پیر, اپریل 28, 2025
ہوم بلاگ صفحہ 5

کراچی میں قیامت خیز گرمی، محسوس کیا جانے والا درجہ حرارت 43 ڈگری تک جانے کا امکان

0
گرمی کراچی

کراچی : محکمہ موسمیات نے آئندہ تین دن تک گرمی کی شدت برقرار رہنے کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا محسوس کیا جانے والا درجہ حرارت 43 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔

تفصیلات کے مطابق ملک میں گرمی کی شدت بڑھ گئی، کراچی، اسلام آباد، لاہور میں سورج کی تپش نے شہریوں کے ہوش اڑا دیے، مزید چند روز گرمی کی شدت برقرار رہے گی۔

محمکہ موسمیات نے کراچی میں آئندہ تین دن تک گرمی کی شدت برقرار رہنے کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا شہر میں آج بھی موسم شدیدگرم رہے گا اور دن میں درجہ حرارت 38 ڈگری تک جا سکتا ہے۔

ہوا میں نمی کا تناسب 75 فیصد ہے، نمی کےباعث گرمی کااحساس 41سے 43 ڈگری تک ہوسکتا ہے۔

مزید پڑھیں : مستقبل میں کراچی کا موسم ! ماہرین نے خطرے کی گھنٹی بجادی

محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ، جنوبی پنجاب اور بلوچستان آج بھی ہیٹ ویو کے زیراثر رہیں گے،درجہ حرارت پانچ سے سات ڈگری زائد رہنے کا امکان، لاہور، پشاور، سرگودھا سمیت متعدد شہروں میں پارہ چالیس ڈگری یا اس سے زیادہ رہے گا۔

سکھر، نوابشاہ، مٹھی، سبی اور تربت میں پینتالیس ڈگری یا اس سے زائد رہنے کی توقع ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ کا روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کو اہم مشورہ

0
ڈونلڈ ٹرمپ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کو ایک بار پھر یوکرین سے معاہدہ کرنے کا مشورہ دے دیا۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ولادیمیر پیوٹن کو مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ گولیاں چلانا بند کرو اور معاہدہ کرو۔

واضح رہے کہ 25 اپریل کو سماجی پلیٹ فارم ٹرتھ سوشل پر ایک پوسٹ میں ڈونلڈ ٹرمپ نے لکھا تھا کہ میں روس کی جانب سے کیے جانے والے حملوں پر خوش نہیں ہوں، یہ غیر ضروری اور ان کی ٹائمنگز بہت غلط ہیں۔

ٹرمپ کا پیوٹن کو مخاطب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ولادیمیر، روکو! 5 ہزار فوجی ہر ہفتے مر رہے ہیں، آؤ امن معاہدے کو حتمی شکل دیں۔

واضح رہے کہ امریکی صدر کا اس سے قبل کہنا تھا کہ پاناما اور نہر سویز سے امریکی جہازوں کو مفت سفر کی اجازت ہونی چاہیے۔

امریکی صدر کا کہنا تھا کہ پاناما کینال اور نہرسویز سے امریکی جہازوں کو مفت سفر کی اجازت ہونی چاہیے، وزیر خارجہ مارکو روبیو کو اس صورتحال کا خیال رکھنے کی ہدایت کی ہے۔

اُنہوں نے وزیرخا رجہ مارکو روبیو کو کہا ہے فوری طور اس صورتحال کا خیال رکھیں اور اسے یاد رکھیں۔

صدارت سنبھالنے کے بعد ٹرمپ کئی بار کہہ چکے ہیں اگر کینال کا انتظام قابل قبول انداز میں نہ چلایا گیا تو وہ پاناما سے کینال کا کنٹرول واپس دینے کا مطالبہ کریں گے۔

کینیڈا میں انتخابات، لبرل پارٹی کے حوالے سے اہم خبر

واضح رہے کہ امریکا نے پاناما کینال کی تعمیر اور اس سے منسلک علاقے کا انتظام کئی دہائیوں تک سنبھالے رکھا تاہم 1999 میں مکمل طور پر اس کا کنٹرول پاناما کو سونپ دیا گیا تھا۔

