اتوار, جولائی 6, 2025
ہوم بلاگ صفحہ 4

وزیراعظم کا دورہ آذربائیجان مکمل، وطن واپسی

0

لاہور : وزیراعظم شہباز شریف آذربائیجان کا 2 روزہ دورہ مکمل کرکے وطن واپس پہنچ گئے، اعلیٰ سفارتی و حکومتی اہلکاروں نے انہیں رخصت کیا۔

اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق فذولی ہوائی اڈے پر آذربائیجان کے وزیرِ تعلیم و سائنس امین امر اللائیف، آذربائیجان کے پاکستان میں سفیر خضر فرہادوف، پاکستان کے آذربائیجان میں سفیر قاسم محی الدین اور اعلیٰ سفارتی و حکومتی اہلکاروں نے وزیرِ اعظم و پاکستانی وفد کو الوداع کیا۔

وطن واپسی کے بعد وزیراعظم شہبازشریف ایئرپورٹ سے لاہور ماڈل ٹاؤن میں اپنی رہائش گاہ پہنچ گئے
ان کے ہمراہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیراطلاعات عطا تارڑ بھی پہنچے ہیں۔

شہباز شریف نے اپنے دورے کے دوران خانکندی میں منعقدہ اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے سربراہی اجلاس میں شرکت کی اور عالمی و علاقائی امور پر پاکستان کا مؤقف پیش کیا۔

وزیرِ اعظم نے علاقائی روابط، تجارت، سرمایہ کاری، پائیدار ترقی اور علاقائی امن کیلئے اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔

ذرائع کے مطابق جمعہ کو وزیراعظم باکو سے آذربائیجان کے شہر فضولی پہنچے اور رات کو وطن واپس روانہ ہوئے تھے۔

لیاری عمارت سانحے میں جاں بحق افراد کی تعداد 13 ہوگئی

0

کراچی : لیاری کے علاقے بغدادی میں رہائشی عمارت گرنے کا واقعے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 13 ہوگئی لیاری سانحہ کے دیگر متاثرین کی تلاش کا کام جاری ہے۔

اے آر وائی نیوز کراچی کے نمائندے عدنان راجپوت کی رپورٹ کے مطابق منہدم ہونے والی عمارت کا ملبہ اٹھانے کا کام جاری ہے۔

اس حوالے سے ریسکیو1122 عہدیداران کا کہنا ہے کہ عمارت کے ملبے سے ایک اور خاتون کی لاش نکال لی گئی، جس کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد13 ہوگئی۔

کراچی:اس وقت 8 سے زائد زخمی اسپتال میں زیر علاج ہیں، ملبےمیں مزید 10سے12 افراد کے دبے ہونے کی اطلاعات ہیں۔

ریسکیو حکام کے مطابق ہیوی میشنری کی مدد سے عمارت کا ملبہ ہٹایا جارہا ہے، ملبہ دوسری جگہ منتقل کرنے کے لیےمنی ڈمپر طلب کرلیے گئے ہیں۔

لیاری عمارت

رپورٹ کے مطابق سانحہ لیاری میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد کے لواحقین اور دیگر رشتہ دار سول اسپتال میں جمع ہوگئے۔

انتظامیہ کی جانب سے متاثرین کی معلومات کے لیے کوئی ہیلپ ڈیسک قائم نہیں کی گئی جس کی وجہ سے لوگوں کو اپنے پیاروں سے متعلق معلومات کے حصول میں شدید مشکلات درپیش ہیں۔

مزید پڑھیں : کراچی میں 6 منزلہ رہائشی عمارت گرگئی

یاد رہے کراچی کے علاقے لیاری بغدادی میں 6 منزلہ رہائشی عمارت گرگئی تھی، جس کے نتیجے میں 13 افراد دب کر جاں بحق اور چار خواتین سمیت آٹھ افراد زخمی ہوگئے تھے۔

ملبے سے تین ماہ کی بچی کو زندہ نکالا گیا تاہم ملبے میں دبے دیگر افراد کو نکالنے کیلئے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ تیس سے زائد افراد کی ملبے میں دبے ہونے کی اطلاعات ہیں تاہم ریسکیو ٹیمیں مشینری کے ساتھ امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔

حکام کے مطابق خستہ حال عمارت گرنے کے باعث اطراف کی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا اور دیواروں میں دراڑیں پڑگئیں، جس کے بعد عمارت کو خالی کرانے کا نوٹس جاری کیا گیا گیا تھا۔

