جمعہ, مئی 2, 2025
ہوم بلاگ صفحہ 3781

سولر بجلی پر فکسڈ ٹیکس کی خبریں، پاور ڈویژن کا بڑا بیان سامنے آ گیا

0

اسلام آباد: پاور ڈویژن نے سولر بجلی پر فکسڈ ٹیکس لگانے کی خبروں کی تردید کر دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاور ڈویژن نے ایک اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ سولر پاور پر فکسڈ ٹیکس لگانے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔

اعلامیے کے مطابق سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی یا پاور ڈویژن نے ایسی کوئی سمری نہیں بھیجی، ایسی تجاویز اور ترامیم پر غور کر رہے جن سے غریب کو مزید بوجھ سے بچایا جا سکے۔

پاور ڈویژن کا کہنا ہے کہ صاحبِ ثروت لوگ بے تحاشا سولر پینل لگا رہے ہیں، گھریلو اور صنعتی صارفین سمیت حکومت کو بھی سبسڈی پر 1 روپے 90 پیسے کا بوجھ برادشت کرنا پڑ رہا ہے، اس کے نتیجے میں تقریباً ڈھائی سے 3 کروڑ غریب صارفین متاثر ہو رہے ہیں۔

پاور ڈویژن کے مطابق یہ 1.90 روپے غریبوں کی جیب سے نکل کر متوسط اور امیر طبقے کی جیبوں میں جا رہے ہیں، یہی سلسلہ رہا تو غریب صارفین کے بلوں میں کم از کم 3.35 روپے فی یونٹ کا مزید اضافہ ہو جائے گا۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ 2017 کی نیٹ میٹرنگ پالیسی کا مقصد سسٹم میں متبادل توانائی کو فروغ دینا تھا، اس کے بعد اب ایک ایسا مر حلہ آیا ہے کہ سولرائزیشن میں تیزی سے اضافہ ہوا، اب نئے نرخ دینے کی ضرورت ہے، اور ہم پورے نظام کو اسٹڈی کر رہے ہیں، اور ایسی تجاویز اور ترامیم پر غور کر رہے جن سے غریب کو مزید بوجھ سے بچایا جا سکے۔

پاور ڈویژن نے اعلامیے میں کہا ہے کہ ڈیڑھ سے 2 لاکھ نیٹ میٹرنگ والے صارفین کی سرمایہ کاری کو تحفظ دیا جائے گا۔

نشو بیگم، ریمبو اور صاحبہ کی شادی کے خلاف تھیں۔۔۔۔پھر کیا ہوا؟

0

پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکارہ نشو بیگم نے بتایا کہ ریمبو نے صاحبہ سے شادی کرنے کے لیے مجھے متاثر کیا۔

پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ نشو بیگم نے اپنی بیٹی اداکارہ صاحبہ کے ہمراہ ایک ویب شو میں بطور مہمان شرکت کی جہاں انہوں نے دلچسپ انکشافات کیے۔

نشو بیگم نے بتایا کہ شروع میں، میں ریمبو اور صاحبہ کی شادی کے خلاف تھی کیونکہ مجھے ڈر تھا کہ پتہ نہیں ریمبو کی فیملی ایک ہیروئن کی بیٹی کو قبول کرے گی یا نہیں۔

نشو بیگم کو شادی کی پیشکش!

انہوں نے کہا کہ میں نے ریمبو سے اپنا گھر بنانے کو کہا کیونکہ میرا خیال تھا کہ وہ میری یہ بات سن کر صاحبہ کا پیچھا چھوڑ دے گا لیکن وہ سنجیدہ تھا اس لیے بہت محنت کرکے اس نے گھر بنالیا۔

نشو بیگم نے انکشاف کیا کہ ریمبو اور صاحبہ ایک دوسرے سے شادی کرنے کے لئے اتنے سنجیدہ تھے کہ دونوں نے وظیفے کرنے شروع کردیے تھے جب ان دونوں نے وظیفے کرنے شروع کیے تو یہ دیکھ کر میں دونوں کی شادی کیلئے راضی ہوگئی۔

دوسری جانب اداکارہ صاحبہ نے انکشاف کیا ہے کہ ان کا اصل نام ’صاحبہ‘ نہیں بلکہ ’مدیحہ‘ ہے اور ’مدیحہ‘ ایک بہت ہی شرمیلی سی اور اپنے آپ میں گم رہنے والی لڑکی ہے جبکہ ’صاحبہ‘ اس کے بالکل برعکس ہے۔