بابر اعظم نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے شکست کی وجہ بتادی

0
بابر اعظم نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے شکست کی وجہ بتادی

پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز  سے شکست کی وجہ بتادی۔

ایچ بی ایل پی ایس ایل 10 کے  گزشتہ روز کے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کو  64 رنز سے شکست دی تھی، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کو جیت کے لیے 179 رنز کا ہدف دیا تھا۔

تاہم پشاور زلمی  کی ٹیم 15ویں اوورز میں 114 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی، پشاور زلمی کے حسین طلعت 39 رنز بناکر نمایاں رہے، جبکہ محمد حارث نے 17 اور بابر اعظم نے 12 رنز اسکور کیے تھے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کو 64 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دیدی

تام میچ کے بعد پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم نے گفتگو میں کہا کہ ہم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف کسی بھی شعبے میں اچھا پرفارم نہیں کرسکے۔

پشاور زلمی کے کپتان کا کہنا تھا کہ پلان پر عملدرآمد نہ ہو تو ایسے ہی نتیجے آتے ہیں لیکن ابھی چار میچ باقی ہیں، اعتماد ہے اپنی غلطیوں کی نشاندہی کرکے ان پر قابو پالیں گے۔

لاہور بھر میں مختلف سیکیورٹی چیلنجز، آپریشن ونگ افسران، جوان اتوار کو بھی ڈیوٹی پر

0
لاہور پولیس آپریشن ونگ

لاہور: لاہور بھر میں مختلف سیکیورٹی چیلنجز کے باعث آپریشن ونگ افسران اور پولیس جوان اتوار کو بھی ڈیوٹی پر مستعد رہے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور میں مختلف سیکیورٹی چیلنجز کی وجہ سے 15 ہزار سے زائد اہلکار تعینات کیے گئے ہیں، اور اس سلسلے میں بنائے گئے سیکیورٹی پلان پر مکمل عمل درآمد جاری ہے، گزشتہ روز بھی ڈی آئی جی آپریشنز نے تمام مقامات کے مسلسل دورے کیے، اور سیکیورٹی پلان پر عمل درآمد کا جائزہ لیا۔

ڈی آئی جی آپریشنز تمام مقامات پر خود پہنچے، اور تمام افسران بھی مسلسل فیلڈ میں رہے، چرچ، پی ایس ایل، اور مینار پاکستان کانفرنس سمیت سب جگہ پولیس مکمل الرٹ رہی۔

ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کے مطابق پی ایس ایل میچ اور کانفرنس کے شرکا کو بھی سیکیورٹی فراہم کی گئی، پی ایس ایل انتظامات پر 9087 اہلکار و افسران تعینات ہیں، جب کہ مینار پاکستان کانفرنس پر 1588 اہلکار و افسران تعینات کیے گئے۔

فیصل کامران کے مطابق ایلیٹ فورس، ڈولفن، پی آر یو سمیت تھانوں کی گاڑیاں پٹرولنگ پر مامور ہیں، شرکا کو چیکنگ کے بعد ہی داخلے کی اجازت دی جا رہی ہے، انھوں نے کہا کہ آپریشنز ونگ سیکیورٹی چیلنجز کے ساتھ جرائم کنٹرول پر بھی مکمل متحرک ہے۔

گورنر سندھ کی روضہ مبارک امام موسیٰ کاظمؑ پر حاضری

0

کاظمین: گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کاظمین میں روضہ مبارک حضرت امام موسیٰ کاظم علیہ السلام کے روضہ مبارک پر حاضری دی اور اہم مقامات کی زیارت کرکے ملک کی سلامتی و استحکام کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔

تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کاظمین میں روضہ مبارک حضرت امام موسیٰ کاظم علیہ السلام کے روضہ مبارک پر حاضری کے دوران فاتحہ خوانی کی اور امت مسلمہ کے اتحاد و فلاح کیلئے خصوصی دعائیں کیں۔

