بدھ, جولائی 2, 2025
ہوم بلاگ صفحہ 5

ایران کا جوہری پروگرام پرامن مقاصد کے لیے ہے، پیوٹن

0

روسی صدر ولادیمیر پیوٹن اور فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون کے درمیان دو گھنٹے طویل ٹیلیفونک رابطہ ہوا، اس دوران ایران کے جوہری پروگرام اور میزائل ٹیکنالوجی کے خطے پر اثرات پر بات چیت ہوئی۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق فرانسیسی صدر میکرون نے گفتگو کے دوران خدشہ ظاہر کیا کہ ایران کا جوہری پروگرام اور میزائل نظام خطے کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتے ہیں۔

اس دوران فرانسیسی صدر کا کہنا تھا کہ ایران بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (IAEA) کے ساتھ مکمل تعاون کرے اور جوہری عدم پھیلاؤ کے معاہدے (NPT) پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائے۔

روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کا ایرانی موقف کی حمایت کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ایران کا جوہری پروگرام پرامن مقاصد کے لیے ہے، اور بین الاقوامی قوانین کے تحت ایران کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ اپنی جوہری توانائی کی ترقی جاری رکھے۔

روسی صدر نے اس بات پر زور دیا کہ ایران کی خودمختاری اور سلامتی کا احترام کیا جانا چاہیے۔

فرانسیسی صدر میکرون کا کہنا تھا کہ ایرانی جوہری پروگرام اور میزائل سسٹم سے جڑے خدشات کا سفارتی حل نکالنے کے لیے فرانس پرعزم ہے۔

دونوں رہنماؤں نے خطے میں امن و استحکام کی ضرورت پر اتفاق کیا اور کہا کہ سفارتی کوششوں کے ذریعے مسائل کا حل تلاش کرنا ہی بہترین راستہ ہے۔

اس سے قبل بھی صدر پیوٹن نے اسکائی نیوز عربیہ کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا تھا کہ ایران کو سویلین جوہری پروگرام تیار کرنے اور جوہری ٹیکنالوجی کو پُرامن مقاصد کیلیے استعمال کرنے کا حق حاصل ہے۔

پیوٹن نے کہا کہ تہران کو پُرامن مقاصد کیلیے جوہری ٹیکنالوجی کو آگے بڑھانے کا حق حاصل ہے، روس ایران کو پُرامن جوہری توانائی کی ترقی میں ضروری مدد فراہم کرنے کیلیے تیار ہے جو پہلے بھی کر چکے ہیں۔

غزہ کی جنگ اختتامی مراحل میں ہے، اسرائیلی وزیر دفاع

انہوں نے مزید کہا کہ میرے خیال میں کچھ مخصوص مسائل ہیں جو مذاکرات کا موضوع ہو سکتے ہیں اور ہونے بھی چاہئیں، ایران اور اسرائیل دونوں کو تہران کے جوہری پروگرام سے متعلق بحران کو حل کرنے کیلیے مذاکراتی عمل میں شامل ہونا چاہیے۔

ٹرمپ نے پرفیومز کی نئی رینج متعارف کرا دی، قیمت کیا ہے؟

0
ٹرمپ نے پرفیومز کی نئی رینج متعارف کرا دی، قیمت کیا ہے؟

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وکٹری 45-47 کے نام سے مرد و خواتین کے لیے پرفیومز کی نئی رینج متعارف کرا دی ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی نئی پرفیومز کی کلیکشن "وِکٹری فورٹی فائیو،  فورٹی سیون کے نام سے متعارف کرا دی ہے، اس پرفیوم کی سب سے خاص بات بوتل پر ڈونلڈ ٹرمپ کے مجسمہ کا ہونا ہے۔

امریکی صدر نے سوشل میڈیا ٹروتھ پر لکھا کہ یہ پرفیومز "فتح، طاقت اور کامیابی” کی علامت ہیں جو مرد و خواتین دونوں کے لیے دستیاب ہیں۔

اپنے فالورز کو ٹرمپ نے مشورہ دیا کہ وہ خود بھی ایک بوتل خریدیں اور اپنے چاہنے والوں کو بھی تحفے میں دیں، پیغام کے اختتام پر انہوں نے خوشی، لطف اور جیت کے جذبے کو برقرار رکھنے کی تلقین کی۔

واضح رہے کہ پرفیومز کی شیشیوں پر نمایاں انداز میں فورٹی فائیو ۔ فورٹی سیون درج ہے، جو ٹرمپ کے مدتِ صدارت کی عکاسی کر رہا ہے