صاحبہ نے بتایا کہ اگر ریمبو کی ملاقات ’صاحبہ‘ کے بجائے ’مدیحہ‘ سے ہوتی تو شاید وہ مجھ سے کبھی بھی شادی نہ کر پاتے یا پھر ہماری شادی میں کچھ سال کی تاخیر ہو جاتی کیونکہ صاحبہ زندگی کا ہر فیصلہ کرنے میں جلد بازی کرتی ہے جبکہ مدیحہ ہوتی تو شاید ایسا نہ کرتی۔

لاہور : کم عمر گھریلو ملازمہ کی لاش ملنے کا مقدمہ درج

0
طالبہ انتقال

لاہور : کم عمر گھریلو ملازمہ کی لاش ملنے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ، مقدمے میں گھر کے مالک شیخ انیس کو نامزد کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق صوبائی دارلحکومت لاہور کے علاقے جوہرٹاؤن کی وفاقی کالونی میں گھریلو ملازمہ کی لاش ملنے کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔

پولیس نے بتایا کہ خاتون کے شوہر کی مدعیت میں مقدمہ درج کیاگیا اور قتل کی دفعات شامل کی گئیں ہیں اور پوسٹ مارٹم مکمل کر کے لاش ورثہ کے حوالے کر دی ہے۔

مقدمے میں گھر کےمالک شیخ انیس کونامزدکیاگیا، جس کے بعد ملزم کوحراست میں لے کر تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔

اس سے قبل مقتولہ کے اہلخانہ کا کہنا تھا کہ 24گھنٹے گزرنے کے بعد بھی پولیس نے مقدمہ درج نہیں کیا، پولیس ملزمان کاساتھ دےرہی ہے،مقدمہ درج نہ کرانےکادباؤڈالاجارہاہے۔

گذشتہ روز لاہور کے علاقے ملت پارک میں 9 سالہ ملازمہ کے پر اسرار طور پر جھلس کر جاں بحق ہونے کا واقعہ سامنے آیا تھا۔

9 سالہ زینب سلمان نامی شخص کے گھر چند ماہ سے ملازمت کررہی تھی، بچی کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ جانبر نہ ہوسکی تھی۔

پولیس کا کہنا تھا کہ گھر کے مالک سلمان کو گرفتار کرلیا ہے، ملزم نے پولیس کو دیے گئے بیان میں بتایا تھا کہ گھریلو ملازمہ گزشتہ روز کچن میں سلنڈر پھٹنے سے جھلسی تھی جسے ابتدائی طبی امداد گھر میں ہی دی جاتی رہی، حالت زیادہ بگڑنے پر آج اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

’سری پائے‘ دنیا کے 50 بہترین دیسی کھانوں کی فہرست میں شامل

0

ٹیسٹ اٹلس نے دنیا کے بہترین پکوانوں کی فہرست جاری کی ہے۔

دیسی کھانا دنیا بھر میں پسند کیا جاتا ہے اور سال 2024 کی جاری ہونی والی کھانوں کی لسٹ میں پاکستان اور بھارت کے مقامی لوگوں کی طرف سے پسند کیے جانے والے دیسی کھانے بھی شامل ہیں۔

دنیا کے 50 بہترین دیسی کھانوں کی فہرست میں پاکستان کے صوبے پنچاب میں ناشتے میں کھائے جانے والی مشہور ڈش ’سری پائے‘ بھی شامل ہے۔

فہرست میں پاکستانی کھانے سری پائے کو اپنے خاص ذائقے کی وجہ سے بہترین پکوانوں میں شمار کیا گیا ہے اسکے علاوہ قیمہ، جنگیری ملائی گریوی، قورمہ، دال تڑکا بھی شامل ہے جسے بھارت سے منسلک کیا گیا ہے لیکن یہ پاکستان میں مقامی لوگوں میں بھی بہت مقبول ہے۔

کسانوں کے لیے اچھی خبر، وزیر اعظم کا گندم کی خریداری کے حوالے سے بڑا حکم

0

اسلام آباد: وزیر اعظم میاں شہباز شریف نے کسانوں سے گندم کی فوری خریداری کا حکم دے دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سعودی عرب روانگی سے قبل وزیر اعظم پاکستان نے وفاقی حکومت کی طرف سے کسانوں سے گندم کی فوری خریداری کا حکم دے دیا ہے۔

وزیر اعظم نے وفاقی حکومت کا گندم کی خریداری کا 1.4 ملین میٹرک ٹن کا ہدف بڑھا کر 1.8 ملین میٹرک ٹن کر دیا ہے، پاسکو کو گندم خریداری کا ہدف بڑھانے اور فوری خریداری یقینی بنانے کے احکامات بھی جاری کر دیے گئے۔

