بدھ, جولائی 2, 2025
ہوم بلاگ صفحہ 8032

کراچی میں رات گئے 3 پولیس مقابلے، ایک ڈاکو ہلاک، 3 گرفتار

0

کراچی: شہر قائد میں رات گئے 3 پولیس مقابلے ہوئے، جن میں ایک ڈاکو ہلاک جب کہ 3 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ناظم آباد عیدگاہ گراؤنڈ کے قریب مبینہ پولیس مقابلے میں ایک ڈاکو مارا گیا، ڈاکو کی شناخت فی الوقت نہیں ہو سکی ہے۔

کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد، کٹی پہاڑی کے قریب بھی پولیس کی کارروائی میں ایک زخمی سمیت 2 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے، جن سے اسلحہ، نقدی اور موٹر سائیکل برآمد کی گئی، پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملزم زخمی ہو گیا، جب کہ ان کا ایک ساتھی فرار ہو گیا۔

کورنگی انڈسٹریل ایریا میں بھی ایک مبینہ پولیس مقابلے میں ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار ہوا، جب کہ اس کا ساتھی فرار ہو گیا۔ ایس ایس پی کورنگی طارق نواز کے مطابق گرفتار ملزم سے اسلحہ اور شہریوں سے چھینے ہوئے 2 موبائل فونز برآمد ہوئے ہیں۔

ملزم سے واردات میں استعمال ہونے والا رکشہ بھی پولیس تحویل میں لے لیا گیا ہے، ملزمان شہریوں کو رات میں رکشے کی آڑ میں واردات کا نشانہ بناتے تھے، گرفتار زخمی ملزم کی شناخت ظفر کے نام سے ہوئی ہے، جسے طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

ملاقات میں عافیہ صدیقی بار بار کہتی رہیں مجھے اس جہنم سے نکالو

0

ٹیکساس: امریکی جیل میں دو پاکستانی بہنوں نے مسلسل دوسرے روز بھی ملاقات کی، جس میں ڈاکٹر عافیہ بار بار کہہ رہی تھیں مجھے اس جہنم سے نکالو۔

تفصیلات کے مطابق امریکی جیل میں قید ڈاکٹر عافیہ صدیقی سے ان کی بڑی بہن ڈاکٹر فوزیہ کی 20 سال بعد ملاقات ہوئی ہے، امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر فورٹ ورتھ میں قائم امریکی جیل ایف ایم سی کارزویل میں قید ہیں۔

دوسری ملاقات میں جماعت اسلامی کے سینیٹر مشتاق احمد خان، اور انسانی حقوق کے وکیل کلائیو اسمتھ بھی موجود تھے، سینیٹر مشتاق خان نے ٹویٹ میں ڈاکٹر عافیہ صدیقی سے ملاقات کا احوال بیان کیا۔

انھوں نے لکھا ’’ڈاکٹر عافیہ سے 3 گھنٹے ملاقات ہوئی، گفتگو مکمل ریکارڈ ہو رہی تھی، عافیہ صدیقی کی صحت کمزور، بار بار ان کی آنکھوں میں آنسو آ رہے تھے۔‘‘

امریکی جیل میں قید ڈاکٹر عافیہ صدیقی سے بڑی بہن کی 20 سال بعد ملاقات

سینیٹر مشتاق خان کے مطابق ملاقات میں ڈاکٹر عافیہ بار بار کہہ رہی تھی مجھے اس جہنم سے نکالو، ملاقات کے اختتام پر ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو زنجیروں میں لے جایا گیا۔

سینیٹر مشتاق احمد خان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کی چابی واشنگٹن نہیں اسلام آباد میں پڑی ہے، حکمرانوں ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو رہا کراؤ۔

سی ٹی ڈی کے ہاتھوں گرفتار دہشت گرد نے سنسنی خیز انکشافات کرڈالے

0

کراچی: سی ٹی ڈی کے ہاتھوں گرفتار دہشت گرد نے دوران تفتیش سنسنی خیز انکشافات کرڈالے۔

تفصیلات کے مطابق سی ٹی ڈی کے ہاتھوں گرفتار دہشت گرد سے تفتیش مکمل کرلی گئی ہے، جس میں اہم انکشافات سامنے آئے، کالعدم تنظیم کےدہشت گرد کی تفتیشی رپورٹ اے آر وائی نیوز نےحاصل کرلی ہے۔

