جمعرات, مئی 8, 2025
ہوم بلاگ صفحہ 4

امریکا کا پاکستان اور بھارت سے بات چیت کے براہ راست چینل دوبارہ کھولنے کا مطالبہ

0
امریکا کا پاکستان اور بھارت

واشنگٹن : امریکا نے پاکستان اور بھارت سے بات چیت کے براہ راست چینل دوبارہ کھولنے کا مطالبہ کردیا۔

تفصیلات کے مطابق ترجمان امریکی سیکیورٹی کونسل برائن ہیوز نے پاکستان بھارت کشیدگی پر بیان میں کہا کہ ہم پاکستان اور بھارت کےدرمیان صورتحال سےواقف ہیں، وزیرخارجہ مارکوروبیو نے دونوں ممالک کے ہم منصبوں سے بات کی۔

ترجمان امریکی سیکیورٹی کونسل کا کہنا تھا کہ ہم بھارت اورپاکستان کی حوصلہ افزائی کر رہے ہیں، دونوں ممالک اپنی قیادت کے درمیان بات چیت کا چینل دوبارہ کھولیں، بات چیت کے ذریعے پاکستان بھارت میں کشیدگی روک سکتے ہیں۔

یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاک بھارت کشیدگی ختم کرانے میں مدد کی پیشکش کی تھی۔

امریکی صدر کا کہنا تھا کہ وہ چاہتے ہیں کہ ہندوستان اور پاکستان اب ایک دوسرے پر حملے بند کریں اور دونوں ممالک میں بڑھتے ہوئے اختلافات کو دور کرنے میں مدد کی پیشکش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں ابھی حملے بند ہونے چاہئیں جس کے لیے میری ضرورت ہے تو کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہوں۔

غزہ کی حمایت میں گرفتار طلبہ اور اساتذہ کیلئے امریکا کی کولمبیا یونیورسٹی میں احتجاج

0
غزہ کی حمایت میں گرفتار طلبہ اور اساتذہ کیلئے امریکا کی کولمبیا یونیورسٹی میں احتجاج

امریکا کی نامور یونیورسٹی کولمبیا، جارج ٹاؤن اور ٹفٹس میں غزہ کی حمایت میں گرفتار کئے گئے طلبہ اور اساتذہ کے حق میں منظم احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکا کی کولمبیا یونیورسٹی میں احتجاج مظاہرین نے فوری طور پر گرفتار کئے گئے طلبہ اور اساتذہ کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔

مظاہرین نے جارج ٹاؤن یونیورسٹی کے محقق بدار خان سوری، کولمبیا یونیورسٹی کے گریجویٹ طالب علم اور فلسطینی کارکن محمود خلیل اور ترکی سے تعلق رکھنے والی ڈاکٹریٹ کی طالبہ رمیساء اوزتورک کی فوری رہائی پر زور دیا، جنہیں صرف فلسطین کی حمایت کرنے کی وجہ سے حراست میں لیا گیا۔

 ترک میڈیا کے مطابق مڈل ایسٹ پالیسی کے ماہر اور جارج ٹاؤن یونیورسٹی سے وابستہ ڈاکٹر نادر ہاشمی نے مظاہرے میں شرکت کی اور کہا کہ ان افراد کو بغیر کسی الزام کے حراست میں لیا گیا ہے جو فلسطین کی حمایت میں اظہارِ رائے کو خاموش کرنے کی ایک سوچی سمجھی پالیسی کا حصہ ہے۔

اسرائیل غزہ میں انسانی امداد داخل ہونے دے، امریکی قانون سازوں کا مطالبہ

0
اسرائیل غزہ میں انسانی امداد داخل ہونے دے، امریکی قانون سازوں کا مطالبہ

امریکا کے 94 قانون سازوں نے اسرائیل سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ وہ غزہ میں انسانی امداد کے داخلے کی اجازت دے۔

مڈل ایسٹ آئی کی رپورٹ کے مطابق 94 امریکی ہاؤس ڈیموکریٹس نے ایک خط پر دستخط کیے جس میں اسرائیل سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ فوری طور پر غزہ میں انسانی امداد کی اجازت دے۔

امریکی قانون سازوں نے انسانی امداد روکنے کو اسرائیل کیلیے اسٹریٹجک طور پر نقصان دہ قرار دیا۔

