جمعرات, جولائی 3, 2025
ہوم بلاگ صفحہ 3932

موٹاپا یا وزن میں کمی کا قدرتی اور آسان طریقہ

0
موٹاپا

موٹاپا کسی کو بھی پسند نہیں اور اسمارٹ نظر آنا ہر ایک کی خواہش ہے اسی لیے لوگ جسمانی وزن کو کم کرنے کیلئے ہر طرح کے جتن کرتے ہیں۔

کچھ لوگ ڈائٹنگ کو اختیار کرتے ہیں تو کچھ ورزش اور مہنگی ادویات کا سہارا لیتے ہیں ان میں سے کچھ لوگ تو کسی حد تک کامیاب ہوجاتے ہیں اور کچھ لوگوں کو مستقل مزاجی پر عمل نہ کرتے ہوئے ناکامی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

ماہرین صحت بتاتے ہیں کہ وزن کو قابو میں رکھنے کا سادہ سا فارمولا متوازن غذا اور بروقت کھانا ہے اس کے علاوہ محض اپنی خوراک میں مناسب اور معیاری مشروبات کے استعمال سے بھی اپنا وزن کم کر سکتے ہیں۔

زیر نظر مضمون میں کچھ ایسے اقدامات اور طریقے بیان کیے جارہے ہیں جس پر عمل کرکے آپ اپنے وزن میں کمی اور موٹاپے کو کافی حد تک قابو پاسکتے ہیں۔

کولیسٹرول پر کیسے کنٹرول کریں؟

کولیسٹرول وزن بڑھانے والا ہارمون ہے، جسم میں کولیسٹرول کی بڑھی ہوئی مقدار وزن میں اضافے کا باعث بنتی ہے جبکہ اگر کولیسٹرول کم ہو تو چربی بھی کم ہو جاتی ہے۔

اس کے علاوہ کیلشیم بھوک میں کمی کا باعث بنتا ہے، بغیر چکنائی والے یا کم چکنائی والے دودھ کو پینے سے بھوک کم لگتی ہے، اس کے علاوہ یہ دودھ ہڈیوں کو مختلف بیماریوں اور کمزوری سے بھی بچاتا ہے۔

سبزیوں کا جوس

وزن میں کمی کے خواہشمندوں کو چاہئے کہ وہ سبزیوں کا جوس پئیں، انتہائی کم حراروں پر مشتمل یہ جوس غذائیت سے بھرپور ہونے کے ساتھ وزن میں کمی کا باعث بھی ہوتے ہیں لہٰذا اپنی پسند کی کوئی بھی سبزی لیں اور اس کا تازہ جوس نکال کر پئیں اور اگر موسم کی سبزی ہو تو کیا ہی بات ہے۔

دہی کے مشروبات کا استعمال

دہی سے بنے مشروبات وزن کو قابو میں رکھنے میں معاون ثابت ہوتے ہیں، دہی سے لسی کے علاوہ بھی کئی مشروبات بنائے جاسکتے ہیں مثال کے طور پر سیب اسٹرابیریز اور کیلے کے ساتھ اس کی اسمودھی بنائیں۔

دہی کا باقاعدہ استعمال 61 فیصد زیادہ چربی ختم کرنے میں مدد کر سکتا ہے، دہی کے استعمال سے جسم میں چربی بننے کی رفتار بھی کم ہو جاتی ہے۔

سبز چائے

سبز چائے وہ مشروب ہے جسے دن میں دو سے تین بعد پینے سے جسم میں چربی 35 سے 43 فیصد تک کم ہو جاتی ہے۔ سبز چائے میں موجود کیفین سے چربی گھلنے کا عمل تیز ہو جاتا ہے۔اس کے علاوہ یہ جسم سے اضافی پانی کو بھی خارج کرتی ہے۔

لیموں کا استعمال

لیموں کی ایسیڈک خصوصیات اسے وزن کم کرنے میں معاون بناتی ہیں، لیموں پانی کو آپ کئی مختلف انداز سے تیار کر سکتے ہیں جس سے اس کی افادیت میں مزید اضافہ ہو جاتا ہے۔

پوری نیند اور ورزش

کھانے پینے میں احتیاط کے ساتھ کچھ اور ہدایات بھی اہمیت کی حامل ہیں جیسے کہ نیند پوری کرنا۔ کچھ تحقیقات سے پتا چلتا ہے کہ چھ گھنٹے سے کم نیند موٹاپے کا باعث بنتی ہے۔