گندم خریداری میں تاخیر کے فیصلے کی خبریں، حقیقیت سامنے آگئی

گندم کی خریداری کے حوالے سے پاسکو کو شفافیت اور کسانوں کی سہولت کو ترجیح دینے کی ہدایت کی گئی ہے، وزیر اعظم شہباز شریف نے کسانوں کی گندم خریداری سے متعلق مشکلات کو دیکھتے ہوئے یہ قدم اٹھایا ہے۔

واضح رہے کہ 6 اپریل کو وزارت خزانہ نے گندم خریداری میں تاخیر کے فیصلے کے خبروں پر رد عمل دیتے ہوئے انھیں گمراہ کن قرار دے دیا تھا۔

دنیائے ٹیکن کے بے تاج بادشاہ ارسلان ایش کو اپ سیٹ شکست

0

ای اسپورٹس فیسٹیول میں دنیائے ٹیکن کے بے تاج بادشاہ ارسلان ایش کو گمنام کھلاڑی نعمان چودھری نے ہرا کر سب کو حیران کردیا۔

تفصیلات کے مطابق ایکسپو سینٹر لاہور میں سجنے والے ای سپورٹس فیسٹیول میں ملک بھر سے کوالیفائی ہوکر آنے والے نوجوانوں کی بڑی تعداد نے آن لائنز گیمز میں حصہ لیا اور اپنی من پسند گیمز فیفا، فری فائٹرز، ٹیکن 8 سمیت دیگر مقابلے لڑھ کر فتح یاب ہوئے۔

دنیائے ٹیکن کے بے تاج بادشاہ ارسلان ایش کو گمنام نعمان چودھری نے شکست دے کر بڑا اپ سیٹ کردیا، ای اسپورٹس فیسٹیول میں منسٹر پنجاب اسپورٹس فیصل کھوکھر، معروف باکسر عامر اور فخر عالم نے خصوصی شرکت کی۔

باکسر عامر تقریب کے اختتام پر آن لائنز گیمز کے ونرز کو اسٹیج پر بلا کر آتش بازی کی گئی اور لاکھوں کے انعامات دے کر انکی حوصلہ افزائی کی گئی۔

پاکستان اسپورٹس بورڈ نے طارق بگٹی کی بطور صدر پی ایچ ایف تصدیق کر دی

0

پاکستان اسپورٹس بورڈ نے طارق بگٹی کی بطور صدر پی ایچ ایف تصدیق کر دی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان اسپورٹس بورڈ نے طارق بگٹی کی بطور صدر پی ایچ ایف تصدیق کر دی، وزیر اعظم کے نامزد کردہ طارق بگٹی کو ہاؤس نے اعتماد کا ووٹ دے دیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان اسپورٹس بورڈ نے اس سلسلے میں لکھا گیا خط ہاکی فیڈریشن حکام کے حوالے کر دیا ہے، جب کہ سیکریٹری پی ایچ ایف رانا مجاہد نے یہ خط اور دوسرے شواہد انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن (ایف آئی ایچ) کو بھیج دیے ہیں۔

ذرائع کے مطابق اب اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ سے قبل ایف آئی ایچ حقیقی پاکستان ہاکی فیڈریشن کا تعین کرے گی۔

انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن نے دونوں دھڑوں کو مؤقف پیش کرنے کے لیے تاریخ دے دی

خیال رہے کہ پاکستان اسپورٹس بورڈ اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ کے لیے کیمپ کے اخراجات برداشت کر رہا ہے، اور اسپورٹس بورڈ ہی اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ کے لیے ٹیم بھجوائے گا، جس کے لیے ٹرائلز کل شیڈول ہیں۔

کراچی کیمپ کا حصہ ہونے والے بعض کھلاڑیوں کی بھی آج اسلام آباد کیمپ میں رپورٹ کرنے کا امکان ہے، دوسری جانب وزیر اعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود نے ٹیم کا ٹاسک ڈچ کوچ کو دے رکھا ہے۔

شیراز کے والد نے چائلڈ بلاگرز کو کیا پیغام دیا؟

0

پاکستان سے تعلق رکھنے والے ننھے وی لاگرز شیراز اور مسکان نے اس وقت انٹرنیٹ پر دھوم مچائی ہوئی ہے، بہت بڑی تعداد میں لوگ ان معصوم بچوں کی باتوں سے متاثر ہوکر ان کے اکاؤنٹ کو فالو کر رہے ہیں۔

حال ہی میں شیراز کے والد نے اپنے بچوں کے ڈیجیٹل میڈیا میں انٹری کے سفر سے متعلق گفتگو کی اور لوگوں کو تعلیم کی اہمیت سے متعلق آگاہ کیا۔