یہ بھی پڑھیں: کوئی انسانی امداد غزہ میں داخل نہیں ہوگی، اسرائیل کی ہٹ دھرمی

اسرائیلی سفیر یچیل لیٹر اور امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کو لکھے گئے خط میں انہوں نے کہا کہ ہم غزہ کی پٹی میں انسانی امداد روکنے کیلیے اسرائیلی حکومت کی موجودہ پالیسی کے خلاف تشویش کا اظہار کرتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ فلسطینی شہریوں کو پہنچنے والے نقصان کے علاوہ یہ اسٹریٹجک طور پر نقصان دہ ہے، اس سے اسرائیل کی بین الاقوامی حیثیت اور طویل مدتی سلامتی کو نقصان پہنچائے گا۔

گزشتہ ماہ اسرائیل میں امریکی سفیر نے حماس سے غزہ میں امداد داخل ہونے کیلیے جنگ بندی کی تجویز کو قبول کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔

امریکی سفیر مائیک ہکابی نے حماس سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ قیدیوں کی رہائی کیلیے مجوزہ جنگ بندی کو قبول کرے جس کے بدلے میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد محصور علاقے میں داخل ہو جائے گی۔

انہوں نے ایکس پر ایک ویڈیو بیان میں کہا تھا کہ جب ایسا ہو اور یرغمالیوں کو رہا کر دیا جائے جو کہ ہم سب کیلیے ایک فوری معاملہ ہے تب ہم امید کر سکتے ہیں کہ انسانی امداد آزادانہ طور پر داخل ہو جائے گی۔

یاد رہے کہ اسرائیل نے مارچ میں جنگ بندی معاہدہ توڑنے کے بعد سے غزہ میں انسانی امداد کے داخلے پر مکمل پابندی عائد کر رکھی ہے۔

بھارت کی ایک بار پھر جارحیت کی کوشش، 12 ڈرون حملوں کو ناکام بنادیا گیا

0
ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف

راولپنڈی : ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا ہے کہ پاکستان نے بھارت کے 12 ڈرونز کو ناکارہ بنا دیا ہے، ڈورن حملوں میں لاہور میں پاک فوج کے 4جوان زخمی اور سندھ میں ایک شخص شہید ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ رات بھارت نے ایک بار پھر پاکستان میں جارحیت کی کوشش کی، بھارت کی جانب سے بھیجے گئے ڈرون مار گرائے گئے ، بھارت نے لاہور، گوجرانوالہ، راولپنڈی، اٹک، بہاولپور اور کراچی میں ڈرون حملے کیے ہیں۔

لیفٹننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا تھا کہ 7اور8مئی کی شب بھارت نے ایک بارپھرجاحیت کی کوشش کی، پاکستان کی مسلح افواج پوری طرح چوکس ہیں، بھارت نے مختلف شہروں میں ڈرونز سے دراندازی کی کوشش کی۔

انھوں نے بتایا کہ بھارت کے 12 ڈرونز کو مختلف مقامات پر مار گرایا گیا، یہ بہت ہی سنگین معاملہ ہے، مختلف شہروں میں مار گرائے بھارتی ڈرونز کا ملبہ اکٹھا کیا جا رہا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ سندھ کے علاقے میانوں میں ڈرون حملے میں ایک شخص شہید ،ایک زخمی ہوا، بھارت کی جانب سے انتہائی سنگین خلاف ورزیاں کی جارہی ہیں ، لاہور کے قریب ڈرون حملے میں پاک فوج کے 4جوان زخمی ہوئے جبکہ فوجی تنصیبات کومعمولی نقصان پہنچا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا بتانا تھا کہ لائن آف کنٹرول پردشمن کوبھاری نقصان پہنچایاگیاہے، عالمی برادری بھارت کی اشتعال انگیزی کی گواہ ہے، بھارت نے پاکستان کی فضائی حدودکی دوبارہ خلاف ورزی کی ہے، مسلح افواج کسی بھی مہم جوئی سے نمٹنے کیلئے مکمل طورپر تیار ہے۔

پاک فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ 6اور7مئی کی شب کو بھارت مساجد اور شہری آبادی پر حملوں کا مرتکب ہواہے، بھارت نے بچوں،خواتین، بزرگوں کو نشانہ بنایا ، جواب میں پاکستان نے بھارت کے 5طیارے اور متعدد ڈرونز مارگرائےتھے۔