غیر آرام دہ نیند جسم کے نظام کو سست کرتی ہے جبکہ نیند کی کمی انسولین اور کولیسٹرول بڑھنے کا باعث بن سکتی ہے اور اس سے جسم میں چربی کا ذخیرہ بھی ہوتا ہے۔

ذہنی دباؤ وزن میں اضافے کا باعث بنتا ہے اسی لئے ورزش کا مشورہ دیا جاتا ہے جس سے تناؤ کی سطح کو کنٹرول کرنے میں مدد ملتی ہے۔

 

اسلام آباد کے بعد کراچی و لاہور ایئرپورٹ بھی آؤٹ سورس کیے جائیں گے

0

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ اسلام آباد ایئر پورٹ کی آؤٹ سورسنگ پر کام جاری ہے اس کے فوری بعد کراچی اور لاہور ایئرپورٹ بھی آؤٹ سورس کیے جائیں گے۔

یہ بات انہوں نے مالی سال 25-2024 کی اقتصادی سروے رپورٹ پیش کرتے ہوئے صحافی کی جانب سے حکومت کے سو دن کے حوالے سے کیے گئے ایک سوال کے جواب میں کہی۔

پی آئی اے کی نجکاری سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کی نجکاری کیلئے 6 پارٹیاں پری کوالیفائی کرچکی ہیں، اس کا حتمی نتیجہ آپ جولائی اگست تک دیکھ سکیں گے۔

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ حکومت سرکاری اداروں میں ایک ہزار ارب روپے کا خسارہ برداشت نہیں کرسکتی۔

انہوں نے کہا کہ مہنگائی کی شرح کم ہونے کی وجہ سے شرح سود میں کمی ہوئی، مئی میں مہنگائی 11.8فیصد پر آئی، توانائی اور قرضوں کی بلند قیمتیں ریکارڈ کی گئیں، ہم آئندہ سال بھی قرض رول اوور کرائیں گے، قرضوں کی ادائیگی کیلئے رواں سال کا طریقہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔

وفاقی وزیر نے بتایا کہ جی ڈی پی کا مجموعی حجم ایک لاکھ 6ہزار 45ارب ریکارڈ کیا گیا، ہمارے پاس 9ارب ڈالر کے ذخائر موجود ہیں، رواں مالی سال میں جی ڈی پی گروتھ 2.38فیصد ریکارڈ کی گئی۔ آئندہ مالی سال کا آغاز بہتر انداز میں کریں گے۔

وزیر اعظم شہباز شریف کے دورہ چین کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ چین کا دورہ سی پیک میں نئی روح لایا ہے، چین کا دورہ سی پیک کے حوالے سے بہت اہم تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ خصوصی اقتصادی زونز سے چینی بزنس پاکستان شفٹ ہوگا، ہماری حکومت کا فوکس بزنس ٹو بزنس سرمایہ کاری ہے۔

اقتصادی سروے رپورٹ  : 

واضح رہے کہ وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے مالی سال 24-2023 کا اقتصادی سروے پیش کر دیا ہے۔

سروے رپورٹ کے مطابق ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی کھپت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، انڈسٹری، ٹرانسپورٹ اور پاور سیکٹر کی جانب سے تیل کی کھپت میں نمایاں کمی سامنے آئی۔

ماہ جولائی تا مارچ2023 کی نسبت 2024 میں انڈسٹری کی تیل کی کھپت8.365فیصد کم ہوئی ٹرانسپورٹ سیکٹر کی کھپت4.78فیصد اور پاورسیکٹر کی کھپت63.26فیصد کم ہوئی۔

ایپل کا آپریٹنگ سسٹم کو اپ ڈیٹ کرنے کا اعلان

0

معروف امریکی کمپنی ایپل کی جانب سے صارفین کو درپیش مسائل کے حل اور موبائل فون کے تحفظ سے متعلق اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔

ٹیک کمپنی ایپل نے اپنے آپریٹنگ سسٹم آئی ایس او 18 کو اپ ڈیٹ کرنے کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت مصنوعی ذہانت کے منفرد استعمال کے طریقے شامل کیے گئے ہیں۔

