بدھ, جنوری 15, 2025
ہوم بلاگ صفحہ 8

چینوٹ : بل کی عدم ادائیگی پر ریلوے اسٹیشن کی بجلی منقطع

0
ریلوے اسٹیشن

چینوٹ : لاکھوں روپے بل کی عدم ادائیگی پر چینوٹ ریلوے اسٹیشن کی بجلی کاٹ دی گئی، اہلکار میٹر بھی اتار کر لے گئے۔

اے آر وائی نیوز کے نمائندے امیر عمر چمن کی رپورٹ کے مطابق فیسکو (فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی) نے چنیوٹ میں ستائیس لاکھ سے زائد کا بل ادا نہ کرنے پر ریلوے اسٹیشن کی بجلی کاٹ دی۔

فیسکو اہلکاروں نے بجلی کا کنکشن منقطع کرنے کے بعد وہاں نصب بجلی کا میٹر بھی اتار لیا، جس کے بعد سے ریلوے اسٹیشن کا نظام بری طرح متاثر ہورہا ہے۔

بجلی کی عدم دستیابی کے باعث ریلوے اسٹیشن پر آنے والے مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے اس کے علاوہ وائرلیس سسٹم بند ہونے سے ٹرین شیڈول متاثر ہونے کا بھی خدشہ ہے۔

بجلی منقطع ہونے سے ریلوے اسٹیشن پر پانی کی بھی قلت بھی پیدا ہوگئی ہے، مقامی شہریوں نے حکام بالا سے معاملے کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

مزید پڑھیں : بل کی عدم ادائیگی پر ریلوے اسٹیشن اندھیرے میں ڈوب گیا،

واضح رہے کہ اس سے قبل فیسکو نے گزشتہ سال اپریل میں گوجرہ میں واقع ریلوے اسٹیشن کی بجلی بل کی عدم ادائیگی کے سبب منقطع کردی تھی۔

فیسکو حکام کا کہنا تھا کہ ریلوے اسٹیشن کے ذمہ 4 لاکھ روپے سے زائد کما بل واجب الادا ہے، بجلی بند ہونے کے بعد ریلوے اسٹیشن پر مسافروں کا گرمی سے برا حال ہوگیا۔

دکاندار سے فراڈ : ایزی لوڈ کیلیے آنے والا ملزم ڈیڑھ لاکھ روپے کا چونا لگا گیا

0
دکاندار سے فراڈ

کراچی : گلشن جمال بلاک سی میں گاہک بن کر آنے والے چور نے دکاندار سے فراڈ کرتے ہوئے اس کی آنکھوں کے سامنے ڈیڑھ لاکھ روپے کا نقصان پہنچا دیا، پورا منظر سی سی ٹی وی کیمرے میں محفوظ ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گلشن جمال بلاک سی میں ایزی لوڈ کی دکان پر گاہک بن کر آنے والے ایک شخص نے دکاندار سے فراڈ کرتے ہوئے ڈیڑھ لاکھ روپے سے محروم کردیا۔

واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیوز  نے حاصل کرلی، سی سی ٹی فوٹیج میں چور کو ایزی لوڈ کی دکان پر گاہک بن کر آتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

ملزم نے دکاندار کو کام میں مصروف دیکھا اور موقع پاتے ہی آن لائن رقم ٹرانسفر کرنے والا موبائل فون اٹھایا اور وہاں سے رفو چکر ہوگیا۔

متاثرہ دکاندار کا کہنا ہے کہ موبائل فون میں ایک لاکھ 80 ہزار روپے کی رقم موجود تھی، ملزم نے فوری طور پر تین مختلف نمبروں پر پچاس پچاس ہزار روپے ٹرانسفر بھی کردیئے۔

سی سی ٹی وی فوٹیج میں دکاندار کو چور کے پیچھے موٹر سائیکل پر تعاقب میں جاتے دیکھا جا سکتا ہے، ملزم تنگ گلیوں کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگیا۔

ہمیش ریشمیا کی نئی فلم کے گانے ’دل کے تاج محل‘ نے مداحوں کی توجہ حاصل کرلی

0

ہمیش ریشمیا کے نئے گانے ’دل کے تاج محل میں‘ نے انٹرنیٹ پر توجہ حاصل کرلی ہے، تاہم اس کی وجہ اس گانے کا نہایت عجیب و غریب ہونا ہے۔

