اتوار, جون 29, 2025
ہوم بلاگ صفحہ 9667

لڑکیوں کے اسکول دوبارہ کھولیں، اقوام متحدہ کا طالبان سے پُر زور مطالبہ

0

نیویارک: اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے افغانستان کی طالبان حکومت سے پُر زور مطالبہ کیا ہے کہ لڑکیوں کے اسکول دوبارہ کھولے جائیں، اور خواتین کے خلاف پالیسیاں واپس لی جائیں۔

تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے طالبان سے افغانستان میں خواتین اور لڑکیوں کو نشانہ بنانے والی پالیسیوں کو واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے، فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق سلامتی کونسل نے منگل کو افغانستان میں ’انسانی حقوق کی بڑھتی ہوئی خلاف ورزیوں‘ پر اظہار تشویش کیا۔

سلامتی کونسل کے بیان میں این جی اوز کے لیے کام کرنے والی خواتین پر پابندی کی بھی مذمت کی گئی، بیان میں کہا گیا کہ پابندیاں طالبان کی جانب سے افغان عوام کے ساتھ کیے گئے وعدوں کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی برادری کی توقعات سے بھی متصادم ہیں۔

یو این سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے خواتین اور لڑکیوں پر حالیہ پابندیوں کو ’غیر منصفانہ اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ انھیں منسوخ کیا جانا چاہیے۔

افغانستان بھر میں یونیورسٹیز کے باہر طالبات کے مظاہرے

اس سے قبل منگل کو اقوام متحدہ نے خبردار کیا تھا کہ ایسی پالیسیوں کے ’خوف ناک‘ نتائج سامنے آئیں گے، انسانی حقوق کے ہائی کمشنر وولکر ترک نے ایک بیان میں کہا کہ ’خواتین اور لڑکیوں پر لگائی جانے والی یہ ناقابل تصور پابندیاں نہ صرف تمام افغانوں کے مصائب میں اضافہ کریں گی، بلکہ مجھے خدشہ ہے کہ یہ افغانستان کی سرحدوں سے باہر بھی خطرے کا باعث بنیں گی۔

انھوں نے کہا کہ ان پالیسیوں سے افغان معاشرے کو عدم استحکام کا خطرہ ہے۔

لیاری گینگ وار کے انتہائی مطلوب دہشت گرد گرفتار

0

کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں سندھ پولیس کو انتہائی مطلوب دہشت گرد شکیل کمانڈو اور ندیم کمانڈو گرفتار کرلیے گئے، دونوں دہشتگردوں کا تعلق لیاری گینگ وار سے ہے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے لیاری میں رینجرز اور پولیس نے خفیہ اطلاع پر مشترکہ کارروائی کی، کارروائی میں سندھ پولیس کو انتہائی مطلوب دہشت گردوں شکیل کمانڈو اور ندیم کمانڈو کو گرفتار کرلیا گیا۔

ترجمان رینجر کا کہنا ہے کہ گرفتار دونوں دہشتگردوں کا تعلق لیاری گینگ وار سے ہے، ندیم کمانڈو کے سر پر 10 لاکھ روپے کا انعام مقرر تھا۔

ترجمان کے مطابق ملزمان قتل، اقدام قتل، بھتہ خوری، پولیس اور دیگر مقابلوں میں ملوث تھے، ملزمان سے اسلحہ اور ایمونیشن بھی برآمد کر لیا گیا تھا۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ دونوں ملزمان کراچی آپریشن کے دوران ایران فرار ہو گئے تھے، بعد ازاں کراچی واپس آ کر اپنا نیٹ ورک بحال کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔

گرفتار ملزمان کو مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔

شدید دھند کے باعث کئی پروازیں منسوخ کردی گئیں

0

پنجاب بھر میں شدید دھند کا راج ہے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بھی حد نظر انتہائی کم ہونے کے باعث کئی پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق لاہور سمیت پنجاب بھر میں گزشتہ کئی روز سے شدید دھند کا راج برقرار ہے جس نے معمولات زندگی درہم برہم کردیے ہیں۔ علامہ اقبال ایئرپورٹ پر بھی دھند چھائی ہوئی ہے اور حد نگاہ انتہائی کم ہوکر صرف 50 میٹر تک رہ گئی ہے جس کے باعث کئی ملکی اور بین الاقوامی پروازوں کو آج بھی منسوخ کردیا گیا ہے۔

ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق استنبول سے لاہور اور لاہور سے استنبول جانے والی پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ اسی طرح مسقط جانے والی غیر ملکی ایئر لائن کی پرواز ڈبلیو وائی 342 کو بھی منسوخ کر دیا گیا ہے۔

کراچی سے لاہور اور لاہور سے کراچی جانے والی پروازیں بھی منسوخ کردی گئی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: شدید دھند نے ٹرینوں کی رفتار بھی سست کردی، گھنٹوں کی تاخیر

دبئی سےآنے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے203 دس گھنٹے تاخیر کا شکار ہے جب کہ دبئی سے ہی آنے والی پی آئی اے کی ایک اور پرواز پی کے 204 کو جمعرات کی صبح 4 بجے آپریٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

دبئی میں‌ جوڑے کی ویڈیو بنانے والے شخص کو عبرت ناک سزا

0

دبئی: متحدہ عرب امارات میں ایک بے روزگار ایشیائی شہری پڑوس میں رہائش پذیر جوڑے کی ویڈیو بناتے ہوئے پکڑا گیا۔

تفصیلات کے مطابق دبئی میں کراما اپارٹمنٹ میں ایک شخص خفیہ طریقے سے پڑوس میں رہائش پذیر ایک جوڑے کی ویڈیو بناتے ہوئے پکڑا گیا، عدالت نے اسے 2 ماہ قید کی سزا کے ساتھ ساتھ قید کے اختتام پر ملک بدر کرنے کا حکم بھی دے دیا۔

متاثرہ شخص نے دبئی کی فوجداری عدالت کو بتایا کہ 26 سالہ ایشیائی شہری نے رات کو ان کی پرائیویسی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے موبائل فون سے ویڈیو بنانے کی کوشش کی، جس پر میں نے اسے پکڑ لیا۔

دی نیشنل نیوز کے مطابق متاثرہ شہری کا کہنا تھا کہ انھوں نے پولیس کو کال کرنے سے قبل ویڈیو بنانے والے شخص کو پکڑا، وہ فلیٹ کے پارٹیشن کی جپسم کی دیوار میں موجود سوراخ سے موبائل کے ذریعے ویڈیو بنا رہا تھا، اہل کار آدھی رات کے بعد اپارٹمنٹ پہنچے اور اس شخص کو گرفتار کر لیا گیا جس نے 25 سیکنڈ کی ویڈیو ریکارڈنگ کا اعتراف کیا۔

واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات میں اپارٹمنٹس کا اشتراک غیر قانونی ہے، لیکن جوڑے نے کہا کہ وہ مالی مشکلات کی وجہ سے علیحدہ فلیٹ کرائے پر نہیں لے سکتے۔ اس صورت حال کے پیش نظر دبئی میں متعدد غیر ملکی کوئی ایک فلیٹ کرائے پر حاصل کر کے اس کے کمرے شیئر کر لیتے ہیں۔ پولیس نے یہ نہیں بتایا کہ آیا فلیٹ کو ذیلی لیز پر دینے کے لیے مالک مکان یا کرایہ داروں کے خلاف کوئی کارروائی کی گئی یا نہیں۔

ایشیائی شہری نے اقبال جرم کرتے ہوئے کہا کہ جو کچھ ہوا غلط ہوا، عدالت سے رحم کی درخواست کرتا ہوں، میرا مقصد پڑوسی جوڑے کی پرائیویسی میں خلل ڈالنا نہیں تھا۔ تاہم عدالت نے اسے دو ماہ کے لیے جیل بھیج دیا۔

مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج کے ہاتھوں 3 کشمیری نوجوان شہید

0
3 کشمیری شہید

جموں و کشمیر: مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج نے کشمیر کے 3 نہتے نوجوانوں کو شہید کردیا۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی میں آج ضلع جموں میں 3کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا۔

