جمعرات, جنوری 9, 2025
ہوم بلاگ صفحہ 28924

سنی اتحاد کونسل:ناموس رسالت قانون میں ترمیم برداشت نہیں کی جائے گی

0

 

سنی اتحاد کونسل کے رہنماﺅں نے کہاہے کہ تحفظ ِ ناموس رسالت کے قانون میں ترامیم کسی صورت برداشت نہیں کی جائیں گی

لاہور میں تحفظ ِ ناموس رسالت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر مولانا راغب نعیمی نے کہاکہ کسی شخص کا ایمان اس وقت تک مکمل نہیں ہوتا جب تک وہ اپنے والدین اولاد اور مال متال سے بڑھ کر حضور اکرم  کی ذات سے محبت نہ کرتا ہو۔

 انہوں نے کہاکہ دہشت گردی اور انتہا پسندی قابل مذمت ہے علمائے اہل سنت دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا محمد اشرف آصف جلالی نے کہاکہ ناموس رسالت کا قانون 295سی ہمارے ایمان کا حصہ ہے جس میں ترایم کی تمام کوششیں ناکام بنادی جائیں گی۔

 کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا محمد رمضان سیالوی اور دیگرنے بھی خطاب کیا۔ 

ایشیا کپ کا انعقاد بنگلہ دیش میں ہی ہوگا،اے سی سی

0

ایشین کرکٹ کونسل نے ایشیا کپ کا انعقاد بنگلہ دیش میں ہی برقرار رکھنے کا گرین سگنل دے دیا۔ افغانستان کی ٹیم کو بھی ٹورنامنٹ میں شامل کرلیا گیا ہے, ایشیا کپ کا انعقاد ڈھاکہ میں ہی ہوگا، بنگلہ دیش میں جاری سیاسی کشیدگی کے باوجود ٹورنامنٹ کسی اور ملک منتقل نہیں کیا جارہا۔

ایشین کرکٹ کونسل کے اجلاس میں فیصلہ ہوگیا۔کولمبو میں اشرف الحق کی قیادت میں ایشین کرکٹ کونسل کا اجلاس ہوا جس میں ایشیا کپ کا انعقاد بنگلہ دیش میں کرانے پر اتفاق ہوا۔ ٹورنامنٹ پچیس فروری سے سات مارچ تک ڈھاکہ میں ہوگا۔

اے سی سی کے چیف ایگزیکٹو کا کہنا تھا کہ اجلاس میں کسی نے سیکورٹی خدشات ظاہر نہیں کئے۔ پاکستان، بھارت، سری لنکا اور بنگلہ دیش کے ساتھ افغانستان کو پانچویں ٹیم کے طور پر ٹورنامنٹ میں شامل کرلیا گیا ہے۔ سری لنکا نے بنگلہ دیش میں سیاسی کشیدگی کے باعث ایشیا کپ کی میزبانی کی پیشکش کی تھی۔

رواں مالی سال:سیمنٹ کی مجموعی فروخت میں 2.1 فیصد اضافہ

0

رواں مالی سال کے پہلے چھ ماہ میں سیمنٹ کی مجموعی فروخت میں 2.1 فیصد اضافہ ہوا۔ماہ دسمبر 2013ء میں برآمدات کا حجم بڑھ کر 625,000 ٹن ہوگیا ۔ اس طرح اس میں 7.8 فیصد اضافہ ہوا۔

پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے ترجمان نے بتایا کہ گزشتہ چھ ماہ میں بر آمدات 1.8 فیصد کمی کے ساتھ 4.145 ملین ٹن رہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کے سا تھ چھ میں ماہ برآمدات صرف 0.202 ملین ٹن تک محدود رہیں جو 3.25 فیصد کم ہیں۔بھارت اور پاکستان کی جانب سے باہمی آزاد تجارت کیلئے جب سے سرحدیں کھولی گئی ہیں بھارت کو برآمدات مسلسل کمی کا شکار ہیں۔ بھارت کی جانب سے عائد کردہ نان ٹیرف بندش کے باعث برآمدات کم ہو گئی ہیں۔

