ہوم بلاگ صفحہ 9457

لوگوں کو جعلی دستاویزات پر بیرون ملک بھجوانے میں ملوث ایف آئی اے کے 2ملازمین برطرف

0

اسلام آباد : ڈائریکٹرایف آئی اے اسلام آبادزون نے لوگوں کو جعلی دستاویزات پربیرون ملک بھجوانے میں ملوث 2ملازمین کو برطرف کردیا۔

تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر ایف آئی اے اسلام آباد زون وقار احمد چوہان نے ایف آئی اے اسلام آباد میں خود احتسابی کا عمل تیز بناتے ہوئے دو ملازمین کو ملازمت سے برطرف کر دیا۔

ایف آئی اے امیگریشن اسلام آباد ایئرپورٹ کے کرپشن میں ملوث 2 ملازمین کو برطرف کیا گیا ، برطرف ملازمین لوگوں کو جعلی دستاویزات پر بیرون ملک بھجوانے میں ملوث پائے گئے۔

برطرف ملازمین کے خلاف مقدمات بھی درج کیے گئے تھے، بعداز مکمل انکوائری اور انکوائری آفیسر کی رپورٹ پر برطرف کیا گیا۔

ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ برطرف ملازمین کو اپنے حق میں صفائی پیش کرنے کا پورا موقع دیا گیا لیکن ملازمین اپنے اوپر لگائے گئے الزامات کا کوئی تسلی بخش جواب پیش نہ کر سکے تھے۔

ڈائریکٹر ایف آئی اے نے مزید کہا کہ تحقیقات کا دائرہ کار مزید وسیع کرتے ہوئے جعلی سفری دستاویزات بنانے والے ایجنٹس کے خلاف بھی تحقیقات شروع کر دی گئی۔

وقار احمد چوہان کا کہنا تھا کہ کرپشن کرنے والے ملازمین کے لیے ایف آئی اے میں زیرو ٹالرنس رہے گی۔

کرونا وبا کے بعد ریلیز ہونے والی پہلی پاکستانی فلم کا ٹیزر جاری

0

سوال کرنا کیوں‌ نہیں آتا ہمیں، کیوں‌ ایک جھوٹے الزام کا بوجھ اپنے سینے پر اٹھائے پھر رہے ہیں؟ کرونا وبا کے بعد ریلیز ہونے والی پہلی پاکستانی فلم کا ٹیزر جاری ہو گیا۔

فلم والا پکچرز نے اپنی نئی فلم ‘کھیل کھیل میں’ کا ٹیزر جاری کر دیا، یہ فلم 19 نومبر کو ملک بھر کے سینیما گھروں کی زینت بنے گی۔

فلم کی مرکزی کاسٹ میں بلال عباس خان، سجل علی، جاوید شیخ، منظر صہبائی اور مرینہ خان شامل ہیں۔

ملک بھر کے سینیما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جانے والی فلم ‘کھیل کھیل میں’ پہلی پاکستانی فلم ہے جو کرونا وبا کے بعد ریلیز کی جا رہی ہے۔

اے آر وائی ڈیجیٹل اور اے آر وائی نیوز اس فلم کے میڈیا پارٹنرز ہیں۔

فلم کا ٹیزر خاصا دل چسپ ہے، کشمکش سے بھرپور جھلکیاں بتا رہی ہیں کہ پاکستانی فلم انڈسٹری میں برسوں بعد ایک اچھی فلم آنے جا رہی ہے۔

سجل علی ایک آڈیٹوریم میں کھڑے ہو کر کہتی ہے:

سوال کرنا کیوں‌ نہیں آتا ہمیں؟

کیوں‌ ایک جھوٹے الزام کا بوجھ اپنے سینے پر اٹھائے پھر رہے ہیں؟

کیوں‌ نہیں‌ پوچھتے کہ آخر ہوا کیا تھا؟

یا ہم بھی اسی چال کا حصہ بن گئے جو دشمن نے چلی تھی؟

فلم کی ریلیز میں اب زیادہ دن نہیں رہے، 19 نومبر کو اپنے قریبی سینیما کا رخ ضرور کریں۔