 ایپل کی رپورٹ کے مطابق ایپل کی جانب سے آئی فون اپ ڈیٹ میں ایسی بہت سی خصوصیات متعارف کرائی جارہی ہیں جس کا صارفین کو کئی سال سے انتظار تھا، یہ وہ خصوصیات ہیں جو کسی کو بھی پیشگی فراہم کیے جانے والے بیٹا ورژن انسٹال کرنے پر آمادہ کرسکتی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق ترجمان ایپل کمپنی کا کہنا ہے کہ نیا آپریٹنگ سسٹم آئی او ایس 18 آئی فون کو پہلے سے زیادہ ’ذاتی، قابل، اور ذہین‘ بناتا ہے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ اس آپریٹنگ سسٹم کے بیٹا ورژن میں حسب ضرورت تمام نئے آپشنز، فوٹوز کا اب تک کا سب سے بڑا ری ڈیزائن، منسلک رہنے کے لیے طاقتور اپ ڈیٹس، اور ایپل انٹیلججنس سمیت پرسنل انٹیلیجنس سسٹم متعارف کرایا گیا ہے۔

ایپل نے اپنے آپریٹنگ سسٹم کے اس نئے ورژن کا تعارف پیش کیا ہے جس میں فون کو خاصی حد تک ذاتی بنانے کے حسب ضرورت مزید اختیارات متعارف کیے گئے ہیں، جن میں فوٹو ایپ کا اب تک کا سب سے بڑا ری ڈیزائن، میل میں صارفین کے لیے اپنے ان باکس کو منظم کرنے کے نئے طریقے، سیٹلائٹ پر پیغامات بھیجنے سمیت اور بہت کچھ شامل ہیں۔

صارفین ہوم اسکرین پر کسی بھی کھلی جگہ پر ایپس اور ویگٹس کو ترتیب دے سکیں گے، لاک اسکرین کے نیچے حسب ضرورت بٹن بنائے جاسکیں گے اور کنٹرول سینٹر میں مزید کنٹرولز تک تیزی سے رسائی حاصل کی جاسکے گی، فوٹو لائبریریاں خود بخود ’فوٹوز‘ میں ایک نئے تنہا منظر میں ترتیب دی جاتی ہیں، اور مددگار نئے مجموعے پسندیدہ تصویر کو آسانی سے قابل رسائی حد میں رکھیں گے۔

آن ڈیوائس انٹیلی جنس کا استعمال کرتے ہوئے ای میل کو زمروں میں چھانٹ کر ان باکس کو آسان بناتا ہے اور تمام نئے ٹیکسٹ اثرات آئی میسیج پر آتے ہیں۔

آئی فون سیٹلائٹ کی موجودہ صلاحیتوں جیسی بنیادی ٹیکنالوجی سے تقویت یافتہ، صارفین اب میسجز ایپ میں سیٹلائٹ پر بات چیت کر سکتے ہیں جب سیلولر یا وائی فائی کنکشن دستیاب نہ ہو۔

پاکستان نے اپنے پیر پر خود کلہاڑی ماری، وریندر سہواگ

0
وریندر سہواگ

سابق بھارتی اوپنر وریندر سہواگ کا کہنا ہے کہ پاکستان نے اپنے پیر پر خود کلہاڑی ماری اس سے زیادہ میں کچھ نہیں کہہ سکتا۔

ٹی 20 ورلڈ کپ کے گروپ میچ میں بھارت نے پاکستان کو 6 رنز سے شکست دی، پاکستان کی ٹیم 120 رنز کے تعاقب میں 113 رنز ہی بناسکی تھی۔

سہواگ نے میچ سے متعلق کہا کہ پاکستانی بولرز نے شاندار بولنگ کی اور بھارت کو 119 رنز پر آل آؤٹ کیا پھر آپ 11 اوورز تک میچ میں تھے دو وکٹیں ہی گری تھیں پھر ہار گئے تو کلہاڑی ہی کام اْسکتی ہے کہ اپنے پیر پر مارلی۔

خیال رہے کہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاکستان ٹیم نے آج اپنا تیسرا اور اہم میچ نیویارک میں کینیڈا کے خلاف کھیلا جس میں کینیڈا کو 7 وکٹ سے شکست ہوئی۔

ورلڈ کپ میں برقرار رہنے کے لیے پاکستان کو ناصرف آئرلینڈ کیخلاف کامیابی ضروری ہے بلکہ امریکا کی بھارت اور آئرلینڈ سے شکست کا بھی انتظار کرنا ہوگا۔

اگر امریکا نے بارش کی وجہ سے ایک پوائنٹ بھی حاصل کرلیا تو پاکستان کا ورلڈ کپ میں سفر تمام ہوجائے گا۔

’ٹیم میں ریٹائرڈ پلیئرز کو شامل کرکے آپ کو کیا ملا؟‘

0

سابق چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کےلیے ریٹائرڈ پلیئرز کو ٹیم میں شامل کرنے پر کرکٹ بورڈ کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