 

یوریا کھاد کی قیمت 19 سو روپے فی بوری تک جا پہنچی

0

یوریا کھاد کی قیمت 19 سو روپے فی بوری ہو گئی ،گیس انفراسٹرکچر ڈیویلومنٹ سرچارج میں اضافہ کے باعث مقامی مارکیٹ میں یوریا کھاد کی قیمت انیس سو روپے تک پہنچ گئی ہے۔

فرٹیلائزر سیکٹر زرائع کے مطابق پلانٹس کی گیس پرعائد سرچارج بڑھنے سے کھاد کی پیداواری لاگت میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔ آمدنی بڑھانے کے لئے حکومت نے دس لاکھ برٹش تھرمل یونٹ پر اضافی سر چارج لگا دیا ہے۔

حکومت نےفرٹیلائزر سیکٹر کیلئے گیس پر ایک سو تین روپے کا اضافہ کردیا ہے جس کے بعد فرٹیلائزر سیکٹر پر گیس سرچارج تین سو روپے فی ایم ایم بی ٹی یو ہوگیا ہے یوں ایک بوری یوریا کی پیداواری لاگت میں ایک سو تیس روپے کا اضافہ ہونے سے بوری کی قیمت انیس سو روپے ہوگئی ہے۔

 

سبزی منڈی میں نیلامی کے اوقات تبدیل کرنے کا فیصلہ

0

سبزی منڈی میں نیلامی کے اوقات تبدیل سبزی کی قیمتوں کو مناسب سطح پر رکھنے ،سرکاری نرخ کے اطلاق، اور منافع خوری کےخاتمے کے لیے سبزی منڈی میں نیلامی کے اوقات تبدیل کرنے کافیصلہ کرلیا گیا ہے۔

سبزی منڈی کی تاریخ میں پہلی بار ہری سبزیوں کی نیلامی رات بارہ بجے کے بجائے صبح چار بجے سے کی جائے گی جو سات بجے صبح تک جاری رہے گی سات بجے سے پھل، آلو، پیاز ،لہسن، ادرک اور ٹماٹر کی نیلامی شروع ہوگی۔

فیصلے پر پندرہ جنوری سے عمل شروع ہوگا۔امن و امان کے مسائل اور ٹرانسپورٹ کی عدم دستیابی کےباعث رات گئے تاجروں کو منڈی پہنچنے میں دشواری ہوتی تھی ۔صبح میں نیلامی زیادہ نیلامی میں شریک ہو سکتے ہیں۔

 

مشرف کوعلاج کیلئے برطانیہ بھیجا جائیگا ،اسپتال ذرائع

0

سابق صدر پروپز مشرف کو علاج کیلئے برطانیہ بھیجا جائے گا، اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ پرویز مشرف پیر کو عدالت پیشی کی پوزیشن میں نہیں ہیں جبکہ مشرف کے صاحبزادے بلال مشرف امریکا سے اسلام آباد پہنچ گئے۔

اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ پرویزمشرف کو مزید کچھ دن اسپتال میں رکھا جائے گا، پرویزمشرف پیر کو عدالت پیشی کی پوزیشن میں نہیں، وکلا پیر کے روز پرویز مشرف کی بیماری سے متعلق عدالت کو باضابطہ طور پر آگاہ کریں گے۔

سابق صدر پرویزمشرف کی پیشی تک غداری کیس کا ٹرائل آگے نہیں بڑھ سکتا، سابق صدر پرویز مشرف کے اہلخانہ نے میڈیکل رپورٹ برطانیہ میں پاکستان ڈاکٹرز کو بھجوادی ہیں، پرویز مشرف کے وکیل احمد رضا قصوری نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ رپورٹس برطانوی ڈاکٹرزسے مشاورت کیلئے بھجوائی گئیں ہیں۔

