منگل, اپریل 29, 2025
ہوم بلاگ صفحہ 3814

قلعہ عبداللہ، پولنگ اسٹیشن میں گھس کر مسلح افراد کی فائرنگ

0

کوئٹہ: پی بی 50 قلعہ عبداللہ میں مجک پولنگ اسٹیشن میں مسلح افراد گھس گئے اور پولنگ اسٹیشن میں فائرنگ کی۔

تفصیلات کے مطابق قلعہ عبداللہ میں حساس قرار دیے گئے پولنگ اسٹیشن میں مبینہ طور پر ایک امیدوار کے مسلح حمایتی گھس گئے۔ مسلح افراد نے پولنگ اسٹیشن کے احاطے میں فائرنگ بھی کی۔

فائرنگ کے بعد مقررہ وقت تک پولنگ اسٹیشن پر پولنگ شروع نہ ہوسکی۔ انتخابی عملہ نے بتایا کہ فائرنگ سےکسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

اے آر وائی کے مطابق فائرنگ کے سبب علاقے میں کشدیدگی پائی گئی اور لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ صبح سے ہی علاقے کے حالات ٹھیک نہیں تھے.

یہاں ضمنی انتخابات کے لیے پولنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا تھا۔ ضلع حکام نے اس بات کی تصدیق نہیں کی کہ یہ کس امیدوار کے حمایتی لوگ تھے یا ان کا کس جماعت سے تعلق تھا۔

فائرنگ سے بھگدڑ مچ گئی اور پولنگ کا عمل رک گیا، مذکورہ پولنگ اسٹیشن لیویز کی حدود میں آتا ہے اور اسے حساس پولنگ اسٹیشن میں سے ایک قرار دیا گیا تھا۔

ایم کیو ایم کا مرتضیٰ وہاب کے بیان پر سخت ردعمل

0
مرتضی وہاب

کراچی: متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیو ایم) نے میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کے حالیہ بیان پر سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

ایم کیو ایم کے اراکین سندھ اسمبلی کا کہنا ہے کہ مرتضیٰ وہاب کا بیان بے سروپا، لغو اور الزامات برائے الزامات ہیں، اگر پیپلز پارٹی کا طرز عمل تبدیل نہ ہوا تو ایوانوں کے ساتھ سڑکوں پر بھی احتجاج ہوگا۔

اراکین صوبائی اسمبلی نے کہا کہ پیپلز پارٹی رہنماؤں کی ڈھٹائی، نااہلی، کرپشن اور ڈاکو راج کی حمایت عوام پر ظاہر ہو چکی ہے، پورے پاکستان کے میڈیا نے دکھایا کہ کس طرح ان کے وزراء کی کی گاڑیوں میں اسلحہ اسمگل ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مرتضیٰ وہاب ماضی میں کراچی میں اغوا برائے تاوان بھتہ خوری اور ٹارگٹ کلنگ کا ذکر کر رہے ہیں، انہی کے وزیر داخلہ نے لاکھوں اسلحہ لائسینس جاری کیے جس کی وجہ سے قتل و غارت کا بازار گرم ہوا۔

ایم کیو ایم کا کہنا تھا کہ 2012 اور 2013 میں گینگ وار کو لیاری اور پورے کراچی کی دیگر کچی آبادیوں میں امن کمیٹیوں کے نام پر کون سپورٹ کرتا تھا سب جانتے ہیں، گینگ وار کے دہشتگرد کھلم کھلا شہر کے تاجروں کو بھتہ خوری کی پرچیاں بھیجا کرتے تھے اور نہ ملنے پر قتل کر دیا کرتے تھے۔

سندھ پولیس کے بارے میں اراکین صوبائی اسمبلی نے کہا کہ پولیس کو پولیسنگ کے بجائے سیاست اور کرائم میں پیپلز پارٹی کے وزراء ملوث کر رہے ہیں۔

ایم کیو ایم نے مطالبہ کیا کہ گزشتہ 15 برس میں پولیس میں ہونے والی تمام بھرتیوں کی اسکروٹنی کی جائے، پیپلز پارٹی کے شرمناک طرز عمل پر ایم کیو ایم بھرپور آواز بلند کرتی رہے گی۔

قومی و صوبائی اسمبلیوں کی 21 نشستوں پر ضمنی الیکشن کیلیے پولنگ ختم

0

اسلام آباد: قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی 21 نشستوں پر ضمنی الیکشن کے لیے صبح 8 بجے شروع ہونے والا پولنگ کا وقت 5 بجتے ہی ختم ہوگیا جس کے بعد ووٹوں کی گنتی جاری ہے۔

