جمعہ, جنوری 24, 2025
ہوم بلاگ صفحہ 29029

آسٹریلین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ ٹاپ سیڈید پلیئرز نے دوسرے راؤنڈ میں جگہ بنالی

0

آسٹریلین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں راجر فیڈر، رافیل نڈال، ویمنز سنگلز کی دفاعی چیمپیئن وکٹوریا آزارینکا اور ماریہ شراپوا نے دوسرے راؤنڈ میں جگہ بنالی ہے۔

میلبورن میں کھیلے جارہے سال کے پہلے گریم سلیم ایونٹ آسٹریلین اوپن کے مینز سنگلز میں سوئس ٹینس اسٹار راجر فیڈرر نے پہلے راؤنڈ میچ میں آسٹریلین کھلاڑی جیمز ڈک ورتھ کو اسٹریٹ سیٹس سے شکست دی ۔

تین سیٹس تک جاری مقابلے میں فیڈرر نے چھ چار، چھ چار اور چھ دو سے کامیابی حاصل کی۔ ہسپانوی کھلاڑی رافیل نڈال کیخلاف آسٹریلیا کے برنارڈ ٹومک انجری کے باعث دوسرے سیٹ میں ہمت ہار گئے۔ نڈال کو پہلے سیٹ میں چھ چار سے کامیابی ملی اور باآسانی دوسرے راؤنڈ میں پہنچ گئے۔

ویمنز سنگلز کی دفاعی چیمپیئن بیلاروس کی وکٹوریا آزارینکا نے سوئیڈش حریف جوہانا لارسن کو دلچسپ مقابلے کے بعد سات چھ اور چھ دو سے شکست دی، روسی ٹینس اسٹار ماریا شراپوا نے بیتانی میٹک سینڈز کو چھ تین او چھ چار سے ہرا کر ایونٹ کا فاتحانہ آغاز کیا ہے۔

ویمنز ٹرائی نیشن سیریز میں پاکستان اور جنوبی افریقہ کا ٹکراؤ

0

پاکستان اور جنوبی افریقہ ویمنز کرکٹ ٹیم کے درمیان ٹرائی نیشن ون ڈے سیریز کا آخری راؤنڈ میچ آج دوحہ میں کھیلا جائیگا۔

دوحہ میں جاری ویمنز ٹرائی نیشن ون ڈے سیریز میں پاکستان کرکٹ ٹیم ناقابل شکست ہے، پاکستان نے تین میچز کھیلتے ہوئے آئرلینڈ اور جنوبی افریقہ کو شکست دی ہے۔

جنوبی افریقی ٹیم کو ایک میں شکست اور ایک میچ میں کامیابی ملی، دونوں ٹیمیں پہلے ہی سیریز کے فائنل کیلئے کوالیفائی کرچکی ہیں جو سترہ جنوری کو کھیلا جائیگا۔

 

پنجاب یوتھ فیسٹیول، فن ریس بھی دیگرریسوں کی طرح بدنظمی کا شکار

0

پنجاب یوتھ فیسٹیول کے سلسلہ میں واہگہ ٹاون میں ہونے والی فن ریس دیگرریسوں کی طرح بدنظمی کا شکار ہوگئی، ریس کے بعد شرکاء نے ریفرشمنٹ پر لوٹ مار مچا دی۔

لاہور جی ٹی روڈ باٹا پور میں ہونے والی ریس میں محمد اویس فاتح قرار پائے، ریس کے دوران غیر متعلقہ افراد بھی ریس میں شامل ہوتے رہے جس پر منتظمین نے انہیں دھکے دیکر اور تھپٹر مار کر ریس سے باہر نکالا، شرکاء کی تواضع کے لیے فروٹ کا انتظام کیا گیا تھا۔

جس پر شرکاء ٹوٹ پڑے اور شدید بدنظمی دیکھنے میں آئی ، اس سے قبل ہونے والی ریسوں میں بھی بدانتظامی کا مظاہرہ کیا جاتا رہا ہے۔

ڈاکار ریلی کا نواں مرحلہ فرانس کے اسٹیفن پیٹرہانسل کے نام رہا

0

ڈاکار ریلی دوہزارچودہ ارجنٹائن سے ہوتے ہوئے اب چلی میں داخل ہوچکی ہے۔ ریلی کا نواں مرحلہ فرانسیسی ڈرائیور اسٹیفن پیٹرہانسل کی کامیابی کیساتھ اختتام پذیر ہوا ہے۔

ڈاکار ریلی دوہزار چودہ کا نواں مرحلہ چلی کے شہر کالاما سے شروع ہوا اور ایکیوک کے مقام پر ختم ہوگیا۔ چار سو بائیس کلومیٹر پر محیط نویں مرحلے میں فرانس کے اسٹیفن پیٹرہانسل سرفہرست رہے۔ پیٹرہانسل نے مقررہ فاصلہ چار گھنٹے سترہ منٹ اور ترپن سیکنڈ میں طے کیا۔ قطر کے نصیرالعطیہ دو منٹ اور سترہ سیکنڈ کے فرق سے دوسرے نمبر پر آئے۔

