جمعہ, جولائی 4, 2025
ہوم بلاگ صفحہ 6

پلاسٹک کی ناکارہ بوتلوں سے ہزاروں روپے کمائیں! عوام کے لئے زبردست آفر

0
پلاسٹک کی ناکارہ بوتلوں سے ہزاروں روپے کمائیں! عوام کے لئے زبردست آفر

لاہور : حکومت کی جانب سے اہم اقدام سامنے آیا، جس سے شہری پلاسٹک کی بوتلوں کے بدلے ہزاروں روپے تک کما سکیں گے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستانیوں کو موسمیاتی تبدیلیوں کے بگڑتے ہوئے وسیع پیمانے پر اثرات کا سامنا ہے تاہم پنجاب نے اس مسئلے کو کم کرنے کے لیے مختلف اقدامات اور پالیسیاں متعارف کرائی ہیں اور اس سلسلے میں صوبائی حکومت کا گرین کریڈٹ پروگرام بھی ایک ایسا ہی اقدام ہے۔

اس پروگرام کا مقصد پنجاب میں اخراج کے تجارتی نظام کی بنیاد رکھنا اور نوجوانوں، طالب علموں، خواتین اور وسیع تر کمیونٹی کو مثبت ماحولیاتی کارروائی انجام دینے کے لیے متحرک کرنا ہے۔

حکومت نے ایک نجی کمپنی کے ساتھ سنگل یوز پلاسٹک کو ری سائیکل کرنے کا معاہدہ کیا ہے، جو اگلے ماہ لاہور کی چار بڑی یونیورسٹیوں میں چینی ٹیکنالوجی کی مدد سے مقامی طور پر تیار کردہ مشینیں لگائے گی۔ ایسی مشینیں شہر کے بازاروں میں بھی لگائی جائیں گی۔

پاکستان میں پہلی بارماحولیاتی آلودگی کم کرنے کیلئے اپنی مدد آپ کے تحت ریورس وینڈنگ مشین تیار کرلی گئی ہے۔

مقامی ٹیکنالوجی سے تیار کردہ مشین پلاسٹک آلودگی کم کرنے ساتھ ساتھ پیسے کمانے کا بھی ذریعہ بنے گی، پندرہ لاکھ کی لاگت سے تیار کردہ اس ریورس وینڈنگ مشین کو جتنا زیادہ پلاسٹک ویسٹ جمع کرائیں گے اتنا زیادہ کریڈٹ ملے گا جسے بعد میں کیش کرایا جا سکے گا۔

کیا ہم غذا کے نام پر پلاسٹک کھا رہے ہیں؟ ماہرین کا ہولناک انکشاف

حاصل کردہ پلاسٹک سے پلاسٹک فائبر اور ایکو بریکس میں استعمال کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ پنجاب کے گرین کریڈٹ پروگرام کے تحت منصوبے کو اس سال کے آخر تک صوبہ بھر میں پھیلا دیا جائے گا۔

اس اقدام کے تحت حکومت نے ایک نجی کمپنی کے ساتھ سنگل یوز پلاسٹک کو ری سائیکل کرنے کا معاہدہ کیا ہے، جو اگلے ماہ لاہور کی چار بڑی یونیورسٹیوں میں چینی ٹیکنالوجی کی مدد سے مقامی طور پر تیار کردہ مشینیں لگائے گی۔ ایسی مشینیں شہر کے بازاروں میں بھی لگائی جائیں گی۔

یہ مشین دو خانوں پر مشتمل ہے اور استعمال میں آسان ہے جہاں شہری آسانی سے بٹن A دبا سکتے ہیں، پلاسٹک کی بوتل ڈال سکتے ہیں، اپنا فون نمبر درج کر سکتے ہیں اور بٹن B دبا سکتے ہیں۔ ایک بار جب وہ یہ کر لیں گے تو مشین کی سکرین پر سبز رنگ کے کریڈٹ نظر آئیں گے، جسے موبائل ایپلیکیشن کی مدد سے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔

20 ڈیڑھ لیٹر کی بوتلیں اور 40 آدھے لیٹر کی بوتلیں مشین میں ڈالنے سے لوگ زیادہ سے زیادہ 1000 روپے نقد حاصل کر سکیں گے۔

