بلاول ہاؤس کے قریب پاکستان تحریک انصاف اور پیپلز پارٹی کے تصادم کے بعد دونوں اطراف سے پتھراؤ، متعدد مشتعل مظاہرین گرفتار، تفصیلات کے مطابق کراچی میں بلاول ہاؤس کے قریب پیپلز پارٹی اورتحریک انصاف کے کارکنوں میں تصادم ہوگیا، جس کے دوران ایک دوسرے پر پتھراوٴ کیا گیا۔ پولیس نے کئی افراد کو حراست میں لے لیا۔پولیس نے بلاول ہاوٴس کی جانب جانے والے راستوں کو کنٹینرز لگا کر بند کردیا اوربوٹ بیسن، کلفٹن اور بلاول ہاؤس سے ملنے والے دیگر تمام راستے بھی بند کردیے گئے ہیں۔ جبکہ رینجرزاہلکار بھی اس موقع پر موجود تھے۔
پیپلز پارٹی کے رہنماعبدالقادرپٹیل کا کہنا ہے کہ ناخوشگوار واقعے کے ذمے دار تحریک انصاف کے رہنما عارف علوی ہیں،مظاہرہ بلدیاتی انتخابات سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے۔ عبدالقادر پٹیل نے کہا ہے پیپلزپارٹی کے کارکن بی بی شہیدکے گھرکی حفاظت کےلئے جان بھی دے سکتے ہیں۔
پیپلزپارٹی کی رہنما شرمیلا فاروقی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاہے کہ تحریک انصاف تشدد کی سیاست پر اتر آئی ہے۔جیالے اپنے گھرکی حفاظت کرناجانتے ہیں۔
دوسری جانب بلاول ہاؤس کراچی کے باہر صحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئےتحریک انصاف کے رہنما ڈاکٹرعارف علوی نےکہا کہ پرامن احتجاج کرنے نکلے تھے۔ کارکنان بے قابو ہوئے تو اینٹ سے اینٹ بجادیں گے۔ بند سڑک کھلوانے تک احتجاج جاری رہےگا۔پولیس حراست میں لئے گئے پی ٹی آئی کے کارکنوں کو رہا کرے۔
بلاول ہاؤس کے اطراف کی سڑک کو کھلوانے کے لئے پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان صوبائی قائد ین کے ہمراہ صبح سے ہی احتجاج کے لئے بوٹ بیسن پر جمع ہونا شروع ہوگئے تھے جبکہ پیپلز پارٹی کے کارکن پارک ٹاور پرتحریک انصاف کیخلاف احتجاج کررہے تھے ۔ اسی دوران دونوں پارٹیوں کے کارکنوں میں تصادم شروع ہوگیا جس کے دوران ایک دوسرے پر پتھراؤ کیا گیا۔
پولیس نے ہنگامہ آرائی میں ملوث متعدد افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔اے ایس پی کلفٹن کا کہنا ہے کہ کسی بھی غیر متعلقہ شخص کو بلاول ہاؤس کی جانب جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ بلاول ہاؤس کی جانب جانے والے راستوں کو کنٹینرز لگا کر بند کردیا گیا تھا اورکسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لئے پولیس کی بھاری نفری تعینات تھی ۔