منگل, اپریل 29, 2025
ہوم بلاگ صفحہ 8

مانسہرہ : جیپ بے قابو ہو کر کھائی میں جا گری، بچی سمیت 4 خواتین جاں بحق

0
مانسہرہ : جیپ بے قابو ہو کر کھائی میں جا گری

مانسہرہ: جیپ کھائی میں گرنے سے 4 افراد جاں بحق ہوگئے ، جاں بحق افراد میں بچی اور 3 خواتین شامل ہیں۔

تفصیلات کے مطابق مانسہرہ میں جیپ ڈرائیور سے بےقابو ہو کر کھائی میں جا گری، حادثے میں بچی سمیت چار خواتین جاں بحق جبکہ چھ مسافر زخمی ہوگئے۔

واقعہ وادی سرن کے علاقے جبوڑی میں پہاڑی علاقے سنڈی سے آتے ہوئے پیش آیا، مقامی لوگوں نے زخمیوں اورلاشوں کو نکال کر قریبی اسپتال منتقل کیا۔

ابتدائی طبی امداد کے بعد زخمیوں کو مانسہرہ منتقل کردیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں : چکوال : موٹروے کلر کہار پر مسافر بس حادثے کا شکار ، 5 مسافر جاں بحق

یاد رہے گذشتہ ماہ چکوال میں موٹروے کلر کہار پر مسافربس بے قابو ہوکر الٹ گئی تھی، حادثے کے نتیجے میں پانچ مسافر جاں بحق اور تیرہ زخمی ہوگئے تھے۔

ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق حادثے کا شکار بس راولپنڈی سے وہاڑی جارہی تھی، حادثہ ڈرائیور کی غفلت کےباعث پیش آیا تاہم ریسکیو اہلکار، پولیس اور علاقہ مکین نے جائے وقوعہ پر ملبے میں پھنسے زخمی افراد کو نکال کر قریبی ایم ایس ٹراما کلر کہار منتقل کیا۔

سیکیورٹی فورسز کے پاک افغان بارڈر پر فالو اپ آپریشنز ، 17 خوارجی ہلاک

0
پاک افغان بارڈر سیکیورٹی فورسز

راولپنڈی : سیکیورٹی فورسز نے پاک افغان بارڈر پر کامیاب فالو اپ آپریشنز میں 17 خوارجی ہلاک کردیئے۔

تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے بیان میں کہا گیا کہ سیکیورٹی فورسز کے پاک افغان بارڈر پر کامیاب فالو اپ آپریشنز میں 17خوارجی مارے گئے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ ہلاک خوارج سے ہتھیار ،گولیاں اور دھماکا خیز مواد برآمد ہوا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ گزشتہ روز پاک افغان بارڈر پر کارروائی میں 54 خوارج مارے گئے تھے جبکہ گزشتہ تین روز میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں 71 خوارج ہلاک ہوئے۔

مزید پڑھیں : پاک افغان بارڈر سے دراندازی کی کوشش ناکام، کارروائی میں 54 خارجی ہلاک

پاک ترجمان نے بتایا کہ فورسز دہشت گردی کی ہر کوشش کو ناکام بنانے کیلئے پرعزم ہیں ، سیکیورٹی فورسز ملکی امن وا ستحکام و ترقی کو سبوتاژ نہیں ہونے دیں گے۔

یاد رہے گذشتہ روز سیکیورٹی فورسز نے پاک افغان بارڈر سے خارجیوں کی دراندازی کی کوشش ناکام بنائی تھی، جس میں فوری جوابی کارروائی میں 54 خارجی مارے گئے تھے، ہلاک خارجیوں سے ہتھیار اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا تھا۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ دراندازی کی کوششیں ریاست اور اس کے شہریوں سے غداری ہے۔ ہلاک خارجی غیر ملکی آقاؤں کے حکم پر پاکستان میں بڑی دہشتگردی کرنا چاہتے تھے۔ قومی سلامتی کمیٹی اجلاس میں سیکیورٹی فورسز کی کوششوں سے متعلق بات ہوئی۔

نیشنل ہائی وے وکلا احتجاج، مظاہرین پر بلٹ پروف جیکٹس، واکی ٹاکی، گیس شیلز چوری کے مقدمات