پنجاب اور خیبر پختونخوا میں قومی اسمبلی کی 2،2 سندھ کی ایک نشست پر ووٹنگ جاری رہی، پنجاب میں 12 صوبائی، کے پی اور بلوچستان میں 2،2 صوبائی نشستوں پر ووٹرز نے حق رائے دہی استعمال کیا۔

کون کس کے مد مقابل؟

وزیر اعظم شہباز شریف کی خالی کردہ نشست این اے 132 قصور پر ن لیگ کے ملک رشید احمد خان اور سنی اتحاد کونسل کے سردار محمد حسین ڈوگر آمنے سامنے ہیں، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی خالی کردہ نشست این اے 119 لاہور پر لیگی امیدوار علی پرویز ملک کا سنی اتحاد کونسل کے شہزاد فاروق مد مقابل ہیں۔

وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور کی خالی کردہ نشست این اے 44 پر آزاد امیدار فیصل امین گنڈاپور اور پیپلز پارٹی کے عبدالرشید کنڈی میں کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔

انٹرنیٹ موبائل فون سروس

لاہور کے 5 حلقوں میں ضمنی الیکشن کے دوران مختلف علاقوں میں انٹرنیٹ سروسز متاثر ہے، انٹرنیٹ سروسز بند ہونے سے شہریوں کو مشکلات پیش آ رہی ہیں۔

پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ وزارت داخلہ کی ہدایات کی روشنی میں 21 اور 22 اپریل کو بلوچستان اور پنجاب کے چند اضلاع میں موبائل فون سروس معطل رہے گی، یہ فیصلہ انتخابی عمل کو بلاتعطل اور شفاف انداز میں پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے کیا گیا ہے۔

انتخابی حلقے

ملک بھر میں قومی اسمبلی کے 5، صوبائی اسمبلیوں کے 16 حلقوں میں ضمنی الیکشن آج ہوئے۔ پنجاب کے حلقے این اے 119 لاہور، این اے 132 قصور میں ضمنی الیکشن کے لیے ووٹنگ جاری رہی، پنجاب اسمبلی کے حلقوں پی پی 193،93،54،36،32،22 میں عوام نے حق رائے دہی استعمال کیا۔ پنجاب اسمبلی کے حلقوں پی پی 290،266،164،158،149،147 میں بھی ووٹنگ ہوئی، الیکشن کمیشن کے مطابق پنجاب میں 2 ہزار 601 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں۔

خیبر پختونخوا کی 2 قومی، 2 صوبائی نشستوں پر الیکشن ہوا، کے پی کے حلقے این اے 44 ڈیرہ اسماعیل خان، این اے 8 باجوڑ، این اے 8 اور 44، پی کے 22 اور 91 میں ووٹنگ جاری رہی۔ خیبر پختونخوا میں 49 امیدوار میدان میں ہیں، الیکشن کمیشن کے مطابق 892 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں جن میں 139 حساس ہیں۔

سندھ میں قومی اسمبلی کے ایک حلقے این اے 196 قمبر شہداد کوٹ میں 2 امیدوار میدان میں ہیں، جس میں 303 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں جن میں 158 حساس ہیں۔

بلوچستان میں 2 صوبائی حلقوں میں ضمنی الیکشن اور ایک میں دوبارہ پولنگ ہوئی، پی بی 20 اور 22 میں ضمنی الیکشن کے لیے ووٹنگ جاری رہی، پی بی 50 قلعہ عبداللہ میں ری پولنگ ہوئی۔ بلوچستان میں 354 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں۔

مصطفٰی علی ہمدانی: آزادی کا مژدہ سنانے والا

0

یہ 1947ء کی بات ہے جب گھڑی کی سوئیوں کے 12 کے ہندسے پر آنے کے ساتھ کلینڈر پر تاریخ 14 اگست ہوئی تو ریڈیو پر ایک اعلان نشر ہوا، ‘السلامُ علیکم، پاکستان براڈ کاسٹنگ سروس، ہم لاہور سے بول رہے ہیں، 13 اور 14 اگست سنہ 47 عیسوی کی درمیانی شب ہے، 12 بجے ہیں، طلوعِ صبح آزادی۔ قیامِ پاکستان کی نوید سناتی یہ آواز صدا کار مصطفٰی علی ہمدانی کی تھی۔

