جمعرات, مئی 8, 2025
ہوم بلاگ صفحہ 3

حریت رہنما یاسین ملک کی بیٹی رضیہ سلطانہ کا کشمیر میں شہید مساجد کی تعمیر کا اعلان

0
رضیہ سلطانہ یاسین ملک

اسلام آباد: حریت رہنما یاسین ملک کی بیٹی رضیہ سلطانہ نے کشمیر میں شہید مساجد کی تعمیر کا اعلان کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق بھارتی جارحیت کے نتیجے میں کشمیر میں شہید ہونے والی دو مساجد کے حوالے سے یاسین ملک کی صاحب زادی رضیہ سلطانہ نے کہا ہے کہ ان کی فاؤنڈیشن مساجد کی دوبارہ تعمیر کرے گی۔

انھوں نے بدھ کو کہا ہم کشمیری کسی سے نہیں ڈرتے، مودی مسلمانوں کا قاتل ہے اس نے مساجد پر حملہ کیا، کوٹلی اور مظفر آباد میں شہید 2 مساجد کو ہم تعمیر کریں گے۔


لاہور والٹن روڈ کے علاقے میں یکے بعد دیگرے 3 دھماکے


یاد رہے کہ بزدل دشمن بھارت نے بدھ کی صبح پاکستان پر حملے کرتے ہوئے مظفر آباد، کوٹلی، بہاولپور اور مریدکے میں مساجد پر میزائل گرائے، جس کے نتیجے میں بے گناہ شہری جاں بحق ہوئے۔

مظفر آباد کے ڈپٹی کمشنر مدثر فاروق نے تصدیق کی کہ مسجد پر متعدد میزائل داغے گئے، انھوں نے کہا کہ بھارت نے جان بوجھ کر ایک سویلین زون کو نشانہ بنایا، اور بین الاقوامی اصولوں اور انسانی اقدار کے ساتھ غداری کی۔

پاکستان اور بھارت کے تنازع پر ملالہ یوسفزئی نے کیا کہا؟

0

نوبل انعام یافتہ سماجی کارکن ملالہ یوسفزئی نے پاک بھارت کشیدگی پر سوشل میڈیا پر بیان جاری کیا ہے۔

سماجی کارکن اور نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی نے ایکس پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ نفرت اور تشدد ہمارے مشترکہ دشمن ہیں، میں پاکستان اور بھارت کے لیڈروں سے پرزور اپیل کرتی ہوں کہ وہ کشیدگی کو کم کرنے کے لیے اقدامات کریں۔

انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو سفارتکاری اور بات چیت کو فروغ دینے کیلئے کام کرنا چاہیے، امن ہی ہماری اجتماعی سلامتی اور خوشحالی کا واحد راستہ ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ شب بھارتی فوج نے بزدلانہ کارروائی کرتے ہوئے پاکستان کی شہری آبادی کو نشانہ بنایا جس متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔

پاک بھارت کشیدگی  سے متعلق تمام خبریں

پاکستان نے بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دیتے ہوئے 5 جنگی طیارے مار گرائے، اسکے علاوہ بھارت کے 3 ڈرون اور متعدد کواڈ کاپٹرز کو بھی تباہ کیا۔

پاک بھارت جنگی صورتحال: کسی بھی ہنگامی صورتحال میں کوآرڈینیشن کےلیےلائحہ عمل تیار

0
پاک بھارت جنگی صورتحال

اسلام آباد : پاک بھارت کشیدگی کے بعد جنگی صورتحال کے پیش نظر کسی بھی ہنگامی صورتحال میں کوآرڈینیشن کے لیے لائحہ عمل تیار کرلیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق پاک بھارت کشیدگی کے بعد جنگی صورتحال کے پیش نظر ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کی زیر صدارت واربک کےحوالے سے اعلی سطح اجلاس ہوا۔

اجلاس میں تمام سرکاری و نجی اسپتالوں ، ریسکیو 1122، سول ڈیفنس اور فائر بریگیڈ حکام شریک ہوئے جبکہ اسلام آباد پولیس، اسپیشل برانچ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے شرکت کی۔