تفتیش میں گرفتار دہشت گرد نے کراچی واندرون سندھ میں تخریب کاری کا اعتراف کیا اور بتایا کہ میرا بیرون ملک روپوش دہشت گردوں سے رابطہ تھا۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی، تھانے میں ٹک ٹاک بنانا نوجوان کو مہنگا پڑ گیا

ملزم نے انکشاف کیا کہ مجھے کراچی میں حملےکاٹاسک دیا گیا تھا،دھماکاکرنےاور بدلے میں بھاری رقم دینےکا کہاجس پرحامی بھری،شکارپور،لاڑکانہ،جیکب آباد سمیت مختلف اضلاع میں واقعات میں ملوث رہا اور ملزم نے سال دو ہزار بیس میں کراچی صدر میں بارود سے بھری موٹر سائیکل کھڑی کرنے کا بھی اعتراف کیا۔

کراچی، تھانے میں ٹک ٹاک بنانا نوجوان کو مہنگا پڑ گیا

0

کراچی کے علاقے شاہ فیصل کالونی تھانے میں نوجوان کو ٹک ٹاک ویڈیو بنانا مہنگا پڑ گیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے شاہ فیصل کالونی میں رئیس ولد جعفر نامی نوجوان نے موٹرسائیکل کاغذات نہ ہونے پر پولیس نے حراست میں لیا تو اس نے تھانے میں ویڈیو بنالی۔

نوجوان کی شاہ فیصل پولیس اسٹیشن میں ٹیبل پر پاؤں رکھ کر بنائی گئی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھی۔

ویڈیو وائرل ہوئی تو نوجوان کو پھر پولیس نے دھر لیا بعدازاں معافی مانگنے پر چھوڑ دیا گیا۔

نوجوان نے ویڈیو میں معافی مانگتے ہوئے کہا کہ گھر والے پیپر لارہے تھے اس دوران فارغ بیٹھا تو ویڈیو بنالی، مجھے  ایک موقع دیا جائے تاکہ میں ایسا دوبارہ نہ کروں۔

بھارت: لڑکی کیساتھ اجتماعی زیادتی، پیٹرول چھڑک کر زندہ جلا دیا گیا

0
پنچایت سیکرٹری نے خاتون کو آگ لگانے کے بعد خودکشی کر لی

بھارت میں ریپ کے واقعات تھم نہ سکے۔ ریاست اتر پردیش میں جواں سال لڑکی کے ساتھ اجتماعی جنسی زیادتی کا درد ناک واقعہ پیش آگیا۔

مقامی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق 30 جنوری کو مہاویر نامی لڑکے نے لڑکی کو اغوا کیا اور 28 مارچ کو اپنے ساتھیوں کے ہمراہ اس کا گینگ ریپ کرنے کی کوشش کی۔ ملزمان نے مزاحمت کرنے پر لڑکی کو پیٹرول چھڑک کر آگ لگا دی۔

ملزمان نے خود متاثرہ لڑکی کے والد کو فون کر کے اطلاع دی کہ ہم نے تمہاری بیٹی کا ریپ کیا اور اسے آگ لگا دی۔

متعلقہ: شادی کی تقریب سے کمسن بچیاں غائب، درد ناک واردات

والد نے اس متعلق فوری پولیس کو آگاہ کیا جس پر خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی۔ ٹیم نے ملزمان کے بتائے ہوئے مقام پر پہنچ کر متاثرہ لڑکی کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا۔

متاثرہ لڑکی کا 60 فیصد سے زائد جسم جھلس گیا۔ 16 مئی کو دوبارہ حالت بگڑنے پر اسے اسپتال لے جایا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہو سکی۔

خصوصی ٹیم نے ملزمان کی تلاش کیلیے مختلف علاقوں میں چھاپے مارے اور انہیں گرفتار کرنے میں کامیاب ہوگئی۔ ملزمان کو جیل بھیج دیا گیا جبکہ ان کے خلاف مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

چینل پر نفرت انگیز تشدد کے پیروکاروں اور منصوبہ سازوں کو وقت نہ دیں، پیمرا

0

اسلام آباد: پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کا کہنا ہے کہ ذا نو مئی کے واقعات کے ذمہ داروں کامیڈیا پربائیکاٹ ہونالازمی ہے،نفرت انگیزتشدد کے پیروکاروں،منصوبہ سازوں کو چینلز پر وقت نہ دیں۔

تفصیلات کے مطابق پیمرا کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ماسوائے مخصوص حالات کے تمام شہریوں کو آزادی اظہار رائےکا حق ہے تاہم تشدد، نفرت آمیز،نقص امن پراکسانےوالےبیانات پرپابندی ہے۔

