منگل, جولائی 1, 2025
ہوم بلاگ صفحہ 3936

وائس کال کرنے والے واٹس ایپ صارفین کیلیے ایک اور سہولت

0
واٹس ایپ

کیلیفورنیا : دنیا بھر میں مقبول میسجنگ ایپ واٹس ایپ نے اپنے صارفین کیلئے ایک اور بہترین فیچر متعارف کرا دیا۔

اس حوالے سے غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق واٹس ایپ انتظامیہ نے اپنے اینڈرائیڈ صارفین کیلئے وائس کال میں مزید سہولت فراہم کرتے ہوئے نیا فیچر متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔

گلوبل ویلج سپیس ڈاٹ کام کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس نئی اپ ڈیٹ کے بعد واٹس ایپ پر کال موصول ہوتے وقت کال کرنے والے کی تصویر پوری اسکرین پر دیکھی جا سکے گی۔

متعارف کرائے جانے والے دیگر فیچرز میں سے ایک میں کال ونڈو پر اوپر کی جانب کچھ آئیکون دیے جائیں گے کہ جس سے صارفین کال ونڈو کو چھوٹا یا روابط کی فہرست سے دیگر افراد کو کال میں شامل کر سکیں گے۔

اس کے علاوہ واٹس ایپ کے ایک اور فیچر کے تحت اسکرین پر نیچے کی جانب دیے گئے پینل میں مزید آپشن شامل کیے جائیں گے۔

ٹی 20 ورلڈ کپ : اعظم خان بھارت کیخلاف میچ سے باہر، ذرائع

0

نیویارک : ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2024 کے سب سے اہم پاک بھارت میچ سے قبل قومی ٹیم میں بڑی تبدیلی کی گئی ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ اعظم خان کو اس میچ سے باہر کردیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے مابین آج بروز اتوار کھیلے جانے والے میچ سے قبل قومی ٹیم میں کی جانے والی تبدیلی سے متعلق اہم خبر سامنے آگئی۔

اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بھارت کی کرکٹ ٹیمیں آج نیویارک کے اسٹیڈیم میں مدمقابل آرہے ہیں جہاں پاکستان کے کھلاڑی اعظم خان ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے۔

اعظم خان

ذرائع کے مطابق پریکٹس سیشن میں اعظم خان کو بیٹنگ پریکٹس نہیں کرائی گئی کیونکہ ہیڈ کوچ اعظم خان کی موجودہ کارکردگی سے مطمئن نہیں ہیں۔

دوسری جانب ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ اعظم خان کی جگہ قومی کرکٹر عماد وسیم کی ٹیم میں واپسی کا قوی امکان ہے۔

یاد رہے کہ قومی ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر اعظم خان آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں امریکا کے خلاف میچ میں مایوس کن کارکردگی دکھانے پر شائقین کی کڑی تنقید کی زد میں ہیں۔

مذکورہ میچ میں قسمت نے اعظم خان کا ساتھ نہ دیا اور وہ صفر پر آؤٹ ہوکر پویلین لوٹ گئے، تاہم اس صورتحال پر پاکستان کے سابق وکٹ کیپر بیٹر کامران اکمل ان کا دفاع کرتے ہوئے نظر آئے۔

اے آر وائی نیوز کے پروگرام ہرلمحہ پرجوش میں گفتگو کرتے ہوئے کامران اکمل نے کہا کہ مڈل آرڈر میں کوئی آپشن نہیں اعظم خان کو اسکواڈ میں رکھنا پڑے گا، اعظم خان کو بھارت کے خلاف میچ میں کھلانا چاہیے۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ : آسٹریلیا نے انگلینڈ کو باآسانی شکست دے دی

0

برج ٹاؤن : آئی سی سی ٹی 20 ورلڈکپ کے اہم میچ میں آسٹریلیا نے انگلینڈ کو 36 رنز سے ہرادیا۔

