ہفتہ, جولائی 5, 2025
ہوم بلاگ صفحہ 8030

ڈاکٹر یاسمین راشد کی قیادت میں کور کمانڈر ہاؤس لاہور پہنچا، رئیس احمد کا انکشاف

0

جناح ہاؤس لاہور پر حملہ آور نوجوان شر پسند کے ہوش رُبا انکشافات سامنے آئے ہیں، سوات کے رئیس احمد نے اس حوالے سے کہا ہے کہ وہ ڈاکٹر یاسمین راشد کی قیادت میں کور کمانڈر ہاؤس لاہور پہنچا تھا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق توڑ پھوڑ اور شر انگیزی میں شامل ایک اور مجرم رئیس احمد قانون کی تحویل میں پہنچ گیا ہے، شر پسند رئیس احمد کا تعلق سوات، ضلع شانگلہ سے ہے۔

رئیس احمد نے انکشاف کیا کہ وہ پی ٹی آئی کے بنائے گئے منصوبوں کے مطابق ڈاکٹر یاسمین راشد کی قیادت میں کور کمانڈر ہاؤس لاہور پہنچا تھا۔

اپنے اعترافی بیان میں شر پسند رئیس احمد نے بتایا کہ ’’میں 9 مئی کو زمان پارک میں پی ٹی آئی کے بنائے گئے منصوبوں کے مطابق ڈاکٹر یاسمین راشد کی قیادت میں کور کمانڈر ہاؤس لاہور پہنچا۔‘‘

رئیس احمد نے مزید بتایا ’’جناح ہاؤس پر ہم نے توڑ پھوڑ کی اور گملے توڑے اور پی ٹی آئی ورکرز کے ساتھ مل کر ہم نے آگ لگائی۔‘‘

رئیس احمد کا مؤقف تھا کہ ’’یہ سارا کچھ کیسے ہوا ہے، کیوں ہوا ہے، اس کے پیچھے پچھلے ایک سال سے پی ٹی آئی چیئرمین کی فوج کے خلاف مسلسل تقریریں سن سن کے میرے ذہن میں فوج کے خلاف ذہن سازی شروع ہو گئی اور اسی وجہ سے میں نے یہ کام کیا ہے۔‘‘

گوجرانوالہ: 4 پی ٹی آئی رہنماؤں کی مشترکہ پریس کانفرنس، پارٹی چھوڑنے کا اعلان

0

گوجرانوالہ: پنجاب کے شہر گوجرانوالہ میں پی ٹی آئی کے مزید 4 رہنماؤں نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے پارٹی چھوڑنے کا اعلان کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف چھوڑنے والوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے، گوجرانوالہ میں چار رہنماؤں نے پریس کانفرنس میں کہا کہ وہ پی ٹی آئی چھوڑ رہے ہیں۔

پی ٹی آئی چھوڑنے والوں میں چوہدری صدیق مہر، علی اشرف مغل، سرفراز مہر اور سردار حق نواز شامل ہیں، پارٹی چھوڑنے والوں میں پی ٹی آئی کے 2 قومی اور 2 صوبائی اسمبلی کےامیدوار تھے۔

دوسری طرف پاکستان تحریک انصاف کے ایک سابق رکن پنجاب اسمبلی مظفر گڑھ سے نیاز خان گشکوری نے جہانگیر ترین گروپ میں شمولیت کا اعلان کر دیا ہے۔

سابق پی ٹی آئی ایم پی اے کا جہانگیر ترین گروپ میں شمولیت کا اعلان

واضح رہے کہ جہانگیر ترین نئی پارٹی بنانے کے لیے سرگرم ہیں، ان کی جانب سے آئندہ ہفتے اپنی نئی جماعت کے قیام کا اعلان متوقع ہے، وہ پی ٹی آئی چھوڑ کر آنے والے رہنماؤں سمیت دیگر شخصیات سے ملاقاتیں کر رہے ہیں۔

لاہور: خواتین سے زیادتی کے واقعات میں تشویشناک اضافہ، ایک ہی دن 4 خواتین نشانہ بن گئیں

0

لاہور: پنجاب کے شہر لاہور میں خواتین سے زیادتی کے واقعات میں تشویشناک اضافہ ہو گیا ہے، ایک ہی دن میں سفاک ملزمان نے 4 خواتین کو درندگی کا نشانہ بنا ڈالا۔

تفصیلات کے مطابق لاہور میں خواتین کے خلاف جنسی حملوں کے واقعات بڑھ گئے ہیں، مختلف علاقوں میں جنسی درندوں نے چار خواتین کو اپنی ہوس کا نشانہ بنایا، جس پر پولیس نے الگ الگ پرچے کاٹ لیے ہیں، تاہم کوئی ملزم گرفتار نہیں ہوا ہے۔

