ہوم بلاگ صفحہ 6

خادم حرمین شریفین شاہ سلمان کی صحت سے متعلق اہم خبر

0

سعودی فرماں روا خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کو معمول کے طبی معائنے کے بعد اسپتال سے رخصت کر دیا گیا ہے۔

سعودی خبر رساں ایجنسی ایس پی اے نے ایوان شاہی کے حوالے سے خبر دی تھی کہ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کو گزشتہ روز معمول کے طبی معائنے کے لیے جدہ کے کنگ فیصل اسپیشلسٹ اسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔

شاہ سلمان کو چند گھنٹے اسپتال میں رکھا گیا اور طبی معائنے وٹیسٹوں کے بعد انہیں رخصت کر دیا گیا۔

ایوان شاہی کے جاری بیان میں شاہ سلمان کی صحت وعافیت کی امید کا اظہار کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ سعودی فرماں رواں نے اس سے ایک روز قبل منگل کو کابینہ کے ہفتہ وار اجلاس کی صدارت بھی کی تھی۔

محکمہ موسمیات کی ملک بھر کے لیے موسم کی پیشگوئی جاری

0

محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ آج جمعرات کو بلوچستان، کے پی، جنوبی پنجاب اور بالائی سندھ میں جھکڑ چلنے، گرج چمک سے بارش کا امکان ہے، گلگت بلتستان اور کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہے گا، تاہم چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔

تفصیلات کے مطابق خیبر، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، صوابی، مردان، چترال میں گرج چمک سے بارش کا امکان ہے جب کہ ڈی آئی خان، لکی مروت، بنوں، کوہاٹ، باجوڑ، مہمند، کرک، کرم ، وزیرستان، دیر، سوات، ایبٹ آباد، مانسہرہ، ہری پور، کوہستان، شانگلہ، بونیر اور مالاکنڈ میں بھی بارش کا امکان ہے۔

اسلام آباد اور گرد و نواح میں مطلع جزوی ابر آلود رہے گا، پنجاب کے بیش تر اضلاع میں موسم خشک رہے گا، مری، گلیات میں شام یا رات میں گرج چمک سے بارش اور بوندا باندی ہو سکتی ہے، ڈی جی خان، راجن پور، بھکر، لیہ، ملتان، کوٹ ادو، مظفر گڑھ، رحیم یار خان، صادق آباد، خان پور، بہاولپور اور بہاولنگر میں چند مقامات پر بارش کا امکان ہے۔

کراچی کا موسم آج کیسا رہے گا؟

کوئٹہ، زیارت، شیرانی اورموسیٰ خیل میں جھکڑ چلنے اور گرج چمک سے بارش کا امکان ہے، نوشکی، پشین، ہرنائی، ژوب، بارکھان، گوادر، تربت، کیچ، آواران، چاغی، خاران، قلات، مستونگ، جھل مگسی، نصیر آباد، سبی، کوہلو، ڈیرہ بگٹی، لورالائی، قلعہ سیف اللہ، قلعہ عبداللہ میں بارش کا امکان ہے۔

سندھ کے بیش تر اضلاع میں مطلع جزوی ابر آلود رہے گا، تاہم سکھر، جیکب آباد، کشمور، لاڑکانہ، دادو، قمبر شہداد کوٹ اور جامشورو میں بارش کا امکان ہے۔ کشمیر اور جی بی میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر گرج چمک سے بارش کا امکان ہے۔

چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے پروٹوکول واپس کر دیا

0

چیف جسٹس آف پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے چیف جسٹس کے لیے مختص پروٹوکول واپس کر دیا ہے۔

اے آر وائی نیوز کو سپریم کورٹ ذرائع سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق چیف جسٹس آف پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے اپنے لیے مختص پروٹوکول کو واپس کر دیا ہے۔