تفصیلات کے مطابق کینگروز کی جانب سے دیا گیا بڑا ہدف دیکھ کر انگلش کھلاڑیوں کے ہاتھ پاؤں پھول گئے، 202رنز کے تعاقب میں انگلینڈ کی ٹیم 6 وکٹوں کے نقصان پر محض 165رنز بنا سکی، انگلینڈ کی جانب سے جوش بٹلر42 اور فل سالٹ 37 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

کینسنگٹن اوول اسٹیڈیم میں گروپ بی کی ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے میچ میں آسٹریلوی ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کے اوپنرز  نے اچھا کھیل پیش کیا تاہم ان کے آؤٹ ہونے کے بعد کوئی کھلاڑی زیادہ تیزی سے اسکور نہ بڑھا سکا۔

ابتدائی سات اوورز میں تیز ترین 73 رنز کے بعد انگلش اوپنر فل سالٹ 37 اور پھر کپتان جوز بٹلر 42رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

 

View this post on Instagram

 

A post shared by ICC (@icc)

انگلینڈ کے دیگر بلے باز ول جیکس 10، جونی بیئر اسٹو 7، معین علی 25 اور لیونگ اسٹن 15 رنز بنا آؤٹ ہوئے،
آسٹریلوی بالرز پیٹ کمنز اور ایڈم زمپا دو دو وکٹوں کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ ہیزل ووڈ اور اسٹوئنس نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
T20 World Cup 2024قبل ازیں ویسٹ انڈیز کے شہر برج ٹاؤن میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا 17 واں میچ انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلا گیا، دفاعی چیمپئن انگلینڈ نے آسٹریلیا کے خلاف ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا۔

 آئی سی سی ٹی 20 ورلڈکپ کے اہم میچ میں آسٹریلیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے انگلینڈ کو جیت کیلئے 202 رنز کا ہدف دیا تھا۔

 

View this post on Instagram

 

A post shared by ICC (@icc)

آئی سی سی شوپیس ایونٹ کے میچ میں آسٹریلیا نے پہلے کھیلتے ہوئے 7 وکٹوں کے نقصان پر 201 رنز اسکور کیے، آسٹریلوی ٹیم نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس ورلڈ کپ کا سب سے بڑا ٹوٹل اسکور بورڈ پر سجایا۔

کینگروز کی جانب سے کوئی بیٹر نصف سنچری تو اسکور نہ کرسکا پر اوپنر ڈیوڈ وارنر 39، مچل مارش 35 اور ٹریوس ہیڈ 34 رنز بناکر نمایاں رہے۔

انگلینڈ کی جانب سے کرس جارڈن نے 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ جوفرا آرچر، عادل رشید، معین علی اور لیونگ اسٹون 1،1 وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔

گروپ ڈی میں آسٹریلیا کی ٹیم دو میچز کھیل کر دونوں میں کامیابی کے ساتھ 4 پوائنٹس لیکر پہلے نمبر پر آگئی۔ جبکہ انگلینڈ بدستور ایک پوائنٹ کے ساتھ چوتھی پوزیشن پرموجود ہے۔

کھانا پکانے کیلیے گیس کا بہترین متبادل کیا ہے؟

0
گیس

اکثر خواتین کیلیے گیس کے چولہے پر کھانا پکانا آسان ہوتا ہے، تاہم اس کی قلت کے باعث گیس کے متبادل کی تلاش بڑھ رہی ہے جو یقینی طور پر اہم ضرورت بھی ہے، عوام کی بڑی تعداد الیکٹرک ہیٹرز یا ڈیسک ٹاپ الیکٹرک چولہے خرید رہی ہے۔

ویسے تو عام طور پر گیس کے چولہوں سے نکلنے والی تیز آگ کھانا پکانے میں بہت مددگار ہوتی ہے لیکن موجودہ قلت کی صورتحال میں کھانا پکانے کے متبادل ذرائع حاصل کرنے کی کوششیں بھی کی جارہی ہیں۔