نئی مملکت کے قیام کا اعلان سننے والے مسلمانوں‌ نے اللہ کا شکر ادا کرتے ہوئے نعرۂ تکبیر بلند کیا۔ اور اس کے ساتھ ہی وہ ہجرت بھی شروع ہوئی جس میں‌ لاکھوں افراد جانوں سے گئے۔ ہندوستان کے طول و عرض میں‌ بسنے والے اب آل انڈیا ریڈیو کی جگہ ریڈیو پاکستان پر مزید خبریں، ترانے اور ضروری اعلانات سماعت کررہے تھے۔

پاکستان کی آزادی کا ریڈیو پر اعلان کرنے والے مصطفیٰ علی ہمدانی 1969 تک ریڈیو پاکستان سے وابستہ رہے اور چیف اناؤنسر کی حیثیت سے ریٹائر ہوئے لیکن 1971 میں بھارت سے غیر علانیہ جنگ کے دوران رضا ہمدانی رضاکارانہ طور پر ریڈیو پاکستان پر قوم کا جذبہ بڑھاتے رہے لیکن سانحہ ہوگیا۔ بعد میں اس وقت کے وزیراطلاعات و نشریات مولانا کوثر نیازی کے بے حد اصرار پر انہوں نے ایک معاہدے کے تحت 1975 تک اناؤنسر کی تربیت کی ذمہ داری بھی نبھائی۔

آج مصطفٰی علی ہمدانی کی برسی منائی جارہی ہے۔ وہ 1980ء میں‌ انتقال کرگئے تھے۔ مصطفیٰ علی ہمدانی 29 جولائی 1909ء کو لاہور میں پیدا ہوئے۔ ان کا بچپن انشا پرداز مولانا محمد حسین آزاد کے گھر میں گزرا اور ایک علمی و ادبی ماحول میں رہتے ہوئے 0ان کے اندر مطالعہ اور علم و ادب کا شوق کیسے پیدا نہ ہوتا۔ 1939ء میں وہ تقسیم سے قبل لاہور ریڈیو اسٹیشن سے بطور براڈ کاسٹر وابستہ ہوئے تھے۔

مصطفٰی علی ہمدانی ہی نے لاہور اسٹیشن سے بابائے قوم قائدِ اعظم محمد علی جناح کی وفات کی جانکاہ خبر بھی سنائی تھی۔ انھوں نے 1965ء اور 1971ء کی جنگوں کے دوران لاہور اسٹیشن سے خصوصی نشریات کے دوران قوم اور سرحدوں پر دشمن کا مقابلہ کرنے والے سپاہیوں کا عزم و حوصلہ بڑھایا۔

مصطفٰی علی ہمدانی اردو کے علاوہ عربی اور فارسی زبانوں پر عبور رکھتے تھے۔ انھیں تلفظ اور الفاظ کی درست ادائی کے حوالے سے سند تسلیم کیا جاتا تھا۔

دہشت گرد ہماری فائرنگ سے ہلاک ہوا، لانڈھی خودکش دھماکے میں زخمی سیکیورٹی گارڈ کا بیان

0

کراچی: شہر قائد کے علاقے لانڈھی میں خود کش دھماکے میں زخمی ہونے والے سیکیورٹی گارڈ کا بیان سامنے آیا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق لانڈھی خود کش دھماکے میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے سیکیورٹی گارڈ لنگر خان نے کہا ہے کہ دہشت گرد ان کی فائرنگ سے ہلاک ہوا تھا۔

لنگر خان نے کہا ’’پولیس نے بھی فائرنگ کی مگر دہشت گرد ہماری فائرنگ سے ہلاک ہوا، حملے کے 10 سے 12 منٹ بعد پولیس موقع پر پہنچی تھی۔‘‘

لنگر خان نے بتایا کہ ہم صبح گاڑی میں جا رہے تھے کہ ایک شخص بھاگتا ہوا آیا، مجھے شک ہوا بھاگ کر آنے والا شخص حملہ کرے گا، شک ہونے پر میں نے فائرنگ کر دی، اسی دوران حملہ آور نے خود کو اڑا دیا۔

لانڈھی میں غیر ملکیوں کی گاڑی پر خودکش حملے میں اہم پیش رفت

لنگرخان نے کہا ’’میرے پیچھے موجود نور محمد نے بھی فائرنگ کی، دہشت گردوں کی فائرنگ سے گولیاں مجھے اور نور محمد کو لگیں، پیچھے ڈالے میں موجود ساتھیوں نے بھی دہشت گردوں پر فائرنگ کی۔‘‘