ریلی میں مجموعی طور پر سبقت رکھنے والے اسپینش ڈرائیور نینی روما کا نمبر تیسرا رہا۔ بائیکس ایونٹ کا مرحلہ اسپین کے مارک کوما نے جیتا۔ اسپین سے ہی تعلق رکھنے والے بریڈا پورٹ کا نمبر دوسرا اور سابق ڈاکار ریلی چیمپیئن فرانس کے سائرل ڈیسپریس تیسرے نمر پر رہے۔ فرانسیسی ٹیم میں شامل ایلین ڈکلوس کو مشکلات درپیش رہیں اور وہ ایونٹ سے دستبردار ہوگئے۔

 

نیوزی لینڈ کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے آخری میچ میں ویسٹ انڈیز کو 4 وکٹوں سے شکست

0

نیوزی لینڈ نے ٹی ٹوئنٹی سیریز کے دوسرے اور آخری میچ میں ویسٹ انڈیز کو چار وکٹوں سے شکست دے دی ، سیریز دو صفر سے نیوزی لینڈ کے نام رہی۔

ویلنگٹن میں کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی سیریز کے آخری میچ میں نیوزی لینڈ کیخلاف ویسٹ انڈیز نے پہلے کھیلتے ہوئے پانچ وکٹوں پر ایک سو انسٹھ رنز بنائے۔ ایندرے فلنچر چالیس اور دنیش رامدین پچپن رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے۔

مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم کو مشکلات درپیش رہیں، چھ وکٹوں کے نقصان پر کیوی ٹیم نے ہدف حاصل کرلیا۔ راس ٹیلر نے انتالیس رنز بنائے، لیوک رانچی نے اکیاون رنز کی اننگز کھیلی۔ جیسن ہولڈ،سنیل نرائن اور اندرے رسل نے دو،دو وکٹیں حاصل کیں۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان تجارتی مذاکرات کا نئی دہلی میں آغاز

0

پاکستان اور بھارت کےدرمیان تجارتی مذاکرات نئی دہلی میں شروع ہوگئے ۔پہلے مرحلے پر پاکستانی سیکٹریری تجارت قاسم نیاز کی اپنےہم منصب ایس آر راو سے ملاقات نئی دہلی میں جاری ہے۔

پاکستان اور بھارت کے تجارت سے متعلق مذاکرات سولہ ماہ کے تعطل کے بعد دوبارہ شروع ہو گئے، تجارتی مذاکرات کے پہلے مرحلے میں دونوں ملکوں کے سیکریٹری تجارت کی ملاقات نئی دہلی کے ادیوگ بھون میں جاری ہے۔

اس بیٹھک میں دونوں ملکوں کے درمیان تجارت بڑھانے اور کاروباری حضرات کیلئے ویزہ کا حصول آسان بنانے سے متعلق معاملات زیرغور ہیں، اس موقع پر دونوں ممالک کے کسٹم حکام بھی موجود ہیں۔

سولہ جنوری کو وزیرمملکت برائے تجارت خرم دستگیر خان بھارتی دارالحکومت نئی دہلی پہنچیں گے، جہاں وہ سارک بزنس لیڈرز اجلاس میں شرکت کرینگے، خرم دستگیر خان اٹھارہ جنوری کو بھارتی ہم منصب آنند شرما سے ملاقات بھی کریں گے۔

ماہرین کا کہنا پاک بھارت تجارتی سیکریٹریز کے درمیان ملاقات سے مستقبل قریب میں مزید ہم آہنگی پیدا ہوگی اور اہم اعلانات متوقع ہیں۔
   

نوابشاہ:اسکول وین اورٹرک میں ہولناک تصادم،21 بچے جاں بحق

0

نوابشاہ میں کئی گھرانوں پر قیامت ٹوٹ پڑی، اسکول وین اور ٹرک میں تصادم کے نتیجے میں اکیس بچے جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے، بدقسمت اسکول وین میں پچیس بچے سوار تھے۔

زمین کانپ گئی، آسمان لرز اٹھا، ایک ٹریفک حادثے نے کئی چراغ گل کر دیئے، نوابشاہ روہڑی کینال کے قریب علم کی پیاس بھجانے نکلے بچے ہولناک ٹریفک حادثے کا شکار ہوگئے، ہولناک ٹریفک حادثے نے کئی گھروں میں صف ماتم برپا کردی۔