انھوں نے کہا کہ افواج پاکستان بھارت کو جارحیت پر منہ توڑ جواب دےرہی ہے، بھارت خطے سمیت پورے دنیا کے امن کو خطرے میں ڈال رہاہے، بھارتی جارحیت سے نمٹنا بخوبی جانتے ہیں اور نمٹ رہے ہیں۔

جماعت اسلامی کا پاک فوج سے اظہار یکجہتی کیلیے مظاہروں کا اعلان

0
جماعت اسلامی کا پاک فوج سے اظہار یکجہتی کیلیے مظاہروں کا اعلان

کراچی: بھارت کو بزدلانہ حملے کا کرارا جواب دینے پر جماعت اسلامی کراچی نے پاک فوج سے اظہار یکجہتی کیلیے کل شہر قائد میں مظاہروں کا اعلان کر دیا۔

امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر نے پریس کانفرنس میں کہا کہ بھارتی دہشتگردی کے خلاف پوری قوم متحد ہے، صبح 10 بجے سے تعلیمی اداروں میں اظہار یکجہتی ہوگا، ہماری افواج نے بھارتی جارحیت کا بھرپور مقابلہ کیا۔

منعم ظفر نے کہا کہ اسرائیل غزہ میں بمباری کر کے نوجوانوں اور بچوں کو شہید کر رہا ہے، اقوام متحدہ اسرائیل کو روکنے کیلیے کردار ادا نہیں کر رہا، اقوام متحدہ کو بھارت اور اسرائیل کے خلاف کردار ادا کی ضرورت ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستانی عوام پاک فوج کے شانہ بشانہ، بھارت کو دندان شکن جواب دینے کا عزم

گزشتہ روز امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان کی زیرِ صدارت مرکزی قیادت کے ہنگامی اجلاس میں بھارت کے بزدلانہ حملوں کے خلاف 9 مئی کو ملک گیر یوم عزم منانے کا اعلان کیا گیا تھا۔ جمعہ کے روز ملک بھر میں بھارتی جارحیت کے خلاف احتجاجی ریلیاں نکالی جائیں گی۔

حافظ نعیم الرحمان نے بتایا تھا کہ رات بھارت نے اپنے ہندوتوا کے نظریے کو فروغ دینے اور اپنی عوام کو بیوقوف بنانے کیلیے بزدلانہ کاروائی کرتے ہوئے مساجد اور سویلین آبادی کو نشانہ بنایا، لیکن اسے اپنے شیطانی عزائم میں منہ کی کھانا پڑی ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ پاک فوج نے بزدلانہ بھارتی حملے کا ذمہ دارانہ اور منہ توڑ جواب دیتے ہوئے فوجی اہداف اور بھارتی طیاروں کو نشانہ بنا کر بھارت کا گھمنڈ خاک میں ملا دیا ہے یہ جواب پوری قوم کی امنگوں کا ترجمان ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم حکومت پاکستان اور مسلح افواج کو یقین دلاتے ہیں کہ ہم سب قومی یکجہتی اور دشمن کا مقابلہ کرنے کیلیے متحد ہیں، پوری قوم مل کر لڑے گی تو ہمیں کوئی بیرونی طاقت نقصان نہیں پہنچا سکتی۔

رونالڈو کا بیٹا پرتگال انڈر 15 ٹیم میں شامل

0
کرسٹیانو رونالڈو، کرسٹیانو ڈوس سانتوس

پرتگالی فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کے بڑے بیٹے کرسٹیانو ڈوس سانتوس کو پرتگال کی انڈر 15 فٹ بال ٹیم میں شامل کر لیا گیا۔

رونالڈو کے 14 سالہ بیٹے کرسٹیانو ڈوس سانتوس اپنے والد کی طرح سعودی عرب میں النصر کیلیے کھیلتے ہیں۔

ماضی میں کرسٹیانو ڈوس سانتوس اپنے والد کے سابق کلبز مانچسٹر یونائیٹڈ اور یووینٹس کیلیے بھی کھیل چکے ہیں۔

کروشیا میں 13 سے 18 مئی کے درمیان ہونے والے ’ولاتکو مارکووِچ یوتھ ٹورنامنٹ‘ میں ’دی سیلیکاؤ‘ انڈر 15 ٹیم جاپان، یونان اور انگلینڈ کے خلاف میچ کھیلے گی۔