نہ صرف عام شہری بلکہ لاہور کے 18,000 کباڑ خانے بھی گرین کریڈٹس سے مستفید ہو سکیں گے، وہ موبائل ایپلیکیشن کے ذریعے رابطہ کر سکتے ہیں اور کمپنی خود ان سے بوتلیں اکٹھی کرے گی۔

پی سی بی نے 30 کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کر دیا

0

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے تیس کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کر دیا ہے یہ اعلان ملتان میں اسسمنٹ کیمپ کے لیے کیا گیا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے ملتان میں اسسمنٹ کیمپ کے لیے 30 کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کر دیا ہے۔ 20 کھلاڑی دو سابقہ کیمپس سے منتخب کیے ہیں، جب کہ 10 کھلاڑیوں کو قومی انڈر 19 ٹیم سے شامل کیا گیا ہے۔

پی سی بی کا کہنا ہے کہ ملتان میں یہ اسسمنٹ کیمپ 7 جولائی سے شروع ہوگا جو آئندہ ماہ تک جاری رہے گا۔ اس کیمپ میں کھلاڑیوں کی تکنیکی اور ذہنی صلاحیتوں کو نکھارنے پر کام ہوگا۔

پی سی بی کا قومی کرکٹرز سے متعلق اہم فیصلہ

9 اور 10 محرم الحرام کو لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا اعلان

0
9 اور 10 محرم الحرام کو لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا اعلان

پشاور: 9 اور 10 محرم کے دوران صوبہ میں کہیں بھی بجلی کی لوڈ شیڈنگ نہیں ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی (پیسکو) نے اعلان کیا ہے کہ 9 اور 10 محرم 2025 کو لوڈشیڈنگ نہیں ہوگی، پیسکو کے ترجمان نے تصدیق کی کہ ان دنوں امام بارگاہوں کے لیے بلاتعطل بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔

پیسکو نے مقررہ مدت میں چوبیس گھنٹے بجلی فراہم کرنے کے لیے 94 فیڈرز کو مخصوص کیے ہیں، پیسکو کے ہیڈ کوارٹر میں ایک سرشار کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے جس میں اعلیٰ حکام کے ساتھ عملہ موجود ہے تاکہ بجلی کی فراہمی کو مؤثر طریقے سے مانیٹر کیا جا سکے۔

ترجمان نے یہ بھی بتایا کہ 2025 کے جلوسوں کے راستوں پر لٹکی ہوئی بجلی کی تاریں ہٹا دی گئی ہیں تاکہ حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے اور رکاوٹوں کو روکا جا سکے۔

پاکستان میں محرم الحرام کا چاند نظر آگیا

قبل ازیں پشاور کی ضلعی انتظامیہ نے ماہ مقدس محرم الحرام کے دوران امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے پشاور میں دفعہ 144 نافذ کر دی تھی۔

پشاور ڈپٹی کمشنر آفس سے جاری بیان کے مطابق ڈبل سواری اور افغان مہاجرین کی نقل و حرکت پر پابندی عائد کی گئی ہے، اس کے علاوہ ہوائی فائرنگ، نفرت انگیز تقریر اور لاؤڈ اسپیکر کے غلط استعمال کی بھی سختی سے ممانعت ہے۔

واضح رہے کہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان میں محرم الحرام کا چاند 26 جون کو نظر آیا اور ملک بھر میں عاشورہ 6 جولائی کو ہوگا۔

ویڈیو: امریکا میں آسمان پر روشنی بکھیرتا شہابی پتھر گھر کی چھت پر آگرا

0

امریکا میں ایک شہابی پتھر جس نے آسمان کو روشن کردیا، ایک گھر کی چھت پر گر گیا، جس کی ویڈیو بھی منظر عام پر آگئی ہے۔

غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکا میں ایک شہابی پتھر آگ کا گولہ جو ریاست جارجیا کے مقامی گھر کی چھت پر آکر گر گیا۔

رپورٹس کے مطابق شہابی پتھر کو دوپہر کے فوراً بعد جارجیا کے آسمان پر دیکھا گیا تھا اور ٹینیسی اور کیرولینا تک دور سے دیکھنے کی اطلاع ملی تھی۔

