جمعرات, جولائی 4, 2024
ہوم بلاگ صفحہ 27110

دبئی،دوسرا ون ڈے:سری لنکا نے پاکستان کو دو وکٹوں سے شکست دیدی

0

سری لنکا نے پاکستان کو دوسرے ون ڈے میں دو وکٹ سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز ایک ایک سے برابر کردی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا تیسرا میچ کل شارجہ میں کھیلا جائے گا۔

دبئی میں سری لنکن کپتان نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ پہلے میچ کے ہیرو شرجیل خان اور صہیب مقصود دوسرے میچ میں زیرو رہے۔ احمد شہزاد نے کپتان مصباح الحق کے ساتھ پارٹنرشپ لگا کر ٹیم کی پوزیشن کو مضبوط بنایا۔

احمد شہزاد نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے کیرئیر کی چوتھی سنچری بناڈالی۔ اننگز کے اختتامی لمحات میں بوم بوم آفریدی نے لنکن بولرز کی دھلائی لگاتے ہوئے جارحانہ انداز میں تیس رنز بنائے ، مصباح انسٹھ رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔  دو سو پچیاسی رنز کے تعاقب میں سری لنکا کی اننگز کا آغاز پراعتماد رہا۔،

مہمان ٹیم کے دونوں اوپنرز کو بولرز نے آؤٹ نہیں کیا بلکہ دونوں ہی رن آؤٹ ہوئے۔ سنگاکارا اور چندی مل کے درمیان اہم شراکت نے میچ میں سری لنکا کی واپسی یقینی بنائی، سنگاکارا اٹھاون اور چندی مل چوالیس رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

کپتان اینجلو میتھوز نے کپتانی اننگز کھیلتے ہوئے سری لنکا کو جیت کے ایک قدم قریب کیا، لیکن آخری اوور میں آفریدی نے میتھوز کو آؤٹ کرکے میچ میں سنسنی پھیلا دی۔ رنز کم ہونے کی وجہ سے آفریدی بھی پاکستان کو دوسرے میچ میں جیت نہ دلواسکے اور سری لنکا نے میچ دو وکٹوں سے جیت لیا۔

 

کراچی: پرانی سبزی منڈی بم دھماکے کی تحقیقات میں پیش رفت

0

کراچی کے علاقے پرانی سبزی منڈی میں ہونے والے دھماکے کی تحقیقات میں اہم پیش رفت ہوئی ہے جبکہ پولیس افسر شفیق تنولی نے ابتدائی بیان بھی ریکارڈ کرا دیا ہے۔

کراچی پولیس کے مطابق ابھی کہنا قبل ازوقت ہوگا کہ حملہ آور دھماکے میں زخمی ہوا یا فرار ہوگیا تاہم دھماکے میں زخمی ہونے والے تمام افراد سے تفتیش کی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق دھماکہ خیز مواد موٹرسائیکل کے سیٹ کے نیچے نصب کیا گیا تھا اور دھماکہ خیز مواد کو ریموٹ کنٹرول ڈیوائس کے ساتھ جوڑا گیا تھا، حملے میں استعمال ہونے والی موٹرسائیکل کا چیچس نمبر غائب ہے۔

حملے کے وقت پولیس افسر شفیق تنولی گاڑی ڈرائیو کررہے تھے جبکہ حملے میں ان کا محافظ جاں بحق ہوگیا، ابتدائی رپورٹ کے مطابق دھماکے میں 4 سے 5 کلو بارودی مواد اور نٹ بولٹ کا استعمال کیا گیا۔

دوسری جانب دھماکے میں زخمی ہونے والے پولیس افسر شفیق تنولی نے اپنا بیان ریکارڈ کرادیا ہے، جس میں ان کا کہنا ہے کہ حملے کے وقت وہ گاڑی میں موجود تھے، حملے میں استعمال ہونے والی موٹرسائیکل پر ایک حملہ آور سوار تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ دھماکے سے قبل حملہ آور سے موٹرسائیکل پھسل گئی، جس سے حملہ آور موٹرسائیکل سے کود گیا اور موٹرسائیکل گاڑی سے ٹکراتے ہی دھماکے سے پھٹ گئی۔

صدر اوباما نے ایران پر پابندیوں کی مخالفت کردی

0

امریکی صدر بارک اوباما نے ایران پر پابندی لگانے کی مخالفت کرتے ہوئے اس تجویز کو ایران کے جوہری پروگرام کو نہ روکنے کی کوشش قرار دے دیا۔