پیمرا نے کہا کہ آزادی اظہار رائے کی حفاظت کیساتھ امن کا قیام بھی ضروری ہے اور قیام امن قانون نافذ کرنےوالےاداروں کی ذمہ داری ہے۔

پیمرا کی جانب سے کہا گیا کہ تمام چینلز کی توجہ نو مئی یوم سیاہ کی جانب مبذول کرائی جاتی ہے، اس روز ریاستی اورنجی املاک پرحملےکرکےجانیں خطرےمیں ڈالی گئیں،وفاق اور ریاستی اداروں کو کمزورکرنے کی کوشش کی گئی۔

پیمرا کی جانب سے کہا گیا کہ ایک سیاسی جماعت کی جانب سے ریاست مخالف سرگرمیاں کی گئیں، پارٹی کارکنوں نےعوام کو وفاق اور ریاستی اداروں کےخلاف اکسایا، ریاست مخالف سرگرمیوں میں نفرت پھیلانےوالےکارکن ملوث تھے لہذا نو مئی کے واقعات کےذمہ داروں کامیڈیا پربائیکاٹ ہونالازمی ہے۔

پیمرا نے چینلز کو ہدایت کی کہ چینلزنادانستگی میں نفرت انگیزتشدد کے منصوبہ سازوں کی تشہیرکاحصہ نہ بنیں، چینلز پیمرا قوانین اور سپریم کورٹ احکامات کی تعمیل کریں، نفرت انگیزتشدد کے پیروکاروں،منصوبہ سازوں کو چینلز پر وقت نہ دیں۔

تمام چینلزپرتشدد،لسانی اورفرقہ وارانہ مواد کو نشرنہ کرنایقینی بنائیں، مسلح افواج،عدلیہ،نظریہ پاکستان،پاکستان کی سالمیت کاخیال رکھاجائے اور نیوزچینلزنشریات سے متعلق تمام ایس اوپیزیقینی بنائیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی کیخلاف کتنے مقدمات درج ہیں؟

0
پی ٹی آئی

کراچی : چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان ان دنوں اپنے 27 سالہ سیاسی کیریئر کے بدترین حالات سے گزر رہے ہیں اور ان کیخلاف اس وقت درجنوں مقدمات عدالتوں میں زیر سماعت ہیں، ان پر گزشتہ سال قاتلانہ حملہ بھی ہوچکا ہے جب کہ وہ خود کو قتل کیے جانے، نااہل کیے جانے اور پی ٹی آئی پر پابندی لگائے جانے کے خدشات کا کئی بار اظہار کرچکے ہیں۔

حالیہ دنوں میں پی ٹی آئی کے کئی بڑے نام 9 مئی کے واقعات کے بعد ان سے راستے جدا کرچکے ہیں جن میں کچھ تو پی ٹی آئی کے بانیوں اور کچھ ابتدائی دور کے ساتھیوں میں شمار کیے جاتے ہیں۔

تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان اس وقت اپنے خلاف ملک کے مختلف شہروں میں درج کیے جانے والے 121 مقدمات کا سامنا کر رہے ہیں، جن میں غداری، توہین مذہب، تشدد، دہشت گردی پر اکسانے، خاتون جج کو دھمکی، توہین عدالت، ممنوعہ فنڈنگ، الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف ہنگامہ آرائی، القادر یونیورسٹی سب سے نمایاں ہیں جبکہ ٹیریان کیس اور دوران عدت نکاح کیس عدالتوں سے خارج کر دیے گئے ہیں۔

حکومت کی جانب سے 22 مارچ کو لاہور ہائی کورٹ میں جمع کرائی گئی رپورٹ کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف کے خلاف پنجاب میں 83 جبکہ وفاقی دارالحکومت میں 43 مقدمات درج ہیں، عمران خان کو بطور سابق وزیراعظم پاکستان کی تاریخ میں سب سے زیادہ کیسز کا سامنا ہے۔

ستر سالہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے وکلاء نے حال ہی میں اسلام آباد ہائی کورٹ میں تمام درج مقدمات کی فہرست جمع کرائی جس میں کہا گیا ہے کہ عمران خان کے خلاف صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں 30 مقدمات درج اور نوٹسز جاری کیے گئے ہیں۔ ان کیخلاف یہ تمام مقدمات غداری، توہین مذہب، تشدد اور دہشت گردی پر اکسانے جیسے مختلف الزامات سے متعلق ہیں۔

