 39 سو پولیس اہلکار ، ایک ہزار رضاکار ، ایلیٹ فورس کے 21 دستوں کے ساتھ ساتھ فوج کی چار کمپنیاں سکیورٹی کے فرائض سرانجام دیں گی۔ .

مرکزی جلوس کی 21 سی سی ٹی وی کیمروں سے مانیٹرنگ کی جائے گی جبکہ کیمروں والی دو موبائل گاڑیاں بھی گشت کرتی رہیں گی۔

 

ملیربار کے سالانہ الیکشن، مس رفعت بلامقابلہ نائب صدرمنتخب

0

ملیر بار کے سالانہ الیکشن برائے دوہزار تیرہ اور چودہ کے لیے پولنگ کا سلسلہ جاری ہے پانچ سوسے زائد وکلا اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ ملیر بار کے سالانہ الیکشن برائے دوہزار تیرہ ،چودہ کے لیے ووٹنگ کا سلسلہ جاری ہے۔

ملیر بار کے صدر کے لیے ،مختار جونیجو،شرف الدین جمالی،فیض سموں ،اعجاز بنگش اور اشرف ضمیر،جنرل سیکریٹری کے لیے خالد محمود،لطف اللہ سریلو،زاہد،عامر منگی،جوائنت سیکریٹری کے لیے ناصر رند ،راحیل مشتاق،عابدہ جونیجو،خزانچی کے لیے الفت شاہ،کریم بخش،سراج الدین،اور لائبریرین کی نشست پر شمس الرحمان،نورین ناز،رشید سومرو مد مقابل ہیں ۔

جبکہ نائب صدر کی نشست پر مس رفعت بلا مقابلہ جیت چکی ہیں جبکہ منجنگ کمیٹی کی گیارہ نشستوں پر اٹھارہ امیدوار مد مقابل ہیں پولنگ کا سلسلہ صبح نو بجے شروع ہوا ہے جوکہ شام پانچ بجے تک جاری رہے گا۔

 

یکم جنوری سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کا امکان

0

حکومت نے مہنگائی کی ماری عوام کیلئے نیو ایئر گفٹ کی تیاری کرلی ہے، حکومت نے یکم جنوری سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کی تیار کرلی ہے۔

نئے سال کی آمد اور سرد موسم کے ساتھ حکومت نے بھی غریب عوام کے چولہے ٹھنڈے کرنے کی تیاری کرلی ہے، حکومت سال نو کا تحفہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی صورت میں دے گی۔

وزارت پٹرولیم و قدرتی وسائل کے زرائع کے مطابق یکم جنوری سے پٹرول تین روپے تیس پیسے ،ہائی آکٹین پانچ روپے، ہائی اسپیڈ ڈیزل چارروپے ستر پیسے، لائیٹ ڈیزل تین روپے پچھتر پیسے مہنگا ہونے کا امکان ہے۔

جب کہ غریبوں کے ایندھن مٹی کا تیل بھی دو روپے اٹھانوئے پیسے فی لیٹر مہنگا ہونے کا امکان ہے، تجزیہ کاروں کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات پرعائد ٹیکسوں اور عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