یاد رہے کہ 19 اپریل کو صبح ساڑھے چھ بجے کراچی کے علاقے لانڈھی مانسہرہ کالونی میں غیر ملکی شہریوں کی گاڑی کے قریب خود کش حملہ کیا گیا تھا، ایک حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑایا، جب کہ دوسرا غیر ملکیوں کی سیکیورٹی پر مامور گارڈ کی فائرنگ سے مارا گیا۔

اس حملے میں 3 افراد زخمی ہوئے تھے، 2 زخمی سیکیورٹی اہلکاروں میں سے ایک اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا تھا، گاڑی میں موجود تمام غیر ملکی مہمان محفوظ رہے تھے۔

آج اتوار کو اس حملے کے تین مقدمات ایس ایچ او شرافی گوٹھ کی مدعیت میں سی ٹی ڈی تھانے میں درج کر دیے گئے ہیں، ایف آئی آر میں قتل، اقدام قتل، دہشت گردی و دیگر دفعات شامل ہیں، ہلاک دہشت گردوں کے ماسٹر مائنڈ اور سہولت کار بھی مقدمے میں نامزد ہیں۔ پہلا مقدمہ خودکش حملہ، دوسرا دہشت گردوں سے ملنے والے اسلحے، جب کہ تیسرا مقدمہ دہشت گردوں سے ملنے والے دستی بم، دھماکا خیز مواد کا درج کیا گیا ہے۔

نشئی شوہر نے بیوی کا گلہ دبا کر قتل کردیا

0
معروف سوشل میڈیا انفلوئنسر کی گھر سے پھندا لگی لاش برآمد

کراچی: لائنز ایریا میں نشے کے عادی شخص نے اپنی بیوی کا گلہ دبا کر قتل کردیا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے لائنز ایریا میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں ایک گھر سے خاتون کی تشدد زدہ لاش ملی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولہ کی شناخت 30 سالہ سعدیہ کے نام سے ہوئی ہے، مقتولہ کے شوہر رول امین نے گلہ دبا کر قتل کیا اور موقع سے فرار ہوگیا، جس کی تلاش جاری ہے۔

مقتولہ کے اہلخانہ کا کہنا تھا کہ سعدیہ کا گزشتہ 4 زور سے شوہر سے جھگڑا چل رہا تھا، مقتولہ 2 بچوں کی ماں تھی، اس کا شوہر نشے کا عادی ہے اور کئی ماہ سے بیروزگار تھا۔

دوسری جانب لائنز ایریا میں ہی ایک اور خاتون کی لاش گھر سے برآمد ہوئی، خاتون کی شناخت صائمہ کے نام سے ہوئی جس کی لاش اسپتال منتقل کردی گئی۔

درختوں کو گلے لگانے پر پیسے کہاں وصول کیے جا رہے ہیں؟

0

دنیا میں پیسے کمانے کے نئے نئے گر آزمائے جا رہے ہیں جیسا کہ اب درختوں کو گلے لگانے کے بھی پیسے وصول کیے جا رہے ہیں۔

آپ لوگوں نے اکثر برصغیر کی فلموں میں ہیرو ہیروئین کو ایک دوسرے کے فراق میں درختوں کے گرد جھومتے اور ان گلے لگتے دیکھا ہوگا لیکن زمانہ جیسے جیسے ترقی کر رہا ہے تو کمانے کے نئے نئے ذرائع بھی اپنا رہا ہے جیسا کہ اب درختوں کو گلے لگانے کے پیسے وصول کیے جا رہے ہیں۔

ایسا پڑوسی ملک بھارت میں ہو رہا ہے جہاں سوشل میڈیا پر ایک ایسی کمپنی وائرل ہو رہی ہے جو 1500 بھارتی روپے کے عوض درختوں کو گلے لگانے کی سہولت دیتی ہے اور کمپنی نے اس کو ’’فاریسٹ ہاتھنگ ایکسپیرینس‘‘ کا نام دیا ہے۔

بھارتی میڈیا  کے مطابق بنگلور کے کبن پارک میں واقع ایک کمپنی کی سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی آفر وائرل ہے جو درختوں کو گلے لگانے کا بھی معاوضہ وصول کر رہی ہے۔