کورونا وائرس : طالبان کا روس سے ویکسین لینے کا عندیہ

0

کابل : طالبان کی جانب سے افغانستان کی عبوری حکومت کے وزیر صحت قلندر عباد نے کہا ہے کہ طالبان جنہوں نے حال ہی میں افغانستان میں حکومت بنائی ہے روس کی کوویڈ19ویکسینز کی فراہمی میں دلچسپی رکھتے ہیں۔

طالبان وزیر صحت نے زور دے کر کہا کہ ہر وہ چیز جو وبائی مرض سے لڑنے اور ہمارے شہریوں کی صحت کو مضبوط بنانے میں مدد کرتی ہے ہمارے لیے بہت اہمیت کی حامل ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم روس کے ساتھ ساتھ دوسرے ملک سے بھی ویکسین حاصل کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں جو اس شعبے میں ہماری مدد کرنا چاہتا ہے۔ ان کا کہنا تھا ہم فی الحال روسی ویکسین میں دلچسپی رکھتے ہیں اور اس پر کام کر رہے ہیں۔

میٹا اسمارٹ واچ جو تصاویر اور ویڈیوز لے سکے گی

0

مارک زکر برگ کی کمپنی میٹا (پرانا نام فیس بک) ایسی اسمارٹ واچ تیار کررہی ہے جو تصاویر اور ویڈیوز لینے کی صلاحیت رکھتی ہوگی۔

بلومبرگ کی رپورٹ میں میٹا اسمارٹ واچ کی ایک تصویر لیک کی گئی ہے جس میں یہ ڈیوائس ایپل واچ سے ملتی جلتی نظر آتی ہے، میٹا واچ میں ڈسپلے پر نوچ میں ایک کیمرا موجود ہے۔

ایپ ڈویلپر اسٹیو موسر نے یہ تصویر کمپنی کی اس ایپ میں دریافت کی جو رے بین اسٹوریز اے آر سن گلاسز کو کنٹرول کرنے کے لیے استعمال کی جاتی ہے۔ اس سے یہ عندیہ بھی ملتا ہے کہ اسی ایپ کو مستقبل میں یہ نئی اسمارٹ واچ کنٹرول کرنے کے لیے بھی استعمال ہوسکے گی۔

راؤنڈ کارنر اور ایک کیمرے کے علاوہ یہ اسمارٹ واچ اسٹین لیس اسٹیل کیسنگ اور ڈی اٹیچ ایبل اسٹریپ سے لیس نظر آتی ہے۔

رپورٹ کے مطابق ایپ کے کوڈ سے عندیہ ملا ہے کہ اس ڈیوائس کو میلان کا نام دیا جاسکتا ہے، جس سے ویڈیوز اور تصاویر لی جاسکیں گی جن کو کسی فون میں ڈاؤن لوڈ کیا جاسکے گا۔

بلومبرگ نے بتایا کہ میٹا کو توقع ہے کہ ایک اسمارٹ واچ 2022 تک متعارف کرائی جاسکتی ہے مگر ابھی سب کچھ طے نہیں ہوسکا ہے۔

مختلف رپورٹس کے مطابق فیس بک کی سرپرست کمپنی کی جانب سے پہلے ہی پراڈکٹ کی 3 جنریشن پر کام کیا جارہا ہے جن کو مختلف اوقات میں ریلیز کیا جائے گا۔

ابھی یہ بھی واضح نہیں کہ لیک تصویر ان میں سے کسی ایک اسمارٹ واچ کی ہے یا اسے لانچ بھی کیا جائے گا یا نہیں۔

پاکستان نے نریندر مودی کو فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت دے دی