یاد رہے کہ رونالڈو اور ان کی گرل فرینڈ جارجینا روڈریگز نے سوشل میڈیا پر موصول ہونے والے دھمکی آمیز پیغامات کے بعد سعودی عرب میں اپنے حفاظتی انتظامات میں تبدیلیاں کرلی تھیں۔

رپورٹس کے مطابق رونالڈو اور جارجینا روڈریگز نے اپنے سابق چیف باڈی گارڈ اور دیگر سیکیورٹی اسٹاف کو تبدیل کر دیا ہے۔

دونوں نے اپنے بچوں کو سوشل میڈیا سے بھی دور کر دیا ہے اور فیملی کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر شیئر نہیں کررہے۔

رپورٹس کے مطابق سعودی عرب کی پولیس بھی ان کے ساتھ حفاظتی اقدامات میں تعاون کر رہی ہے۔

معروف فٹبالر رونالڈو نے اب پرتگال میں ہائی رسک سیکیورٹی کے ماہر کلاڈیو میگوئل ویز کو بطور چیف سیکیورٹی آفیسر تعینات کردیا ہے۔

رونالڈو اور جارجینا کی منگنی ؟ حقیقت آشکار ہوگئی

واضح رہے کہ رونالڈو دنیائے فٹبال کے عظیم کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں، انہوں نے ایک دہائی سے زائد عرصے سے اس کھیل کی دنیا پر غلبہ حاصل کیا ہے۔

حریت رہنما یاسین ملک کی بیٹی رضیہ سلطانہ کا کشمیر میں شہید مساجد کی تعمیر کا اعلان

0
رضیہ سلطانہ یاسین ملک

اسلام آباد: حریت رہنما یاسین ملک کی بیٹی رضیہ سلطانہ نے کشمیر میں شہید مساجد کی تعمیر کا اعلان کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق بھارتی جارحیت کے نتیجے میں کشمیر میں شہید ہونے والی دو مساجد کے حوالے سے یاسین ملک کی صاحب زادی رضیہ سلطانہ نے کہا ہے کہ ان کی فاؤنڈیشن مساجد کی دوبارہ تعمیر کرے گی۔

انھوں نے بدھ کو کہا ہم کشمیری کسی سے نہیں ڈرتے، مودی مسلمانوں کا قاتل ہے اس نے مساجد پر حملہ کیا، کوٹلی اور مظفر آباد میں شہید 2 مساجد کو ہم تعمیر کریں گے۔


لاہور والٹن روڈ کے علاقے میں یکے بعد دیگرے 3 دھماکے


یاد رہے کہ بزدل دشمن بھارت نے بدھ کی صبح پاکستان پر حملے کرتے ہوئے مظفر آباد، کوٹلی، بہاولپور اور مریدکے میں مساجد پر میزائل گرائے، جس کے نتیجے میں بے گناہ شہری جاں بحق ہوئے۔

مظفر آباد کے ڈپٹی کمشنر مدثر فاروق نے تصدیق کی کہ مسجد پر متعدد میزائل داغے گئے، انھوں نے کہا کہ بھارت نے جان بوجھ کر ایک سویلین زون کو نشانہ بنایا، اور بین الاقوامی اصولوں اور انسانی اقدار کے ساتھ غداری کی۔

پاکستان اور بھارت کے تنازع پر ملالہ یوسفزئی نے کیا کہا؟

0

نوبل انعام یافتہ سماجی کارکن ملالہ یوسفزئی نے پاک بھارت کشیدگی پر سوشل میڈیا پر بیان جاری کیا ہے۔

سماجی کارکن اور نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی نے ایکس پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ نفرت اور تشدد ہمارے مشترکہ دشمن ہیں، میں پاکستان اور بھارت کے لیڈروں سے پرزور اپیل کرتی ہوں کہ وہ کشیدگی کو کم کرنے کے لیے اقدامات کریں۔

انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو سفارتکاری اور بات چیت کو فروغ دینے کیلئے کام کرنا چاہیے، امن ہی ہماری اجتماعی سلامتی اور خوشحالی کا واحد راستہ ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ شب بھارتی فوج نے بزدلانہ کارروائی کرتے ہوئے پاکستان کی شہری آبادی کو نشانہ بنایا جس متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔

پاک بھارت کشیدگی  سے متعلق تمام خبریں

پاکستان نے بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دیتے ہوئے 5 جنگی طیارے مار گرائے، اسکے علاوہ بھارت کے 3 ڈرون اور متعدد کواڈ کاپٹرز کو بھی تباہ کیا۔

پاک بھارت جنگی صورتحال: کسی بھی ہنگامی صورتحال میں کوآرڈینیشن کےلیےلائحہ عمل تیار

0
پاک بھارت جنگی صورتحال

اسلام آباد : پاک بھارت کشیدگی کے بعد جنگی صورتحال کے پیش نظر کسی بھی ہنگامی صورتحال میں کوآرڈینیشن کے لیے لائحہ عمل تیار کرلیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق پاک بھارت کشیدگی کے بعد جنگی صورتحال کے پیش نظر ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کی زیر صدارت واربک کےحوالے سے اعلی سطح اجلاس ہوا۔

اجلاس میں تمام سرکاری و نجی اسپتالوں ، ریسکیو 1122، سول ڈیفنس اور فائر بریگیڈ حکام شریک ہوئے جبکہ اسلام آباد پولیس، اسپیشل برانچ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے شرکت کی۔

اجلاس میں محکمہ سوئی گیس،پی ٹی سی ایل اورتمام متعلقہ اداروں نے بھی شرکت کی۔

اجلاس میں واربک کے مطابق تمام اداروں کو تیاریاں مکمل رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کسی بھی ہنگامی صورتحال میں کوآرڈینیشن کے لیےلائحہ عمل تیار کرلیا گیا۔

ڈی سی اسلام آباد عرفان میمن نے کہا کہ ہنگامی صورتحال کے پیش نظرتمام سرکاری و نجی اسپتالوں میں ہائی الرٹ ہے، صورتحال مانیٹرکرنےکیلئے کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر بھی قائم کیا گیا ہے۔

عرفان میمن کا کہنا تھا کہ شہری ہنگامی صورتحال میں کنٹرول سینٹر کے 3 رابطہ نمبرز پر کسی بھی وقت رابطہ کرسکتے ہیں۔

اسرائیل نے یمن کے حوثیوں کو سخت جوابی کارروائی سے خبردار کر دیا

0
اسرائیل نے یمن کے حوثیوں کو سخت جوابی کارروائی سے خبردار کر دیا

اسرائیل کے وزیر دفاع نے خبردار کیا ہے کہ اگر یمن کے حوثی اسرائیل پر حملے جاری رکھتے ہیں تو انہیں بھاری نقصان اٹھانا پڑے گا اور ہماری دفاعی افواج کسی بھی مشن کیلیے تیار ہیں۔

خبر رساں ایجنسی روئٹرز کی رپورٹ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے منگل کے روز اعلان کیا تھا کہ امریکا یمن میں حوثیوں پر بمباری روک دے گا۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے یہ بھی کہا تھا کہ حوثیوں نے امریکی بحری جہازوں پر حملے بند کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: حوثیوں نے ہمیں بتایا ہے وہ مزید لڑنا نہیں چاہتے، امریکی صدر

حوثیوں اور امریکا کے درمیان جنگ بندی کے معاہدے میں اسرائیل شامل نہیں ہے۔ حوثیوں نے بدھ کے روز کہا تھا کہ انہوں نے اسرائیل کو ڈرون سے نشانہ بنایا۔

اسرائیلی وزیر دفاع کاٹز نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ اسرائیل کو کسی بھی خطرے اور کسی بھی دشمن کے خلاف خود اپنا دفاع کرنے کے قابل ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ اگر حوثی ہم پر حملے کرتے رہیں گے تو ان کو شدید دھچکا لگے گا، اسرائیلی دفاعی فورس کسی بھی مشن کیلیے تیار ہے۔

کاٹز نے ایران کو بھی خبردار کیا کہ پراکسی نظام ختم ہوگیا ہے اور برائی کا محور منہدم ہوگیا ہے۔

اسرائیلی وزیر دفاع نے خبردار کیا کہ بیروت میں حزب اللہ، غزہ میں حماس، دمشق میں اسد اور یمن میں حوثیوں کے خلاف کارروائیاں ایران میں کی جا سکتی ہیں۔