رپورٹس کے مطابق امریکن میٹیور سوسائٹی نے پتھر کو بولائیڈ کے طور پر بیان کیا، خاص طور پر ایک بڑا اور روشن شہابی پتھر جو گرتے ہی ایک سونک بوم پیدا کرتا ہے۔

ہینری کاؤنٹی ایمرجنسی مینجمنٹ نے اطلاع دی کہ پتھر کا ایک ٹکڑا میک ڈونوف میں ایک گھر سے ٹکرایا، جس سے چھت میں سوراخ ہو گیا، تاہم اس واقعے میں کسی جانی نقصان یا زخمی ہونے کی اطلاع سامنے نہیں آئی۔

واضح رہے کہ شہاب ثاقب در اصل عربی زبان کا لفظ ہے، شہاب کا معنیٰ ہے دہکتا ہوا شعلہ اور ثاقب کا معنیٰ سوراخ کرنے والا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ لاکھوں شہاب ثاقب زمین کے گرد چکر لگاتے ہیں جنہیں عرف عام میں ”شوٹنگ اسٹارز“ کہا جاتا ہے۔

ماہرین فلکیات کے مطابق ایسے واقعات سالانہ یا باقاعدگی سے کچھ وقفوں سے ہوتے رہتے ہیں۔

مایرین کا کہنا بتانا ہے کہ شہاب ثاقب سیارچے کے ٹکڑے ہیں، جب یہ زمین کی فضاء میں داخل ہوتے ہیں، تو ان سے آکسیجن اور کشش ثقل کی وجہ سے جلتے دکھائی دیتے ہیں، اس سے پیدا ہونے والی روشنی انہیں دلکش اور جاذب نظر بناتی ہے۔

ناسا کے مطابق روزانہ 100 سے 300 ٹن خلائی مٹی اور چٹانیں زمین پر گرتی ہیں لیکن ان کا سائز عام طور پر ریت کے ایک دانے سے زیادہ نہیں ہوتا۔

کراچی میں آسمان پر شہابِ ثاقب کا دلکش نظارہ ، ویڈیو وائرل

دوسری طرف، شہاب ثاقب زمین کے لیے ایک اہم خطرہ بن سکتا ہے، جب بڑے سیارچے سیارے سے ٹکراتے ہیں، تو وہ تباہ کن اثرات پیدا کر سکتے ہیں۔

امریکی شہری سے پولیس اہلکاروں کی جانب سے 80 ہزار ڈالر رشوت وصولی ، بڑا انکشاف سامنے آگیا

0
80 ہزار ڈالر رشوت وصولی

کراچی : امریکی شہری سے پولیس اہلکاروں کی جانب سے 80 ہزار ڈالر رشوت وصولی کے معاملے پر بڑا انکشاف سامنے آیا۔

تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں امریکی شہری سے پولیس اہلکاروں کی جانب سے 80 ہزار ڈالر رشوت وصولی کے معاملے پر مبینہ رشوت خوری میں ملوث اہلکار کا ریکارڈ سی پی او سے غائب ہونے کا انکشاف سامنے آگیا۔

ڈی ایس پی لیگل نے عدالت کو بتایا کہ سپاہی آصف نور سے متعلق کوئی معلومات نہیں مل سکی ہیں سی پی او میں بھی سپاہی آصف نور کی موجودہ پوسٹنگ کا کوئی ریکارڈ نہیں ملا ہے۔

سب انسپکٹر ندیم اختر نے کہا کہ درخواست گزار کے ساتھ عدالت سے باہر معاملات طے کرنے کے لئے تیار ہیں، جس پر عدالت نے پولیس افسر کو درخواست گزار کے ساتھ عدالت سے باہر معاملات طے کرنے کی اجازت دے دی۔

جسٹس نثار احمد بھمبرو کا کہنا تھا کہ کہ اگر سات یوم میں درخواست گزار کے ساتھ معاملات طے نہیں ہوئے تو آئی جی سندھ کو محکمانہ کارروائی کا حکم دیں گے۔