0

اسلام آباد : پاکستان نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت دے دی ، اٹلی آنے اور جانے کے لیے فضائی حدود کے استعمال کی اجازت مانگی گئی تھی۔

تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو پاکستانی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت دے دی۔

اس حوالے سے سول ایوی ایشن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ بھارتی طیارے کی پاکستانی فضائی حدوداستعمال کرنےکی اجازت مانگی گئی تھی، بھارتی وزیراعظم کے اٹلی آنے اور جانے کے لیے فضائی حدود استعمال ہوگی۔

گذشتہ روز بھارت کا مسافر طیارہ شارجہ جانے کیلئے پاکستانی فضائی حدود میں آگیا تھا ، پائلٹ نے داخل ہونے سے قبل پاکستانی حکام سے اجازت طلب کی۔

اس حوالے سے ذرائع کا کہنا تھا کہ بھارتی طیارے نے سری نگر سے شارجہ کیلئے اڑان بھری تھی، ایئر بس 320نے دوران پرواز پاکستان کی فضائی حدود کو بھی استعمال کیا۔

ترجمان سی اے اے کا کہنا تھا کہ بھارتی طیارے کی جانب سے خصوصی اجازت طلب کی گئی تھی، سی اے اے نے بھارتی طیارے کی درخواست پر پاکستان کی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت دی۔

وزیراعظم کا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نہ کرنے کا فیصلہ

0

اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا ، اوگرا نے یکم نومبرسےپیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانےکی تجویزدی تھی۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نہ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے اوگرا اور وزارت خزانہ کیجانب سے قیمتوں میں اضافے کی تجاویزمسترد کردی۔

وزیراعظم آفس کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے فیصلہ قومی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا، حکومت عوام کےریلیف کوترجیح دےرہی ہے اور عوام پرپڑنے والے بوجھ کو حکومت خودبرداشت کررہی ہے۔

یاد رہے اوگرا نے یکم نومبرسے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانے کی تجویزدی تھی، وزارت خزانہ ذرائع کا کہنا تھا کہ پٹرول میں ساڑھے 6 روپے فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت میں 8 روپے فی لیٹر اضافے کی سفارش کی تھی۔

ذرائع کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل پٹرولیم اور جی ایس ٹی پر انحصار کرے گی ، اس وقت فی لیٹر پیٹرول پر لیوی 5 روپے 62 پیسے اور ڈیزل پر لیوی 5 روپے 14 پیسے فی لیٹر ہے۔

قیمتیں بڑھنے کی وجوہات 26 اکتوبر تک ڈالر اور خام تیل قیمتوں میں اضافہ ہے ، حتمی فیصلہ وزارت خزانہ وزیر اعظم کی مشاورت سے کرے گا۔

یاد رہے وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 9 روپے سے 12روپے تک اضافہ کیا تھا، حکم نامہ کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 10 روپے 49 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا، جس کے پیٹرول کی نئی قیمت 137 روپے 79 پیسے ہوگئی۔

کرونا ویکسین کی افادیت کچھ ماہ میں کم ہوجاتی ہے

0

کووڈ 19 کی ویکسی نیشن اس بیماری سے تحفظ کے لیے نہایت ضروری ہے تاہم اب ایک تحقیق میں پتہ چلا ہے کہ ویکسی نیشن کے کچھ ماہ بعد اس کی افادیت میں کمی ہوجاتی ہے۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق ایک نئی تحقیق میں پتہ چلا کہ کرونا وائرس کی قسم ڈیلٹا کے خلاف ہر عمر کے افراد میں ویکسین کی دوسری خوراک کے بعد بننے والی مدافعت چند ماہ میں گھٹ جاتی ہے۔

طبی جریدے نیو انگلینڈ جرنل آف میڈیسن میں شائع تحقیق میں اسرائیل میں 11 سے 31 جولائی کے دوران کووڈ 19 سے متاثر ہونے والے افراد کے ڈیٹا کی جانچ پڑتال کی گئی۔