زیر نظر مضمون میں گیس کے چولہوں کے متبادل کے طور پر کچھ ایسے ذرائع کے بارے میں بیان کیا جارہا ہے جو بہت کارآمد ثابت ہوسکتے ہیں۔

الیکٹرک ہیٹرز یا الیکٹرک چولہے

بازار میں دو اقسام کے چولہے دستیاب ہیں جن میں ایک الیکٹرک ہیٹر ہے اور دوسرا انڈیکشن، انڈیکشن چولہے کی خاص بات یہ ہے کہ غلطی سے اس پر ہاتھ لگ بھی جائے تو کوئی نقصان نہیں پہنچتا جبکہ الیکٹرک ہیٹر کے اوپر ایک کوائل ہوتی ہے جو کرنٹ ملنے کی صورت میں تیز گرم ہوجاتی ہے، یہ چولہے گیس کے چولہوں کے مقابلے میں گرم اور ٹھنڈا ہونے میں وقت لیتے ہیں۔

تاہم انڈیکشن چولہوں کے لیے مخصوص دھاتوں سے تیار کیے گئے برتنوں کی ضرورت ہوتی ہے جنہیں عام طور پر ’نان اسٹک‘ کہا جاتا ہے۔

Cooktops

پورٹیبل اور کاؤنٹر ٹاپ آلات:

وہ لوگ جو صرف بنے بنائے کھانے گرم کرتے ہیں وہ عام طور پر پورٹیبل اور کاؤنٹر ٹاپ آلات جیسے کہ ٹوسٹر اوون، ایئر فرائیرز اور سِلو کُکر وغیرہ استعمال کرتے ہیں۔،

مذکورہ آلات دیگر چولہوں کے مقابلے میں کم توانائی استعمال کرتے ہیں جس سے یہ نہ صرف کم خرچ ہوتے ہیں بلکہ ماحول دوست بھی ہیں اور استعمال میں آسان ہوتے ہیں۔

بائیو ایندھن کا استعمال

ایسے افراد جو قدرتی گیس یا بجلی تک رسائی نہیں رکھتے ان کیلیے بایو ایتھنول یا پروپین برنرز ایک پورٹیبل (قابلِ نقل) حل ہے۔ یہ ایندھن آسانی سے دستیاب ہوتا ہے اور چھوٹے، ہلکے وزن کے چولہوں میں استعمال کیے جاسکتا ہے۔

تاہم اس قسم کے ایندھن کو گھر کے اندر جلانے سے مختلف مسائل پیدا ہوسکتے ہیں جس کے تدارک کیلئے ہوا دان (وینٹی لیشن) کا ہونا بھی لازمی ہے۔

bio

صحیح متبادل کا انتخاب :

آپ کے لیے بہترین متبادل آپ کے کھانا پکانے کے انداز، بجٹ اور باورچی خانے کے سیٹ اپ پر منحصر ہے تاہم کچھ ایسے عوامل بھی ہیں جنہیں مد نظر رکھنا ضروری ہے۔

ابتدائی لاگت : انڈکشن چولہوں کی ابتدائی قیمت زیادہ ہوتی ہے جبکہ الیکٹرک اور پورٹیبل آپشنز عام طور پر کم قیمت ہوتے ہیں۔

باورچی خانے کا بنیادی ڈھانچہ : کیا آپ کے باورچی خانے میں بجلی کی وائرنگ معیاری ہے جو برقی آلات کے استعمال کیلئے موزوں ہے؟

تبدیلی کا عمل :

گیس سے الیکٹرک یا انڈکشن چولہوں کی جانب منتقلی کا عمل پیچیدہ نہیں ہے، جدید الیکٹرک اور انڈکشن چولہوں میں وہی خصوصیات موجود ہیں جو عام طور پر گیس کے چولہوں میں ہوتی ہیں۔

تھوڑی سی تحقیق اور منصوبہ بندی کے ساتھ آپ اپنے باورچی خانے اور کھانا پکانے کے لئے گیس کا بہترین متبادل تلاش کر سکتے ہیں۔

اس شہر میں تین دن میں زمین کے دام ڈبل ہوگئے!