آئی سی سی ایونٹ میں بھارت کے ہاتھوں افسوسناک شکست کے بعد سابق پاکستانی کپتان رمیض اس بات پر برہم نظر آئے کہ پی سی بی اور سیلکٹرز نے نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دینے کے بجائے ان پلیئرز کو میگا ایونٹ کے لیے ٹیم میں شامل کیا جو ریٹائر ہوچکے تھے۔

رمیز راجہ نے کرک بز کرکٹ ویب سائٹ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ پاکستانی ٹیم ایسے کھلاڑیوں کو تیار کرے جو دباؤ میں کھیلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ پی سی بی کو ورلڈ کپ کے بعد دوبارہ سے تعمیرنو شروع کرنا ہوگی، ٹیم میں ایسے کھلاڑیوں کو منتخب کرنا ہوگا جو دباؤ کو برداشت کرسکیں اور ان کی ذہنیت واضح ہو۔

سابق چیئرمین نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ ٹیم میں کھلاڑیوں کو باہر سے لانے کی ضرورت نہیں ہے، ان ریٹائر پلیئرز کو واپس لاکر آپ درحقیقت پہلے کیے گئے اچھے کاموں کی نفی کر رہے ہیں۔

خیال رہے کہ پاکستان کے کئی سابق کرکٹرز نے ریٹائر ہونے والے محمد عامر اور عماد وسیم کو ٹیم میں شامل لانے کے بورڈ کے فیصلے کو کافی تنقید کا نشانہ بنایا تھا جبکہ رمیز راجہ ان سب میں پیش پیش تھے۔

آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے لیے پاکستانی کرکٹ ٹیم میں عامر اور عماد کی شمولیت کے باوجود گرین شرٹس بری طرح ناکام ثابت ہوئے۔ ٹیم امریکا اور بھارت کے خلاف میچز بری طرح ہار گئی، اب اس کے اگلے مرحلے میں جانے کے لالے پڑے ہیں۔

ذیابیطس کے مریض چاول اس طریقے سے کھائیں

0

ہمارے گھروں میں اکثر رات کو بنائے گئے چاول بچ جاتے ہیں جنہیں فریج میں محفوظ کرلیا جاتا ہے تاکہ اگلے دن انہیں کھایا جاسکے، کیا آپ جانتے ہیں کہ یہ باسی چاول ہماری صحت پر کیسا اثر ڈالتے ہیں؟

بہت سے لوگ یہ چاول کھانا پسند نہیں کرتے لیکن اگر ہم آپ کو یہ بتائیں کہ ان باسی چاولوں کو ضائع کرکے آپ خود کو بہت سے فوائد سے محروم کر رہے ہیں تو آپ کیا کہیں گے؟

جی ہاں! رات کو بچ جانے والے باسی چاول آپ کی صحت کے لیے بہت فائدہ مند ثابت ہوتے ہیں، یہ چاول کے شوقین شوگر کے مریضوں کے لیے بھی ایک معجزہ ثابت ہو سکتے ہیں۔

رات کے بچے ہوئے چاولوں کو ذخیرہ کرنے کے لیے چاولوں کو مٹی کے برتن میں بھگو دیں۔ رات بھر پانی میں رہنے کی وجہ سے چاول کا ابال پیدا ہوتا ہے اور اس میں سے کاربوہائیڈریٹ کی مقدار تقریباً ختم ہو جاتی ہے۔ یہ چاول شوگر کے مریضوں کے لیے بہت اچھا ہے کیونکہ یہ شوگر کو کنٹرول کرنے میں ان کی مدد کرتا ہے۔

موسم گرما میں باسی چاول آپ کے جسم کے لیے بہت فائدہ مند ہیں کیونکہ اس کی تاثیر سرد ہوتی ہے، اس کی مدد سے آپ کو اپنے جسم کے درجہ حرارت کو کنٹرول کرنے میں مدد ملتی ہے۔ اس کے علاوہ اسے کھانے سے تیزابیت بھی نہیں ہوتی۔

باسی چاول آپ کی آنتوں کے لیے بہت مفید ہیں اس کے علاوہ یہ آپ کو دن بھر تروتازہ رکھتا ہے اور دن بھر آپ کو توانائی دیتا ہے۔

