منگل, جولائی 1, 2025
ہوم بلاگ صفحہ 8033

باپ بیٹی کی محبت سے بھرپور ویڈیو کے سوشل میڈیا پر چرچے

0

یو تو قدرت نے انسان کیلئے دنیا میں بہت سے رشتے بنائے ہیں جن کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جاسکتا لیکن ان میں ایک رشتہ باپ بیٹی کا بھی ہے جسے سوچ کر ہی چہرے پر بے اختیار مسکراہٹ آجاتی ہے۔

اکثر یہ خیال کیا جاتا ہے کہ صرف ماں ہی ہے جو اپنے بچوں کو بے پناہ پیار اور ممتا سے نوازتی ہے لیکن باپ کی محبت اور شفقت کا بھی الگ ہی انداز ہے جسے الفاظ میں بیان کرنا ناممکن ہے۔

ان دنوں سوشل میڈیا پر کچھ ایسی ہی ویڈیو وائرل ہورہی ہے کہ جس میں ایک باپ اپنی ننھی سے گڑیا سے کھیل رہا ہے اور ننھی سی بچی کی حرکتیں دیکھ کر آپ کو بھی اس پر پیار آجائے گا۔

اس خوبصورت سی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ تقریباً ایک سے سوا سال کی عمر کی یہ بچی اپنے والد سے پیار کا بھرپور اظہار کررہی ہے اور ساتھ ہی اپنی چھوٹی سی انگلی سے ہدایات دے رہی ہے کہ مجھے یہاں پیار کرو۔

بچی کا باپ بھی اپنی بیٹی کی ہرفرمائش کو پورا کررہا ہے اور خوش بھی ہورہا ہے، ٹھیک ہی کہتے ہیں کہ سارا دن کا تھکارا ہارا باپ شام کو جب گھر آتا ہے تو بچوں کو ہنستا مسکراتا دیکھ کر اپنی تھکان بھول جاتا ہے۔

ویڈیو دیکھنے والے سوشل میڈیا صارفین اس پر اپنی پسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے محبت بھرے کمننٹس کررہے ہیں۔

سی ٹی ڈی کی کارروائی، کالعدم تنظیم کا کارندہ ہلاک

0

پشاور: سیکیورٹی فورسز نے ڈی آئی خان میں کامیاب آپریشن کرتے ہوئے کالعدم تنظیم ٹی ٹی پی گنڈاپورگروپ کے اہم دہشت گرد کو ٹھکانے لگادیا۔

ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق سی ٹی ڈی نے سیکیورٹی فورسزاور پولیس کے ہمراہ ڈی آئی خان میں آپریشن کیا، آپریشن کے دوران مظہر نامی دہشت گرد نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کی اور فرارہونے لگا، پولیس کی جوابی فائرنگ سے بھاگنے کی کوشش کرنے والے دہشت گرد ماراگیا۔

سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق دہشت گرد کاتعلق کالعدم تنظیم ٹی ٹی پی گنڈا پورگروپ سےتھا اور سی ٹی  ڈی،پولیس،سیکیورٹی فورسزپرآٹھ حملوں میں مطلوب تھا، ہلاک دہشت گرد کےقبضے سےاسلحہ اوردستی بم برآمد ہوئے ہیں۔

واضح رہے کہ آج شمالی وزیرستان میں دہشت گردی کے دو واقعے رپورٹ ہوئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: کالعدم تنظیم کے دہشت گرد کو 3 مرتبہ سزائے موت کا حکم

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے دوسالی میں آپریشن کے دوران دو دہشت گرد مارے گئے تھے۔

بعد ازاں شمالی وزیرستان میں پولیو ٹیم کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی تھی مگر پاک فوج کے سپاہی ثاقب الرحمان نے اپنی جان کا نذرانہ دیکر قومی ڈیوٹی پر مامور عملے کو بچالیا تھا۔

عوام کی رہنمائی چوہدری شجاعت کے علاوہ کوئی نہیں کر سکتا، تنویر الیاس

0
عوام کی رہنمائی چوہدری شجاعت کے علاوہ کوئی نہیں کر سکتا، تنویر الیاس

سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس کا کہنا ہے کہ عوام کی رہنما چوہدری شجاعت کے علاوہ کوئی نہیں کر سکتا۔

لاہور میں چوہدری شجاعت سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تنویر الیاس نے کہا کہ پورے پاکستان کا دل لاہور کے ساتھ دھڑکتا ہے، چوہدری شجاعت کے ساتھ تعلق بہت پرانا ہے، کوئی بھی رہنمائی چاہیے ہوتی ہے تو ان سے لیتے ہیں۔