فوجیوں نے نوجوانوں کو محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کی آڑ میں ایک جعلی مقابلے میں اس وقت شہید کیا جب وہ ضلع کے علاقے سدرہ میں ایک ٹرک میں سفر کر رہے تھے۔

بھارتی پولیس نے ان کے قتل کا جواز پیش کرنے کے لیے متاثرین کو عسکریت پسند قرار دیا۔

اس کے علاوہ کشمیر میں بھارتی پولیس نے ضلع بڈگام کے علاقے چاڈورہ میں رات کی تاریکی میں ایک گھر میں گھس کر ایک خاتون سمیت تین افراد کو گرفتارکرلیا جبکہ ایک نوجوان کشمیری بھی 5 دن سے لاپتہ ہے۔

کیا خروج وعودہ ایکسپائر ہونے پر فائنل ایگزٹ لگایا جا سکتا ہے؟

0

ریاض: سعودی عرب میں اگر کسی ملازم کا خروج وعودہ (ایگزٹ ری انٹری) ایکسپائر ہو جائے تو کیا فائنل ایگزٹ لگایا جا سکتا ہے؟

جوازات کے ٹوئٹر پر کسی نے دریافت کیا کہ ایک گھریلو ملازمہ خروج وعودہ پر گئی تھی، لیکن خروج وعودہ ایکسپائر ہونے کے بعد واپس نہیں آئی، کیا اس صورت میں اس کا خروج نہائی لگا سکتا ہوں، تاکہ جوازات کے سسٹم میں اس کی فائل اپنے نام سے ہٹائی جا سکے؟

جوازات نے جواب دیا کہ ایسے غیر ملکی ورکرز جو خروج وعودہ پر جاتے ہیں اور مقررہ وقت میں واپس نہیں آتے، ان کے ایگزٹ ری انٹری ایکسپائر ہونے کے 6 ماہ بعد انھیں خود کار سسٹم کے ذریعے ’خرج ولم یعد‘ کی کیٹگری میں شامل کر دیا جاتا ہے۔

جوازات کے مطابق خروج وعودہ پر جانے والے غیر ملکی کے اسپانسرز اگر چاہیں تو ایگزٹ ری انٹری ایکسپائر ہونے کے 30 دن بعد ابشر پلیٹ فارم پر تواصل سروس کے ذریعے اپنے کارکن کو ’خرج ولم یعد‘ کی کیٹگری میں شامل کر سکتے ہیں، جس کے بعد جوازات کے سسٹم میں کارکن کا اقامہ سیز کر دیا جاتا ہے۔

جن افراد پر ’خرج ولم یعد‘ کی پابندی عائد کی جاتی ہے وہ پابندی کے 3 برس کے دوران کسی بھی دوسرے ویزے پر مملکت نہیں آ سکتے، اور اس دوران مملکت آنے کا ایک ہی طریقہ ہوتا ہے، یعنی سابق اسپانسر کی جانب سے دوسرا ورک ویزہ جاری کیا جائے۔

یاد رہے کہ وہ غیر ملکی کارکن جن پر خروج وعودہ کی خلاف ورزی درج کر لی جاتی ہے، انھیں مملکت میں 3 برس کے لیے بلیک لسٹ کر دیا جاتا ہے، اس لیے خروج وعودہ پر جانے والوں کو تاخیر ہو رہی ہو تو وہ ویزے کی مدت میں توسیع کروا لیں۔

’مارچ میں نگراں حکومت آسکتی ہے‘

0

ماہر معاشیات شبر زیدی کا کہنا ہے کہ مارچ میں نگراں حکومت آسکتی ہے معلومات کے مطابق نگراں حکومت کیلیے ایک ماہ کا ٹائم فریم دیا گیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق ماہر معاشیات اور سابق چیئرمین ایف بی شبر زیدی کا گفتگور کرتے ہوئے کہنا ہے کہ مارچ میں نگراں حکومت آسکتی ہے۔ صرف اس کی مدت کا مسئلہ ہے جس کا آئینی حل تلاش کیا جا رہا ہے۔ معلومات کے مطابق نگراں حکومت کے لیے ایک ماہ کا ٹائم فریم دیا گیا ہے۔