0

آپ جان کر حیران رہ جائیں گے کہ اس شہر میں زمینوں کی قیمت کو آگ لگ گئی اور صرف تین دن میں قیمت دوگنی ہوگئے۔

ملک میں تیسری بار نریندر مودی کی حکومت آنے کے بعد ریاست آندھرا پردیش کے شہر امراوتی میں زمین خریدنا محال ہوگیا، 12 جون کے بعد تو زمین کی قیمت ڈبل ہوچکی ہے۔ ریاست کے مستقبل کے وزیر اعلی چندرا بابو نائیڈو کے لیے لگتا ہے اچھے دن آ گئے ہیں۔

چندرا بابو 12 جون کو امراوتی میں آندھرا پردیش کے وزیراعلی کی حیثیت سے حلف اٹھائیں گے، تاہم ان کے منصب سنبھالنے سے قبل ہی یہاں زمین کی قیمت 3 دن میں دوگنی ہوگئی ہے۔

وزیراعلیٰ بننے والے چندرا نے اعلان کیا ہے کہ وہ امراوتی کو اس ریاست کا سبز دارلحکومت بنائیں گے اور اسے ترقی کی جانب گامزن کریں گے۔

ان کے اعلان کے بعد پراپرٹی کی قیمتوں میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے، وہ اس سے قبل 2014 سے 2019 تک ریاست کے وزیر اعلیٰ رہے ہیں۔ اسی مدت میں چندرا بابو نائیڈو نے امراوتی کو دارالحکومت بنانے کی تجویز پیش کی تھی۔

اب وہ چاہتے ہیں کہ امراوتی کو ماحولیاتی لحاظ سے مزید خوشحال بنائیں، یہ شہر وجے واڑہ اور گنٹور شہروں کے درمیان میں واقع ہے اور 29 گاؤں پر مشتمل ہے۔

بھارت کے موقر اخبار کے مطابق لوک سبھا انتخابات کے نتائج آنے کے بعد آندھرا پردیش کے امراوتی شہر میں رئیل اسٹیٹ کی قیمتوں میں 50 سے 100 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

اس کی وجہ یہ ہے کہ چندرابابو نائیڈو شروع سے ہی امراوتی شہر کو دارالحکومت کے طور پر ترقی دینے میں دلچسپی رکھتے ہیں، اس لیے اگر آنے والے دنوں میں یہ اعلان کیا جاتا ہے تو اس سے امراوتی کو کافی فائدہ ہوگا۔

امراوتی میں زمین کی قیمتیں
اس شہر میں 2019 میں زمین کی قیمتیں 25,000 سے 60,000 اسکوائریارڈ تھیں۔ جگن موہن ریڈی کی حکومت کے قیام کے بعد قیمتیں 9000 روپے سے 18000 روپے اسکوائریارڈ ہو گئیں۔

اب چندرابابو نائیڈو کے اقتدار میں واپسی کے بعد یہاں زمین کی قیمتیں 30,000 روپے سے 60,000 روپے اسکوائریارڈ ہو گئی ہیں۔

پورا یقین ہے پاکستان ٹیم بھارت کو ہرا دے گی، وسیم اکرم

0

پاکستان کے سابق کپتان وسیم اکرم نے کہا ہے کہ مجھے پاکستان ٹیم پر اعتماد ہے، پورا یقین ہے کہ پاکستان ٹیم بھارت کو ہرا دے گی۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاک بھارت ٹاکرے سے قبل پاکستان کے سابق کپتان اور لیجنڈ کرکٹر وسیم اکرم نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی ٹیم میں ٹیلنٹ ہے بھارت کیخلاف میچ جیت سکتی ہے، ہم نے وکٹیں ہاتھ میں رکھنی ہیں، 140 سے زائد ٹارگٹ دینا ہے۔