اجلاس میں محکمہ سوئی گیس،پی ٹی سی ایل اورتمام متعلقہ اداروں نے بھی شرکت کی۔

اجلاس میں واربک کے مطابق تمام اداروں کو تیاریاں مکمل رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کسی بھی ہنگامی صورتحال میں کوآرڈینیشن کے لیےلائحہ عمل تیار کرلیا گیا۔

ڈی سی اسلام آباد عرفان میمن نے کہا کہ ہنگامی صورتحال کے پیش نظرتمام سرکاری و نجی اسپتالوں میں ہائی الرٹ ہے، صورتحال مانیٹرکرنےکیلئے کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر بھی قائم کیا گیا ہے۔

عرفان میمن کا کہنا تھا کہ شہری ہنگامی صورتحال میں کنٹرول سینٹر کے 3 رابطہ نمبرز پر کسی بھی وقت رابطہ کرسکتے ہیں۔

اسرائیل نے یمن کے حوثیوں کو سخت جوابی کارروائی سے خبردار کر دیا

0
اسرائیل نے یمن کے حوثیوں کو سخت جوابی کارروائی سے خبردار کر دیا

اسرائیل کے وزیر دفاع نے خبردار کیا ہے کہ اگر یمن کے حوثی اسرائیل پر حملے جاری رکھتے ہیں تو انہیں بھاری نقصان اٹھانا پڑے گا اور ہماری دفاعی افواج کسی بھی مشن کیلیے تیار ہیں۔

خبر رساں ایجنسی روئٹرز کی رپورٹ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے منگل کے روز اعلان کیا تھا کہ امریکا یمن میں حوثیوں پر بمباری روک دے گا۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے یہ بھی کہا تھا کہ حوثیوں نے امریکی بحری جہازوں پر حملے بند کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: حوثیوں نے ہمیں بتایا ہے وہ مزید لڑنا نہیں چاہتے، امریکی صدر

حوثیوں اور امریکا کے درمیان جنگ بندی کے معاہدے میں اسرائیل شامل نہیں ہے۔ حوثیوں نے بدھ کے روز کہا تھا کہ انہوں نے اسرائیل کو ڈرون سے نشانہ بنایا۔

اسرائیلی وزیر دفاع کاٹز نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ اسرائیل کو کسی بھی خطرے اور کسی بھی دشمن کے خلاف خود اپنا دفاع کرنے کے قابل ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ اگر حوثی ہم پر حملے کرتے رہیں گے تو ان کو شدید دھچکا لگے گا، اسرائیلی دفاعی فورس کسی بھی مشن کیلیے تیار ہے۔

کاٹز نے ایران کو بھی خبردار کیا کہ پراکسی نظام ختم ہوگیا ہے اور برائی کا محور منہدم ہوگیا ہے۔

اسرائیلی وزیر دفاع نے خبردار کیا کہ بیروت میں حزب اللہ، غزہ میں حماس، دمشق میں اسد اور یمن میں حوثیوں کے خلاف کارروائیاں ایران میں کی جا سکتی ہیں۔

انعام بٹ نے مساجد پر بھارتی جارحیت کو بزدلانہ قرار دیدیا

0
انعام بٹ، بھارت

پاکستان کے معروف ریسلر انعام بٹ نے مساجد پر بھارت کے حملوں کو بزدلانہ قرار دیا اور اس کی مذمت کی ہے۔

تفصلات کے مطابق گوجرانوالہ سے جاری ویڈیو بیان میں انعام بٹ کا کہنا تھا کہ بھارت کے مساجد پر بزدلانہ حملوں کی مذمت کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ منہ توڑ جواب دینے پر پاک فوج کو سلام پیش کرتے ہیں، پاک فوج کے ساتھ کھڑے ہیں وقت آنے پر جانیں دینے سے بھی گریز نہیں کریں گے۔

دوسری جانب بھارت کے بزدلانہ حملے میں شہید پاکستانیوں کی یاد میں پی ایس ایل کے کوئٹہ اور اسلام آباد کے میچ سے قبل ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔

بھارت نے رات کی تاریکی میں بزدلانہ حملہ کرتے ہوئے سوئے ہوئے 26 معصوم پاکستانیوں کو شہید کر دیا جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ پاک فوج نے اس کا فوری طور پر منہ توڑ جواب دیتے ہوئے بھارت کے 5 جنگی طیارے، دو ڈرون، بھارتی بریگیڈ ہیڈ کوارٹر اور کئی چیک پوسٹس تباہ کر دیں۔

ایک جانب جہاں پاکستانی فوج کے منہ توڑ جواب سے بھارت میں خوف طاری ہو چکا ہے وہیں پاکستانی عوام پرجوش اور پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ معمولات زندگی بحال اور پاکستان کرکٹ کی پہچان پی ایس ایل بھی جاری ہے۔

پی ایس ایل 10 میں گزشتہ روز پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں دفاعی چیمپئن اور پشاور زلمی کے درمیان میچ کھیلا گیا، تاہم اس موقع پر پاکستانی عوام اپنے شہدا کو نہیں بھولی۔

پاکستانی کرکٹرز بھی پاک فوج کی سپورٹ میں کھڑے ہوگئے

میچ کے آغاز سے قبل بھارت حملوں میں شہید افراد کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ دونوں ٹیموں کے کھلاڑی بھی ایک منٹ کے لیے خاموش کھڑے رہے جس کے بعد پاکستان کا قومی ترانہ بجایا گیا۔ جس نے اسٹیڈیم میں موجود شائقین کے جوش وجذبے کو مزید بڑھا دیا۔

چمنی سے کالے دھویں کا اخراج، پوپ کا انتخاب نہ ہو سکا

0
پوپ کا انتخاب چمنی سے کالا دھواں

ویٹیکن سٹی: پہلے روز کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا کا انتخاب نہ ہو سکا۔

روئٹرز کے مطابق کیتھولک مسیحیوں کے نئے روحانی پیشوا کا پہلے روز انتخاب نہ ہو سکا، بدھ کی شام سسٹین چیپل کی چمنی سے کالا دھواں نکلتا دکھائی دیا، جو اس بات کی علامت ہے کہ کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا کے انتخاب کے لیے کارڈینلز کی پہلی ووٹنگ ناکام رہی۔

نئے روحانی پیشوا کے لیے ’جَلسہٴ انتخابِ پوپ‘ شروع ہو گیا ہے، جس میں 70 ممالک سے 80 سال سے کم عمر کے 133 کارڈینلز شریک ہیں، سینٹ پیٹرز اسکوائر میں ہزاروں افراد جمع تھے تاکہ دھوئیں کے اشارے کا انتظار کیا جا سکے۔

کارڈینلز کی میٹنگ کے 3 گھنٹے اور 15 منٹ بعد سیاہ دھواں نمودار ہوا، جس کا مطلب تھا کہ پوپ کا انتخاب نہیں ہو سکا ہے، اب کارڈینلز آج کو دوبارہ ووٹنگ کا آغاز کریں گے۔


اقوام متحدہ میں اسلامو فوبیا سے متعلق بڑا فیصلہ


سینٹ پیٹرز اسکوائر میں اس وقت ہزاروں کی تعداد میں لوگ جمع ہیں، جو چیپل کی چھت پر چمنی سے دھواں نکلنے کا انتظار کر رہے ہیں، روئٹرز کے مطابق لوگ دعائیں مانگ رہے ہیں کہ کارڈینلز کی خفیہ رائے شماری میں انھیں الہیٰ رہنمائی حاصل ہو۔

جلسہ انتخاب شروع ہونے کے بعد ہجوم کو دھواں نکلتا دیکھنے کے لیے کچھ زیادہ ہی انتظار کرنا پڑا، جس میں 3 گھنٹے سے بھی زیادہ وقت لگا، 2013 کے جلسہ انتخاب میں اس سے ایک گھنٹہ کم وقت لگا تھا، جس میں آنجہانی پوپ فرانسس کا انتخاب عمل میں آیا تھا۔

جب پوپ کا انتخاب کیا جائے گا تو چمنی سے سفید دھواں نکلے گا، کچھ کارڈینلز کا کہنا ہے کہ وہ جمعرات یا جمعہ تک پوپ کا انتخاب کر لیں گے، تاکہ یہ ظاہر کیا جا سکے کہ چرچ متحد ہے جو فرانسس کی 12 سالہ پاپسی کے دوران اکثر منقسم دکھائی دیا۔

