کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ سے دو پولیس اہلکاروں سمیت چار افراد لقمہ اجل بن گئے، یونیورسٹی روڈ پر فائرنگ سے حساس ادارے کا اہلکار زخمی ہوگیا، کورنگی میں پولیس موبائل پر فائرنگ کرنے والے تین ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔
کراچی میں قتل و غارت گری کا سلسلہ جاری ہے، شہر میں پولیس اور رینجرز کی ٹارگٹڈ کارروائیوں کے باوجود ٹارگٹ کلنگ کا سلسلہ تھم نہ سکا اور نہ ہی اس میں کمی نظر آرہی ہے، یونیورسٹی روڈ پر نامعلوم افراد کی کار پر فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا جبکہ خاتون محفوظ رہی۔
ایس پی گلشن مقدس حیدر کا کہنا ہے کہ زخمی ہونے والا نوجوان حساس ادارے کا اہلکار ہے، پولیس حکام کے مطابق صبح سویرے تھانہ تیموریہ کی حدود شفیق موڑ کے قریب نامعلوم موٹرسائیکل سواروں افراد معمول کی گشت میں مصروف پولیس موبائل پر فائرنگ کرکے فرار ہوگئے۔
جسکے نتیجے میں دو پولیس اہلکارپینتیس سالہ محمد جاوید اور تیس سالہ آصف جان بحق ہوگئے جبکہ سلیم نامی پولیس اہلکار اور ایک راہگیر زخمی بھی ہوئے، کارساز کے قریب بھی نامعلوم افراد نے گاڑی پر فائرنگ کی، جسکے نتیجے میں سجاد نامی شخص چل بسا، جسکی لاش کو ضابطے کی کاروائی کیلئے اسپتال منتقل کیا گیا۔
رات گئے بلدیہ رشید آباد سے بھی ایک خاتون کی لاش ملی، گلستان جوہر میں بھی فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا، کورنگی میں پولیس موبائل پر فائرنگ کرنے والے تین ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا، ایسٹ زون پولیس نے مختلف کارروائیوں کے دوران بائیس ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ منشیات اور چھینی گئی موٹر سائکلیں برآمد کیں۔