یہ خوشبو مرد حضرات اور خواتین دنوں کے لیے علحیدہ ورژنز میں دستیاب ہے، اور ہر 100 ملی لیٹر بوتل کی قیمت 249 ڈالر مقرر کی گئی ہے۔

برانڈ کی ویب سائٹ پر مردوں کے لیے مخصوص خوشبو کو “طاقتور، مردانہ خوشبو جس کی خوشبو دیرپا اور شائستہ ہو” کے طور پر بیان کیا گیا ہے، اور یہ ان مردوں کے لیے بنائی گئی ہے “جو طاقت، اعتماد اور مقصد کے ساتھ زندگی گزارتے ہیں۔”

وفاقی وزیر کا خیبر پختونخوا میں حکومت کی تبدیلی کا اشارہ

0
امیر مقام کا خیبر پختونخوا میں حکومت کی تبدیلی کا اشارہ

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان اور سیفران انجینئر امیر مقام نے خیبر پختونخوا میں موجودہ حکومت کی تبدیلی کا اشارہ دے دیا۔

امیر مقام نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو میں کہا کہ خیبر پختونخوا میں موجودہ حکومتی صورتحال میں تبدیلی خارج ازامکان نہیں، صوبے میں کچھ بھی کسی بھی وقت ہو سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم تو ہر وقت کہتے ہیں اپوزیشن سے مذاکرات ہونے چاہئیں، پی ٹی آئی کو یہ ادراک ہو کہ پارلیمان میں گالیاں نہیں کردار ادا کرنا ہے تو بات ہو سکتی ہے، پی ٹی آئی رہنماؤں کے خط کو متعلقہ لوگ دیکھیں گے کہ کیا ہو سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کیا فضل الرحمان کے پی حکومت گرانا چاہتے ہیں؟

(ن) لیگی رہنما نے کہا کہ 2018 میں نواز شریف نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو اسمبلی میں میثاق معیشت کی پیشکش کی تھی، ایک طرف خط ہے اور دوسری طرف علیمہ خانم نے احتجاج کا بتایا ہے، پی ٹی آئی میں موجود گروپس میں یکسوئی نہیں ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی میں ہر ایک بندے کی اپنی اپنی تشریح ہے ان کے بیانات دیکھ لیں، پی ٹی آئی میں بہت دھڑے بندی ہے ہر ایک کا اپنا اپنا گروپ ہے۔

ترکیہ، گستاخانہ خاکہ شائع کرنے پر کارٹونسٹ اور میگزین ایڈیٹر گرفتار

0
ترکیہ، گستاخانہ خاکہ شائع کرنے پرکارٹونسٹ اور میگزین ایڈیٹر گرفتار

ترکیہ میں ایک ہفت روزہ میگزین میں خاتم النبیین حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور حضرت موسٰی علیہ السلام کا گستاخانہ خاکہ شائع کرنے پرکارٹونسٹ اور ایڈیٹرز کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ یہ گستاخانہ خاکہ خاتم النبیین حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے منسوب تھا، خاکے کی اشاعت پرمذہبی حلقوں کی جانب سے شدید ردعمل کا اظہار کیا جارہا ہے۔

استنبول کے چیف پبلک پراسیکیوٹر کے مطابق 26 جون 2025 کے شمارے میں شائع ہونے والے ایسے کارٹون کے حوالے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے جو کھلے عام مذہبی اقدار کی توہین کرتا ہے، خاکے کی اشاعت میں ملوث افراد کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے جا چکے ہیں۔

خبررساں ایجنسی کا کہنا ہے کہ مذکورہ معاملہ سامنے آتے ہی استنبول کے وسطی علاقے میں واقع ایک بار جہاں اکثر میگزین کے عملے کے افراد موجود ہوتے ہیں، پر مشتعل مظاہرین نے دھاوا بول دیا جہاں مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں۔

رپورٹس کے مطابق ترکیہ کے وزیر داخلہ علی یرلی قایا نے بعد ازاں ایکس پر ویڈیو شیئر کی جس میں متنازع کارٹون بنانے والے کارٹونسٹ کو گرفتار کرتے ہوئے دکھایا گیا۔

انہوں نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ جس شخص نے یہ گستاخانہ خاکہ بنایا اسے حراست میں لے لیا گیا ہے۔

قرآن پاک کی توہین گستاخانہ اور ناقابل قبول عمل ہے، پوپ فرانسس

کارٹونسٹ کے علاوہ میگزین سے وابستہ دیگر 3 افراد کو بھی گرفتار کیا گیا ہے جن میں دو ایڈیٹر ان چیف اور منیجنگ ایڈیٹر شامل بھی ہیں۔