وسیم اکرم نے کہا کہ پچ بیٹنگ کیلئے اتنی خاص نہیں، پہلے بیٹنگ بھی آتی ہے تو پہلے دو تین اوور میں پچ کا اندازہ لگا لیں۔ بولنگ پہلے آتی ہے توبھارت کی ٹیم کو 120 یا 130 سے زائد رنز نہیں کرنے دینا۔ بھارت کیخلاف میچ جیتیں گے تو پاکستان سپر ایٹ کیلئے کوالیفائی کریگا۔

انھوں نے کہا کہ ہمارے فاسٹ بالرز میں قابلیت ہے کسی بھی کھلاڑی کو جلدی آؤٹ کرسکتے ہیں، سب کو پتہ ہے کہ بھارت کی ایک مضبوط ٹیم ہے، یہ بھی سب کو پتہ ہے کہ پاکستان کی ورلڈکپ میں شروعات اچھی نہیں ہوئی۔

سوئنگ کے سلطان نے کہا کہ پاکستان کی ٹیم کو امریکا سے ہار کو بھلانا ہوگا، امریکا کے ساتھ میچ ہوگیا ہے اب آگے بڑھنا چاہیے، اپنی غلطیوں سے سیکھنا چاہیے پاکستان کی ٹیم میں قابلیت ہے۔

وسیم اکرم نے کہا کہ کرکٹ میں کئی مرتبہ انہونی ہوجاتی ہے، کرکٹ میں ہار جیت ہوتی رہتی ہے، امریکی ٹیم نے پورے گیم کو کنٹرول کیا جو میرے لیےحیران کن تھا، پاکستان ٹیم کی پلاننگ اچھی نہیں تھی، امریکا کیخلاف میچ میں لیک آف فٹنس اور لیک آف کمیونی کیشن نظر آئی۔

انھوں نے کہا کہ امریکا کیخلاف اعظم خان کو ہٹر کے طور پر کھلایا گیا، اعظم خان 6 اوور بیٹھا رہا اس لیے وہ پاور پلے سے فائدہ نہیں اٹھا سکا، اعظم خان پر تنقید ہورہی ہے یہ اچھا نہیں ہے، اعظم سے پرفارمنس ہوگی تو ٹیم میں رہے گا۔
وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ اعظم خان جیسے ہمارے ہی بچے ہیں کسی پڑوسی ملک کے نہیں، چلیں ٹھیک ہے تنقید کرلی ہے اب آگے بڑھیں۔

سابق کرکٹر نے کہا کہ فخر زمان ہمارا مین پلیئر ہے، اس کو فاسٹ بالر کو فیس کرنا چاہیے تھا، ہمیں پاکستان ٹیم کی سپورٹ کرنی چاہیے تھوڑی محبت کریں، پاکستان ٹیم اور ہمارے کپتان بابر اعظم کو سپورٹ کرتا ہوں، ہمارے دور میں لمبی کرکٹ تھی، ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ نہیں تھا۔

انھوں نے کہا کہ نئے چیئرمین پی سی بی آئے ہیں انھیں چاہیے فرسٹ کلاس اسٹرکچر پر توجہ دیں، سابق کرکٹرز سے درخواست ہے ہماری ٹیموں کی مدد کریں۔

وسیم اکرم نے کہا کہ پی ایس ایل میں لڑکوں سے ملاقات ہوتی ہے، ہمارے شاہینوں کو مدد کی ضرورت ہوگی تو ضرور مدد کرونگا، یہ ہماری ٹیم ہے۔

لڑکے کے گلے میں پھنسا سکہ 7 سال بعد نکال لیا گیا

0
لڑکے کے گلے میں پھنسا سکہ 7 سال بعد نکال لیا گیا

بھارت کی ریاست اتر پردیش میں 12 سالہ لڑکے کے گلے میں 7 سال قبل پھنسنے والا سکہ ڈاکٹرز نے پیچیدہ سرجری کے بعد کامیاب سے نکال لیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق انکول نامی لڑکا 5 سال کی عمر میں سکہ نگل گیا تھا جو 7 سال تک اس کے سکہ میں رہا۔ اپریل میں اس کے پیٹ میں درد اٹھا تو والدین نے ایک ڈاکٹر کو دکھایا۔

