ہوم بلاگ صفحہ 6

نیوزی لینڈ سے اپ سیٹ شکست، رمیز راجا قومی ٹیم پر آگ بگولہ

0

نیوزی لینڈ کی نو آموز کھلاڑیوں پر مشتمل سی ٹیم کے خلاف تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں قومی ٹیم کی شکست پر سابق کرکٹر رمیز راجا بھی سیخ پا ہو گئے۔

سابق کپتان رمیز راجا نے آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کو مدنظر رکھتے ہوئے نیوزی لینڈ کی نا تجربہ کار ٹیم کے ہاتھوں شکست کو شرمناک قرار دے دیا۔

قومی ٹیم کی شکست پر دلبرداشتہ رمیز راجا نے اپنے یو ٹیوب چینل پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہار جیت کھیل کا حصہ ہے لیکن نیوزی لینڈ کی ایسی ٹیم جو اپنے نامور کھلاڑیوں کے ساتھ نہیں آئی ہے اس سے اس طرح کی شکست آپ کی بنیاد ہلا دیتی ہے۔

سابق کرکٹر رمیز راجا نے ابتدائی بلےبازوں کو پاور پلے میں فائدہ نہ اٹھانے پر تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ جو بیٹرز پچ پر سیٹ ہیں انہیں صرف 20-30 رنز بنانے کے بعد آؤٹ نہیں ہونا چاہیے تھا جس کی وجہ سے اسکور محض 180 کے قریب پہنچا، بیٹرز نے رنز نہ بناکر فرنٹ لائن بالرز شاہین اور نسیم کو مشکل میں ڈالا۔

انہوں نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل ہوم گراؤنڈ پر یہ شرمناک شکست نا قابل قبول ہے۔

کیوی بچوں سے سیریز جیتنا قومی ٹیم کے لیے بڑا چیلنج بن گیا

واضح رہے کہ پانچ میچوں کی سیریز کا ابتدائی میچ بارش کی نذر ہونے کے بعد سیریز ایک ایک سے برابر ہے اور پاکستان کو سیریز جیتنے کے لیے آخری دونوں میچز میں فتح لازمی درکار ہوگی۔

ویڈیو: بلوچستان کے علاقے نانی مندر میں فارسی تیندوا دیکھا گیا

0

کراچی: بلوچستان کے علاقے نانی مندر میں ایک فارسی تیندوا دیکھا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کئی دہائیوں بعد بلوچستان میں لسبیلہ کے علاقے نانی مندر میں فارسی تیندوا دیکھا گیا ہے، فارسی تیندوا بلوچستان کے تقریباً بڑے حصے بالخصوص ساحلی علاقوں میں ہوتا تھا۔

تکنیکی مشیر ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان معظم خان کے مطابق فارسی تیندوا ہنگول نیشنل پارک کا رہائشی ہے، شکار اور خوراک کی کمی کی وجہ سے فارسی تیندوے کی آبادی کم ہو رہی ہے۔

واضح رہے کہ خلیج فارس کی مناسبت سے اسے فارسی تیندوا کہا جاتا ہے، 2016 سے اسے IUCN ریڈ لسٹ میں خطرے سے دوچار نوع کے طور پر درج کیا گیا ہے، کیوں اس کی بالغ آبادی کا تخمینہ 1000 سے کم ہے۔

فارسی تیندوے کی کھال خاکستری، ہلکی سی سرخی مائل ہوتی ہے، اس کے کولہوں کے پاس اور کمر پر بڑے گلاب نما پھول ہوتے ہیں، جب کہ کندھے اور ٹانگوں کے اوپری حصوں پر چھوٹے پھول ہوتے ہیں، سر اور گردن پر دھبے ہوتے ہیں۔ فارسی تیندوے مختلف رنگ کے ہوتے ہیں، ایران میں پیلے اور سیاہ دونوں رنگ کے تیندوے پائے جاتے ہیں۔