اکثر جب بالی ووڈ میوزک کے بارے میں سوچتے ہیں تو اچھے اور صدا باہر گانے دماغ میں آتے ہیں تاہم ہمیش کی فلم ’بیڈایز روی کمار‘ کا گانا ’دل کے تاج محل میں‘ کو سن کر جو خیال آتا ہے وہ بالکل مختلف ہے۔

اس گانے کی موسیقی اپنے ’منفرد‘ اسٹائل کی وجہ سے لوگوں کی توجہ تو حاصل کررہی ہے تاہم نقاد اس گانے پر کڑی تنقید کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔

تاہم دلچسپ بات یہ ہے کہ گانے ’دل کے تاج محل میں‘ نے یوٹیوب پر 70 ملین کے قریب ویوز حاصل کرلیے ہیں جس پر فلم نقاد کافی حیرانی کا بھی اظہار کررہے ہیں کہ اس گانے کو بھی اتنی بار سنا گیا ہے۔

ہمیش ریشمیا جنھیں ان کی فلم ’تیرا سرور‘ کے لیے بھی جانا جاتا ہے انھوں نے اپنی نئی فلم کے لیے ایک ایسا ٹریک پیش کیا ہے جو میم بننے کے لیے کافی عمدہ میٹریل ہے اور میمرز کی پہلی پسند بن سکتا ہے۔

یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ ہمیش کے گانے طویل عرصے سے میم بنانے والوں کے لیے کافی پسندیدہ رہے ہیں، ’دل کے تاج محل میں‘ بھی ان کا ایک ایسا ہی گانا ثابت ہونے والا ہے۔

ننھے صارم کی گمشدگی پر گورنر سندھ کا شدید اظہار برہمی، بچے کے گھر پہنچ گئے

0

آٹھ روز سے نیوکراچی سے تعلق رکھنے والے بچے صارم کی گمشدگی پر گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے شدید اظہار برہمی کیا ہے۔

گورنر سندھ نے 7 سالہ صارم کی گمشدگی کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی سینٹرل زیشان صدیقی سے رابطہ کیا ہے، گورنر نے بچے کی گمشدگی کے واقعے پر بریفنگ لی، ایس ایس پی سینٹرل نے بتایا کہ بچے کے والدین کو مدرسے کے مؤذن پر شک ہے۔

گورنر سندھ نے آٹھ سالہ بچے صارم کی گمشدگی کے حوالے سے کہا کہ انٹیلجنس شئیرنگ کو بڑھائیں، جلدازجلد بچے کو بازیاب کرایا جائے۔

گورنر سندھ کامران ٹیسوری متاثرہ فیملی سے ملنے نیوکراچی ان کی رہائش گاہ پہنچ گئے، گورنر سندھ نے صارم کے والد سے ملاقات کی۔

کامران ٹیسوری نے بچے کے والد سے واقعے کی پوری تفصیلات معلوم کیں، گورنر سندھ نے اس موقع پر صارم کے والدین کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

کامران خان ٹیسوری نے فیملی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پولیس حکام سے بھی بات کی ہے، آپ کا بچہ لاوارث نہیں، ہرممکن اقدامات کیے جائیں گے۔

درجنوں اسرائیلی فوجیوں کا غزہ میں لڑنے سے انکار

0
اسرائیلی فوجیوں

غزہ میں اسرائیل کی وحشیانہ بمباری اور بے گناہ شہریوں کا قتل عام اسرائیلی فوجیوں کو نفسیاتی طور پر شدید متاثر کررہا ہے، درجنوں اسرائیلی فوجیوں نے فلسطینیوں کی نسل کشی کا اعتراف کرتے ہوئے لڑنے سے انکار کردیا۔

درجنوں اسرائیلی فوجیوں کا غزہ میں شہریوں کے خلاف جنگی جرائم کا اعتراف کرتے ہوئے کہنا ہے کہ ہم اس ظلم کا حصہ رہے ہیں۔

اسرائیلی کے 7 ایسے فوجی جنہوں نے غزہ میں لڑائی جاری رکھنے سے انکار کیا ہے، انہوں نے اے پی کو بتایا کہ ہم نے فلسطینیوں کو بے دریغ قتل کیا اور ان کے گھروں کو تباہ کیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق تقریباً 200 فوجیوں نے اپنی حکومت کو ایک دستخط شدہ خط ارسال کیا ہے جس میں ان کا کہنا ہے کہ اگر حکومت جنگ بندی کو یقینی نہیں بناتی تو وہ لڑائی بند کردیں گے۔

