ہوم بلاگ صفحہ 7

طلبہ کے لیے بڑی خبر

0
بلوچستان اسکولز

اسلام آباد: وفاقی سرکاری تعلیمی اداروں میں مفت کھانا پروگرام پر عمل درآمد شروع ہو گیا۔

تفصیلات کے مطابق سرکاری اسکولوں میں بچوں کو مفت کھانا فراہم کیا جا رہا ہے، پہلے فیز میں 40 پرائمری اسکولوں میں رواں ہفتے دوپہر کا کھانا دیا جائے گا۔

پہلے مرحلے میں ترنول اور نیلور سیکٹر کے 20،20 اسکولوں میں مفت کھانا دیا جائے گا، واضح رہے کہ سیکریٹری ایجوکیشن نے پرائمری اسکولز میں سہولیات فراہمی کے ساتھ بچوں کے لیے مفت کھانے کا اعلان کیا تھا۔

کراچی میں نجی اسکول سے بچیوں کو نکالنے کے معاملے کی انکوائری رپورٹ آگئی

سیکریٹری ایجوکیشن محی الدین وانی نے بتایا کہ بچوں کو دوپہر کا کھانا حکومت اور اللہ والے ٹرسٹ کے تعاون سے دیا جا رہا ہے، اگلے دو ماہ میں تمام پرائمری اسکولز میں کھانا شروع کر دیا جائے گا۔

لاہور: ایرانی صدر ابراہیم رئیسی گورنر ہاؤس پہنچ گئے

0

لاہور: ایرانی صدر ابراہیم رئیسی مزار اقبال پر حاضری کے بعد گورنر ہاؤس پہنچ گئے، جہاں گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے ان کا استقبال کیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق ایرانی صدرابراہیم رئیسی گورنر اور وزیراعلیٰ پنجاب سے الگ الگ ملاقات کرینگے جبکہ گورنر ہاؤس میں ایرانی وفد کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا جائے گا۔

اس سے قبل ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے مزار اقبالؒ پہنچنے پر چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے ان کا استقبال کیا، بادشاہی مسجد کے خطیب مولانا عبدالخبیر آزاد بھی اس موقع پر موجود تھے۔

معزز مہمان ایرانی صدرسیدابراہیم رئیسی نے مزار اقبال پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی، اس موقع پر مولانا عبدالخبیر آزاد نے مزار اقبال پر دعا کرائی۔ایرانی صدر سید ابراہیم رئیسی نے شاعر مشرق علامہ اقبال کو خراج عقیدت پیش کیا۔

ایرانی صدر کا اس موقع پر کہنا تھا کہ ہمیں اپنی قوم اور اپنے مجاہدوں پر بہت ناز ہے، صیہونی قوتوں کیخلاف پاکستان کا مؤقف قابل دید ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے عوام کے درمیان گہرا تعلق ہے۔

ایرانی صدر نے کہا کہ ایرانی سپریم لیڈر کا بھی مؤقف ہے فلسطینی جیت سے ہمکنار ہونگے، فلسطینیوں پر ظلم کرنیوالے اسرائیلی شکست سے دوچار ہوں گے۔

پاک ایران سرحد پر باہمی رابطے مضبوط کرنے کی ضرورت ہے، آرمی چیف

ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ پاکستان آکر خوشی ہوئی یہاں اجنبی جیسا احساس نہیں ہوا، پاک ایران رشتہ وقت کیساتھ مزید مضبوط ہوگا، میری خواہش تھی کہ پاکستان میں عوامی جلسے سے خطاب کرتا۔

شہدا فورم بلوچستان نے سپریم کورٹ آف پاکستان میں پٹیشن دائر کر دی

0

اسلام آباد: شہدا فورم بلوچستان نے سپریم کورٹ آف پاکستان میں پٹیشن دائر کرتے ہوئے استدعا کی ہے کہ شہدا کے خاندانوں کو مکمل معاوضہ دیا جائے۔

تفصیلات کے مطابق پیٹرن انچیف شہدا فورم بلوچستان نوابزاہ جمال رئیسانی کی طرف سے آرٹیکل184 (3) کے تحت سپریم کورٹ میں ایک پٹیشن دائر کی گئی ہے، جس میں استدعا کی گئی ہے کہ شہدا کے خاندانوں کو مکمل معاوضہ دیا جائے اوردہشت گردوں کے خلاف زیر التوا مقدمات کو جلد از جلد نمٹایا جائے۔