اس کمپنی کا نام ٹروو ایکسپیرینسس ہے جس نے اپنی آفیشل ویب سائٹ پر ’فاریسٹ باتھنگ ایکسپیرینس‘ کی آفر بھی دے رکھی ہے اور اسے ’دی ہیلنگ پاوور آف فاریسٹ‘ یعنی جنگلات (درختوں) کی شفا دینے والی طاقت قرار دیا ہے۔

مذکورہ پوسٹ وائرل ہونے پر سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر صارفین کی جانب سے مختلف دلچسپ اور طنزیہ تبصرے کیے جا رہے ہیں۔

ایک صارف کا کہنا ہے کہ مجھے درختوں کو گلے لگانے کے لیے پیسے دینے کی کیا ضرورت ہے اگر میرے قریب ہی درخت ہوں تو۔ ایک اور صارف نے کہا کہ امیر لوگوں سے پیسے لوٹنے کے طریقے کو سپورٹ کرنا ہوگا۔

ایک صارف نے لکھا کہ ’جانِ من، اٹھو۔ مارکیٹ میں پیسے لوٹنے کا ایک نیا طریقہ آیا ہے۔ ایک اور صارف نے نشاندہی کی کہ یہ سب کچھ ہائیکورٹ کے بالکل پیچھے ہو رہا ہے۔

کراچی: دوست کے ہاتھوں دوست کے قتل کا مقدمہ درج

0

کراچی: ڈیفنس خیابان جانباز میں نوجوان دوست کے ہاتھوں دوسرے دوست کے قتل کا مقدمہ درخشاں تھانے میں درج کرلیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ڈیفنس خیابانِ جانباز کے قریب فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جس کے نتیجے میں ماں باپ کا اکلوتا بیٹا اور 2 بچوں کا باپ مقتول ہمایوں جاں بحق ہوگیا۔

اس واقعے کا مقدمہ درخشاں تھانے میں دوست ہمام جاوید کی مدعیت میں درج کر لیا ہے جس میں فہد خان کے خلاف قتل اور اقدام قتل کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔

مدعی مقدمے کے مطابق ہم دوست احمد زمان، ثاقب، آصف اور فہد خان، ہمایوں داؤد کے ساتھ بیٹھے تھے، فہد خان اور ہمایوں داؤد میں تلخ کلامی ہوئی اور بات ہاتھاپائی تک پہنچی، ہم دوستوں نے معاملے کو حل کروایا اور جانے لگے۔

مقدمے کے متن کے مطابق احمد زمان، ہمایوں اور میں گاڑی میں بیٹھے کہ اچانک فہد نے آکر فائرنگ کردی، فہد کی فائرنگ سے میں اور ہمایوں  زخمی ہوئے اور گھر کی طرف روانہ ہوگئے، ہم گاڑی میں تھے اچانک دوسری گاڑی نے سامنے سے ہٹ کیا جب دیکھا تو اس میں فہد تھا۔

مدعی مقدمہ نے بتایا کہ فہد گاڑی سے اترا اور ہمایوں پر تب تک فائرنگ کی جب تک وہ مرا نہیں، فہد خان فائرنگ کرنے کے بعد فرار ہوگیا جس کے بعد ہم ہمایوں کو پہلے نجی پھر جناح اسپتال لے کر گئے لیکن ہمایوں کا انتقال ہوچکا تھا۔

رونالڈو کے مداح کا اپنے ہیرو سے ملنے کیلیے حیرت انگیز اقدام

0

عالمی شہرت یافتہ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کا ایک مداح اپنے ہیرو سے ملاقات لیے اتنا بے قرار ہوا کہ اس نے ملنے کیلیے انوکھا طریقہ اختیار کیا۔

دنیا بھر میں کھلاڑیوں، فنکاروں اور دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والی نامور شخصیات کے مداح ہوتے ہیں جو اپنی پسندیدہ شخصیت کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے بعض اوقات انوکھے طریقے اختیار کرتے ہیں جیسا کہ رونالڈو کے ایک بھارتی نوجوان مداح نے اختیار کیا

پرتگال سے تعلق رکھنے والے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو جو سعودی فٹبال کلب سے وابستگی کے باعث گزشتہ سال سے مملکت میں سکونت پذیر ہیں۔ ان کے مداح دنیا بھر میں موجود ہیں جو ان کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے بے چین رہتے ہیں مگر ایک بھارتی نوجوان سیون کے پی نے اس کے لیے انوکھا راستہ اختیار کیا۔

عرب نیوز کے مطابق رونالڈو کے مداح سیون نے اپنے پسندیدہ فٹبالر سے ملاقات کے لیے دبئی سے ریاض تک 1200 کلومیٹر کا طویل فاصلہ پیدل طے کیا۔