فہرست کے مطابق عمران کے خلاف لاہور میں دہشت گردی کے 12 اور فیصل آباد میں 14 مقدمات درج ہیں، عمران خان کے خلاف ملک بھر میں دہشت گردی کے 22مقدمات درج ہیں۔ آئیے مذکورہ مقدمات میں سے چند اہم مقدمات کی مختصراً تفصیل پر روشنی ڈالتے ہیں۔

توشہ خانہ کیس

گزشتہ سال 19 نومبر کو قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق وزیراعظم، ان کی اہلیہ اور کابینہ کے دیگر ارکان کو ملنے والے تحائف کی فروخت کے حوالے سے ان کی اصل قیمت ظاہر نہ کرنے کا نوٹس لیا تھا اور کہا گیا تھا کہ سابق وزیراعظم کو ملنے والے تحائف کی اصل قیمت اور قیمت فروخت میں واضح فرق تھا۔

اس کے علاوہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے توشہ خانہ ریفرنس میں الزامات ثابت ہونے پر سابق وزیر اعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کو قومی اسمبلی کی رکنیت سے نااہل قرار دیتے ہوئے ان کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کا حکم دیا تھا۔

خاتون جج کو دھمکی کا کیس

گزشتہ سال 20 اگست کو چیئرمین پی ٹی آئی نے ایف نائن پارک اسلام آباد میں ایک جلسے کے دوران اپنے خطاب میں خاتون سیشن جج زیبا چوہدری کو مبینہ طور پر دھمکی دی تھی۔ جس کیخلاف 21اگست کو سول مجسٹریٹ کی مدعیت میں اسلام آباد کے مارگلہ تھانے میں عمران خان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا جس میں پہلے دہشت گردی کی دفعات شامل کرکے بعد میں حذف کر دی گئیں اور کیس سیشن کورٹ کو بھیجا گیا تھا۔

فارن فنڈنگ کیس

پاکستان تحریک انصاف کے خلاف ممنوعہ ذرائع سے فنڈز حاصل کرنے کا معاملہ الیکشن کمیشن میں کوئی سیاسی مخالف جماعت نہیں بلکہ تحریک انصاف کے اپنے بانی اراکین میں سے ایک اکبر ایس بابر سال 2014 میں لے کر آئے تھے۔

اکبر ایس بابر نے الزام عائد کیا گیا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف نے بیرون ممالک مقیم پاکستانیوں کے علاوہ دیگر غیرملکیوں سے بھی فنڈز حاصل کیے تھے جس کی پاکستانی قانون اجازت نہیں دیتا۔

اس کے علاوہ مسلم لیگ ن کے رہنما حنیف عباسی نے جب عمران خان کی اہلیت کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا تو اس کے ساتھ ایک متفرق درخواست فارن فنڈنگ کے حوالے سے بھی دی گئی تھی، جس پر سپریم کورٹ نے سال 2016 میں فیصلہ دیا تھا کہ سیاسی جماعتوں کی فنڈنگز کی تحقیقات کا اختیار الیکشن کمیشن کے پاس ہے۔

القادر یونیورسٹی کیس میں گرفتاری

اسلام آباد پولیس نے انسپکٹر جنرل (آئی جی) اکبر ناصر خان کے حوالے سے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ سابق وزیر اعظم کو اس کیس کے سلسلے میں گرفتار کیا گیا ہے جس میں الزام ہے کہ عمران خان اور ان کی اہلیہ نے 50 ارب روپے کو قانونی حیثیت دینے کے لیے ایک رئیل اسٹیٹ فرم سے اربوں روپے حاصل کیے تھے۔

سابق وزیر اعظم اپنی اہلیہ بشریٰ بی بی اور پی ٹی آئی کے دیگر رہنماؤں کے ساتھ پی ٹی آئی حکومت اور پراپرٹی ٹائیکون کے درمیان سمجھوتہ سے متعلق نیب انکوائری کا سامنا کر رہے ہیں جس سے مبینہ طور پر قومی خزانے کو 190 ملین پاؤنڈ کا نقصان پہنچا۔

ان پر القادر یونیورسٹی کے قیام کے لیے موضع بکرالا، سوہاوہ میں 458 کنال (23.16 ہیکٹر) سے زائد اراضی کا ناجائز فائدہ حاصل کرنے کا الزام ہے۔