بانی پی ٹی آئی کو مذاکرات کا پیغام ۔۔۔۔۔۔۔، بیرسٹر گوہر نے کیا کہا؟

0

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور رکن قومی اسمبلی نے بانی پی ٹی آئی کو مذاکرات کے حوالے سے پیغام سے متعلق دوٹوک جواب دیا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور رکن قومی اسمبلی بیرسٹر گوہر نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ مذاکرات کیلیے بانی پی ٹی آئی کے پاس کوئی پیغام آیا اور نہ ہمارے پاس۔ اگر ایسا کوئی پیغام آیا تو سب کو کھلے عام اطلاع دیں گے۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ عوام کے ووٹ کی قدر ہونی چاہیے، شفاف انتخابات ہونے چاہئیں اور آر ٹی ایس نہیں بیٹھنا چاہیے۔ ہم الیکشن کے نام پر ڈرامے کی مذمت کرتے ہیں، عوام اپنے حقوق کے لیے آواز اٹھائیں۔ ان شا اللہ وہ وقت بھی آئے گا جب عوام کے حق رائے دہی کا درست استعمال ہوگا اور جمہوریت مضبوط ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے وکلا کا کنونشن کریں، ہم نے رول آف لا کو ہاتھ سے جانے نہیں دینا، جمعے کو تحریک انصاف کا احتجاج ہوگا۔ احتجاج کے دوران پاکستان اور پی ٹی آئی کا جھنڈا ہاتھ میں ہونا چاہیے۔ ہم مزاحمت نہیں بلکہ اپنے حقوق کے لیے لڑ رہے ہیں اور لڑتے رہیں گے، ہم اپنے خلاف سیاسی کیسز ختم کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا بشریٰ بی بی کی کی صحت کے بارے میں خدشات کا اظہار کیا گیا ہے، ہمیں جانے نہیں دیا جا رہا، ہمیں لگ رہا ہے ان کی طبیعت زیادہ خراب ہو رہی ہے۔ ان صحت اور سیکیورٹی کے ذمہ دار وہ لوگ ہیں جن کی کسٹڈی میں بی بی ہیں۔

بشریٰ بی بی کا رات گئے بنی گالہ میں طبی معائنہ، ڈاکٹرز نے کیا کہا؟

بیرسٹر گوہر نے یہ بھی کہا کہ بانی پی ٹی آئی کہتے ہیں بشریٰ بی بی کا توشہ خانہ کیس سے دور دور تک تعلق نہیں۔ انہیں 14 سال کی سزا دینا، بدنام کرنا بانی پی ٹی آئی پر دباؤ ڈالنا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت بانی پی ٹی آئی کے سوا کسی کا جیل ٹرائل نہیں ہورہا۔ ہم آئین اور قانون کی بات کرتے ہیں کہ جیل میں ٹرائل نہیں ہو سکتا۔ القادر ٹرسٹ کیس میں ایسی کونسی چیز ہے جو چھپا رہے ہیں۔

بھارتی فائٹر کو تھپڑ کیوں مارا؟ پاکستانی چیمپئن کراٹے کمبیٹ شاہ زیب کا انکشاف

0

گزشتہ دنوں کراٹے کمبیٹ فیصلہ کن مقابلے میں پاکستان کے شاہ زیب نے بھارتی فائٹر کو رانا سنگھ کو شکست دینے کے ساتھ تھپڑ بھی رسید کیا۔

چیمپئن بننے کے بعد پاکستانی کراٹے فائٹر شاہ زیب نے حریف بھارتی کھلاڑی رانا سنگھ کو تھپڑ کیوں رسید کیا اس بات کا انکشاف انہوں نے خود کیا۔

شاہ زیب نے ایک مقامی نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فائٹ سے پہلے پریس کانفرنس ہوتی ہے جس میں بھارتی فائٹر نے پاکستان کے لیے نامناسب الفاظ استعمال کیے جب کہ اس سے قبل وہ سوشل میڈیا پر بھی پاکستان کے خلاف بکواس کر رہا تھا۔