عارضی طور پر انکول کو آرام آگیا تھا لیکن 4 جون کو جب اس کے گلے میں شدید تکلیف ہوئی تو والدین اسے ڈسٹرکٹ اسپتال منتقل کیا جہاں معائنے کے بعد ڈاکٹرز نے اس کے گلے میں ایک روپے کا سکہ ہونے کی نشاندہی کی۔

ایکسرے سے معلوم ہوا کہ سکہ انکول کی خوراک کی نالی میں موجود ہے۔ سکے کو دوربین کے طریقہ کار سے سرجری کے ذریعے ہٹا دیا گیا۔

پیچیدہ سرجری کرنے والے ڈاکٹر وویک سنگھ نے بتایا کہ یہ ایک انوکھا کیس تھا جس میں لڑکے کے گلے میں سکہ 7 سال تک موجود رہا، اس کی وجہ سے نہ صرف لڑکے کی نشوونما رک گئی بلکہ اس کی جسمانی صحت بھی متاثر ہوئی۔

شردھا کپور نے سلمان خان کے ساتھ فلم کی آفر کیوں ٹھکرا دی؟

0
شردھا کپور

بالی ووڈ کی معروف اداکارہ شردھا کپور نے 16 سال کی عمر میں سپر اسٹار سلمان خان کے ساتھ ڈیبیو کی پیشکش ٹھکرا دی تھی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ شردھا کپور کو سلمان خان کی فلم ’لکی: نو ٹائم فار لو‘ میں مرکزی کردار کی پیشکش کی گئی تھی جب وہ صرف 16 سال کی تھیں اور اس وقت پڑھ رہی تھیں لیکن انہوں نے اس موقع کو مسترد کیا اپنی توجہ پڑھائی پر دینے کا فیصلہ کیا۔

قبل ازیں انٹرویو میں شردھا کپور کہا تھا کہ ’میں نے محسوس کیا کہ 15 یا 16 سال کی عمر میں بہت چھوٹی تھی اور اسکول کی تعلیم مکمل کرکے کالج جانا چاہتی تھی۔‘

اداکارہ نے کہا کہ فلم کی پیشکش کو ٹھکرانا اور پڑھائی پر توجہ دینا مشکل تھا کیونکہ سلمان خان کے ساتھ کام کرنے کا یہ ایک بہترین موقع تھا۔

واضح رہے کہ رادھیکا راؤ اور ونے سپرو کی رومانوی فلم ’لکی: نو ٹائم فار لو‘ میں اسنیہا الال نے بالی ووڈ میں ڈیبیو کیا جس میں سلمان خان اور متھن چکرورتی شامل تھے۔

علاوہ ازیں شردھا کپور نے امیتابھ بچن، بین کنگسلے، آرمادھون، رائما سین، مہیش منجریکر اور تینو آنند کے ساتھ لینا یادیو کی تھرلر فلم ’تین پتی‘ میں ڈیبیو کیا لیکن انہیں کامیابی چند سال بعد فلم ’عاشقی ٹو‘ سے ملی تھی۔

کرن حق اور جینیس ٹیسا کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل

0
کرن حق

شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ کرن حق اور جنیس ٹیسا کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اداکارہ جینیس ٹیسا نے ساتھی اداکارہ کرن حق کے ساتھ ویڈیو شیئر کی جس میں دونوں کو خوشگوار موڈ میں چہل قدمی کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔

انہوں نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ ’فبیحہ اور ثنایا متوازی کائنات میں ہیں۔‘