یہ پٹیشن دائر کرنے کا مقصد شہدا کے خاندانوں کی حفاظت کے لیے آرٹیکل 9، 14، 15، 17، 18، 25 کے تحت ضمانت دیے گئے بنیادی حقوق کے تحفظ اور نفاذ کے لیے امتیازی سلوک کے خلاف اقدام ہے۔

پٹیشن میں سیکریٹری وزارتِ دفاع، وزارتِ اطلاعات، وزارتِ قانون اور چاروں صوبوں کے چیف سیکریٹریز کو فریق بنایا گیا ہے۔

پٹیشن میں استدعا کی گئی ہے کہ ریاست ایسے انتظامات کرے کہ لاپتا افراد کے صیغے کے غلط استعمال کو روکا جا سکے، کیوں کہ اکثر لاپتا افراد ریاست اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے خلاف لڑتے ہوئے پائے گئے ہیں۔

ایران سے سالانہ بنیادوں پر درآمدات میں بڑا اضافہ

0

شہباز شریف کی موجودہ نئی حکومت کے پہلے ماہ میں ایران سے سالانہ بنیادوں پر درآمدات میں 25 فیصد کا بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

ذرائع وزارت تجارت کے مطابق نئی حکومت کے پہلے ماہ برادر اسلامی ملک ایران سے سالانہ بنیادوں پر درآمدات میں 25 فیصد کا بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جب کہ رواں مالی سال کے پہلے 9 ماہ میں ایران سے درآمدات 16 فیصد بڑھ گئیں۔

ذرائع نے بتایا کہ مارچ 2024 میں ایران سے درآمدات کا حجم 9 کروڑ 56 لاکھ ڈالرز رہا جب کہ گزشتہ سال مارچ 2023 میں یہ  درآمدات 7 کروڑ 64 لاکھ ڈالرز تھیں۔

فروری 2024 میں ایران سے درآمدات کا حجم 8 کروڑ 61 لاکھ ڈالرز رہا تھا۔ جولائی سے مارچ ایران سے درآمدات 77 کروڑ 30 لاکھ ڈالرز ریکارڈ کی گئیں جب  کہ گزشتہ سال اسی مدت کے دوران ایران سے درآمدات کا حجم 66 کروڑ 91 لاکھ ڈالرز تھا۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ گزشتہ مالی سال پاکستان کی ایران سے درآمدات مزید بڑھ گئیں تھیں تاہم گزشتہ 3 مالی سال کے دوران ایران کیلیے پاکستانی برآمدات صفر رہیں اور امریکی پابندیوں کے باعث بینکنگ چینلز کا نہ ہونا برآمدات صفر رہنےکی بڑی وجہ ہے۔

چین میں موسلادھار بارشوں کے بعد سیلابی صورتحال، نظام زندگی درہم برہم

0

چین کے جنوبی علاقوں میں تیزہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارشوں سے نظام زندگی درہم برہم ہو گیا جبکہ چھ افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق موسلا دھار بارشوں کے باعث ٹریفک اور ٹرینوں کا نظام درہم برہم ہوگیا ہے جبکہ مختلف حادثات میں کئی افراد زخمی ہوگئے، تیز ہواؤں سے متعدد گھروں کی چھتیں بھی اڑ گئیں۔

صوبے گوانگ ڈونگ کے کئی علاقوں میں مسلسل بارشوں کے باعث ہنگامی صورت حال پیدا ہوگئی اور چین کے گوانگ ڈونگ میں سڑکوں، رہائشی علاقوں اور کھیتوں میں کئی فٹ پانی کھڑا ہوگیا ہے۔

مسلسل بارشوں کے باعث جیانگ ژی صوبے میں بھی شدید خراب موسم کا اورنج الرٹ جاری کردیا گیا ہے، گوانگ ژی میں مسلسل بارشوں کے بعد مٹی کے تودے گرنے کے 65 واقعات رپورٹ ہوچکے ہیں۔

چینی میڈیا کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ پانی میں پھنسے 80 ہزار سے زائد افراد کو نکال لیا گیا ہے جبکہ شدید بارشوں کے بعد 10 لاکھ سے زائد افراد بجلی سے محروم ہوگئے ہیں اور سینکڑوں اسکولوں کو بند کردیا گیا ہے۔

