اسلام آباد : سکھوں کی عالمی تنظیم سکھ فارجسٹس کے سربراہ اور خالصتان تحریک کے سرکردہ رہنما گرپتونت سنگھ پنوں نے کہا ہے کہ پہلگام ڈرامہ مودی کی جانب سے رچایا گیا، اس کا فائدہ کس کو پہنچ رہا ہے؟۔
اے آر وائی نیوز کے پروگرام اعتراض ہے میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے گرپتونت سنگھ پنوں نے کہا کہ بھارت دنیا بھر میں دہشت گردی کو ایسکپورٹ کررہا ہے، بھارت نے مجھے امریکا میں قتل کرنے کی کوشش کی۔
ان کا کہنا تھا کہ مودی کی حکومت یا تو تاریخ سے کچھ نہیں سیکھی یا پھر اسے حقائق کا معلوم نہیں ہے، مودی کو یاد رکھنا چاہیے سکھ اپنے دفاع کے لیے سب کچھ کرسکتے ہیں۔
گرپتونت سنگھ پنوں کا کہنا تھا کہ کشمیر میں آزادی کی جدوجہد کرنیوالے اپنی جانوں کی قربانیاں دے رہے ہیں، کشمیریوں کو دنیا بھرمیں بھارتی سفارت خانوں کے باہر احتجاج کرنا چاہیے۔،
انہوں نے کہا کہ اگر مودی نے بھارتی پنجاب میں کوئی ڈرامہ کیا تو دنیا بھر میں سفارتخانوں کے سامنے احتجاج کریں گے اور بھارتی سفارتخانوں کو بند کرنے پر مجبورکرینگے۔
سکھ رہنما نے کہا کہ پاکستان کو جارحانہ انداز میں دنیا بھر میں بھارت کو جواب دینا چاہیے، پہلے بھی بھارت نے اس طرح کے فالس فلیگ کیے، کلنٹن کے دورے کے وقت بھی سکھوں کا قتل عام کیا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو مقبوضہ کشمیر میں اس طرح کا حملہ کرنے کا کیا فائدہ ہوسکتا ہے؟ پہلگام میں حملہ کرنے کا فائدہ مودی کی ہندوتوا کو ہوتا ہے،
گرپتونت سنگھ پنوں نے کہا کہ نریندر مودی خود دنیا کا بہت بڑا دہشت گرد ہے وہ کسی پر کیا الزام لگائے گا اس نے گجرات میں مسلمانوں کا قتل عام کیا، دیکھنا یہ چاہیے کہ پہلگام حملے کا فائدہ کس کو پہنچ رہا ہے؟
مزید پڑھیں : بھارتی فوج کو پنجاب سے گزرنے دیں گے، گرپتونت سنگھ
یاد رہے کہ اس سے قبل گرپتونت سنگھ پنوں نے ایک ویڈیو پیغام میں پہلگام حملے کو بھارتی خفیہ ایجنسی (را) کا فالس فلیگ آپریشن قرار دیا تھا۔
انہوں نے اپنے پیغام میں ایک بار پھر پاکستان سے یکجہتی کا اظہار کیا اور کہا کہ ہم پاکستانی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں، یہ 1965 ہے اور نہ ہی 1971، یہ 2025 ہے۔
گرپتونت سنگھ پنوں نے کہا کہ ہم بھارتی فوج کو پنجاب سے گزر کر پاکستان پر حملہ نہیں کرنے دیں گے، پاکستان کا نام ہی پاک ہے، ہم 2 کروڑ سکھ پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کی اتنی ہمت نہیں کہ وہ پاکستان پر حملہ کرے، ہماری روایت ہے نہ ہم نے کبھی پہلے حملہ کیا اور نہ حملہ کریں گے، لیکن جس نے بھی حملہ کیا پھر وہ بچا نہیں چاہے اندرا گاندھی ہو، نریندر مودی ہو یا امیت شاہ۔