تنویر الیاس نے کہا کہ سیاسی لوگوں میں اگر کوئی رہنمائی کر سکتا ہے تو وہ چوہدری شجاعت ہیں، ہم نے جو رواداری سیکھی ہے وہ ان ہی سے سیکھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک سیاسی طور پر گرداب میں ہے جس میں پی ٹی آئی کا اہم کردار ہے، ہم ایک مکمل ایجنڈا رکھتے ہیں، ہم دوسری قیادت کے ساتھ بھی مل رہے ہیں۔

صحافی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے تنویر الیاس نے کہا کہ میں نے یہ نہیں کہا کہ مسلم لیگ (ق) میں شامل ہو رہا ہوں بلکہ میں نے کہا کہ چوہدری شجاعت کی مشاورت سے اس کا فیصلے کروں گا، سب سے زیادہ صوبائی ممبران میرے پیچھے کھڑے ہیں۔

اس موقع پر سابق گورنر پنجاب چوہدری سرور نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ تنویر الیاس نے کہا کہ میں چوہدری شجاعت کے حکم کی تعمیل کروں گا، ہماری کوئی بھی برانچ آزاد کشمیر میں نہیں ہے، چوہدری شجاعت نے ہدایت کی ہے کہ اپنی پوری ٹیم لے کر آئیں۔

انار اور مچھلی (ایران کی لوک کہانی)

0

ایک ندی تھی اور اس کے کنارے انار کا ایک درخت۔ درخت پر کچھ انار لگے ہوئے تھے اور ندی میں کچھ مچھلیاں بھی دُمیں ہلاتی رہتی تھیں۔

زمین کے نیچے سے درخت کی جڑیں ندی میں پاؤں پھیلانے لگی تھیں۔ مچھلیوں نے کئی بار اناروں سے کہا تھا کہ ہمارے گھر میں ٹانگیں نہ پھیلائیے لیکن انہوں نے سنی ان سنی کر دی تھی۔ مچھلیوں نے طے کر لیا کہ درخت کی جڑیں چبا ڈالی جائیں۔ مچھلیوں نے جڑیں چبانا شروع کر دیا۔

اناروں نے آسمان سر پر اٹھا لیا کہ یہ کیا حرکت ہے؟ اب کی بار مچھلیوں نے سنی ان سنی کر دی۔ اناروں نے سخت دھمکیاں دیں۔ مچھلیوں نے کہا: جو کرنا ہے، کر لیجیے۔ اناروں نے آپس میں صلاح مشورہ کیا اور ان میں سے ایک انار نے خود کو ایک مچھلی پر گرا لیا۔ مچھلی کا سر پھٹ گیا۔ خون بہنے لگا۔ ساری ندی سرخ ہو گئی۔

مچھلیوں نے انار کو پکڑ کے باندھ لیا۔ اناروں نے احتجاج کیا کہ تمہیں ہمارے ساتھی کو گرفتار کر لینے کا کوئی حق نہیں پہنچتا۔ آخر ہم ایک ملک میں رہتے ہیں، جس کا کوئی قانون ہے، قاضی ہے۔ ایک مچھلی نے کہا: تمہیں کس نے حق دیا تھا کہ ہمارے گھر میں ٹانگیں پھیلاؤ؟ ایک انار کہنے لگا: پانی صرف تمہارا تھوڑی ہے؟ ہمارا بھی تو ہے۔ یہ ندی تمہاری پیدائش سے پہلے کی موجود ہے اور ہم بھی اسی وقت سے موجود ہیں۔ مچھلیاں کہتی رہیں کہ تم اناروں نے زیادتی کی ہے۔ تم نے ہماری ساتھی بے چاری کا سر پھوڑ دیا ہے۔

بات کسی طرف نہ لگی اور ان میں تُو تکار بڑھ گئی۔ آخر کار قاضی کے پاس پیش ہونا طے پایا۔ سر پھٹی مچھلی اور ہاتھ بندھا انار قاضی کے ہاں جا پہنچے۔ قاضی کے پاس کئی اور مدعی اور ملزم بھی جمع تھے۔ انہیں دیکھتے ہی قاضی کی رال ٹپکنے لگی اور اس نے کہا: آئیے آئیے، کہیے کیا مسئلہ ہے؟ دونوں نے اسے ماجرا کہہ سنایا۔ قاضی نے کہا : آپ ذرا انتظار کر لیجیے، میں پہلے دوسروں کے معاملے نمٹا لوں۔