پولیس رپورٹ کے مطابق کوٹ لکھپت کے علاقے اٹاری سروبہ میں پٹواری نے خاتون کو ساتھی کے ہمراہ مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنایا، اور فحش ویڈیو بنا کر 16 لاکھ ‏روپے بھی ہتھیا لیے، خاتون فرد بنوانے پٹوار خانے گئی ہوئی تھی۔

قائد اعظم ‏انڈسٹریل اسٹیٹ کے علاقے میں ایک شخص نے نوکری کا جھانسہ دے کر جواں سال لڑکی سے زیادتی کر ڈالی۔

شاد باغ کے علاقے میں نوید اور اس کی بیوی گھر میں موجود تھے، نامعلوم ملزم دیوار پھلانگ کر گھر میں داخل ہوا، نوید کو سر پر ڈنڈے مار کر زخمی کیا اور ہاتھ پاؤں باندھ دیے، ملزم بیوی سے زیادتی کر کے فرار ہو گیا۔

ادھر نواب ٹاﺅن میں 3 ملزمان نے ایک جواں سال لڑکی کو اجتماعی ‏زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا، پولیس نے تمام ‏واقعات کے الگ الگ مقدمات درج کر لیے ہیں تاہم کسی ملزم کو گرفتار نہیں کر سکی۔

کراچی سمیت ملک بھر کے موسم کی پیش گوئی

0

کراچی: شہر قائد میں آج بھی موسم گرم رہے گا، پنجاب میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارشیں برسیں، بلوچستان میں بارشوں سے مرچ اور ٹماٹر کی فصلوں کو نقصان کا خدشہ ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج بھی موسم گرم اور خشک رہے گا، آج گرمی اور حبس کی شدت کل سے زیادہ رہنے کا امکان ہے، شہر کا موجودہ درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔

شہر میں 9 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چل رہی ہے، ہوا میں نمی کا تناسب 70 فی صد ہے، کراچی میں دن میں درجہ حرارت 35 سے 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہے گا، دن میں ہوا 20 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلے گی۔

پنجاب کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی، راجن پور، خان پور، ہارون آباد، فورٹ عباس میں تیز آندھی کے ساتھ بارش برسی، مظفر گڑھ، وہاڑی، ٹبہ سلطان پور، دنیا پور، اوچ شریف، حاصل پور میں بھی بادل برسے۔

بارش کے باعث متعدد فیڈر ٹرپ کر جانے سے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔

بلوچستان کے ضلع کوہلو اور گرد و نواح میں تیز بارش کے ساتھ ژالہ باری بھی ہوئی، کپاس اور مرچ ٹماٹر کی فصلیں متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج جنوبی پنجاب، شمال مشرقی بلوچستان، اور کشمیر میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، ملک کے جنوبی علاقوں میں موسم شدید گرم رہے گا۔

سی اے اے نے کابل سے فضائی ٹریفک کے لیے فریکوئنسی جاری کر دی

0

کراچی: سی اے اے نے کابل سے فضائی ٹریفک کے لیے فریکوئنسی جاری کر دی۔

تفصیلات کے مطابق افغانستان کے دارالحکومت کابل میں ایئر ٹریفک کی عدم دستیابی کے مسئلے کے حل کے لیے پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ایئر لائنز کو نیا ہدایت نامہ جاری کر دیا ہے۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ایک نوٹم جاری کرتے ہوئے کابل سے پاکستانی حدود میں آنے والی تمام پروازوں کی رہنمائی کے لیے فریکوئنسی جاری کر دی۔

سی اے اے کے مطابق کابل سے پاکستانی حدود میں داخلے سے 15 منٹ قبل تمام ایئرلائنز کے طیاروں کے کپتان لاہور، کراچی، اسلام آباد ایئر ٹریفک کنٹرول سے رابطہ کریں گے۔

سی اے اے کا کہنا ہے کہ فریکوئنسی کے ذریعے کپتانوں کو پاکستانی حدود میں رہنمائی فراہم کی جائے گی۔

واضح رہے کہ فریکوئنسی اسلام آباد، لاہور اور کراچی ایئر ٹریفک کنٹرول سے رابطے کے لیے جاری کی گئی ہے، ترجمان کا کہنا ہے کہ سی اے اے کا جاری کردہ نوٹم 21 اگست 2023 تک قابل عمل ہے۔

