جمعہ, جنوری 24, 2025
ہوم بلاگ صفحہ 29017

کراچی:لیاری میں کشیدگی، 2افراد جاں بحق ، بچی بازیاب

0

کراچی کےعلاقے لیاری میں بدستور خوف و ہراس نے پنجے گاڑ رکھے ہیں، پولیس نے کورنگی انڈسٹریل ایریا میں کارروائی کرتے ہوئے مغوی بچی بازیاب کرالی۔

لیاری میں رات گئے دو گروپوں کے تصادم سے کشیدگی اور خوف ہراس پھیل گیا، لیاری میں اجارہ داری قائم کرنے کی جنگ نے مقامی لوگوں کو شدید اذیت میں مبتلا کر رکھا ہے، حالات کشیدہ ہونے پر لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے۔

دوسری جانب رات میں بنارس کے قریب نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے دو افراد کو موت کے گھاٹ اتاردیا، گلشن اقبال یونیورسٹی روڈ پر ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوا۔

اُدھر کورنگی انڈسٹریل ایریا پولیس نے کاروائی کرکے تیرہ سالہ بچی بازیاب کرالی، کارروائی کے دوران فیاض نامی اغواکار کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا گیا۔

پولیس کے مطابق ملزم بچی کو ڈیرہ اسماعیل خان سے اغوا کرکے کراچی لایا تھا، ملزم پنجاب اور خیبر پختون خواہ پولیس کو متعدد مقدمات میں مطلوب تھا، اورنگی ٹاؤن میں بھی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے سترہ مشتبہ افراد حراست میں لے لئے۔
   

آسٹریلین اوپن ٹینس:مارٹن ڈیل پوترو دوسرے راؤنڈ میں ایونٹ سے باہر

0

آسٹریلین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں اپ سیٹ کا سلسلہ جاری ہے۔ ارجنٹائن کے یوآن مارٹن ڈیل پوترو دوسرے راؤنڈ میں حیران کن شکست کے بعد ایونٹ سے باہر ہوگئے۔ برطانیہ کے اینڈی مرے نے تیسرے راؤنڈ میں جگہ بنالی۔ میلبورن میں جاری سال کے پہلے گرینڈ سلم ایونٹ کے مینز سنگلز کے دوسرے راؤنڈ کے میچ میں ففتھ سیڈ ارجنٹائن کے یوآن مارٹن ڈیل پوترو کو اسپین کے رابرٹ بوٹیسٹا نے پانچ سیٹ کے سخت مقابلے کے بعد اپ سیٹ شکست دے دی۔

تین گھنٹہ تریپن منٹ تک جاری رہنے والے مقابلے میں اسپینش کھلاڑی نے چار چھ، چھ تین، پانچ سات، چھ چار اور سات پانچ سے کامیابی حاصل کی۔ دوسرے راؤنڈ کے ایک اور میچ میں فورتھ سیڈ برطانیہ کے اینڈی مرے نے فرانسیسی کوالیفائر وینسینٹ میلوٹ کو اسٹریٹ سیٹس میں زیر کرتے ہوئے تیسرے راؤنڈ کے لئے کوالیفائی کیا۔

مرے کی فتح کا اسکور چھ دو، چھ دو اور سات پانچ رہا۔ ویمنز سنگز میں بیلاروس کی وکٹوریا ازرینکا بھی تیسرے راؤنڈ میں پہنچ گئی ہیں۔ ازرینکا نے جمہوریہ چیک کی باربورا کو با آسانی چھ ایک اور چھ چار سے قابو کیا۔

 

اوگرا کرپشن کیس: نیب آج بھی حتمی چالان پیش نہ کرسکا

0

اوگرا کرپشن کیس میں نیب کی جانب سے آج بھی حتمی چالان پیش نہ کیا جاسکا، جس کے بعد سماعت یکم فروری تک ملتوی کردی گئی۔

اوگرا کرپشن کیس کی سماعت احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے کی، کرپشن کیس میں گرفتار توقیر صادق کو بھی عدالت میں پیش کیا گیا۔

عدالت نے نیب حکام سے استفسار کیا کہ حتمی چالان آج جمع کرانا تھا، جس پر نیب کے ایڈیشنل پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ چالان کی منظوری آج ہوجائے گی، اس کے لیے مزید مہلت دی جائے۔