شاہ زیب رند نے بتایا کہ بھارتی فائٹر نے گالی دی اور مجھے دھکا دیا تو میں نے تھپڑ مارا، یہ میں نے اس وجہ سے کیا کہ اس کے ہوش ٹھکانے آ جائیں۔

انہوں نے کہا کہ فائٹ جیتنے کے بعد پاکستان اور بھارت کا پرچم اٹھایا جو ایک پیغام تھا، بھارتی فائٹر کے رویے پر میرا پیغام تھا کہ پتھر کا جواب ہم پھول سے دیں گے۔

’ہر جگہ بیس بیس سیکنڈ میں ناک آؤٹ کردیتے ہو یار‘ سلمان خان کا شاہ زیب رند سے مکالمہ

انہوں نے کہا کہ اس فائٹ کے لیے بہت محنت کی تھی، امریکا میں ٹریننگ کی، بھارتی فائٹر سے فائٹ میں پریشر بالکل نہیں لیا، فائٹ جیتنے کے بعد بھارتی اداکار سلمان خان سے ملاقات ہوئی اور انہوں نے بھی میری تعریف کی۔

گھوٹکی میں سڑک کنارے گنے کی کاشت پر پابندی عائد، وجہ جان کر آپ حیران رہ جائیں گے

0

سکھر: گھوٹکی میں سڑک کنارے 1500 میٹر کے فاصلے تک گنے کی کاشت پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق سکھر کے کمشنر نے ایک انوکھا حکم جاری کیا ہے، گھوٹکی شہر کے مقامی کاشت کاروں کو کہا گیا ہے کہ وہ سڑک کنارے پندرہ سو میٹر کے فاصلے تک گنے کی کاشت نہیں کریں گے۔

کمشنر سکھر فیاض عباسی نے کہا ’’موٹر وے، قومی شاہراہ سے 1500 میٹر کے فاصلے تک گنے کی کاشت نہ کی جائے، گنے کی فصل کی وجہ سے واردات کے بعد ملزمان آسانی سے فرار ہو جاتے ہیں۔‘‘

انھوں نے بتایا کہ یہ پابندی ڈپٹی کمشنر گھوٹکی اور ایس ایس پی کی سفارش پر لگائی گئی ہے، اور امن و امان کی صورت حال کو مد نظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ اس وقت صوبہ سندھ میں کچے کے علاقے کے ڈاکو حکومت اور انتظامیہ کے لیے درد سر بنے ہوئے ہیں، متعدد آپریشنز کے باوجود پولیس اور رینجرز ڈاکوؤں پر قابو نہیں پا سکے ہیں، دوسری طرف کچے کے ڈاکوؤں کی وارداتیں تسلسل کے ساتھ جاری ہیں، نہ صرف سندھ بلکہ پنجاب اور کے پی کے مختلف علاقوں سے بھی شہریوں کے اغوا کی وارداتیں ہو رہی ہیں۔

سونا سستا ہو گیا، قیمت میں زبردست کمی

0

کراچی: سونا مزید سستا ہو گیا، مسلسل بڑھتی قیمتوں کو بریک لگنے کے بعد اب سونے کی قیمت میں زبردست کمی آ گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں سونے کو ریورس گیر لگ گیا ہے، سونے کی فی تولہ قیمت میں 7800 روپے کی بڑی کمی آئی ہے۔

آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق پاکستان میں فی تولہ سونا 2 لاکھ 40 ہزار 900 روپے ہو گیا ہے، جب کہ 10 گرام سونے کی قیمت میں بھی 6687 روپے کی بڑی کمی آئی ہے، جس کے بعد دس گرام سونا 2 لاکھ 6 ہزار 533 روپے کا ہو گیا ہے۔

پاکستان میں مہنگائی میں کمی کب ہوگی؟ امریکی بینک نے پیش گوئی کر دی

جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق چاندی کی فی تولہ قیمت 100 روپے کی کمی سے 2 ہزار 650 روپے ہو گئی ہے۔ ادھر عالمی مارکیٹ میں سونا 72 ڈالر کی بڑی کمی سے 2309 ڈالر فی اونس کا ہو گیا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی ملک بھر میں سونے کی فی تولہ قیمت میں 3500 روپے کی کمی ہوئی تھی۔