دوسری جانب اگر آپ کو چائے یا کافی پینے کی عادت ہے اور آپ اسے چھوڑنا چاہتے ہیں تو صبح ناشتے میں باسی چاول ضرور لیں، اس سے آپ چند دنوں میں اپنی چائے کافی کی لت سے نجات حاصل کر لیں گے۔

اگر آپ کو قبض کا مسئلہ ہے تو آپ باسی چاول کا استعمال کریں۔ اس سے آپ کو وافر مقدار میں فائبر ملے گا، جو ہاضمے کو فائدہ دیتا ہے۔

السر کے مریضوں کے لیے باسی چاول کسی نعمت سے کم نہیں۔ اگر وہ ہفتے میں 3 سے 4 دن باسی چاول کھائیں تو اسے اس پریشانی سے نجات مل جاتی ہے۔

جیسا کہ ہم نے اوپر بتایا کہ باسی چاولوں کو رات بھر بھگونے سے کاربو ہائیڈریٹ کی مقدار، چینی کی مقدار کافی حد تک کم ہو جاتی ہے۔ ایسی حالت میں یہ ذیابیطس کے مریضوں کے لیے بھی یہ فائدہ مند ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
نوٹ : مندرجہ بالا تحریر معالج کی عمومی رائے پر مبنی ہے، کسی بھی نسخے یا دوا کو ایک مستند معالج کے مشورے کا متبادل نہ سمجھا جائے۔

آئرلینڈ کیخلاف میچ سے قبل پاکستان کے ورلڈ کپ سے باہر ہونے کا خدشہ

0

ٹی 20 ورلڈ کپ کے ایک میچ میں بارش پاکستان کو وطن واپس پہنچا دے گی اور امریکا کی ٹیم سپر 8 میں پہنچ جائے گی۔

لاڈرہل میں اگلے چند روز تیز بارش کی پیش گوئی ہے اور لاڈرہل میں بارشیں اگر مگر پر منحصر پاکستان ٹیم کی امیدوں پر پانی پھیر سکتی ہے۔

14 جون کو امریکا اور آئرلینڈ کے میچ میں بارش کے 91 فیصد امکان ہے۔

پاکستان کی امیدوں کو زندہ رکھنے کیلئے اس میچ میں آئرلینڈ کی جیت لازمی ہے اور میچ واش آؤٹ ہونے کی صورت میں پاکستان سپر ایٹ کی دوڑ سے باہر ہوجائے گا۔

16 جون کو شیڈولڈ پاکستان اور آئرلینڈ کے میچ میں بھی بارش کا 47 فیصد امکان ہیں۔

خیال رہے کہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاکستان ٹیم نے آج اپنا تیسرا اور اہم میچ نیویارک میں کینیڈا کے خلاف کھیلا جس میں کینیڈا کو 7 وکٹ سے شکست ہوئی۔

ورلڈ کپ میں برقرار رہنے کے لیے پاکستان کو ناصرف آئرلینڈ کیخلاف کامیابی ضروری ہے بلکہ امریکا کی بھارت اور آئرلینڈ سے شکست کا بھی انتظار کرنا ہوگا۔

اگر امریکا نے بارش کی وجہ سے ایک پوائنٹ بھی حاصل کرلیا تو پاکستان کا ورلڈ کپ میں سفر تمام ہوجائے گا۔

بارش کے بعد اچانک ’نیلا پانی‘ بہنا شروع ہوگیا، ویڈیو وائرل

0
نیلا پانی

بھارت میں طوفانی بارش کے بعد اچانک بہنے والا پانی نیلا ہوگیا جسے دیکھ کر لوگ دنگ رہ گئے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاست مہاراشٹر کے دھارشیو ضلع کے مہسلا گاؤں میں بارش کے بعد بہنے والے نیلے پانی نے لوگوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کروالی۔

بارش کے بعد وہاں نیلے رنگ کا پانی بہنے لگا مقامی لوگوں نے ویڈیو بنائی اور سوشل میڈیا پر شیئر کردی جو وائرل ہوگئی۔

ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا گیا کہ دھرشیو میں کھیتوں میں نیلا پانی آرہا ہے اور ہجوم اسے دیکھنے کے لیے اکٹھا ہے۔

معائنے کے بعد علم ہوا کہ نیلے رنگ کا پانی قدرتی واقعہ نہیں تھا، ایک اہلکار نے اطلاع دی کہ رنگ کا ایک ڈبہ نادانستہ طور پر بارش کے پانی میں گر گیا تھا جس کے نتیجے میں پانی کا رنگ بدل گیا۔