جینیس اور کرن حق کی ویڈیو کے بیک گراؤنڈ میں شاہ رخ خان اور کرینہ کپور کی فلم کا گانا ’چھمک چھلو‘ واضح طور پر سنا جاسکتا ہے۔

اداکارہ نے چند گھنٹوں قبل یہ ویڈیو شیئر کی جسے ہزاروں کی تعداد میں مداح دیکھ چکے ہیں اور اس پر تعریفی کمنٹس بھی کررہے ہیں۔

واضح رہے کہ کرن اور جینیس ڈرامہ سیریل ’حسرت‘ میں اداکاری کے جوہر دکھا رہی ہیں۔

حسرت میں کرن حق (ثنایا)، اور جینیس ٹیسا (فبیحہ) کا منفی کردار نبھا رہی ہیں جبکہ دیگر کرداروں فہد شیخ، روبینہ اشرف، پروین اکبر، سبحان اعوان، شرمین علی ودیگر بھی شامل ہیں۔

’حسرت‘ کی ہدایت کاری کے فرائض میثم نقوی نے انجام دیے ہیں جبکہ اس کی کہانی رخشندہ رضوی نے لکھی ہے۔

ہمارے لیڈر کو قید کرنے والے ہمت ہے تو اپنا نام بتاؤ، علی امین گنڈاپور

0
ہمارے لیڈر کو قید کرنے والے ہمت ہے تو اپنا نام بتاؤ، علی امین گنڈاپور

سوات: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کا کہنا ہے کہ ہمارے لیڈر بانی پی ٹی آئی کو قید کرنے والے میں اگر ہمت ہے تو وہ اپنا نام بتائے۔

جلسے سے خطاب میں وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی ایک نظریے اور سوچ کا نام ہے جو کوئی ختم نہیں کر سکتا، جبر کر کے ہمارے لوگوں کو ہمارے خلاف استعمال کیا گیا، ہم خاموش ہیں اور انتظار میں ہیں کہ بانی پی ٹی آئی ہمیں نکلنے کا کہیں۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ملک کو نقصان دینے والے صرف شخصیات ہیں جن کے فیصلے ملک اور اداروں کی تباہی کر رہے ہیں، جب تک وزیر اعلیٰ ہوں فاٹا ہو یا پاٹا کوئی ٹیکس نہیں لگا سکتا، ہمارا فیصلہ ہماری عوام کرے گی کہیں اور فیصلے نہیں ہوں گے، ملک شخصیات کے فیصلوں پر نہیں آئین پر چلتے ہیں، آئین توڑنے والے سن لیں ایک وقت آئے گا اور ان کو پھانسی پر لٹکائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے لیڈر کو ایک پرچہ لہرانے پر جیل میں رکھا گیا ہے، اب پتا چلا ہے اس پرچے میں کچھ نہیں تھا، ہمارے لیڈر کو جیل میں جتنے دن رکھا گیا ایک ایک دن کا حساب لیں گے، ہمارے لیڈر کو ایک دن جیل میں رکھنے کے بدلے 200 دن کا حساب لیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم حق کیلیے لڑیں گے، مریں گے اور ہر حد تک جائیں گے، صوبے میں ترقی، روزگار اور صحت کا مسئلہ حل کریں گے، عوام ہماری طاقت ہے حق لے کر مسائل حل کریں گے۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب بانی پی ٹی آئی ہمارے درمیان ہوں گے، بہت جلد ہمیں ہمارا مینڈیٹ مل جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہم اپنا حق لینا اور چھیننا اچھی طرح جانتے ہیں، پختون کے خون پر مزید سمجھوتا نہیں کریں گے، رشوت لینے والے کو نہیں چھوڑیں گے، جنگل کاٹنے والے کے ہاتھ کاٹ دو میں آپ کے ساتھ ہوں۔

وزیر اعلیٰ کے پی کا کہنا تھا کہ ترقیاتی کام اعلان سے نہیں عملی اقدامات سے ہوتے ہیں، عوامی حکومت میں متحد رہ کر کام کرنا ہے۔