پاکستان میں فی تولہ سونے کی قیمت میں بڑی کمی

محمد رضوان کو ٹی 20 کرکٹ کا بریڈ مین کس نے قرار دیا؟

0

پاکستانی وکٹ کیپر محمد رضوان نے ٹی 20 کرکٹ میں اب تک بہترین کاکردگی کا مظاہرہ کیا ہے جس پر انہیں اس فارمیٹ کا ڈان بریڈ مین قرار دیا گیا ہے۔

پاکستان کی بیٹنگ میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھنے والے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان انجری کے باعث نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے بقیہ دو میچز سے باہر ہوچکے ہیں تاہم دوسرے میچ میں انہوں نے بڑا کارنامہ انجام دیا اور سب سے کم میچز میں 3 ہزار رنز مکمل کر کے ویرات کوہلی اور بابر اعظم کو پیچھے چھوڑ کر نیا عالمی ریکارڈ اپنے نام کیا۔

تیز ترین 3 ہزار رنز مکمل کرنے پر اسٹار فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے کھلاڑیوں کے ساتھ محمد رضوان کو پارٹی دی جس میں وکٹ کیپر بیٹر نے کیک کاٹ کر اپنے عالمی ریکارڈ کا جشن منایا۔

اس موقع پر شاہین شاہ آفریدی نے محمد رضوان کو کرکٹ کی تاریخ کے سب سے بڑے نام سر ڈان بریڈ مین سے تشبیہہ دے ڈالی۔

Image

اسٹار فاسٹ بولر نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ مبارک باد دیتے ہوئے لکھا کہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے ڈان بریڈ مین اور پاکستان کرکٹ کے سپر مین نے ایک اہم سنگ میل عبور کر لیا۔

شاہین شاہ نے مزید لکھا کہ ان کی پرفارمنس کے اثرات سے کھیل کا انداز بدلا۔ رضوان ایک چیمپئن اور دوسروں کے لیے مثال ہیں وہ اپنی اڑان جاری رکھیں۔

واضح رہے کہ ڈان بریڈ مین دنیائے کرکٹ کے وہ واحد عظیم ترین کرکٹر ہیں جنہوں نے آسٹریلیا کی طرف سے کھیلتے ہوئے 52  ٹیسٹ مقابلوں میں 99.94 کے اوسط سے 6996 رنز بنائے۔

اگر وہ 1949 کو اوول میں انگلینڈ کے خلاف کھیلے گئے ایشز سیریز کے ٹیسٹ میچ میں جو ان کا آخری میچ تھا صفر پر آؤٹ نہ ہوتے تو ان کی اوسط 100 ہوتی۔ تاہم اب تک دنیا کا کوئی بھی کرکٹر 99.94 کی اوسط کے قریب بھی نہیں پہنچ سکا ہے۔

ڈان بریڈ مین کی اعلیٰ خدمات پر انہیں 1949 میں سر کا خطاب دیا گیا جب کہ 1979 میں انہیں آسٹریلیا کے اعلیٰ ترین شہری اعزاز کمپینین آف دی آرڈر آف آسٹریلیا سے نوازا گیا۔ وزڈن نے انہیں صدی کے بہترین کرکٹ کے خطاب سے بھی نوازا۔

میں خود کشی کر رہا ہوں تم سب خوش رہو، آن لائن ٹیکسی ڈرائیور کی دوسری بیوی کو آخری کال

0

کراچی: مالی مشکلات کے باعث گھر میں لڑائی جھگڑوں سے تنگ نوجوان آن لائن ٹیکسی ڈرائیورنے سی ویو دو دریا کے قریب سمندر میں ڈوب کر خود کشی کر لی۔