وکیل درخواست گزار نے کہا کہ سب انسپکٹر ندیم اختر بٹ اور سپاہی آصف نور خان نے امریکی شہری ظفراللہ مرچنٹ کو ہراساں کرکے 80 ہزار امریکی ڈالر رشوت لی۔

جس پر عدالت نے کہا کہ بظاہر پولیس اہلکاروں کا آپس میں گٹھ جوڑ نظر آتا ہے عدالتی رائے میں معاملہ پولیس اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کارروائی کے لئے آئی جی سندھ کو ارسال کیا جانا چاہیئے۔

سب انسپکٹر ندیم اختر کے مطابق وہ درخواست گزار کے ساتھ تنازع عدالت سے باہر حل کرلیں گے ڈی ایس پی لیگل کے یقین دہانی کروائی کہ پولیس اہلکار درخواست گزار کو ہراساں نہیں کریں گے، سینٹرل پولیس آفس یقینی بنائے کہ درخواست گزار کو ہراساں کئے جانے پر سولجر بازار پولیس اہلکاروں کے خلاف کارروائی کرے گی۔

وکیل درخواست گزار کا کہنا تھا کہ کہ درخواست گزار کا گارڈن ویسٹ میں جائیداد کا تنازع چل رہا ہے مخالف فریق پولیس اہلکاروں کو استعمال کرکے ہراساں کررہے ہیں پولیس اہلکاروں نے جعلی مقدمات میں ملوث کرنے کی دھمکیاں دیکر 80 ہزار ڈالر رشوت وصول کی۔

پنجاب اسمبلی کے 26 اپوزیشن ارکان کیخلاف نااہلی ریفرنس دائر

0
پنجاب اسمبلی کے 26 اپوزیشن ارکان کیخلاف نااہلی ریفرنس دائر

اسلام آباد: اپوزیشن جماعت سنی اتحاد کونسل کے 26 ارکان پنجاب اسمبلی کے خلاف الیکشن کمیشن میں نااہلی ریفرنس دائر کر دیا گیا۔

ذرائع نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان الیکشن کمیشن پہنچے جہاں انہوں نے 26 اپوزیشن ارکان کے خلاف نااہلی ریفرنس دائر کیے۔

واضح رہے کہ پنجاب اسمبلی میں وزیر اعلیٰ مریم نواز کی تقریب کے دوران ہنگامہ آرائی کرنے پر اپوزیشن کے 26 ارکان کو معطل کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: 26 معطل اپوزیشن ارکان نئی مشکل میں پھنس گئے

28 جون کو اسپیکر ملک محمد احمد خان نے معطل کیے گئے ارکان کے خلاف ریفرنس الیکشن کمیشن بھجوانے کا اعلان کیا تھا۔

ملک محمد احمد خان نے پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ معطل پی ٹی آئی ارکان کے خلاف ریفرنس الیکشن کمیشن کو بھجواؤں گا، اپوزیشن ارکان اپنے لیڈر کی بات نہیں سنتے تو آئین مجھے حق دیتا ہے ریفرنس بھجواؤں، سابق چیف جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال کا اس ضمن میں فیصلہ بالکل واضح ہے۔

اسپیکر نے کہا تھا کہ ہمیشہ آئین کی پاسداری کی تلقین کی ہے، جمہوری اور پارلیمانی روایات کی پاسداری پر یقین رکھتا ہوں لیکن ایوان میں اپوزیشن ارکان کا رویہ افسوسناک ہے، کل نشستوں پر 37 انتخابی عذرداریاں داخل کی گئیں، پی ٹی آئی نے 2014 میں بھی دھاندلی کے الزامات لگا کر نظام مفلوج کرنے کی کوشش کی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ ایوان کے تقدس کا خیال رکھنا ہر ایک کیلیے ضروری ہے جبکہ اسمبلی کو قواعد و ضوابط کے مطابق چلانا میری ذمہ داری ہے، رولنگ کے باوجود اپوزیشن ارکان کی ہنگامہ آرائی خلاف ورزی ہے، اسمبلی میں حکومتی جماعت کو برتری حاصل ہے، نظام کو یرغمال نہیں بنانے دیں گے، ایوان میں اپوزیشن ارکان کو زیادہ سے زیادہ وقت دیا۔