انار اور ننھی مچھلی ایک کونے میں کھڑے ہو کر لگے انتظار کرنے۔ قاضی کام ختم کر کے ان کے پاس آیا۔ اس نے دونوں کے منہ ماتھے پر ہاتھ پھیرا۔ بہت دلاسا دیا اور پھر اپنی بیوی کو آواز دے کر کہا: بیگم! توے پر خوب گھی ڈال کر چولھے پر چڑھا دو، دوپہر کو ہم مچھلی کھائیں گے۔ اور ہاں سنو! یہ انار بھی لے جاؤ، اس کا رس مچھلی پر چھڑکیں گے تو اور ہی مزہ آئے گا۔ انار اور مچھلی کے ہاتھ پاؤں ٹھنڈے پڑ گئے۔ انہوں نے ایک دوسرے سے کھسر پھسر کی کہ دیکھو تو ہم کس مصیبت میں پھنس گئے ہیں۔ انہوں نے قاضی کی بیگم کی بہتیری منت سماجت کی کہ ہمیں ایک دوسرے سے کوئی شکایت نہیں، ہمیں جانے دیجیے مگر بیگم نے کہا: فیصلہ تو قاضی ہی کا چلتا ہے۔ مجھے تو اس پر عمل کرنا ہے اور بس۔ یہ کہہ کر اس نے مچھلی کی کھال اتاری اور اسے توے پر چڑھا دیا۔ مچھلی بے چاری تڑپتی پھڑکتی رہی۔ پھر اس نے انار کو پکڑ کر اس کا رس نکالا اور تلی ہوئی مچھلی پر چھڑک دیا۔ قاضی اور اس کے بیوی بچوں نے خوب ڈٹ کر کھانا کھایا۔

خبر اناروں اور مچھلیوں تک بھی پہنچ گئی۔ وہ دکھ اور درد میں ڈوب گئے اور انہوں نے دونوں کا سوگ منایا۔ سوگ کے دنوں ہی میں وہ اس نتیجے پر پہنچ گئے کہ قاضی اگر باہر کا ہوا تو ان کے لیے کبھی کچھ نہیں کرے گا۔ انہوں نے ایک دوسرے سے معاہدہ کر لیا کہ ایک دوسرے کے حقوق کی خلاف ورزی نہیں کیا کریں گے۔

(کتاب سفید پرندہ سے منتخب کردہ کہانی)

جدہ کیلیے براہ راست حج پروازیں کب شروع ہوں گی؟

0

ترجمان وزارت مذہبی امور نے کہا ہے کہ پاکستان سےجدہ ایئرپورٹ پربراہ راست پروازوں کا سلسلہ 5 جون سے شروع ہو گا۔

ترجمان کے مطابق ملک کے 10ایئرپورٹس سے عازمین کی سعودی عرب روانگی کاسلسلہ جاری ہے آج تک 53پروازوں سے 31ہزار 241عازمین حج سعودی عرب پہنچ چکےہیں جن میں سے 27ہزار سے زائد پاکستانی عازمین حج مدینہ منورہ میں قیام پذیر ہیں۔

ڈی جی حج عبدالوہاب سومرو انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے مکہ سے مدینہ منورہ پہنچ گئے۔ 4ہزار سے زائد عازمین حج جدید بسوں کے ذریعے مکہ مکرمہ پہنچے ہیں۔ معلمین نےاحرام پہنےعازمین حج کا مکہ مکرمہ پہنچنے پر پرتپاک استقبال کیا۔

ترجمان کے مطابق شعبہ گمشدگی و بازیابی نے راستہ بھولنے والے 25عازمین کو رہائشگاہوں تک پہنچایا عازمین کے 166بیگ تلاش کر کے مالکان کےحوالےکئےگئے جب کہ 6 کی تلاش جاری ہے۔

وزارت کے تحت شعبہ شکایات، حرم گائیڈز، شعبہ خوراک، رہائش وٹرانسپورٹ مصروف عمل ہیں۔ پاکستان حج میڈیکل مشن کے تحت 137ڈاکٹر، پیرامیڈیکل عملہ عازمینِ تعینات ہے۔

لائبہ خان سوشل میڈیا پر چھا گئیں

0

شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ لائبہ خان کی نئی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔

فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اداکارہ لائبہ خان نے نئی تصاویر شیئر کیں جس میں انہیں جینز اور ٹی شرٹ میں خوشگوار موڈ میں دیکھا جاسکتا ہے۔