0
وکلا احتجاج نیشنل ہائی وے

کراچی: نیشنل ہائی وے پر وکلا احتجاج کے دوران جلاؤ گھیراؤ اور بلٹ پروف جیکٹس، واکی ٹاکی، گیس شیلز چوری کرنے پر مظاہرین کے خلاف مقدمات درج کیے گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق نیشنل ہائی وے لنک روڈ پر گزشتہ روز احتجاج کے دوران جلاؤ گھیراؤ اور توڑ پھوڑ کے واقعات پیش آئے تھے، پولیس کے مطابق احتجاجی مظاہرین بلٹ پروف جیکٹس، واکی ٹاکی سیٹ، ہیلمٹس، گیس گنز اور گیس شیلز تک چرا کر لے گئے تھے، جس کے بعد پولیس نے سرکار مدعیت میں مظاہرین کے خلاف 3 مقدمات درج کر لیے ہیں، جن میں وکلا سمیت متعدد شہریوں کو نامزد کیا گیا ہے۔

2 مقدمات اسٹیل ٹاؤن، ایک مقدمہ بن قاسم تھانے میں درج کیا گیا ہے، درج مقدمات میں دہشت گردی، جلاؤ گھیراؤ، بلوے ، لوٹ مار، شہریوں کو دھمکیاں دینے اور املاک کو نقصان پہنچانے کی دفعات شامل ہیں۔

 

پولیس موبائل کو آگ لگانے کا مقدمہ علیحدہ سے اسٹیل ٹاؤن تھانے میں درج ہوا ہے، جس میں قوم پرست جماعت کے 10 سے زائد افراد نامزد ہیں، ایف آئی آر میں پولیس موبائل جلانے اور اینٹی رائٹ کا سامان چوری کرنے کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔

ایف آئی آر کے مطابق 2 بلٹ پروف جیکٹس، 2 ہیلمٹ، واکی ٹاکی سیٹ، 3 گیس گنز اور 20 گیس شیل چوری ہوئے ہیں، جلاؤ گھیراؤ کے دوران پولیس کا اینٹی رائٹ سامان بھی لوٹ لیا گیا۔


ڈیفنس میں ہوٹل ملازمین نے پولیس اہلکار اور شہری کو بد ترین تشدد کا نشانہ بنا دیا


احتجاج کرنے والوں نے پولیس پر لاٹھیوں اور ڈنڈوں سے حملہ کیا، پولیس پر براہ راست فائرنگ کی گئی، پولیس موبائل پر پتھراؤ کیا گیا، گاڑی کو آگ لگا دی گئی۔

ان مظاہرین کی تعداد 80 سے 90 افراد کے قریب بتائی گئی ہے، مقدمے میں دہشت گردی، پولیس مقابلے اور دیگر سنگین دفعات کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

اے آر رحمان کو کاپی رائٹ کیس میں بڑا جھٹکا، کروڑوں روپے جرمانہ عائد

0
اے آر رحمان کو کاپی رائٹ کیس میں بڑا جھٹکا، کروڑوں روپے جرمانہ عائد

عالمی شہرت یافتہ میوزک ڈائرکٹر اے آر رحمان اور فلم’پونیئن سیلوان 2‘پروڈکشن کمپنی ایک بار پھر تنازعات میں پھنس گئی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق عالمی شہرت یافتہ بھارتی موسیقار و گلوکار اے آر رحمٰن اور ساؤتھ انڈین فلم’پونیئن سیلوان 2‘ کی پروڈکشن ہاؤس پر دہلی ہائی کورٹ نے کاپی رائٹ کے مقدمے میں 2 کروڑ بھارتی روپے کا جرمانہ عائد کر تے ہوئے عدالت میں جمع کروانے کی ہدایت کی ہے۔

اے آر رحمان کا سائرہ بانو سے علیحدگی کے بعد ٹرولنگ پر خاموشی توڑ دی

دہلی ہائی کورٹ کے جسٹس پرتھیبا ایم سنگھ نے 25 اپریل کو فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ سامعین کے نقطہ نظر سے فلم ’پونیئن سیلوان 2‘ میں اے آر رحمان کے گانے’ویرا راجہ ویرا‘جونیئر ڈگر برادران کی کلاسیک پیشکش ’شیو ستوتی‘ سے صرف متاثر نہیں بلکہ اس کی کاپی ہے۔

دہلی ہائی کورٹ کے جسٹس پرتھیبا ایم سنگھ نے کہا کہ اس طرح کا عمل اصل موسیقاروں کے حقوق کی خلاف ورزی ہے۔

عدالت نے فلم میں جونیئر ڈگر برادران مرحوم استاد این فیاض الدین ڈگر اور مرحوم استاد ظہیر الدین ڈگر کو کریڈٹ دینے اور مرحوم فنکاروں کی فیملی کو 2 لاکھ روپے بطور معاوضہ دینے کی ہدایت بھی کی۔