یاد رہے کہ پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان کو اپریل2022 میں اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے تحریک عدم اعتماد پیش کیے جانے کے بعد اقتدار سے ہٹا دیا گیا تھا، جس پر انہوں نے الزام عائد کیا تھا کہ روس، چین اور افغانستان کے بارے میں ان کی خارجہ پالیسی اور آزادانہ فیصلوں کی وجہ سے انہیں نشانہ بنانے والی امریکی قیادت کی آشیرباد سے اپوزیشن جماعتوں نے پی ٹی آئی حکومت کیخلاف منظم سازش کی۔

عمران خان 2018 میں اقتدار میں آئے، وہ واحد پاکستانی وزیر اعظم ہیں جنہیں پارلیمنٹ میں عدم اعتماد کے ووٹ  کے ذریعے عہدے سے معزول کیا گیا تھا۔

یواےای: پیٹرولیم مصنوعات سے قیمتوں سے متعلق خوشخبری

0
پیٹرول

یو اے ای کے شہریوں کے لیے اچھی خبر ہے کہ ماہ جون کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کر دی گئی ہے۔

فیول پرائس کمیٹی نے آئندہ ماہ جون کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا اعلان کیا ہے جس میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں کمی کی گئی ہے۔

کمی کے بعد پیٹرول سپر 98 کی قیمت 2.95 درہم فی لیٹر مقرر کی گئی ہے جب کہ اسپیشل 95 پیٹرول کی قیمت کمی کر کے 2.84 درہم مقرر کی گئی ہے۔

ای پلیس 91 پیٹرول کمی کے بعد 2.76 درہم فی لیٹر ہو گیا۔ اسی طرح ڈیزل کی قیمت میں بھی کمی کی گئی ہے اور اس کی نئی قیمت 2.68 درہم فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔

نئی قیمتوں کا اطلاق یکم جون سے ہوگا۔

باپ نے بیٹی کو 25 بار چاقو گھونپ کر موت کے گھاٹ اتار دیا

0
باپ نے بیٹی کو 25 بار چاقو گھونپ کر موت کے گھاٹ اتار دیا

بھارت کی ریاست گجرات میں ایک سفاک باپ نے معمولی جھگڑے پر جواں سال بیٹی کو بے دردی سے قتل کر دیا۔

مقامی میڈیا کے مطابق سفاک باپ نے بیٹی کے چھت پر سونے پر گھر میں ہنگامہ کھڑا کیا۔ اس نے اہلیہ سے تلخ کلامی کی جبکہ بیٹی کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا۔

سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ملزم اہل خانہ سے جھگڑا کر رہا ہے۔ اس نے اچانک چاقو نکال کر بیٹی کو مارنے کی کوشش کی۔

جب اہلیہ نے روکنا چاہا تو ملزم نے اسے بھی وار کر کے شدید زخمی کر دیا۔ بعد ازاں بیٹی کو پکڑ کر متعدد بار اس کے پیٹ میں چاقو گھونپا۔ بیٹی نے بھاگنے کی بھی کوشش کی لیکن ملزم نے دوبارہ پکڑ لیا اور تشدد کرتا رہا۔

پولیس کے مطابق ملزم نے بیٹی کو 25 بار پیٹ میں چاقو گھونپا جس سے اس کی موقع پر ہی موت واقع ہوگئی۔

پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے اسے گرفتار کرلیا۔

پاکستان ٹیم جونیئر ہاکی ایشیا کپ کے فائنل میں پہنچ گئی

0

صلالہ: پاکستان نے جونیئر ایشیا ہاکی کپ کے سیمی فائنل میں ملائیشیا کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنالی۔

اے آر وائی نیوز نے مطابق پاکستانی ٹیم نے سیمی فائنل میں ملائیشیا کو 6-2 سے آؤٹ کلاس کیا جبکہ قومی ٹیم نے کوارٹر فائنل میں جاپان کو 2-1 سے شکست دی تھی۔

پاکستان نے میچ کے چوتھے کوارٹر میں یکے بعد دیگر چار گول اسکور کیے۔

کھیل کے تیسرے کوارٹر کے اختتام مقابلہ 2-2 گول سے برابر تھا، پاکستان ک جانب سے عبدالرحمان نے تین گول کیے۔

ایشیا جونیئر ہاکی کپ کا فائنل روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کے درمیان کل کھیلا جائے گا۔

واضح رہے کہ راؤنڈ میچ میں پاک بھارت ٹاکڑا ایک، ایک گول سے برابر رہا تھا جبکہ پاکستان رواں برس شیڈول جونیئر ورلڈ کپ کے لیے پہلے ہی کوالیفائی کرچکا ہے۔