ہفتہ, مئی 18, 2024
ہوم بلاگ صفحہ 9280

پی آئی اے کی برطانیہ اور یورپ کیلئے براہ راست پروازوں کی بحالی سے متعلق بڑی خبر!

0
پی آئی اے تنظیم نو

کراچی: عالمی ہوابازی کی تنظیم(اکاؤ) آڈٹ کے حوالے سے پاکستان کے دورے پر ہے، ٹیم کل سے فلائٹ انسپکشن کرے گی۔

تفصیلات کے مطابق کامیاب سیفٹی آڈٹ پر قومی ایئرلائن(پی آئی اے) کی یورپ اور برطانیہ کے لیے پروازیں بحال ہوسکتی ہیں، انٹرنیشنل سی اےاےآرگنائزیشن ٹیم کل7دسمبر کو فلائٹ انسپکشن کرے گی۔

اکاؤ کی ٹیم فلائٹ مانیٹرنگ نظام کا بھی جائزہ لے گی۔ ماہرین کی ٹیم کراچی سے اسلام آباد کی پی آئی اے کی فلائٹ کی انسپکشن بھی کرے گی۔

انٹرنیشنل سی اےاےماہرین 29 نومبر سے سیفٹی آڈٹ کے لیے پاکستان پہنچی تھی۔

خیال رہے کہ عالمی ہوابازی کے ادارے اکاؤکی ٹیم 10دسمبر کو سیفٹی آڈٹ کرکے روانہ ہوگی۔ کامیاب سیفٹی آڈٹ پرپی آئی اے کی یورپ اوربرطانیہ کیلئےپروازیں بحال ہوسکتی ہیں۔

عالمی ہوابازی کی تنظیم کے علاوہ برطانوی محکمہ ٹرانسپورٹ DFT کے ماہرین کی ٹیم بھی پی آئی اے کے آڈٹ کے معاملے کا جائزہ لے رہی ہے۔ برطانوی محکمہ ٹرانسپورٹ کی ٹیم نے پی آئی اے کے مختلف شعبوں کا آڈٹ کیا ہے۔

وزیر خارجہ برسلز کے سرکاری دورے پر روانہ

0

اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی برسلز کے سرکاری دورے پر روانہ ہوگئے جہاں وہ پاکستان ای یو اسٹریٹجک ڈائیلاگ کی مشترکہ صدارت کا حصہ ہوں گے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی وفد کے ہمراہ بیلجیئم کے دارالحکومت برسلز کے 3 روزہ سرکاری دورے پر روانہ ہوگئے، وزیر خارجہ چھٹے پاکستان ای یو اسٹریٹجک ڈائیلاگ کی مشترکہ صدارت کا حصہ ہوں گے۔

جون 2019 میں پاکستان اور یورپی یونین میں اسٹریٹجک انگیجمنٹ پلان پر دستخط ہوئے تھے، تاریخی اسٹریٹجک انگیجمنٹ پلان پر دستخط کے بعد یہ ڈائیلاگ کا پہلا اجلاس ہوگا۔

وزیر خارجہ قریشی نیٹو ہیڈ کوارٹرز میں نیٹو سیکریٹری جنرل جینز اسٹولٹن برگ سے بھی ملیں گے جبکہ یورپی ارکان پارلیمنٹ کے ساتھ ملاقات اور تبادلہ خیال کریں گے، وزیر خارجہ بیلجیئم اور لکسمبرگ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی سے بھی ملیں گے۔

وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بیلجیئم میں جمہوریت اور باہمی احترام کے ساتھ دوستانہ مراسم ہیں، دو طرفہ سیاسی، اقتصادی، تجارتی، ثقافتی، تعلیمی اور عوامی روابط میں اضافہ ہوا۔

انہوں نے کہا کہ بیلجیئم یورپی یونین میں پاکستان کا پانچواں بڑا تجارتی شراکت دار ہے، دو طرفہ تجارت کا موجودہ حجم 10.883 بلین امریکی ڈالر ہے۔ ہمارے درمیان روابط کے فروغ اور دو طرفہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔

سانحہ سیالکوٹ: سری لنکن منیجر کی میت سری لنکا روانہ کردی گئی

0

اسلام آباد : سانحہ سیالکوٹ کے مقتول فیکٹری منیجر پریانتھا کمارا کی میت مکمل اعزاز اور احترام کے ساتھ سری لنکا روانہ کردی گئی ، طاہر اشرفی نے کہا دکھ کی گھڑی میں سری لنکن منیجر کی فیملی کے ساتھ ہیں۔

تفصیلات کے مطابق سانحہ سیالکوٹ کے مقتول فیکٹری منیجر پریانتھا کمارا کا جسد خاكى سرى لنكا روانہ کردیا گیا ، علامہ طاہر اشرفی،اعجاز عالم اگسٹن سری لنکا کے اعزازی قونصلر اور وزارت خارجہ کے عملے نے میت کو رخصت کیا، پرواز پنتالیس منٹ کی تاخیر کے بعد روانہ ہوئی۔

ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علامہ طاہر اشرفی کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کی خصوصی ہدایت پر ایئرپورٹ پہنچا ہوں، سری لنکن شہری کی فیملی کے ساتھ کھڑے ہیں اور یقین دلاتے ہیں کہ مقتول کے خاندان کے ساتھ انصاف ہوگا۔

دوسری جانب ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور کا کہنا ہے کہ سیالکوٹ واقعے کی تفتیش آگے بڑھ رہی ہے، جیسے جیسے چیزیں سامنے آئیں گی اس کو سامنے لائیں گے ، وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا تفتیش سائنسی بنیادوں پر ہونی چاہیے۔

وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار اور آئی جی پنجاب تحقیقات کے سارے عمل کی خود نگرانی کر رہے ہیں، وزیراعلی پنجاب نے سیکرٹری پراسکیوشن کو کیس کی مکمل پیروی کرنے کا ٹاسک سونپ دیا ہے۔

یاد رہے گذشتہ روز سری لنکن منیجرکی پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آئی تھی ، پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق پریانتھا کی موت کھوپڑی اور جبڑا ٹوٹنے سے ہوئی۔ رپورٹ میں بھیجا باہر آنے کی تصدیق ہوئی۔

رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ پریانتھا کے جسم کے تمام حصوں پر تشدد کے نشانات ہیں۔ تشدد سے پریانتھا کے ایک پاؤں کےعلاوہ جسم کی تمام ہڈیاں ٹوٹ گئیں۔ جسم ننانوے فیصد حصہ مکمل طور پر جل چکا ہے جبکہ تشدد سے پریانتھا کا دل اور پھیپھڑے بھی متاثرہوئے۔

واضح رہے سیالکوٹ میں واقع وزیرآباد روڈ پر قائم لیدر فیکٹری میں گزشتہ 9 برس سے مینیجر کے عہدے پر کام کرنے والے سری لنکن شہری کو مشتعل ملازمین کے ہجوم نے بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنا کر قتل کیا اور پھر لاش کو آگ لگا دی تھی۔

کرونا مریضوں کی اموات، سرکاری اسپتال کے ڈائریکٹر کو قید کی سزا

0

اردن میں کووڈ 19 کا شکار 10 مریضوں کی اموات پر سرکاری اسپتال کے ڈائریکٹر کو 3 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے، مذکورہ اسپتال میں آکسیجن کی سپلائی معطل ہوگئی تھی۔

مقامی میڈیا رپورٹ کے مطابق اردن کی ایک عدالت نے سلط شہر کے سرکاری اسپتال کے ڈائریکٹر کو کووڈ کا شکار 10 مریضوں کی موت کا سبب بننے کے الزام میں 3 سال قید کی سزا سنائی ہے۔

سرکاری اسپتال کے ڈائریکٹر عبدالرزاق الخشمان اور ان کے 4 معاونین کو ان مریضوں کی موت کا سبب بننے کا مجرم قرار دیا گیا تھا۔

مذکورہ سپتال میں آکسیجن ختم ہوجانے کے بعد مریضوں کی موت ہوئی تھی، اسپتال میں کرونا وائرس میں مبتلا مریضوں کا علاج کیا جا رہا تھا۔