امریکی صدر باراک اوباما نے سال کے اختتام پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سابق انٹیلی جنس اہلکار ایڈورڈ اسنوڈن کے انکشافات سے غیرضروری نقصان ہوا ہے۔

امریکی صدر نے نیشنل سیکیورٹی ایجنسی کے خفیہ پروگرام کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ ایجنسی کسی نا مناسب عمل میں شریک نہیں، تاہم جاسوسی نظام پر نظر ثانی کرنے کی ضرورت ہے۔

شہریوں کی نگرانی کا نظام یکطرفہ ختم نہیں کرسکتے،ایران کے حوالے سے امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ایران پر نئی پابندیاں لگانے سے مذاکرات کا عمل متاثر ہوسکتا ہے جبکہ مزید پابندیاں عائد کرنے سے جوہری پروگرام محدود کرانے کی کوششیں بھی متاثر ہوسکتی ہیں۔
   

اقوام متحدہ،60ممالک،1000افراد امریکا کے خفیہ پروگرام کا ہدف

0

امریکا کے جاسوسی پروگرام میں بین القوامی تنظیمیں ایک ہزار افراد اور ساٹھ ممالک نشانے پر ہیں، امریکی اور برطانوی اخبارات نے مزید تفصیلات شائع کردیں۔

اخبارات میں شائع ہونے والی نئی رپورٹ کے مطابق امریکا نے اسرائیل سمیت اپنے قریبی اتحادی ممالک کے سربراہان کو بھی جاسوسی پروگرام کا ہدف بنایا، اقوام متحدہ، یورپی یونین کے سربراہ اورامدادی پروگراموں کی نگرانی بھی مسلسل جاری رہی۔

افریقی ممالک کے سربراہان اوران کی گھریلوں فون کالز بھی ریکارڈ کی گئیں، اس رپورٹ کی اشاعت کے بعد یورپی کمیشن نے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے جواز طلب کیا ہے۔

وائٹ ہاوس پالیسی کا تجزیہ کرنے والے پینل کے رکن نے بھی پروگرام کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ خفیہ نگرانی دہشت گردی کے حملوں سے بچنے میں مددگار ثابت نہیں رہی، اخبارات میں شائع کی جانے والی معلومات سابق امریکی اہلکار اسنوڈن کی جانب سے فراہم کی گئیں۔
   

مصباح الحق سال کے سب سے زیادہ رنزبنانے والے کرکٹربن گئے

0

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق رواں سال کے دوران سب سے زیادہ رنز بنانے والے کرکٹر بن گئے۔ انھوں نے سری لنکا کے خلاف دوسرے ون ڈے میں انسٹھ رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

کپتان مصباح الحق کو ان کی مسلسل کارکردگی کی وجہ سے پاکستان کی بیٹنگ لائن کی ریڑھ کی ہڈی سمجھا جاتا ہے۔ سری لنکا کے خلاف دوسرے ون ڈے میں مصباح نے انسٹھ رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر کئی ریکارڈ بناڈالے۔

سری لنکا کے خلاف ان کی نصف سینچری سال کی چوہودیں نصف سینچری تھی۔ یوں انھوں نے ایک سال میں تیرہ نصف سینچریوں کا لٹل ماسٹر سچن ٹنڈولکر کا ریکارڈ بھی توڑ دیا۔

اس کے علاوہ مصباح بھارت ہی کے ویرات کوہلی کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ون ڈے میں سال کے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کرکٹر بھی بن گئے۔۔انھوں نے اب تک ایک ہزاردو سو بیاسی رنز بنائے ہیں۔ انھیں رواں سال ابھی مزید تین ون ڈے اورکھیلنا ہیں۔

 

شام نے اندرونی معاملات میں دخل اندازی کو مسترد کر دیا

0

شامی نائب وزیرخارجہ فیصل مقداد نے کہا کہ شام نے اندرونی معاملات میں دخل اندازی کو مسترد کر دیا، صدر بشارالاسد آئندہ انتخابات میں حصہ لیں گے۔

شامی نائب وزیرخارجہ فیصل مقداد نے روسی نائب وزیر خارجہ کے بیان کو شام کے اندرونی معاملات میں مداخلت قرار دے دیا ہے، فیصل مقداد کا کہنا تھا کہ اندرونی معاملات میں مداخلت اور کسی دوسرے ملک کی ڈکٹیشن ہرگز قبول نہیں ہے۔