رپورٹ کے مطابق خدمت سے انکار کرنے والے فوجیوں کی تحریک (Yesh Gvulیش گیوُل کے ترجمان اشائی مینوخن نے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایسے 80 سے زیادہ فوجیوں کے ساتھ کام کر رہے ہیں جو غزہ میں لڑنے سے انکار کر رہے ہیں اور سیکڑوں مزید ایسے فوجی ہیں جو اسی طرح محسوس کرتے ہیں لیکن خاموش ہیں۔

اسرائیلی آرمڈ کور کے ایک افسر یوتام ویلک نے بتایا کہ غزہ میں اسرائیلی کنٹرول والے "بفر زون” میں کسی بھی غیر مجاز شخص کو دیکھتے ہی گولی مارنے کے احکامات دیے گئے تھے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے حکم پر عمل درآمد کرتے ہوئے کم از کم 12 افراد کو قتل کیا لیکن ان بے گناہ نوجوان کے قتل کا منظر ہمارے دماغ سے نکل نہیں پایا۔ یوتام ویلک ان فوجیوں میں شامل ہیں جو 15 ماہ سے جاری اس تنازع کے خلاف آواز اٹھا رہے ہیں اور مزید لڑنے سے انکار کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ بین الاقوامی قانونی تنظیمیں غزہ میں اسرائیل کی کارروائیوں کو نسل کشی اور جنگی جرائم سے تعبیر کرتی ہیں، اسرائیلی فوجیوں کے یہ حالیہ اعترافات اسرائیل کی پرتشدد پالیسیوں کو بےنقاب کر رہے ہیں۔

’’گمبھیر کی تو آسٹریلیا میں اوسط ہی 23 ہے وہ بھارت کو کیا میچز جتواتے!‘‘

0

آسٹریلیا کے خلاف عبرتناک شکست کے بعد سے بھارتی ٹیم اور کوچ گوتم گمبھیر تنقید کی زد میں ہیں، ایسے میں سابق انگلش کرکٹر بھی میدان میں آگئے۔

ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر کو 10 سال بعد بارڈر- گواسکر ٹرافی ہارنے کے بعد کافی تنقید کا سامنا ہے، انگلینڈ کے سابق بھارتی نژاد اسپنر مونٹی پنیسر نے بھارتی ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر کا سخت تنقیدی جائزہ لیتے ہوئے سوال کیا ہے کہ کیا بھارتی کھلاڑی سابق اوپنر کو ٹیم میں ’سنجیدگی‘ سے لیتے ہیں۔

نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے خلاف بیک ٹو بیک سیریز ہارنے کی وجہ سے بھارتی ٹیم پہلی بار ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے میں ناکام رہی ہے۔

سابق انگلش اسپنر مونٹی پنیسر نے کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ شاید گمبھیر پر کام کا بوجھ بہت زیادہ ہے۔ وہ ابھی کوچ کے طور پر راہول ڈریوڈ کی جگہ آئے ہیں، بعض اوقات اس طرح کا فیصلہ کچھ سینئر کھلاڑیوں کے لئے مشکل ہوسکتا ہے۔

سینئر کھلاڑی حقیقت میں سوچ رہے ہوں گے، کچھ سال پہلے وہ ہمارے ساتھی تھے، اب وہ ہمیں بتا رہے ہیں کہ کرکٹ کیسے کھیلی جائے”،

انھوں نے مزید کہا کہ یہ سب چیزیں مشکل ہوسکتی ہیں اور گوتم کا ریکارڈ (بطور بلے باز) آسٹریلیا یا انگلینڈ میں اچھا نہیں ہے، آسٹریلیا میں گمبھیر کی اوسط 23 ہے، انگلینڈ میں بھی اس کی اوسط اچھی نہیں رہی۔

مونٹی پینسر نے کہا کہ وہ سوئنگ ہوتی ہوئی گیند کو اچھی طرح سے نہیں کھیلتے تھے، مجھے لگتا ہے کہ سلیکٹرز سوچ رہے ہوں گے کہ کیا گمبھیر کو بطور کوچ سنجیدگی سے لیا جارہا ہوگا،

حکام سوچ رہے ہوں گے کیا ہمیں ٹیسٹ میں گوتم کی جگہ شاید وی وی ایس لکشمن جیسے کسی سابق کرکٹر کو لانا چاہیے، وہ راہول ڈریوڈ سے کافی مماثلت رکھتے ہیں۔