اسپتال کے ڈائریکٹر اور ان کے معاونین کو اس عدالتی فیصلے کے خلاف 10 دن کے اندر اپیل کا حق دیا گیا ہے۔

مارچ 2021 میں کرونا کے باعث ہونے والی ان اموات پر اردنی عوام میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی تھی اور یہ عوامی ردعمل وزیر صحت نذیر عبیدات کے استعفے کا باعث بھی بنا۔

سعودی حکومت کا اقامے کے حوالے سے اہم اقدام

0

ریاض: سعودی محکمہ پاسپورٹ کا کہنا ہے کہ مملکت میں اقامہ کارڈز پر ایکسپائری کی تاریخ ختم کی جاچکی ہے اب اقامہ دوبارہ پرنٹ نہیں ہوتا۔

عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق جوازات نے ایک سوال پر وضاحت کی کہ سعودی عرب میں تارکین کو جاری کیے جانے والے رہائشی پرمٹ کو اقامہ کہا جاتا ہے، اقامہ کارڈ پہلے 5 سال کے لیے جاری کیا جاتا تھا، تاہم دو برس قبل نئے اقامہ کارڈز پرایکسپائری کی تاریخ ختم کردی گئی ہے۔

محکمہ نے بتایا کہ اب اقامے کو دوبارہ پرنٹ نہیں کرنا پڑتا تاہم کارڈ کی تجدید سالانہ بنیادوں پرسسٹم کے ذریعے مقررہ فیس ادا کرنے کے بعد کی جاتی ہے۔

اس سے قبل اقامے کی معیاد ختم ہونے پر کارڈ بھی دوبارہ تیار کیا جاتا تھا لیکن اب ایکسپائری تاریخ ختم کردی گئی ہے بس مقررہ مدت ختم ہونے پر اسی کارڈ کی ہی معیاد بڑھا دی جاتی ہے۔

سعودی قوانین کے تحت مملکت میں ورک ویزے پر رہنے والے کارکن اپنے اقامے کے معاملات کے لیے خود جوازات کے دفتر سے رجوع نہیں کر سکتے بلکہ کیفل اس طرح کے معاملات کو دیکھتا ہے۔

اسپانسر ہی جوازات کے دفتر سے رجوع کر کے کارکن کے اقامہ یا دیگر معاملات کو حل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

البتہ غیر ملکی کارکنوں کو یہ اختیار حاصل ہے کہ وہ اپنی زیر کفالت اہل خانہ کے اقامہ کی تجدید یا دیگر معاملات کے حوالے سے جوازات کے ادارے سے رجوع کر سکتے ہیں۔

سعودی اقامہ ہولڈر مشکل میں گِھر گیا

0

ریاض: سعودی عرب میں مقیم غیرملکی نے اپنے گمشدہ اقامے کے حوالے سے وضاحت طلب کی ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق مملکت کے محکمہ پاسپورٹ وامیگریشن(جوازات) سے ایک شہری نے دریافت کیا کہ میرا اقامہ کارڈ گم ہوگیا ہے دوسرا کارڈ حاصل کرنے کا طریقہ کار کیا ہے، کیا اس کے لیے جرمانہ ادا کرنا ہوگا؟۔

جوازات نے وضاحت کی کہ اقامہ کارڈ گم ہونے پر دوسرا کارڈ حاصل کرنے کے لیے جرمانہ ادا کرنا ہوتا ہے جس کی رقم ایک ہزار ریال ہے، پہلے اقامے کی گمشدگی کی اطلاع متعلقہ ادارے کو دیں۔

جوازات کے دفتر کے علاوہ جہاں کارڈ گم ہوا ہوا وہاں علاقے کے پولیس اسٹیشن میں بھی اقامہ گمشدگی کی رپورٹ درج کرائی جاسکتی ہے، جرمانے کی ادائیگی اورجوازات کو مطلع کرنے کے بعد اقامہ ہولڈر کے اسپانسر کی جانب سے جوازات کو درخواست دینا ہوتی ہے۔

جوازات کو دی جانے والی درخواست کے ساتھ جس شخص کا اقامہ گم ہوا ہے ان کے پاسپورٹ اور گمشدہ اقامہ کی کاپی ( اگردستیاب ہو) بھی لگانا ہوتی ہے۔