شیراز کے والد نے اس حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انہو ں نے اپنے بچوں کی ویڈیو اس لیے شیئر کی کیونکہ یہ اتنی پیاری اور اچھی طرح بنائی گئی تھی کہ انہیں محسوس ہوا کہ اسے دنیا کے ساتھ شیئر کیا جانا چاہئے۔

شیراز کے والد نے بتایا کہ میرے بچے کی پہلی ویڈیو اس کی والدہ کے موبائل میں بنی تھی، جسے دیکھ کر میں نے انداز لگالیا تھا کہ اس میں وی لاگنگ کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ جب ویڈیو وائرل ہوئی اور سب نے شیراز کیلئے محبتیں اور پیغامات بھیجے تو انکی خوشی کی انتہاء نہ رہی۔

شیراز کے والد نے کہا کہ وہ اپنے بچوں کی تعلیم کو ہر چیز سے زیادہ ترجیح دیتے ہیں وہ دوسرے بچوں کی وی لاگنگ کی قدر کرتے ہیں لیکن انکے والدین کو میرا پیغام ہے کہ وہ تعلیم پر سمجھوتہ نہ کریں کیونکہ تعلیم ہمیشہ آپ کی ہر چیز میں مدد کرتی ہے۔

وی لاگر شیراز نے پسندیدہ پاکستانی کرکٹر کا نام بتادیا

شیراز کے والد کا مزید کہنا تھا کہ شیراز کے مشہور ہونے سے وہ اپنے گاؤں کو بنیادی ضروریات حاصل کرنے میں مدد کر سکیں گے اور ان کی یہ شہرت ان کے علاقے کے لئے بھی سود مند ثابت ہوگی۔

تھانہ بنی گالا میں درج مقدمہ: علی امین گنڈا پور کو بری کردیا گیا

0
علی امین گنڈاپور کی ممکنہ گرفتاری کیخلاف عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد : عدالت نے تھانہ بنی گالا مقدمے میں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کو بری کردیا۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں تھانہ بنی گالامیں مقدمہ سے متعلق سماعت ہوئی۔

مدعی مقدمہ عامر زمان وکیل رضوان اعظم عباسی کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے، مدعی مقدمے نے بتایا کہ واقعے میں زخمی ہونے والا شخص ملک سے باہر ہے۔

عدالت نے اسکائپ کے ذریعے بیان ریکارڈ کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اس کی اسکائپ آئی ڈی دیں۔

وکیل مدعی نے کہا کہ علی امین گنڈا پور 109 کی حد تک تھے، ان سے کمپرومائز ہوچکا ہے اور نامزد ملزمان کو بھی معاف کردیا ہے۔

بیرون ملک ہونے کے باعث متاثرہ شخص محمد ولید کا آن لائن بیان لیا گیا، عدالت نے محمد ولید سے استفسار کیا اس مقدمے میں آپ نے راضی نامہ کرلیا ہے ، جس پر محمد ولید نے بیان میں کہا کہ جی میں نے فی سبیل اللہ معاف کردیا ہے۔

عدالت نے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کو مقدمے سے بری کردیا، سول جج قدرت اللہ نےعلی امین گنڈا پور سمیت تمام ملزمان کو بری کیا۔

سپریم کورٹ میں زیرِ التوا مقدمات کی تعداد تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی

0
سپریم کورٹ ملٹری کورٹ

اسلام آباد : سپریم کورٹ میں زیرالتوا مقدمات کی تعداد57ہزارسےتجاوزکرگئی، گزشتہ ایک سال میں زیرالتوا مقدمات کی تعدادمیں 4500 کے قریب اضافہ ہوا۔

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں زیرالتوامقدمات کی تعداد تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔

اعلی عدلیہ میں زیرالتوامقدمات کی تعداد57ہزارسےتجاوزکرگئی، گزشتہ ایک سال کےدوران زیرالتوامقدمات کی تعدادمیں 4500 کے قریب اضافہ ہوا۔

جیلوں میں موجود افرادکی جانب سے دائر 3353 اپیلیں فیصلوں کی منتظر ہیں جبکہ 15اپریل تک زیرالتوا فوجداری مقدمات کی تعداد 10ہزارسے تجاوزکر گئی ہے۔

ہائی کورٹس کے فیصلوں کیخلاف اپیلوں کی تعداد 31 ہزار سےبڑھ گئی، گزشتہ سال مارچ میں زیرالتوامقدمات کی تعداد 52481 تھی۔