اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف نے کراچی میں رہائشی عمارت گرنے سے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے حادثے پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا جبکہ سندھ حکومت کو امدادی سرگرمیوں میں تیزی لانے کی ہدایت کی۔
آصف علی زرداری نے متاثرہ افراد کو فوری ریسکیو کرنے اور ملبے تلے پھنسے افراد کو نکالنے پر زور دیا۔ انہوں نے جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی جبکہ زخمیوں کی جلد صحتیابی اور بحالی کی دعا کی۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی میں سب سے زیادہ مخدوش عمارتیں کس ضلع میں ہیں؟
انہوں نے حادثے کی وجوہات کا فوری تعین کرنے اور مستقبل میں ایسے واقعات سے بچاؤ کیلیے مؤثر اقدامات کی ہدایت کی۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کراچی میں رہائشی عمارت گرنے سے ہونے والے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا اور جاں بحق ہونے والوں کی بلندی درجات کی دعا اور ان کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا۔
شہباز شریف نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا۔ انہوں نے زخمیوں کو ہر ممکن طبی سہولتیں فراہم کرنے اور ملبے میں پھنسے افراد کو بچانے کے حوالے سے ریسکیو آپریشن تیز تر کرنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے کہا کہ آئندہ ایسے حادثات سے بچاؤ کیلیے ترجیحی بنیادوں پر حکمت عملی ترتیب دی جائے۔