لاہور میں آصف زرداری کی سیاسی سرگرمیاں، اہم شخصیات پیپلز پارٹی میں شامل

0

لاہور: پنجاب میں آصف زرداری کی سیاسی سرگرمیاں جاری ہیں، مختلف علاقوں سے کئی اہم شخصیات پیپلز پارٹی میں شامل ہو گئی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ڈیرہ غازی خان، گوجرانوالہ اور جلالپور بھٹیاں سے اہم سیاسی شخصیات نے پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی ہے، آصف زرداری نے انھیں پارٹی پرچم پہنائے۔

پی پی میں شامل ہونے والوں میں تونسہ سے حافظ طاہر احمد قیصرانی، امام بخش قیصرانی، اور عرفان گردیزی شامل ہیں، حافظ طاہر قیصرانی نے مخدوم احمد محمود کے ہمراہ آصف زرداری سے ملاقات کی، جس میں نیئر بخاری، دوست محمد کھوسہ، عبدالقادر شاہین بھی موجود تھے۔

حافظ طاہر احمد قیصرانی تونسہ سے پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑیں گے، آصف زرداری کی زیر صدارت پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کا اجلاس بھی منعقد ہوا، جس میں رانا فاروق سعید، حسن مرتضٰی ،شہزاد چیمہ اور فیصل میر شریک ہوئے۔ اجلاس میں آصف زرداری نے عہدے داروں سے تنظیمی امور اور انتخابی تیاریوں پر مشاورت کی۔

این اے 74 گوجرانوالہ سے چوہدری علی اشرف وڑائچ نے آصف زرداری سے ملاقات میں پی پی میں شمولیت اختیار کی، پی پی 58 گوجرانوالہ سے چوہدری حارث میراں نے سابق صدر سے ملاقات کی اور وہ پی پی میں شامل ہو گئے، اس ملاقات میں نیر حسین بخاری، سید حسن مرتضیٰ،امتیاز صفدر وڑائچ، اظہر حسن ڈار، ودود ڈار و دیگر بھی موجود تھے۔

این اے 79 حافظ آباد جلال پور بھٹیاں سے چوہدری انصر کی بھی آصف زرداری سے ملاقات ہوئی ہے، چوہدری انصر بھی پیپلز پارٹی میں شامل ہو گئے ہیں۔

ٹریلر کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار جاں بحق، ہجوم نے ٹریلر کو آگ لگا دی

0

کراچی: شہر قائد میں ٹریلر کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار جاں بحق ہو گیا، جس پر ہجوم نے ٹریلر کو آگ لگا دی۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے عائشہ منزل کے قریب ٹریلر کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار موقع پر جاں بحق ہو گیا، جس کے بعد مشتعل ہجوم نے ٹریلر کو آگ لگا دی۔

ایس ایس پی کے مطابق علاقہ پولیس موقع پر پہنچی تو ٹریلر کو آگ لگی ہوئی تھی اور ٹریلر جلانے والے افراد فرار ہو چکے تھے، متعلقہ ایس ایس پی کا کہنا ہے کہ پولیس نے ٹریلر کے ڈرائیور کو حراست میں لے لیا ہے۔

ایس ایس پی نے کہا کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں ہے، ٹریلر کو آگ لگانے والے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے انھیں گرفتار کیا جائے گا۔

ادھر ایک اور واقعے میں کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن نمبر 2 میں موٹر سائیکل سے گر کر ایک شخص جاں بحق ہو گیا، ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثہ تیز رفتار موٹر سائیکل سلپ ہونے کے باعث پیش آیا، متوفی کی شناخت عبدالوحید کے نام سے ہوئی ہے، جس کی لاش اسپتال منتقل کی گئی۔

ڈونلڈ ٹرمپ کو کِم جونگ اُن کو مبارک باد دینا مہنگا پڑ گیا

0

واشنگٹن: سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو کِم جونگ اُن کو مبارک باد دینا مہنگا پڑ گیا، ٹرمپ ریپبلکنز کی کڑی تنقید کی زد پر ہیں۔

امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے شمالی کورین سربراہ کو ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او) میں شمولیت پر مبارک باد دی تھی، جس پر ان کے خلاف تنقید کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔

سابق نائب صدر مائیک پنس نے کہا کہ ٹرمپ کو کسی صورت آمر کو سراہنا نہیں چاہیے، سابق گورنر جنوبی کیرولائنا نکی ہیلی نے کہا کہ ایسے بیانات کا ٹرمپ کو جواب دینا ہوگا۔

رون ڈی سانٹس کا کہنا تھا کہ انھیں ٹرمپ کی قاتل آمر کو مبارک باد دینے پر حیرانی ہوئی۔ واضح رہے کہ رون ڈی سانٹس اور نکی ہیلی ریپبلکنز صدارتی امیدوار بننے کی دوڑ میں شامل ہیں۔