گورنر سندھ نے ملک کے تحفظ، بین المذاہب ہم آہنگی کیلئے بھی دعا کی، گورنر سندھ کامران ٹیسوری کی جانب سے زائرین میں لنگر بھی تقسیم کیا گیا۔

واضح رہے کہ گورنر سندھ بوہرہ کمیونٹی کے روحانی پیشواء سیدنا مفضل سیف الدین کی خصوصی دعوت پر پانچ روزہ دورے پر عراق میں ہیں۔

نجف ائیرپورٹ پر پاکستانی سفیر نے گورنر ٹیسوری کا استقبال کیا تھا، نجف میں گورنر سندھ نے حضرت علی کرم اللّٰہ وجہہ کے روضہ مبارک پر بھی حاضری دی تھی ساتھ ان کے تاریخی گھر اور مسجد کوفہ کی زیارت کی۔

حضرت مسلم بن عقیلؓ کے روضہ اقدس پر بھی فاتحہ خوانی کی اور مہمانوں کی یادگارکتاب میں اپنے قلبی تاثرات قلمبند کیے۔

گورنر سندھ نے نجف میں اہم مقامات کی زیارت اور نوافل کی ادائیگی کے بعد ملک و قوم کی سلامتی، استحکام اور معاشی خوشحالی کے لیے خصوصی دعا بھی مانگی۔

عراق کے دورے پر گورنر سندھ اور گورنر نجف کے درمیان اہم ملاقات ہوئی، جس میں مذہبی، سیاحتی، تجارتی تعلقات کو فروغ دینے، جلد تجارتی وفود کے تبادلے سمیت ایس آئی ایف سی کے ذریعے آئی ٹی، توانائی اور ذراعت میں سرمایہ کاری کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

گورنر سندھ کی نجف میں روضہ حضرت علی کرم اللّٰہ وجہہ پر حاضری

گورنر سندھ نے کہا کہ ایس آئی ایف سی منصوبہ غیرملکی سرمایہ کاروں کی مؤثر رہنمائی کرتا ہے۔ سندھ میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع ہیں۔

محمد رضوان کے حالیہ بیان پر شاہد آفریدی کا ردعمل

0
محمد رضوان کے حالیہ بیانات پر شاہد آفریدی کا ردعمل

پاکستان قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے قومی ٹیم کے کپتان محمد رضوان کے حالیہ بیان پر ردعمل دیا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق گزتشہ روز سابق قومی کپتان شاہد آفریدی نے نیشنل ہاکی اسٹیڈیم میں آمد کے بعد میڈیا سے گفتگو میں پاکستان کرکٹ بورڈ اور ٹیم کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی۔

شاہد آفریدی نے سوال کیا کہ رضوان نے اختیارات کی بات، یہ بات انہوں نے آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ سے سیریز جیت کر کیوں نہیں کی؟ کپتان کو بہانے نہیں بنانے چاہئیں۔

پہلگام واقعہ: شاہد آفریدی کا بھارتی سازش پر سخت ردعمل

ان کا کہنا تھا کہ رضوان کو مسئلہ ہے تو چیئرمین سے بات کرے، میڈیا پر رونا ڈالنا مناسب نہیں ہے۔

شاہد آفریدی نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ میں تسلسل نہیں ہے، محسن نقوی نے پنجاب میں کافی کام کیا اور وہ ڈلیور کر چکے ہیں۔

شاہد آفریدی نے کہا کہ محسن نقوی کو ایک عہدہ رکھنا چاہیے، ہر کام مشیروں پر نہیں چھوڑا جاتا، خود بھی دیکھنا پڑتا ہے۔

آفریدی نے ڈومیسٹک سیزن کے دوران کھلاڑیوں کو غیر ملکی لیگ کی اجازت نہ دینے کا بھی مطالبہ کیا، انہوں نے کہا کہ پی سی بی کو کھلاڑیوں کو ڈومیسٹک سیزن میں لیگ کی اجازت نہیں دینی چاہیے۔