برطانوی ڈاکٹرز سے مشورے کے بعد انجیو پلاسٹی کا فیصلہ کیا جائے گا، مشرف کی صحت کے حوالے سے سات رکنی میڈیکل بورڈ کا کہنا ہے کہ پرویز مشرف کی حالت خطرے سے باہر ہے، اطلاعات کے مطابق ڈاکٹروں سے امور طے ہونے پر عدالت کو سابق صدر کی صحت کے بارے میں آگاہ کرکے ان کا نام ای سی ایل سے خارج کرنے کی درخواست کی جائے گی۔
   

پاکستان کی معاشی شرح نمو تین اعشاریہ سات فیصد تک متوقع

0

عالمی مالیاتی ادارے کے مطابق آئندہ مالی سال میں پاکستان کی معاشی شرح نمو تین اعشاریہ سات فیصد تک متوقع ہے، عالمی مالیاتی ادارے کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق آئندہ مالی سال میں پاکستانی معیشت کی ترقی کی شرح تین اعشاریہ سات فیصد رہے گی۔

آئی ایم ایف کے مطابق توانائی سیکٹر میں جاری اصلاحات اور مالیاتی صورت حال میں بہتری سے شرح نمو میں اضافہ متوقع ہے۔ معاشی اصلاحات کو جاری رکھنے ضروری ہے ۔

دوسری جانب آئی ایم ایف کہتا ہےکہ بیرونی معاشی خطرات کے اپنی جگہ موجود ہیں جن میں خام تیل کی قیمت میں اضافہ اور ترسیلات زر میں کمی جیسے عوامل شامل ہیں ۔رپورٹ کے مطابق امن و امان کی خراب صورت حال کے سرمایا کاری اور معاشی ترقی پر منفی اثرات مرتب ہوں گے۔

آئی ایم ایف نے کہاکہ رواں مالی سال میں افراط زر کی شرح دس فیصد اور آئندہ مالی سال کم ہوکر سات فیصد تک رہینے کی توقع ہے۔

 

بلدیاتی آرڈیننس:سندھ ہائیکورٹ کا فیصلہ، سپریم کورٹ میں چیلنج

0

حکومت سندھ نے سندھ ہائی کورٹ کی جانب سے بلدیاتی قوانین کی تیسری ترمیم کو غیر قانونی قرار دئیے جانے کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر کر دی ہے، جسکی سماعت آٹھ جنوری کو اسلام آباد میں ہوگی۔

سندھ ہائی کورٹ کی جانب سے بلدیاتی قوانین میں تیسری ترمیم کو غیر قانونی قرار دئیے جانے کے خلاف حکومت سندھ نے سپریم کورٹ میں پٹیشن دائر کی، ایڈووکیٹ جنرل خالد جاوید کی جانب سے دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ بلدیاتی حلقہ بندیوں کی ساری کاروائی قانون کے تحت کی گئی ہے، اگر پینل کی شرط نہ رکھی جاتی تو ایک بیلٹ پیپر پچیس صفحات کا ہوگا، جسکے باعث بیلٹ پیپرز کی گنتی پر گھنٹوں نہیں دنوں کے حساب سے وقت لگے گا۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ سنہ دو ہزار ایک میں ایک یونین کونسل میں تیس سے ستر ہزار رکھے گئے تھے جبکہ نئے قانون میں یہ تعداد دس سے پچاس ہزار کی گئی ہے، انتخابی حد بندیوں کے قانون میں کوئی سقم نہیں تھا، اس قانون پر تنقید اور اعتراض بلا ضرورت ہے، حکومت سندھ کی درخواست کی سماعت 8جنوری کو اسلام آباد میں ہوگی۔

بلدیاتی الیکشن سپریم کورٹ کے حکم پر ہورہے ہیں تو ہائی کورٹ اس حوالے سے کیسے فیصلہ جاری کرسکتی ہے، سندھ ہائی کورٹ نے جماعت اسلامی اور دیگر جماعتوں کی درخواست پر بلدیاتی قوانین کی تیسری ترمیم کو غیر قانونی قرار دیا تھا۔