سرکاری ملازمین کے لیے بڑی خبر آ گئی

0

سرکاری ملازمین کے لیے اچھی خبر ہے کہ بجٹ میں اعلان کردہ تنخواہوں میں 10 فیصد اضافے کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق وفاقی بجٹ برائے سال 26-2025 میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 10 فیصد اضافے کا اعلان کیا گیا تھا۔ یہ اضافہ سویلین اور آرمڈ اور سول آرمڈ ملازمین کے لیے کیا گیا تھا۔

اب وزارت خزانہ نے ان کی تنخواہوں میں 10 فیصد اضافے کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق کنٹریکٹ پر بھرتی کیے گئے ملازمین کی تنخواہوں میں بھی 10 فیصد اضافہ ہوگا۔

اس کے علاوہ وزارت خزانہ نے 30 فیصد ڈسپیریٹی الاؤنس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔ جن ملازمین کو پہلے ڈسپیریٹی الاؤنس نہیں ملا تھا، اس بار ان کو یہ الاؤنس ملے گا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق تنخواہوں اور ڈسپیریٹی الاؤنس پر عملدرآمد یکم جولائی 2025 سے ہوگا۔

مالی سال 2025-26 کا بجٹ پیش، تنخواہ داروں کیلیے ریلیف کا اعلان

لیاری میں 5 سالوں میں کتنی عمارتیں گریں، کتنے افراد جان سے گئے؟ تشویشناک اعداد وشمار

0

کراچی کے علاقے لیاری میں آج 6 منزلہ عمارت منہدم ہوگئی اب تک 11 لاشیں نکالی جا چکی ہیں کئی ملبے تلے دبے ہیں تاہم یہ اس نوعیت کا پہلا واقعہ نہیں۔

کراچی کے علاقے لیاری میں جمعہ کی صبح 6 منزلہ عمارت منہدم ہوگئی۔ ریسکیو ٹیمیں اب تک 11 لاشیں ملبے سے نکال چکی ہیں۔ 8 سے زائد زخمیوں کو بھی ریسکیو کیا گیا ہے۔

اہل علاقہ کے مطابق عمارت کے ملبے تلے اب بھی کئی لوگ دبے ہوئے ہیں جن کی تلاش جاری ہے۔

تاہم لیاری میں کثیر المنزلہ عمارت منہدم ہونے کا یہ پہلا واقعہ نہیں، بلکہ گزشتہ 5 سالوں کے دوران عمارتیں منہدم ہونے کے چار بڑے واقعات رونما ہو چکے ہیں۔

ان حادثات میں 55 افراد نے اپنی جانیں گنوائیں۔ ان میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے، جب کہ درجنوں افراد زخمی ہوئے۔

لیاری میں عمارتیں زمیں بوس ہونے سے سب سے زیادہ واقعات سال 2020 میں رونما ہوئے جب ایک سال کے اندر 3 عمارتیں منہدم ہو کر ملبے کا ڈھیر بن گئیں۔

مارچ 2020 میں بارش کے باعث عمارت گرنے سے دو افراد جاں بحق جب کہ پانچ زخمی ہوئے۔ جون 2020 میں 5 منزلہ عمارت اچانک گر پڑی جس نے 22 زندگیوں کے چراغ گل کر دیے۔

چند دن بعد ہی اسی علاقے کی خداداد مارکیٹ میں پانچ منزلہ عمارت گر گئی اور اس حادثے میں بھی 25 افراد اپنی جانیں گنوا بیٹھے۔ ان واقعات میں درجنوں افراد زخمی بھی ہوئے۔

لیاری حادثے میں لاپتہ افراد ملبے تلے نہیں دبے ہوئے تو پھر کہاں ہیں؟

سانحے کے ذمہ دار وہ ہیں جو ایسی عمارتوں میں رہ رہے ہیں، کمشنر کراچی

0
کمشنر کراچی لیاری

کراچی : کمشنر کراچی حسن نقوی نے کہا ہے کہ لیاری بغدادی میں 6 منزلہ عمارت گرنے کے ذمہ دار وہ لوگ ہیں جو ایسی عمارتوں میں رہ رہے ہیں۔

اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کمشنر کراچی حسن نقوی حادثے کے 13گھنٹے بعد جائے وقوعہ پر پہنچے اور انتظامیہ اور پولیس کو ہدایات دیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عمارت کے ملبے سے اب تک 10لاشیں نکالی جاچکی ہیں، دعا کرتے ہیں کہ ہمیں مزید لاشیں نہ ملیں۔