سعودی محکمہ پاسپورٹ کے ادارے میں اقامہ گم ہونے پردوسرا کارڈ حاصل کرنے کے لیے مقررہ فارم موجود ہوتا ہے جسے بھرکر مذکورہ درخواست اور پاسپورٹ کی فوٹو کاپی کے ساتھ منسلک کیا جاتا ہے۔

بعد ازاں اقامے کی مدت کے حساب سے پیشگی فیس ادا کرنی ہوتی ہے اور پھر کارڈ بن کر موصول ہوجاتا ہے۔

برطانوی وزیر بھی وزیر اعظم عمران خان کے بلین ٹری منصوبے کے معترف نکلے

0

لندن : برطانوی وزیر موسمیاتی تبدیلی و جنگلات زیک گولڈ اسمتھ بھی وزیر اعظم عمران خان کے بلین ٹری منصوبے کے معترف نکلے۔

تفصیلات کے مطابق گورنر پنجاب چوہدری محمدسرور کی برطانوی وزیرموسمیاتی تبدیلی و جنگلات زیک گولڈاسمتھ سے ملاقات ہوئی ، ملاقات میں افغانستان، خطے کی صورتحال، موسمیاتی تبدیلی اوردیگر ایشوز پربات چیت کی گئی۔

زیک گولڈ سمتھ وزیر اعظم عمران خان کے بلین ٹری منصوبے کے معترف ہوگئے اور افغانستان سےمتعلق پاکستان کےکردار کو سراہا۔

گورنر پنجاب نے کہا افغانستان کواکیلا چھوڑنا تاریخی غلطی ہوگی ،خوفناک نتائج نکلیں گے، برطانیہ سمیت پوری دنیا کو افغان عوام کی غیر مشروط امداد کر نا ہوگی۔

یاد رہے امریکا، فرانس، پیرس کی عالمی ماحولیاتی تنظیموں کےنمائندوں نے وزیر اعظم کو تعریفی خط ارسال کیا تھا، جس میں عالمی تنظیموں نے بلین ٹری منصوبے کی بنیاد پر وزیراعظم عمران خان کو عالمی لیڈر قرار دیا۔

خط میں کہا گیا تھا کہ ماحولیات سےمتعلق وزیراعظم عمران خان کی کوششیں دنیا کے لیے مثالی ہیں۔

فورٹ نائٹ کھیلنے والوں کے لیے خوشخبری

0

مقبول آن لائن ویڈیو گیم فورٹ نائٹ کا چیپٹر 3 صارفین کے لیے پیش کردیا گیا، تیسرے چیپٹر میں کئی تبدیلیاں پیش کی گئی ہیں۔

بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق دنیا بھر میں مقبول گیم فورٹ نائٹ کا چیپٹر 3 کو جاری کرنے کا سلسلہ شروع ہوگیا جس میں چند بڑی تبدیلیوں کو بیٹل رائل میں متعارف کرایا گیا ہے۔

گیم کو تیار کرنے والی کمپنی ایپک نے چیپٹر 3 کے پہلے سیزن کو جاری کیا جس کا نام فلپڈ رکھا گیا ہے اور سب سے بڑی ڈرامائی تبدیلی برف سے ڈھکے جزیرے کی ہے جس میں موسم کے کنڈیشنز کا فیچر بھی ہے۔

جو صارفین نئے بیٹل پاس کو منتخب کریں گے وہ گیم کے نئے حصے کے کرداروں جیسے اسپائیڈر مین اور دی راک وغیرہ تک رسائی حاصل کرسکیں گے۔

اسی طرح گیم پلے کے بنیادی حصوں کو بھی کافی حد تک بدلا گیا ہے اور چیپٹر 3 میں 2 نئی مشینیں سلائیڈنگ اور سوئنگنگ سے بھی لیس کیا ہے۔ کمپنی کے مطابق اس سے گیم زیادہ تیز اور زیادہ ورٹیکل ہوجائے گی بالخصوص ہائی لیول پلیئرز کے لیے۔

جو افراد گیم کے کریٹیو موڈ میں وقت گزارتے ہیں ان کے لیے بیٹل پاس کا ایک آپشن بھی دستیاب ہوگا۔