عدالت نے مقدمے کی کارروائی یکم فروری تک ملتوی کرتے ہوئے حتمی چالان پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
    
   

میلسی:زہریلے کھانے سے ہلاکتوں کے واقعے کی ابتدائی رپورٹ

0

میلسی میں زہریلا کھانا کھانے والوں کو بچایا جاسکتا تھا ، ڈاکٹروں کی غفلت سامنے آنے پر ای ڈی او ہیلتھ وہاڑی نے دو ڈاکٹروں سمیت عملے کے پانچ افراد کو معطل کردیا۔

میلسی میں زہریلاکھانا کھانے سے چار بہن بھائیوں کے جاں بحق ہونے کے واقعہ کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ مکمل کرلی گئی، ابتدائی رپورٹ میں دو ڈاکٹروں سمیت پانچ افراد کو غفلت کا مرتکب قرار دیا گیا ہے۔

رپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے ای ڈی او ہیلتھ وہاڑی نے غفلت برتنے پر ڈیوٹی ڈاکٹر سلمان مجید، ڈاکٹر لیاقت بابر سمیت اسٹاف نرس پروین، وارڈ بوائے اسلم اور ایمبولنس ڈرائیور اسلم کو معطل کر دیا ہے، واقعہ کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
       

پشاور: تبلیغی مرکز پر واک تھرو گیٹ نصب، پولیس تعینات

0

پشاور پولیس نے چارسدہ روڈ پر بم دھماکے کا نشانہ بننے والے تبلیغی مرکز کی سیکورٹی سنبھال لی ہے، مرکزی دروازے پر واک تھرو گیٹ لگا دیا گیا ہے، نماز جمعہ معمول کے مطابق ادا کی جائے گی۔

پشاور میں چارسدہ روڈ کے تبلیغی مرکز میں نماز مغرب کے دوران آخری صف میں دھماکا ہوا اور مسجد میں خون ہی خون پھیل گیا، دھماکے میں دس افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے۔

دھماکے کے بعد جائے وقوعہ پر بھگدڑ مچ گئی، دھماکا سنتے ہی اہل علاقہ نے زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا، دھماکا اس قدر شدید تھا کہ شہر کے کئی علاقوں میں سنا گیا۔

دھماکے کے بعد نمازیوں نے صفیں ایک مرتبہ پھر ترتیب دیں اور نماز مغرب ادا کی جبکہ عشاء کی نماز میں بھی بڑی تعداد میں لوگ شریک تھے، اے آئی جی شفقت محمود کے مطابق تبلیغی مرکز میں تلاشی کے دوران مزید دو بم ملے، پانچ پانچ کلو کے دونوں بم گھی کے ڈبوں میں نصب تھے،جنھیں روبوٹ کے ذریعے باہر نکالا اور ناکارہ بنایا گیا۔

 دھماکے کے بعد پشاور کے لیڈی ریڈنگ اسپتال سمیت تمام اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی اور زخمیوں کو طبی امداد دی گئی ، اس دوران پشاور بھر میں ریڈ الرٹ کردیا گیا۔

تبلیغی مرکز کو خالی کروا کے علاقے کو سیل کردیا گیا، تبلیغی مرکز کو مکمل تلاشی کے بعد کھولا دیا گیا، بم دھماکے کا مقدمہ تھانہ مچمی میں نامعلوم افراد کیخلاف درج کرلیا گیا ہے۔
   

راجن پور:خوشحال خان خٹک ایکسپریس میں دھماکا،3افراد جاں بحق،متعدد زخمی

0

راجن پور میں خوشحال خان خٹک ایکسپریس تخریب کاری کا شکار ہو گئی، راجن پور میں خوشحال خان خٹک ایکسپریس میں دھماکہ ہوا، جس کے نتیجے میں تین افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوگئے، ٹرین پشاور سے کراچی جارہی تھی، وفاقی وزیر ریلوے نے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔

پشاور سے کراچی جانے والی خوشحال خان خٹک ایکسپریس کو راجن پور کے قریب دہشتگردی کا نشانہ بنایا گیا، ٹرین اپنی منزل کی جانب رواں دواں تھی کہ راجن پور کوٹلہ حسن شاہ کے قریب اچانک ہونے والے زور دار دھماکے ہوا، پوری ٹرین پٹری سے اتر گئی۔

