وزیراعظم نواز شریف نے وفاقی کابینہ کی قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس آج طلب کرلیا ہے، اجلاس میں طالبان سے مذاکرات اور قومی سلامتی کے امور پر غور کے علاوہ قومی سیکیورٹی پالیسی کے مسودے کی منظوری بھی دی جائے گی۔
وفاقی کابینہ کی قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس وزیراعظم کی زیر صدارت آج اسلام آباد میں ہوگا، اجلاس میں وزارت داخلہ کی تیار کردہ نئی قومی سلامتی سیکورٹی پالیسی کا ڈرافٹ زیر غور لایا جائے گا، اجلاس میں متوقع طور پر طالبان کیساتھ ممکنہ مذاکرات کی حکمت عملی اور اندرونی و بیرونی سیکورٹی صورتحال پر تفصیلی غور کیا جائے گا۔
اجلاس میں وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان، وزیراطلاعات پرویزرشید، وزیردفاع خواجہ محمد آصف، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، تینوں مسلح افواج کے سربراہان، ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل ظہیرالسلام اور ڈی جی آئی بی سمیت وزیراعظم کے مشیر سلامتی سرتاج عزیز بھی شریک ہوں گے۔
وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان کا کہنا تھا کہ تین حصوں پر مشتمل قومی سلامتی پالیسی کا مسودہ تیار ہے، کابینہ سے منظوری کے بعد اس کا باضابطہ اعلان کیا جائے گا، وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ امن کیلئے مذاکرات پہلی ترجیح ہوں گے، انکا مزید کہنا تھا کہ ہر پالیسی کا ٹائم فریم دیا گیا ہے، ایک سال میں آپریشنل نیٹ ورک کو فعال کرنے کی مکمل کوشش کریں گے۔