ایپک نے کچھ عناصر کا تسلسل برقرار رکھا ہے اور کمپنی کے مطابق نئے چیپٹر میں کیمپس کو لایا جارہا ہے جہاں کھلاڑی اپنے اسکواڈ کے زخموں کا علاج اور اشیا کو اسٹور کرسکیں گے۔

صارفین ایک نئے وکٹری کراؤن کو نئے ہتھیاروں اور اشیا سے جیت سکیں گے۔

سعودی عرب کا حج اور عمرے پر آنے والوں کیلئے بڑا اعلان

0

ریاض : سعودی عرب نے روسی کورونا ویکسین اسپوتنک وی کی 2خوراکیں لگوانے والوں کو حج، عمرہ اور مختصر وزٹ کی اجازت دے دی۔

تفصیلات کے مطابق سعودی عرب نے مملکت میں آنے والے افراد کو مزید سہولت فراہم کرتے ہوئے روسی ویکسین اسپوتنک وی کی2خوراکیں لگوانے پرحج عمرہ اورمختصر وزٹ کی اجازت دے دی۔

سعودی محکمہ صحت عامہ کا کہنا ہے کہ فیصلے پرعملدرآمد یکم جنوری 2022 سے ہوگا ، جس کے بعد دنیا بھر سے روسی ویکسین لگوانے والے مسلمان اب سعودی عرب جاسکیں گے۔

اس سے قبل سائنو ویک اورسائنو فام کی دونوں خوراکیں لگوانےوالوں کویکم دسمبر سے آنےکی اجازت ہے تاہم  انہیں مملکت آنے پر پانچ دن قرنطینہ میں گزارنے ہوں گے۔

محکمہ صحت عامہ نے مزید کہا کہنا کہ ’مملکت کے سفر پر روانہ ہونے سے قبل ’قدوم‘ پلیٹ فارم پر وزیٹر کو اندراج کرانا ہوگا‘، علاوہ ازیں سفر کے وقت ایئرلائن کو آن لائن یا دستاویز کی صورت میں ویکسین لینے کا ثبوت پیش کرنا ہوگا۔

حکام کے مطابق ویکسین شدہ افراد کو سعودی عرب پہنچنےپرپی سی آر ٹیسٹ اور 48 گھنٹے قرنطینہ کرنا ہوگا۔

کورونا وائرس : بوسٹر ڈوز کیلئے کون سی ویکسین مؤثر قرار

0

یہ ابھی ثابت نہیں ہوا کہ کورونا ویکسین کی تیسری خوراک وائرس کی نئی قسم سے بچاؤ میں کتنی مؤثر ثابت ہو گی تاہم طبی ماہرین اومیکرون کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ویکسین کی تیسری خوراک کو ضروری قرار دے رہے ہیں۔

ماہرین نے تیسری خوراک کے لیے "مکس اور میچ” کو بے ضرر قرار دیا ہے۔ امریکی ادارے سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول کے مطابق بوسٹر شاٹ کے لیے کوئی بھی ویکسین استعمال کی جا سکتی ہے، یعنی یہ ضروری نہیں کہ جس ویکسین کی پہلی دو یا ایک خوراک لی گئی، بوسٹر شاٹ بھی اسی کا ہو۔

برطانیہ میں سرکاری سطح پر کی گئی تحقیق کے مطابق طبّی ماہرین سمجھتے ہیں کہ وقت گزرنے کے ساتھ زیادہ تر ویکسینوں کا مدافعتی اثر زائل یا کم ہونا شروع ہو جاتا ہے۔ کوویڈ19 ویکسین کی تیسری خوراک سے جسم میں مدافعت بڑھے گی اور وائرس کے خلاف لڑنے کی صلاحیت میں اضافہ ہوگا۔

برطانیہ میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ کوویڈ ویکسین کی اضافی خوراک جسم کے مدافعتی دفاع کو ڈرامائی حد تک مضبوط کردیتی ہے۔