انہوں نے بتایا کہ ریسکیو آپریشن 24گھنٹے تک جاری رہے گا، امید ہے کہ اس دورانیے میں ریسکیو کا کام مکمل ہوجائے گا۔

کمشنرکراچی نے کہا کہ ہماری پوری پوری توجہ ریلیف اور ملبے سے لوگوں کو نکالنے پر ہے، 50فیصد تک ریسکیو کا کام کرچکے ہیں۔

کمشنر کراچی حسن نقوی نے کہا کہ سانحے کے سب سے زیادہ ذمہ دار وہ لوگ ہیں جو ایسی بلڈنگز میں رہ رہے ہیں، اس عمارت کو سندھ بلڈنگ کنٹرول نے نوٹس دے  رکھا تھا۔

عمارت کے رہائشیوں کو اپنی اور اپنے اہل و عیال کی جانوں کا خیال کرنا چاہیے، کسی کو گھر سے گھسیٹ کے نکالنا ناپسندیدہ کام ہے، انتظامیہ کسی کو گھر سے گھیسٹ کر نہیں نکالنا چاہتی۔

انہوں نے کہا کہ انتظامیہ پوری طرح متحرک ہے، ادارے مل کر کام کررہے ہیں، پولیس کو غیر ضروری افراد کو ہٹانے کے احکامات دئیے ہیں۔

یہ الزام تراشی کا وقت نہیں اور نہ کسی پر الزام لگانا چاہیے، سب سے ذیادہ ذمہ داری ان افراد کی ہےجو ان عمارتوں میں رہتے ہیں،ایسے افراد اپنی اور اپنے پیاروں کی جانوں کو خطرے میں ڈال رہے ہیں۔

انتظامیہ جب نوٹس دے رہی ہے تو عمارت کو خالی کردینا چاہیے تھا،اگر مکین خطرناک عمارتوں سے باہرنکلیں تو انتظامیہ تعاون کرے گی، لیاری میں غیرقانونی تعمیرات سے متعلق رپورٹ طلب کررہے ہیں۔

سکھر میں ٹرین کی چھت پر سوار مسافر بجلی کے تار سے ٹکرا گئے

0

سکھر میں ٹرین کی چھت پر سوار مسافر بجلی کے تار سے ٹکرا کر زخمی ہوگئے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق مسافر جیکب آباد سے کراچی جانے والی سکھر ایکسپریس کی چھت پر سوار تھے، آرائیں ریلوے اسٹیشن کے قریب واقعہ پیش آیا۔

زخمیوں میں سے 2 کی حالت تشویشناک ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل ریلوے حکام کا کہنا تھا کہ میرپور ماتھیلو مال گاڑی حادثے کی وجہ سے ٹرینوں کی آمدورفت میں 14 گھنٹوں تک کی تاخیر ہوئی ہے۔

گرین لائن 10 گھنٹے تاخیر سے کراچی کینٹ پہنچے گی، پشاور سے آنے والی عوام ایکسپریس 10 گھنٹے اور رحمان بابا ایکسپریس 4 گھنٹے تاخیر سے کراچی آئے گی۔

یہ پڑھیں: ٹرین سے سفر کرنے والے مسافروں کے لیے اہم خبر

لاہور سے آنے والی کراچی ایکسپریس 12 گھنٹے بزنس ایکسپریس 14 گھنٹے تاخیر سے پہنچے گی۔

ریلوے حکام کے مطابق سرگودھا سے آنے والی ملت ایکسپریس 12 گھنٹے تاخیر سے رات 12 بجے کراچی پہنچے گی، لاہور سے آنے والی فرید ایکسپریس 13 گھنٹے، قراقرم ایکسپریس 13 گھنٹے تاخیر سے آئے گی۔

کراچی اور لاہور کے درمیان چلنے والی شاہ حسین کو منسوخ کردیا گیا ہے، 6 گھنٹے سے زائد تاخیر پر مسافروں کو ٹکٹ کی پوری رقم واپس کی جائے گی۔

ڈی ایس ریلوے کا کہنا تھا کہ ریفنڈ کے لیے اضافی کاؤنٹرز قائم کردیے گئے ہیں، حیدرآباد ریلوے اسٹیشن پر بھی افسران رات میں موجود رہیں گے۔