شبر زیدی نے مزید کہا کہ ملک میں معاشی صورتحال کے باعث معاشی ایمرجنسی لگائی جاسکتی ہے۔ ملک کے لیے مشکل فیصلے سیاسی حکومت برداشت نہیں کرسکتی۔ نگراں حکومت کو دو سال دینے چاہئیں تاکہ وہ ایسے فیصلے کرسکے جو سیاسی جماعتیں نہیں کرنا چاہتیں۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کی معاشی صورتحال پر جلد بڑا فیصلہ ہونے والا ہے، شبر زیدی

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے بھی کہا ہے کہ اندازہ نہیں تھا کہ معاشی حالات اتنے خراب ہیں۔ حکومت سوچ رہی ہے کہ غیر سیاسی فیصلہ کر کے الیکشن کا اعلان کر دیا جائے۔

سعودی عرب: سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے قانون سازی

0

ریاض: سعودی عرب میں سرمایہ کاری کو بہتر بنانے اور اس کے فروغ کے لیے قانون سازی کی جارہی ہے، قانون سازی کا مقصد ریگولیٹری ڈھانچے کی تکمیل ہے۔

سعودی ویب سائٹ کے مطابق حکومت معیشت کو متحرک کرنے کے لیے آمدنی کے ذرائع کو مزید بڑھانے کی جانب توجہ دیتے ہوئے اس کے بنیادی ڈھانچے کو مسلسل نافذ کرتے ہوئے سرمایہ کاری کے شعبے کو فروغ دے رہا ہے۔

فروری 2020 میں وزارت سرمایہ کاری کا قیام مملکت کے سرمایہ کاری کے ماحول کو بہتر بنانے اور اس کی ترقی کو آگے بڑھانے کے لیے کیا گیا تھا۔

وزارت نے محفوظ اور مسابقتی سرمایہ کاری کا ماحول فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ حکومتی اداروں سے اپنے شراکت داروں کے ساتھ سرمایہ کاری کے قوانین اور طریقہ کار تیار کرنے پر بھی توجہ مرکوز کی ہے۔

اکنامک انویسٹمنٹ مانیٹر کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ وزارت کی جانب سے اس قانون سازی کا مقصد ریگولیٹری ڈھانچے کی تکمیل ہے۔

وزارت نے اپریل میں اعلان کیا تھا کہ براہ راست سرمایہ کاری سے متعلق مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کے ساتھ یکساں سلوک کرنے کے لیے ایک نیا سرمایہ کاری قانون تیار کیا جا رہا ہے۔

اس قانون کا مقصد خفیہ تجارتی معلومات، ذہنی صلاحیتوں اور ذاتی ڈیٹا کی حفاظت کرنا اور سعودی عرب میں مجاز عدالتوں یا ثالثی مراکز تک رسائی فراہم کرنا ہے۔

شدید دھند نے ٹرینوں کی رفتار بھی سست کردی، گھنٹوں کی تاخیر

0

لاہور سمیت پنجاب بھر میں جاری شدید دھند نے ٹرینوں کی رفتار بھی سست کردی ہے اور وہ گھنٹوں تاخیر کا شکار ہو رہی ہیں۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق لاہور سمیت پنجاب بھر میں گزشتہ کئی روز سے جاری شدید دھند نے جہاں شہریوں کے معمولات زندگی درہم برہم اور فضائی سفر کو متاثر کیا ہے وہیں اب ٹرینوں کو بھی اپنی رفتار دھیمی کرنی پڑ گئی ہے اور وہ منزل تک پہنچنے کے لیے گھنٹوں تاخیر کا شکار ہو رہی ہیں۔

دھند کی شدت اتنی ہے کہ پنجاب کا ہر منظر دھندلا گیا ہے اور حد نگاہ انتہائی کم ہونے سے چند فٹ سے آگے کچھ دکھائی نہیں دے رہا ہے۔ ایسے میں کراچی اور کوئٹہ سے مسافر ٹرینیں کئی گھنٹے تاخیر سے لاہور پہنچ رہی ہے جس سے مسافروں کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

ریلوے ذرائع کے مطابق پاکستان ایکسپریس 7 گھنٹے اور پاک بزنس ایکسپریس 6 گھنٹے تاخیر کا شکار ہے۔ کراچی سے لاہور آنے والی تیز گام ایکسپریس ساڑھے 5 گھنٹے لیٹ ہے۔