دھماکے کے نتیجے میں پچاس سے زائد افراد زخمی ہوگئے، جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کا تعلق خیبر پختونخوا کے مختلف شہروں سے ہے، واقعے کے بعد امدادی ٹیموں نے لاشوں اور زخمیوں کو مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا، اسپتال میں وجود زخمیوں اور لواحقین کا کہنا ہے کہ جی ایم ریلویز انجم پرویز کے مطابق دھماکہ پٹری پر ہوا، جس سے ٹرین پٹری سے اتر گئی۔

دھماکے کے باعث لاہور سے کراچی ٹرینوں کی آمدورفت تعطل کا شکار ہوگئی، دھماکا ریمورٹ کنٹرول ڈیوائز سے کیا گیا، آر پی او ڈیرہ غازی خان کے مطابق دھماکہ ریموٹ کنٹرول ڈیوائس سے کیا گیا، ٹرین میں سوار مسافروں کو کشمور کے راستے روانہ کر دیا گیا ہے، پولیس کے مطابق جائے حادثہ کے ارد گرد کے علاقوں میں سرچ آپریشن جاری ہے۔
       

خصوصی عدالت میں پرویز مشرف کیس کی سماعت

0

خصوصی عدالت میں پرویز مشرف کیس کی سماعت جاری ہے، سابق صدر کے وکلا نے دلائل میں کہا کہ وزیراعظم اور سابق چیف جسٹس وہ افراد ہیں، جو مشرف سے ذاتی انا رکھتے ہیں۔

آرٹیکل چھ کے تحت مقدمے کی سماعت میں پرویز مشرف کے وکیل انور منصور ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ انصاف صرف ہونا ہی نہیں چاہیئے ہوتا ہوا نظر بھی آنا چاہیئے۔

انھوں نے کہا کہ یہ جو نوٹیفکشن ہے غیر قانونی ہے یہ معاملہ ججز کی تقرری کا نہیں تھا بلکہ ججز کو نئی ذمے داری دینے کا ہے، عدالت کیلئے ججز کی نامزدگی میں سابق چیف جسٹس سے وزیراعظم کی مشاورت کی کوئی گنجائش نہیں۔

انور منصورکا کہنا تھا کہ آئین میں وفاقی حکومت لکھا ہوا ہے اور وفاقی حکومت صرف وزیراعظم نہیں ہوتا، وزیراعظم اور سابق چیف جسٹس دونوں وہ افراد ہیں جو مشرف سے ذاتی انا رکھتے ہیں۔

گزشتہ سماعت میں خصوصی عدالت نے پرویزمشرف کی پیشی سے متعلق فیصلہ سناتے ہوئے نیا میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کا حکم دے دیا، جس سے چوبیس جنوری کو رپورٹ طلب کی گئی ہے، عدالت نے استفسار کیا کہ کیا سابق صدر کی بیماری اتنی سنگین ہے کہ وہ چل بھی نہیں سکتے؟

عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ میڈیکل بورڈ اے ایف آئی سی کے سینئر ڈاکٹرز پر مشتمل ہو، جو چوبیس جنوری کو رپورٹ پیش کرے، پراسیکیوٹر اکرم شیخ کے اعتراضات کا جواب نئی میڈیکل رپورٹ آنے کے بعد دیا جائے گا۔

جرمنی میں نت نئے ملبوسات سے سجا رنگارنگ فیشن شو

0

جرمنی میں فیشن ویک کے دوران ماڈلز کے جلوے جاری ہیں جب کہ نت نئے ڈیزائنوں والے دلکش لباس شائقین کی توجہ کا مرکز بن گئے۔

جرمنی کے دارالحکومت برلن میں دو ہزار چودہ کے نئے ٹرینڈ اور ڈیزائن لئے مارک کئین فیشن شو کا انعقاد کیا گیا۔

جسمیں برطانیہ کی معروف اداکارہ اور ماڈل لیز ہارلے نے ریمپ پر کیٹ واک کرکے چار چاند لگا دیئے، فیشن شو میں متعدد ماڈلز نے ریمپ پر کیٹ واک کی اور دو ہزار چودہ کے موسم بہار اور گرما کے دلکش ملبوسات کی نمائش کی۔