ویڈیو: خوشدل شاہ نے چار گیندوں پر چار چھکے جڑ دیے

0
خوشدل شاہ

کراچی کنگز کے کھلاڑی نے بنگلادیش پریمیئر لیگ میں دھوم مچادی۔

بنگلادیش پریمیئر لیگ میں رنگپور رائیڈر کی نمائندگی کرنے والے خوشدل شاہ نے اسپنر ناسوم احمد کی چار گیندوں پر پر چار چھکے لگائے۔

خوشدل نے دو چھکے مڈ آن اور دو مڈ وکٹ کی جانب لگائے۔

آل راؤنڈر نے 35 گیندوں پر 73 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، ان کی اننگز میں چار چوکے اور چھ چھکے شامل تھے۔

رنگپور رائیڈرز نے خوشدل شاہ کی برق رفتار اننگز کی بدولت 5 وکٹوں پر 186 رنز بنائے ہدف کے تعاقب میں کھلنا ٹائیگر کی ٹیم 9 وکٹ پر 178 رنز بناسکی۔

رنگپور رائیڈرز نے میچ سنسنی خیز مقابلے کے بعد 8 رنز سے جیت لیا۔

واضح رہے کہ پی ایس ایل 10 میں خوشدل شاہ کو کراچی کنگز نے پک کیا ہے اور وہ لیگ میں ایکشن بلیو جرسی میں ایکشن میں دکھائی دیں گے۔

سارہ علی خان نے موبائل فون استعمال کرنا کیوں چھوڑا؟

0
سارہ علی خان نے موبائل فون استعمال کرنا کیوں چھوڑا؟

ممبئی: بالی وڈ کی نوجوان اداکارہ سارہ علی خان کو ہسٹوریکل وار ڈرامہ ’اسکائی فورس‘ میں ان کے کردار کی وجہ سے خوب سراہا جا رہا ہے۔

انڈین میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ’اسکائی فورس‘ میں سارہ علی خان ایک فوجی اہلکار کی بیوی کا کردار کیا ہے جس کیلیے انہوں نے ان تھک محنت کی۔

پروجیکٹ سے منسلک ذرائع نے انکشاف کیا کہ سارہ علی خان سیٹ پر خاموشی سے بیٹھی رہتی تھیں اور اپنی اسکرپٹ اور ڈائیلاگز کی ڈیلیوری پر توجہ دیتی تھیں، انہوں نے جان بوجھ کر سیٹ پر کسی سے زیادہ بات چیت نہیں کی تاکہ وہ اہم سینز کیلیے اپنے جذبات کو قائم رکھ سکیں۔

یہ بھی پڑھیں: سارہ علی خان کا دلیپ کمار سے کیا رشتہ ہے؟

ذرائع نے بتایا کہ اداکارہ کے اس نقطہ نظر نے انہیں ایک فوجی اہلکار کی بیوی کے کردار میں ڈھلنے میں مدد کی، وہ سیٹ پر اپنا موبائل فون استعمال کرتی تھیں اور نہ ہی کوئی اور ایسی چیز کرتی تھیں جس سے ان کی توجہ ہٹے۔

فلم میں ڈیبیو کرنے والے ویر پہاڑیا ایک فوجی افسر کے کردار میں نظر آئیں گے جو سارہ کے شوہر ہیں۔ ان کے علاوہ فلم میں اکشے کمار بھی ونگ کمانڈر کے کردار میں ہیں۔

یہ فلم Jio Studios ،Maddock Films اور Leo Films UK کی مشترکہ پیشکش ہے۔ ’اسکائی فورس‘ 2 اکتوبر 2024 کو ریلیز ہونے والی تھی لیکن اب یہ 24 جنوری 2025 کو ریلیز کی جائے گی۔

علاوہ ازیں، سارہ علی خان اگلی بار فلم ’میٹرو ان ڈینو‘ میں نظر آئیں گی۔ ان کے ساتھ آدتیہ رائے کپور، انوپم کھیر، علی فضل، کے کے مینن، پنکج ترپاٹھی، کونکنا سین شرما، فاطمہ ثنا شیخ، راہول شامل ہیں۔

اداکارہ ایوشمان کھرانہ کے ساتھ ایک ڈرامہ فلم میں بھی کام کر رہی ہیں جس کا عنوان ظاہر نہیں کیا گیا۔