نوجوان اس امید کے ساتھ کہ سعودی فٹبال کلب النصر کی قیادت کرنے والے اس کے پسندیدہ ہیرو سے ملاقات کا موقع مل جائے دبئی سے ریاض تک کا فاصلہ بنجر اور بیابان راستوں سے گزرتے ہوئے 36 دن میں طے کیا۔

بھارتی شہری جب سعودی دارالحکومت ریاض پہنچا تو الاول پارک جہاں النصر سرکاری سطح پر کھیلتی ہے وہاں پہنچ کر اس کی خوشی دیدنی تھی اور اس کا کہنا تھا کہ میں دبئی سے پیدل چل کر آیا ہوں اور یہ سارا راستہ صرف اس لیے طے کیا کہ دنیا کے بہترین کھلاڑی کے لیے عزت اور اپنی محبت کا اظہار کر سکوں۔

سیوِن کے پی نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ’بالآخر میں الاول پارک کے سامنے موجود ہوں جہاں النصر سرکاری سطح پر کھیلتی ہے اور میں امید کرتا ہوں کہ رونالڈو سے مل سکوں۔

بھارتی شہر کیرالا سے تعلق رکھنے والے نوجوان نے اسٹیدیم میں کھینچی ہوئی اپنی تصویر انسٹاگرام اکاؤنٹ پر پوسٹ کی، جس کے کیپشن میں لکھا کہ غیر متوقع لمحہ ہمیشہ زیادہ میٹھا ہوتا ہے اور مزید کے لیے پُر امید ہوں۔

سیون کے پی کو جمعے کے روز النصر اور الفیحا کے درمیان ہونے والا میچ اسٹیڈیم میں جا کر دیکھنے کا موقع ملا لیکن بدقسمتی سے ان کے ہیرو گیم کا حصہ نہیں تھے۔

نوجوان نے اپنی خواہش کا ظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر پرتگالی فٹبال اسٹار کا آٹو گراف اور ان کے ساتھ تصویر کھچوانے کا موقع مل جائے تو یہ  ان کی زندگی کا بہترین لمحہ ہوگا اور میری خدا سے دعا ہے کہ وہ میرا یہ خواب پورا کرے اور میں رونالڈو سے ملوں، اگر ایسا ہو گیا تو اس لمحے کی پوری زندگی قدر کروں گا۔

ٹرمپ دوبارہ امریکی صدر منتخب ہوئے تو ان کی اہلیہ ۔۔۔۔۔۔۔۔ ؟

0

رواں سال نومبر میں امریکا میں ہونے والے صدارتی انتخابات میں اگر ٹرمپ دوبارہ صدر منتخب ہوئے تو ان کی اہلیہ میلانیا کیا کریں گی بتا دیا ہے۔

رواں سال نومبر میں امریکا میں چار سالہ مدت کے لیے صدارتی الیکشن ہو رہے ہیں جس میں ڈیموکریٹک کی جانب سے موجودہ صدر جو بائیڈن جب کہ ری پبلیکن کی جانب سے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ون ٹو ون مقابلے کا امکان ہے اور اس حوالے سے دونوں اپنی مہم بھی جاری رکھے ہوئے ہیں۔

اگر ڈونلڈ ٹرمپ دوبارہ امریکا کے صدر بنتے ہیں تو امریکی خاتون اول میلانیا ٹرمپ کی ترجیحات کیا ہوں گی وہ انہوں ںے بتا دی ہیں۔

غیر ملکی میڈیا کو انٹرویو میں میلانیا نے کہا کہ امریکیوں کی حفاظت اور فلاح ان کی اولین ترجیح ہوگی کیونکہ ہمارے نوجوان اور بچے ہی ہمارے مستقبل کے رہنما ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں ایک ایسے معاشرے کے قیام کے لیے کوششوں میں متحد ہونا چاہیے جہاں ہر امریکی کے لیے برابری ہو، ہمیں مل کر آزادی کی حفاظت کرنی چاہیے۔

میلانیا ٹرمپ نے امریکیوں پر زور دیا کہ عوام  متحد ہو کر ڈونلڈ ٹرمپ کے لیے صدر منتخب ہونے کا راستہ بنائیں۔

واضح رہے کہ میلانیا ٹرمپ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تیسری اہلیہ ہیں اور  ان کی 2005 میں شادی ہوئی تھی۔