جنوری کے آغاز میں مہنگائی کی شرح میں 0.17فیصد اضافہ

0

سال 2014ء کے آغاز میں مہنگائی کی شرح میں 0.17فیصداضافہ ریکارڈ کیا گیا ، تاہم کم آمدنی والے طبقے کے لئے قیمتوں کے حساس اشاریئے میں0.13 فیصداضافہ دیکھنے میں آیا ، پاکستان بیورو شماریات کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق 8 ہزار روپے تک کی ماہانہ آمدنی والے طبقے کیلئے 2 جنوری 2014ء کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران قیمتوں کا حساس اشاریہ 0.13 فیصداضافے سے 200.00پوائنٹس سے بڑھ کر 200.26 پو ائنٹس تک پہنچ گیا ۔

جبکہ کمبائنڈ گروپ کیلئے قیمتوں کاحساس اشاریہ 0.17 فیصداضافے سے 209.27پوائنٹس سے بڑھ کر 209.63 پوائنٹس تک پہنچ گیا، اس ہفتے کے دورا ن زندہ مرغی ، ٹماٹر،کیلا، مونگ کی دال ، دال ماش ، مسور کی دال اورویجی ٹیبل گھی سمیت 12 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، پیاز ، آلو ، چینی، گڑ، ادرک ،انڈے ، ایل پی جی ،چنے کی دال،گندم، آٹا ، ویجی ٹیبل گھی جبکہ اور سرخ مرچ سمیت 10 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔

ادارہ شماریات کے مطابق پٹرول ،ڈیزل ،مٹی کاتیل،مٹن ، بیف ، اری چاول ، چائے ، خوردنی تیل ، گیس کے نرخ ، بجلی کے نرخ ،تازہ دودھ ،دھی،دودھ پاؤڈر ، باسمتی چاول اور کھلا گھی سمیت 31 اشیائے کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

ادارہ شماریات کے مطابق گزشتہ ہفتہ کے مقابلے میں آٹھ ہزار تا بارہ ہزارآمدنی ، بارہ ہزار تا اٹھارہ ہزار ، اٹھارہ ہزار تا پینتیس ہزار تک اور پینتیس ہزار روپے سے زائد آمدنی والے افراد کے گروپوں کیلئے قیمتوں کے حساس اعشاریے میں بالترتیب 0.15فیصد، 0.16فییصد 0.18فیصد اور 0.19فیصداضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

 

حکومت کی اپیل پر ایم کیوایم کا مؤقف سنے بغیرحکم نہ دیا جائے،فاروق ستار

0

متحدہ قومی موومنٹ نے بلدیاتی قانون میں ترمیم پر سپریم کورٹ میں اپیل دائر کردی، ڈاکٹر فاروق ستار کہتے ہیں حکومت کی اپیل پر ایم کیو ایم کا موقف سنے بغیر حکم نہ دیا جائے۔

سندھ میں اٹھارہ جنوری کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات کھٹائی میں پڑتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں، بلدیاتی قانون میں ترمیم پر متحدہ قومی موومنٹ کی جانب ڈاکٹر فاروق ستار نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی۔

بلدیاتی قانون پر فاروق ستار کی درخواست حکومت کی اپیل سے پہلے داخل کی گئی، ایم کیوایم کی جانب سے درخواست ایڈووکیٹ مظہر چوہان نے دائر کی، حکومت سندھ نے سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے کیخلاف آج اپیل داخل کرنا ہے۔

ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ حکومت کی اپیل پر ایم کیوایم کا موقف سنے بغیر حکم نہ دیا جائے، سندھ ہائی کورٹ میں ایم کیو ایم سمیت مسلم لیگ ن، فنکشنل لیگ، جماعت اسلامی اور دیگر اپوزیشن جماعتوں نے صوبے میں پیپلز پارٹی کی جانب سے بلدیاتی حلقہ بندیوں اور لوکل گورنمنٹ ترمیمی ایکٹ کے خلاف درخواستیں دائر کیں تھی، جس پر عدالت نے صوبائی حکومت کی جانب سے منظور کردہ ترامیم کو کالعدم قرار دے دیا تھا۔