اسی طرح رحمان بابا ایکسپریس 5، ملت ایکسپریس 4، علامہ اقبال ایکسپریس 3 گھنٹے 40 منٹ دیر سے لاہور اسٹیشن پہنچیں گی۔ خیبر میل ایکسپریس بھی 3 گھنٹے تاخیر کا شکار ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ملک میں شدید سردی اور پنجاب میں دھند کا راج برقرار

کراچی ایکسپریس کی آمد ڈھائی گھنٹے، قراقرم ایکسپریس 2 جب کہ فرید ایکسپریس ڈیڑھ گھنٹہ تاخیر سے پہنچیں گی۔ مچھ سے جعفر ایکسپریس کی آمد میں بھی 2 گھنٹے 20 منٹ کی تاخیر ہوگی۔

کراچی سے بھی ٹرینوں کی روانگی تاخیر کا شکار ہے۔ سکھر ایکسپریس 14 گھنٹے بعد بھی روانہ نہیں کیا جا سکا ہے اور اس کی جیکب آباد روانگی میں مزید 4 گھنٹے کی تاخیر ہے۔ لانڈھی، ڈرگ روڈ اور کینٹ اسٹیشن پر رات گئے سردی میں مسافر مشکلات کا شکار رہے اور سردی سے بچنے کے لیے مسافروں نے پلیٹ فارم پر موجود لکڑیوں کو آگ لگا کر ٹھنڈ کی شدت کم کرنے کی کوشش کی۔ ریلوے افسران کا فون بند اور معلومت نہ ملنے پر بھی مسافر دہری اذیت کا شکار ہیں۔

ملک میں شدید سردی اور پنجاب میں دھند کا راج برقرار

0

ملک بھر میں شدید سردی اور پنجاب میں دھند کا راج برقرار ہے موٹر ویز کئی مقامات پر بند ہیں اور شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق لاہور، ملتان، فیصل آباد، ساہیوال، حافظ آباد، ڈسکہ، پسرور، نورپور تھل، جھنگ، رینالہ خورد، حویلی لکھاں، ملکوال سمیت پنجاب کے بیشتر علاقوں میں دھند کا راج اور شدید سردی کی لہر برقرار ہے۔ حد نگاہ انتہائی کم ہوگئی ہے اور دھند نے ہر منظر کو دھندلا دیا ہے جس کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر اور موٹر ویز کئی مقامات پر بند ہیں جب کہ ٹرینوں کی آمدورفت بھی شدید متاثر ہوئی ہے اور گھنٹوں کی تاخیر سے پہنچ رہی ہیں۔

گہری دھند کے سبب لاہورملتان موٹر وے فیض پورسے ننکانہ تک بند ہے۔ لاہور سیالکوٹ موٹر وے ایم الیون پر بھی دھند کی وجہ سے ٹریفک معطل ہے۔ موٹر وے ایم 2 لاہور سے ہرن مینار تک بند کردیا گیا ہے۔ ایسٹرن بائی پاس، ٹھوکر نیاز اور بابو صابو سے موٹر وے مکمل بند ہے۔ سیالکوٹ موٹر وے ایم 11 کو بھی بند کردیا گیا ہے۔

اس حوالے سے ترجمان موٹر ویز نے کہا ہے کہ موٹر ویز کو عوام کی حفاظت اور محفوظ سفر یقینی بنانے کے لیے بند ہیں۔ شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور دوران سفر فوگ لائٹس کا استعمال کریں۔

سی ٹی او ڈاکٹر اسد ملہی نے کہا ہے کہ شہر لاہور کے داخلی و خارجی راستوں پر وارڈنز کی نفری میں اضافہ کر دیا گیا۔ انہوں نے شہریوں سے محتاط ڈرائیونگ کی اپیل اور سرکل افسران کو داخلی وخارجی راستوں کے دورے کی ہدایت کی ہے۔

اس کے علاوہ بلوچستان کے کئی علاقے شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں اور وہاں درجہ حرارت منفی میں جا چکا ہے۔ سندھ کے میدانی علاقوں میں بھی سردی کی لہر جاری ہے۔