بھارتی فوج معصوم لوگوں کو نشانہ بنا رہی ہے، عمر عبداللّٰہ

0
وزیراعلیٰ مقبوضہ کشمیر عمر عبداللّٰہ

وزیراعلیٰ مقبوضہ کشمیر عمر عبداللّٰہ نے کہا ہے کہ پہلگام واقعے کے بعد بھارتی سیکیورٹی فورسز معصوم لوگوں کو نشانہ بنا رہی ہے۔

ایک بیان میں وزیراعلیٰ مقبوضہ کشمیر عمر عبداللّٰہ کا کہنا تھا کہ اجتماعی سزا سے کشمیری متنفر ہو جائیں گے، کسی فرد واحد کے فعل کی سزا اس کے پورے خاندان کو نہیں دی جاسکتی۔

دوسری جانب کشمیری میڈیا کا کہنا ہے کہ اتوار کو بھارتی فورسز نے مقبوضہ کشمیر میں چار گھروں کو مسمار کردیا۔

گزشتہ 3 دن میں پلوامہ، اننت ناگ، شوپیاں، کلگام، بندی پوری اور کپواڑا میں 10 گھر گرائے گئے ہیں، گھروں کو زیادہ تر بارودی مواد کے ذریعے تباہ کیا گیا ہے۔

کشمیر میڈیا سروس کی رپورٹ کے مطابق گھروں کو دھماکا خیز مواد کے ذریعے زمین بوس کیا گیا۔ مسمار کیے گئے گھر عامر نذیر وانی، جمیل احمد شیر گوجری، عدنان صفی ڈار، عامر احمد اور فاروق احمد ٹیڈو کے تھے۔

دھماکوں کے باعث آپس پاس کے گھروں کو بھی نقصان پہنچا جس سے کئی خاندان بے گھر اور شدید پریشانی میں مبتلا ہوگئے۔

ناقدین کا کہنا ہے کہ بھارتی حکام غاصبانہ قبضے کے اسرائیلی حربوں کی نقل کرتے ہوئے کشمیریوں کے گھروں کو مسمار کر رہے ہیں تاکہ انہیں بے گھر کیا جا سکے۔

آل پارٹیز حریت کانفرنس (اے پی ایچ سی) کے ترجمان عبدالرشید منہاس نے اپنے ایک بیان میں گھروں کی مسماری کی شدید مذمت کی۔

اسرائیل کی بیروت میں بمباری، لبنانی صدر کی امریکا اور فرانس سے مدد کی اپیل

انہوں نے اس مہم کو نریندر مودی حکومت کے زیرِ قیادت وسیع تر ہندوتوا پر مبنی ایجنڈے کا حصہ قرار دیا جس کا مقصد کشمیری عوام کو بے گھر اور بے دخل کرنا اور علاقے کے مسلم اکثریتی آبادیاتی کردار کو تبدیل کرنا ہے۔

اسرائیل کی بیروت میں بمباری، لبنانی صدر کی امریکا اور فرانس سے مدد کی اپیل

0
اسرائیل کی بیروت میں بمباری، لبنانی صدر کی امریکا اور فرانس سے مدد کی اپیل

غزہ کے ساتھ اسرائیل کی لبنان پر جارحیت بھی جاری ہے، اسرائیلی طیاروں نے لبنان کے دارالحکومت بیروت میں بمباری کی ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق اسرائیل کی لبنان میں جنگ بندی کی خلاف ورزی جاری ہے، بیروت میں رہائشی عمارت پر بم برسا دیئے جبکہ جنوبی لبنان میں بھی ڈرون سے حملہ کیا۔

اسرائیل نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے بیروت کے جنوبی مضافات میں فضائی حملے میں جس عمارت کو نشانہ بنایا وہ حزب اللہ کا ٹھکانہ تھی۔

عرب میڈیا کے مطابق جنوبی لبنان کے قصبے حلتا پر اسرائیلی ڈرون حملے میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔

اسرائیل کی اشتعال انگیزی، جنگ بندی کے باوجود لبنان پر حملہ

دوسری جانب لبنانی صدر نے اس حملے کی مذمت کی ہے ساتھ ہی انہوں نے  امریکا اور فرانس سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیل پر دباؤ ڈالیں کہ وہ ملک پر حملے بند کرے۔