تائیوان میں 6.3 شدت کا زلزلہ، عوام میں خوف و ہراس

سیلاب سے لاکھوں افراد کے بے گھر ہونے کے خدشے پر حکام نے ایمرجنسی ایڈوائزری بھی جاری کردی ہے، ڈیموں اور دریاؤں میں پانی کی سطح بڑھنے سے بھی سیلاب کا خطرہ پیدا ہوگیا ہے۔

پاکستان میں مہنگائی میں کمی کب ہوگی؟ امریکی بینک نے پیش گوئی کر دی

0

اسلام آباد: امریکی سٹی بینک نے پاکستان میں جون میں بنیادی شرح سود میں کمی کی پیش گوئی کر دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق امریکی سٹی بینک نے ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ توقع ہے کہ اسٹیٹ بینک پاکستان جون میں شرح سود کم کر دے گا، اور شرح سود میں کمی آئندہ مالی سال کے بجٹ میں مہنگائی کم ہونے کا اثر ہو سکتی ہے۔

سٹی بینک کے مطابق زرعی سپلائی بہتر ہونے سے مہنگائی میں کمی آئے گی، اسٹیٹ بینک کو نئے آئی ایم ایف پروگرام پر کڑی نظر رکھنے کی ضرورت ہے، سخت مانیٹری پالیسی کی وجہ سے افراط زر میں کمی متوقع ہے۔

سٹی بینک کی رپورٹ کے مطابق ایس بی پی نے قیمتوں میں ایڈجسٹمنٹ کے اثرات کا اندازہ لگانے کے لیے مارچ میں سخت پالیسی اپنائی، تیل کی قیمتوں میں اضافے کے لیے دباؤ بھی مہنگائی کا سبب بنتا ہے، اب 50 فی صد رول اوور ہوگا اور حکومت کو پچاس فی صد فنانسنگ کا انتظام کرنا ہے۔

پاکستان جلد آئی ایم ایف کے ساتھ قرض کے سب سے بڑے پروگرام کا انتخاب کرے گا، جب کہ مالی سال 2025 میں کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ جی ڈی پی کا 1.5 فی صد ہوگا۔

بشریٰ بی بی کا رات گئے بنی گالہ میں طبی معائنہ، ڈاکٹرز نے کیا کہا؟

0

بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی جنہوں ںے کل دوپہر سینے میں جلن اور درد کی شکایت کی تھی رات گئے ان کا ڈاکٹرز کی ٹیم نے بنی گالہ میں طبی معائنہ کیا۔

اے آر وائی نیوز کو ذرائع سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق بانی پاکستان تحریک انصاف کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے گزشتہ روز دوپہر کے وقت اڈیالہ جیل  کے ڈاکٹروں نے طبی معائنہ کیا اور سب اچھا قرار دیا۔

ذرائع نے بتایا کہ اڈیالہ جیل کے ڈاکٹرز نے معائنے کے  بعد پمز کے اسپیشلسٹ ڈاکٹرز بشمول ماہر امراض دل سے معائنے کا مشورہ بھی دیا۔

پمز ڈاکٹرز کی ٹیم جس میں ڈاکٹر بشریٰ لیاقت، ڈٓکٹر حرا طاہر اور ڈاکٹر سدرہ شامل تھیں نے گزشتہ شب 11 بجے سے سوا 12 بجے تک بنی گالہ میں بشریٰ بی بی کا طبی معائنہ کیا اور انہیں مکمل فٹ قرار دیا تاہم انہیں صرف کھانے میں احتیاط کا مشورہ دیا گیا۔

’بشریٰ بی بی کو جب سے زہر والا کھانا دیا ہے وہ بول نہیں سکتیں‘

پمز اسپتال کے ذرائع نے کہا ہے کہ بشریٰ بی بی کی صحت کے حوالے سے تازہ ترین رپورٹ اعلیٰ حکام کو بھجوا دی ہے۔

ملائیشیا: دو فوجی ہیلی کاپٹر ٹکرا کر تباہ، 10ہلاک، ویڈیو وائرل

0

ملائیشیا کے دو فوجی ہیلی کاپٹر آپس میں ٹکرا کر تباہ ہوگئے، حادثے کی ویڈیو سوشل پر وائرل ہوگئی۔

غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق افسوسناک حادثہ فوجی پریڈ کی ریہرسل کے دوران پیش آیا۔ مذکورہ واقعے میں 10افراد لقمہ اجل بن گئے۔

رپورٹس کے مطابق واقعہ Lumutنیول بیس پر پیش آیا۔ وہاں ملائیشین نیوی پریڈ کی ریہرسلز کا انعقاد کیا جارہا تھا۔

پانی کے ٹینک میں گر کر نوجوان کی موت، دلخراش ویڈیو وائرل

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ مقامی وقت کے مطابق صبح ساڑھے 9بجے حادثہ پیش آیا، تمام متاثرین کو مردہ قرار دے دیا گیا۔ جبکہ نعشوں کو لوموت آرمی بیس اسپتال پہنچا دیا گیا ہے۔

گورنر ہاؤس میں آئی ٹی کورس کرنے والے 50 ہزار طلبہ کیلیے بڑی خوشخبری

0

گورنر ہاؤس کراچی میں گزشتہ دنوں انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) کورس کرنے والے 50 ہزار طلبہ وطالبات کے لیے بڑی خوشخبری آ گئی ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق گورنر سندھ کامران ٹیسوری کی جانب سے شہر قائد کے 50 ہزار طلبہ وطالبات کو گورنر ہاؤس میں گزشتہ دنوں آئی ٹی کورس کرائے گئے تھے۔ اب ایسے تمام طلبہ وطالبات جنہوں نے یہ کورس مکمل کیا تھا ان کے لیے خوشخبری ہے کہ انہیں شہر قائد کے سب سے معروف ادارے جامعہ کراچی سے آئی ٹی کا سرٹیفکیٹ جاری کیا جائے گا۔

اس سلسلے میں گورنر سندھ نے آئی ٹی کورسز کو جامعہ کراچی سے الحاق کے لیے وائس چانسلر کو خط لکھ دیا ہے جب کہ وی سی نے بھی کورسز کا مکمل سلیبس منگوا کر سنڈیکٹ کا اجلاس طلب کر لیا ہے۔

سنڈیکٹ سے منظوری کے بعد 50 ہزار طلبہ وطالبات کو جامعہ کراچی سے ایک سال کا آئی ٹی ڈپلومہ سرٹیفکیٹ جاری کیا جائے گا۔

گورنر ہاؤس کراچی میں آئی ٹی کلاسز کا باقاعدہ آغاز

اس حوالے سے گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ بچوں کیلیے آئی ٹی یونیورسٹی بنانا اور اب سرٹیفکیٹ دلوانا بڑا خواب تھا۔ جو وعدہ کیا تھا وہ پورا کر دکھایا اور یہی میری کامیابی ہے۔

لاپتا افراد کی بازیابی کی کوششوں پر عدالت کا عدم اطمینان کا اظہار

0

کراچی: لاپتا افراد کی بازیابی کی کوششوں پر سندھ ہائیکورٹ نے عدم اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق لاپتا افراد کی تلاش سے متعلق درخواستوں پر سندھ ہائیکورٹ میں سماعت ہوئی، عدالت نے اب تک کی کوششوں پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے وزارت داخلہ سے رپورٹ طلب کر لی۔

عدالت نے سیکریٹری داخلہ کو حلف نامے کے ساتھ تحریری جواب جمع کرانے کا بھی حکم دیا، عدالت نے کہا بتایا جائے کہ لاپتا افراد کہاں اور کس حالت میں ہیں، کیا وہ زندہ بھی ہیں؟

تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ مختلف اداروں سے رابطے میں ہیں جلد پیش رفت کی توقع ہے، ادریس اسماعیل کی تلاش کے لیے جے آئی ٹی کے 20 اجلاس ہو چکے ہی، اور جے آئی ٹی ہیڈ کو عدالتی ہدایات سے آگاہ کیا جا چکا ہے۔

عدالت نے موچکو گوٹھ سے گمشدہ شہریوں کی تلاش کے لیے تفتیش ایس پی رینک کے افسر سے کرانے کا حکم بھی دیا۔ پولیس نے بتایا کہ انور اور عظیم کو حراست میں لیا گیا اور پوچھ گچھ کے بعد رہا کر دیا گیا تھا، عدالت نے پیش رفت رپورٹ طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت 4 ہفتوں کے لیے ملتوی کر دی۔