ترک صدر رجب طیب اردوان نے مذکورہ معاملے پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ جو لوگ حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور دیگر انبیا کی شان میں گستاخی کریں گے، ان سے قانون کے مطابق بازپرس کی جائے گی۔

کراچی کی 32 سڑکوں اور مقامات پر پارکنگ مفت کر دی گئی

0
کراچی کی 32 سڑکوں اور مقامات پر پارکنگ مفت

کراچی: بلدیہ عظمیٰ کراچی (کے ایم سی) نے شہر قائد کی 32 سڑکوں اور مقامات پر پارکنگ مفت کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

کے ایم سی کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق یکم جولائی 2025 پارکنگ کی سہولیات ضلع جنوبی کے تین، ضلع کیماڑی کے دو، ضلع وسطی کے پانچ، ملیر اور کورنگی کے سات اور ضلع شرقی کے پندرہ مقامات پر بالکل مفت ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی میں چارجڈ پارکنگ سے متعلق حکومت کا اہم اعلان

مفت پارکنگ والی سڑکوں اور مقامات کی فہرست

ضلع جنوبی (ساؤتھ):

  • جیلانی سینٹر موبائل مارکیٹ صدر
  • ناز پلازہ سے آمنہ ٹاور (ایم اے جناح روڈ)
  • کوثر میڈیکو سے ایم ڈبلیو ٹاور (ایم اے جناح روڈ)

ضلع کیماڑی:

  • شارجہ مال سے کوہِ نور ہال (ہب ریور روڈ)
  • کے پی ٹی گیٹ نمبر 1 سے شیل پمپ (ایم اے جناح روڈ)

ضلع وسطی (سینٹرل):

  • ہارون شاپنگ مال، سرینا مارکیٹ
  • لیاقت آباد سپر مارکیٹ سے لیاقت آباد نمبر 10 (ایس ایم توفیق روڈ)
  • چیز سپر اسٹور (شاہراہِ پاکستان)
  • سنٹرم شاپنگ مال (راشد منہاس روڈ)
  • کفایت، اومیگا مال (نارتھ کراچی)

ضلع ملیر اور کورنگی:

  • سات مقامات پر پارکنگ فری ہوگی

ضلع شرقی (ایسٹ):

  • پندرہ مقامات پر پارکنگ بالکل مفت ہوگی

اس کے علاوہ ضلع جنوبی، وسطی اور شرقی کی 11 بند سائٹس (وال باؤنڈری پارکنگ) پر مقررہ فیس لاگو رہے گی۔

شادی رکوانے کے لئے دلہا کو قتل کرنے والے ملزمان گرفتار

0
شادی رکوانے کے لئے دلہا کو قتل کرنے والے ملزمان گرفتار

پولیس نے پتوکی میں شادی رکوانے کے لئے دلہا کو قتل کرنے میں ملوث دو ملزموں کو گرفتار کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق پتوکی میں شادی رکوانے کے لئے دلہا کے قتل میں ملوث دو ملزموں کو گرفتار کرلیا گیا، تھانہ صدر نے تفتیش کے بعد ملزم اظہر منظور اور ساجد کو حراست میں لے لیا۔

ملزمان نے مقتول عمر شہزاد کو شادی سے سات دن پہلے چھت پر فائرنگ کر کے قتل کیا تھا، پولیس کی خصوصی ٹیم نے جدید ٹیکنالوجی سے ملزمان کو ٹریس کیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مرکزی ملزم اظہر، مقتول کی منگیتر سے تعلق رکھتا تھا اور عمر شہزاد کی شادی رکوانا چاہتا تھا اس بنا پر اس نے دلہے کو قتل کیا۔

باراتیوں کی گاڑی ٹریفک حادثے کا شکار، دُلہا دُلہن جاں بحق

اس سے قبل لاہور ڈویژن کے علاقے سندر میں شادی کے روز نوجوان لڑکی عائشہ حبیبہ کو قتل کرنے والے ملزم کو پولیس نے گرفتار کیا تھا۔

ڈی آئی جی انویسٹی گیشن کے مطابق ملزم اکرام مقتولہ کا بہنوئی ہے، ملزم نے مقتولہ کو رشتہ کے تنازعہ کی وجہ سے فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا اور واردات کے بعد موقع سے فرار ہو گیا تھا۔

ڈی آئی جی سید ذیشان رضا کا کہنا تھا کہ قانون شکن عناصر سے آہنی ہاتھوں کےساتھ نمٹاجائےگا۔