لبنانی صدر نے کہا کہ امریکہ اور فرانس اس جنگ بندی معاہدے کے ضامن کے طور پر اپنی ذمہ داریاں ادا کریں اور اسرائیل کو فوری طور پر اپنے حملے روکنے پر مجبور کرنے کا مطالبہ کیا، سرائیل لبنان کی قومی سلامتی کو نقصان پہنچا کر کشیدگی میں اضافہ کر رہا ہے۔

سرکاری ہتھیار چوری کرنے والے کانسٹیبلز سے خریداری کرنے والے کون تھے؟ انٹیروگیشن رپورٹ میں سنسنی خیز انکشاف

0
ہتھیار چوری پولیس کانسٹیبلز آرمز ٹریفکنگ

کراچی: سی ٹی ڈی انٹیلیجنس ونگ آرمز ٹریفکنگ مانیٹرنگ ڈیسک نے تھانوں سے سرکاری ہتھیار اور گولیاں چوری کر کے سستے داموں پیٹی بند بھائیوں کو ہی فروخت کرنے والے 2 پولیس کانسٹیبلز کو گرفتار کیا، دوران تفتیش کانسٹیبلز نے کیا انکشافات کیے، اس سلسلے میں ملزمان کی انٹیروگیشن رپورٹ اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لی ہے۔

سی ٹی ڈی انٹیلیجنس ونگ آرمز ٹریفکنگ مانیٹرنگ ڈیسک نے ناجائز اور سرکاری ہتھیاروں اور گولیوں کی چوری اور خرید و فروخت میں ملوث 2 پولیس کانسٹیبلز عبدالقادر میمن اور اویس احمد عرف باکسر عرف لمبا کو گرفتار کیا تھا، جنھوں نے ابتدائی تفتیش کے دوران اہم انکشافات کیے ہیں۔

ہتھیار چوری پولیس کانسٹیبلز

ملزمان نہ صرف چوری شدہ سرکاری پستول بلکہ خیبر پختونخواہ سے غیر قانونی ہتھیار منگوا کر بھی کراچی میں فروخت کرتے تھے، جس میں اہم انکشاف یہ ہے کہ خریداروں میں بڑی تعداد بھی پولیس کانسٹیبلز کی ہی تھی، جو مختلف تھانوں میں تعینات ہیں۔

انٹیروگیشن رپورٹ


انٹیروگیشن رپورٹ کے مطابق ملزمان جہاں ڈیوٹی کرتے تھے وہیں سے سرکاری اسلحہ اور گولیاں چراتے تھے، اویس باکسر 2021 میں جب کہ عبدالقادر میمن 2023 میں بطور کانسٹیبل بھرتی ہوا، جس نے بے نظیر یونیورسٹی لیاری سے بی اے کیا تھا، عبدالقادر نے پہلی مرتبہ مصطفیٰ نامی شخص سے گلاک پستول 35 ہزار میں خریدا اور5 ہزار پرافٹ رکھ کر کانسٹیبل یاسر کو فروخت کر دیا، دوسرا گلاک بھی 5 ہزار پرافٹ رکھ کر کانسٹیبل نیبل کو 40 ہزار میں بیچا، تیسرا گلاک جنریشن 4 کانسٹیبل سعود ملا کو 35 ہزار میں بیچا۔

رپورٹ کے مطابق 1 بریٹا پستول کانسٹیبل فہیم سے خریدا اور کانسٹیبل یاسر کو فروخت کر دیا، مصطفیٰ نے 1 لاکھ کا سرکاری پستول دیا جو وہ فروخت کرنے آیا تو پکڑا گیا، رپورٹ کے مطابق پی او ایف پستول کانسٹیبل اویس نے تھانہ مدینہ کالونی سے چوری کیا تھا، عبدالقادر نے تفتیش کے دوران انکشاف کیا ہے کہ اس نے پی او ایف کے 2 سرکاری نائن ایم ایم پستول کانسٹیبل یاسر سے خریدے تھے، جن میں ایک پستول 75 ہزار دوسرا 70 ہزار میں خریدا تھا۔