ایرانی صدر کا اسرائیلی جرائم کیخلاف مسلم اتحاد کا مطالبہ

0

ایران کے صدر پیزیشکیان نے اسرائیلی ‘جرائم’ کے خلاف مسلم اتحاد کا مطالبہ کیا ہے۔

اقتصادی تعاون تنظیم کے سربراہوں کے تازہ ترین اجلاس کے لئے آذربائیجان میں ایران کے صدر مسعود پیزیشکیان نے ترک اور پاکستانی ہم منصبوں کے ساتھ ملاقاتوں میں اسرائیل کے خلاف مسلمان ممالک میں اتحاد کا مطالبہ کیا۔

پیزیشکیان نے ترکی کے صدر رجب طیب اردوان کو بتایا کہ مسلم اکثریتی ممالک میں وسیع وسائل کے ہوتے ہوئے "یہ افسوس کی بات ہے کہ صہیونی حکومت نے غزہ اور ہزاروں بچوں اور خواتین کے قتل عام میں جرائم کا ارتکاب کیا۔”

انہوں نے اپنی 12 روزہ جنگ کے دوران ایران پر اسرائیل کے حملوں کی طرف بھی اشارہ کیا اور کہا کہ "یہ جارحیت امریکہ اور یورپ کی طرف سے واضح حمایت کے ساتھ ، اور بین الاقوامی اصولوں اور قواعد کی مکمل خلاف ورزی کے ساتھ کی گئی تھی۔”

پیزیشکیان نے پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف کو بتایا کہ ایران نے ہمیشہ اس بات پر زور دیا ہے کہ وہ اختلافات پر بات چیت کرنے کے لئے تیار ہے۔

بجٹ پاس نہ ہوتا تو ہماری حکومت ختم ہو جاتی، مخالفین شادیانے بجاتے، وزیراعلیٰ کے پی

0

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ اگر صوبے کا بجٹ پاس نہ ہوتا تو ہماری حکومت ختم ہوجاتی اور مخالفین شادیانے بجاتے۔

پاکستان تحریک انصاف میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رضامندی کے بغیر صوبہ خیبر پختونخوا کا بجٹ منظور کیے جانے پر پارٹی میں مختلف آرا اور ان ہی کی بنیاد پر پارٹی میں اختلافات کی خبریں گردش کر رہی ہیں۔

تاہم وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رضامندی کے بغیر صوبے کا بجٹ پاس کرنے کی اہم وجہ بتا دی ہے۔

پشاور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور نے کہا کہ اگر صوبے کا بجٹ پاس نہ ہوتا تو ہماری حکومت ختم ہو جاتی۔ اس میں قصور ہمارا ہوتا، لیکن مخالفین شادیانے بجاتے۔

وزیراعلیٰ کے پی نے مزید کہا کہ ہمارے ہی کچھ ساتھی بجٹ پیش نہ کرنے کا پروپیگنڈا کر رہے تھے اور بعد میں وہی لوگ شور مچانے لگے۔ پارٹی کے پیٹرن انچیف نے بجٹ منظوری پر اطمینان کا اظہار کیا جب کہ ترجمان صوبائی حکومت بیرسٹر سیف نے بجٹ سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔

ان کا کہنا تھا کہ بجٹ منظوری میں صرف دو ارکان نے ووٹ نہیں دیا اور یہ سب جانتے ہیں کہ وہ دو ارکان کس کے بندے ہیں۔

وزیر اعلیٰ کے پی نے کہا کہ آئینی بینچ کے فیصلے کے بعد سپریم کورٹ کا پہلا فیصلہ ختم ہو گیا۔ اس وقت اسمبلی میں کوئی پی ٹی آئی رکن نہیں، تمام ارکان آزاد ہیں، سوائے میرے۔ میں آزاد نہیں بلکہ تحریک انصاف کا کارکن ہوں اور کاغذات میں بھی پارٹی کا نام پی ٹی آئی ہی لکھا تھا۔ اسی کاغذات نامزدگی کی بنیاد پر مخصوص نشستوں کے حصول کے لیے عدالت جا رہا ہوں۔

علی امین نے یہ بھی کہا کہ صوبائی اسمبلی کے نئے ارکان کےحلف کے بعد صورتحال مزید واضح ہوگی۔ سینیٹ کے 21 جولائی کے انتخابات کے لیے مشاورت کی جائے گی۔

وزیر اعلیٰ نے گورنر کے پی فیصل کریم کنڈی کے بیانات پر کہا کہ وہ ہمارا کچھ نہیں بگاڑ سکتا صرف چول مارتا رہتا ہے۔ ہماری حکومت مضبوط اور کوئی رکن کہیں نہیں جا رہا۔ جس کو شوق ہے، وہ عدم اعتماد لا کر دیکھ لے، حقیقت سامنے آ جائے گی۔