کراچی میں سی ویو دو دریا کے قریب خود کشی کرنے والے شہری 27 سالہ طاہر محمود کو تلاش کرنے کے لیے آپریشن جاری ہے، ڈوبنے والے شخص کے والد کا کہنا ہے کہ ان کا بیٹا طاہر محمود آن لائن ٹیکسی چلاتا تھا، رات کو اس نے ویڈیو کال کر کے میری بہو کو بتایا کہ خود کشی کر رہا ہے، وہ اس وقت سے لاپتا ہے۔

گھریلو پریشانیوں سے تنگ شاہ فیصل کالونی کے رہائشی نوجوان طاہر محمود نے سمندر میں ڈوب کر خود کشی کرنے سے پہلے اپنی دوسری بیوی کو ویڈیو کال کر کے آگاہ کیا، طاہر محمود نے کہا ’’میں خود کشی کر رہا ہوں تم سب خوش رہو۔‘‘

پولیس نے ساحل سے کچھ فاصلے پر نوجوان کی گاڑی برآمد کر لی ہے، پولیس کے مطابق طاہر محمود آن لائن ٹیکسی ڈرائیور تھا، جس نے دو شادیاں کر رکھی تھیں، اور مالی مشکلات کی وجہ سے گھر میں لڑائی جھگڑوں سے تنگ تھا۔

انچارج ایدھی بحری خدمات فاروق بلوچ کے مطابق سمندر کی تیز لہروں کے باعث بحری خدمات کی ٹیموں کو نوجوان کی تلاش میں مشکلات کا سامنا ہو رہا ہے۔

نوجوان طاہر محمود کے والد محمود نے بتایا کہ طاہر نے دو شادیاں کی تھیں، وہ 2 بچیوں کا باپ ہے، جن میں سے ایک بیٹی کا انتقال ہو چکا ہے، رات گئے مجھے بہو نے روتے ہوئے فون پر بتایا کہ طاہر سی ویو پر ہے، ہمیں فوری وہاں جانا ہے۔ والد نے کہا ’’راستے میں بہو نے بتایا کہ طاہر نے سمندر میں جاتے ہوئے ویڈیو کال کی تھی اور بتایا کہ میں خود کشی کر رہا ہوں تم سب خوش رہے۔‘‘

واضح رہے کہ یہ واقعہ گزشتہ روز پیش آیا ہے، ریسکیو ٹیم سمندر میں طاہر محمود کو تلاش کر رہی ہے، گزشتہ رات کو اندھیرے کی وجہ سے آپریشن روک دیا گیا تھا، جو صبح دوبارہ شروع کیا گیا۔

کیوی بچوں سے سیریز جیتنا قومی ٹیم کے لیے بڑا چیلنج بن گیا

0

نیوزی لینڈ کے 10 سینیئر کھلاڑی پاکستان نہیں آئے لیکن نو آموز کھلاڑیوں نے پاکستان کی اسٹار کرکٹرز سے بھری ٹیم کیلیے سیریز جیتنا بڑا چیلنج بنا دیا۔

نیوزی لینڈ کی ٹیم پانچ ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلنے کے لیے پاکستان آئی تو اس میں ان کے ریگولر کپتان کین ولیمسن سمیت 10 تجربہ کار کھلاڑی شامل نہیں جو آئی پی ایل، ذاتی مصروفیات کی وجہ سے نہیں آئے جس کی جگہ نیوزی لینڈ بورڈ نے جو ٹیم بھیجی اس میں 10 ایسے نوآموز کھلاڑی تھے جن کا ٹی ٹوئنٹی کھیلنے کا مجموعی تجربہ ہمارے کسی ایک بڑے کرکٹر سے بھی کم تھا۔

پہلا میچ بارش کی نذر ہوا اور دوسرے میچ میں بارش سے متاثرہ پچ پر پاکستان نے پہلے بولنگ کر کے بولرز کی بہترین کارکردگی کی بدولت کیوی ٹیم کو 90 رنز پر ڈھیر کر کے میچ با آسانی 7 وکٹوں سے جیت لیا۔