عبدالقادر نے بتایا کہ خریدا گیا ایک پستول دوران گرفتاری اس سے برآمد ہوا، عبدالقادر نے کہا ’’میں نے کلاشنکوف کے 50 راؤنڈ کانسٹیبل رانا سلیمان کو 10 ہزار روپے میں فروخت کیے، کلاشنکوف کی گولیاں میٹھادر تھانے کے کوت سے پہرے کے دوران چوری کی تھی۔‘‘

گرفتاری کے دوران کلاشنکوف کی گولیاں بھی برآمد ہوئیں، رپورٹ کے مطابق عبدالقادر نے کانسٹیبل اویس سے 2 چوری شدہ نائن ایم ایم پستول بھی خریدے، ایک پستول پی کیو آر کے سپاہی سکندر سفی کو 85 ہزار میں فروخت کیا تھا، گرفتار پولیس کانسٹیبلز غیر قانونی ہتھیاروں کی باقاعدہ فروخت کا دھندہ منظم طریقے سے کرتے تھے اور کے پی کے میں بخت تاج اور سرزمین نامی اسلحہ ڈیلروں سے کراچی منگوا کر فروخت کرتے تھے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش کا عمل جاری ہے۔

مارچ کا اعلان، گرینڈ ہیلتھ الائنس کے چیئرمین ڈاکٹر سلمان حسیب کو معطل کر دیا گیا

0
ڈاکٹرز احتجاج ینگ ڈاکٹرز

لاہور: گرینڈ ہیلتھ الائنس کی جانب سے کل وزیر اعلیٰ ہاؤس کی جانب مارچ کے اعلان پر سیکریٹری صحت پنجاب نے بدنظمی کے الزام پر ینگ ڈاکٹرز کی قیادت کے خلاف بڑا ایکشن لے لیا۔

تفصیلات کے مطابق سیکریٹری صحت پنجاب نے بد نظمی پر ینگ ڈاکٹرز کے ’گرینڈ ہیلتھ الائنس‘ کے چیئرمین ڈاکٹر سلمان حسیب کو معطل کر دیا ہے۔

اس سلسلے میں جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ڈاکٹر سلمان حسیب کو سروسز اسپتال سے پیڈا ایکٹ کے تحت معطل کیا گیا ہے، چلڈرن اسپتال میں ینگ ڈاکٹرز کے صدر ڈاکٹر احمد یار کو بھی معطل کیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ معطل ڈاکٹر احمد یار پر ہنگامہ آرائی کے الزامات ہیں، جنرل اسپتال کے ڈاکٹر محمد عامر بشیر بھی برطرف کر دیے گئے ہیں، ان پر او پی ڈی بندش کا الزام ہے۔ معطل ڈاکٹرز کو فوری طور پر محکمہ صحت پنجاب رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔


جماعت اسلامی کی ڈاکٹرز کے احتجاج کی حمایت لیکن او پی ڈی میں احتجاج نہ کرنے کی اپیل


واضح رہے کہ جماعت اسلامی پاکستان نے ینگ ڈاکٹرز کے احتجاج کی حمایت کر دی ہے، تاہم حافظ نعیم الرحمان نے اپیل کی ہے کہ وہ او پی ڈی کا احتجاج ختم کر دیں۔ گزشتہ روز حافظ نعیم سے منصورہ میں پنجاب پیرا میڈیکل کے نمائندوں نے ملاقات کی تھی، جس کے بعد انھوں نے پنجاب دیہی مراکز صحت کے نجکاری کے خلاف پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔

حافظ نعیم نے ڈاکٹرز کے احتجاج کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وائٹ کوٹ احتجاج کی جماعت اسلامی حمایت کرتی ہے، اگر حکومت نے احتجاج کو کچلنے کی کوشش کی تو اسے پورے ملک میں نتائج بھگتا پڑیں گے۔