سپریم کورٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسی کے ساتھ اب پروٹوکول کی صرف دو گاڑیاں رہ گئی ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ چیف جسٹس کی گاڑی بدھ کو سپریم کورٹ رجسٹری سے واپسی پر تمام سگنلز پر رکتی رہی کیونکہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ہدایت کی ہے کہ ان کی گاڑی کے آگے پائلٹ نہیں رکھا جائے تاکہ سفر کے دوران معمول کا ٹریفک بحال رہے اور عوام کو پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل جب گزشتہ سال قاضی فائز عیسیٰ نے چیف جسٹس آف پاکستان کا منصب سنبھالا تھا تو سپریم کورٹ آمد پر انہوں نے گارڈ آف آنر لینے سے انکار کر دیا تھا۔

چیف جسٹس قاضی فائزعیسیٰ کی سپریم کورٹ آمد ، گارڈ آف آنر لینے سے انکار

واضح رہے کہ سابق چیف جسٹس صاحبان کے ساتھ 10 سے 12 پروٹوکول کی گاڑیاں مختص تھیں۔

میں اس منصب پر آگ کے دریا سے گزر کر پہنچی ہوں، مریم نواز

0

لاہور:  وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ مجھے اس منصب پر آنے کیلئے خود کو ثابت کرنا پڑا، آگ کے دریا سے گزر کر پہنچی ہوں۔

لاہور میں وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پولیس ٹریننگ کالج چوہنگ کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ سب کی ذمہ داری ہے مظلوم کی داد رسی کریں اور ظالم کو انجام تک پہنچائیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیرِاعلیٰ کی کرسی پربیٹھ کر کسی کے خلاف فیصلہ کرنا ہو تو دل پرپتھررکھ کر کرتی ہوں میرے دل میں انتقام کا جذبہ نہیں، لیکن مجھے انصاف کرنا ہے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ آپ کے دل میں ظالم کیلئے کوئی جگہ نہیں ہونی چاہیئے، مجھے آگ کا دریا عبور کر کے یہاں تک پہنچنا پڑا، اچھا ہوا میری ٹریننگ ہوئی، آج کوئی نہیں کہہ سکتا کہ یہ اس لئے یہاں ہے کہ ان کا باپ وزیراعظم تھا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پولیس کے شعبے میں خواتین کی تعداد بڑھا کر نصف کرنا چاہتے ہیں، جب میں نے پولیس  یونیفارم پہنا تو احساس ہوا کہ یہ کتنی بڑی ذمہ داری ہے، پولیس کے شعبے میں خدمات انجام دینے والی خواتین پر فخر ہے۔

انہوں نے کہا کہ امید ہے آپ سب اس ذمہ داری کو بخوبی نبھائیں گی کیوںکہ جس معاشرے میں انصاف نہیں ہوتا وہ معاشرہ بگڑ جاتاہے، جو ظالم ہے اسے اس کے انجام تک پہنچایا جانا چاہیے۔

مریم نواز نے مزید کہا کہ نوازشریف اور شہبازشریف کو خراج تحسین پیش کرنا چاہوں گی، پورے ملک میں ترقی کا نام جہاں نظر آئیگا وہ نواز شریف یا شہبازشریف کا ہوگا۔

غزہ میں اجتماعی قبریں دریافت، امریکا نے اسرائیل سے جواب طلب کرلیا

0

غزہ میں اجتماعی قبریں سامنے آنے کے بعد امریکا کی جانب سے اسرائیل سے جواب طلب کرلیا گیا ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکا نے غزہ کی پٹی کے 2 اسپتالوں میں اجتماعی قبروں کی دریافت کے بعد اسرائیلی حکام سے جواب طلب کرلیا ہے۔

اس حوالے سے مشیر قومی سلامتی جیک سلیوان کا کہنا ہے کہ امریکا چاہتا ہے کہ اس معاملے کی مکمل اور شفاف تحقیقات کی جائیں۔

واضح رہے کہ غزہ سول ڈیفنس ایجنسی کے مطابق خان یونس کے ناصر اسپتال سے 340 افراد کی اجتماعی قبر دریافت ہوئی ہے، جبکہ الشفا اسپتال کے صحن سے تقریباً 30 افراد کی اجتماعی قبر دریافت ہوئی تھی۔

دوسری جانب امریکا نے اسرائیل کی جانب سے مغربی کنارے کی بستیوں کو قانونی حیثیت دینے کی مذمت کر دی۔

اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے ترجمان ویدانت پٹیل نے ایک نیوز بریفنگ کے دوران کہا کہ انتہائی دائیں بازو کے اسرائیلی وزیر خزانہ کی مقبوضہ مغربی کنارے میں اس وقت درجنوں غیر قانونی بستیوں کو قانونی حیثیت دینے کی کوششیں ”لاپرواہی اور خطرناک”ہیں۔

وزیر کے اس اقدام کی رپورٹیں سب سے پہلے سنیچر کی رات مقامی اسرائیلی میڈیا میں سامنے آئیں جن میں کہا گیا تھا کہ اس نے حکومت کو ہدایت کی کہ وہ ان بستیوں کو میونسپل سروسز اور عوامی عمارتیں فراہم کرے۔

ہم غزہ میں مزید لاشیں، اسکولوں پر بم باری نہیں دیکھ سکتے، ملالہ

پٹیل نے یہ بھی کہا کہ واشنگٹن غزہ میں اجتماعی قبروں کی اطلاعات کے بارے میں مزید معلومات کے لیے اسرائیل کی حکومت پر دباؤ ڈال رہا ہے جس کے لیے اسرائیلی حکام نے کسی بھی قسم کی ذمہ داری سے انکار کیا ہے۔

چیف جسٹس کو کراچی کے لذیذ کھانوں اور کچوریوں کی یاد آ گئی

0

چیف جسٹس کراچی آئے تو ماضی میں کھو گئے اور انہیں شہر قائد کے لذیذ کھانوں اور کچوریوں کی یاد آ گئی۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق چیف جسٹس آف پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے کراچی میں سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی ایک تقریب میں وکلا سے خطاب کرتے ہوئے وہ ماضی میں کھو گئے اور انہیں اس شہر کے لذیذ کھانے اور کچوری کی یاد آ گئی۔

چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ کراچی آ کر کچھ یادیں تازہ ہو گئیں۔ اس شہر میں کھانے اچھے ملتے تھے اور اس وقت کچوری ایک روپے کی ہوتی تھی۔

چیف جسٹس نے وکلا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وکیل کا کام ہوتا ہے کیس سمجھانا اور ویڈیو لنک پر کبھی کیس سمجھ آ جاتا ہے اور کبھی نہیں۔ ہمارا ویڈیو لنک نظام اچھا نہیں، کبھی آواز نہیں آتی۔ سپریم کورٹ ملازمین کو سنگل بونس دیا تا کہ پیسہ بچا کر عدالتوں کی بہتری پر خرچ کریں۔

انہوں نے کہا کہ بلڈنگ کمیٹی میں میں اور جسٹس جمال خان مندوخیل شامل ہیں۔ نئی بلڈنگ بنانے میں 6 بلین کی  لاگت آ رہی تھی۔ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ پبلک ریسورسز ضائع کرنے کے بجائے کراچی میں وفاقی ٹریبونل اور وفاقی عدالتی سب ایک ساتھ بنائی جائیں، ہائیکورٹ بھی سامنے ہے، وکلا کو پریشانی بھی نہیں ہو گی۔

چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ سپریم کورٹ کیلیے مختص زمین قیمتی ہے اور سونے کی قیمت کی ہے۔ نئی بلڈنگ کی جگہ پر آلودگی کے خاتمے کیلیے درخت بھی لگائے جائیں ،چیف جسٹس

اس موقع پر بار عہدیداروں نے چیف جسٹس کو سندھ ٹوپی اور اجرک کا تحفہ پیش کیا۔

گھوٹکی میں اغوا ہونے والے 2 پولیس اہلکار سرکاری اسلحہ سمیت بازیاب

0

پولیس نے گھوٹکی میں ڈاکوؤں کے حملے کے بعد اغوا ہونے والے 2  پولیس اہلکاروں کو سرکاری اسلحہ سمیت بازیاب کرا لیا۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز گھوٹکی میں مسلح ڈاکوؤں نے پولیس چوکی پر حملہ کیا، فائرنگ کے تبادلے کے بعد ایک ڈاکو مارا گیا جبکہ ایک پولیس اہلکاربھی شہید ہوگیا، ڈاکوؤں نے کچے کے  علاقے میں 2 پولیس اہلکاروں کو اسلحہ سمیت اغوا کرلیا تھا۔