ومبلڈن ٹینس میں لائن ججز ختم کردیے گئے

0
ومبلڈن ٹینس میں لائن ججز ختم کردیے گئے

ومبلڈن ٹینس میں لائن ججز کا مکمل طور خاتمہ کردیا گیا ہے، ومبلڈن کی 148 سالہ تاریخ میں پہلی بار لائن ججز ختم کیے گئے ہیں۔

ومبلڈن کی سی ای او سیلی بلون کا کہنا ہے انہیں افسوس ہے کہ برسوں پرانی روایت کا خاتمہ کرکے ٹیکنالوجی کو شامل کیا گیا، اب یہ الیکٹرونک سسٹم دنیا بھر کے مختلف ٹینس ایونٹس میں استعمال کیا جا رہا ہے جو وقت کی ضرورت تھا۔

دوسری جانب لندن میں آج بھی موسم شدید گرم رہا، جس کے سبب 33 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا اور کھلاڑیوں کے پسینے چھوٹ گئے۔

ومبلڈن ٹینس ٹورنامنٹ میں مینز سنگلز کے پہلے راؤنڈ میں روس کے ڈینیئل میدودیو کے خلاف فرانس کے بینجمن بونزی نے پہلا سیٹ سات چھ سے جیتا، جس کے بعد میدودیو نے کچھ مزاحمت کی اور دوسرا سیٹ چھ تین سیاپنے نام کیا۔

تیسرا اور چوتھا سیٹ بینجمن بونزی نے سات چھ اور چھ دو سے جیت کر ایونٹ کے دوسرے راؤنڈ میں جگہ بنالی اور میدودیو کو ایونٹ سے آؤٹ کردیا۔

ویمنز سنگلز میں برطانیہ کی ایما راوڈوکانو نے ہم وطن می می زو کو ہرا کر دوسرے راؤنڈ کے لیے کوالیفائی کرلیا۔

نوواک جوکووچ نے تاریخ ساز کھلاڑیوں میں اپنا نام درج کرا لیا:

دنیائے ٹینس کے اسٹار کھلاڑی نوواک جوکووچ نے ٹائٹل جیتنے کی سنچری مکمل کرکے تاریخ ساز کھلاڑیوں میں اپنا نام درج کرا لیا۔

نوواک جوکووچ نے یہ اعزاز جنیوز اوپن کے فائنل میں ہیوبرٹ ہرکاز کو شکست دے کر حاصل کیا۔ فائنل میں پہلا سیٹ ہارنے کے باوجود سرب ٹینس اسٹار نے پولش حریف کے خلاف دو، ایک سے کامیابی حاصل کی۔

اس کے ساتھ ہی وہ جوکووچ اوپن ایرا میں 100 سے زائد اے ٹی پی ٹائٹلز جیتنے والے تیسرے کھلاڑی بن گئے۔ ان سے قبل جمی کونرز اور راجر فیڈرز نے ہی یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔

آسٹریلوی اسپنر نیتھن لائن کا منفرد ریٹائرمنٹ کا اعلان

24 مرتبہ کے گرینڈ سلم چیمپئن نوواک جوکووچ کے اس کارنامہ کی دلچسپ بات یہ ہے کہ انہوں نے 2006 میں اپنا پہلا اے ٹی پی ٹائٹل نکولس ماسو کو ہرا کر جیتا تھا اور آج ان کے 100 ویں ٹائٹل میں ان کے حریف ہیوبرٹ، ہرکاز ماسو کی کوچنگ میں کھیل رہے تھے۔

قازقستان میں عوامی مقامات پر ’نقاب پہننے‘ پر پابندی عائد

0
قازقستان میں عوامی مقامات پر ’نقاب پہننے‘ پر پابندی عائد

وسطی ایشیا میں واقع جمہوریہ قازقستان میں عوامی مقامات پر خواتین کے نقاب پہننے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کی رپورٹ کے مطابق قازقستان کے صدر قاسم جومارت توقایف نے عوامی مقامات پر چہرہ چھپانے (نقاب پہننے) والے لباس پہنے پر پابندی کے قانون پر دستخط کر دیے۔

قازقستان کے قانون کے مطابق ایسے لباس پر پابندی ہوگی جو شناخت میں رکاوٹ بنتے ہیں، تاہم اس میں طبی مقاصد، خراب موسمی صورتحال،کھیلوں یا ثقافتی تقریبات کے دوران استعمال کیے جانے والے لباس کو مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔

صدر قاسم جومارت توقایف نے رواں سال کے اوائل میں کہا تھا کہ چہرہ چھپانے والے سیاہ لباس پہننے کے بجائے قومی طرز کا لباس پہننا کہیں بہتر ہے۔