انہوں نے بتایا کہ علاقے میں آسمانی بجلی گرنے کی اطلاع ملی لیکن نیلے رنگ کا پانی صرف رنگ کے ڈبے کی وجہ سے تبدیل ہوا تھا۔

130 سالہ معمر خاتون حج کیلئے سعودی عرب پہنچ گئیں

0

الجزائر سے تعلق رکھنے والی 130 سالہ معمر خاتون حج کیلئے سعودی عرب پہنچ گئیں، سعودی حکام نے ایئرپورٹ پر استقبال کیا۔

کہتے ہیں حج پر وہی جاتا ہے جس کا بلاوا آتا ہے، ایسا ہی کچھ دیکھنے میں اس وقت آیا جب حج کی سعادت حاصل کرنے کے لیے الجزائر کی 130 سالہ خاتون نے سعودی سرزمین پر قدم رکھا جہاں سعودی حکام نے ان کا استقبال کیا۔

جدہ ائیرپورٹ پر سعودی حکام 130 سالہ خاتون کی آمد پر بنفس نفیس موجود تھے، اس موقع پر سرہدہ سیتی نامی خاتون نے سعودی قیادت اور سعودی عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔

سرہدہ سیتی نے اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا کہ اس نے حج کی سعادت کے لیے انھیں منتخب کیا اور اپنے گھر آنے کی توفیق دی۔

خیال رہے کہ سعودی عرب میں دنیا بھر سے عازمین حج کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، حکومت کی جانب سے عازمین حج کی سہولت کے پیش نظر بہترین انتظامات کئے گئے ہیں۔

سعودی خبر رساں ادارے سبق نیوز کے مطابق سعودی وزارت اسلامی امور نے خادم حرمین شریفین کے پروگرام کے تحت حج کے لیے آنے والے 9ممالک کے مزید 145 شاہی مہمانوں کو خوش آمدید کہا ہے۔

رپورٹس کے مطابق اب تک 75 ملکوں کے ایک ہزار 75 شاہی مہمان مکہ مکرمہ پہنچ چکے ہیں۔ شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی خصوصی دعوت پر دنیا بھر کے 88 ممالک کے 3 ہزار 322 عازمین فریضہ حج ادا کریں گے۔

خصوصی دعوت پر پہنچنے والوں میں دو ہزار عازمین فلسطین میں شہید ہونے اور زخمی ہونے والوں کے لواحقین میں سے ہوں گے جبکہ 22 عازمین سعودی عرب میں علیحدہ ہونے والے سیامی بچوں کے والدین ہوں گے۔

گزشتہ سال کتنے لاکھ پاکستانی روزگار کے سلسلے میں بیرون ملک گئے؟

0

سال 2023 کے دوران لاکھوں کی تعداد میں پاکستانی روزگار حاصل کرنے کے لیے بیرون ملک روانہ ہوئے، اس سلسلے میں رپورٹ سامنے آگئی۔

تفصیلات کے مطابق اقتصادی سروے رپورٹ بتایا گیا ہے کہ سال 2023 میں پنجاب سے سب سے زیادہ شہری روزگار کیلئے بیرون ملک گئے، اس صوبے سے 4 لاکھ 89 ہزار 301 افراد بیرون ملک گئے۔

رپورٹ میں سے ظاہر ہوتا ہے کہ خیبر پختونخوا سے 2 لاکھ 10 ہزار 150 افراد بیرون ملک گئے، سندھ سے 72 ہزار 382 افراد روزگار کمانے کےلیے بیرون ملک سدھارے۔

اقتصادی سروے رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ سال 2023 میں قبائلی علاقوں سے 36 ہزار 609 افراد بیرون ملک گئے۔

اس کے علاوہ رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ملک میں 38.82 فیصد آبادی شہری علاقوں میں رہائش پذیر ہے، ملک کی 61.18 فیصد آبادی دیہات میں رہائش پذیر ہے۔

اقتصادی سروے رپورٹ کے مطابق پنجاب کی 40.70 فیصد آبادی شہروں اور 59.30 فیصد دیہات میں رہائش پذیر ہے، سندھ کی 53.73 فیصد آبادی شہری علاقوں اور 46.27 فیصد دیہات میں رہتی ہے۔

بلوچستان میں 30.96 فیصد آبادی شہروں اور 69.04 فیصد دیہات میں رہائش پذیر ہے، خیبر پختونخوا کی 15.01 فیصد آبادی شہری علاقوں پر مشتمل ہے جبکہ 85 فیصد آبادی دیہات میں رہا ئش پذیر ہے۔