مزید پڑھیں: گھوٹکی: ڈاکوؤں کا پولیس چوکی پر حملہ، ایک اہلکار جاں بحق، 2 اغوا

تاہم پولیس نے جوابی آپریشن کرتے ہوئے گھوٹکی میں ڈاکوؤں کے حملے کے بعد اغوا ہونے والے 2 پولیس اہلکاروں کو اسلحہ سمیت بازیاب کرا لیا، پولیس نے ڈاکوؤں کا محاصرہ کرکے اہلکار بازیاب کرائے۔

وزیر داخلہ سندھ نے پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشن جاری رکھا جائے۔

لیبیا میں صحرائی سرخ ریت کا طوفان، نظام زندگی درہم برہم

0

لیبیا کے مشرقی علاقوں میں کالی آندھی کے باعث نظام زندگی درہم برہم ہوگیا، ریت کے طوفان کے باعث دن میں بھی تاریکی چھا گئی۔

غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق صحرائی سرخ ریت اڑانے والی آندھی سے ماحول سرخ ہوگیا، پروازیں منسوخ کردی گئیں جبکہ نظام زندگی بھی شدید متاثر ہوا۔

حد نگاہ نہ ہونے کے برابر ہوگئی جس کے باعث رہائشیوں کو گھروں تک محدود رہنے کی ہدایت جاری کردی گئی۔ متاثرہ علاقوں میں ہنگامی حالت کا اعلان کردیا گیا۔

سمندر کے دوسری طرف یونان میں بھی اس سے ملتی جلتی کیفیت دیکھی گئی جہاں صحرائے کبریٰ کی سرخ ریت سے ماحول سرخ ہوگیا۔

دوسری جانب چین کے جنوبی علاقوں میں تیزہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارشوں سے نظام زندگی درہم برہم ہو گیا جبکہ چھ افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

سعودی عرب میں شدید بارشوں کا الرٹ جاری

رپورٹ کے مطابق موسلا دھار بارشوں کے باعث ٹریفک اور ٹرینوں کا نظام درہم برہم ہوگیا ہے جبکہ مختلف حادثات میں کئی افراد زخمی ہوگئے، تیز ہواؤں سے متعدد گھروں کی چھتیں بھی اڑ گئیں۔

اسٹیل مل انتظامیہ کا انوکھا فیصلہ

0

اسٹیل مل کراچی کی انتظامیہ نے گیس بل کی ادائیگی کے بجائے اس سے کہیں زیادہ رقم گیس سلنڈر کی خریداری کے لیے جاری کر دی۔

کراچی اسٹیل مل انتظامیہ نے سوا کروڑ روپے گیس بل کی قسط کی ادائیگی کے بجائے دو کروڑ سے زائد رقم گیس سلنڈر کی خریداری کے لیے جاری کر دی ہے۔

اس حوالے سے مل انتظامیہ نے 1200 ملازمین کو فی کس 24 ہزار روپے جاری کیے ہیں جب کہ 1600 سے زائد گھروں میں رہنے والے سابق ملازمین کو اس سہولت میں بھی یکسر نظر انداز کر دیا ہے۔

اسٹیل مل انتظامیہ کے اس فیصلے کو یونین رہنما نے شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے اور کہا ہے کہ گیس سلنڈر وبال جان ہیں۔ کیا انتظامیہ معصوم لوگوں کو مارنے کی سازش کر رہی ہے۔

پاکستان اسٹیل مل کی نجکاری نہیں ہو گی

واضح رہے کہ نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی حکومت نے اسٹیل مل کو گزشتہ سال نجکاری کی فہرست سے نکال دیا تھا اور ملازمین کو تنخواہیں جاری کرنے کی منظوری دی تھی۔

ویڈیو رپورٹ: کراچی میں‌ ٹریفک سائنز کی غیر موجودگی حادثات کا بڑا سبب

0

کراچی میں سڑکوں پر ٹریفک سائن کیوں نظر نہیں آتے؟ جب کہ ٹریفک سائنز کی غیر موجودگی حادثات کا ایک بڑا سبب ہے اور اس کی وجہ سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوتی ہے۔