لائبہ خان نے تصاویر شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ ’تکدیاں راستہ اکھیاں بے چاریاں۔‘

اداکارہ نے چند گھنٹوں قبل یہ تصاویر شیئر کیں جسے ہزاروں کی تعداد میں مداح دیکھ چکے ہیں اور اس پر تعریفی کمنٹس بھی کررہے ہیں۔

واضح رہے کہ لائبہ خان سوشل میڈیا پر کافی متحرک رہتے ہیں اور گاہے بگاہے اپنی تصاویر شیئر کرتی رہتی ہیں جسے ان کے مداح بھی پسند کرتے ہیں۔

لائبہ خان اے آر وائی ڈیجیٹل کے متعدد ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں جن میں کیسی تیری خود غرضی، انگنا، مقدر کا ستارہ ودیگر شامل ہیں۔

یاد رہے کہ اے آر وائی زندگی کے پروگرام ‘دی نائٹ شو ودھ ایاز سموں ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے لائبہ خان نے اپنے ہمسفر سے متعلق بتایا تھا کہ میں یہ چاہتی ہوں کہ میری جس سے بھی شادی ہو وہ ایک اچھا انسان اور اس کا دل صاف ہو اور دوسروں کے احساس کو جاننے کا فن رکھتا ہو۔

میزبان نے سوال کیا کہ لڑکا ظاہری طور پر کیسا ہونا چاہئے؟ جس پر اداکارہ کا کہنا تھا کہ وہ شخص اچھی فٹنس کا حامل ہوا، موٹا پتلا نہیں مگر دیکھنے میں جاذب نظر آئے۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ کوئی بھی رشتہ طے کرتے وقت لڑکا یا لڑکی کی رائے نہ پوچھی جائے تو میرے خیال میں وہ رشتے زیادہ دیرپا نہیں ہوتے اور ان کا جلد اختتام ہوجاتا ہے۔

امریکا سے مذاکرات پر چین نے کیا کہا؟

0

بیجنگ: چین نے امریکا سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنے طرز عمل کو درست کرے اور فوجی مذاکرات میں خلوص کا مظاہرہ کرے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق ایک پریس بریفنگ میں چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان ماؤننگ نے امریکا پر زور دیا ہے کہ وہ فوری طور پر غلط طرز عمل کو درست کرے اور دونوں ممالک کے افواج کے درمیان بات چیت اور مواصلات کے لئے خلوص کا مظاہرہ کرے۔

ماؤ نے پریس بریفنگ کے دوران ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ امریکا یہ جانتا ہے کہ چین امریکا فوجی مذاکرات میں مشکلات کا سامنا ہے۔

ماؤ نے امریکا پر زور دیا کہ وہ چین کی خود مختاری ، سلامتی اور مفادات کے خدشات کا سنجیدگی سے احترام کریں اور فوری طور پر غلط طرز عمل کو درست کرے ساتھ ہی چینی اور امریکی افواج کے درمیان بات چیت کے لئے موافق حالات پیدا کرے۔

واضح رہے کہ امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون کی جانب سے امریکی اخبار کو جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا تھا کہ امریکا نے رواں ماہ کے آغاز پروزیردفاع لائیڈ آسٹن اور ان کے چینی ہم منصب لی سنگفو کے درمیان سنگاپور میں ہونے والے سیکورٹی فورم اجلاس کے موقع پر ملاقات کی درخواست کی تھی۔

جنوبی پنجاب کی متعدد شخصیات کا پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان

0
آئندہ الیکشن میں پیپلز پارٹی کامیاب ہوگی، خورشید شاہ

لاہور: جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والی متعدد بااثر شخصیات نے پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔

پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری سے جنوبی پنجاب کے متعدد رہنماؤں نے ملاقات میں پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے کا اعلان کیا۔ سابق صدر نئے شامل ہونے والوں کو خوش آمدید کہا اور پارٹی مفلر پہنایا۔

اس موقع پر سابق وزیر اعظم یوسف گیلانی، نیئر بخاری، مخدوم احمد محمود اور حسن مرتضیٰ بھی موجود رہے۔
رحیم یار خان، بہاولپور، مظفر گڑھ، راجن پور، بہاونگر، میانوالی، اوکاڑہ، خانیوال کے رہنما پیپلز پارٹی میں شامل ہوئے۔

رسول بخش جتوئی، قطب فرید کریجا، سردار شمشیر مزاری، قائم علی شمسی، سردار اللہ بخش لغاری، پیر جعفر مزمل شاہ، علمدار قریشی، عبدالغفور آرائیں، یاسر عطا قریشی و دیگر نے شمولیت اختیار کی۔