کوو بوسٹ ٹرائل نامی اس تحقیق میں 3 ہزار کے قریب ایسے افراد شامل کیے گئے تھے جن کو7 میں سے ایک کووڈ بوسٹر ڈوز استعمال کرایا گیا تھا یا ایسٹرا زینیکا یا فائزر ویکسین کی دوسری خوراک کے استعمال کے2 سے3 ماہ بعد ایک کنٹرول ویکسین دی گئی۔

تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ جن افراد کو ایسٹرا زینیکا ویکسین کی دو خوراکوں کے بعد بوسٹر ڈوز کے طور پر فائزر ویکسین استعمال کرائی گئی ان میں وائرس ناکارہ بنانے والی اینٹی باڈیز کی سطح میں کنٹرول گروپ کے مقابلے میں ایک ماہ بعد لگ بھگ 25 گنا اضافہ ہوگیا۔

اسی طرح فائزر کی دو خوراکیں استعمال کرنے والے افراد کو تیسرا ڈوز بھی اسی ویکسین کا دیا گیا تو اینٹی باڈیز کی سطح میں 8 گنا سے زیادہ اضافہ ہوگیا۔

مگر تحقیق میں بہترین خوراک موڈرنا ویکسین کو قرار دیا گیا جس کے استعمال سے ایسٹرا زینیکا گروپ کے افراد میں اینٹی باڈیز کی سطح میں 32 گنا جبکہ فائزر گروپ میں 11 گنا اضافہ ہوا۔

اگرچہ تحقیق کے نتائج سے ثابت ہوا کہ فائزر اور موڈرنا ایم آر این اے ویکسینز بوسٹر کے طور پر بہت زیادہ مؤثر ہیں مگر ماہرین نے انتباہ کیا کہ دونوں کا موازنہ کرنا درست نہیں۔

مثال کے طور پر فائزر ویکسینز استعمال کرنے والے افراد میں چند ماہ بعد بھی اینٹی باڈیز کی سطح کافی حد تک زیادہ تھی تو بوسٹر سے بہت زیادہ اضافہ نہیں ہوسکا۔

محققین نے بتایا کہ یہ حیران کن حد تک بوسٹر ویکسینز ہیں، جن کی ہسپتال میں داخلے اور موت کی روک تھام کے لیے ضرورت ہے۔

انہوں نے بتایا کہ تیسری خوراک کے استعمال کے بعد مضر اثرات مختلف تھے مگر بیشتر افراد نے تھکاوٹ، سردرد یا انجیکشن کے مقام پر تکلیف کو رپورٹ کیا جبکہ کسی قسم کے سنگین اثرات مرتب نہیں ہوئے۔

اینٹی باڈیز سے ہٹ کر محققین نے بوسٹر ڈوز کے ٹی سیلز پر اثرات کی بھی جانچ پڑتال کی۔ ٹی سیلز مدافعتی نظام کا ایک اور اہم پہلو ہے جسے امراض کی سنگین شدت کی روک تھام سے منسلک کیا جاتا ہے۔

بیشتر بوسٹرز بشمول فائزر، موڈرنا اور ایسٹرا زینیکا سے ٹی سیلز کی سطح میں اضافہ ہوا چاہے رضاکاروں نے ابتدائی 2 خوراکیں کسی بھی ویکسین کی استعمال کی ہوں۔ تحقیق میں بتایا گیا کہ ٹی سیلز کا ردعمل بیٹا اور ڈٰلٹا اقسام کے خلاف بھی اوریجنل وائرس جتنا ہی ٹھوس تھا۔

محققین نے کہا کہ ہماری توقع ہے کہ بوسٹر ڈوز سے کورونا کی نئی قسم اومیکرون سے متاثر ہونے پر ہسپتال میں داخلے اور موت سے ٹھوس تحفظ ملے گا۔

تحقیق میں یہ بھی بتایا گیا کہ لوگوں کو بوسٹر ڈوز کے لیے ابتدائی ویکسینیشن کے بعد 3 سے 6 ماہ تک انتظار کرنا چاہیے۔

تحقیق میں ایسٹرا زینیکا کو بھی مؤثر بوسٹر قرار دیا گیا جس سے اینٹی باڈیز کی سطح میں 3 سے 5 گنا اضافہ دیکھنے میں آیا۔ اس تحقیق کے نتائج طبی جریدے لانسیٹ میں شائع ہوئے۔