قازقستان کے صدر کا کہنا تھا کہ قومی لباس، ہماری نسلی شناخت کو نمایاں انداز میں اجاگر کرتے ہیں، لہٰذا ان کی مقبولیت کو فروغ دینا چاہیے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل دیگر وسطی ایشیائی ممالک میں بھی حالیہ برسوں میں ایسے ہی قوانین متعارف کروائے ہیں۔

فروری 2025 میں کرغزستان میں پولیس نے نقاب پر پابندی کے نفاذ کے لیے گلیوں میں گشت شروع کر دیا تھا، ازبکستان میں نقاب پہننے کی خلاف ورزی پر 250 امریکی ڈالر سے زائد کے جرمانہ عائد کیے گئے۔

اہم خلیجی ملک میں ڈرائیونگ کے دوران نقاب پہننے پر جرمانہ

سندھ میں تین سال میں ایک لاکھ کے قریب اساتذہ بھرتی

0
سندھ اساتذہ بھرتی

کراچی: صوبہ سندھ میں گزشتہ تین سالوں کے دوران ایک لاکھ کے قریب اساتذہ بھرتی کیے گئے ہیں، وزیر تعلیم نے بھرتیوں کے سلسلے میں سفارشی کلچر کو مسترد کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ تعلیم سندھ نے 3 سال میں 93 ہزار 118 استاد بھرتی کر لیے ہیں، پی ایس ٹی کے 65 ہزار 417، جی ای ایس ٹی کے 27 ہزار 701 اساتذہ بھرتی کیے گئے۔

بھرتی ہونے والے اساتذہ میں 58 ہزار 613 مرد، 31 ہزار 75 خواتین اساتذہ شامل ہیں، اقلیتی کوٹہ پر 2100 اساتذہ، معذوروں کے کوٹہ پر 1330 اساتذہ بھرتی کیے گئے۔


کیا فضل الرحمان کے پی حکومت گرانا چاہتے ہیں؟ پی ٹی آئی کے رابطے پر مولانا نے کیا کہا؟


وزیر تعلیم سندھ سردار شاہ نے اس سلسلے میں ایک بیان میں کہا کہ اساتذہ بھرتی کرنے کا سلسلہ کافی مشکل مراحل تھا، صوبہ سندھ میں 3 سال کے اندر اساتذہ کو میرٹ پر بھرتی کیا گیا، ایک بھی ٹیچر سفارش پر بھرتی نہیں کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی پی بلاول بھٹو زرداری اور وزیر اعلیٰ سندھ نے انھیں میرٹ پر اساتذہ بھرتی کی ذمہ داری سونپی تھی۔

ڈی آئی جی کے بیٹے کی کار کی ویڈیو، کلفٹن میں سڑک پر خوفناک انداز میں ڈرفٹنگ

0
ڈی آئی جی کار ڈرفٹنگ

کراچی: شہر قائد میں ایک اعلیٰ پولیس افسر کے بیٹے کے نام کار پر خوفناک انداز میں سڑک پر ڈرفٹنگ کی ویڈیو سامنے آئی ہے۔

سی سی ٹی وی فوٹیج میں ایک بی ایم ڈبلیو کار کو سڑک پر دیکھا جا سکتا ہے جس نے خوفناک انداز میں ڈرفٹنگ کی، اور ٹریفک قوانین کی دھجیاں اڑا دیں۔

معلوم ہوا ہے کہ مذکورہ کار ڈی آئی جی شوکت علی کھٹیان کے بیٹے حنین شوکت کے نام پر رجسٹرڈ ہے، ڈرفٹنگ کے دوران قریب سے گزرتی دیگر گاڑیاں اس سے ٹکرانے سے بال بال بچ گئیں۔

حنین شوکت نے گاڑی پر غیر قانونی فینسی نمبر پلیٹ بھی لگا رکھی ہے، سی سی ٹی وی سامنے آنے پر پولیس حرکت میں آ گئی، پولیس کا کہنا ہے کہ گاڑی سے متعلق تفصیلات حاصل کر لی گئی ہیں، اور اس کی تلاش جاری ہے، جب کہ گاڑی حنین شوکت نامی نوجوان کے استعمال میں ہے۔


تاجروں سے کروڑوں روپے لوٹنے والے 2 پولیس اہلکار ساتھیوں سمیت گرفتار


دوسری طرف ڈی آئی جی شوکت علی کٹھیان نے اپنے بیان میں کہا کہ گاڑی ان کے بیٹے کی ہے جو مکینک کو دی گئی تھی، اور ممکنہ طور پر ویڈیو میں کار کو مکینک چلا رہا ہے، تاہم اس سلسلے میں مزید معلومات بھی حاصل کروں گا۔