آج اے آر وائی نیوز کو ذرائع نے بتایا تھا کہ جنوبی پنجاب سے پی ٹی آئی چھوڑنے والے 15 سے زائد سابق ایم این ایز اور ایم پی ایز پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کریں گے۔

خیال رہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری دبئی سے لاہور پہنچے ہیں۔ وہ پیپلز پارٹی پنجاب کی قیادت سے ملاقات کریں گے جس میں 9 مئی کے واقعات کے بعد کی صورتحال کے تناظر میں سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا اور آئندہ انتخابات کے حوالے سے بھی مشاورت ہوگی۔

ذرائع نے بتایا تھا کہ آصف علی زرداری کی مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین و دیگر رہنماؤں سے بھی ملاقات کا امکان ہے۔

پیسے کمانے کے لیے اداکاری کرنی پڑتی ہے، ثانیہ سعید

0
ثانیہ سعید

شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ ثانیہ سعید کا کہنا ہے کہ پیسے کمانے کے لیے اداکاری کرنی پڑتی ہے۔

اے آر وائی ڈیجیٹل کے پروگرام ’گڈ مارننگ پاکستان‘ میں سینئر اداکارہ ثانیہ سعید نے شرکت کی اور میزبان ندا یاسر کی جانب سے پوچھے گئے مختلف سوالات کے جوابات دیے۔

ثانیہ سعید نے بتایا کہ لوگ مجھ سے پوچھے تھے کہ آپ نے اتنا پڑھا ہے تو اداکاری کیوں کرتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ’میں کلینیکل سائیکالوجی میں ماسٹرز کررہی تھی لیکن امتحان نہیں دیے تھے میرے پاس ڈگری نہیں ہے لیکن ماسٹرز کے برابر ہی ہے۔‘

اداکارہ نے بتایا کہ حال ہی میں انہوں نے لائف کوچ کا کورس مکمل کیا ہے۔

ثانیہ سعید نے بتایا کہ اداکاری کے ساتھ ساتھ کسی پروجیکٹ میں بیک اسٹیج منیجر ہوتی تھی یا پھر مارکیٹنگ کے معاملات دیکھ رہی ہوتی تھی۔

میزبان ندا یاسر پوچھا کہ اداکاری آپ نے پیسے کمانے کے لیے نہیں کی؟

انہوں نے کہا کہ اب پیسے کمانے کے لیے اداکاری کرنی پڑتی ہے کیونکہ میرے پاس کوئی چوائس نہیں ہے پہلے بہت ہوتی تھی میں جتنے اسکرپٹ سے انکار کرتی تھی اس سے زیادہ میں کام کرلیتی تھی۔

واضح رہے کہ ثانیہ سعید ان دنوں اے آر وائی ڈیجیٹل کے ڈرامہ سیریل ’بندش ٹو‘ میں اداکاری کے جوہر دکھا رہی ہیں، دیگر کاسٹ میں آمنہ الیاس، عفان وحید، اریج محی الدین ودیگر شامل ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما کے بڑے بھائی کے بعد بھتیجا بھی گرفتار

0

لاہور : پنجاب پولیس کی جانب سے نو مئی کے واقعات میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کا سلسلہ جاری ہے، جائے وقوعہ کے آس پاس موجود ہونے کے شواہد ملنے کے بعد چھاپے مارے جارہے ہیں۔

اس حوالے سے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما میاں اسلم اقبال کے بھتیجے حمزہ کو بھی گرفتار کرلیا گیا، پولیس کے مطابق حمزہ اکرم کے موبائل فون کی لوکیشن9مئی کو جناح ہاؤس پر آئی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتاری کے بعد حمزہ اکرم کے موبائل فون کا جائزہ لیا گیا تو وہاں سے ایک جوئے کی بک کا ریکارڈ بھی ملا ہے، سی آئی اے کینٹ نے ملزم کو گرفتار کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔

پولیس کا مزید کہنا ہے کہ حمزہ کے والد میاں اکرم اقبال پہلے ہی گرفتار ہیں، میاں اسلم اقبال جناح ہاؤس پر حملے اور ایک شخص کے قتل میں بھی ملوث ہیں۔

پولیس کا مزید کہنا ہے میاں حمزہ اور میاں اکرم کی نشاندہی پر میاں اسلم اقبال کی گرفتاری کی کوششیں جاری ہیں۔