وزیرخارجہ کا مزید کہنا تھا کہ صدر بشارالاسد ہر صورت انتخاب میں حصہ لیں گے، اس سے قبل روس نے شامی صدر کے انتخاب میں حصہ لینے کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ بشار الاسد کے امیدوار بننے سے تناؤ میں اضافہ ہوگا اور مسائل جنم لیں گے۔
   

سینٹرل ری پبلک افریقہ:مسلمانوں اور عیسائیوں کے درمیان کشیدگی بدستور برقرار

0

سینٹرل ری پبلک افریقہ میں مسلمانوں اور عیسائیوں کے درمیان کشیدگی بدستور موجود ہے، جھڑپوں میں دونوں متحارب گروپوں کا بھاری جانی نقصان دیکھنے میں آرہا ہے۔

یورپی یونین کے وزرائے خارجہ سینٹرل افریقن ری پبلک کی خراب ہوتی صورتحال کے پیش نظر اپنی افواج سینٹرل افریقن ری پبلک بھیجنے پر تیار ہوگئے ہیں جبکہ فرانس کے سولہ سو فوجی پہلے ہی سینٹرل افریقن ری پبلک بھیجے جا چکے ہیں۔

فرانسیسی صدر فرانکوئیس ہولاندے نے اپنے ایک بیان میں یورپی ممالک سے اپیل میں کہا ہے کہ کسی بھی انسانی المیے سے بچنے کے لئے سینٹرل افریقن ری پبلک کی عوام کی فوری مدد کی جائے۔
   

دسمبر کا تیسرا ہفتہ:مہنگائی کی شرح میں1 فیصد کمی

0

دسمبر کے تیسرے ہفتے کے دوران کم آمدنی والے طبقے کے لئے بھی قیمتوں کے حساس اشارئے میں ایک فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ۔

پاکستان بیورو شماریات کے مطابق کم ماہانہ آمدنی والے طبقے کیلئے انیس دسمبر کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران قیمتوں کا حساس اشارئے میں ایک فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ۔

اس ہفتے کے دورا ن مرغی ،چنے و مونگ کی دال،کیلا، مرچ ،گھی اور چاول سمیت انیس اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، جبکہ ادرک ،پیاز، آلو، چینی، انڈے، ایل پی جی، ٹماٹراور آٹا سمیت بارہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی ، گزشتہ ہفتے بائیس اشیائے کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

 

خرطوم: قبائل کے درمیان خانہ جنگی کاخطرہ ہے،اقوام متحدہ

0

جنوبی سوڈان میں فوج اور باغیوں کے درمیان لڑائی شدت اختیار کرگئی، تازہ ترین جھڑپوں میں اقوام متحدہ کی جانب سے امن مشن کے لئے تعینات انڈین فوج کے تین اہلکار ہلاک ہوگئے۔

جنوبی سوڈان میں خانہ جنگی، وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ شدت اختیار کرتی جارہی ہے، فوج اور باغیوں کے درمیان تازہ جھڑپوں میں ہندوستانی فوجی اہلکاروں کی ہلاکت کے بعد اقوام متحدہ نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ملک کے مختلف قبائل میں مخاصمت کسی بھی وقت بڑی خانہ جنگی میں تبدیل ہوسکتی ہے۔

اقوام متحدہ کے مطابق تشدد کی تازہ لہر نیور قبیلے کے افراد کی ہلاکت کے بعد شروع ہوئی، جسکی موت کا ذمہ دار ڈنکا قبیلے کو ٹھہرایا گیا ہے، امریکا نے اپنے شہریوں کی حفاظت کے لئے کئی درجن فوجی ساؤتھ سوڈان بھیج دیئے ہیں۔
   

عراق:کرکوک میں بم دھماکے،فائرنگ، 14افراد ہلاک،متعدد زخمی

0

عراق کے شہر کرکوک میں بم دھماکے اور فائرنگ کے واقعات میں چودہ افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

غیرملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق کرکوک میں سڑک کنارے نصب بم پھٹنے سے ایک عورت سمیت نو افراد ہلاک اورکئی زخمی ہو گئے جبکہ فائرنگ کے ایک واقعہ میں ایک پانچ افراد مارے گئے۔

تاہم دھماکے کی ذمہ داری کسی نے قبول نہیں کی، اقوام متحدہ کے مطابق عراق میں رواں سال پرتشدد واقعات میں اب تک آٹھ ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