کراچی میں چنگچی رکشوں پر پابندی، صوبائی وزیر کا بڑا بیان آ گیا

0

سندھ حکومت کے وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نے واضح کیا ہے کہ حکومت نے پورے کراچی شہر میں رکشوں پر پابندی نہیں لگائی ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق سندھ کے وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نے پورے شہر میں رکشوں پر پابندی نہیں لگائی بلکہ صرف 11 بڑی شاہراہوں پر چنگچی رکشا چلانے پر پابندی عائد ہے۔

شرجیل میمن نے چنگچی رکشا ایسوسی ایشن کی جانب سے پابندی کے خلاف سندھ ہائیکورٹ میں درخواست دائر کرنے کے عمل کو غلط قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے کسی قانون کی خلاف ورزی نہیں کی ہے اور ہمارا موقف واضح ہے کہ انتظامی معاملات سندھ حکومت کا اختیار ہے۔

واضح رہے کہ کمشنر کراچی نے چند ماہ قبل کراچی کی 12 مرکزی شاہراہوں پر چنگچی رکشا چلانے پر پابندی عائد کی تھی۔ تاہم گزشتہ ماہ اس پابندی کا دائرہ کار شہر قائد کی 20 شاہراہوں تک بڑھا دیا گیا تھا۔

چنگچی رکشا ایسوسی ایشن نے حکومت سے بارہا پابندی ختم کرنے کا مطالبہ کیا اور گزشتہ دنوں پریس کلب کے باہر رکشے کھڑے کر کے احتجاج بھی کیا تھا۔

ایسوسی ایشن رہنماؤں کا کہنا ہے کہ چنگچی رکشوں کی 20 شاہراہوں پر پابندی سے نہ صرف اس کاروبار سے وابستہ ہزاروں خاندانوں کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے ہو گئے ہیں بلکہ کراچی کے شہریوں کو بھی سفری مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

اجرک والی نئی نمبر پلیٹ آن لائن کیسے حاصل کرسکتے ہیں؟ طریقہ کار سامنے آگیا

0
اجرک والی نئی نمبر پلیٹ

کراچی : محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن سندھ نے سرکاری طور پر اجرک کی تھیم والی نمبر پلیٹس متعارف کرائی ہے، جو اب صوبے میں تمام رجسٹرڈ گاڑیوں کے مالکان کے لیے دستیاب ہیں۔

یہ پلیٹیں سندھ کے ثقافتی ورثے کو خراج تحسین پیش کرتی ہیں اور ذاتی طور پر اور آن لائن دونوں طریقوں سے حاصل کی جا سکتی ہیں۔

اہلیت اور درخواست کا عمل

جن گاڑیوں کے مالکان نے اپنا ٹیکس ادا کر دیا ہے اور ان کی گاڑیاں اپنے نام پر رجسٹرڈ ہیں وہ درخواست دینے کے اہل ہیں۔

اجرک کی نئی پلیٹیں حاصل کرنے کے دو طریقے ہیں

آپشن 1: اپنے قریبی ایکسائز آفس میں جائیں۔

آپشن 2: سرکاری پورٹل excise.gos.pk یا موبائل ایپ کے ذریعے آن لائن درخواست دیں۔

آن لائن درخواست دینے کے لیے: "فوری آن لائن ادائیگی ٹیکسز” پر کلک کریں۔

2. اپنا موبائل نمبر اور گاڑی کا رجسٹریشن نمبر درج کریں۔

3. ایک نئی ونڈو نمودار ہوگی، جس سے آپ متبادل نمبر پلیٹ کے لیے درخواست دے سکتے ہیں اور اپنی پسند کی جمع کرنے کی سہولت کا انتخاب کرسکتے ہیں۔

فیس کیا ہے؟

فور وہیلر کے لئے فیس تقریبا روپے 2,450 روپے اور موٹر سائیکل کے لیے تقریبا روپے 1,850 روپے ہے۔

ادائیگی آن لائن بینکنگ، ڈیجیٹل پلیٹ فارمز، یا بینکوں میں چالان جمع کے ذریعے کی جا سکتی ہے۔