اسرائیل کے تمام شہریوں کی فائزر سے ویکسی نیشن جون 2021 سے مکمل ہوگئی تھی۔

ماہرین نے دریافت کیا کہ 60 سال یا اس سے زائد عمر کے ایسے افراد جن کی ویکسی نیشن جنوری 2021 میں ہوئی تھی، ان میں کووڈ کا خطرہ مارچ میں ویکسی نیشن کرانے والے افراد کے مقابلے میں زیادہ ہوتا ہے۔

اسی طرح 2021 کے آغاز میں ویکسی نیشن کروانے والے افراد میں مارچ یا اپریل میں ویکسین استعمال کرنے والوں کے مقابلے میں بیماری کا خطرہ زیادہ دریافت ہوا۔

اس سے قبل اکتوبر 2021 کے آغاز میں مختلف طبی تحقیقی رپورٹس میں بھی عندیہ دیا گیا تھا کہ فائزر / بائیو این ٹیک کی تیار کردہ کووڈ 19 ویکسین سے بیماری کے خلاف ملنے والے تحفظ کی شرح ویکسی نیشن مکمل ہونے کے 2 ماہ بعد گھٹنا شروع ہوجاتی ہے، تاہم بیماری کی سنگین شدت، اسپتال میں داخلے اور اموات کے خلاف ٹھوس تحفظ ملتا ہے۔

یہ کیا لیول ہے بھائی آصف علی؟ علی ظفر بھی گرویدہ ہوگئے

0

لاہور : ورلڈ ٹی ٹوئنٹی2021 میں افغانستان کیخلاف شاندار کامیابی اور ایونٹ میں مسلسل تیسری فتح کے بعد ہر پاکستانی خوشی سے سرشار ہے اور آصف علی کی کارکردگی پر ان کو خراج تحسین پیش کررہا ہے۔

اسی جذبے سے سرشار پاکستان کے معروف گلوکار و اداکار علی ظفر نے ٹیم پاکستان کیلئے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا اور خصوصاً آصف علی کی کارکردگی کو سراہا۔

پاکستان کرکٹ ٹیم نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد افغانستان کو 5 وکٹوں سے شکست دی تو سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر سیاسی و سماجی شخصیات کی جانب سے مبارک بادوں کا تانتا بندھ گیا۔

آصف علی نے پاور ہٹنگ کا شاندار مظاہرہ کیا جس پر وزیراعظم عمران خان نے ٹیم کو مبارکباد دی، اس کے علاوہ گلوکار و اداکار علی ظفر بھی اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور آصف علی کی تعریف میں ایک آڈیو پیغام ٹوئٹر پر جاری کیا۔

علی ظفر نے کہا کہ "یہ کانفیڈنس کا کیا لیول ہے بھائی آصف علی” ایک بندہ کریز پر آتا ہے سنگل نہیں لیتا اور کہتا ہے کہ بھائی حاضر ہے اور پھر ٹھک ٹھک ٹھک چار چھکے مار کر میچ جتوا دیتا ہے کوئی ڈاؤٹ نہیں اس کے دماغ میں، یہ کیا لیول ہے بھائی۔‘

این سی او سی کا بہترین ویکسین شدہ شہروں میں معاملات زندگی معمول پر لانے کا فیصلہ

0

اسلام آباد : نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے اسلام آباد ،منڈی بہاؤ الدین گلگت ،میرپور کو بہترین ویکسین شدہ شہر قرار دیتے ہوئے شہروں میں معاملات زندگی معمول پر لانے کا فیصلہ کرلیا ۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اسدعمرکی زیرصدارت این سی او سی کا اجلاس ہوا ، اجلاس میں کوروناوائرس اور مختلف شہروں کی ویکسی نیشن کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا‌۔