پی ایس ایل، رائیلی روسو نے تاریخی سنچری جڑ دی

0
پی ایس ایل، رائیلی روسو نے تاریخی سنچری جڑ دی

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 10 کے 26 ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے بلے باز رائیلی روسو نے 44 گیندوں پر تاریخی سنچری بنادی۔

رائیلی روسو نے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم پر اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف 6 چھکوں اور14 چوکے کی مدد سے سنچری اسکور کی۔

رائیلی کی پی ایس ایل میں یہ تیسری سنچری ہے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے بیٹر 46 گیندوں پر 104 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے تھے۔

رائیلی اس شاندار اننگز کے ساتھ پی ایس ایل میں سب سے زیادہ سنچریاں بنانے والے غیر ملکی کھلاڑی بن گئے ہیں۔

واضح رہے کہ پی ایس ایل 10 کے 26 ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 109 رنز سے مات دے دی تھی۔

راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے دیے گئے 264 رنز کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم آخری اوور میں 154رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

آل راؤنڈر عماد وسیم کی نصف سنچری رائیگاں گئی بین دروشوئس 31 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، محمد شہزاد 24 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

صاحبزادہ فرحان ایک رن بناکر آؤٹ ہوئے،کپتان سلمان آغا 6 رنز بناسکے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے محمد عامر نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، ابرار احمد اور وسیم جونیئر نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 263 رنز بنائے اور اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کے لیے 264 رنز کا ہدف دیا تھا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اسپنر عثمان طارق کا بولنگ ایکشن کلیئر قرار

رائلی نے 46 گیندوں پر 104 سنچری اسکور کی، ان کی اننگز میں 14 چوکے اور 6 چھکے شامل تھے، حسن نواز نے بھی 45 گیندوں پر سنچری اسکور کی، انہوں نے 4 چوکے اور 9 چھکے لگائے۔

کپتان سعود شکیل 23 اور فن ایلن 5 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

آئی جی پنجاب کا لاہور سمیت صوبہ بھر میں سکیورٹی بڑھانے کا حکم

0
آئی جی پنجاب کا لاہور سمیت صوبہ بھر میں سکیورٹی بڑھانے کا حکم

لاہور: سرحدوں پر موجودہ صورتحال کے پیش نظر آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے لاہور سمیت صوبہ بھر میں سکیورٹی بڑھانے کا حکم دے دیا۔

اے پی پی کی رپورٹ کے مطابق آئی جی پنجاب نے جمعرات کو جاری بیان میں کہا کہ پنجاب پولیس موجودہ ملکی صورتحال کے پیش نظر ہائی الرٹ ہے، پنجاب پولیس کی آپریشنل، سٹریٹجک اور لاجسٹکس تیاریاں مکمل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پاک بھارت کشیدگی، اسلام آباد ایئرپورٹ بند

ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ، سول ڈیفنس، ریسکیو 1122 اور سکیورٹی اداروں سے مکمل کوارڈینیشن میں ہیں، کسی بھی ہنگامی صورتحال میں پنجاب پولیس سکیورٹی، لا اینڈ آرڈر، امدادی سرگرمیاں یقینی بنائے گی۔

انہوں نے کہا کہ بین الصوبائی سرحدی پولیس چوکیوں سمیت تمام اہم اور حساس مقامات کی سکیورٹی بڑھا دی گئی ہے، ملکی اندرونی سرحدوں کے تحفظ کیلیے دہشتگردوں اور شر پسند عناصر پر کڑی نظر رکھیں۔

آئی جی پنجاب نے کہا کہ پنجاب پولیس اپنی افواج کے شانہ بشانہ اور دشمن کے سامنے سیسہ پلائی دیوار ہے، اس موقع پر آئی جی نے آر پی اوز، ڈی پی اوز سمیت تمام فارمیشنز سربراہان کو وار بک کے مطابق ہدایات جاری کیں۔

گزشتہ روز آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے بھی پولیس کو الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا تھا کہ شرپسند عناصر پر کڑی نظر رکھی جائے۔

