پرویز مشرف کی بیماری کا معاملہ بنا لیکن ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی میں ٹھن گئی، پیپلز پارٹی نے ایم کیو ایم کی تنقید کی پُر زور مذمت کردی، قمر زمان کائرہ نے ایم کیو ایم سے وضاحت طلب کرلی۔
غداری کیس کے ملزم پرویز مشرف کیا بیمار پڑے، سیاسی جماعتوں میں کھلبلی مچ گئی، پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا بیان مشرف کی پیشی پر بھی بازی لے گیا۔
ایم کیوایم کی جانب سے سخت تنقید کی گئی تو پیپلز پارٹی نے مذمت کردی اور ساتھ ہی یہ بھی بتا دیا کہ آصف زرداری نے گیارہ سال جیل کی سختیاں بہادری سے برداشت کیں لیکن حاکم وقت کے سامنے سر نہیں جھکایا۔
وہیں قمر زمان کائرہ نے ایم کیو ایم سے وضاحت مانگ لی ہے کہ ایم کیو ایم پرویز مشرف کے ساتھ ہے، یا بلاول اور آصف زرداری کے خلاف ہے یا کوئی پوائنٹ اسکورننگ کی جارہی ہے۔
قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ ڈکٹیٹر کو اس کے کئے کی سزا ملنی چاہیے۔ پیپلز پارٹی کا کہنا ہے کہ کیس ایک آمر کیخلاف ہے، اس میں سیاسی جماعتوں کو آپس میں نہیں الجھنا چاہئے۔