این سی او سی نے اسلام آباد ،منڈی بہاؤ الدین گلگت ،میرپور کو بہترین ویکسین شدہ شہر قرار دیتے ہوئے کہا ان شہروں میں60 فیصد آبادی کی ویکسی نیشن کرلی گئی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے اعلیٰ کارکردگی پرشہروں میں معاملات زندگی درجہ بدرجہ معمول پر لانے کا فیصلہ کیا۔

این سی او سی نے 40 سے 60 فیصدآبادی کو ویکسین لگا کر راولپنڈی ، جہلم سمیت پشاور، غذر،کرمنگ، اسکردو، ہنزہ، باغ اوربھمبر کو  اچھے  ویکسین شدہ شہر  قرار  دیا۔

این سی اوسی کا کہنا تھا کہ بہترین ویکسین شدہ شہروں میں نافذ اضافی پابندیاں ہٹادی گئیں ہیں اور ان شہروں میں سفرمیں مسافروں کی تعداد کو 100 فیصد کردیا گیا ہے۔

نیشنل کمانڈ ایںڈ آپریشن سینٹر کے مطابق اچھےاور کم ویکسین شدہ شہروں میں مسافروں کی تعداد کو 80 فیصد تک رکھاگیاہےاور ان شہروں میں پابندیاں 15 نومبر تک برقراررکھنے کا فیصلہ کیا یے۔

اچھے اورکم ویکسین شدہ شہروں میں اجتماعات میں 500 اور 300افراد کی حد برقرار رہے گی تاہم سہولیات کا تسلسل مکمل ویکسین لگوانے اور ماسک کے لازمی استعمال سے مشروط ہے۔

اجلاس میں کہا گیا کہ 16 نومبر کو این سی او سی اپنےاجلاس میں ان فیصلوں پرنظر ثانی کرےگا ، اس ضمن میں تمام صوبوں کوتفصیلی ہدایات ارسال کر دی گئی ہیں۔

این سی او سی وبا کا مستقل جائزہ لیتا رہے گا اور ضرورت پرمطلوبہ پابندیوں کےنفاذ سےمتعلق احکامات جاری کرے گا۔

پاکستان اسٹاک مارکیٹ: 100 انڈیکس میں 600 سے زائد پوائنٹس کا اضافہ

0
اسٹاک مارکیٹ

کراچی: پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں گزشتہ ہفتے 100 انڈیکس میں 600 سے زائد پوائنٹس کا اضافہ دیکھا گیا جبکہ اس دوران 1 ارب شیئرز کا کاروبار ہوا۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ ہفتے پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مثبت رجحان رہا، ایک ہفتے میں 100 انڈیکس میں 606 پوائنٹس کا اضافہ ہوا۔

25 سے 29 اکتوبر 2021 کے دوران 100 انڈیکس 600 سے زائد پوائنٹس اضافے کے بعد 46 ہزار 148 پوائنٹس پر بند ہوا۔

ایک ہفتے کے دوران 100 انڈیکس کی ہفتہ وار بلند ترین سطح 46 ہزار 287 رہی جبکہ کم ترین سطح 45 ہزار 211 پوائنٹس رہی۔

ایک ہفتے کے دوران 34 ارب روپے مالیت کے ایک ارب شیئرز کا کاروبار کیا گیا، جبکہ مارکیٹ کیپٹلائزیشن 89 ارب روپے بڑھ کر 7 ہزار 953 ارب روپے رہی۔

اس سے قبل 18 سے 22 اکتوبر 2021 کے دوران 100 انڈیکس میں 756 پوائنٹس کا اضافہ دیکھا گیا تھا جس کے بعد انڈیکس 45 ہزار 578 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔

گزشتہ ہفتے کے دوران 100 انڈیکس کی بلند ترین سطح 46 ہزار 162 پوائنٹس جبکہ کم ترین سطح 44 ہزار 432 پوائنٹس رہی تھی۔