شو میں فیشن انڈسٹری اور میڈیا سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد موجود تھی ، جنہوں نے ڈیزائنرز کی مہارت کو سراہا۔

رینٹل کیس:سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف پر فرد جرم عائد

0

اسلام آباد کی احتساب عدالت نے رینٹل پاور کیس میں سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف اور دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد کر دی۔

احتساب عدالت میں مقدمے کی سماعت کے موقع پر سابق وزیراعظم اور دیگر افراد موجود تھے، احتساب عدالت نے رینٹل پاور کیس میں سابق وزیراعظم اور دیگر کو فرد جرم پڑھ کر سنائی، جس پر سابق وزیراعظم اور دیگر نے جرم کی صحت سے انکار کیا۔

جس کے بعد عدالت نے مقدمے کی کارروائی چار فروری تک ملتوی کرتے ہوئے گواہوں کو طلب کرلیا، مقدمے کی سماعت کے بعد میڈیا سے بات چیت میں راجہ پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ ان پر بے بنیاد الزامات لگائے گئے ہیں۔ وہ کرپشن میں ملوث نہیں ہیں۔

  راجہ پرویز اشرف کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ سابق وزیراعظم بہت جلد ان الزامات سے بری ہوں گے، راجہ پرویز اشرف نے کوئی مالی فائدہ نہیں اٹھایا، فاروق ایچ نائیک رینٹل پاور کیس سے اقبال زیڈ احمد اور ایم این بیگ کا نام نکال دیا گیا ہے، مقدمے کی مزید سماعت چار فروری کو ہوگی۔

لاہور:شديد دھند کے باعث2مختلف ٹريفک حادثات،2جاں بحق،2زخمی

0

پنجاب کے مختلف شہر صبح کے اوقات میں دھند کی لپیٹ میں رہنے لگے، شدید دھند کے باعث ٹریفک حادثات میں چار افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں شدید دھند کےڈیرے ہیں، شدید دھند کے باعث بند ہونے والے لاہور ائیر پورٹ کو سات گھنٹے بعد پروازوں کے لئے کھول دیا ہے، ائیرپورٹ کو رات گیارہ بجے بند کیا گیا تھا، جس کے بعد لاہور جانے والی پروازوں کا رخ دوسرے شہروں کی جانب موڑ دیا گیا تھا۔

ریسکیو حکام کے مطابق ساہیوال اور کمالیہ میں بھی ٹریفک حادثات میں تین بچوں سمیت چھ افرادزخمی ہوگئے ہیں، راجن پور کے علاقے کوٹلہ عیسن کے قریب آئل ٹینکر اور ٹریکٹر ٹرالی میں تصادم سے دو افراد جاں بحق اور ایک زخمی ہوگئے۔

زخمی ہونے والے دونوں افراد کو فوری طبی امداد کیلئے جناح ہسپتال منتقل کر ديا گيا جبکہ دوسری جانب لاہور کے رنگ روڈ پر واقع عبداللہ گل انٹر چينج پر گارکو سروس کا منی ٹرک دھند کے باعث ايک کھمبے سے ٹکرا گيا۔

جس کے نتيجہ ميں گاڑي کا ڈرائيور موقع پر ہی جاں بحق ہوگيا، پوليس کے مطابق دھند ہی کے باعث لاہور ميں چونگی امرسدھو کے علاقہ ميں ٹرالر سڑک سے اتر کر کھڑی گاڑيوں سے ٹکرا گيا۔

جس کے نتيجے ميں گاڑيوں کو نقصان پہنچا تاہم کوئی جانی نقصان نہيں ہوا جبکہ ٹرالر کا ڈرائيور ٹرک چھوڑکر موقع سے فرار ہوگيا، ادھر شدید دھند کے باعث موٹر وے پر سفر کرنے والے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

ترجمان موٹروے نے مسافروں کو متبادل راستے اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے، ٹریفک حکام کا کہنا ہے کہ ڈرائیورز دھند میں فوگ لائٹس آن رکھیں اور احتیاط سے ڈرائیونگ کریں ۔