یاد رہے کہ فیاض الدین ڈگر کے بیٹے اور ظہیر الدین ڈگر کے بھتیجے استاد فیاض واصف الدین ڈگر نے دعویٰ کیا تھا کہ وہ جونیئر ڈگر برادرز کی تمام موسیقی بشمول ’شیو ستوتی‘ کے کاپی رائٹ کے مالک ہیں اور فلم’پونیئن سیلوان 2‘ میں اے آر رحمان کے گانے’ویرا راجہ ویرا‘ میں ان کے حقوق کی خلاف ورزی کی گئی ہے۔

ٹرمپ کی جارحانہ تجارتی پالیسیاں، برکس اجلاس آج ہوگا، انڈونیشیا کی پہلی بار شرکت

0
برکس ٹرمپ تجارتی بلاک

جکارتہ: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جارحانہ تجارتی پالیسیوں سے نمٹنے کے لیے برکس ممالک کا آج اہم اجلاس ہوگا، جس میں انڈونیشیا کے وزیر خارجہ پہلی بار شرکت کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق برکس ممالک کے سینئر سفارتکار آج برازیل میں ملاقات کریں گے، تاکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جارحانہ تجارتی پالیسیوں سے پیدا ہونے والے خطرات کے پیش نظر ایک متحدہ محاذ بنایا جا سکے۔

بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے امریکی محصولات میں اضافے کے اثرات کی وجہ سے معیشت کی نمو کی پیش گوئیوں میں کمی کر دی ہے، اس نازک وقت پر برکس ممالک کا اجلاس منعقد ہو رہا ہے۔

اس تجارتی بلاک کی موجودہ صدارت برازیل کے پاس ہے، اور اس میں روس، بھارت، چین، جنوبی افریقہ، مصر، ایتھوپیا، انڈونیشیا، ایران اور متحدہ عرب امارات شامل ہیں، جو ریو ڈی جنیرو میں 2 دن کے لیے ملاقات کریں گے، اور جولائی میں سربراہی اجلاس منعقد ہوگا۔


ڈونلڈ ٹرمپ کا روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کو اہم مشورہ


انڈونیشیا رواں برس 7 جنوری کو ابھرتی ہوئی معیشتوں کے پلیٹ فارم کی جیوپولیٹیکل فورم برکس کا مکمل رکن بنا ہے، اور اس کے وزیر خارجہ سیگیانو اجلاس میں بطور ممبر نمائندگی کر رہے ہیں۔ یہ مغربی دنیا کے علاوہ تشکیل پانے والا بین الاقوامی مقابلتاً زیادہ مؤثر فورم کے طور پر ابھرا ہے۔

برکس دنیا کی 48 فی صد آبادی کی نمائندگی کرتا ہے، جس میں 3 جوہری طاقتیں بھی شامل ہیں۔ دنیا کی 37 فی صد معیشت اور وسائل برکس کے رکن ملکوں کے پاس ہیں۔

یاد رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے دھمکی دی ہے کہ اگر برکس ممالک نے امریکی ڈالر کو کم کیا تو ان پر 100 فی صد محصولات عائد کر دیں گے۔

بھارت: تجاوزات کی آڑ میں 20 مساجد اور مدارس شہید

0
بھارت: تجاوزات کی آڑ میں 20 مساجد اور مدارس شہید

بھارت کے اترپردیش میں تجاوزات کی آڑ میں ہند ۔ نیپال سرحد کے 15 کلومیٹر کے دائرے میں کم از کم 20 مساجد اور مدارس کو شہید کردیا گیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ریونیو کوڈ کی دفعہ 67 کے تحت بہرائچ، شراؤستی، سدھارتھ نگر، مہاراج گنج، بلرام پور اور لکھیم پور کھیری اضلاع کے سرحدی علاقوں میں سینکڑوں ناجائز تعمیرات کو مسمار کیا گیا ہے۔

حکومت کا کہنا ہے کہ شراؤستی ضلع میں 17 غیر تسلیم شدہ مدارس کے خلاف کارروائی کی گئی، جن میں سے 10 بھنگا تحصیل اور 7 جمنہا تحصیل میں واقع تھے۔

رپورٹس کے مطابق سدھارتھ نگر ضلع کی نوگڑھ تحصیل میں بھی ایک مسجد اور ایک مدرسہ سمیت پانچ تعمیرات کوتجاوزات کی آڑ میں مسمار کردیا گیا۔