کرائے کی سائیکل چلانے والا اچانک منہ کے بل کیوں گر پڑا؟ ویڈیو وائرل

0

سیاحوں اور مقامی شہریوں کی سہولت کیلئے موٹر سائیکل یا سائیکل کرائے پر دینے کے قوانین مختلف ممالک کے لحاظ سے مختلف ہوتے ہیں جہاں کرائے پر سائیکل یا بائیک کی سہولت فراہم کی جاتی ہے۔

ایسی سہولیات ان لوگوں کو دی جاتی ہیں جن کے پاس اپنی گاڑی تک رسائی نہیں ہوتی، سیاح کرایہ ادا کرتے ہیں اور شہر کی سیر سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔

آپ نے بائیک کرایہ پر لینے کے پری پیڈ آپشن کے بارے میں بھی سن رکھا ہوگا جہاں سوار کو اکاؤنٹ ری چارج کرنے کی ضرورت ہوتی ہے اور وہ پری پیڈ اکاؤنٹ میں دستیاب بیلنس کے مطابق اپنا مطلوبہ فاصلہ طے کرسکتا ہے۔

اس بات کا دوسرا پہلو یہ بھی ہے کہ پری پیڈ سائیکل یا موٹر سائیکل اس وقت چلانے والوں کیلئے مصیبت کا باعث بن سکتی ہے جب اچانک ان کا بیلنس ختم ہوجائے تو سوار کے ساتھ کیا صورتحال پیش آسکتی ہے؟

آج ہم آپ کیلئے ایک ایسی ہی ویڈیو لائے ہیں کہ جس میں پری پیڈ بیلنس ختم ہونے کے بعد کرائے کی سائیکل اچانک خود بخود لاک ہوجاتی ہے۔ دیکھیں سوار کے ساتھ کیا ہوتا ہے؟

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک شخص سڑک پر سائیکل چلا رہا ہے۔ اچانک وہ سائیکل سمیت سڑک پر منہ کے بل گرتا ہے اور ایسا لگتا ہے کہ اس کی ناک زخمی ہوگئی ہو، اس کے پاس موجود دوسرے لوگ بھی اسے دردمندانہ نگاہوں سے دیکھ رہے ہوتے ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر شیئر کی گئی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، ویڈیو کو بڑے پیمانے پر پسند کیا گیا اور صارفین اس پر دلچسپ تبصرے کررہے ہیں جبکہ کئی صارفین نے اس سسٹم پر تنقید بھی کی ہے۔

کترینہ کیف کا سلمان خان کی شادی پر پوچھے گئے سوال کا دلچسپ جواب

0

ممبئی: بالی وڈ کی ’بار بی ڈول‘ کترینہ کیف نے اپنے دیرینہ دوست سُپر اسٹار سلمان خان کی شادی سے متعلق پوچھے گئے سوال کا دلچسپ جواب دے دیا۔

ماضی میں کترینہ کیف اور سلمان خان کو ایک ساتھ اسکرین پر کافی پسند کیا جاتا تھا۔ پھر اچانک دونوں میں فاصلے بڑھ گئے اور تب سے وہ اسکرین پر ایک ساتھ واپس نہیں آئے۔ ان میں ایک دوسرے کیلیے باہمی احترام اب بھی برقرار ہے۔

کترینہ کیف اداکار وکی کوشل کے ساتھ شادی کر کے خوشگوار زندگی گزار رہی ہیں لیکن سلمان خان اب بھی اکیلے ہیں اور دور دور تک شادی کا امکان نہیں۔

ایک مرتبہ دونوں مشہور کامیڈی شو ’دی کپل شرما شو‘ کے مہمان بنے جہاں میزبان نے کترینہ کیف سے پوچھا کہ سلمان خان کی پسندیدہ اداکارہ کون ہیں؟ وہ جواب سوچ ہی رہی تھیں کہ سلمان خان نے مداخلت کرتے ہوئے میزبان سے کہا، ’کترینہ خود ہے۔‘

بعد ازاں میزبان نے کترینہ کیف سے پوچھا کہ سُپر اسٹار کی شادی کب ہوگی؟ اس پر انہوں نے کہا کہ اس سوال کا جواب صرف دو لوگوں کے پاس ہے، ایک بھگوان اور دوسرا سلمان خان۔

مذکورہ ویڈیو کافی پرانی ہے، لیکن جیسے ہی ایک انسٹاگرام صارف نے اسے پوسٹ کیا، دیگر صارفین نے نہ صرف اس پر تبصرے لکھے بلکہ آگے بھی شیئر کرتے رہے اور دیکھتے دیکھتے ویڈیو دوبارہ وائرل ہوگئی۔