تفصیلات کے مطابق دولت پور سے نوابشاہ جانے والی اسکول وین تیز رفتاری کے باعث اس وقت حادثے کا شکار ہوئی، جب وہ روہڑی کینال سے گزر رہی تھی، وین اسکول کے بچوں سے بھری ہوئی تھی، حادثے کے فوری بعد امدادی ٹیموں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔

جاں بحق بچوں کی لاشیں اور اور زخمی بچوں کو نوابشاہ اسپتال منتقل کیا گیا، زخمی ہونے والے متعدد بچوں کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔

ہالی وڈ فلم اینڈلس لو کا ٹریلر جاری کردیا گیا

0

امیر لڑکی اور غریب لڑکے کی محبت پر مبنی ہالی ووڈ کی نئی رومانوی فلم ''اینڈ لیس لو'' کا ٹریلر جاری کر دیا گیا۔

ہالی وڈ کی رومینٹک فلم اینڈلس لو کا ٹریلر جاری کردیا گیا۔ فلم انیس سو اکیاسی کی فلم کا ری میک ہے، فلم کی کہانی ٹین ایج امیر لڑکی اور غریب لڑکے کے گرد گھومتی ہے، جو کالج میں ایک ساتھ پڑھتے ہیں لیکن روائتی ظالم سماج کی دیوار بیچ میں حائل ہو جاتی ہے۔

فلم میں الیکس پیٹیفر ،گبریلا وائلڈ، رابرٹ پیٹرک اور گروس گرین ووڈ نے مرکزی کردار ادا کیا ہے، فلم اس برس ویلنٹائن ڈے چودہ فروری کو ریلیز کی جائیگی۔
   

پولیس تبادلوں، رینجرز ناراضی کا مسئلہ بظاہر سازش ہے،الطاف حسین

0

ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے پولیس افسران کے تبادلوں، حکومت سندھ اور رینجرز کے درمیان پائے جانے والے تحفظات پر تشویش کا اظہار کر دیا۔

  الطاف حسین کا کہنا ہے کہ  ایسا لگتا ہے چوہدری اسلم کے قتل سے عوام کی توجہ ہٹانے کی غرض سے سندھ میں پولیس کی تبادلوں اور رینجرز کے اعلیٰ افسران کی ناراضی کا مسئلہ چھیڑا گیا ہے۔

الطاف حسین کا کہنا تھا کہ اس مسئلے کی وجہ سے چوہدری اسلم اور انکے ساتھیوں کے قتل کی تحقیقات پسِ پردہ چلی گئی ہیں، عوام کا ذہن چوہدری اسلم کی شہادت سے ہٹا کر دوسری طرف لگانے کی سازش کی گئی ہے۔

الطاف حسین نے کہا کہ ہونا تو یہ چاہیے تھا کہ حکومت سندھ اور رینجرز مل کر تحقیقات کرتے تاکہ چوہدری اسلم کے قتل کی اصل وجوہات سامنے آتی، اور اس کے پیچھے کار فرما ہاتھ پکڑ میں آتے۔

الطاف حسین کا کہنا تھا کہ چوہدری اسلم کی شہادت کے پیچھے دہشت گردوں سمیت اگر اندرونی ہاتھ بھی کارفرما تھے تو انکو بھی بے نقاب کیا جاتا، الطاف حسین نے وزیراعظم اور آرمی چیف سے اس معاملے کا نوٹس لینے کی اپیل کی ہے۔

خورشید شاہ کی زیر صدارت پی اے سی کا اجلاس

0

پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا اجلاس اپوزیشن لیڈرسید خورشید احمد شاہ کی زیر صدارت ہوا، اجلاس میں پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ وزارت اطلاعات اوراسٹیبلشمنٹ ڈویثرن کے مالی اعتراضات کا جائزہ لیا گیا۔

پرانے آڈٹ اعتراضات کا جائزے لینے کے لیے تین ذیلی کمیٹیوں کی تشکیل کی، شفقت محمود کی سربراہی کمیٹی میں انیس سو اٹھانوے سے لیکر انیس سو نناوے تک کے آڈٹ اعتراضات کا جائزہ لے گی۔

نوید قمر کی سربراہی میں کام کرنے والی کمیٹی دوہزار دو سے دو ہزار تین اورعاشق گوپانگ کی سربراہی میں کام کرنے والی کمیٹی دو ہزار سات سے دو ہزار آٹھ تک کے آڈٹ اعتراضات کا جائزہ لے گی جبکہ دو ہزار دس سے دوہزار تیرہ تک کے تمام اعتراضات پبلک اکاؤنٹس میں نمٹائے جائیں گے۔

کمیٹی کے چئیرمین خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ ایک سال میں تمام بیک لاگ کلیئر کر لیں گے، انیس سو نناوے سے لیکر دو ہزار آٹھ تک مکمل ہونے والے تمام منصوبوں کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ ایسے منصوبے قومی خزانے کے کھربوں روپے ہڑپ کر چکے ہیں۔