بھارتی حکام کے مطابق لکھیم پور کھیری ضلع کی پلیا تحصیل کے کرشنا نگر کالونی میں غیر قانونی طور پر بنائی جا رہی ایک مسجد کو بھی منہدم کردیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ بھارت میں تجاوزات کی آڑ میں مساجد کو مسمار کئے جانے کا سلسلہ نیا نہیں ہے، اس سے قبل بھی یوپی کے شہر میرٹھ میں 168 سال پرانی ایک اور تاریخی مسجد کو انتظامیہ نے رات کی تاریکی میں شہید کردیا تھا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق انتظامیہ نے نصف شب کے وقت بلڈوزر چلا کر تاریخی مسجد کو شہید کیا، یہ مسجد دہلی روڈ پر سروس لین میں واقع تھی اور میٹرو و ریپڈ ریل کاریڈور کے درمیان تھی، جسے بنیاد بناکر حکام نے مسجد کو مسمار کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

مسجد کا بجلی کنکشن دو دن قبل منقطع کر دیا گیا تھا، جس کے بعد مقامی مسلمانوں نے خود ہی مسجد کو ہٹانے کی کوشش کی، تاہم، جمعہ کی رات انتظامیہ نے بلڈوزر لگا کر پوری مسجد کو مسمار کر دیا اور فوراً ملبہ بھی ہٹا دیا گیا۔

بھارت میں ایک اور تاریخی مسجد شہید

یہ مسجد دہلی روڈ پر جگدیش منڈپ کے قریب طویل عرصے قبل تعمیر کی گئی تھی، انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ مسجد میٹرو کے تعمیراتی منصوبے میں رکاوٹ بن رہی تھی، جس کی وجہ سے اسے منہدم کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

صنم جاوید اور ان کے شوہر کو گرفتار کرلیا گیا

0
صنم جاوید

لاہور : پاکستان تحریک انصاف کی کارکن صنم جاوید اور ان کے شوہر کو گرفتار کر لیا گیا، دونوں کیخلاف دہشت گردی کے مقدمات درج تھے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی رہنما صنم جاوید اور ان کے شوہرکو گرین ٹاؤن سے گرفتار کرلیا گیا۔

پولیس حکام نے بتایا کہ رہنما پی ٹی آئی اور اس کے خاوند کو 9 مئی جلاؤ گھیراؤکے مقدمات میں گرفتارکیا گیا۔

حکام کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کی رہنما اور ان کے شوہر کیخلاف دہشت گردی کے مقدمات درج تھے۔

واضح رہے گذشتہ سال جسٹس اسجد جاوید گھرال کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے صنم جاوید کے خلاف گوجرانوالہ میں 9 مئی سے واقعات سے متعلق درج مقدمے کی سماعت کی تھی اور انہیں مقدمے سے ڈسچارج کرنے کا حکم دیا تھا۔

پی ٹی آئی سے متعلق خبریں

صنم جاوید کو لاہور سے گرفتار کیا گیا تھا اور ان پر 9 مئی کے حوالے سے مختلف شہروں میں متعدد مقدمات درج کیے گئے ہیں، اس کیس میں رہائی کے بعد انہیں دوبارہ گرفتار کرلیا گیا تھا۔

بعد ازاں اسلام آباد ہائی کورٹ نے صنم جاوید کو کوئٹہ پولیس کے حوالے کرنے سے روکتے ہوئے متعلقہ حکام کو طلب کرلیا تھا اور سماعت مکمل کرتے ہوئے انہیں رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔

کراچی : ڈیفنس میں آن لائن بائیک رائیڈر کو قتل کرنے والے ملزمان کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی

0
آن لائن بائیک رائیڈر

کراچی : ڈڈیفنس فیز 7 میں آن لائن بائیک رائیڈر کے قتل کرنے والے ملزمان کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی، ممکنہ طور پر بائیک رائیڈر سے اسٹریٹ کرمنلز نے واردات کی کوشش اور قتل کیا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز7 میں 2 روز قبل آن لائن بائیک رائیڈر کے قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔

بائیک رائیڈر کے قتل میں ملوث ملزمان کے فرار کی سی سی ٹی وی سامنے آگئی ، پولیس نے بتایا کہ ممکنہ طور پر بائیک رائیڈر مدثر سے اسٹریٹ کرمنلز نے واردات کی کوشش اور قتل کیا۔

سی سی ٹی وی میں ایک بائیک پر پینٹ شرٹ پہلے 2 ملزمان کوفرار ہوتے دیکھا جاسکتا ہے۔

حکام کا کہنا تھا کہ مقتول مدثر سرکاری ادارے کاملازم بھی تھا ،پارٹ ٹائم آن لائن بائیک چلاتا تھا، تحقیقات کے مطابق مقتول کی کسی سے دشمنی نہیں تھی۔