آئی جی غلام نبی میمن نے ہدایت کی تھی کہ ملکی صورتحال کے تناظر میں سکیورٹی ہائی الرٹ ہے، اہم اور حساس مقامات کی سکیورٹی بڑھائی جائے۔

ٹیکس قوانین (ترمیمی) آرڈیننس آئین کے دفعات سے متصادم ہے، چیمبر آف کامرس کوئٹہ

0
ٹیکس آرڈیننس کوئٹہ

کوئٹہ: چیمبر آف کامرس کوئٹہ نے کہا ہے کہ ٹیکس ترمیمی آرڈیننس آئین کے دفعات سے متصادم ہے۔

تفصیلات کے مطابق چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ نے ٹیکس قوانین (ترمیمی) آرڈیننس پر تحفظات سے متعلق صدر پاکستان کو مراسلہ بھیج دیا ہے۔

کیو سی سی آئی نے مراسلے میں کہا ہے کہ ٹیکس قوانین (ترمیمی) آرڈیننس قانونی کاروبار پر قدغن اور آئین کے دفعات سے متصادم ہے، محمد ایوب مریانی نے کہا ٹیکس آرڈیننس پارلیمانی بحث کے لیے پیش کیا گیا، نہ ہی ہم سے اس بابت مشاورت کی گئی ہے۔


ٹیکس قوانین میں کون سی 3 ترامیم کی گئیں؟ وزارت خزانہ کا اعلامیہ


انھوں نے مراسلے میں کہا آرڈیننس کو فوری طور پر واپس لے کر اس بابت اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیا جائے، آرڈیننس کی وجہ سے بلوچستان میں رہی سہی کاروباری سرگرمیاں اور سرمایہ کاری بھی ختم ہو جائے گی۔

مراسلے میں انھوں نے مطالبہ کیا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیر اعظم میاں شہباز شریف، وفاقی وزیر خزانہ اور چیئر مین ایف بی آر ٹیکس آرڈیننس سے متعلق تحفظات دور کریں۔

پاک بھارت کشیدگی، اسلام آباد ایئرپورٹ بند ، پروازیں کراچی ائیرپورٹ پر اتار لی گئیں

0
اسلام آباد ایئرپورٹ

اسلام آباد : اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن عارضی طور پر معطل کردیا گیا اور بیرون ملک سے لاہور آنے والی پروازیں کراچی ائیرپورٹ پر اتارلی گئیں۔

تفصیلات کے مطابق پاک بھارت کشیدگی کی وجہ سے لاہور اور سیالکوٹ کے بعد اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن عارضی طور پر معطل کردیا گیا۔

دوسری جانب بیرون ملک سے لاہور آنے والی پروازیں کراچی ائیرپورٹ پراتاری گئیں۔

ایئرپورٹ انتظامیہ نے بتایا کہ جدہ،دبئی،مسقط اورمدینہ سےلاہورآنےوالی پروازیں کراچی اتاری گئیں اور تمام مسافروں کو لاؤنچ میں منتقل کیا گیا ہے۔

اس سے قبل لاہورائیرپورٹ کےلیےآنےوالی پروازوں کا رخ اسلام آباد موڑ دیاگیا تھا اور مسقط سے لاہور آنے پروازپی کے 230 اسلام آباد ائیرپورٹ پر اتاری گئی تھی۔

نجی ائیر لائن کی ریاض سے لاہور آنے والی پرواز کو بھی اسلام آباد ائیرپورٹ اتار لیا گیا۔

مزید پڑھیں : پاک بھارت کشیدگی : دوشہروں کی فضائی حدود پروازوں کیلیے بند

خیال رہے کراچی، لاہور اور سیالکوٹ ائیرپورٹس پر فلائٹ آپریشن عارضی طور پر معطل کردیا گیا ہے۔

ائیرپورٹ اتھارٹی کے مطابق لاہور اور سیالکوٹ ائیرپورٹس آج دن 12 بجے تک دستیاب نہیں ہوں گے جبکہ لاہور فلائٹ انفارمیشن ریجن میں7 روٹس کمرشل طیاروں کیلئے بند کیے گئے ہیں۔