اسٹنٹ رائیڈر نے گنیز ورلڈ ریکارڈ توڑ دیا

0
اسٹنٹ رائیڈر

سوئیڈش اسٹنٹ رائیڈر نے ایک وہیل پر 125.93 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے موٹرسائیکل چلا کر گنیز ورلڈ ریکارڈ توڑ دیا۔

غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق 51 سالہ میگنس کارلسن نے سوئیڈن کے ہوائی اڈے پر اپنی کے ٹی ایم 1290 سپر ڈیوک موٹرسائیکل پر اسٹنٹ کا مظاہرہ کیا۔

انہوں نے ون وہیل پر موٹر سائیکل چلا کر گنیز ورلڈ ریکارڈ توڑا۔

کارلسن نے 125.93 میل فی گھنٹہ یا 202.67 کلو میٹر فی گھنٹہ کی سب سے زیادہ رفتار حاصل کی جو 200 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ریکارڈ بنانے والے پہلے شخص بن گئے۔

پچھلا ریکارڈ 109.22 میل فی گھنٹہ یا 175.78 کلو میٹر فی گھنٹہ تھا اور یہ 2020 میں قائم کیا گیا تھا۔

کارلسن نے گنیز ورلڈ ریکارڈز کو بتایا کہ ہینڈؒ بار وہیلی میرا سب کا پسندیدہ اسٹنٹ ہے اور ایک اسٹنٹ رائیڈر کے طور پر میرے کیریئر کے دوران سب سے زیادہ توجہ دی۔

انہوں نے کہا کہ میں نے پہلی بار ہینڈل بار وہیل 1992 میں کی تھی پھر تین سال بعد میں نے سوئیڈن کے ہوائی اڈے پر ایک ریکارڈ کرنے کی کوشش کی اور میں ریکارڈ بنانے کی کوشش کرنا چاہتا تھا۔

عالمی بینک کا پاکستان کو 20 ارب ڈالرز دینے کا وعدہ

0

اسلام آباد: ذرائع نے بتایا ہے کہ عالمی بینک نے پاکستان کیلئے 20 ارب ڈالرز دینے کا وعدہ کیا ہے، 19 ڈائریکٹرز نے پاکستان کے حق میں ووٹ دیا۔

تفصیلات کے مطابق ذرائع نے انکشاف کیا کہ 10 سالہ کنٹری پارٹنر شپ فریم ورک کے تحت ورلڈ بینک کی جانب سے 20 ارب ڈالرز دینے کا وعدہ کیا گیا ہے، فریم ورک کی منظوری کیلئے 24 میں سے 19 ڈائریکٹرز نے پاکستان کے حق میں ووٹ دیا۔

ذرائع نے بتایا کہ عالمی بینک 20 ارب ڈالرز کا تقریباً 3 چوتھائی حصہ آئی ڈی اے کے ذریعے فراہم کرے گا، بقیہ رقم انٹرنیشنل بینک فار ری کنسٹرکشن اینڈ ڈویلپمنٹ کے تحت فراہم کی جائے گی۔

توسیعی فریم ورک 6 کلیدی ترقیاتی شعبوں پر توجہ مرکوز کرےگا، انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن کی طرف سے اضافی فنڈنگ سے سی پی ایف کی تکمیل ہوگی۔

ذرائع نے بتایا کہ سی پی ایف کا مقصد چائلڈ اسٹننگ کو کم کرنا، موسمیاتی تبدیلی کی روک تھام ہے، مقصد صاف پانی کی فراہمی، عوامی وسائل،پرائیویٹ سرمایہ کاری کو بڑھانا ہے، مخصوص اہداف میں ٹیکس ریونیو کو جی ڈی پی کے 15 فیصد سے زائد کرناشامل ہے۔

قابل تجدید توانائی کی صلاحیت میں 10 گیگا واٹ کا اضافہ بھی شامل ہے، 12 ملین طلبا کو معیاری تعلیم اور 50 ملین افراد کو صحت کی سہولیات فراہم کرنا شامل ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ سی پی ایف میں 60 ملین افراد کو صاف پانی اور صفائی کی سہولیات کی فراہمی بھی شامل ہے، 30 ملین افراد کے لئے غذائی تحفظ کو مضبوط بنانا اہداف میں شامل ہے۔

اس حوالے سے ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ 30 ملین خواتین تک مانع حمل کی رسائی کو بڑھانے جیسے اہداف شامل ہیں، اس کے علاوہ سیلاب، دیگر آفات سے نمٹنے کیلئے اہداف مقرر کیے گئے ہیں، 75 ملین افراد مستفید ہوں گے۔