قتل کا مقدمہ ماموں کی مدعیت میں درج کیا گیا، مقتول جھنگ کارہائشی تھا اور نجی یونیورسٹی کے طالبعلم کی رائیڈ لے کر ڈیفنس آیا تھا۔

مقتول مدثر کو کمر میں گولی لگی تھی ،ممکنہ طور پر اسٹریٹ کرمنلز نے نہ رکنے پر فائر کیا تاہم قتل کے مقام پرکوئی سی سی ٹی وی نصب نہیں ، مزید تحقیقات جاری ہیں۔

موٹر سائیکل کی لائٹ ٹوٹنے پر بھتیجے نے چچا کو قتل کر ڈالا

0
نارووال چچا قتل

نارووال : معمولی تلخ کلامی پر بھتیجے نے چچا کو قتل کردیا، مقتول کی بیوہ نے مقدمہ درج کرادیا۔

تفصیلات کے مطابق نارووال میں گاؤں زاہد پور میں معمولی تلخ کلامی پر بھتیجے نے چچا کو قتل کردیا، پولیس نے بتایا کہ بیوہ کی مدعیت میں قتل کامقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور ملزم کی تلاش جاری ہے۔

مقتول کی بیوہ نے بتایا کہ موٹرسائیکل کی لائٹ ٹوٹنے پر ملزم کی ماں اور بہنیں گالم گلوچ کر رہی تھی، میرے شوہر عارف نے گالم گلوچ سے منع کیا تو ملزم نے چچا کو دھکادیا۔

مدعی مقدمے نے کہا کہ دھکا ددینے کی وجہ سے میرے شوہر دیوار سے ٹکرانے کے بعد موقع پر ہی دم توڑ گئے۔

مزید پڑھیں : زمین کے تنازع پر چچا نے بھتیجے کو قتل کر ڈالا

یاد رہے رواں سال جنوری میں زمین کے تنازع پر چچا اور بھتیجوں کے درمیان جھگڑے میں فائرنگ سے نوجوان بھتیجا جاں بحق ہوگیا تھا۔

پولیس کا کہنا تھا کہ چچا اپنے بھتیجے کو قتل کرنے کے بعد سے فرار ہے، مقتول شہباز کا اپنے چچا سے زمین کا تنازعہ چل رہا تھا۔

پولیس کے مطابق واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور تحقیقات جاری ہیں۔

مودی سرکار بوکھلاہٹ کا شکار، اے آر وائی نیوز سمیت 16 پاکستانی یوٹیوب چینلز پر پابندی

0
16 پاکستانی یوٹیوب چینلز

نئی دہلی : مودی سرکار نے 16 پاکستانی یوٹیوب چینلز پر پابندی عائد پابندی کردی، پابندی کی زد میں آنے والے اداروں میں پاکستان کے معتبر نیوز چینلز اے آروائی ، ڈان نیوز، سما ٹی وی اور جیو نیوز شامل ہیں۔

تفصیلات کے مطابق بھارت کے فالس فلیگ آپریشن پر پاکستانی میڈیا کا ذمہ دارانہ کردار بھارت کو ایک آنکھ نہ بھایا۔

پاکستانی میڈیا نے بھارت کے جھوٹ سے پردہ اٹھایا اور دنیا کو سچ دکھایا تومودی حکومت گھبرا گئی۔

نئی دہلی میں مودی سرکار کی گھبراہٹ ایک بار پھر دنیا کے سامنے آگئی ہے،بھارتی وزارت داخلہ کی سفارش پرا ے آروائی نیوز سمیت پاکستان کے سولہ ٹی وی چینلز کی یوٹیوب نشریات پر بھارت میں پابندی لگادی۔

بھارتی اخبار دا ہندو نے بتایا کہ پابندی کی زد میں آنے والے اداروں میں پاکستان کے معتبر نیوز چینلز اے آروائی ، ڈان نیوز، سما ٹی وی اور جیو نیوز شامل ہیں۔

بھارت نے یہ اقدام اس بہانے اٹھایا ہے کہ مبینہ طور پر یہ چینلز ”اشتعال انگیز اور فرقہ وارانہ حساس مواد“، ”غلط اور گمراہ کن بیانیے“ اور ”بھارتی فوج اور سیکیورٹی اداروں کے خلاف جھوٹی معلومات“ پھیلا رہے تھے،ؤ خصوصاً جموں و کشمیر میں پیش آنے والے پہلگام دہشت گردی واقعے کے تناظر میں۔

مبصرین کے مطابق بھارتی حکومت کی طرف سے پاکستانی میڈیا پر پابندی عائد کرنا دراصل اپنی ناکامیوں اور اندرونی تضادات کو چھپانے کی ایک کوشش ہے۔