آپ ویب سائٹ پر "اپنی نمبر پلیٹ چیک کریں” سیکشن کے تحت اپنی درخواست کو ٹریک کر سکتے ہیں۔

ایم ڈی کیٹ کا ٹیسٹ کب ہوگا، تاریخ کا اعلان ہوگیا

0
ایم ڈی کیٹ کا ٹیسٹ

اسلام آباد : میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالجز میں داخلے کے لئے ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ 2025 کی تاریخ کا اعلان کردیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی صحت کا ڈاکٹر مہیش کمار ملانی کی زیر صدارت اجلاس ہوا۔

اجلاس میں پی ایم ڈی سی حکام نے میڈیکل کالجز کے انٹری ٹیسٹ پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ایم ڈی کیٹ 5 اکتوبر کو ملک بھرمیں بیک وقت ہوگا۔

اس سے قبل، پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل نے میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالجز کے داخلہ ٹیسٹ ایم ڈی کیٹ 2025 کے لیے نیا نصاب جاری کیا تھا۔

پی ایم ڈی سی کے صدر ڈاکٹر رضوان تاج کے مطابق، نظرثانی شدہ ٹیسٹ میں پانچ مضامین بیالوجی، کیمسٹری، فزکس، انگلش، اور لاجیکل ریزننگ شامل ہوں گے۔

یہ امتحان 180 کثیر انتخابی سوالات (MCQs) پر مشتمل ہوگا اور اس کا دورانیہ تین گھنٹے ہوگا۔ سوالیہ پرچہ مکمل طور پر ایم سی کیو پر مبنی ہوگا اور کوئی منفی مارکنگ نہیں لگائی جائے گی۔ سوالات کی درجہ بندی 15 فیصد آسان، 70 فیصد اعتدال پسند اور 15 فیصد مشکل ہوگی۔

مزید پڑھیں : ایم ڈی کیٹ 2025 کا نیا نصاب جاری

ڈاکٹر رضوان تاج نے بتایا تھا کہ میڈیکل کالج میں داخلے کے لیے کم از کم 55 فیصد مارکس اور ڈینٹل کالج میں داخلے کے لیے 50فیصد نمبر درکار ہوں گے۔

PMDC نے امتحان کے لیے سوالیہ بینک تیار کرنے کا عمل بھی شروع کر دیا ہے، نیا نصاب تعلیمی ماہرین، تعلیمی بورڈز اور یونیورسٹیوں کی مشاورت سے تیار کیا گیا ہے۔

ہم چاہتے ہیں کراچی پریس کلب کو کسی اور جگہ شفٹ کر دیں، شرجیل میمن

0

سندھ کے وزیر اطلاعات شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ کراچی پریس کلب ریڈ زون میں آتا ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ اس کو کسی اور جگہ منتقل کر دیں۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق سندھ کے وزیر اطلاعات وٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کراچی پریس کلب کی منتقلی کا عندیہ دیا ہے۔

شرجیل میمن نے کہا ہے کہ کراچی پریس کلب ریڈ زون میں آتا ہے اور پریس کلب پر روز کوئی نہ کوئی احتجاج ہو رہا ہوتا ہے۔ اس لیے ہم چاہتے ہیں کہ پریس کلب کو کسی اور جگہ منتقل کر دیں۔ اس حوالے سے ہم نے پریس کلب والوں سے میٹنگ بھی کی کہ کوئی اور جگہ دے سکتے ہیں۔

صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ احتجاج کرنا سب کا حق ہے بشرط یہ کہ وہ پر امن ہو۔ کیونکہ ہم نے کبھی نہیں چاہا کہ عام لوگوں کو تکلیف ہو۔

انہوں نے اپنی پریس کانفرنس میں جماعت اسلامی، ایم کیو ایم اور ایک سابق وفاقی وزیر کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا اور احتجاج کرنے والوں کو متنبہ کیا کہ میں بڑے پیار سے کہہ رہا ہوں کہ حکومت کو ڈکٹیٹ نہیں کر سکتے۔ کوئی جتھہ کہے کہ ہم مظاہرہ کریں گے اور ریڈ زون میں گھسیں گے تو ایسا نہیں ہو سکتا۔