انہوں نے صوبے کی بند صنعتوں کو دوبارہ بحال کرنے کے لیے سستی بجلی فراہم کرنے کا اعلان کیا اور اس کے ساتھ ہی بتایا کہ وہ اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے مشترکہ چیک پوسٹ کے لیے مرکز کو خط بھی لکھ رہے ہیں۔

کے پی حکومت نے ساڑھے 11 کروڑ کے بسکٹ کھائے؟ علی امین نے طلال چوہدری کو جواب دے دیا

پراسدھ کرشنا نے انگلینڈ کے خلاف ناپسندیدہ ریکارڈ بنا دیا

0

بھارتی فاسٹ بولر پراسدھ کرشنا نے انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں ناپنسدیدہ ریکارڈ بنا دیا۔

بھارت کے فاسٹ بولر پراسدھ کرشنا نے ایجبسٹن ٹیسٹ کے تیسرے روز انگلینڈ کے خلاف مہنگا اسپیل کرکے منفی ریکارڈ بنا دیا۔

ٹیسٹ کے تین دن میں بھارت کی پوزیشن مستحکم ہے جب محمد سراج نے جو روٹ اور بین اسٹوکس کو لگاتار دو گیندوں پر آؤٹ کیا۔

تاہم انگلش وکٹ کیپر بیٹر جیمی اسمتھ اور ہیری بروک نے شاندار شراکت قائم کی اور پہلی اننگز کے خسارے کو کم کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔

یہ پڑھیں: جیمی اسمتھ نے بھارت کے خلاف تیز ترین سنچری جڑ دی

بھارت کے دیگر بولرز نے شاندار بولنگ لیکن فاسٹ بولر پراسدھ کرشنا انگلش بیٹر کے لاٹھی چارج کا نشانہ بنے۔

پراسدھ کرشنا کے ایک اوور میں انگلش بیٹر نے 23 رنز بٹورے جس میں چار چوکے اور ایک زبردست چھکا شامل تھا۔

فاسٹ بولر نے پانچ اوورز کے اسپیل میں 50 رنز دیے جو کہ 2006 کے بعد سے کسی بھارتی گیند باز کی طرف سے پانچ یا اس سے زائد اوورز کا سب سے مہنگا اسپیل کیا ہے۔

پراسدھ کرشنا ٹیسٹ کرکٹ کی 148 سالہ تاریخ میں اس اوور کی شرح سے رنز دینے والے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں۔

’علی امین گنڈا پور کیخلاف کوئی سازش نہیں ہورہی، انہیں ڈر اپنی ہی جماعت سے ہے‘

0

وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ علی امین گنڈا پور کے خلاف کوئی سازش نہیں ہورہی، انہیں ڈر اپنی ہی جماعت سے ہے۔

پروگرام ’اعتراض ہے‘ میں گفتگو کرتے ہوئے ن لیگ کے سینئر رہنما رانا ثنا اللہ نے کہا کہ علی امین گنؑڈا پور کو ڈر ہے کہ ان کی اپنی جماعت انہیں ہٹا نہ دے، سیاست میں سارا گیم نمبر گیم کا ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسمبلی میں جس کی اکثریت ہوتی ہے وہی حکومت بناتی ہے، اپوزیشن کے پاس آج نمبر بڑھ جائیں تو وہ تحریک عدم اعتماد لاسکتی ہے۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ مخصوص نشستیں اپوزیشن کو ملنے کے بعد بھی نمبرز کم ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا ہے کہ چوہدری نثار کا نواز شریف سے پرانا تعلق ہے، ملاقات کوئی حیران کن بات نہیں ہے۔

تحریک کے سوال پر رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پی ٹی آئی اسوقت تحریک چلانے کی پوزیشن میں نہیں، تحریک چلائیں گے تو ورکرز کے لے مقدمات کو بوجھ پیدا کریں گے، ورکرز اس وقت کسی تحریک چلانے کے حق میں نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے لوگ قانون کو ہاتھ میں لیں گے تو دھر لیے جائیں گے، 9 مئی کو جو کچھ ہوا ہے پی ٹی آئی قیادت نے کرایا ان کی کال تھی، جو کچھ کیا گیا اس کا خمیازہ پی ٹی آئی آج تک بھگت رہی ہے، کسی سیاسی جماعت کو اپنی سیاست کے لیے اداروں پر حملے نہیں کرنا چاہئیں۔