اس وقت شہر کراچی کی صورت حال یہ ہے کہ شہر میں سڑکوں کا جال 10 ہزار کلو میٹرتک پھیلاہوا ہے، لیکن زیادہ تر شاہراہوں اور سڑکوں پر ڈرائیور حضرات کی رہنمائی کے لیے ٹریفک سائنز کا نام و نشان ہی موجود نہیں ہے۔

کراچی میں ٹریفک سائن بھی چوروں سے محفوظ نہیں رہے ہیں، ایگزیکٹو انجینئر ٹریفک بیورو رضا حسین نے بتایا کہ کراچی کی کئی سڑکوں پر ٹریفک سائنز لگائے گئے لیکن وہ چوری ہو گئے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ رانگ سائیڈ ون وے اور دوسرے سائنز سڑکوں سے غائب ہیں۔

نجی گاڑیاں

کراچی وہ شہر تھا جہاں بسیں، سرکلر ریلوے اور ٹرام چلا کرتی تھی، مگر وقت کے ساتھ ساتھ شہر بھر میں پبلک ٹرانسپورٹ کی عدم موجودگی کی بنا پر شہریوں کی بڑی تعداد نے اپنی ذاتی گاڑیاں اور موٹر سائکلیں خرید لیں۔ ایک اندازے کے مطابق شہر بھر میں 80 لاکھ کے قریب لوگوں کے پاس ذاتی گاڑیاں ہیں، اور 60 لاکھ موٹر سائیکلیں چل رہی ہیں، کراچی میں آبادی کے پھیلاؤ اور نجی سواریوں میں غیر معمولی اضافے سے شہر میں ٹریفک کا رش اور فضائی معیار بری طرح متاثر ہو رہا ہے۔ کراچی کے کچھ علاقوں میں سائن بورڈ ضرور موجود ہیں مگر بیش تر پر اشتہارات چسپاں ہیں۔

کراچی میں ایک زمانے تک تمام شاہراہوں اور سڑکوں پر ٹریفک سائن ہوتے تھے، بدقسمتی سے وقت کے ساتھ ساتھ کراچی کی تباہی میں ٹریفک سائنز بھی سڑکوں پر سے غائب ہوتے گئے، اس صورت حال میں ڈرائیور حضرات کی رہنمائی کے لیے سڑکوں پر ٹریفک سائن سمیت تمام لوازمات کا ہونا ضروری ہے۔

روڈ سیفٹی

روڈ سیفٹی سے عوام کی جان و مال کو محفوظ بنایا جا سکتا ہے۔ اس کے لیے سب سے بڑی ذمہ داری شہری حکومت پر عائد ہوتی ہے، کہ وہ حادثات سے بچاؤ کے لیے اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرے، جس میں ٹریفک سائن کا لگنا، سڑکوں پر لین کا ہونا، اور ٹریفک سگنل بہت ضروری ہیں۔

مگر شہر بھر میں ایسا کچھ بھی دیکھنے کو نہیں ملتا، خاص طور پر آج کے دور میں جب آبادی میں بہت زیادہ اضافے اور قوت خرید بڑھنے کی وجہ سے سڑکوں پر گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کا سیلاب نظر آتا ہے۔ اس امر کی اشد ضرورت ہے کہ ہم سب مل کر روڈ سیفٹی کے حوالے سے اپنی ذمہ داری ادا کریں۔

اکثر ڈرائیور شکوے کرتے دکھائی دیتے ہیں کہ شہر کراچی میں کئی بڑی ون وے شاہراہوں اور سڑکوں پر کسی بھی قسم کے سائن بورڈ موجود نہیں ہیں، جو ڈرائیور کی رہنمائی کر سکیں، ان سائنز کی غیر موجودگی روزانہ کئی حادثات کو جنم دے رہی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ شہر بھر میں بڑھتی ہوئی بے ہنگم ٹریفک میں حادثات سے بچاؤ اور ڈرائیورز کی رہنمائی کے لیے ٹریفک سائن ضروری ہیں۔