مگر یہی کیوی بچہ ٹیم تیسری ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کی اسٹار سے سجی ٹیم کے لیے لوہے کے چنے ثابت ہوئی۔ پاکستان نے پہلے بیٹنگ کر کے 178 رنز کا مجموعہ سجایا لیکن نیوزی لینڈ کے جوان اسکواڈ نے مذکورہ ہدف تین وکٹیں کھو کر 10 گیندیں قبل ہی حاصل کر لیا۔

سیریز ایک ایک سے برابر ہے اور باقی دو میچ ہیں جو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔ گرین شرٹس کو سیریز جیتنے کے لیے دونوں میچز جیتنے لازمی ہوں گے ورنہ سیریز کے ساتھ عزت بچانے کے لیے کم از کم ایک میچ میں تو لازمی فتح درکار ہوگی۔

تاہم اعظم خان کے بعد وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کے زخمی ہونے کے بعد سیریز سے باہر ہونے سے قومی ٹیم کی مشکلات بڑھ گئی ہیں۔

نیوزی لینڈ کے خلاف آخری دو میچوں میں محمد عامر اور عماد وسیم کو کھلائے جانے کا امکان ہے۔

سیریز کے آخری دونوں میچز قذافی اسٹیڈیم میں جمعرات 25 اور ہفتہ 27 اپریل کو کھیلے جائیں گے۔

واضح رہے کہ گرین شرٹس نے کیویز کے خلاف آخری بار ٹی 20 سیریز 2018 میں جیتی تھی جب کہ رواں سال پاکستان کو نیوزی لینڈ کے دورے پر میزبان نے چار ایک سے شکست دی تھی۔

دورہ ایرانی صدر، امریکا کا رد عمل آ گیا

0

واشنگٹن: ایرانی صدر کے دورہ پاکستان پر امریکا کا رد عمل سامنے آ گیا۔

تفصیلات کے مطابق امریکا نے کہا ہے کہ ایران سے تجارتی معاہدوں پر غور کرنے والوں کو پابندیوں کے ممکنہ خطرے سے آگاہ رہنے کا مشورہ دیتے ہیں۔

امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ امریکا پاکستان کی سب سے بڑی برآمدی منڈی اور اس کے بڑے سرمایہ کاروں میں سے ایک ہے، امر یکا 20 سال سے پاکستان میں ایک بڑا سرمایہ کار بھی ہے، ایران سے تجارتی معاہدوں پر پابندیوں کا خطرہ ہو سکتا ہے، تجارتی معاہدوں پر غور کرنے والوں کو خطرے سے آگاہ رہنے کا مشورہ دیتے ہیں۔

انھوں نے کہا پاکستان کی اقتصادی کامیابی دونوں ممالک کے مفاد میں ہے، امریکا ممکنہ پابندیوں کا جائزہ نہیں لے رہا، ہم اپنی شراکت کو جاری رکھنے کے منتظر ہیں۔

ایران سے سالانہ بنیادوں پر درآمدات میں بڑا اضافہ

واضح رہے کہ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی پاکستان کے دو روزہ دورے پر آئے ہوئے ہیں، پاکستان میں ان کا ہر سطح پر پرتپاک استقبال کیا گیا، ان کی آمد کے موقع پر پاکستان اور ایران کا تجارت کا حجم 10 ارب ڈالر تک لے جانے پر اتفاق کیا گیا، ایرانی صدر اور وزیر اعظم شہباز شریف نے مشترکہ پریس کانفرنس کی، جس میں ابراہیم رئیسی نے کہا کہ ہو سکتا ہے کسی کو پاک ایران روابط پسند نہ ہوں، اس کی کوئی اہمیت نہیں، اہمیت اس بات کی ہے کہ دونوں ملکوں کے لیے باہمی اشتراک کار کتنا فائدہ مند ہے۔

ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ سرحد سے ہونے والی تجارت اور سرحدی بازاروں کو لازمی طور پر ترقی دیں گے، وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ ہمیں اپنی سرحدوں پر کاروبار کو وسعت دینا ہوگی۔